All posts by Khabrain News

چین: کورونا پابندیوں کیخلاف مسلسل احتجاج کے باعث سٹاک مارکیٹ میں مندی

بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین میں کورونا پابندیوں کیخلاف احتجاج کئی شہریوں تک پھیل گیا، بعض شہروں میں پابندیاں نرم کر دی گئی ہیں جبکہ احتجاج کے پیش نظر چینی سٹاک مارکیٹ میں بھی مندی کے بادل چھائے رہے۔
چین میں کورونا پابندیوں کیخلاف شہریوں کے مسلسل احتجاج کے دوران کئی شہروں میں لوگوں کی بڑی تعداد گھروں سے باہر نکل آئی۔
مسلسل احتجاج اور پابندیوں کے پیش نظر چینی اسٹاک مارکیٹ پر مندی کے بادل چھائے ہوئے ہیں، ماہرین کا کہنا ہے کہ چین میں کورونا کیسز بڑھ رہے ہیں جبکہ مظاہروں کے بعد چینی حکومت سرمایہ کاروں کے خدشات دور کرنے میں ناکام نظر آ رہی ہے۔
سٹاک مارکیٹ میں مندی کے ساتھ ساتھ ڈالر کے مقابلے میں یوآن کی قیمت میں بھی کمی دیکھی جارہی ہے۔
دوسری جانب چینی حکام نے سنکیانگ کی عمارت میں آگ لگنے کے بعد دارالحکومت ارومچی میں بعض پابندیوں میں نرمی کر دی ،شہری آج سے بسوں پر سفر کرسکیں گے، تاہم کاروباری سرگرمیاں شروع کرنے کیلئے درخواست دینا پڑے گی۔

شہزادہ محمد بن سلمان نے شاہ سلمان ایئرپورٹ کے ماسٹر پلان کا افتتاح کر دیا

ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ریاض میں شاہ سلمان بین الاقوامی ہوائی اڈے کے ماسٹر پلان کا افتتاح کر دیا۔
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ریاض میں جس بین الاقوامی ہوائی اڈے کے ماسٹر پلان کا افتتاح کیا ہے توقع ہے کہ یہ دنیا کے سب سے بڑے ہوائی اڈوں میں سے ایک ہوگا، اس ہوائی اڈے کا منصوبہ دارالحکومت ریاض کو دنیا کی سر فہرست 10 معیشتوں میں شامل کرنے کے ویژن کا حصہ ہے۔
یہ منصوبہ دارالحکومت کی آبادی میں اضافے اور ضروریات کو پورا کرنے کے لئے وضع کیا گیا ہے، 2030ء تک ریاض کی آبادی ڈیڑھ سے دو کروڑ کے درمیان ہونے کی توقع ہے، اس ہوائی اڈے سے ریاض کی عالمی لاجسٹکس مرکز کی حیثیت میں بھی اضافہ ہوگا اور مملکت میں تجارت اور سیاحت کے فروغ میں مدد ملے گی۔

لاہور پولیس کے اہلکار نے رحم دلی کی مثال قائم کردی

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور پولیس کے اہلکار نے رحم دل کی مثال قائم کرتے ہوئے درخت پر ڈور میں پھنسی ہوئی چیل کو مرنے سے بچا لیا۔
لاہور میں پتنگ اڑانے والوں کو شاید یہ احساس ہی نہیں ہوتا کہ ان کے وقتی شوق کی وجہ سے کسی جاندار کی زندگی کو بھی خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔ اس قاتل ڈور سے آئے روز کسی نہ کسی انسانی جان کا ضیاع ہوتا رہتا ہے۔ اس بار کوئی انسان نہیں بلکہ ایک جاندار چیل کینال روڈ پر ڈور کے چنگل میں پھنس گئی اور اپنی جان بچانے کیلئے ہاتھ پاؤں مارنے لگی۔
ڈور میں پھنسی ہوئی چیل دیکھ کر وہاں موجود ٹریفک پولیس اہلکار نے پہلے چیل کو درخت سے اتارا اور پھر اس کے گرد لپٹی ہوئی ڈور کو کاٹ کر اسے آزاد کروا دیا۔ ڈور سے رہائی ملتے ہی چیل اڑ کر ایک مرتبہ پھر آزاد فضاؤں میں پہنچ گئی۔ ٹریفک پولیس اہلکار کے اس اقدام کو سوشل میڈیا پر خوب سراہا جا رہا ہے ۔
پنجاب پولیس کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ان مناظر پر مشتمل ویڈیو شیئر کی گئی تو جہاں مختصر سے وقت میں اسے ہزاروں لوگوں نے دیکھا وہیں درجنوں افراد نے ٹریفک پولیس اہلکار کو اس کوشش پر سراہا۔ کسی نے شاباش دیتے ہوئے کہا کہ ایسے نیک کاموں کی خوب پذیرائی ہونے چاہیے تاکہ لوگوں میں رحم دلی کا جذبہ پیدا ہو۔

چھڑی کے بعد اب 2 ماہ میں الیکشن کی گھڑی بھی بدل جائیگی: شیخ رشید

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ چھڑی کے بعد اب 30 جنوری تک الیکشن کی گھڑی بھی بدل جائے گی۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنا بیان جاری کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ 4 ماہ سے پنجاب اسمبلی کا اجلاس جاری ہے اس لیے عدم اعتماد اور گورنر راج ناممکن ہیں، حکومت میں آنے اور اس کو لانے والے دونوں پشیمان ہیں۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ نے کہا کہ فضل الرحمن کے بیان نے اس کو رسوا کر دیا، 30 جنوری تک الیکشن کی گھڑی بھی بدل جائے گی، معیشت ہی قومی سلامتی ہے جس پر کوئی خاموش تماشائی نہیں رہ سکتا۔
شیخ رشید نے کہا ہے کہ عمران خان نے تنہاء 13 پارٹیوں کی سیاست دفن کردی، اسمبلیاں تحلیل ہوگئیں تو ایک سال میں 2 الیکشن کے نہ پیسے ہیں نہ منصوبہ بندی، گوٹی پھنس گئی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ 77 وزراء خزانے پر بوجھ ہیں، 8 مہینے سے فاقہ کشی، مہنگائی اور اب آئی ایم ایف کا جواب ہے، جو لندن دوائی لینے گئے تھے وہ نیو ایئر کی چھٹیاں منا رہے ہیں، الٹی گنتی شروع، ان کا جانا ٹھر گیا۔

پی ٹی آئی نے محض اپنے اقتدار کیلئے جمہوریت کی جڑیں کھوکھلی کیں: سعد رفیق

لاہور: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر ریلوے و رہنما مسلم لیگ ن خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ سیاسی قیادتوں کو کرپٹ، نااہل اور قابل نفرت قرار دینے کی مذموم سازش (پراجیکٹ عمران) کے نتجے میں نیازی صاحب کو جھوٹا مہاتما اور نجات دہندہ بنا کر پیش کیا گیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں خواجہ سعد رفیق نے لکھا کہ پی ٹی آئی نے اپنے سہولت کاروں کی ملی بھگت سے محض اپنے اقتدار کیلئے جمہوریت کی جڑیں کھوکھلی کیں اور پاکستان کو ریورس گیئر میں ڈال دیا۔
خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ جمہوری عمل آئینی بالادستی، پارلیمنٹ، سول رول اور انصاف کی حکمرانی کے خلاف سب سے بڑی منظم اور مکروہ سازش کے سرخیل بلاشبہ عمران نیازی ہی ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان پر کنٹرولڈ ڈیموکریسی مسلط کرنے کیلئے عمرا ن نیازی 2010سے ریاستی اداروں کی طاقتور شخصیات کا مہرہ بن کر بے شرمی سے اقتدار اور دھن سمیٹتے رہے۔

کورونا وائرس کے حملے سے مزید ایک مریض جان کی بازی ہار گیا

لاہور: (ویب ڈیسک) کورونا کی چھٹی لہر کے وار جاری ہیں، ملک بھر میں جاں لیوا وائرس سے مزید ایک مریض دم توڑ گیا۔
تفصیلات کے مطابق قومی ادارہ صحت کے مطابق (این آئی ایچ ) کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران 3 ہزار248 ٹیسٹ کئے گئے، 22 نئے مریض رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ موذی مرض سے متاثرہ 32 مریضوں کی حالت تاحال تشویشناک ہے۔
این آئی ایچ رپورٹ کے مطابق ملک میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 0.68 فیصد ریکارڈ کی گئی جبکہ ایک مریض جاں بحق ہو گیا ہے۔

حنا ربانی کھر کی قیادت میں پاکستان کا اعلیٰ سطحی وفد دورہ افغانستان کیلئے روانہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان کا اعلیٰ سطحی وفد افغانستان کے اہم دورے کیلئے روانہ ہو گیا، وزیر مملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھر کی قیادت میں پاکستانی وفد افغانستان کا دورہ کر رہا ہے۔
ذرائع دفتر خارجہ کے مطابق وزیر مملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھر کی قیادت میں وفد نور خان ایئربیس سے روانہ ہوا، پاکستانی وفد میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے افغانستان صادق خان بھی شامل ہیں۔
افغانستان میں طالبان حکومت کے بعد حنا ربانی کھر دنیا کی پہلی خاتون رہنما ہیں جو افغانستان کا دورہ کریں گی، پاک افغان مذاکرات میں سکیورٹی، تعلیم، تجارت پر بات چیت ہوگی۔
واضح رہے کہ دس سال قبل بھی حنا ربانی کھر نے بطور وزیر مملکت برائے خارجہ افغانستان کا دورہ کیا تھا، حنا ربانی کھر پاکستان کی واحد سیاسی رہنما ہیں جنہوں نے 2012ء میں افغانستان کا دورہ کیا۔

پاک فوج میں کمان تبدیلی کی تقریب، جنرل باجوہ، جنرل عاصم کی یادگار شہداء پر حاضری

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) پاک فوج میں کمان کی تبدیلی کی پروقار تقریب جی ایچ کیو راولپنڈی میں جاری ہے۔
پاک فوج کے سبکدوش ہونے والے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ اور نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے یادگار شہدا پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔
کمان تبدیلی کی تقریب میں حاضر سروس، ریٹائرڈ افسران، کیڈٹس، وفاقی سیکرٹریز، سول حکام نے بھی شرکت کی، مختلف ممالک کے دفاعی اتاشی بھی تقریب میں شریک ہوئے، سول سوسائٹی، میڈیا اراکین اور اراکین پارلیمنٹ بھی موجود تھے۔
تقریب میں جی ایچ کیو بینڈ نے ملی نغموں کی مدھر دھنیں بکھیرتے ہوئے شاندار پرفارمنس دی، جی ایچ کیو بینڈ کو جاپان، ترکی اور چین میں بھی پاکستان کی نمائندگی کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔
سبکدوش ہونے والے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ چھ برس بعد پاک فوج کی کمان نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے حوالے کریں گے۔
تقریب میں سابق عسکری قیادت اور اعلیٰ فوجی افسران کے اہلخانہ بھی شریک ہیں، جنرل عاصم منیر پاکستان کے 17 ویں چیف آف آرمی سٹاف کا چارج سنبھالیں گے۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج کے سولہویں سربراہ کے طور پر 6 سال تک خدمات انجام دیں، اس سے قبل راولپنڈی کور کی کمانڈ سمیت کئی اہم عہدوں پر تعینات رہے۔

وزیراعظم 4 سے 6ماہ میں ڈیلیور کریں گے، نگران حکومت آئی تو ملک ڈیفالٹ کر جائے گا،راناثنااللہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیرداخلہ رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم اگلے 4 سے 6 ماہ میں ڈیلیور کریں گے، نگران حکومت آئی تو ملک ڈیفالٹ کر جائے گا۔
نجی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ فوج آئندہ بھی آئینی کردارتک محدود رہے گی توغیریقینی کی صورتحال نہیں ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ کہ پی ٹی آئی نے پنجاب اورخیبرپختونخوا کی اسمبلیاں تحلیل کیں توفوری انتخابات کرادیں گے۔ گورنرپنجاب وزیراعلیٰ کو اعتماد کاووٹ لینے کا کہہ سکتے ہیں۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ عمران خان اسمبلیاں توڑدیں تو ہم 60 روز میں ضمنی الیکشن کروادیں گے تاہم جب یہ اسمبلی توڑنے کیلئے بندے لائیں گے تو پورے بندے نہیں آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ گورنر کو یہ اختیار ہے کہ وہ وزیراعلیٰ کو اعتماد کا ووٹ لینے کا کہے، پنجاب میں عدم اعتماد لانے سے بہتر ہے وزیراعلیٰ کو اعتماد کا ووٹ لینے کا کہا جائے۔
راناثنااللہ نے کہا کہ نوازشریف کی واپسی میں کوئی رکاوٹ نہیں مگر نوازشریف کو انتخابات سے بہت پہلے پاکستان نہیں آناچاہیے۔
انہوں نے کہا کہ جب 16 ہزار کے بجلی کے بل آئیں گے تو کوئی حکومت سے خوش نہیں ہوگا۔ پیٹرول اور ڈالر نیچے آجاتا ہے تو اچھے طریقے سے الیکشن میں جائیں گے۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ عمران خان پرحملہ کرنے والا ایک شخص تھا، ہمارے مطابق عمران خان کو ایک گولی لگی ہے، کنٹینرکے اوپر سے 2فائر ہوئے جن میں سے ایک فائر معظم کو لگا۔

ورلڈکپ میں مراکش سے شکست کے بعد بیلجیئم میں ہنگامے پھوٹ پڑے

برسلز: (ویب ڈیسک) فیفا ورلڈ کپ میں مراکش سے شکست کے بعد بیلجیئم کے دارالحکومت برسلز اور دیگر شہروں میں ہنگامے پھوٹ پڑے۔
گزشتہ روز قطر میں جاری فیفا ورلڈکپ میں گروپ ایف کے میچ میں مراکش نے بیلجیئم کو 2 صفر سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں ایک اور اپ سیٹ کیا تھا۔
میچ ہارنے کے بعد بیلجیئم کے حامی دارالحکومت میں سڑکوں پر نکل آئے، درجنوں مشتعل افراد نے کاروں کو اُلٹ کر انہیں آگ لگا دی۔
مشتعل مظاہرین نے گاڑیوں پر پتھربرسائے، ہجوم کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے آنسو گیس اور واٹرکینن کا استعمال کرتے ہوئے 12 سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا۔
ہنگاموں میں دو پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے۔ ہنگامہ آرائی کے باعث پولیس نے وسطی برسلز کے علاقے میں میٹرو اسٹیشن، بس اور ٹرام سروس بند کر دی۔
دارالحکومت کے علاوہ بھی کئی شہروں میں ہنگامے ہوئے۔