All posts by Khabrain News

افغانستان: طالبان نے وائس آف امریکا سمیت دیگر چینلز پر پابندی لگا دی

امریکا: (ویب ڈیسک) طالبان نے افغانستان میں وائس آف امریکا اور دیگر چینلز پر پابندی عائد کر دی۔
امریکی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ طالبان کی جانب سے وی او اے، ریڈیو لبرٹی اور ریڈیو فری یورپ کی ریڈیو نشریات پر پابندی لگا دی ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق طالبان نے پروگراموں کے مواد کے بارے میں موصول ہونے والی شکایات پر چینلز پر پابندی لگائی۔
امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ طالبان کے ترجمان نے ان مبینہ شکایات کے بارے میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں ، طالبان کی اطلاعات و ثقافت کی وزارت کے مطابق چینلز پر پابندی آج سے نافذ العمل ہے۔

حکومت گوگل کو ادائیگی پر راضی، ایپس بند نہیں ہوں گی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) حکومت گوگل کو ادائیگی پر رضا مند ہو گئی ۔ صارفین کے لیےموبائل اکاؤنٹ کی مدد سے گوگل پلے سٹور تک رسائی معطل نہیں ہو گی۔
وزارت خزانہ اسحاق ڈار نے وزیر آئی ٹی امین الحق کی تجویز مان لی۔ حکومت گوگل کو ادائیگی پر راضی ہو گئی۔ وزیر آئی ٹی امین الحق کا کہنا ہے کہ ادائیگیاں شیڈول کے مطابق کی جاسکیں گی، پیڈ گوگل ایپس بند نہیں ہونگی۔
وزیر آئی ٹی امین الحق سے معاون خصوصی خزانہ طارق باجوہ نے رابطہ کیا ہے۔ امین الحق کا کہنا ہے کہ اسٹیٹ بینک کو ہدایت کردی گئی کہ ایک ماہ تک پالیسی پر عملدرآمد مؤخر کردیں۔ٹیلی کام آپریٹرز کو ادائیگیوں کے طریقہ کار پر عمل کیلئے ایک ماہ کا وقت دیدیا گیا۔
ایک ماہ میں وزارت آئی ٹی، خزانہ اور اسٹیٹ بینک باہمی مشاورت سے لائحہ عمل مرتب کریں گے۔ٹیلی کام آپریٹرز نے وزارت آئی ٹی سے معاملے پر معاونت کی اپیل کی تھی۔وزیرخزانہ اسحاق ڈار کو ادائیگیاں کرنے اور ٹائم فریم دینے کیلئے مراسلہ لکھا تھا۔
پاکستان کے سٹیٹ بینک کی جانب سے ڈائریکٹ کیریئر بلنگ یعنی براہ راست ادائیگیوں کے نظام کو معطل کرنے کا فیصلہ کیاگیا تھاجس کے بعد پاکستانی صارفین اپنے موبائل فون اکاؤنٹ میں موجود رقم کے ذریعے گوگل پلے سٹور سے اپلیکیشنز ڈاون لوڈ نہیں کر پاتے۔
فیصلے پر عملدر آمد کی صورت میں صارفین کو ڈیبٹ کارڈ اور کریڈٹ کارڈ کے ذریعے گوگل پلے سٹور سے ایپس ڈاون لوڈ کرنا پڑتی۔
ٹیلی کام کمپنیوں کی جانب سے وفاقی حکومت کو لکھے گئے ایک مشترکہ خط میں اس کی نشاندہی کی گئی تھی کہ ادائیگی کے اس نظام کی معطلی سے پاکستان میں عالمی اداروں گوگل، ایمازون اور میٹا وغیرہ کی جانب سے پیش کی جانے والی خدمات متاثر ہوں گی اور اس سے ملک کے ٹیلی کام اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
جس کے بعد حکومت نے ٹیلی کام کمپنیوں کی درخواست منظور کرتے ہوئے ایک ماہ کے لیے گوگل کو ادائیگی کا فیصلہ کیا ہے۔ ایک ماہ کے اندر ادائیگیوں کے طریقہ کار پر پالیسی مرتب دی جائے گی۔

پاک انگلینڈ ٹیسٹ میچ، برطانوی ہائی کمشنر رکشے میں روانہ ہوئے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنز پہلا پاک انگلینڈ ٹیسٹ میچ دیکھنے رکشے میں روانہ ہوئے۔
برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنز راولپنڈی میں جاری پہلا ٹیسٹ میچ دیکھنے کے لیے رکشے میں روانہ ہوئے جس کی ویڈیو انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کی۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ آج سے راولپنڈی میں شروع ہو گیا ہے۔ کرسچن ٹرنز نے اردو میں اپنا پیغام ریکارڈ کروایا اور “جذبہ جنون ہمت نہ ہار” گانا بھی دھرایا۔ میچ کے لیے روانہ ہونے سے قبل رکشہ ڈرائیور کو پوٹھوہاری زبان میں کہا کہ “راجہ جی، پنڈی جلساں میچ تکساں”
برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنز پاکستان اور انگلینڈ کے مابین 17 سال بعد پاکستان میں ہونے والی ٹیسٹ سیریز دیکھنے کے لیے پرجوش نظر آئے۔

نئی ٹیکنالوجی، قوت سماعت سے محروم افراد کیلئے خوشخبری

برطانیہ: (ویب ڈیسک) قوت سماعت سے محروم افراد اب موسیقی سن سکیں گے۔ نئی ٹیکنالوجی قوت سماعت سے محروم افراد کے لیے کارآمد ثابت ہو گی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق قوت سماعت سے محروم افراد اب نئی ٹیکنالوجی کے ذریعے موسیقی سن سکیں گے۔ سائنسدانوں نے ایک ایسا الگورتھم ڈیزائن کیا ہے جو مونوفونک موسیقی کو وائبریشن کے ذریعے منتقل ہونے والی ٹھوس محرکات میں تبدیل کرتا ہے۔
کلائی کے اردگرد آلہ پہنایا جاتا ہے جو کمپیوٹر سے منسلک ہوتا ہے جس کے ذریعے موسیقی کی وائبریشن متاثرہ شخص کو بھیجی جاتی ہیں۔ جس سے آلہ پہنے شخص کو موسیقی کا احساس ہوتا ہے۔ اس آلہ کو کنسرٹس میں بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ہم کافی عرصے سے اس پر ریسرچ کر رہے تھے کہ جو نہیں سن سکتے انہیں سننے کے قابل بنایا جا سکتے اور کسی حد تک ہمیں اس میں کامیابی ملی ہے تاہم کوشش ہے کہ موسیقی کے ذریعے کس طرح دماغی امراض اور درد کا علاج کیا جا سکتا ہے اور اس سے کسی کے مزاج اور صلاحیتوں کو متاثر کر سکتے ہیں۔
اس مشین کے ذریعے 50 سے زیادہ افراد پر تجربہ کیا گیا۔ تمام افراد کو کلائیوں پر آلات پہنائے گئے اور اس سے مثبت نتائج سامنے آئے۔

دماغی مرض الزائمرکی رفتار سست کرنے کی دوا تیار

برطانیہ: (ویب ڈیسک) سائنسدانوں نے الزائمر سے متاثر ہونے کی رفتا کوکم کرنے کے لیے دوا تیار کر لی ہے۔
محققین نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے دماغی مرض الزائمر سے متاثر افراد کے لیے دوا تیار کی ہے جس کی مدد سے مریضوں کی یادداشت کم ہونے کی رفتار کو سست کیا جا سکے گا۔
محققین نےاس دوا کو ’لیکنمیب‘ کا نام دیاہے۔ جو کہ ایک اینٹی باڈی تھیراپی کی طرح کام کرتی ہے۔ کلینکل ٹرائل کے اعداد و شمار کے مطابق 18 ماہ کے دوران مریضوں کی دماغی صلاحیت متاثر ہونے میں 27 فی صد کمی آئی۔
ریسرچ میں بتایا گیا ہے کہ اس دوا سے دماغ کے اندر پیدا ہونے والے پروٹین کے اس جھنڈ کو ختم کیا جاتا ہے جن کو ’بیٹا ایملوئڈ‘ کہا جاتا ہے۔ الزائمر کے مریضوں میں یہ جھنڈ دماغ کے سیلز بہت تیزی سے تباہ کرتے ہیں۔
عالمی میڈیا کے مطابق برطانوی ریسرچر کا کہنا ہے کہ یہ پہلی دوا ہے جو حقیقت میں الزائمر کے مریضوں کے علاج کے لیے استعمال ہو سکتی ہے۔
انہوں نے بتایا ہے کہ کلینکل ٹرائل کے دوران دوا کے مخصوص فوائد ہی سامنے آ سکے ہیں۔ لیکن امید کی جا سکتی ہے کہ وقت کے ساتھ اس کے فوائد میں اضافہ ہوگا۔
واضح رہے کہ دنیا بھر میں اس وقت ڈیمینشیا سے لگ بھگ پانچ کروڑ 50 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہیں جب کہ اس تعداد کے دو تہائی کے برابر تین کروڑ لوگوں کو الزائمر کا سامنا ہے۔ اس بیماری میں مبتلا افراد کی یاد داشت ختم ہو جاتی ہے اور وہ آزادانہ طور پر حرکت کے قابل نہیں رہتے۔

شان شاہد نئے لوگوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں :کرن ملک

لاہور : (ویب ڈیسک) پاکستانی ماڈل اور اداکارہ کرن ملک نے اپنی پہلی فلم ضرار میں معروف اداکار شان شاہد کے ساتھ کام کا تجربہ شیئر کردیا ۔
کرن ملک نے اپنے حالیہ انٹرویو میں شان شاہد کو بہترین اداکار قرار دیتے ہوئے کہا کہ شان نہ صرف اچھے اداکار ہیں بلکہ اچھے ڈائریکٹر بھی ہیں اور فلم کے سیٹ پر کافی سختی کرتے ہیں ۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ ایسا لگتا ہے جیسے شان شاہد بہت غصے والے ہیں مگر ساتھ ساتھ ہی وہ بہت زیادہ ہنسی مذاق بھی کرتے رہتے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ شان شاہد کے ساتھ کام کرنے کے بعد میں‌نے بہت کچھ سیکھا ہے جو کیرئیر میں آگے جا کر میرے بہت کام آئے گا۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ شان دوسروں کا بہت خیال رکھتے ہیں اور نہایت پروفیشنل ہونے کے ساتھ نئے لوگوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں جبکہ ہر وقت ان کی مدد کے لئے سیٹ پر تیار رہتے ہیں۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ مجھے اگر مزید بھی اچھے پراجیکٹ ملے تو میں‌اداکاری ضرور کروں‌گی ، ہر کردار نبھانے کےلئے بہت ساری محنت کرنی پڑتی ہے ۔

ہالی ووڈ سپرسٹار ڈوین جانسن کا 36 برس بعد چوری کا اعتراف

نیویارک : (ویب ڈیسک) دی راک کے نام سے مشہور سابق امریکی ریسلر اور ہالی ووڈ اداکار ڈوین جانسن نے 36 برس بعد موقع واردات پر جاکر اپنی چوری کا اعتراف کرلیا۔
ڈوین جانسن نے اپنے انسٹاگرام اکائونٹ پر ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں انہوں نے بتایا کہ امریکی ریاست ہوائی کے اسٹور سے وہ ایک سال تک ہر دن جِم جانے سے پہلے چاکلیٹ چوری کیا کرتے تھے۔
دی راک نے بتایا کہ 14 سال کی عمر میں پیسے نا ہونے کے باعث وہ چاکلیٹ چوری کرتے تھے اور ایکسرسائز سے پہلے کھانے کے طور پر اسے کھاتے تھے ۔
اداکار نے بتایا کہ وہ اتنے سال پہلے کیے اپنے غلط کام کو ٹھیک کرنا چاہتے تھے اس لئے سٹور میں جاکر ملازم سے کہا کہ تمام چاکلیٹس کو جمع کر کے کاؤنٹر پر رکھ دو اور کسی بھی آنے والے ایسے خریدار کو دینا جو تمہیں لگے کہ چاکلیٹ چوری کرے گا ۔
انہوں نے سٹورکاؤنٹر پر اس دوران بچپن میں کی گئی اپنی غلطیوں کا اعتراف کیا اور اتنی زیادہ چاکلیٹ گننے والے ملازم کو ٹِپ دی جبکہ کاؤنٹر پر 298 ڈالر کا بل بھی ادا کیا۔
اس موقع پر اسٹور میں موجود خریدار ہالی ووڈ سپر سٹار کو دیکھ کر حیران رہ گئے جبکہ اداکار نے مداحوں کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔

کراچی: پولیس نے 2 سالہ بچی کو بازیاب کرالیا، خاتون اغواء کار گرفتار

کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی کے علاقے ٹیپو سلطان میں پولیس نے کارروائی کر کے دو سالہ بچی کو بازیاب کرا کر خاتون اغوا کار کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ایڈمن سوسائٹی سے 2 سالہ بچی پراسرار طور پر لاپتہ ہوئی، بچی کی گمشدگی کی اطلاع پر پولیس نے گھر کے سامنے لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کی مدد سے ملزمہ کو شناخت کیا۔
فوٹیج میں خاتون کو بچی کو لے کر جاتے دیکھا گیا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ شائستہ جائے وقوعہ کے قریب کے گھر کی ملازمہ نکلی، بچی کو بازیاب کروا کر والدین کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

عالمی برادری افغانستان کی صورتحال میں بہتری کیلئے اپنا کردار ادا کرے: وزیراعظم

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان پر امن افغانستان کا خواہاں ہے، بین الاقوامی برادری افغانستان کی صورت حال میں بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔
وزیراعظم میاں شہباز شریف سے وزیر مملکت خارجہ امور حنا ربانی کھر نے ملاقات کی ،ملاقات کے دوران وزیر مملکت نے اپنے حالیہ دورہ افغانستان کے حوالے سے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان ایک پر امن افغانستان کا خواہاں ہے، بین الاقوامی برادری افغانستان کی صورت حال میں بہتری کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان افغان بھائی بہنوں کی ہر ممکن مدد اور حمایت جاری رکھے گا۔

کالعدم ٹی ٹی پی کا دہشتگردی میں ملوث ہونا خطے کیلئے خطرہ ہے :رانا ثناء اللہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی کا دہشتگردی میں ملوث ہونا خطے کیلئے خطرہ ہے ۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ اگرکالعدم تنظیم ٹی ٹی پی پاکستان کے اندر دہشتگردی کی کارروائیوں میں ملوث پائی جائے اور حملوں کی ذمہ داری بھی قبول کرے تو یہ خطرناک چیز ہے اور اس حوالے سے پاکستان کی حکومت اقدامات کررہی ہے ۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ بلوچستان میں ہونے والا حملہ قابل مذمت ہے، ٹی ٹی پی پاکستان میں دہشتگردی میں ملوث ہے، مسائل کے حل کیلئے ضروری ہے کہ اس سے پہلے وفاقی حکومت معاملات اپنے ہاتھ میں لے صوبائی حکومتوں کو چاہیے کہ مسائل کے حل کیلئے موثر اقدامات کریں ۔
ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں کی مدد کیلئے ہر طرح سے تیارہے، بالخصوص بلوچستان اور کے پی میں ضرورت ہے کہ انتظامیہ اس معاملات کو سنجیدہ لے ۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی معاملات چلتے رہتے ہیں مگر ریاست مقدم ہے، وزیر اعلیٰ کے پی کی ذمہ داری ہے جو مدد درکار ہو وہ لیں ،جہاں فورسز کی مدد کی ضرورت ہے ہم صوبوں کی مدد کریں گے ۔