All posts by Khabrain News

سونا مزید مہنگا، فی تولہ قیمت ایک لاکھ 63 ہزار سے تجاوز کرگئی

کراچی: (ویب ڈیسک) ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں اضافہ ہوگیا۔
سندھ صرافہ بازار جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق سونے کی فی تولہ قیمت 750 روپے اضافے کے بعد ایک لاکھ 63 ہزار 500 روپے کا ہوگیا۔
10 گرام سونے کا بھاؤ 643 روپے بڑھ کر 140175 روپے ہے جبکہ عالمی صرافہ بازار میں سونے کی قیمت 19 ڈالرز اضافے سے 1799 ڈالرز فی اونس ہے۔

انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر مستحکم رہی

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کی انٹر بینک اور اوپن کرنسی مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر مستحکم رہی
انٹربینک میں ڈالر کے ریٹ بغیر کسی تبدیلی کے 223.69 روپے کی سطح پر بند ہوئے۔ جبکہ دوسری جانب اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر 231.50 روپے کی سطح پر برقرار رہی۔
واضح رہے موجودہ حکومت کے 8 ماہ میں انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر بالترتیب 18فیصد اور 20 فیصد بڑھی ہے۔ جبکہ گزشتہ حکومت ڈالر کا انٹر بینک ریٹ 182.93روپے اور اوپن ریٹ 185روپے چھوڑ کر گئی تھی۔

رانا ثنا غیر سنجیدہ آدمی، شہباز شریف بتائیں انہوں نے کیا کرنا ہے: فواد چودھری

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ رانا ثنا اللہ غیر سنجیدہ آدمی ہیں، شہباز شریف بتائیں کہ انہوں نے کیا کرنا ہے، پرویز الٰہی نے پنجاب اسمبلی توڑنے کا اختیار عمران خان کو دے دیا ہے، تاریخ کا اعلان پی ٹی آئی چیئرمین خود کریں گے۔
لاہور میں فرخ حبیب کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری کا کہنا تھا کہ پنجاب کی پارلیمانی پارٹی سے عمران خان نے ویڈیو لنک خطاب کیا، تمام ممبران نے اسمبلی تحلیل کرنے کے فیصلے کی توثیق کی، خیبرپختونخوا کی پارلیمانی پارٹی کل عمران خان سے ملاقات کرے گی، پرویز الٰہی نے ملاقات میں عمران خان کو اسمبلی توڑنے کا اختیار دیا، یہ پرویز الہیٰ کا عمران خان پر اعتماد کا اظہارہے، پرویز الٰہی، مونس الٰہی نے مشکل وقت میں ساتھ دی، ان کے شکرگزار ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسمبلی کی تحلیل کی تاریخ کا اعلان عمران خان خود کریں گے، آج عمران خان نے حکومت کو مذاکرات کی دعوت دی، ایک معاشی اور دوسرا گورننس کا چیلنج ہے،عمران خان نے کہا اگر الیکشن نہیں کرانا چاہتے تو کوئی حل بتا دیں، اس وقت حال یہ ہے ریڈیو پاکستان، فارن آفس جیسے دفاتر میں تنخواہیں نہیں مل رہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اس وقت بہت بڑے معاشی بحران کا شکار ہے، 7 ماہ میں دہشت گردی کے کیسز میں 52 فیصد اضافہ ہوا ہے، دوست ملکوں کو سمجھ نہیں آرہی موجودہ یا اگلی حکومت سے ڈیل کریں، مفتاح اسماعیل جیسے لوگ کہہ رہے ہیں پاکستان ڈیفالٹ کی طرف بڑھ رہا ہے، انتخابات کے علاوہ کوئی حل نہیں ہے، حکومت جلد انتخابات کا اعلان کرے اور آگے بڑھیں، اگر 34 فیصد سیٹوں پر الیکشن نہیں کرانا چاہتے تو آپ کی مرضی ہے، ہم 66 فیصد سیٹوں پر الیکشن کرائیں گے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ صوبوں سمیت دفاعی اخراجات کے پیسے نہیں دیئے جارہے، یہ معمولی حالات نہیں ہے، ہم نے کہا ہے یہ آپشن ہے، پرویز الٰہی نے اسمبلی توڑنے کا تمام اختیار عمران خان کو دے دیا ہے، ہم نے آئین کے مطابق چلنا ہے، ویسے تو آئین عملی طور پر معطل ہے جیسے اعظم سواتی پر تشدد کیا گیا، رانا ثنا سنجیدہ آدمی نہیں ہے، اصل میں شہباز شریف نے بتانا ہے کہ وہ کیا چاہتے ہیں، سروے بتا رہے ہیں الیکشن جب ہوں گے تحریک انصاف نے جیتنے ہیں، پاکستان کے عوام تحریک انصاف کے ساتھ ہیں، موجودہ حکومت سے پاکستان نہیں چل رہا۔
فواد چودھری نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں ملک عام انتخابات کی طرف جائے، تاریخ تو بیٹھ کر طے کرلیں گے، صرف جلدی الیکشن کا اعلان کر دیں۔

مریم اورنگزیب نے عمران خان کو مذاکرات کی پیشکش پر الیکشن کی تاریخ دیدی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے سابق وزیراعظم عمران خان کے مشروط مذاکرات کی پیش کش پر رد عمل دیتے ہوئے تاریخ دے دی۔
خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے حکومت کو مذاکرات کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ساتھ بیٹھ کر عام انتخابات کی تاریخ دی جائے ورنہ اسمبلیاں توڑ دیں گے، سیاسی استحکام کے لئے فوری الیکشن کی طرف جانا ہوگا، ہم نے بہت کوشش کی مگر یہ انتخابات کا نام نہیں لیتے۔
عمران خان کی پیشکش پر ردعمل دیتے ہوئے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مریم اورنگزیب نے دو لفظی پیغام جاری کرتے ہوئے لکھا کہ اکتوبر 2023۔

کابل: پاکستانی سفارتی حکام پر فائرنگ، گارڈ زخمی، وزیراعظم شہباز شریف کی مذمت

کابل: (ویب ڈیسک) افغانستان کے دارالحکومت کابل میں پاکستانی سفارتی حکام پر فائرنگ کی گئی جس سے ناظم الامور کے گارڈ گولیاں لگنے سے زخمی ہوگئے جن کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق فائرنگ اس وقت ہوئی جب پاکستانی ناظم الامور چہل قدمی کر رہے تھے، گولی پاکستانی ناظم الامور کے گارڈ کو 3 گولیاں لگیں، پاکستانی ناظم الامور عبید نظامانی فائرنگ کے واقعے میں محفوظ رہے جبکہ سفارتی عملے کو حکومت پاکستان کی جانب سے وقتی طور پر واپس وطن بلا لیا گیا ہے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق طالبان کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق گولیاں قریبی عمارت سے چلائی گئیں۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کابل میں پاکستانی ہیڈ آف مشن پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بہادر سکیورٹی گارڈ کو سلام ہے جس نے اپنی جان پر کھیل کر انکی بچانے کے لیے گولی کھائی۔
انہوں نے گھناؤنے فعل کی فوری تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی گارڈ کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہوں۔
اس حوالے سے دفتر خارجہ کی جانب سے اعلامیہ جاری کیا گیا جس میں کہا گیا کہ کابل میں پاکستانی سفارت خانے پر حملے میں ناظم الامور عبید الرحمان نظامانی کو نشانہ بنایا گیا، اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے کابل میں پاکستانی ناظم الامور محفوظ رہے، کابل حملے میں پاکستانی سکیورٹی گارڈ سپاہی اسرار محمد شدید زخمی ہوا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق حکومت پاکستان ناظم الامور اور کابل میں سفارت خانے پر حملے کی شدید مذمت کرتی ہے، افغانستان کی عبوری حکومت فوری طور پر کابل حملے کی مکمل تحقیقات کرے، کابل حملے کے مجرموں کو پکڑا جائے، ان کا محاسبہ کیا جائے، افغانستان میں پاکستانی سفارتی عملے اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔

عمران نے رویے میں تبدیلی کی،اگر یہ اسمبلیاں توڑیں گے تو ہم مذمت کریں گے: رانا ثنا اللہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اگر یہ اسمبلیاں توڑیں گے تو ہم مذمت کریں گے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ ابھی اس پوزیشن میں نہیں کہ پارٹی یا پی ڈی ایم کا موقف دوں، ہم اسمبلیاں توڑنے کے کبھی حامی نہیں رہے، اگر یہ اسمبلیاں توڑیں گے تو ہم مذمت کریں گے، پی ڈی ایم ہمیشہ سیاسی بات چیت پر یقین رکھتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج عمران خان نے اپنے رویے میں تبدیلی کی ہے، جب سیاسی جماعتیں بیٹھتی ہے تو پھر ڈیڈ لاک ختم اور راستے بنتے ہیں، جب بات چیت ہوتی ہے تو پھرراستہ نکلتا ہے۔

امریکی گلوکار کانیے ویسٹ کی لائیو اسٹریم میں ’ہٹلر‘ اور ’نازیوں‘ کی تعریفیں

نیویارک: (ویب ڈیسک) معروف امریکی گلوکار کانیے ویسٹ کی لائیو اسٹریم کے دوران ایڈولف ہٹلر کی تعریف کرنے پر سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد غم وغصّے کا اظہار کر رہی ہے۔
کانیے ویسٹ ایک لائیو اسٹریم میں سیاہ رنگ کے ماسک سے اپنا منہ چھپائے نمودار ہوئے اور ایک سوال کے جواب میں گلوکار نے کہا کہ ’مجھے ایڈولف ہٹلر پسند ہیں اور مجھے ہٹلر کے بہت سے اچھے کام بھی نظر آتے ہیں‘۔
اُنہوں نے کہا کہ ’ہٹلر نے شاہراہیں بنائیں اور مائیکروفون ایجاد کیا جو میں بطور موسیقار استعمال کرتا رہا‘۔
کانیے ویسٹ نے مزید کہا کہ’میں اب اس پابندی سے تنگ آگیا ہوں کہ کوئی بھی انسان ہٹلر کے اچھے کاموں کے بارے میں بات نہیں کرسکتا‘۔
گلوکار نے کہا کہ ’میں معاشرے کی درجہ بندی سے اکتا چکا ہوں، ہر انسان میں اور خاص طور پر ہٹلر کے پاس کچھ اہم خصوصیات ہیں جنہیں دنیا کے سامنے لایا جاسکے‘۔
لائیو اسٹریم میں گلوکار نےصرف ایڈولف ہٹلر کی تعریف کرنے کے بعد خاموشی اختیار نہیں کی بلکہ ایک اور سوال کے جواب میں نازیوں کی بھی تعریف کردی، جنہیں امریکا میں نفرت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ’نازی بھی بہت سی اچھی خصوصیات کے مالک ہیں، ہمیں ہر وقت نازیوں کو برا بھلا کہنا بند کرنا ہو گا، میں نازیوں کو بھی پسند کرتا ہوں‘۔
واضح رہے کہ کانیے ویسٹ کے یہود مخالف تبصروں کے بعد ان کے کئی تجارتی تعلقات بھی خراب ہوئے ہیں لیکن نقصان کے باوجود بھی امریکی گلوکار نے اپنا مؤقف تبدیل نہیں کیا۔

پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کے قتل کا ماسٹر مائنڈ امریکا سے گرفتار

ممبئی: (ویب ڈیسک) پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کے قتل کے مرکزی ماسٹر مائنڈ گولڈی برابر کو امریکا سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی پنجاب کے معروف گلوکار سدھو موسے والا کے قتل کے مرکزی ماسٹر مائنڈ گولڈی برار کو کیلفورنیا سے 20 نومبر کو حراست میں لیا گیا۔ لارنس بشنوئی گینگ سے تعلق رکھنے والے گولڈی برار نے حال ہی میں کینیڈا سے امریکا کا سفر کیا تھا۔
دوسری طرف بھارتی پنجاب کے وزیر اعلیٰ نے سدھو موسے والا کے مرکزی قاتل کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا گولڈی برار کو امریکا میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق گولڈی برار سیاسی پناہ لینے کیلئے امریکا منتقل ہوا تھا۔
واضح رہے کہ سدھو موسے والا کو 29 مئی کو پنجاب میں نامعلوم حملہ آوروں نے ان کی گاڑی پر 30 گولیاں مار کر قتل کر دیا تھا جبکہ گولڈی برار نے فیس بُک پوسٹ کے ذریعے سدھو موسے والا کے قتل کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

گوگل نے کیرئیر پیڈ ایپس پاکستان میں عارضی طور پر معطل کردیں

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) گوگل نے ادائیگیوں کے تنازع پر پاکستانی صارفین کے لیے پلے اسٹور میں کیرئیر پیڈ ایپس کو عارضی طور پر معطل کردیا ہے۔
خیال رہے کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے براہ راست ادائیگیوں کا نظام معطل کرنےکافیصلہ کیا تھا جس کے باعث 3 کروڑ 40 لاکھ ڈالرز کی ادائیگی رک گئی تھی۔
اسی وجہ سے اب گوگل نے کیرئیر پیڈ ایپس کو پاکستان میں عارضی طور پر معطل کردیا ہے۔
وزارت آئی ٹی نےگوگل کی جانب سے کیرئیر پیڈ ایپس کو عارضی طور پر معطل کرنے کی تصدیق کی گئی ہے۔
وزارت آئی ٹی نے بتایا کہ موبائل فون اکاؤنٹ سے پیڈ ایپ ڈاون لوڈ کرنے کا آپشن عارضی معطل ہوا ہے۔
بیان کے مطابق گوگل پلے اسٹور پر ابھی صرف کریڈٹ کارڈ کےذریعے ایپ ڈاون لوڈ کرنے کا آپشن موجود ہے۔
وزارت آئی ٹی کے حکام نے بتایا کہ وفاقی وزیر نے معاملہ جلد از جلد حل کرنے کی ہدایت کی ہے اور 2 ہفتوں تک یہ معاملہ حل ہوجائےگا۔
اس عرصے کے دوران پاکستانی صارفین صرف کریڈٹ کارڈ یا ڈیبٹ کارڈ کے ذریعے ادائیگی کرنے کے بعد ایپس کو ڈاؤن لوڈ کرنے پر مجبور ہوں گے۔
البتہ گوگل پلے سے فری ایپس کو ڈاؤن لوڈ کرنا ممکن ہوگا مگر پیڈ ایپس کو استعمال کرنے والے افراد کو مختلف سروسز کے استعمال میں مشکلات کا سامنا ہوسکتا ہے۔

معدومیت کے خطرے سے دوچار نایاب چھوٹی چھپکلی کی آبادی میں اضافہ

لندن: (ویب ڈیسک) دنیا کی سب سے خوبصورت اور چھوٹی چھپکلی کو ایک عرصے سے بقا کے خطرات لاحق تھے تاہم اب ماحولیاتی تنظیموں اور مقامی آبادی کے تعاون سے ان کی آبادی بڑھ رہی ہے اور خطرات کم ہوئے ہیں۔
اس چھپکلی کو ’یونین آئی لینڈ گیکو‘ کا نام دیا گیا ہے جس کی جسامت پیپر کلپ جتنی ہوتی ہے اور اس پر خوبصورت رنگ اور نقوش پائے جاتے ہیں۔ اب ماحولیاتی بقا کی تنظیموں نے سینٹ ونسنٹ اور گریناڈائنس کی مقامی آبادی کے ساتھ مل کر اسے بچانے کے کوشش کی ہے جس کے بہت اچھے نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ 2018 کے مقابلے میں اب چھپکلی کی آبادی دوگنا ہوچکی ہے۔
چھپکلی کا حیاتیاتی نام گوناٹوڈیس ڈوڈنی ہے جو 2005 میں سائنسی طور پر بیان کی گئی اور اس کے بعد گویا غیرقانونی اسمگلنگ میں اضافہ ہونے لگا کیونکہ یہ دیکھنے میں جواہرات کی طرح دکھائی دیتی ہے۔ صرف تین سینٹی میٹر جسامت کے باوجود یہ بہت خوبصورت لگتا ہے اور لوگ انہیں مہنگے داموں پالتو بنانے کےلیے خریدتے ہیں۔
یہاں تک کہ ان کی آبادی گھٹتے گھٹتے صرف 50 ہیکٹر کے قدیم اور دشوار گزار جنگل تک ہی محدود رہ گئی۔ ان کی نگرانی کے لیے کیمرے لگائے گئے اور نگرانوں نے علاقے کی چوکیداری شروع کی۔ یہاں تک کہ 2018 میں 10000 چھپکلیاں تھیں جو اب بڑھ کر 18000 ہوچکی ہیں۔
عالمی تنظیموں نے نہ صرف اس خبر کا خیرمقدم کیا ہے اور مقامی آبادی کو زبردست تعاون پر سراہا ہے۔