All posts by Khabrain News

سیارے زحل کے چاند پر موسموں کے آثار دریافت

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) سیارے زحل کے سب سے بڑے چاند ٹائٹن کے متعلق یہ بات تو معلوم تھی کہ اس کی ریت برقی طور پر چارج ہے، اس کی جھیلیں میتھین کے ساتھ بہتی ہیں اور فضا ابر آلود ہے لیکن ناسا کی جیمز ویب اسپیس ٹیلی اسکوپ نے حال ہی میں اس چاند پر موسموں کی نشاندہی کی ہے۔
ماہرینِ فلکیات نے اعلان کیا کہ ٹیلی اسکوپ نے ٹائٹن کے شمالی ہیمسفیئر میں روشن نشانات کی نشان دہی کی جو دراصل بڑے بادل ہیں۔ یہ چیز کمپیوٹر ماڈل کی ان پیش گوئیوں کی تصدیق کرتی ہے کہ بادل موسمِ گرما کے آخر میں ابھرتے ہیں جب سطح گرم ہوتی ہے۔
چاند کی ابر آلود فضا کی وجہ سے اس سے قبل بادلوں کو کبھی نہیں دیکھا گیا تھا کیوں کہ یہ دبیز فضا سطح سے منعکس ہونے والی روشنی کو دھندلا کر دیتی ہے لیکن جیمز ویب اسپیس ٹیلی اسکوپ میں نصب نیئر انفرا ریڈ آلے نے اس دھندلی فضا کے باوجود ماحول کا مشاہدہ کیا۔
اس دریافت کا مطلب یہ ہے کہ ٹائٹن نظامِ شمسی کا واحد چاند ہے جس میں موسموں کے اثرات ملے ہیں۔
اس سے قبل اپریل میں پیش کی جانے والی تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ ٹائٹن ارضیاتی طور پر حیران کن طور پر زمین سے ممثلت رکھتی ہے۔
زحل کے اس چاند میں دریا، جھیلیں اور سمندر ہیں جن میں نائٹروجن کی ہوائیں چل رہی ہیں اور مائع میتھین کی بارش ہورہی ہے۔
سائنس دانوں کا عرصہ دراز سے ماننا ہے کہ ٹائٹن نظامِ شمسی کے دوسرے چاندوں سے مختلف ہے اور تازہ ترین تحقیق نے ان کی باتوں کو سچ ثابت کیا ہے۔

امید تھی نئی عسکری قیادت پرانی پالیسیوں سے خود کو الگ کر لے گی: عمران خان

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ امید تھی نئی عسکری قیادت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) ، میڈیا اور صحافیوں کیخلاف جنرل (ر) باجوہ کی پالیسیوں سے خود کو الگ کر لے گی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین نے لکھا کہ ‏سینیٹر اعظم سواتی کے ساتھ بھرپور جبر و تشدد پر قوم حیرت و صدمے کی شکار ہے، یہ سب کس جُرم کی پاداش میں کیا جارہا ہے؟ کیا یہ سب سخت زبان استعمال کرنے اور سوال اٹھانے پر کیا جارہا ہے؟
انہوں نے مزید لکھا کہ پاکستان، خاص طور پر ‏ہماری فوج کے بارے میں منفی تاثر اُبھر رہا ہے، موجودہ امپورٹڈ سرکار کو تو محض کٹھ پتلی راج ہی کےطور پر دیکھا جاتا ہے۔
سابق وزیراعظم نے لکھا کہ امید تھی نئی عسکری قیادت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) ، میڈیا اور صحافیوں کیخلاف جنرل (ر) باجوہ کے فسطائی ہتھکنڈوں سے خود کو الگ کر لے گی، ‏عارضۂ قلب میں مبتلا 74 سالہ سینیٹرسواتی کو فوراً رہا کیا جائے۔
عمران خان نے لکھا کہ سینیٹر اعظم سواتی نے ایسا کوئی جرم نہیں کیا کہ ذہنی وجسمانی اذیت کےمستحق ٹھہریں، ان کے خلاف انتقام پر مبنی اقدامات سے ہماری فوج کی ساکھ پر حرف آتا ہے۔

پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی نے کے پی اسمبلی تحلیل کا اختیار عمران خان کو دے دیا

پشاور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کی خیبر پختونخوا پارلیمانی پارٹی نے صوبائی اسمبلی تحلیل کا مکمل اختیار سابق وزیراعظم عمران خان کو دے دیا۔
پاکستان تحریک انصاف کے پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیراعلیٰ محمود خان سمیت دیگر پارٹی رہنماؤں نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران پارلیمانی پارٹی کے رہنماؤں نے صوبائی اسمبلی تحلیل کرنے کا مکمل اختیار چیئر مین عمران خان کو دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے قائد جب اسمبلی توڑنے کا کہیں گے ہم حاضر ہیں۔ عہدہ عمران خان کی امانت ہے۔ ہم نے پہلے سے الیکشن کی تیاری شروع کر رکھی ہے
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا کہ جب چاہیں ہم حاضر ہیں، جب حکم آئے گا اور سب مستعفی ہوں گے، خیبر پختونخوا عمران خان کی کی ٹیم ہے۔

سربراہ پاک بحریہ امجد خان نیازی کا ترکیہ، جرمنی اورآذربائیجان کادورہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاک بحریہ کے سربرہ ایڈمرل محمدامجدخان نیازی نے ترکیہ، جرمنی اورآذربائیجان کادورہ کیااورمیزبان ممالک کی فوجی اوربحری قیادت سے ملاقاتیں کیں۔
پاک بحریہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ان ملاقاتوں میں بحری افواج کے درمیان دوطرفہ تعاون اورعلاقائی میری ٹائم سلامتی سے سے متعلق امورپرتبادلہ خیال ہوا۔
ترکیہ کے دورہ کے دوران نیول چیف نے استنبول شپ یارڈپر پاک بحریہ کے ملجم کلاس کارویٹ جنگی جہاز پی این ایس خیبرکی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔
وزیراعظم شہباز شریف اور ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان اس تقریب کے مہمانان خصوصی تھے۔اس دورے کے دوران نیول چیف کی اہلیہ بیگم عامرہ امجد نے جدیدترین پی این ایس خیبرکا افتتاح کیا۔
جرمنی کی وفاقی وزارت دفاع آمدپرنیول چیف کاپرتپاک خیرمقدم کیاگیا، جرمن نیوی کے چاک وچوبنددستہ نے پاک بحریہ کے سربرہ کو گارڈآف آنرپیش کیا۔ نیول چیف نے جرمنی کی بحریہ کے انسپکٹرسے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امورپرتبادلہ خیال کیاگیا۔
بعدازاں نیول چیف نے وہیلیم شاوین بحری اڈہ کادورہ کیا ، نیول چیف کو جرمن نیوی فلوٹیلا کے بارے میں بریفنگ دی گئی ۔نیول چیف نے جرمن بحری جنگی جہازکادورہ بھی کیا۔دارالحکومت باکوآمدپرآذربائیجان کی بحریہ نے نیول چیف کوگارڈ آف آنرپیش کیا۔بحری فوج کے سربراہ نے آذربائیجان کی بحری افواج کے کمانڈر اوروزیردفاع کرنل جنرل ذاکرحسنوف سے ملاقات کی۔
ایڈمرل امجد خان نیازی نے میزبان نیوی کو ایکس امن 23 اورپاکستان انٹرنیشنل میری ٹائم ایکسپواینڈکانفرنس میں شرکت کی دعوت دی جس کامقصد سمندری معیشت کو فروغ دینا اورممالک کے درمیان تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنا ہے۔
نیول چیف نے ملٹری یونٹ اورآذربائیجان ہائیرملٹری سکول کادورہ کیا اورفیکلٹی اراکین سے ملاقات کی۔ نیول چیف کے دورہ سے پاکستان اوران ممالک کے درمیان دفاعی شعبہ میں تعلقات میں مزید وسعت آئے گی۔

کوئی بھی معاشرہ خصوصی افراد کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا: وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کوئی بھی معاشرہ خصوصی افراد يا مختلف صلاحیتوں کے افراد کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا۔
خصوصی افراد کے عالمی دن کے موقع پر پیغام دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ خصوصی افراد کی کاوشیں ہم سب کے لئے ایک مثال ہیں، کوئی بھی معاشرہ خصوصی افراد يا مختلف صلاحیتوں کے افراد کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا، حکومت خصوصی افراد کو مساوی حقوق اور حصہ دینے کے لیے کوشاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کو ووٹ کے حق سمیت دیگر تمام حقوق کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں، سرکاری اور نجی سیکٹرز دونوں کو خصوصی افراد کی بہتری کے لیے مل کر کام کرنا ہو گا۔

ہمیں افسوس ہے عدالت اپنا رول ادا نہیں کر رہی: فواد چودھری

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ نواز شریف، زرداری ملک لوٹ کر باہربھاگ جاتے ہیں، الیکشن کا نام سن کر ان کوغشی کے دورے پڑتے ہیں۔ ہمیں افسوس ہے عدالت اپنا رول ادا نہیں کررہی۔مسلم لیگ والے توعوام میں بیٹھ کرکھانا نہیں کھاسکتے، الیکشن کیا لڑیں گے، لگ رہا ہے نوازشریف تو شائد واپس نہ آئے حکمران سارے لندن چلے جائیں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما نے کہا کہ حکومت کی طرف سے وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق، رانا ثناء اللہ نے پریس کانفرنس کی، کیا ان دونوں کو سابق وزیراعظم نواز شریف نے بطورِ مرغا پالا ہوا ہے کہ ہر معاملے میں چونچ مارنا شروع کر دیں۔ ان میں جرات ہونی چاہیے اپنے لیڈران سے این آر او کے بارے میں پوچھیں، اگران کو برا لگتا ہے کہ لوگ انہیں چور، ڈاکو کہتے ہیں تو اپنے لیڈران سے پوچھیں، دونوں جماعتوں کی لیڈرشپ کی لوٹ مار پر کیا کسی کو شک ہے؟ جب آپ کی لیڈرشپ ملک کا پیسہ لوٹے گی توڈاکوہی کہا جائے گا۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف، زرداری ملک لوٹ کر باہربھاگ جاتے ہیں، الیکشن کا نام سن کر ان کوغشی کے دورے پڑتے ہیں، رانا ثنا اللہ، خواجہ سعد رفیق اپنے حلقوں میں بھی بغیر گارڈ کے نہیں نکل سکتے، ملک کی75فیصد آبادی کہہ رہی ہے کہ الیکشن ہونے چاہئیں۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ جنرل ضیا الحق، جنرل جیلانی کی پیدا کردہ جماعت ہمیں طعنہ دے انہیں شرم آنی چاہیے، مسلم لیگ کی پیدائش ہی گیٹ نمبر چار کی پیداوار ہیں، مسلم لیگ کے دونوں وزرائے خزانہ (اسحاق ڈار اور مفتاح اسماعیل) آپس میں لڑرہے ہیں، ان کے دونوں وزراء نے ملک کا بیڑہ غرق کیا، ہم الیکشن کی طرف جا رہے ہیں، ہم چاہتے ہیں ادارے آئین کے مطابق چلیں گے، ہمیں افسوس ہے عدالت اپنا رول ادا نہیں کررہی۔
فواد چودھری نے مزید کہا کہ ایک صحافی کہہ رہے ہیں جنرل (ر)باجوہ کے کہنے پر رات کو بارہ بجے عدالت کھولی گئی، یہ ہمارے جسٹس سسٹم پرسوالیہ نشان ہے، فیصلے اگر بند کمروں میں ہونگے تو پھر اسٹیبلشمنٹ کو سوچنا ہو گا، عام آدمی کی تو عدالتوں سے انصاف کی توقع ہی اُٹھ گئی ہے، تھوڑی دیر بعد سندھ کی پارلیمانی پارٹی کی میٹنگ ہو گی، ہمارے فیصلے ہوچکے ہم الیکشن کے لیے تیارہے۔
انہوں نے کہا کہ وکلا کی متفقہ رائے ہے ملک میں گورنرراج نہیں لگ سکتا، ہم الیکشن کی تاریخ کی طرف بڑھ رہے ہیں، مونس الہیٰ اورایک صحافی کی ٹویٹ پر کیا تبصرہ کروں، زرداری نے جن لوگوں کو پیسے دیئے تھے اب وہ بھی زرداری کا ساتھ دینے کوتیارنہیں، اگرکسی کا دماغی علاج ہونا ہے تو وہی زرداری کے ساتھ جائے گا۔ پی ڈی ایم کی سنجیدگی صرف کیسز ختم کرانا ہے، مریم نوازکیس کی نیب سپریم کورٹ میں اپیل ہی فائل نہیں کر رہا، یہ صرف پیسے لیکربھاگنے کے چکرمیں ہیں، ان کے بچے باہر ہیں ، پاکستان میں کوئی مفاد نہیں، پیپلزپارٹی اورجے یوآئی کے لوگ تو دس دس ہزارتک نہیں چھوڑ رہے، مجھے لگ رہا ہے نوازشریف تو شائد واپس نہ آئے یہ سارے لندن چلے جائیں گے۔ مسلم لیگ والے توعوام میں بیٹھ کرکھانا نہیں کھاسکتے،الیکشن کیا لڑیں گے، اگران کوبرا لگتا ہے کہ ان کے لیڈر کو چور،ڈاکونہ کہا جائے تو لیڈروں سے پوچھیں کرپشن کیوں کیں۔

نشے میں دھت مسافر کی ہنگامی آرائی، غیر ملکی طیارے کی کراچی میں لینڈنگ

کراچی: (ویب ڈیسک) نشے میں دھت مسافر کی جانب سے دوران پرواز غل غپاڑہ کرنے پر غیر ملکی ائرلائن کے طیارے نے کراچی میں لینڈنگ کی۔
ترکیہ کے شہر استنبول سے تھائی لینڈ جانے والی ترکش ائر لائن کی پرواز ٹی کے 172 میں نشے میں دھت مسافر نے ہنگامہ آرائی کی جس پر مسافروں نے پرواز کے عملے سے شکایت کی۔
دوران پرواز مسافروں کی شکایت پر کپتان نے کراچی ائرپورٹ کے کنٹرول ٹاور سے رابطہ کرکے لینڈنگ کی اجازت طلب کی اور طیارے کو جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ پر اتار لیا۔
کپتان کی شکایت پر سکیورٹی ادارے نے نشے میں دھت مسافر کو پرواز میں غل غپاڑہ کرنے پر حراست میں لے کر پرواز سے آف لوڈ کردیا۔ مسافر کو سکیورٹی فورس کے حوالے کردیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق مسافر کا طبی معائنہ بھی کیا جا رہا ہے۔ کارروائی مکمل کیے جانے کے بعد مسافر کو ڈی پورٹ کردیا جائے گا۔
ترجمان سول ایوی ایشن کی جانب سے جاری وضاحتی بیان میں کہا گیا ہے کہ ترکیہ کا مسافر طیارہ کراچی ائرپورٹ اترا مگر یہ ہنگامی لینڈنگ نہیں تھی۔ پائلٹ نے نشے میں دھت مسافر کے غل غپاڑہ کرنے پر 9 بج کر 40 منٹ پر کراچی لینڈنگ کروائی اور مسافر کو آف لوڈ کرنے کے بعد طیارہ اپنی منزل تھائی لینڈ کی جانب روانہ ہوگیا۔
حراست میں لیے گئے مسافر کو سکیورٹی نے ٹرانزٹ لاؤنج منتقل کردیا، جہاں سے اُسے آج رات ترکیہ فلائٹ سے ڈی پورٹ کردیا جائے گا۔

فیصل آباد: پولیس کی مختلف علاقوں میں کارروائیاں، 3 ڈاکو ہلاک

فیصل آباد: (ویب ڈیسک) پولیس نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں تیز کرتے ہوئے مختلف آپریشنز میں 3 ڈاکو ہلاک کر دئیے۔
تفصیلات کے مطابق فیصل آباد پولیس نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں تیز کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں آپریشنز کے دوران 3 ڈاکوؤں کو ہلاک کر دیا۔ تھانہ سرگودھا روڈ کے علاقہ شیخو پورہ روڈ پرڈولفن فورس کے ساتھ مقابلہ میں 2 ڈاکو مارے گئے۔
تھانہ باہلک کے علاقہ میں بھی پولیس مقابلہ میں ایک ڈاکو ہلاک، دوسرے کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا ہے۔ شہریوں نے دونوں مقابلہ جات میں پولیس کی کارکردگی اور فوری رسپانس کو سراہا ہے۔
واضح رہے فیصل آباد میں روزانہ 50 سے زائد وارداتوں میں شہریوں سے لاکھوں روپے لوٹنا اور مزاحمت پر گولیاں مارنا معمول بن چکا ہے۔

غریب عوام کیلئے ایک اور مشکل، آٹے کی قیمت میں مزید اضافہ

لاہور: (ویب ڈیسک) آئے روز مہنگائی کے باعث غریبوں کیلئے مشکلات بڑھتی جا رہی ہیں، اس میں ایک اور اضافہ چکی مالکان نے آٹے کی قیمت بڑھا کر کر دیا۔
لاہور میں چکی کے آٹے کی قیمت 5 روپے فی کلو بڑھا دی گئی۔ چکی اونرز ایسوسی ایشن کے رہنما لیاقت علی خان کا کہنا ہے کہ چکی آٹے کی فی کلو قیمت 125 روپے کر دی گئی ہے۔
لیاقت علی خان کا کہنا تھا کہ اوپن مارکیٹ میں گندم فی من 4 ہزار روپے تک پہنچ چکی ہے، گندم سستی ہو گی تو چکی آٹا بھی سستا کر دیا جائے گا۔
دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں سستا آٹا بھی دستیاب نہیں ہے اور 20 کلو والا آٹے کا تھیلا مارکیٹ سے غائب ہے۔

امریکی صدر کے بیان کے بعد روس کی یوکرین سے مذاکرات پر مشروط آمادگی

ماسکو: (ویب ڈیسک) روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے کہا ہے کہ یوکرین کے ساتھ مذکرات کے لیے تیار ہیں لیکن اس سے قبل مغرب کو ہمارے مطالبات تسلیم کرنا ہوں گے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر جوبائیڈن نے فرانسیسی صدر سے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ یوکرین جنگ پر روس سے بات چیت کے لیے تیار ہیں۔
امریکی صدر نے مزید کہا تھا کہ روس سے بات چیت صرف اسی صورت میں ہوسکتی ہے جب وہ جنگ ختم کرنے سے متعلق کوئی فیصلہ کرنے میں دلچسپی بھی رکھتا ہوں۔
امریکی صدر کی اس پیشکش پر روسی ہم منصب نے کہا کہ یوکرین جنگ پر بات چیت کے لیے تیار ہیں تاہم اس کے لیے مغربی ممالک کو پہلے ہمارے مطالبات تسلیم کرنا ہوں گے۔
خیال رہے کہ 24 فروری کو یوکرین پر حملے کے بعد سے امریکی صدر جوبائیڈن کی روسی ہم منصب سے براہ راست بات نہیں ہوسکی ہے بلکہ مارچ میں جوبائیڈن نے صدر پوٹن کو قصائی قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ زیادہ دیر اقتدار میں نہیں رہ سکتے۔
جس پر روس نے شدید اعتراض کرتے ہوئے اسے اندرونی معاملات میں مداخلت قرار دیا تھا۔ روسی صدر نے کہا تھا کہ انھیں یوکرین پر حملہ کرنے پر کوئی افسوس نہیں۔ یہ ہماری سلامتی کا معاملہ ہے۔
ادھر مغربی ممالک کے اتحاد نیٹو نے بھی یوکرین کی مدد جاری رکھنے کا عندیہ دیا ہے۔