All posts by Muhammad Saqib

‘ عمران خان ہر معاملے پر یو ٹرن لیتے ہیں، سرپرائز اپوزیشن کو نہیں عثمان بزدار کو ملا’

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ن لیگی رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ وزیراعظم بلیک میل نہیں ہوتے، ہر معاملے پر یوٹرن لے لیتے ہیں، سرپرائز اپوزیشن کو نہیں، عثمان بزدار کو ملا ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم بتانے کو تیار نہیں کہ دھمکی کس نے دی ہے، وزیراعظم خط کو پارلیمان میں لانا چاہئے تھا۔ حقیقت یہ کہ خط نہیں صرف شعبدہ بازی ہے۔ واقعی مسئلہ ہے تو نیشنل سکیورٹی کمیٹی میں جا کر بتائیں کہ کس نے خط لکھا ہے۔
شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا کہ چند ووٹوں کی خاطر عثمان بزدار کی قربانی دی گئی،یکم سے 4 اپریل کے درمیان ووٹنگ ہونی ہے،جلد عوام کے مینڈیٹ کی حکومت وجود میں آئے گی۔ کسی کے آنے جانے سے فرق نہیں پڑتا،ق لیگ اپنا فیصلہ کرچکی ہے، ق لیگ عمران خان کا بوجھ اٹھا کر چلےگی تو پتہ لگ جائے گا،معاشی صورتحال پرحکمرانوں نے آنکھیں بند کر رکھی ہیں۔

چوہدری شجاعت نے سیاسی صورتحال پر خاندانی اختلافات کی خبروں کو مسترد کر دیا

لاہور: (ویب ڈیسک) چوہدری شجاعت حسین کہتے ہیں کہ تمام سیاسی فیصلے میری مشاورت سے ہوئے، میری مکمل حمایت حاصل ہے، ہمارا خاندان اور جماعت ایک ہی پیج پر ہیں، اختلافات کا غلط پروپیگنڈا کر کے جو لوگ سیاسی فائدہ اُٹھاناچاہتے ہیں انہیں بڑی مایوسی ہو گی۔
چوہدری شجاعت حسین نے اپنے ردعمل میں کہا کہ جو افواہیں چل رہی ہیں اور چلوائی جارہی ہیں وہ غلط ہیں۔ اب تک پارٹی یا گھر میں جو بھی فیصلے ہوئے ہیں وہ میری مشاورت اور رضامندی کے ساتھ ہوتے ہیں، وضاحت پر یقین نہیں رکھتا لیکن اس کے باوجود میں کہنا چاہوں گا کہ مجھے خاندان کا سربراہ سمجھا جاتا ہے۔
چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ نوجوانوں کی تعداد موجودہ اسمبلی میں سابقہ اسمبلیوں سے زیادہ ہے، ان پر الزام لگانا اور شک کرنا غلط بات ہے۔ پیسے کے لین دین کے لفظ کا استعمال نہیں ہونا چاہیے، خاص کر پڑھے لکھے لوگ اس بات کوپسند نہیں کرتے۔ غلط قسم کا پروپیگنڈا کرنا اور حقائق کو جوڑ توڑ کر پیش کرنا یا کروانا انتہائی غیرمناسب ہے۔ چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ مجھے بتایا گیا ہے کہ آپ کے خاندان میں اختلافات ہیں ایسی بے بنیادخبروں میں کوئی صداقت نہیں۔

وزیر خارجہ سرکاری دورے پر چین روانہ، افغان ٹرائیکا پلس اجلاس میں شرکت کریں گے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی 3 روزہ دورے پر چین روانہ ہو گئے جہاں وہ افغانستان سے متعلق ٹرائیکا پلس اجلاس میں شرکت کریں گے۔
بتایا گیا ہے کہ شاہ محمود قریشی اپنے چینی ہم منصب وانگ ژی کی دعوت پر چین گئے ہیں، وزیرخارجہ افغانستان کے ہمسایہ ممالک کے تیسرے اجلاس میں شرکت کریں گے جس میں افغانستان اور خطہ میں امن کے لیے مشترکہ کوششوں پرغورو حوض کیا جائے گا۔ شاہ محمود قریشی اجلاس میں امن سے متعلق پاکستانی موقف بھی اجاگر کریں گے۔
شاہ محمود قریشی کی چین میں ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر کے علاوہ روسی ہم منصب سرگئی لاروف کے ساتھ بھی ملاقاتیں شیڈول ہیں۔

ترین گروپ کا مشاورتی اجلاس طلب ، علیم خان نے بھی اپنے ساتھیوں کو بلا لیا

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان میں سیاست میں جوڑ توڑ اور ڈیلوں کو سلسلہ عروج پر ہے، اپوزیشن اور حکومت کے مابین آر پار کی جنگ آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہے۔
گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان نے وزیر اعلی عثمان بزادار کی جگہ ق لیگ کے چوہدری پرویز الہی کو پنچاب کی وزارت اعلی کی پیش کش کر دی تھی، جس کے بعد ایک بار پر حالات حکومت کے حق میں جاتے دکھائی دے رہے ہیں۔
لاہورمیں ترین گروپ نے سیاسی صورتحال پر مشاورت کے لیے آج اجلاس طلب کر لیا ہے،جہاں ترین گروپ کے ارکان اسمبلی اور رہنما موجودہ صورتحال پر مشاورت کریں گے۔
ذرائع کے مطابق ترین گروپ کی جانب سے پرویز الہٰی کی حمایت کا امکان ہے، تاہم حتمی فیصلہ جہانگیرترین سے مشاورت کے بعد اجلاس میں کیا جائے گا۔
دوسری جانب علیم خان نے بھی اپنے ساتھیوں کو آج مشاورت کے لیے بلا لیا ہے، ترجمان کا کہنا ہے کہ علیم خان گروپ پرویزالہٰی سے متعلق مشاورت کرکے جواب دے گا، پرویزالہٰی کی حمایت کرنی ہے یا نہیں فیصلہ علیم خان کریں گے۔

میکسیکو: چھوٹا طیارہ سپر مارکیٹ میں تباہ ، 3 افراد ہلاک

میکسیکو : (ویب ڈیسک) میکسیکو سٹی میں چھوٹا طیارہ سپر مارکیٹ کی دیوار سے ٹکرا کر تباہ ہو گیا، حادثے میں 3 افراد ہلاک، 4زخمی ہو گئے۔
ابتدائی معلومات میں طیا رہ حادثے کی وجہ تکنیکی خرابی بتائی جارہی ہے، طیارہ ٹکرانے سے سپر مارکیٹ اسٹور بھی تباہ ہو گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کی تحقیقات جاری ہیں۔
حادثے کی جگہ دھماکے کا بھی خدشہ تھا لیکن فیڈرل سول پروٹیکشن نے عوام کو خطرہ نہ ہونے کا یقین دلایا ہے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حادثے سے پہلے انجن میں سے دھواں نکل رہا تھا۔

حجاب میں بھی لڑکی کوٹارگٹ کر رہے ہو، اسے جینے دو، بھارتی مس یونیورس

ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارتی پنچاب کی مس یونیورس 2021 ہرناز کور سندھو بھی حجاب تنازعہ پر بول پڑیں، کہا کہ اسے جینے دو جیسے وہ جینا چاہتی ہے۔
نیوز کانفرنس کے دوران ہرناز کور سے صحافی نے ان سے بھارت میں چل رہے حجاب تنازع پر سوال کیا، جس پر ان کے جواب دینے سے پہلے ان کے مینیجر نے صحافی کو روکا کہ وہ ایسے سوال نہ کریں، لیکن صحافی نے کہا کہ آپ کا کام ختم ہو گیا ہے، اگر ہرناز جواب دینا نہیں چاہتیں تو وہ خود کہیں۔
اس کے بعد ہرناز کا کہنا تھا کہ آپ لڑکی کو ہی کیوں ٹارگٹ کرتے ہو؟ اسے جینے دو جس ڈھنگ سے وہ جینا چاہتی ہے۔ اسے اپنے مقام تک پہنچنے دو، اڑنے دو، وہ اس کا پیغام ہے، وہ اس کے پر ہیں، آپ مت کاٹو۔ اگر پر کاٹنے ہیں تو اپنے کاٹو۔
اس کے ساتھ ہرناز سندھو نے مس یونیورس بننے کے سفر پر سوال کرنے کو کہا، انہوں نے کہا کہ آپ مجھ سے میری کہانی پوچھیں کہ میں کن کن مشکلات سے گزر کر یہاں پہنچی، کیونکہ ہمارے لوگوں کو لگتا ہے مقابلہ حسن میں صرف آپ کو خوبصورت دکھنا ہوتا ہے، ایسا نہیں ہے۔
آپ کا نظریہ سوچ، بولنا اور کیسے آپ معاشرے کو ٹھیک کرنے میں اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں، سب کچھ دیکھا جاتا ہے۔
یاد رہے بھارت میں مسلمان لڑکیوں کے خلاف حجاب نہ پہننے کی ساز ش کی جا رہی ہے، جس پر مسلمانوں کا احتجاج جاری ہے۔

عدم اعتماد، تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی آج پھر سرجوڑ کر بیٹھے گی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) تحریک عدم اعتماد سمیت مسلسل بدلتی سیاسی صورت حال پر مشاورت کیلئے تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی آج پھر سرجوڑ کر بیٹھے گی۔
بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان مسلم لیگ ق کے رہنما پرویزالٰہی کو وزیراعلیٰ پنجاب نامزد کرنے کے فیصلے پر پارٹی کو اعتماد میں لیں گے۔ گذشتہ روز عثمان بزدار نے پنجاب کی وزارت اعلی سے استعفی دے دیا تھا، انہون نے استعفیٰ وزیراعظم عمران خان کو پیش کیا جس کے بعد پی ٹی آئی حکومت نے پرویز الٰہی کو وزیراعلیٰ پنجاب نامزد کرنے کا فیصلہ کیا۔
وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ چودھری پرویز الہی کی وزیراعظم عمران خان کیساتھ ملاقات ہوئی، ملاقات میں تمام معاملات طے ہوگئے۔ ق لیگ نے وزیراعظم پر اعتماد کا اظہار اور حمایت کا اعلان کر دیا۔
دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کو تحریک عدم اعتماد کا چیلنج بھی درپیش ہے جس سے متعلق آج کے اجلاس میں پارٹی پالیسی پر تفصیلی بات چیت ہو گی۔ گذشتہ روز قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمد شہباز شریف نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کر دی تھی جو کہ بحث کیلئے منظور بھی ہو گئی تھی، قومی اسمبلی کا آئندہ اجلاس 31 مارچ بروز جمعرات کو طلب کیا گیا ہے۔

فیصل آباد: رمضان المبارک قریب آتے ہی اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں دن بدن اضافہ

فیصل آباد: (ویب ڈیسک) فیصل آباد میں رمضان المبارک قریب آتے ہی مارکیٹوں میں سبزیوں اور پھلوں سمیت دیگر اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں دن بدن اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا جس سے شہریوں کیلئے بجٹ بنانا مشکل تر ہو گیا ہے۔
فیصل آباد میں ماہ مقدس قریب آتے ہی ناجائز منافع خور اور ذخیرہ اندوز متحرک ہو گئے۔ سبزیوں، پھلوں، دالوں، اور گوشت سمیت دیگر اشیائے خوردنوش کی قیمتیں ساتویں آسمان کی بلندیوں کو چھونے لگی ہیں، مارکیٹ میں کریلا 160، بھنڈی 280 روپے، مٹر 130روپے، شملہ مرچ 100 روپے فی کلو گرام کے حساب سے فروخت ہورہی ہے جبکہ پھلوں میں سیب 320 روپے، انار 360 روپے، ایرانی کھجور 350 روپے کلو اور کیلا 220 روپے درجن میں فروخت ہورہا ہے جس سے شہری مسائل کا شکار ہیں۔
سپیشل پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کہتے ہیں کہ قیمتوں کو کنٹرول کرنے اور ناجائز منافع خوروں کو لگام ڈالنے کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔
شہری کہتے ہیں سرکاری طور پر جاری کی جانے والی ریسٹ لسٹوں پر مقرر کی گئی قیمتوں کی بجائے دکاندار اپنی مرضی کی قیمتیں وصول کررہے ہیں، اس کے باوجود حکام کی خاموشی سمجھ سے بالاتر ہے۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین ون ڈے سیریز کا پہلا میدان آج سجے گا

لاہور: (ویب ڈیسک) کرکٹ کے لمبے امتحان کے بعد شارٹ فارمیٹ کا آغاز ہو گیا، پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ون ڈے سیریز کا پہلا میدان آج لگے گا، دونوں ٹیموں نے تیاریاں مکمل کر لیں۔
زندہ دلان کے شہر لاہور میں کرکٹ میلہ عروج پر ہے، قذافی سٹیڈیم کے تاریخی میدان میں ٹیسٹ کے بعد ون ڈے سیریز کا آغاز ہونے جا رہا ہے، ٹرافی کی تقریب رونمائی ہو گئی، کپتان بابراعظم اور ایرون فِنچ نے شرکت کی۔ چوبیس سال بعد دورہ پاکستان کو یادگار بنانے والے آسٹریلین سے پھر شاہین دوبدو ہوں گے، دونوں ٹیمیں سہ پہر تین بجے مدمقابل ہوں گی۔ چوکے چھکے کی بہار آئے گی، وکٹیں بھی لگاتار گریں گی۔
کھلاڑی پرعزم ہیں تو پرستار بھی پرجوش ہیں۔ کھلاڑیوں نے تیاریاں مکمل کر لیں، نیٹ پریکٹس میں بیٹنگ، بولنگ، فیلڈنگ اور فزیکل فٹنس پر خصوصی توجہ دی۔ قومی بلے باز فخر زمان کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا آسان حریف نہیں، ساتھ ہی ون ڈے سیریز میں اچھا پرفارم کرنے کی امید دلا دی۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے گئے ایک سو چار میچز میں کینگروز کا پلہ بھاری رہا، اڑسٹھ میچوں میں فتح یاب رہے جبکہ 32 مرتبہ شاہینوں نے اونچی اڑان بھری۔ ون ڈے سیریز کے تینوں میچز آئی سی سی ورلڈ سپر لیگ کا حصہ ہیں ۔

یوکرین کی معیشت کو جنگ سے 560 ارب ڈالر کا نقصان، 8 ہزار کلو میٹر سڑکیں تباہ

کیف: (ویب ڈیسک) یوکرین کی معیشت کو جنگ سے 560 ارب ڈالر کا نقصان ہو گیا۔ آٹھ ہزار کلومیٹر سڑکیں تباہ ہوئیں، وزیر معیشت نے نقصانات کا تخمینہ جاری کر دیا۔
روس کے ساتھ جنگ یوکرین کی معیشت پر بھاری پڑ گئی ۔ یوکرینی وزارت اقتصادیات سے جاری اعداد و شمار کے مطابق یوکرین کو اب تک 560 ارب ڈالر کا نقصان ہوچکا ہے۔ روسی بمباری سے 8 ہزار کلومیٹر سڑکیں تباہ ہو گئیں، ایک کروڑ سکوائر میٹر رہائشی عمارتوں کو نقصان پہنچا۔
ماریوپول شہر کی 40 فیصد عمارتیں مکمل تباہ ہو گئیں، 5 ہزار سے زائد شہری ہلاک ہوئے۔ ماریوپول کے میئر نے تمام شہریوں کے انخلاء کا مطالبہ کر دیا، کیف میں شہری ہلاکتوں کی تعداد 100 سے تجاوز کر گئی، شہر کے اطراف روسی فوج نے گھیرا مزید تنگ کردیا۔
جرمن چانسلر اولاف شولز کا کہنا ہے کہ یورپی ممالک کو یوکرینی مہاجرین کی آباد کاری کے لیے آگے آنا چاہیے، انہوں نے مہاجرین کو یورپی ممالک میں آبادی کے تناسب سے تقسیم کرنے کی تجویز پیش کی۔ جی سیون ممالک نے روس کو گیس کے بدلے روبل میں ادائیگی سے انکار کردیا، کریملن کا کہنا ہے کہ جو ملک روبل میں ادائیگی نہیں کرے گا اس کی گیس روک دی جائے گی۔
روس اور یوکرین کے مذاکرات کا ایک اور دورآج ترکی کے شہر استنبول میں ہوگا، کریملن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اب تک ہونے والے مذاکرات نتیجہ خیز ثابت نہ ہوسکے اس لیے صدر پیوٹن اور صدر زیلنسکی کی ملاقات کا فی الحال کوئی امکان نہیں۔