All posts by Khabrain News

عمران خان صوبائی اسمبلیاں تحلیل کرنے سے متعلق اعلان آئندہ ہفتے کریں گے

لاہور: (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیر اعظم عمران خان صوبائی اسمبلیاں تحلیل کرنے سے متعلق اعلان آئندہ ہفتے کریں گے۔
ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا اور پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے سے متعلق اعلان عمران خان آئندہ ہفتے کریں گے، اس سلسلے میں پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی آئندہ ہفتے ویڈیو لنک کے ذریعے پی ٹی آئی کے تمام ارکان اسمبلی سے خطاب کریں گے۔
خیبر پختونخوا پارلیمانی پارٹی کا اجلاس رواں ہفتے جمعہ کے روز اور پنجاب پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہفتے کے روز ہوگا، جس میں عمران خان دونوں صوبائی پارلیمانی پارٹی ارکان کو اسمبلیاں تحلیل کرنے سے متعلق اعتماد میں لیں گے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق عمران خان موجودہ سیاسی صورت حال میں اپنی حکمت عملی سے ارکان کو آگاہ کریں گے۔

پنجاب میں عدم اعتماد یا گورنر راج کا خواب پورا نہیں ہوگا: پرویز الٰہی

لاہور : (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی سے پی ٹی آئی کے سینئررہنما پرویز خٹک نے پنجاب ہاؤس میں ملاقات کی ہے جس میں سیاسی امور اور موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے ۔
دونوں رہنمائوں کے درمیان ملاقات میں صوبائی اسمبلی کے تمام رولز آف پروسیجر کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اوراسمبلی کے حوالے سے تمام تکنیکی پہلوؤں کو زیر بحث لایا گیا ۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جان لے کہ پنجاب اسمبلی کسی کی ذاتی خواہش پر نہیں چلے گی، انشاء اللہ پنجاب اسمبلی میں ہر کام قانون و آئین کے تحت ہوگا، عدم اعتماد لانا یا گورنر راج لگانا اپوزیشن کا خواب ہے اور خواب ہی رہے گا ۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ عمران خان کی مقبولیت شک و شبہ سے بالاتر ہے،سابق وزیر اعظم نے قوم کے اندر خود داری کا جذبہ بیدار کیا ہے، 13 جماعتوں کا نام نہاد اتحاد آخری سانسیں لے رہا ہے ۔
چوہدری پرویز الٰہی نے مزید کہا کہ نااہلوں پر مشتمل وفاقی حکومت نے عام آدمی کا جینا دوبھر کر دیا ہے، بہت جلد یہ اتحادی دست و گریباں ہوں گے، ہم نے پہلے بھی عمران خان کا ساتھ دیا اور آئندہ بھی کپتان کا ساتھ دیں گے ۔
پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ عمران خان ذاتی مفادات کی سیاست نہیں کرتے جبکہ پی ڈی ایم نے ہمیشہ اپنے سیاسی مفادات کو ملکی مفاد پر ترجیح دی ہے۔
عمران خان ہمارے لیڈر، ہم ان کے ساتھ ہیں: چودھری پرویز الٰہی
قبل ازیں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنا پیغام جاری کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ عمران خان ہمارے لیڈر ہیں اور ہم عمران خان کے ساتھ ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کی حکومت نے ملک کی معیشت کا جنازہ نکال دیا، ملک بچانے کا نعرہ لگانے والوں نے پاکستان کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جو ملک بچانے نکلے تھے اب ان سے اپنی سیاست بھی نہیں بچ رہی، ووٹ کو عزت دو کا کھوکھلا نعرہ اپنی موت آپ مرچکا ہے، پنجاب میں اقتدار کے خواب دیکھنے والی اپوزیشن کے پاس نمبر ہی پورے نہیں۔

کیا اب ایلون مسک کا اگلا نشانہ ”ایپل” ہو گا ؟

لاہور: (ویب ڈیسک) دنیا کے امیر ترین شخص اور ٹیسلا کے بانی نے ٹوئٹر پر تو اپنی حکمرانی قائم کر لی، لیکن اب وہ ”ایپل” سے بھی ناراض ہو گئے ہیں۔
ایلون مسک نے اپنے آفیشل اکاونٹ سے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ ایپل کی جانب سے ٹوئٹر کو ایپ اسٹور سے ہٹانے کی دھمکی کی وجہ بھی نہیں بتائی گئی۔
ایلون مسک نے آیہ فون بنانے والی امریکی کمپنی ایپل پر کئی ٹوئٹس کیں ، جن میں ان کا کہنا تھا کہ اسمارٹ فون کمپنی نے ٹوئٹر کے لیے اپنے اشتہارات ختم کردیے ہیں اور سوشل نیٹ ورک کو ایپ اسٹور سے باہر نکالنے کی دھمکی دی ہے۔
انہوں نے یہ بھی لکھا کہ کیا آپ جانتے ہیں کہ ایپل آپ کے ایپ اسٹور کے ذریعے خریدی جانے والی ہر چیز پر 30 فیصد خفیہ ٹیکس لگاتا ہے؟
دوسری جانب ایپل کی جانب سے ابھی تک ایلون مسک کی ٹوئٹس پر کوئی جواب سامنے نہیں آیا، تاہم کمپنی ذرائع نے تصدیق کی کہ ایپل نے ٹوئٹر کو دیے جانے والے اشتہارات روک لیے ہیں۔
یہ بھی واضح رہے کہ جب سے ایلون مسک نے ٹوئٹر کو سنبھالا ہے تب سے کئی کمپنیوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اشتہارات کو روک دیے ہیں۔

منکی پاکس کا نام تبدیل ، نیا نام ایم پاکس رکھ دیا گیا

لاہور: (ویب ڈیسک) عالمی ادارہ صحت نے منکی پاکس کی بیماری کا نام تبدیل کر کے ایم پاکس کر دیا۔
ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی جانب سے رواں سال تیزی سے پھیلنے والی بیماری منکی پاکس کا نام تبدیل کر دیا گیا۔ بیماری کو ایم پاکس کا نام دیا گیاہے۔بین الاقوامی ماہرین سے مذاکرات کے بع دنام کی تبدیلی کا حتمی فیصلہ کیا گیا ہے۔
عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ دونوں نام ایک سال تک استعمال کئے جا سکیں گے۔ بتدریج منکی پاکس کو ایم پاکس سے بدلا جائے گا۔
ایک سال کے بعد بیماری کو صرف ایم پاکس کہا جا سکے گا۔ البتہ ویب سائٹ اور ڈیٹابیس میں سرچ کی سہولت کے لیے منکی پاکس کا نام برقرار رہے گا۔
عالمی ماہرین کا کہنا ہے کہ منکی پاکس کا لفظ تضحیک آمیز اور تعصبانہ انداز میں استعمال کرنےکی باعث بیماری کا نام تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
جانوروں کی تنظیموں کی جانب سے بھی بیماری کا نام انسان دوست جانوربندر کے نام سے منسوب کرنے پر اعتراض دیکھنے میں آیا۔
عالمی ادارہ برائے صحت نے اس سال اگست کے وسط میں بھی عوام سے اپیل کی تھی کہ وہ اس مرض کا متبادل نام بتائیں۔ ادارے کے مطابق اس وبا میں بندروں کا کردار بہت معمولی ہے اور انہیں اس جانور سے تشبیہہ دینا درست عمل نہ ہوگا۔
واضح رہے کہ ابتدائی طور پر ڈنمارک میں 1958 میں تحقیق کے لیے رکھے گئے بندروں میں اس وائرس کی تشخیص ہوئی تھی جس کے بعد اس کا نام منکی پاکس رکھا گیا تھا لیکن یہ بیماری دیگر جانوروں زیادہ تر چوہوں میں بھی پائی گئی۔
انسانوں میں پہلی بار اس بیماری کو 1970 میں کانگو میں دیکھا گیا تھا۔ اس کے بعد انسانوں میں اس کا پھیلاؤ مغربی اور وسطی افریقی ممالک تک محدود رہا تھا۔ جبکہ رواں سال کے شروع میں یہ بیماری افریقہ سے باہر بھی پائی گئی بلکہ تیزی سے پھیلتی ہوئی رپورٹ ہوئی۔

فیروز خان کیساتھ کام نہیں کر سکتی، اقرا عزیز

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی انڈسٹری کی مشہور جوڑی فیروز خان اور اقرا عزیز کی جوڑی ٹوٹ گئی، اقرا عزیز نے کہا کہ وہ فیروز کے ساتھ اب کام نہیں کر سکتیں۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں انٹرویو دیتے ہوئے اقرا عزیز نے کہا کہ فیروز کے ساتھ کام نا کرنا میرا ذاتی فیصلہ تھا اور میں نے وہ ہی کیا جو مجھے لگا میرے لیے صحیح ہے، مجھے لگا کہ میں فیروز کے ساتھ کام کرنے میں اچھا محسوس نہیں کررہی تھی اسی لیے میں نے منع کردیا۔
پروگرام میں میزبان نے سوال کیا کہ کیا یہ صیح ہے ؟ کیونکہ کچھ لوگوں کا ماننا ہے کہ جب عدالت میں کیس ہے اور اس پر فیصلہ نہیں آجاتا، تو ہم کیسے مان لیں کہ غلطی کس کی ہے۔
جس پر اقرا نے کہا کہ میں کسی چیز کا انتظار نہیں کررہی تھی کہ کچھ ثابت ہو تبھی فیصلہ کروں کیونکہ اس سے قبل میں اس کے ساتھ کام کر چکی تھی اور میں اچھا محسوس نہیں کررہی تھی اور ہم ایک ایسے وقت میں ہیں کہ ہم اس بارے میں فیصلہ کر سکتے ہیں کہ ہمیں کس کے ساتھ کام کرنا ہے اور کس کے ساتھ نہیں کرنا ہے۔
میزبان کی جانب سے یہ بھی سوال کیا گیا کہ اگر کل فیروز پر لگے سارے الزامات غلط ثابت ہو جاتے ہیں تو کیا وہ ان کے ساتھ پھر سے کام کریں گی؟ جس پر اقرا نے کہا کہ اس بات کو ابھی چھوڑ دیتے ہیں۔
واضح رہے فیروز خان کی سابقہ اہلیہ علیزا نے ان پر مبینہ تشدد کے الزامات لگائے ہیں اور ان کی کچھ تصاویر بھی سوشل میڈیا پر شئیر کی ہیں، جس کے بعد سے فیروز خان کو لوگوں کے ساتھ ساتھ اپنے ساتھی اداکاروں کی طرف سے بھی تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

دنیا کا سب سے بڑا آتش فشاں پھٹ پڑا

ہوائی : (ویب ڈیسک) ہوائی میں واقع دنیا کا سب سے بڑا فعال آتش فشاں ماونا لوا پھٹ پڑا۔
آتشاں فشاں ماونا لوا 40 سال بعد ایک بار پھر پھٹ پڑا ہے۔ آتش فشاں پھٹنے پر قریبی آبادیوں کو الرٹ کر دیا گیاہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ لاوا کا بہاوزیادہ تر چوٹی کے اندر ہی ہےاور آبادیوں کو فی الحال کوئی خطرہ نہیں ہے لیکن صورتحال تیزی سے بدل سکتی ہے۔
آتشاں فشاں پھٹے پر وارننگ الرٹ بھی جاری کردیا گیاہے جس میں آبادیوں کو چوکس رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔فی الحال انخلا کے لیے کوئی احکامات جاری نہیں کیے گئے۔
یہ آتش فشاں ہوائی کے آتش فشاوں کے نیشنل پارک میں واقع ہے۔یہ سطح سمندر سے 13,679 فٹ بلند ہے اور 2,000 مربع میل سے زیادہ کے رقبے پر پھیلا ہوا ہے۔
امریکی جیالوجیکل سروے کے مطابق ماونا لووا 1983 سے اب تک 33 بار پھٹ چکا ہے۔ اور 1984 میں آخری بار پھٹنے سے جزیرے کے سب سے زیادہ آبادی والے شہر ہیلو کے پانچ میل کے اندر لاوا بہا تھا۔

پی ٹی آئی اور ق لیگ نے اتحادی ارکان پنجاب اسمبلی کو بیرون ملک جانے سے روک دیا

لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب کے سیاسی منظر نامہ پر تحریک انصاف اور مسلم لیگ ق کی قیادت کا اہم فیصلہ سامنے آگیا۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف اور مسلم لیگ ق کی قیادت نے اتحادی ارکان پنجاب اسمبلی کو بیرون ملک جانے سے روک دیا گیا، پیدا شدہ سیاسی صورتحال پر مشاورت کے لئے ارکان کو ملک میں موجود رہنے کی ہدایت کی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ہدایت کی گئی کہ ارکان اسمبلی قیادت سے رابطے میں رہیں، تحریک انصاف نے اراکین کو جمعرات کو لاہور پہنچنے کی ہدایت کر دی۔
تحریک انصاف کے ذرائع کے مطابق جمعہ کو عمران خان کی صدارت میں پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں حاضری یقینی کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

پاک فوج میں کمان تبدیلی کے حوالے سے حیران کن اتفاق سامنے آگیا

لاہور: (ویب ڈیسک) پاک فوج کے نئے سربراہ جنرل عاصم منیر نے جی ایچ کیو میں منعقدہ تقریب میں باضابطہ طور پر کمان سنبھال لی ہے، کمان تبدیلی کے بارے میں دن اور تاریخ کے حوالے سے حیران کن اتفاق سامنے آیا ہے۔
کمان کی تبدیلی کی تقریب 29 نومبر بروز منگل کی صبح راولپنڈی میں واقع جی ایچ کیو میں منعقد ہوئی جس میں جنرل قمر باجوہ نے نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو کمانڈ سٹک سونپی۔
کمان تبدیلی کے بارے میں حیران کن اتفاق یہ سامنے آیا کہ اس سے قبل جنرل راحیل شریف نے اس وقت کے نئے اور آج سبکدوش ہونے والے جنرل قمر جاوید باجوہ کو بھی 29 نومبر بروز منگل کو ہی کمانڈ سٹک سونپی تھی، یوں کمان کی تبدیلی میں دن اور تاریخ میں حیران کن مماثلت دیکھنے کو ملی ہے۔
اگر ماضی میں کمان تبدیلی کی تاریخ کے حوالے سے دیکھا جائے تو مزید حیران کن حقائق دیکھنے کو ملتے ہیں کیونکہ پاک فوج کے سابق سپہ سالار جنرل پرویز مشرف اور جنرل راحیل شریف نے بھی 29 نومبر کو ہی پاک فوج کی کمان سنبھالی تھی۔

صدر اور وزیراعظم کا فلسطینی عوام کی مسلسل حمایت جاری رکھنے کا اعلان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کے عالمی دن پر صدر اور وزیراعظم پاکستان نے اسرائیل ظلم کے خلاف اپنی اور پاکستانی عوامی کی جانب سے فلسطینی عوام کی مسلسل اور دو ٹوک حمایت جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
صدر عارف علوی
فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کے عالمی دن پر اپنے بیان میں صدر مملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ آج فلسطینی عوام کے لیے پاکستان کی مسلسل اور دوٹوک حمایت کا اعادہ کرتا ہوں، آج عالمی برادری کے ساتھ فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا عالمی دن منا رہے ہیں، پاکستان تاریخی طور پر فلسطینیوں کی جائز جدوجہد کی حمایت کرتا آیا ہے اور کرتا رہے گا۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ شرائط اور امن معاہدے کے لئے مذاکرات پر فلسطینی رضا مندی کا حمایتی ہے، ساڑھے سات دہائیوں میں اسرائیل نے فلسطینیوں کے ساتھ منظم اور بڑھتی ہوئی زیادتیاں روا رکھیں، بے گناہوں کا خون بہایا گیا اور فلسطینیوں کا خون بہنے کا سلسلہ ابھی تک نہیں رکا۔
وزیراعظم شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی آج کے دن فلسطینی باشندوں کے لئے اپنی غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم میاں شہباز شریف نے کہا کہ یہ دن غیر قانونی اسرائیلی قبضے، فلسطینیوں کو برداشت کرنے والے انتہائی مصائب کو اجاگر کرتا ہے۔
میاں شہباز شریف نے کہا کہ میں پاکستانی عوام اور حکومت کی جانب سے فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کے عالمی دن کے موقع پر فلسطینیوں کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہوں۔

نیپرا نے بجلی کی قیمت میں 32 پیسے کمی کی منظوری دے دی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی 32 پیسے فی یونٹ سستی کرنےکی منظوری دے دی۔
نیپرا کی جانب سے ڈسکوز کی درخواست پر سماعت کےبعد بجلی سستی کرنے کی منظوری دی گئی۔ ڈسکوز نے بجلی 25 پیسے سستی کرنے کی درخواست دی تھی۔ فیصلے کا اطلاق ماہ اکتوبر کے لیے ہو گا۔
نیپرا کے مطابق بجلی نرخ میں کمی فیول ایڈجسٹ منٹ کی مد میں کی گئی ہے۔ فیصلہ مکمل جانچ پڑتال کے بعد جاری کیا جائے گا۔
فیصلے کے مطابق لائف لائن صارفین، 300 یونٹس تک گھریلو صارفین، زرعی صارفین اور الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز پر اس کا اطلاق نہیں ہوگا۔ کے الیکڑک صارفین بھی اس سے مستفید نہیں ہو سکیں گے۔