All posts by Khabrain News

ہم کہیں گے تو الیکشن ہوگا، نہیں کہیں گے تو نہیں ہو گا، مستقبل کا فیصلہ بھی ہم کریں گے، خالد مقبول

کراچی: (ویب ڈیسک) ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ ہمارا شہر ہے، اس کے مستقبل کا فیصلہ بھی ہم کریں گے۔
سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے جنرل ورکرز اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اربوں روپے خرچ کرنے والے ایم کیو ایم کو ختم نہیں کر سکے، پریشان وہ ہیں جو2018 میں الیکشن جیتے۔
انہوں نے کہا کہ ناانصافیوں کے خلاف ہمیشہ آواز اٹھائی، ہم نے اس شہرکو بنایا اب اس کو بچائیں گے، ہمیں جب بھی موقع ملا ہم نے شہرکراچی کی بہتری کیلئے کام کیا۔
ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر نے کہا کہ آپ کو فیصلہ کرنا ہے کہ منصفانہ الیکشن ہوئے تو لڑنا ہے، ایم کیو ایم نہیں ہو گی تو الیکشن بھی نہیں ہوں گے، فیصلہ کراچی کے عوام نے کرنا ہے کہ الیکشن ہونے ہیں یا نہیں؟
ڈاکٹرخالد مقبول نے کہا کہ ہم کہیں گے تو الیکشن ہوگا ہم نہیں کہیں گے تو نہیں ہوگا، طاقت ہمارے ہاتھ میں ہے، ایم کیو ایم کے اندر ایم کیو ایم کی طاقت ہے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شفاف انتخابات کے نتیجے میں مہاجر قوم کو نہیں ہرا سکتے، اس قوم کے ساتھ مردم شماری میں ناانصافی ہوئی، غلط حلقہ بندیاں کرنے والوں کے حلق میں حلقہ بندی پھنس جائے گی۔

انتخابات مقررہ وقت کے بجائے ایک سال آگے بھی جاسکتے ہیں: مولانا فضل الرحمان

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ انتخابات مقررہ وقت پر کرنے کے بجائے ایک سال آگے بھی جاسکتے ہیں۔
شاہ اویس نورانی کی رہائشگاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اسمبلیاں توڑنے کی بھڑکیں بہت سنی ہیں مگر ایسا ایسا کچھ نہیں ہے، ملک دیوالیہ پن کے قریب تھا ہم اسے واپس لائیں گے، انتخابات وقت پر کرنے کے بجائے ایک سال آگے بھی جاسکتے ہیں، جتنی بھڑکیں انہوں نے ماری کیا ان پر عمل ہو رہا ہے؟، عمران خان ہماری نقالی کررہا ہے۔
پی ڈی ایم کے سربراہ کا کہنا تھا کہ آئین پاکستان ایک مقدس دستاویز ہے جسے میثاق ملی کی حیثیت حاصل ہے، آئین خود کہتا ہے کہ اس آئین کا بنیادی ڈھانچہ چار باتوں پر مشتمل ہے، ملک میں 1973 تک صدارتی نظام رائج تھا، ایوب خان کے دور حکومت میں ملک بھر میں تحریک اٹھی تھی، عمران خان کا ایجنڈا پورا نہیں ہونے دیں گے، عمران خان کب تک عوام کو دھوکہ دیتے رہیں گے، ہم نے یہاں بھی جلسے کئے عوام امڈ آئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک کی وحدت کو پارہ پارہ کرنے کی اجازت نہیں دینگے، ہر کسی کو چور چور کہنے کا بیانہ فیل ہوگیا ہے، پہلی دفعہ دفاعی اداروں کو تقسیم کرنے کی کوشش کی گئی، تخریب کی ذمہ دار جماعت کو ملک کی تعمیر میں نہیں رکھیں گے، اختلاف کا سب کو حق ہے سازش کا کسی کو حق نہیں۔

لندن میں ایم کیوایم پراپرٹیزکیس: وسیم اخترکا 2015 کے پارٹی آئین کی تیاری کا اعتراف

لندن: (ویب ڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کی جائیدادوں کے حصول کے لیے عدالتی جنگ میں وسیم اختر نے 2015 کے پارٹی آئین کو تیار کرنےکا اعتراف کرلیا۔
لندن کی عدالت میں ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما وسیم اختر نے بذریعہ ویڈیو لنک بیان دیا۔
وسیم اخترکا کہنا تھا کہ 2015 کا آئین بنانے کے لیے مجھے بانی متحدہ نے ہدایت دی تھی، اس وقت میں سی ای سی کا انچارج تھا، آئین کا ڈرافٹ تیار کرنے کے لیے سید سردار احمد کو پیغام دیا، سردار احمد نے ہی 2015 کے آئین کا ڈرافٹ تیار کیا، یکم مئی 2015 کو آئین کا ڈرافٹ بانی متحدہ کے نام میرے کورنگ لیٹر کے ساتھ حتمی منظوری کے لیے ای میل کیا۔
رہنما ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ مجھے دکھانےکے بعد یہ ای میل رابطہ کمیٹی پاکستان کے ای میل سے انٹرنیشنل سیکرٹریٹ لندن ای میل کی گئی، ایم کیوایم لندن کے وکیل کے پوچھنے پر وسیم اختر نے اس کورنگ لیٹر اور آئین کے ڈرافٹ کو تسلیم کیا، وکیل کے مزید سوالات پر وسیم اختر نے اپنا مؤقف تبدیل کرتے ہوئے کہا کہ یہ ڈرافٹ کوریئر کے ذریعے انٹرنیشنل سیکرٹریٹ بھیجا گیا۔
ایم کیو ایم لندن کے وکیل نے وسیم اختر سے امین الحق کی جانب سے جمع کرائےگئے ڈرافٹ پر سوال کیا، وسیم اختر نے ڈرافٹ اور کورنگ لیٹر سے لاعلمی کا اظہار کیا اور کہا کہ لیٹر پر موجود دستخط ان کے نہیں، ایم کیو ایم لندن کے وکیل نے وسیم اختر کو دوبارہ بتایا کہ یہ ڈرافٹ اور کورنگ لیٹر امین الحق کی جانب سے جمع کرایا گیا ہے، وسیم اختر نے پھر بھی اس سے لاعلمی کا اظہار کیا اور کہا کہ انہوں نے یہ ڈرافٹ نہیں دیکھا۔
دوران سماعت وسیم اختر نے 2015 کے آئین کو تیار کرنے، سی ای سی کی جانب سے منظور کرنے اور اسے لندن بھیجنے کا اعتراف کیا تاہم 2015 کے آئین کو رابطہ کمیٹی کی جانب سے منظور کیے جانے سے انکار کیا۔

عالمی نمبر 2 بیلجیئم ورلڈکپ سے باہر،کروشیا اور مراکش اگلے مرحلے میں پہنچ گئے

دوحہ: (ویب ڈیسک) قطر میں جاری فیفا ورلڈکپ میں عالمی رینکنگ میں دوسرے نمبر پر موجود بیلجیئم ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی جبکہ کروشیا اور مراکش نے پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔
جمعرات کو گروپ ایف کے 2 میچز کھیلے گئے ،جس میں بیلجیئم اورکروشیا جبکہ مراکش اور کینیڈا کی ٹیمیں مدمقابل تھیں۔
بیلجیئم اور کروشیا کے درمیان مقابلہ بغیر کسی گول کے ختم ہوگیا اس کے علاوہ آخری گروپ میچ میں مراکش نے کینیڈا کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے دی۔
گروپ میچز کے اختتام پر گروپ ایف میں مراکش نے 7 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر رہتے ہوئے پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی جبکہ کرو شیا 5 پوائنٹس کے ساتھ اگلے مرحلے میں پہنچ گیا۔
بیلجیئم 4 پوائنٹس جبکہ کینیڈا کوئی پوائنٹ حاصل نہ کرسکی، اس کے ساتھ ہی عالمی نمبر دو ٹیم بیلجیئم اور کینیڈا کا ٹورنامنٹ میں سفر ختم ہوگیا۔

اے این ایف نے اونٹوں کے ذریعے منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی

کراچی: (ویب ڈیسک) اینٹی نارکوٹکس فورس نے اونٹوں کے ذریعے بھاری مقدار میں چرس اسمگل کرنے کی کوشش نا کام بنادی جب کہ دیگر کارروائیوں کے دوران منشیات کی بھاری مقدار ضبط کرلی۔
انسداد منشیات فورس نے ملک بھر میں مختلف کارروائیوں کے دوران بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرکے ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس کا منشیات کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، گوادر میں خطرناک و بیابان پہاڑی علاقے میں خفیہ اطلاع پر کامیاب کارروائی کے دوران اونٹوں کے ذریعے بھاری مقدار میں چرس اسمگل کرنے کی کوشش نا کام بنادی گئی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ 1400 کلو چرس اونٹوں پر لاد کر گوادر اور پھر سمندری راستے سے اسمگل کرنی تھی۔
ترجمان کے مطابق انٹرنیشنل میل آفس راولپنڈی میں لندن سے آئے پارسل میں سے 68 گرام وِیڈ برآمد ہوئی جب کہ باچا خان انٹرنیشنل ائیرپورٹ پشاور سے شارجہ جانے والے 2 ملزمان کے ٹرالی بیگ سے 3 کلو500 گرام آئس برآمد کی گئی۔
کراچی انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر تعینات اے این ایف اہلکاروں نے بنکاک جانیوالے 2 ملزمان اور خاتون کے پیٹ سے مجموعی طور پر 150 ہیروئن بھرے کیپسولز برآمد کیے۔
دوسری جانب نیشنل ہائی وے روڈ حیدرآباد کے قریب ٹرک سے 119 کلو چرس برآمد کرکے 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جب کہ نیشنل ہائی وے پرسکھر کے قریب مہراب پور کے رہائشی ملزم سے 11 کلو چرس برآمد کی گئی۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ مُلزمان کیخلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرلیے گئے۔

شاہ رخ خان نے عمرہ کی سعادت حاصل کرلی

ریاض: (ویب ڈیسک) بالی وڈ اداکار شاہ رخ خان کی احرام پہنے ویڈیوز اور تصاویر وائرل ہورہی ہیں اور مداحوں کیجانب سے انہیں عمرے کی مبارکباد دی جارہی ہے۔
ویڈیو اور تصاویر میں شاہ رخ خان کو احرام پہنے دیکھا جاسکتا ہے جو مسلمان عمرے اور حج کی ادائیگی کے دوران پہنتے ہیں۔ اس کےعلاوہ شاہ رخ خان نے کووڈ ماسک بھی لگایا ہوا ہے۔البتہ اس حوالے سے خود شاہ رخ خان کی جان سے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔
گزشتہ دنوں انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو پوسٹ کی تھی جس میں انہوں نے کہا تھا کہ انہوں نے اپنی آنے والی فلم ’ڈنکی‘ کی سعودی عرب میں ہونے والی شوٹنگ مکمل کرلی ہے اور وہ اس حوالے سے سعودی وزارت ثقافت کی بہترین میزبانی کے مشکور ہیں۔
یہ فلم 2023 میں ریلیز ہونی ہے جبکہ شاہ رخ کے ساتھ تاپسی پنو بھی اس فلم کا حصہ ہیں۔

آرمی چیف کا تقرر میرٹ پر ہوا، لیفٹیننٹ جنرل عامر کو آگے لانا چاہتا تھا: آصف زرداری

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ صدر کے مواخذے بارے کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا، پرویز الہیٰ سے اب دوریاں بڑھ گئی ہیں، اگر اسمبلیاں توڑی گئیں تو الیکشن میں مقابلہ کریں گے، آرمی چیف کا تقرر میرٹ پر ہوا ہے، لیفٹیننٹ جنرل عامر کو میں آگے لانا چاہتا تھا۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ میں نے کوئی بندہ نہیں خریدا، الیکشن اپنے وقت پر ہونے چاہئیں، ابھی کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا، ہمیں اسٹیبلشمنٹ کے سیاست میں مداخلت نہ کرنے کے فیصلے کو سراہنا چاہیے۔
سابق صدر نے مزید کہا کہ معیشت کو بہتر ہونے میں وقت لگتا ہے، پرویز الہیٰ سے اب دوریاں بڑھ گئی ہیں، اگر اسمبلیاں توڑی گئیں تو الیکشن میں مقابلہ کریں گے۔
آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ صدر کے مواخذے بارے کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا، صدر کے پاس اختیار کوئی نہیں ہے، کالعدم ٹی ٹی پی پاکستان کے لیے خطرہ ہے، موجودہ آرمی چیف کو ذاتی طور پر نہیں جانتا، ذاتی طور پر صرف لیفٹیننٹ جنرل عامر کو جانتا تھا، سابق جنرل باجوہ نے مجھ سے کبھی ایکسٹینشن کا نہیں کہا، لیفٹیننٹ جنرل عامر کو میں آگے لانا چاہتا تھا، اگر لیفٹیننٹ جنرل عامر دوسرے نمبر پر سینئر ہوتے تو کچھ سوچتا، آرمی چیف کا تقرر میرٹ پر ہوا ہے۔

کھانا پکانے کے اوقات میں گیس کی فراہمی یقینی بنانے کا فیصلہ

لاہور: (ویب ڈیسک) سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ ( ایس این جی پی ایل) نے گھریلو صارفین کو کھانے کے اوقات میں گیس کی فراہمی یقینی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایس این جی پی ایل کے ترجمان نے اس ضمن میں بتایا ہے کہ گھریلو صارفین کو شہر میں تین وقت گیس فراہم کرنے کے اقدامات شروع کردیے گئے ہیں۔
ترجمان ایس این جی پی ایل کے مطابق گھریلو صارفین کو صبح 6 سے 9 بجے تک گیس فراہم کی جائے گی جس کے بعد دوپہر دن 12 بجے سے لے کر دو بجے تک گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
ایس این جی پی ایل حکام کی جانب سے کیے جانے والے فیصلے کے تحت گھریلو صارفین کو اس کے بعد شام 6 بجے سے لے کر شب 9 بجے تک گیس فراہم کی جائے گی۔

پیٹرولیم مصنوعات کی درآمد کیلیے ایل سیز پر کوئی پابندی نہیں، اسٹیٹ بینک

کراچی: (ویب ڈیسک) اسٹیٹ بینک نے وضاحت کی ہے کہ تیل، ایل این جی اور پیٹرولیم مصنوعات کی درآمد کے لیے ایل سیز کھولنے پر قطعی کوئی پابندی نہیں لگائی۔
ترجمان اسٹیٹ بینک کے مطابق تیل اور پیٹرولیم مصنوعات کی درآمد پر کوئی پابندی عائد نہیں کی، خام تیل، ایل این جی اور پیٹرولیم مصنوعات کی درآمد کے لیٹر آف کریڈٹ (ایل سیز) کھولنے یا کنٹریکٹس پر بھی کوئی پابندی (زبانی یا کسی اور طرح) عائد نہیں کی گئی ہے۔
اسٹیٹ بینک کے ترجمان نے کہا کہ اس طرح کی غلط اطلاعات منفی مقاصد کے تحت مارکیٹ میں غیریقینی کی صورت حال پیدا کرنے کے لیے پھیلائی جارہی ہیں جبکہ حقیقت یہ ہے کہ اسٹیٹ بینک تیل اور گیس (بشمول ایل این جی) کی مصنوعات کی درآمد کے حوالے سے بینکوں کے ذریعے زرمبادلہ کی ادائیگیوں کی پروسیسنگ کو تجارتی دستاویزات کی کنٹریکٹ میں درج میعاد کے مطابق بروقت یقینی بناتا ہے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ تیل کی درآمد کے لیے تمام ایل سیز، کنٹریکٹس کسی تاخیر کے بغیر انٹربینک فارن ایکسچینج مارکیٹ کے ذریعے اپنی مقررہ تاریخ پر پورے کیے جارہے ہیں، اسی وجہ سے ملک میں تیل کی درآمد ستمبر 2022ء اور اکتوبر 2022ء میں بالترتیب 1.48 ارب ڈالر اور 1.48 ارب ڈالر رہی۔

نورا فتیحی فیفا ورلڈکپ میچ کے دوران اپنا گانا سن کر جذباتی ہوگئیں

دوحہ: (ویب ڈیسک) بھارت کی معروف رقاصہ و اداکارہ نورا فتیحی قطر میں جاری فیفا فٹبال ورلڈ کپ 2022 کے میچ کے دوران اپنا گانا اسٹیڈیم میں بجتا سن کر جذباتی ہو کر خوشی سے جھوم اٹھیں۔
انسٹاگرام پر شیئر وڈیو میں وہ فٹبال ورلڈ کپ کا میچ دیکھنے کیلئے اسٹیڈیم میں موجود ہیں، عین اسی وقت اسٹیڈیم فیفا ورلڈ کپ کے آفیشل گانے ’لائٹ دی اسکائی‘ سے گونج اٹھتا ہے۔
اس یاد گار لمحے کو کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کرتے ہوئے نورا فتیحی اپنے گانے پر جذباتی ہوکر جھومنے لگ جاتی ہیں۔
انسٹا گرام پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے نورا فتیحی نے جذبات سے بھرپور پیغام بھی کیپشن میں لکھا ہے۔
اداکارہ نے لکھا کہ وہ لمحہ جب آپ اپنی آواز فیفا ورلڈ کپ کے دوران اسٹیڈیم میں سنتے ہیں، یہ بہت غیر یقینی تھا، یہ وہ سنگِ میل ہے جس نے کامیابی کا سفر مزید قابل قدر بنا دیا ہے۔
انہوں نے مزید لکھا کہ میں خواب دیکھتی ہوں اور ہمیشہ خوابوں میں ایسے لمحات کا تصور کرتی آئی ہوں، مجھے اپنے خواب پورا کرنے کی جستجو ہے۔
’’ایک عام سی لڑکی سے یہاں تک کا سفر ، ایک خواب ہی تھا، جو پورا ہوا ، آپ بھی اپنے خوابوں پر یقین رکھو، کسی کو اپنی حوصلہ شکنی نہ کرنے دو، اگر آپ خواب دیکھتے ہیں تو آپ انہیں پورا کرنے کی بھی ہمت رکھتے ہیں، آغاز میں مجھ پر بھی لوگ ہنستے تھے، لیکن میں آج یہاں ہوں اور یہ ابھی شروعات ہے‘‘۔