All posts by Khabrain News

ایک ماہ میں کیا مہنگا اور کیا سستا ہوا؟ اعدادوشمار جاری

کراچی : (ویب ڈیسک) ایک ماہ کے دوران آلو ، پیاز ، انڈے اور چینی سمیت متعدد اشیا کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوگیا۔
ادارہ شماریات نے مہنگائی کے ماہانہ اعدادوشمار جاری کردیے جس کے مطابق ایک ماہ میں پیاز 33.42، آلو 14.57 فیصد مہنگے ہوئے جب کہ انڈے 5.34 ،چینی 3.67 اور چائے 14.79 فیصد مہنگی ہوئی۔ادارہ شماریات کی جانب سے مزید بتایا گیا ہے کہ دال مونگ 46.29 فیصد، سرسوں کا تیل 44.7 فیصد اورگندم 43.4 مہنگی ہوئی ہے۔
ادارہ شماریات کے مطابق نومبر میں بجلی چارجز 0.34 فیصد اور مائع ایندھن 3 فیصد مہنگا ہوا ہے۔
دوسری جانب ادارہ شماریات کے مطابق سبزیاں 26.42 فیصد، دال مسور 11.17 فیصد سستی ہوئیں جب کہ ٹماٹر9.56، دال چنا 5.51 فیصد،چکن 5.08 فیصد، دال مونگ 3 فیصد، دال ماش 4.3 فیصد اور سفید چنے 2 فیصد سستے ہوئے ہیں۔

سندھ اور پنجاب کے شہروں میں گیس ناپید، سلنڈر کی مانگ بڑھ گئی

کراچی : (ویب ڈیسک) سندھ اور پنجاب کے مختلف شہروں میں گیس ناپید ہوگئی۔
کراچی، حیدرآباد، ملتان اور راولپنڈی میں گیس کی شدید لوڈشیڈنگ کی وجہ سے شہری پریشان ہیں جب کہ ایل پی جی کی مانگ بھی بڑھ گئی ہے۔
گھریلو صارفین کے ساتھ ساتھ کمرشل صارفین بھی ایل پی جی سلنڈرز خریدنے پر مجبور ہیں۔
ادھر راولپنڈی میں جلانے والی لکڑی کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا ۔

اگر ایم کیو ایم نے حصہ نہ لیا تو پھر بلدیاتی انتخابات نہیں ہوں گے: خالد مقبول

کراچی : (ویب ڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے بلدیاتی انتخابات کو شفاف اور منصفانہ بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر ایم کیو ایم نے انتخابات میں حصہ نہ لیا تو پھر بلدیاتی انتخابات نہیں ہوں گے۔
کراچی کے بہادرآباد پارک میں ایم کیو ایم پاکستان کے جنرل ورکرز اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ بلدیاتی حلقہ بندیاں درست کروادیں تو 15 جنوری کے بجائے 15 دسمبر کو بلدیاتی انتخابات کرادیں لیکن حلقہ بندیاں ٹھیک نہیں ہوئیں تو ایم کیو ایم فیصلہ کرے گی کہ انتخابات ہونگے یا نہیں۔
ڈپٹی کنوینر وسیم اختر کا کہنا تھا کہ پی ایس پی اور ڈاکٹر فاروق ستار ایم کیو ایم کو نقصان پہچانا چاہتے ہیں، ایم کیو ایم کنگ میکر ہے، ہمارے سات ووٹوں نے عمران خان کی حکومت ختم کی، آج چاہیں تو یہ حکومت بھی فارغ کردیں، بلدیاتی انتخابات ایم کیو ایم کی بقا کی جنگ ہیں۔
ایم کیو ایم رہنماؤں نے کہا کہ 15 جنوری کو بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لینا ہے، اگر معاملات بہتر نہ ہوئے تو رابطہ کمیٹی فیصلہ کرے گی۔

انجری کے باعث آسٹریلوی آل راؤنڈر مچل مارش 3 ماہ کیلئے کرکٹ سے باہر

لاہور : (ویب ڈیسک) آسٹریلوی آل راؤنڈر مچل مارش انجری کے باعث 3 ماہ کے لیے ہر قسم کی کرکٹ سے باہر ہو گئے۔
مچل مارش دورہ بھارت بھی باہر ہو گئے اور وہ بگ بیش لیگ بھی نہیں کھیل سکیں گے۔
مچل مارش بگ بیش لیگ میں پرتھ اسکارچرز کی نمائندگی کرتے ہیں اور پرتھ اسکارچرز نے مچل مارش کی عدم دستیابی کا اعلان بھی کر دیا ہے۔
آسٹریلوی میڈیا کے مطابق پرتھ اسکارچرز کا کہنا ہے کہ مچل مارش ایک عرصے سے ٹخنے کی انجری کا شکار ہیں، مارش اب ٹخنے کی انجری کا آپریشن کرا رہے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مچل مارش اب آئندہ برس ورلڈ کپ سے قبل ہی مکمل فٹنس کے ساتھ ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔
کرکٹ آسٹریلیا کے چیف سلیکٹر جارج بیلی کا کہنا ہے کہ میچل مارش اہم کرکٹر ہیں ان کی ریکوری میں مکمل معاونت کریں گے۔

شہزادہ ہیری اور میگھن کی زندگی پر مبنی ڈاکیومینٹری کا ٹریلر جاری

طلاہور : (ویب ڈیسک) شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کی زندگی پر مبنی دھماکہ خیز ڈاکیومینٹری کا ٹریلر نیٹ فلکس پر جاری کر دیا گیا۔
چھ قسطوں پر مشتمل ہیری اینڈ میگھن کے نام سے بنائی گئی یہ ڈاکیومینٹری فلم 88 ملین پاؤنڈ کی لاگت سے تیار کی گئی ہے۔
دستاویزی فلم ہیری اینڈ میگھن ایک ہفتے بعد اسٹریمنگ سروس نیٹ فلکس پر ریلیز ہو گی۔
ڈاکیومینٹری بنانے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں شہزادہ ہیری کا کہنا تھا کہ کوئی نہیں دیکھ سکتا کہ بند دروازوں کے پیچھے کیا ہوتا ہے اپنے بیوی، بچوں کیلئے جو کرنا چاہیے تھا میں نے کیا۔
انہوں نے کہا کہ جب اتنا کچھ داؤ پر ہو تو کیا ہماری کہانی ہم سے ہی سُننا بہتر نہیں ہے؟

پیٹرولیم مصنوعات کی درآمد کیلئے ایل سیز پر کوئی پابندی نہیں لگائی، اسٹیٹ بینک

راولپنڈی : (ویب ڈیسک) اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے واضح کیا ہے پیٹرولیم مصنوعات کی درآمد کے لیے ایل سیز پر پابندی نہیں لگائی گئی۔
اسٹیٹ بینک نے ایک بیان جاری کیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی درآمد کے لیے ایل سیز پر پابندی لگانے کے حوالے سے میڈیا میں پھیلائی جانے والی کچھ غلط معلومات کی وضاحت کرنا چاہتے ہیں۔بیان میں اسٹیٹ بینک کی جانب سے واضح کیا گیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی درآمد اور تمام ایل سیز اور کانٹریکٹس بلا تاخیر پورے کیے جا رہے ہیں۔
اسٹیٹ بینک نے مزید کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی درآمد کے لیے ایل سیز پر پابندی لگانے کی غلط معلومات مذموم مقاصد کے ساتھ مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال پیدا کرنے کے لیے پھیلائی جا رہی ہیں۔

پنڈی ٹیسٹ کا دوسرا روز: انگلش ٹیم پہلی اننگز میں 657 رنز بنا کر آؤٹ

راولپنڈی : (ویب ڈیسک) راولپنڈی ٹیسٹ کے دوسرے روز انگلینڈ کی پاکستان کے خلاف پہلی اننگز میں 657 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
انگلینڈ نے پنڈی ٹیسٹ کے دوسرے روز اپنی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز 506 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ سے شروع کیا لیکن 515 رنز پر کپتان بین اسٹوکس 41 رنز بنا کر نسیم شاہ کی گیند پر بولڈ ہو گئے جبکہ لیام لیونگ اسٹون کو بھی نسیم شاہ نے 9 رنز پر آؤٹ کیا۔ہیری بروک نے شاندار بلے بازی کا سلسہ جاری رکھا اور 116 گیندوں پر 5 چھکوں اور 19 چوکوں کی مدد سے 153 رنز بنا کر نسیم شاہ کی گیند پر سعود شکیل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے زاہد محمود نے 4، نسیم شاہ نے 3 اور محمد علی نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ایک وکٹ حارث رؤف کے حصے میں آئی۔
گزشتہ روز انگلینڈ کی جانب سے زیک کرالی 122، بین ڈکٹ 107 اور اولی پوپ 108 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

ایف آئی اے نے عمران خان کو پھر طلب کرلیا

اسلام آباد : (ویب ڈیسک) ایف آئی اے نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو پھر طلب کرلیا، عمران خان کو چھ دسمبر کو اسلام آباد پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ایف آئی اے نے امریکی سائفر کی تحقیقات کے سلسلے میں عمران خان کو دوبارہ طلب کیا ہے، ایف آئی اے کا افسر طلبی کے سمن لے کر زمان پارک پہنچ گیا اور نوٹس کی تعمیل کرائی۔
ایف آئی اے، وزارت داخلہ کے حکم پر امریکی سائفر کے معاملے پر تحقیقات کر رہی ہے، تحقیقاتی ٹیم میں ایف آئی اے کے اعلیٰ افسران شامل ہیں۔
ایف آئی اے نے اس سے قبل بھی عمران خان کو طلبی کے نوٹس جاری کیے تھے، عمران خان کو 7 نومبر اور شاہ محمود قریشی کو 3 نومبر کو طلب کیا گیا تھا تاہم عمران خان وزیرآباد حملےمیں زخمی ہونے کے باعث ایف آئی اے میں پیش نہیں ہوئے تھے۔

طالبان کی ”وائس آف امریکا” سمیت دیگر چینلز پر پابندی

امریکا : (ویب ڈیسک) افغان طالبان حکومت نے وائس آف امریکا سمیت دیگر چینلز پر پابندی عائد کردی ہے۔
وائس آف امریکا کے مطابق طالبان نے وی او اے ، ریڈیو آزادی اور ریڈیو فری یورپ کی نشریات پر پابندی لگا دی ہے، طالبان کا موقف ہے کہ پابندی پروگراموں کے مواد سے متعلق شکایات موصول ہونے کے بعد لگائی گئی ہے۔
طالبان وزارت خارجہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ افغانستان میں پریس قوانین موجود ہیں، جو نیٹ ورک ان قوانین کی مسلسل خلاف ورزی کرے گا اس سے افغانستان میں رپورٹنگ اور نشریات کا حق واپس لے لیا جائے گا، وی او اے اور ریڈیو آزادی ان قوانین کی پابندی کرنے اورپیشہ ورانہ انداز میں نشریات چلانے میں ناکام ہوگئے ہیں، اس لیے انہیں بند کردیا گیا ہے۔

پاکستان میں گوگل نے کیریئر پیڈ ایپس معطل کر دیں

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان میں گوگل نے کیریئر پیڈ ایپس معطل کر دیں، پاکستان میں موبائل فون اکاؤنٹ کے ذریعے ایپلی کیشن ڈاون لوڈ کا آپشن معطل کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستانی صارفین کیلئے موبائل فون اکاؤنٹ میں موجود رقم کے ذریعے ایپلی کیشن ڈاون لوڈ کا آپشن ختم کیا گیا ہے، گوگل پلے اسٹور پر صرف کریڈٹ کارڈ کے ذریعے ایپلی کیشن ڈاون کا آپشن موجود ہے، اسٹیٹ بینک نے براہ راست ادائیگیوں کا نظام معطل کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
حکومت نے گوگل کو 3 کروڑ 40 لاکھ ڈالرز کی ادائیگی کرنا تھی، جبکہ گزشتہ روز حکومت نے ایک ماہ کیلئے گوگل کو ادائیگی کا فیصلہ کیا تھا، ذرائع کا کہنا ہے کہ گوگل کو ادائیگی نہ ہونے پر کیرئیر پیڈ ایپس پاکستان میں معطل کی گئی ہیں۔
واضح رہے وفاقی حکومت نے ایک ماہ میں پالیسی بنانے کا بھی اعلان کیا تھا۔