All posts by Khabrain News

2023 ون ڈے ورلڈ کپ، افغانستان نے براہ راست کوالیفائی کرلیا

لاہور: (ویب ڈیسک) افغانستان نے بھارت میں ہونے والے 2023 کے ون ڈے ورلڈ کپ میں براہ راست کوالیفائی کر لیا ہے۔
خیال رہے کہ آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کے لیے بھارت سمیت 7 ٹیمیں براہ راست کوالیفائی کریں گی۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے کہا کہ افغانستان نے سری لنکا کے خلاف دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل کو موخر کرنے کے بعد اگلے سال ہونے والے 50 اوورز کے ورلڈ کپ کے لیے براہ راست اہلیت حاصل کر لی ہے۔
افغانستان اور میزبان سری لنکا میچ کی منسوخی کے بعد اتوار کو پالے کیلے میں پانچ پانچ سپر لیگ پوائنٹس حاصل کر لئے ہیں جبکہ آئی سی سی رینکنگ میں افغانستان کی ٹیم ٹیبل میں ساتویں نمبر پر موجود ہے۔
دو بار کی چیمپئن ویسٹ انڈیز، آئرلینڈ، سری لنکا اور جنوبی افریقہ کے لیے ون ڈے ورلڈ کپ میں شمولیت کوالیفائی راؤنڈ میں کامیابی سے مشروط ہے۔
سری لنکا ون ڈے ورلڈ کپ میں اپنی جگہ بنانے کے لیے افغانستان کے خلاف تین میچوں کی سیریز برابر کرنے کے لیے آخری ون ڈے میں جیت کی امید لگائے گا۔
میزبانوں کے ساتھ ساتھ اب تک کی دفاعی چیمپئن انگلینڈ، نیوزی لینڈ، آسٹریلیا، بنگلہ دیش اور پاکستان نے بھی اگلے سال ہونے والے ٹورنامنٹ میں براہ راست انٹری حاصل کر لی ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے فائنل سپر لیگ سٹینڈنگ کے لیے کٹ آف تاریخ 31 مئی 2023 ہے۔
باقی ممالک کو آخری دو مقامات کے لیے پانچ ایسوسی ایٹ ٹیموں کے ساتھ کوالیفائنگ میچز کھیلنا ہوں گے۔

اجے دیوگن نے نوجوان اداکار ورون دھون کو ’راک اسٹار‘ قرار دے دیا

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے سینئر اداکار اجے دیوگن نے نوجوان اداکار ورون دھون کو ’راک اسٹار‘ قرار دیا ہے۔
انڈین باکس آفس پر اجے دیوگن کی فلم ’درشیام 2‘ اور ورون دھوان کی فلم ’بھیڑیا‘ کے درمیان مقابلہ جاری ہے۔
ورون دھون نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ کل کا اتوار خاص تھا کیونکہ ’درشیام 2‘ اور ’بھیڑیا‘ نے تمام سنیما دیکھنے والوں کو خوش کر دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اجے دیوگن سر اور ابھیشک پھاٹک کو بہت مبارک ہو۔
اجے دیوگن نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ مجھے خوشی ہے ’بھیڑیا‘ اور ’درشیام 2‘ نے شائقین کو دوبارہ تھیٹر آنے پر مجبور کر دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ ہماری انڈسٹری کے لیے اچھا لمحہ ہے، آپ راک اسٹار ہیں۔

خصوصی افراد کو بااختیار بنانے کیلئے موثر آگاہی مہم کی ضرورت ہے، صدر مملکت

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ خصوصی افراد کے حقوق کو اجاگر کرنے، ان کے بارے میں معاشرتی طرز عمل میں تبدیلی لانے، مرکزی دھارے میں ان کی شمولیت کی راہ حائل نفسیاتی اور جسمانی رکاوٹوں کو دور کرنے اور معاشی و مالی طور پر با اختیار بنانے کے لیے ایک جامع اور موثر آگاہی مہم کی ضرورت ہے۔
ایوان صدر میں صدر کے پریس سیکرٹری قمر بشیر کی جانب سے خصوصی افراد سے متعلق آگاہی مہم کے منصوبوں پر پریزنٹیشن دی گئی، اس دوران خاتون اول بیگم ثمینہ عارف علوی اور صدر سیکرٹریٹ کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ خصوصی افراد ہماری آبادی کا ایک اہم حصہ ہیں اور متعلقہ سٹیک ہولڈرز اور عام طور پر معاشرے کا فرض ہے کہ وہ زندگی کے تمام پہلوؤں بشمول سیاست، اقتصادیات، مالیات، کاروبار، تجارت اور خدمات میں ان کی شمولیت کو یقینی بنائے۔
انہوں نے خصوصی افراد کی مکمل صلاحیت کا ادراک کرنے کے لیے نفسیاتی اور جسمانی رکاوٹوں کو دور کرنے اور ان کے لئے ایسے حالات پیدا کرنے پر زور دیا کہ وہ معاشرے کے مفید رکن بننے میں مدد کریں۔
صدر نے کہا کہ خصوصی افراد کے بارے میں اپنے رویوں پر نظر ثانی کرنے اور اپنے تعلیمی نظام میں نچلی سطح سے فعال اصلاحات لانے کی ضرورت ہے تاکہ ہمارے طلباء کو خصوصی افراد کے حقوق اور معاشرے کی ذمہ داریوں کے بارے میں ہر سطح پر آگاہی دی جا سکے اور انہیں دقیانوسی تصورات سے بچایا جا سکے۔
صدر مملکت نے کہا کہ میڈیا لوگوں کو آگاہی دینے، تعلیم اور تفریح فراہم کرنے کے لیے ہمیشہ سب سے آگے رہا ہے اور شہری، دیہی اور غیر مراعات یافتہ علاقوں میں اس کی وسیع رسائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میڈیا متعلقہ سٹیک ہولڈرز اور عام لوگوں کو خصوصی افراد کے حوالے سے سماجی رکاوٹوں کو دور کرنے، انہیں مرکزی دھارے میں شامل کرنے کے علاوہ ہراسانی اور امتیازی سلوک سے پاک ماحول پیدا کرنے کے لیے حساس بنا سکتا ہے۔
صدر نے تمام سٹیک ہولڈرز بشمول سرکاری اور نجی شعبوں بشمول حکومتی وزارتوں، محکموں، این جی اوز، فلاحی اور سول سوسائٹی کی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ خصوصی افراد سے متعلق قانون سازی، قانونی اور مالیاتی پہلوئوں کو اولین ترجیحی بنیادوں پر بہتر بنائیں۔
انہوں نے خصوصی افراد کی سہولت کے لئے عمارتوں اور عوامی مقامات پر ریمپ بنانے کی ضرورت کو اجاگر کیا اور نجی شعبے خصوصاً بینکنگ، ٹیلی کام، کاروباری اور صنعتی شعبوں سے اس سلسلے میں اقدامات کرنے کے ساتھ ساتھ روزگار کے مواقع فراہم کرنے پر بھی زور دیا۔
انہوں نے پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر کے اداروں کی ویب سائٹس کو خصوصی افراد کے لیے قابل رسائی اور موافق بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

لانگ مارچ: بہترین سکیورٹی انتظامات، وزیراعظم کا قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو خراج تحسین

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے لانگ مارچ کے دوران سکیورٹی کے بہترین انتظامات پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت امن و عامہ کی صورتحال کے حوالے سے اعلی سطحی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللہ، سیکٹری داخلہ سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہاں اور اسلام آباد انتظامیہ کے اعلی حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں وزیراعظم نے لانگ مارچ کے دوران سکیورٹی کے بہترین انتظامات پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم نے لانگ مارچ کے دوران ٹریفک کے انتظامات اور ان اقدامات سے شہریوں کی مشکلات میں کمی کو سراہا۔
شہباز شریف نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران اور سپاہیوں کو اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے سر انجام دینے پر خراجِ تحسین پیش کیا۔

فٹبال ورلڈکپ: فرانس کے بعد برازیل بھی پری کوارٹر فائنل میں پہنچ گیا

دوحہ: (ویب ڈیسک) فٹبال ورلڈ کپ کے گروپ جی کے میچ میں برازیل نے سوئٹزرلینڈ کو ایک صفر سے شکست دے کر پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔
قطر میں جاری فٹبال ورلڈکپ میں آج برازیل نے سوئٹزرلینڈ کو ایک صفر سے شکست دے دی۔
برازیل نے ورلڈ کپ کے پری کوارٹرفائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا ہے۔ ورلڈکپ میں برازیل کی ٹیم لاسٹ 16 میں پہنچنے والی دوسری ٹیم ہے، اس سے قبل فرانس پری کوارٹر فائنل میں پہنچا تھا۔
برازیل کی ٹیم 2 میچز میں 6 پوائنٹس لیکر گروپ میں ٹاپ پوزیشن پرہے۔ آج کے میچ میں برازیل کی جانب سے واحد گول کاسیمیرو نے 83 ویں منٹ میں کیا۔

فیفا ورلڈ کپ؛ گھانا نے جنوبی کوریا کو 2 کے مقابلے میں 3 گول سے شکست دیدی

دوحہ: (ویب ڈیسک) فیفا ورلڈ کپ میں گھانا نے جنوبی کوریا کو 2 کے مقابلے میں 3 گول سے شکست دے دی۔
ایجوکیشن سٹی اسٹیڈم میں کھیلے گئے میگا ایونٹ کے 30 ویں میچ میں گھانا نے جنوبی کوریا کو 2-3 سے قابو کیا۔
گھانا کی جانب سے محمد سالِسو نے 24ویں منٹ میں ٹیم کو برتری دلائی جس کو محمد قدوس نے 34 ویں منت میں دُگنا کر دیا۔
جنوبی کوریا کے چو گیو سنگ نے 58 ویں اور 61 ویں منٹ میں گول اسکور کرتے ہوئے گھانا کی دو گول کی برتری کو برابر کیا۔
68 ویں منٹ میں محمد قدوس نے اپنا دوسرا اور گھانا کا تیسرا گول اسکور کرتے ہوئے ٹیم کو ایک بار پھر برتری دلا دی۔

وزیراعظم کا انڈونیشیا کے صدر کو ٹیلی فون، زلزلہ سے نقصان پر اظہار تعزیت

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم محمد شہبازشریف نے انڈونیشیا کے صدر جوکو ویدودو کو ٹیلی فون کیا اور ان سے مغربی جاوا میں زلزلے سے جانی و مالی نقصان پر تعزیت کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے گذشتہ ہفتے مغربی جاوا میں زلزلے سے جانی و مالی نقصان پر انڈونیشیا کے صدر سے تعزیت کی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام اپنے انڈونیشین بھائیوں اور بہنوں کے غم کو محسوس کر سکتے ہیں جنہیں حال ہی میں زلزلے جیسی قدرتی آفت سے بے پناہ نقصان اٹھانا پڑا ہے۔
پاکستان میں سیلاب متاثرین کے لئے انڈونیشیا کی حکومت کی طرف سے فراہم کی جانے والی امداد پر انڈونیشیا کے صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے وزیر اعظم نے انڈونیشیا میں جاری امدادی سرگرمیوں کے لئے پاکستان کی طرف سے مدد کی پیشکش کی۔

فوج پروپیگنڈے کے باوجودغیر سیاسی رہنے کے فیصلے پر ثابت قدم رہے گی:آرمی چیف

دبئی: (ویب ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ فوج کا کردار غیر سیاسی بنا کر صرف آئینی ذمہ داری تک محدود کر دیا ہے، یہ فیصلہ طویل مدت تک فوج کے وقار کو بڑھانے میں مدد دے گا، فوج کے غیر سیاسی ہونے سے جمہوری اقدار پروان چڑھے گا۔
خلیجی اخبار کو انٹرویو میں آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان پروپیگنڈے اور جھوٹے بیانیے کے باوجود غیر سیاسی رہنے کے فیصلے پر ثابت قدم رہے گی، ملکی سیاست میں کردار کی وجہ سے فوج کو ہمیشہ شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ افواج پاکستان نے اندرونی خلفشار پر قابو پانے میں ہمیشہ کردار ادا کیا، افواج پاکستان نے بذریعہ عسکری سفارتکاری عالمی سیاست میں توازن قائم رکھا، فوج کے غیر سیاسی ہونے سے پاکستان میں سیاسی استحکام کو فروغ ملے گا اور عوام سے تعلقات مضبوط ہوں گے۔
آرمی چیف کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے مشرقی وسطی، خلیجی ممالک کیساتھ دوستانہ تعلقات ہیں۔

پاکستان ایک پر امن ملک، عالمی امن کے لئے بے مثال قربانیاں دی ہیں، گورنر پنجاب

لاہور: (ویب ڈیسک) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان ایک پر امن ملک ہے جس نے نہ صرف خطے بلکہ عالمی امن کے لئے بے مثا ل قربانیاں دیں ہیں۔
گورنر ہاؤس لاہور میں ریئر ایڈمرل جاوید اقبال کی قیادت میں نیوی وار کالج کے زیر اہتمام 52 ویں پاکستان نیوی سٹاف کورس کے ملکی و غیر ملکی شرکا نے ملاقات کی۔
اس موقع پر شرکا سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف طویل جنگ لڑی ہے اور اس حوالے سے افواج پاکستان کا کردار ناقابل فراموش ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کو اس وقت سیاسی اورمعاشی عدم استحکام سمیت بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے، جن ممالک نے ترقی کی ہے وہاں کم از کم 15،16 سال پالیسیوں کا تسلسل رہا ہے، معاشی استحکام کے لیے ملک میں پالیسیوں کا تسلسل بہت اہم ہے، پاک چائنہ اقتصادی راہداری سے ملک میں معاشی ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی، 2018 کے بعد یہ منصوبہ سست روی کا شکار ہوا لیکن اب حکومت دوبارہ اسے پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے پرعزم ہے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ اس وقت معیشت کی بہتری حکومت کی اولین ترجیح ہے، سیلاب متاثرین کی بحالی بھی ایک اہم مسئلہ ہے جس میں ایک اہم پہلو سیلاب متاثرین کو ٹراما سے باہر نکالنا ہے، چانسلر جامعات کے وائس چانسلرز کے ساتھ مل کر اس حوالے سے ایک موثر حکمت عملی بنا لی ہے۔
محمد بلیغ الرحمان نے افسران سے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ اس کورس میں آپ کی شرکت ایک باہمی افزودگی کا تجربہ ہو گی اور آپ کو بہتر علم، قابلیت اور صلاحیت سے لیس کیا جائے گا، میں آپ سب کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔
اس موقع پر وفد کے سربراہ ریئرایڈمرل جاوید اقبال نے گورنر پنجاب کو کورس کے مختلف خدوخال سے آگاہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ اس کورس سے افسران کی قائدانہ صلاحیتوں کو جلا بخشنے، جنگ کے دوران موثر حکمت عملی اپنانے اور نیشنل سیکورٹی سے متعلق امور پر توجہ دی گئی۔
پاکستان نیوری وار کالج میں شرکت کرنے والے افسران کا تعلق پاکستان کے علاوہ دوست ممالک سعودی عرب، آذربائیجان، بحرین، بنگلادیش، انڈونیشا، عراق، اردن، ملائیشیا، میانمر، نائیجیریا، اومان، فسلطین، جنوبی افریقا اور سری لنکا سے تھا۔

پاکپتن: گھریلو تنازع پر سسر نے داماد، بھائی نے بہن کو قتل کر دیا

پاکپتن: (ویب ڈیسک) پاکپتن میں پسند کی شادی پر سسر نے داماد کو قتل کردیاجبکہ مکان کے تنازع پر بھائی نے بہن کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔
پولیس کے مطابق پاکپتن کے گاؤں 13 کے بی میں محمد احمد کھیتوں میں کام کر رہا تھا کہ ملزم حق نواز نے فائرنگ کردی۔ مقتول محمد احمد نے ڈیڑھ سال قبل حق نواز کی بیٹی سے پسند کی شادی کی تھی۔پولیس نے پوسٹ مارٹم کے لیے لاش ہسپتال منتقل کردی۔ ملزم کی گرفتاری بھی عمل میں نہ آ سکی۔
دوسری جانب پاکپتن میں ہی مکان کے تنازع پر بھائی نے گولیاں مارکر بہن کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔مقتولہ نے مکان خالی کروانے کے لیے عدالت سے رجوع کر رکھا تھا۔مقتولہ کی لاش کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔