All posts by Khabrain News

گردن کی تکلیف دور کرنےوالی برقی فزیوتھراپی پٹی

لندن: (ویب ڈیسک) کمپیوٹراورفون کے بے دریغ استعمال سے ہماری گردن میں اینٹھن اور تکلیف عام ہوچکی ہے۔ اس کےلیے فزیوتھراپی یا ادویہ استعمال کی جاتی ہیں۔ تاہم اب ایک جدید الٹراساؤنڈ مساجر سے اس تکلیف کو دور کیا جاسکتا ہے۔
کراؤڈ فنڈنگ ویب سائٹ پر موجود اس ایجاد کا پورا نام ’پورٹیبل الٹراساؤنڈ مساجر‘ یا پی یو ایم ہے۔ یہ ایک سیکنڈ میں دس لاکھ لاکھ ارتعاشات خارج کرتا ہے جو گوشت اور ہڈیوں کی گہرائی تک پہنچتے ہیں۔ ایک میگاہرٹز کی الٹراساؤنڈ شعاعیں اعصاب اور ہڈیوں کو راحت پہنچاتے ہیں۔ اس کے علاوہ پی یو ایم میں پٹھے اور عضلات کو سکون پہنچانے والا بھی نظام بھی ہے۔ اس کا تیسرا کام دورانِ خون کو بڑھانا ہے جس سے بہت افاقہ ہوتا ہے۔
اسے بنانے والی کمپنی کا دعویٰ ہے کہ صرف 14 روز میں پی یو ایم کے فوائد سامنے آنا شروع ہوجاتے ہیں اور فزیوتھراپی پر خطیر رقم کی ضرورت نہیں ہوتی۔ فون اور کمپیوٹر آج کے دور میں عام ہوچکے ہیں اور بالخصوص اسمارٹ فون کےبے تحاشہ استعمال سے ہم گردن جھکانےکے عادی ہوچکے ہیں جس سے گردن پر بوجھ پڑتا ہے اور عوام کی بڑی تعداد گردن کی تکلیف میں مبتلا ہے۔ اس کا طبی نام اسٹرنوکلائڈومیسٹوئڈ( ایس سی ایم) ہے جس سے گردن کے علاوہ کندھوں پر بوجھ بڑھتا ہے اور دردِ سر عام ہوجاتا ہے۔
پی یو ایم کی تیاری میں دنیا کے ممتاز سرجن ڈاکٹر او من چو سےمدد لی گئی ہے۔ جو کہتے ہیں ایک میگاہرٹز کی الٹراساؤنڈ سے گردن کی تکلیف دور کی جاسکتی ہے اور مریض پرسکون ہوجاتا ہے۔ کیونکہ الٹراساؤنڈ سے گردن اور اطراف کو حرارت ملتی رہتی ہے۔ ایک میگاہرٹز کی توانائی والی الٹراساؤنڈ جلد اور ہڈیوں میں بہت گہرائی تک اترتی ہیں۔
اسے کئی مریضوں پر آزمایا گیا ہے جنہوں نے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ پی یو ایم کی تعارفی قیمت 149 ڈالر رکھی گئی ہے۔

سیلاب نے تباہی پھیلائی، پاکستان موسمیاتی انصاف چاہتا ہے، خیرات نہیں: وزیراعظم

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دنیا کے کئی خطے موسمیاتی تبدیلیوں کا شکار ہیں، پاکستان میں حالیہ سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی پھیلائی ہے، کاربن کے اخراج میں پاکستان کا حصہ ایک فیصد سے بھی کم ہے، پاکستان خیرات نہیں بلکہ موسمیاتی انصاف چاہتا ہے۔
شرم الشیخ کانفرنس میں کامیاب موسمیاتی سفارت کاری میں کردارادا کرنے والوں سے متعلق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حالیہ سیلاب نے پاکستان میں بہت تباہی مچائی، سیلاب سے لاکھوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہوئیں، کاپ 27 میں کامیاب موسمیاتی سفارت کاری پر تمام متعلقہ فریقین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، پاکستان کے سیلاب متاثرین کی مدد کرنے والے تمام ممالک کا شکریہ ادا کرتا ہوں، مشکل کی اس گھڑی میں کی جانے والی امداد کوہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ سندھ اور بلوچستان کی صوبائی حکومتوں نے متاثرین کی بھرپور مدد کی، وزیر خارجہ بلاول بھٹو، شیری رحمان، وزیر اطلاعات نے عالمی فورمز پر بھرپور کردارادا کیا، یہ پہلی مرتبہ ہوا کہ عالمی سطح پر پاکستان کی آواز کو سنا گیا۔
انہوں نے کہا کہ لاس اینڈ ڈیمیج فنڈ کے قیام میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو، شیری رحمان کا کردار قابل قدرہے، شرم الشیخ میں لاس اینڈ ڈیمیج فنڈ کا قیام ایک حقیقت بن چکا ہے، کاربن کے اخراج میں پاکستان کا حصہ ایک فیصد سے بھی کم ہے، پاکستان موسمیاتی انصاف چاہتا ہے، خیرات نہیں، دعاگو ہیں کہ جو پاکستان کے ساتھ ہوا وہ کسی دوسرے ملک کے ساتھ نہ ہو، یہ تلخ حقیقت ہے کہ جو پاکستان میں ہوا وہ یہاں تک محدود نہیں رہے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ پیرس معاہدے میں ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات روکنے کے لیے 100 ارب ڈالر کا عہد کیا گیا تھا، پاکستان اس چیز کا شکار ہوا جو ہماری پیدا کردہ نہیں ہے، ترقی یافتہ ممالک میں کاربن کا اخراج بہت زیادہ ہے، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات روکنے کے لیے عالمی سطح پر عملی اقدامات کرنا ہوں گے، وزارت خارجہ، وزارت موسمیاتی تبدیلی اور تمام متعلقہ اداروں کے کردار کو سراہتا ہوں۔

فضل الرحمان کا خواتین بارے گھٹیا زبان کا استعمال، مقدمہ درج کروائینگے: یاسمین راشد

لاہور: (ویب ڈیسک) پی ٹی آئی کی سینئر رہنما ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے خواتین کے حوالے سے گھٹیا زبان استعمال کی ان کے خلاف ایف آئی آر درج کروائیں گے۔
اپنے ایک بیان میں پی ٹی آئی رہنما یاسمین راشد نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان سے زیادہ گھٹیا انسان کوئی نہیں، خواتین اگر آزادی کی تحریک میں شمولیت نہ کرتیں تو شاید پاکستان آزاد نہ ہوتا۔
ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ ہماری طرف سے پٹیشن دائر ہورہی ہے، جو ظلم سواتی صاحب اور ان کے خاندان پر ہوا، ہم چاہتے ہیں سپریم کورٹ سوموٹو ایکشن لے، خواتین کی چادر اور چاردیواری کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔ سارے پاکستان کی خواتین ہمارے ساتھ کھڑی ہوئی ہیں۔
پی ٹی آئی کی سینئر رہنما کا کہنا تھا کہ امپورٹڈ حکومت کو شرم آنی چاہیے۔ 25مئی کو عورتوں اور بچوں پر زیادتی کسی کے سامنے ڈھکی چھپی نہیں، رانا ثنااللہ جو سلوک تم نے کیا وہ ریکارڈ پر موجود ہے۔ اس طرح کے ظلم کے ضابطے ہم نہیں برداشت کرسکتے۔
یاسمین راشد نے مزید کہا کہ اس وقت معیشت کا بیڑہ غرق ہوگیا ہے، ملک ڈیفالٹ کی طرف جارہا ہے، استعفوں پر گفتگو میں انہوں نے کہا کہ 2 دفعہ وزیراعلیٰ نے اعلان کیا ہے عمران خان کے کہنے پر اسمبلی تحلیل کردوں گا۔

سپیکر نے نئے صوبے کے قیام اور آئینی ترامیم کیلئے سپیشل کمیٹی تشکیل دیدی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے نئے صوبے کے قیام اور آئینی ترامیم کے لئے سپیشل کمیٹی تشکیل دے دی۔
ملک میں ایک بار پھر نئے صوبوں کے قیام کی باز گشت سنائی دینے لگی، وفاقی وزیر خورشید شاہ، مرتضیٰ جاوید عباسی، خالد مگسی اور نوید جیوا کو سپیشل کمیٹی میں شامل کرلیا گیا۔
سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے تشکیل دی گئی کمیٹی میں پی ٹی آئی منحرف رکن رمیش کمار، نزہت پٹھان اور رکن اسمبلی صابر حسین شامل ہیں۔
ٹی او آرز کے مطابق کمیٹی آئین کے آرٹیکل 25 بی، 51 ، 63 بی، 92 اور 106 میں ترمیم بل کا جائزہ لے گی، کمیٹی آئین میں ترامیم اور صوبوں کے قیام سے متعلق 30 روز میں رپورٹ پیش کرے گی۔

خواتین کو 14 سیکنڈ سے زائد گھورنا جرم قرار

ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارت میں کسی بھی خاتون کو 14 سیکنڈ سے زائد گھورنے کو جرم قرار دے دیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کی کرائم انویسٹی گیشن بیورو نے اس حوالے ایک ٹویٹ پر بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی لڑکی یا عورت کو 14 سیکنڈ سے زیادہ گھورنے پر ملزم کو قید کی سزا ہو سکتی ہے۔
بھارت کی کرائم انویسٹی گیشن بیورو کے مطابق چاہے آپ کسی کو جانتے ہیں یا نہیں جانتے۔ جانے یا انجانے یا پھر مذاق میں بھی کسی خاتون کو 14 سیکنڈ سے زائد نہیں گھور سکتے۔ ایسا کرنے والوں کو کم از کم 3 ماہ جبکہ زیادہ سے زیادہ ایک سال تک قید بھی ہو سکتی ہے۔ ساتھ ہی ملزم کو جرمانہ بھی کیا سکتا ہے۔
واضح رہے بھارت میں خواتین کو گھورنا آئی پی سی کی دفعہ 294 اور 509 کے تحت سنگین جرم قرار دے دیا گیا ہے۔ اس طرح کے معاملات کو ہراسانی کے زمرے شامل کیا گیا ہے۔

ملک میں بدتمیزی کا ماحول گرم، اسمبلیاں نہ ٹوٹیں تو اچھا ہے: مراد علی شاہ

کراچی: (ویب ڈیسک) وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ آجکل ملک میں بدتمیزی کا ماحول بنایا ہوا ہے، ہم جتنی کوشش کرلیں مگر بدتمیزی نہیں کرپاتے۔ ہمیں مل کرچلنا چاہیے، اسمبلیاں توڑنے کی بات ہورہی ہے، نہ توڑیں تواچھا ہے اگراسمبلیاں توڑیں گے توبہت ہی اچھا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ کا مزید کہنا تھا کہ پندرہ برس سے سندھ کی نمائندگی کررہے ہیں۔ اس دوران صوبے میں کئی اچھے کام ہوئے ہیں۔ سندھ واحد صوبہ ہے جس نے ٹرانسپورٹ کمپنی بنائی، سندھ میں کینسرکا مفت علاج ہورہا ہے،ہم نے دریائے سندھ پردوپل بنائے۔
بلاول بھٹو کی تعریف کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ بطور وزیرخارجہ بلاول نے بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا جوتجربہ کار وزیرخارجہ نہ کرسکے وہ بلاول بھٹونے چند ماہ میں کردکھایا
وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ نے اردوکانفرنس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کی دھرتی صوفیائے کرام کی دھرتی ہے، صوبہ سندھ نے ہمیشہ امن اوربھائی چارے کا پیغام دیا۔ سندھ کا اردوزبان کی ترویج میں کلیدی کردارہے۔

آرٹس کونسل کراچی میں چار روزہ عالمی اردو کانفرنس کا آغاز

کراچی: (ویب ڈیسک) آرٹس کونسل کراچی میں چار روزہ پندرہویں عالمی اردو کانفرنس کا افتتاح ہوگیا، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نےکانفرنس سے خطاب میں کہا کہ اردو کانفرنس کے لیے سندھ سے بہترکوئی جگہ نہیں۔
4 روزہ پندرہویں عالمی اردوکانفرنس کے افتتاحی سیشن میں مہمان خصوصی وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، پیرزادہ قاسم، سحر انصاری، امجداسلام امجد سمیت معروف اُدبا، شعرا اور مصنفین نے شرکت کی
صدر آرٹس کونسل احمد شاہ نے بتایا کہ تیرہ ، چودہ اور پندرہ جنوری کو گوادر میں پاکستان ادب میلہ سجائیں گے، انہوں نے لاہور، اسلام آباد، پشاور، مظفرآباد اور گلگت بلتستان میں بھی پاکستان ادب میلہ کرنے کا اعلان کیا۔
عالمی اردوکانفرنس میں مشاعرہ، محفل موسیقی، کتابوں کی رونمائی اور اہم موضوعات پرنشستیں رکھی گئی ہیں۔

ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 1550 روپے اضافہ

کراچی: (ویب ڈیسک) ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں آج 1550 روپے اضافہ ہوا ہے۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق 1550 روپے بڑھ کر ملک میں ایک تولہ سونے کا بھاؤ ایک لاکھ 62 ہزار 750 روپے ہے۔
10 گرام سونے کا بھاؤ 1329 روپے اضافے سے ایک لاکھ 39 ہزار 532 روپے ہے۔ عالمی بازار میں سونے کی قدر 20 ڈالر بڑھی ہے اور فی اونس سونے کی عالمی قیمت 1780 ڈالر ہوگئی ہے۔

ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 26 کروڑ 68 لاکھ ڈالر کم ہو گئے

کراچی: (ویب ڈیسک) ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 25 نومبر کو ختم ہوئے ہفتے میں 26 کروڑ 68 لاکھ ڈالر کم ہوئے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق 25 نومبر تک ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 13 ارب 37 کروڑ ڈالر رہے۔
اسٹیٹ بینک کے ذخائر 32 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کم ہوکر تقریباً ساڑھے 7 ارب ڈالر تھے۔
کمرشل بینکوں کے پاس ڈالرکا ذخیرہ گذشتہ ہفتے 6 کروڑ ڈالر بڑھا تھا۔ پچیس نومبر تک کمرشل بینکوں کے پاس 5 ارب 87 کروڑ ڈالر تھے۔

لندن میں جائیدادکے حصول کیلئے ایم کیو ایم کوکیس دائر نہیں کرنا چاہیے تھا: فاروق ستار

کراچی: (ویب ڈیسک) ایم کیوایم بحالی کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا ہےکہ لندن میں جائیداد کے حصول کے لیے ایم کیو ایم پاکستان کو کیس دائر نہیں کرنا چاہیے تھا۔
کراچی میں اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ لندن میں پراپرٹیز کیس کے حوالے سے ایم کیو ایم پاکستان کے وکیل نے ان سے رابطہ کیا تھا، ان کا اس کیس سے کوئی تعلق نہیں تھا کیونکہ 2020 میں جب یہ کیس لندن کی عدالت میں دائر کیا گیا اس وقت وہ ایم کیو ایم پاکستان کا حصہ نہیں تھے تاہم اس کے باوجود انہوں نے اس اقدام کی مخالفت کی تھی۔
فاروق ستارکا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان کے کسی بھی رہنما نے ان سے اس حوالے سے رابطہ نہیں کیا تاہم ایم کیو ایم پاکستان کے وکیل کی جانب سے رابطہ کیا گیا، وہ ایم کیو ایم پاکستان والوں کی طرح بزدل نہیں ہیں کہ چھپ کر بیٹھ جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان کے دعوے پر ایم کیو ایم لندن کے جوابی دعوے میں ان سے متعلق نکات تھے، 2015 میں ایم کیو ایم پاکستان کا کوئی آئین نہیں تھا، 23 اگست 2016 کے بانی متحدہ سے علیحدگی کے فیصلےکو ایم کیو ایم لندن کی طرف سے جوابی دعوے میں غیر آئینی عمل کہا گیا جب کہ ان کے اس اعلان کے بعد بانی متحدہ نے بھی ان کے اس اقدام کی حمایت کی تھی۔
انہوں نےکہا کہ انہوں نے پارٹی آئین کے حوالے سے صرف ریکارڈ درست کیا ہے،کراچی میں جتنی بھی کے کے ایف کی پراپرٹیز ہیں اس میں سے بیشتر کی فائلز ان کے پاس ہیں اور وہ اس کے کسٹوڈین ہیں جب کہ 2012 سے 2015 تک کے کے ایف کے اکاؤنٹ میں 3 ارب روپے تھے جو 2015 تک جنہیں ہڑپ کرنے تھے انہوں نے کرلیے۔