All posts by Khabrain News

چاند پر بھیجے جانے والے تاریخی آرٹیمس 1 مشن کی دنگ کردینے والی ‘سیلفی’

نیویارک: (ویب ڈیسک) ناسا کے آرٹیمس 1 مشن میں شامل اورین اسپیس کرافٹ نے ایک زبردست ‘سیلفی’ کھینچی ہے۔
زمین سے ریکارڈ دوری تک جانے والے پہلے اسپیس کرافٹ کا اعزاز حاصل کرنے والے اورین نے اس فاصلے سے ایک دنگ کردینے والی تصویر بھی کھینچی۔
ناسا کی جانب سے اورین اسپیس کرافٹ کی تصویر کو شیئر کیا گیا جس میں زمین اور چاند پس منظر میں نظر آرہے ہیں۔
یہ تصویر زمین سے 2 لاکھ 68 ہزار 563 میل کے فاصلے سے کھینچی گئی۔
اتنے فاصلے پر اس سے قبل انسانوں کے لیے ڈیزائن کیا گیا کوئی اسپیس کرافٹ جانے میں کامیاب نہیں ہوسکا تھا۔
اس طرح اورین نے اپولو 13 کا 2 لاکھ 48 ہزار 655 میل کی دوری کا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔
خاص بات یہ ہے کہ یہ پہلا مشن ہے جسے اتنی دور سفر کرنے کے لیے بھیجا گیا تھا، اپولو 13 نے اپنا ریکارڈ ایمرجنسی حالات کی وجہ سے بنایا تھا۔
اورین اسپیس کرافٹ نے حال ہی میں چاند کے قریب پرواز کی تھی اور اب اس کا مشن آدھا مکمل ہوچکا ہے اور جلد اس کی زمین پر واپسی کا سفر شروع ہوگا۔
سب کچھ ٹھیک رہا تو یہ اسپیس کرافٹ 11 دسمبر کو واپس پہنچے گا۔
آرٹیمس 1 مشن کی کامیابی مستقبل میں چاند کے لیے انسانی مشنز کی راہ ہموار کرے گی۔
آرٹیمس 1 کے بعد آرٹیمس 2 مشن میں انسانوں کو خلا میں بھیجا جائے گا اور ایسا 2024 میں متوقع ہے، البتہ یہ مشن چاند پر لینڈ نہیں کرے گا۔
آرٹیمس 3 وہ مشن ہوگا جس میں خلا بازوں کو 2025 میں چاند پر بھیجا جائے گا اور یہ وہاں کے قطب جنوبی پر لینڈ کرے گا۔

فٹبال کلب یووینٹس کے صدر سمیت پورے بورڈ نے استعفیٰ دے دیا

لاہور: (ویب ڈیسک) اٹلی کے فٹبال کلب یووینٹس کے صدر اینڈریا اگنیلی سمیت پورے بورڈ نے استعفیٰ دے دیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ سال نومبر میں کلب بارے میں پولیس انکوائری شروع ہونے کے بعد یووینٹس نے اعلان کیا کہ وہ حکام کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔
2019 اور 2021 کے درمیان کھلاڑیوں کے رجسٹریشن کے حقوق سے حاصل ہونے والی آمدنی تحقیقات کا موضوع تھی۔
اگنیلی اور سبکدوش ہونے والے نائب صدر سے کچھ تھے جن کی جانچ پڑتال کی جا رہی تھی۔
زیر التواء قانونی اور اکاؤنٹنگ چیلنجوں کی مرکزیت اور مطابقت پر غور کرنے کے بعد بورڈ نے متفقہ طور پر اپنے استعفیٰ کا اعلان کیا۔

پی ٹی آئی کے کچھ لوگ رابطے میں ہیں: خواجہ آصف

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پنجاب اور کے پی میں کچھ لوگ ہیں جو نہیں چاہتے اسمبلیاں ٹوٹے۔ پی ٹی آئی کے کچھ لوگ رابطے میں ہیں۔
دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر دفاع نے کہا کہ اسمبلیاں تحلیل کرنے کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان کا فیصلہ آنے دیں، اس کے بعد حکمت عملی بنائی جاسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کا حتمی فیصلہ ایک دو روز یا جمعہ تک آ جائے گا، اس سے پہلے میں کیا پیش گوئی کرسکتا ہوں، اگر کوئی حکمت عملی ہماری ہے تو وہ میں میڈیا پر تو نہیں بتاؤں گا۔ پی ٹی آئی کے کچھ لوگ رابطے میں ہیں۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ پنجاب اور کے پی میں کچھ لوگ ہیں جو نہیں چاہتے اسمبلیاں ٹوٹے، ظاہر بات ہے پارلیمنٹرین تو نہیں چاہتے وقت سے پہلے ان کی چھٹی ہو جائے۔
خیال رہے کہ چند روز قبل سابق وزیراعظم عمران خان نے اعلان کیا تھا کہ ہم اس نظام کا حصہ نہیں رہیں گے، اسمبلیوں سے باہر نکلنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسمبلیاں تحلیل کرنے کی تاریخ جلد دے دیں گے۔

لوئراورکزئی میں کوئلے کی کان بیٹھ گئی، 9 افراد جاں بحق

لوئراورکزئی: (ویب ڈیسک) لوئراورکزئی کے علاقے ڈولی میں کوئلےکی کان بیٹھ گئی جس کے باعث 9 کان کن جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق کوئلے کی کان میں دھماکا گیس بھر جانے سے ہوا جس کے بعد کان بیٹھ گئی۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں 9 کان کن جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
حکام نے بتایا کہ حادثے کے وقت کوئلےکی کان میں 13 افراد موجود تھے۔

وزیراعظم سے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی ملاقات، پیشہ وارانہ امور پر بات چیت

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہبازشریف سے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا اور  آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ملاقات کی ہے۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ وزیراعظم سے پہلی ملاقات ہے۔
وزیراعظم نے آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کو تعیناتی پر مبارکباد دی۔
وزیراعظم اور آرمی چیف کی ملاقات میں پاک فوج کے پیشہ وارانہ امور پر بات چیت کی گئی۔
وزیراعظم کا کہنا تھاکہ پاک فوج کی قیادت کرنا ایک بڑا اعزاز ہے، عوام اورفوج کےدرمیان اعتماد اور محبت کے رشتے مزید مضبوط ہوں گے اور امید ہےکہ آپ کی قیادت میں مسلح افواج ملکی سکیورٹی کو درپیش چیلنجز کا مزید بہترطریقے سے مقابلہ کریں گی۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں پر پورا اعتماد ہے، مادر وطن کے تحفظ و سلامتی اور دہشت گردی کے عفریت سے نمٹنے میں پاک فوج کے کردار پر پوری قوم کو فخر ہے۔

سونے کی فی تولہ قیمت میں 400روپے کمی

کراچی: (ویب ڈیسک) بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 4ڈالر کے اضافے سے 1760 ڈالر کی سطح پر آگئی۔
اس کے باوجود مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بدھ کو فی تولہ اور فی دس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 400روپے اور 314روپے کی کمی واقع ہوئی۔
اس کے نتیجے میں کراچی ،حیدرآباد ،سکھر ،ملتان ،لاہور ،فیصل آباد ،راولپنڈی ،اسلام آباد ،پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت گھٹ کر 161200روپے اور فی دس گرام سونے کی قیمت بھی گھٹ کر 138203روپے کی سطح پر آگئی۔
اس کے برعکس فی تولہ چاندی کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 1740روپے اور دس گرام چاندی کی قیمت بھی بغیر کسی تبدیلی کے 1491.76 روپے کی سطح پر مستحکم رہی۔

پاکستان متحدہ عرب امارات کیساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، اعظم نذیر تارڑ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
متحدہ عرب امارات کے وزیر انصاف عبداللہ بن سلطان بن عواد النعیمی سے ان کی ٹیلیفونک بات چیت ہوئی۔
اس دوران باہمی دلچسپی اور دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے، دونوں ممالک کے درمیان باہمی قانونی معاونت کے امور، پاکستان کے ایف اے ٹی ایف گرے لسٹ سے نکلنے کے مراحل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر برائے قانون وانصاف اعظم نذیر تارڑ نے متحدہ عرب امارات کا پاکستان میں سیلابی صورتحال کے دوران معاونت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنے برادر ملک متحدہ عرب امارات کی معاونت کے لیے ہر وقت تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، متحدہ عرب امارات ہمارا برادر اسلامی ملک ہے، متحدہ عرب امارات نے ہمیشہ مشکل حالات میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔

12کروڑ عوام کے صوبے کا مینڈیٹ ختم کرنے کی کوشش کی جا رہیعطا اللہ تارڑ

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی عطا اللہ تارڑ اور مسلم لیگ (ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی تحلیل ہونے کا خدشہ موجود ہے، سوشل میڈیا پر اداروں کے خلاف مہم کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، پاک فوج ہمارے ملک کا فخر ہے، پنجاب اسمبلی کو اپنے ذاتی مقاصد کے لئے استعمال کیا جا رہا ہے، 12 کروڑ عوام کے صوبے کا مینڈیٹ ختم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، پنجاب اسمبلی کسی کی ذاتی ملکیت نہیں، وزیر اعلیٰ پرویز الٰہی عمران خان کے کہنے پر صوبائی حکومت چلا رہے ہیں، جمہوری روایات سے رو گردانی نہیں کرنی چاہیے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ سننے میں آیا ہے کہ پنجاب کا ایک وزیر ہمیں انصاف کی فراہمی میں رکاوٹ بنا ہوا ہے جس کی وجہ سے ہمیں انصاف نہیں مل رہا لیکن ہمیں پوری امید ہے کہ عدلیہ سے انصاف ملے گا، ہم اراکین کی معطلی کے کیس میں متفرق درخواست دائر کر رہے ہیں، متفرق درخواست میں کہا گیا ہے کہ صوبے کی اسمبلی تحلیل ہونے کا خدشہ موجود ہے، کسی رکن کو ووٹ کے حق سے محروم نہیں رکھا جا سکتا، پاک فوج ایک منظم ادارہ ہے جس کے خلاف تنقید قابل مذمت ہے، پنجاب اسمبلی میں پی ٹی آ ئی کے اکثریتی اراکین صوبے کی اسمبلی کو تحلیل کرنے کے حق میں نہیں ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان جس شخصیت کے خلاف بد زبانی کر رہے ہیں انہوں نے خود ہی ان کی مدت ملازمت میں توسیع دی تھی، عمران خان کو اپنے دور میں جو سپورٹ ملی تھی وہ کسی اور لیڈر کو نہیں ملی، عمران خان کے خلاف احتساب کے معاملے میں ہماری کوتاہی ہے کہ اتنی بڑی چوریاں سامنے آنے کے بعد وہ عدالتی حکم امتناع لے آتے ہیں، عمران خان ہر مرتبہ اپنی ٹیکنیکلٹی کو استعمال کر کے احتساب سے بچ جاتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں چاروں صوبوں میں الیکشن بیک وقت کرائے جاتے ہیں، یہ کیسی منطق ہے کہ دو صوبوں میں الیکشن کروا دیئے جائیں اور باقی صوبوں کو نظر انداز کر دیا جائے، عوام کے مینڈیٹ کا احترام کرنا چاہیے، پنجاب میں مسلم لیگ (ن) واحد سب سے بڑی سیاسی جماعت تھی اور ہے، اسمبلیوں کو کی اپنی آئینی مدت پوری کرنی چاہیے، ہم جمہوری پراسیس کو ڈی ریل نہیں ہونے دیں گے، پی ٹی آئی کے لوگ جو غیر قانونی کاموں میں ملوث ہیں ان کو قانون کا سامنا کرنا پڑے گا۔
ایک سوال کے جواب میں عطا تارڑ نے کہا کہ پنجاب میں کوئی گفت و شنید ہونے کا امکان ہے نہ ہو گی، اگر مذاکرات کرنے ہوتے تو کورٹ نہ آتے اور دیگر آپشنز پر بھی غور نہ ہوتا، عمران خان نے کہا تھا کہ پرویز الٰہی پنجاب کے سب سے بڑے ڈاکو ہیں اور اب پرویز الٰہی اور ان کے بیٹے نے پنجاب کے سب سے بڑے ڈاکو ہونے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، پنجاب میں پرویز الٰہی نےغیر قانونی طریقے سے وزارت اعلیٰ حاصل کی۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کو اپنے ذاتی مقاصد کے لئے استعمال کیا جا رہا ہے، پنجاب حکومت کی کوشش ہے کہ اسمبلی میں جتنے بھی 10 سے 15 ایم پی ایز ہیں انہیں ایکسپیل کیا جائے تا کہ ہمارے نمبرز پورے نہ ہو سکیں، پی ٹی آئی والے اپنے ذاتی مقاصد کیلئے پرویز الٰہی کو استعمال کر رہے ہیں، ہم بار بار گزارش کرتے ہیں مگر ہماری شنوائی نہیں ہو رہی، عمران خان کے کہنے پر پرویز الٰہی 12 کروڑ عوام کے صوبے پر شب خون مارنے کی کوشش کر رہے ہیں حالانکہ وزیر اعلیٰ پرویز الہی کا اپنا الیکشن ہی غلط ہے۔
عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ ہم اعلیٰ عدلیہ کا ہمیشہ احترام کرتے آئے ہیں، ہمارا حق سننا اور اس کا تحفظ کرنا عدلیہ کی ذمہ داری ہے، ہماری پٹیشن التوا کا شکار ہے، پنجاب اسمبلی کو تحلیل کرنے کی منصوبہ بندی ہو رہی ہے اور ہمارا کام اس کو روکنا ہے جس کے لئے ہمارا ہاؤس میں جانا اور عدم اعتماد لانا ضروری ہے اور اس کے لئے جتنے بھی آئینی طریقے موجود ہیں ان کو استعمال کرنا ہمارا آئینی حق ہے، اعلیٰ عدلیہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ہماری پٹیشنز پر جلد سماعت کی جائے اور استدعا ہے کہ ہمیں انصاف فراہم کیا جائے، ہم ہائیکورٹ سے اپیل کرتے ہیں کہ ہماری پٹیشن پر جلد سماعت کی جائے، عدم اعتماد پیش کرنے کیلئے ہمارا پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کرنا ضروری ہے، پنجاب حکومت کو جمہوری روایات سے رو گردانی نہیں کرنی چاہیے۔

حکومت کے پاس پیسے ہی نہیں تو بینکوں میں کیسے رکھے گی،اسحاق ڈار

کراچی: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ اسلامی بینکنگ نظام کے ساتھ پاکستان کی معیشت کو بھی بھنور سے نکالنا ہے۔سود کیخلاف اپیلیں واپس لینا میری ترجیحات میں شامل تھیں،شرعی عدالت کے سود کے خاتمے سے متعلق فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں۔
کراچی میں منعقدہ سیمینار سے خطاب میں وزیر خزانہ نے کہا کہ مفتی تقی عثمانی نے کہا حکومت اپنا پیسہ اسلامی بینکوں میں رکھے،حکومت کے پاس تو پیسے ہی نہیں تو بینکوں میں کیسے رکھے گی۔آمدنی سے زیادہ اخراجات پر کنٹرول کرنے کی ضرورت ہے۔ ملک سے سودی نظام کے خاتمے کیلئے پر عزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اسلامک بیکنگ نظام کامیاب ہے۔بینکنگ نظام کے ذریعے دہشتگروں کی معاونت روکی جاسکتی ہے،دنیا بھر میں کوشش کی جارہی ہے کہ ہرفرد کو بینکاری نظام سے منسلک کیاجائے۔ بینکاری کا نظام زندگی کی ضرورت بن چکا ہے،اس وقت اسلامی بینک کے پاس 5 ہزار ارب کے ڈیپازٹ موجود ہیں۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ اسلامک بینکاری نظام میں چند سال میں 10 گنا سے بھی زیادہ وسعت آئی ہے،اسلامک بینکاری کو ایک کامیاب نظام کے طور پر رائج کرنا ہے،اسلام میں سود لینے یا دینے پر پابندی ہے،سود سے بچنا پاکستان کیلئے بہت اہم ہے،بینکاری کا نظام ضرورت بن چکا ہے،پاکستان کو بدترین معاشی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑا۔

کیا اب ڈونلڈ لو ٹھیک ہو گیا؟، فیصل واوڈا کا فواد کی امریکی سفیر سے ملاقات پر ردعمل

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق رہنما فیصل واوڈا نے فواد چودھری کی امریکی سفیر سے ملاقات پر سوال اٹھاتے ہوئے پوچھا کہ کیا اب یہ ڈونلڈ لو ٹھیک ہو گیا ہے؟۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری نے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم سے ملاقات کی تھی جبکہ پی ٹی آئی نے سازش کے ذریعے اپنی حکومت ختم کرنے کا الزام ڈونلڈ لو پر عائد کیا تھا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے لکھا کہ کیا یہ وہی امریکی سفیر ڈونلڈ لو ہے جس نے سازش سے پی ٹی آئی کی حکومت گرائی؟ کیا اب یہ ڈونلڈ لو ٹھیک ہو گیا ہے؟ کیا اب ڈونلڈ لو سازش سکے ذریعے پی ٹی آئی کی حکومت واپس لانے والا ہے؟۔
اپنے ٹوئٹ میں سابق وفاقی وزیر نے مزید لکھا کہ حکومت گرانے کا بیانیہ پہلے ٹھیک تھا یا اب والا؟ بھائی یہ ماجرا کیا ہے؟۔