All posts by Khabrain News

عالمی سب میرین کیبل میں خرابی،پاکستان میں انٹرنیٹ سروس متاثر

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) عالمی سب میرین کیبل میں خرابی کی وجہ سے پاکستان میں انٹرنیٹ سروس متاثر ہوگئی۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ( پی ٹی سی ایل) کے ترجمان کا کہنا ہے کہ مصر کے قریب خرابی سب میرین کیبل اے اے ای ون میں ہوئی۔
ترجمان پی ٹی سی ایل کا کہنا ہے کہ سب میرین کیبلز کٹنے سے پی ٹی سی ایل اور ٹرانس ورلڈ کی سروس متاثر ہوئی۔
ترجمان کے مطابق پی ٹی سی ایل نے انٹرنیٹ ٹریفک متبادل روٹس پر ڈال دی ہے۔

دنیا کا سب سے بڑا فعال آتش فشاں تقریباً 40 سال بعد پھٹ پڑا

ہوائی: (ویب ڈیسک) امریکی ریاست ہوائی میں موجود دنیا کا سب سے بڑا فعال آتش فشاں ماونا لوا تقریباً 40 سال بعد پھٹ پڑا،آتش فشاں کے اخراج سے فی الحال رہائشی آبادی کو خطرہ نہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق آتش فشاں ماونا لوا سے لاوے کا بہاؤ زیادہ تر چوٹی کے اندر موجود ہے لیکن ارد گرد کے رہائشیوں کو گیسز کے اخراج اور راکھ گرنے کے خطرے کے بارے میں پیشگی خبردار کردیا گیا تھا۔
ہنگامی امدادی حکام کا کہنا ہے کہ فی الحال انخلا کے لیے کوئی احکامات جاری نہیں کیے گئے ہیں اور آبادی والے علاقوں کے ابھی متاثر ہونے کا امکان نہیں ہے۔
امریکی جیولوجیکل سروے کا کہنا ہے کہ لاوے کے بہاؤ کا مقام اوررفتار تیزی سے تبدیل ہو سکتی ہے۔

سنٹرل ایشین والی بال چیمپئن شپ، پاکستان نے ایران کو پچھاڑ کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان نے سنٹرل ایشین والی بال چیمپئن شپ کے فائنل میں دفاعی چیمپئن ایران کو 1-3 سے شکست دیکر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
لاہور میں کھیلے گئے فائنل میں پاکستان نے ایران کے خلاف پہلے دو سیٹس میں شاندار کھیل پیش کرکے 16-25 اور 17-25 سے کامیابی حاصل کی۔تیسرے سیٹ میں ایک موقع پر پاکستان لیڈ کر رہا تھا لیکن ایران نے کم بیک کرتے ہوئے 23 کے مقابلے میں 25 پوائنٹس سے کامیابی حاصل کی۔
چوتھے سیٹ میں زبردست مقابلہ دیکھنے میں آیا پاکستان نے یہ سیٹ 25- 20 سے جیت کر سینٹرل ایشین والی بال چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیت لیا۔ تیسری پوزیشن کے میچ میں بنگلادیش نے سری لنکا کو شکست دی۔

بلوچستان میں ملک دشمنوں کیخلاف کامیاب آپریشن، 10 دہشتگرد ہلاک

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) ملک دشمنوں کیخلاف کامیاب آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے 10 دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے ہوشاب میں آپریشن کیا، یہ آپریشن دوپہر کے وقت ہوا۔ آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
بیان کے مطابق بڑے آپریشن کے دوران فائرنگ کے شدید تبادلے میں 10 دہشتگرد مارے گئے، ایک کو گرفتار کر لیا جبکہ دو دہشتگرد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جن کی تلاش کے لیے آپریشن جاری ہے۔
ائٓی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز بلوچستان میں امن و استحکام میں خراب کرنے کی ہر کوشش ناکام بنائیں گے۔
خیال رہے کہ 26 نومبر کو بھی سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا، یہ آپریشن بلوچستان میں دہشتگرد تنظیم بی ایل اے کے خلاف کیا گیا جن کو بھارت کی پشت پناہی حاصل ہے۔ آپریشن صبح 6 بجے کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز مارے جانے والے دہشتگردوں کی گزشتہ دو ماہ سے تلاش میں مصروف تھی، ان دہشتگردوں نے کوہلو بازار میں آئی ای ڈی بم دھماکا کیا تھا جس میں دو شہری شہید ہو گئے جبکہ 19 افراد زخمی ہوئے تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے دہشتگرد سیل کو بھی ٹارگٹ کر کے نشانہ بنایا گیا ، ہلاک ہونے والے دہشتگرد بلوچستان میں مختلف عوامی ترقیاتی منصوبوں پر کام کرنے والے انجینئرز اور مزدوروں پر دہشتگردی کے حملے میں ملوث تھے۔ ہلاک ہونے سے قبل دہشتگرد کوہلو، کاہان اور میوند میں دہشتگرد حملوں کی تیاریوں میں مصروف تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں سکیورٹی فورسز ملک دشمنوں کو ڈھونڈنے کے لیے سرچ آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے۔

ماہرہ خان کا ’کوئیک اسٹائل گروپ‘ کے ساتھ گانے پر رقص کا مظاہرہ

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستانی سپر اسٹار ماہرہ خان نے ’’مورے سیاں ملا کے موسے نیناں‘‘ گانے پر ناویجین ڈانس گروپ کے ساتھ رقص کا مظاہرہ کیا ہے۔
ناروے کے معروف ڈانس گروپ کوئیک اسٹائل نے پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کے ساتھ رقص کی ایک ویڈیو شیئر کی ہے۔
انسٹاگرام پر ویڈیو میں ماہرہ خان نے سیمی کلاسیکل گیت ’’مورے سیاں ملا کے موسے نیناں‘‘ پر رقص پیش کیا اور کوئیک اسٹائل کے ارکان نے بھی ان کا بھرپور ساتھ دیا۔
ماہرہ خان کے ساتھ شیئر کی کی گئی ویڈیو میں کوئیک اسٹائل گروپ نے مداحوں سے سوال بھی پوچھا کہ کس کا رقص زیادہ اچھا ہے۔
سوشل میڈیا پر جہاں ماہرہ خان کے مداحوں نے رقص کی تعریف کی وہیں متعدد صارفین نے اسے مضحکہ خیز قرار دیا ہے
واضح رہے کہ ناروے کا معروف ڈانس گروپ کوئیک اسٹائل پاکستان کے دورے پر ہے، اپنے دورے کے دوران گروپ نے مختلف مقامات پر پرفارمنس دی اور وہ پاکستان کی معروف شوبز شخصیات سے بھی ملاقاتیں بھی کررہے ہیں۔

شاہد آفریدی سیلاب متاثرین کو میچ فیس عطیہ کرنے پر بین اسٹوکس کے معترف

کراچی: (ویب ڈیسک) گزشتہ دنوں انگلینڈ کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس نے پاکستان میں سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے بڑا اعلان کیا۔
انگلش کپتان بین اسٹوکس نے سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے پاکستان کیخلاف ٹیسٹ سیریز کی اپنی مکمل میچ فیس کی رقم عطیہ کرنے کا اعلان کیا۔
بین اسٹوکس نے کہا کہ اس سال کے شروع میں پاکستان میں تباہ کن سیلاب کو دیکھ کر بہت دکھ ہوا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی انگلش کرکٹر کے اس اقدام پر ان کی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے۔
سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے پہلے انگلش ٹیم کو 17 سال بعد پاکستان میں ٹیسٹ میچ کھیلنے پر خوش آمدید کہ اور پھر بین اسٹوکس کی تعریف کی۔
انہوں نے لکھا کہ’ سیلاب متاثرین کے لیے بین اسٹوکس کا اقدام قابل احترام ہے،بین آپ ہمارے کھیل کے سچے سفیر ہیں۔امید ہے آپ کے اس عمل سے دوسرے بھی متاثر ہوں گے ‘۔
خیال رہے کہ انگلش کرکٹ ٹیم پاکستانی سرزمین پر 17 سال بعد ٹیسٹ سیریز کھیلنے کیلئے اسلام آباد پہنچی ہے۔
انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان تین میچز کی سیریز یکم دسمبر سے شروع ہوگی۔

عام انتخابات، الیکشن کمیشن کیلئے 15 ارب کی تکنیکی گرانٹ کی منظوری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی حکومت نے آئندہ عام انتخابات کے پیش نظر الیکشن کمیشن آف پاکستان کے لیے 15 ارب روپے کی تکنیکی گرانٹ کی منظوری دیدی۔
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس ہوا، اجلاس کے دوران اہم امور زیر غور آئے۔
اجلاس کے بعد جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق آئندہ عام انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن کیلئے تکنیکی گرانٹ کی منظوری دیدی گئی، یہ گرانٹ 15 ارب روپے کی ہے۔ الیکشن کمیشن کو پہلی قسط 5 ارب روپے کی دی جائے گی۔
اجلاس میں وزارت اطلاعات کی سمری پر میڈیا کمپین چلانے کیلئے بجٹ منظور کر لیا گیا، سرکاری پاور پلانٹس کو ادائیگی کیلئے 93 ارب سے زائد فنڈز کی منظوری دیدی گئی۔
وزارت خزانہ کے مطابق ای سی سی نے کریڈٹ گارنٹی ٹرسٹ سکیم کی منظوری دے دی، سکیم کیلئے عالمی بینک ساڑھے 8 کروڑ ڈالر فراہم کرے گا، 2023 کی تمباکو کی فصل کیلئے کم از کم امدادی قیمت کی منظوری دی گئی۔ مختلف تمباکو کی قیمت 146 روپے سے 351 روپے فی کلو تک مقرر کر دی گئی۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے کے الیکٹرک کیلئے بجلی کے یکساں ٹیرف کی منظوری دے دی، سرکاری پاور پلانٹس کو واجبات کی ادائیگی کیلئے 93 ارب 43 کروڑ کی ضمنی گرانٹ منظور کر لی گئی، 31 ارب 14 کروڑ روپے کی 3 اقساط میں رقم ادا کی جائے گی۔
وزارت خزانہ کے مطابق زرعی ٹیوب ویلز کیلئے بجلی ٹیرف میں 3 روپے 60 پیسے فی یونٹ کمی، ٹیوب ویلز کیلئے ٹیرف 16 روپے 60 پیسے سے کم کر کے 13 روپے یونٹ مقرر کر دیا گیا۔
ای سی سی کے مطابق سیلاب سے متعلق میڈیا مہم کیلئے 2 ارب روہے کی گرانٹ منظور دی گئی، وزارتِ ہاوسنگ کیلئے 16 کروڑ 25 لاکھ روپے کی تکنیکی گرانٹ منظور کر لی گئی۔

وزیراعظم شہباز شریف کیخلاف نیب مقدمات کی 2 انکوائریاں بند کرنے کی منظوری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) قومی احتساب بیورو (نیب) نے وزیراعظم شہباز شریف کے خلاف 2 مقدمات کی انکوائریاں بند کرنے کی منظوری دے دیں۔
نیب قانون میں ترامیم کے بعد کرپشن انکوائریاں بند کرنے کا سلسلہ جاری ہے، گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کے خلاف بھی دومقدمات کی انکوائریاں بند کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔
نیب ایگزیکٹو بورڈ کی سفارشات میں کہا گیا کہ 3 سالوں کے دوران تحقیقات کے باوجود کرپشن کے ثبوت نہیں ملے، جس کے بعد چئیرمین نیب آفتاب سلطان نے انکوائریاں بند کرنے کی منظوری دی۔
خیال رہے کہ نیب نے 2019 میں بہاولپور میں 14 ہزار 400 کینال سرکاری اراضی منتقل کرنے پر انکوائریاں شروع کی تھیں، نیب ملتان نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب شبہاز شریف کو سوالنامہ اور طلبی کے نوٹسز بھجوائے تھے۔
چیئرمین نیب نے سرکاری اراضی کی منتقلی کا معاملہ سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو کو بھیجنے کی ہدایت کر دی، قانون میں ترمیم کے بعد سرکاری اراضی کی منتقلی کی تحقیقات پنجاب ریونیو اتھارٹی کرے گی۔

سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں بڑے ایئر پورٹ کی تعمیر کا اعلان

ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب نے دارالحکومت ریاض میں تیز رفتار ترقی کو فروغ دینے اور ساتھ ہی ساتھ ایوی ایشن کو جدید بنانے کے شاہی عزائم کی تکمیل کو مد نظر رکھتے ہوئے نئے ہوائی اڈے کی تعمیر کے منصوبے کا اعلان کیا ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق نئے ہوائی اڈے کا نام 86 سالہ شاہ سلمان کے نام پر رکھا جائے گا۔ یہ اعلان ان کے بیٹے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلیمان نے کیا ہے جو عملی طور پر سعودی عرب کے حکمران ہیں۔
ایئرپورٹ کو اس انداز میں تعمیر کیا جائے گا کہ 2030 تک یہ سالانہ 12 کروڑ مسافروں کا بوجھ اٹھانے کے قابل ہو گا اور 2050 تک یہ ایئر پو ٹ 18 کروڑ مسافروں کو آمد و رفت کی سہولت فراہم کر سکے گا۔
سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق ہوائی اڈے کا منصوبہ سعودی عرب کے تصور کے مطابق ہے ریاض کو دنیا کے 10 بڑے شہروں کی معیشتوں میں شامل کیا جائے اور 2030 تک ریاض کی آبادی ڈیڑھ سے دو کروڑ تک پہنچنے اور انہیں شہری سہولیات مہیا کرنے میں مدد فراہم کی جا سکے۔ اس وقت ریاض کی آبادی 80 لاکھ سے بھی کم ہے۔
سعودی عرب کے ہوا بازی کے اہداف، شہزادہ محمد کی “وژن 2030” نامی وسیع اصلاحات کا حصہ ہیں، جن میں اس دہائی کے آخر تک سفر کی گنجائش تین گنا بڑھا کر سالانہ ٹریفک کو 33 کروڑ مسافروں تک لانا ہے۔ اس وژن میں 2030ء تک اس شعبے میں 100 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنا، ایک نئی قومی ایئر لائن قائم کرنا اور ہر سال 50 لاکھ ٹن سامان کی نقل و حمل بھی شامل ہے۔
ایس پی اے کا کہنا ہے کہ ایئر پورٹ عالمی لاجسٹک کے ایک مرکز کے طور پر ریاض کی پوزیشن کو فروغ دے گا، نقل و حمل، تجارت اور سیاحت میں پیش رفت کرے گا، اور مشرق کو مغرب سے ملانے والے ایک اہم رابطے کے طور پر کام کرے گا۔ اعلان میں اس منصوبے کی لاگت کے بارے میں معلومات فراہم نہیں کی گئیں جسے 57 مربع کلومیٹر کے احاطے پر تعمیر کیا جائیگا۔
اس وقت سعودی عرب کا مصروف ترین بین الاقوامی ہوائی اڈہ بحیرہ احمر کے ساحلی شہر جدہ میں قائم ہے، جو لاکھوں مسلمانوں کے حج اور عمرہ کی ادائیگی کے لیے استعمال ہوتا ہے اور یہ ایئرپورٹ گیٹ وے ٹو مکہ کے نام سے بھی موسوم ہے۔
سعودی حکام اب وسطی سعودی عرب میں واقع ریاض کو متحدہ عرب امارات کے معاشی اہمیت کے شہر دبئی کے مقابل لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

حیاتیاتی ہتھیاروں سے تباہی کو روکنے کیلئے اقدامات کی ضرورت ہے، انتونیو گوتریس

نیویارک: (ویب ڈیسک) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے حیاتیاتی ہتھیاروں سے تباہی کو روکنے کے لیے 3 شعبوں میں موجودہ دور کے مطابق اقدامات کرنے کی اپیل کی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ اپیل انہوں نے جنیوا میں منعقدہ حیاتیاتی ہتھیاروں کے کنونشن کی 9ویں جائزہ کانفرنس میں شرکا سے اپنے وڈیو پیغام میں کی۔
انہوں نے کہا کہ کنونشن کے اقدامات کا پہلا شعبہ احتسابی عمل کو یقینی بنانا ہے تاکہ سائنسی پیشرفت اور ٹیکنالوجی کو دشمنی کے مقاصد کے لیے نہیں بلکہ انسانیت کے فائدے کے لیے استعمال کیا جائے کیونکہ امن سائنسی ترقی اور تعاون کا مرکزہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اقدامات کے لیے دوسرے، موجودہ خطرات سے نمٹنے کی استعداد کی تصدیق اور اس پر عملدرآمد کے حوالے سے سوچ کو بہتر بنانا کیونکہ گزشتہ 5 دہائیوں میں دنیا ڈرامائی طور پر تبدیل ہوئی ہے اور کنونشن کو اس کے مطابق بدلنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ تیسرا یہ کہ کنونشن کو اس اہم کام کو انجام دینے کے لیے درکار مالی اور انسانی وسائل میں اضافہ کرنا چاہیے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ دنیا کیمیائی ہتھیاروں اور جوہری پھیلاؤ کے خلاف بڑی عالمی طاقتوں کی حمایت کرتی ہے، ہمیں حیاتیاتی ہتھیاروں کے لیے بھی ایسا ہی کرنا چاہیے اور کنونشن کے بجٹ میں نمایاں اضافہ کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ان ہتھیاروں کی ترقی اور استعمال کے ہر راستے کو بند کیا جائے، 50 سال قبل جب حیاتیاتی ہتھیاروں کا کنونشن دستخط کے لیے کھلا تھا، عالمی برادری ایک صف پر کھڑی ہوئی اور اعلان کیا کہ جان بوجھ کر امراض کی روک تھام کو بطور ہتھیار استعمال کرنا انسانیت کی توہین ہے اور یہ کنونشن انسانیت کے ضمیر کی توثیق کرتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حیاتیاتی ہتھیار سائنس فکشن کی پیداوار نہیں ہیں، یہ ایک واضح اور موجودہ خطرہ ہیں اسی لیے حیاتیاتی ہتھیاروں کے کنونشن کو مضبوط کرنا پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہو گیا ہے۔