All posts by Khabrain News

کمیٹی کی سفارشات تیار: پی ٹی آئی پنجاب کے ارکان کا اسمبلیاں فوری تحلیل نہ کرنیکا مشورہ

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کی اعلیٰ سطحی کمیٹی نے صوبائی اسمبلیوں کی تحلیل کے معاملے پر اپنی سفارشات تیار کرلیں۔
ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین شاہ محمود کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں میاں اسلم اقبال، محمود الرشید، حماد اظہر اور اعجاز چودھری سمیت دیگر ارکان شریک ہوئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی کے ارکان کی جانب سے 20 دسمبر تک اسمبلیاں تحلیل کرنے کی سفارش کی گئی ہے جبکہ پنجاب سے تعلق رکھنے والے کچھ ارکان نے فوری اسمبلیاں تحلیل نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
ارکان نے رائے دی کہ سیاسی کارڈز کھیلتے ہوئے ٹائمنگ کو مد نظر رکھا جائے، اسمبلیوں کی تحلیل تب کی جائے جب وفاق اوردیگرصوبوں کی اسمبلیاں تحلیل کرنے کے لیے دباؤ بڑھ سکے، اس وقت حلقوں میں ترقیاتی کاموں کے لیے اربوں روپے مالیت کے ٹیندرز ہوچکے ہیں اور متعدد حکومتی منصوبے تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ کمیٹی کی سفارشات پر پارلیمانی بورڈز کے اجلاسوں کے بعد تاریخ کا حتمی فیصلہ عمران خان کریں گے۔
دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی کے ساتھ اہم سیاسی رہنماؤں کی ملاقات کا سلسلہ جاری ہے، عمران خان آج زمان پارک لاہور میں اپنی رہائش گاہ پر موجود ہیں، جہاں اہم سیاسی رہنما ان سے ملاقات کریں گے، وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی بھی آج سابق وزیراعظم سے اہم ملاقات کریں گے۔
عمران خان سے وزیر اعلیٰ کی ملاقات میں پنجاب اسمبلی کی تحلیل سمیت دیگر امور پر مشاورت ہوگی جبکہ چودھری پرویز الٰہی عمران خان کو اپنی مکمل حمایت کا اعادہ کریں گے۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس کل دوپہر اڑھائی بجے 90 شاہراہِ قائد اعظم ایوان وزیراعلیٰ میں ہو گا جس میں ارکان اسمبلی سے اسمبلیوں کی تحلیل کے معاملے پر رائے لی جائے گی۔

الیکشن کمیشن کی عام انتخابات کیلئے تیاریاں شروع

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملک میں عام انتخابات کیلئے تیاریاں شروع کردیں۔
ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق آئندہ عام انتخابات میں خصوصی فیچرز پر مبنی بیلٹ پیپرز استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ واٹر مارک بیلٹ پیپرز کا بھی استعمال کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ عام انتخابات میں 22 کروڑ بیلٹ پیپرز چھاپے گئے تھے، اس بار عام انتخابات کے لئے 24 کروڑ بیلٹ پیپرز چھاپنے کا امکان ہے جبکہ ملک میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 12 کروڑ 21 لاکھ سے زائد ہے۔
یاد رہے کہ الیکشن کمیشن کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ عام انتخابات میں ملک بھر میں ووٹرز کی تعداد 11 کروڑ 82لاکھ تھی۔

معیشت کا بیڑا غرق، ملک ڈیفالٹ کی طرف جا رہا ہے، یاسمین راشد

لاہور : (ویب ڈیسک) صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ معیشت کا بیڑا غرق ہو گیا، ملک ڈیفالٹ کی طرف جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 2 دفعہ کے وزیراعلیٰ نے اعلان کیا ہے عمران خان کے کہنے پر اسمبلی تحلیل کردوں گا، سار ے پاکستان کی خواتین ہمارے ساتھ کھڑی ہوئی ہیں، اس طرح کے ظلم کے ضابطے ہم برداشت نہیں کرسکتے۔
انہوں نے کہا کہ مرد پولیس نے مجھے گھسیٹا، ہماری سینکڑوں عورتوں کے ساتھ برا رویہ اختیار کیا گیا، خواتین اگر پاکستان کی آزادی میں شمولیت نہ کرتیں تو شاید پاکستان آزاد نہ ہوتا۔25مئی کو عورتوں اور بچوں پر زیادتی کسی کے سامنے ڈھکی چھپی نہیں۔
میڈٰیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈیزل فضل الرحمان سے زیادہ گھٹیا انسان کوئی نہیں،اس کے خلاف ایف آئی آر درج کریں گے، اعظم سواتی کو پھر پکڑ کر لے گئے، اس سے بڑی فاشسٹ حکومت اور کوئی نہیں ہوسکتی، ویڈیو کے بعد وہ بزرگ انسان آنسوؤں سے روتا تھا۔
صوبائی وزیر نے کہا ہے کہ رانا ثنااللہ جس طرح تم نے زیادتی کی وہ ریکارڈ پر موجود ہے، امپورٹڈ حکومت کو شرم اور حیا آنی چاہیے، ہماری طرف سے پٹیشن دائر ہورہی ہے، جو ظلم سواتی اور ان کے خاندان پر ہوا اس پر ہم چاہتے ہیں سپریم کورٹ سوموٹو ایکشن لے، خواتین کی چادر اور چاردیواری کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔

وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کے پی کے میں 35 سے زائد گھوسٹ ملازمین کا انکشاف

پشاور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ خیبرپختونخوا میں 35 سے زائد گھوسٹ ملازمین کا انکشاف ہوا ہے۔
آڈیٹر جنرل آف خیبر پختونخوا کی آڈٹ رپورٹ کے مطابق غیرضروری اخراجات اورشاہ خرچیوں کی مد میں صوبائی خزانے کو کروڑوں کا نقصان ہورہا ہے۔
آڈٹ رپورٹ میں مزید انکشاف ہوا ہے کہ بیورو کریسی نے وزیراعلیٰ کو بےخبررکھ کرفنڈزنکالے۔ بیورو کریسی کی شاہ خرچیوں سے خزانہ کو 25 کروڑ52 لاکھ روپے سے زائد کا نقصان ہوا۔ فنڈز سے نکالے گئے 17 کروڑ روپے سے زائد کا ریکارڈ بھی موجود نہیں ہے۔
رپورٹ کے مطابق قبائلی اضلاع کا فنڈ بندوبستی اضلاع میں خرچ کیا گیا۔ 76لاکھ 50 ہزار روپے قبائلی اضلاع کی بجائے بندوبستی اضلاع میں تقسیم کئے گئے۔ فنڈ سے نکالے گئے 17 کروڑ روپے کی تصدیق نہ ہوسکی۔ دھوکہ دہی سے ایک کروڑ 81 لاکھ سے زائد روپے نکلوائے گئے۔

انگلینڈ کیخلاف پنڈی ٹیسٹ میں چار قومی کھلاڑیوں کا ڈیبیو

راولپنڈی : (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) کی جانب سے راولپنڈی ٹیسٹ میں ڈیبیو کرنے والے قومی کھلاڑیوں کی ویڈیو جاری کر دی گئی ۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پنڈی میں جاری پہلے ٹیسٹ میچ میں چار قومی کھلاڑیوں نے ٹیسٹ کیپ حاصل کی جن میں حارث رؤف، سعود شکیل، محمد علی اور زاہد محمود شامل ہیں ۔
پی سی بی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر چاروں کرکٹرز کو ٹیسٹ کیپ دینے کی ویڈیو جاری کی جس میں کپتان بابراعظم نے قومی ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ڈیبیو کرنے والے کھلاڑیوں کا اعلان کیا۔
ڈیبیو کرنے والے کھلاڑیوں کو محمد رضوان، سابق کپتان سرفراز احمد، بیٹنگ کوچ محمد یوسف اور کپتان بابراعظم نے ٹیسٹ کیپ دی۔
اس موقع پر تمام کھلاڑیوں اور کوچ نے تالیاں بجاتے ہوئے ڈیبیو کرنے والے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔

غریب کیلئے ایک اور پریشانی، ایل پی جی کی قیمت میں 12 روپے فی کلو اضافہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے غریب کیلئے ایک اور پریشانی پیدا کرتے ہوئے ایل پی جی کی قیمت میں 12روپے فی کلو اضافہ کر دیا۔
اوگرا کی جانب سے ایل پی جی کی قیموں میں اضافے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب چیئرمین ایل پی جی ایسوسی ایشن پاکستان عرفان کھوکھر کے مطابق اوگرا نے ایل پی جی گھریلو سلنڈر 139 روپے اور کمرشل سلنڈر کی قیمت میں 535 روپے اضافہ کیا، ایل پی جی 216 روپے فی کلو جبکہ گھریلو سلنڈر 2548 روپے اور کمرشل سلنڈر 9804 روپے میں ملک بھر میں دستیاب ہوگا۔
عرفان کھوکھر نے مطالبہ کیا کہ سستی گیس کی فراہمی کے لیے ایل پی جی پر لگے تمام ٹیکسوں کا خاتمہ کیا جائے۔

پنجاب اسمبلی کب تحلیل کی جائے ؟حتمی فیصلہ آج ہو گا

لاہور : (ویب ڈیسک) پنجاب اسمبلی کب تحلیل کی جائے ؟ حتمی فیصلہ آج عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہیٰ کی ملاقات میں ہو گا۔
ذرائع کے مطابق ہفتے کے روز خیبرپختون خوا کے اراکین کی عمران خان سے ملاقات شیڈول ہے، سینئر وزیر پنجاب میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ ہم جابرابہ نظام کا مزید حصہ نہیں رہنا چاہتے۔
سینئر وزیر پنجاب میاں اسلم اقبال نے میڈیا ٹاک کرتے ہوئے کہا کہ پہلی اپوزیشن ہے جو کہتی ہے اسمبلیاں تحلیل نہ کرو، اپوزیشن کے 70 فیصد کیسز ختم ہو چکے ہیں یہ باقی کیسز بھی ختم کرانا چاہتے ہیں، آج عمران خان اور پرویز الہی کی ملاقات ہے جس میں اسمبلی توڑنے کے وقت کا تعین ہو گا، ہفتے کو کے پی ممبران اسمبلی لاہور عمران خان سے ملیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان ملاقاتوں کے بعد حتمی تاریخ کا اعلان کر دیں گے، 18 ویں ترمیم بنانے والے اس پر عمل بھی کر لیں وہ صوبوں کو کام نہیں کرنے دے رہے، ہم جابرابہ نظام کا مزید حصہ نہیں رہنا چاہتے، اس نظام سے نکل رہے ہیں، سڑکوں سے زیادہ اہم پارک ہیں۔

پاک انگلینڈ ٹیسٹ سیریز کی ٹرافی کی رونمائی کر دی گئی

راولپنڈی : (ویب ڈیسک) پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کی ٹرافی کی رونمائی کر دی گئی، پہلے ٹیسٹ میچ سے قبل مہمان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کر لیا ۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز ٹرافی کی رونمائی راولپنڈی کرکٹ گراؤنڈ میں کی گئی، دونوں ٹیموں کے کپتان بابر اعظم اور بین اسٹوکس نے ٹرافی رونمائی کی تقریب میں شرکت کی۔
انگلینڈ کیخلاف پہلے ٹیسٹ میں بابراعظم قومی ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ دیگرکھلاڑیوں میں عبداللہ شفیق ، امام الحق ، اظہر علی ، سعود شکیل، وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان ، سلمان علی آغا ، نسیم شاہ ،حارث رئوف ،محمد علی اورزاہد محمود شامل ہیں ۔
راولپنڈی سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی جانب سے 4 کھلاڑی ڈیبیو کر رہے ہیں، سعود شکیل، حارث رئوف ،محمد علی اور زاہد محمود کو ٹیسپ کیپ پہنائی گئی ہیں جبکہ انگلینڈ کی جانب سے ول جیکس اور لیام لونگ اسٹون ٹیسٹ ڈیبیو کریں گے ۔
ٹاس سیشن کے موقع پر انگلش کپتان بین سٹوکس کا کہنا تھا ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ کیلئے پرجوش ہیں ،پاکستان مشکل حریف ہے، کوشش ہوگی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں ،راولپنڈی سٹیڈیم کی پچ بھی اچھی نظر آرہی ہے ۔

رونالڈو تاریخ کے سب سے بڑے فٹبال معاہدے کے لیے تیار

لاہور: (ویب ڈیسک) دنیا کے مقبول ترین فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کا سعودی عرب کلب کے ساتھ سب سے بڑے فٹبال معاہدے کے لیے تیار ہو گئے ہیں۔
عالمی میڈیا کے مطابق رونالڈو کو فٹ بال کی تاریخ کا سب سے بڑا معاوضہ ملے گا، رونالڈو سے سعودی کلب النصر 116 ارب روپے کا معاہدہ کرے گا، جس کے بعد رونالڈو کو سالانہ 17 ارب روپے معاوضہ ملے گا، سعودی کلب النصر اور رونالڈو کے درمیان ڈھائی سال کا معاہدہ ہو گا۔
قطر ورلڈ کپ کے بعد کرسٹیانو رونالڈو سعودی کلب میں شمولیت اختیار کرلیں گے۔
واضح رہے گزشتہ ہفتے پرتگال کے معروف فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو نے مانچسٹر یونائیٹڈ کلب چھوڑ دیا تھا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مانچسٹر یونائیٹڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ رونالڈو باہمی رضامندی کےتحت کلب چھوڑ کر جا رہے ہیں، ان کی خدمات کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق کلب انتظامیہ نے رونالڈو اور ان کی فیملی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا، یہ بھی خیال رہے کہ چند روز قبل کرسٹیانو رونالڈو نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ مانچسٹر یونائیٹڈ نے ان کے ساتھ دھوکہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مانچسٹر یونائیٹڈ کے منیجر ایرک ٹین ہیگ اور دیگر سینئر ایگزیکٹوز انہیں زبردستی کلب سے باہر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ پانچ بار کے بیلن ڈی اور جیتنے والے فٹ بالر نے کہا کہ میں ایرک ٹین ہیگ کی عزت نہیں کرتا کیونکہ وہ میری عزت نہیں کرتا۔

کامیاب آپریشن: شہری کے معدے سے 187 سکے نکال لیے گئے

بھارت،کرناٹک : (ویب ڈیسک) بھارت میں ڈاکٹروں نے کامیاب آپریشن کے بعد 58 سالہ شخص کے معدے سے 187 سکے نکال لیے ہیں۔
ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ جنوبی بھارتی ریاست کرناٹک کے ضلع بگاکوٹ کے شہری کو پیٹ درد کی شکایت تھی، اور اس کی الٹیاں نہیں رک رہی تھیں جس کے بعد اس ٹیسٹ کرائے گئے تو پیٹ میں سکوں کی بھرمار دکھائی دی۔
ڈاکٹر نے کہا کہ مزکورہ شخص نفسیاتی مسائل کا شکار تھا اور گذشتہ دو تین ماہ سے سکے نگل رہا تھا۔
نگلے ہوئے سکوں کا مجموعی وزن ڈیڑھ کلو ہے، اسپتال نے مریض کی اینڈوسکوپی کی اور معدے سے 187 سکے نکال دیے جن میں 56 سکے پانچ، 51 سکے دو اور 80 سکے ایک انڈین روپے کے تھے۔
شہری کے معدے سے سکے نکالنے کے لیے دو گھنٹے کا آپریشن کیا گیا۔ بھارتی ڈاکٹر نے کہا کہ سکوں کی وجہ سے معدے کا سائز بہت بڑا ہو گیا تھا اور بہت سے سکے معدے میں مختلف مقامات پر پھنسے ہوئے تھے۔ سرجری کے بعد مریض کی حالت بہتر بتائی جاتی ہے۔