All posts by Khabrain News

10 سیکنڈز کے اندر تین جوڑے جوتوں کے تسمے باندھنے کا عالمی ریکارڈ

میڈرڈ: (ویب ڈیسک) اسپین کے ایک شخص نے 10 سیکنڈز کے اندر جوتے کے تین جوڑوں کے تسمے باندھ کر گینیز عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔
گینیز ورلڈ ریکارڈ کا کہنا تھا کہ اسپین کے شہر ویشیامیڈرڈ میں ایلوارو مارٹن مینڈیئٹا نے 10 سیکنڈ سے کم وقت میں جوتوں کے تین جوڑوں کے فیتے باندھے۔
ایلوارو کو چھ کے چھ جوتوں کے فیتے باندھنے میں 9.99 سیکنڈ کا وقت لگا۔
گینیز ورلڈ ریکارڈ کے ٹوئٹر اکاؤنٹ نے ریکارڈ بننے کی تصدیق کرتے ہوئے ایلوارو کی کوشش کی ویڈیو بھی شیئر کی۔

میانمار کی فوج جمہوری حکومت کو فی الفور بحال کرے، اقوام متحدہ

جنیوا: (ویب ڈیسک) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے میانمار کی فوجی قیادت سے مطالبہ کیا ہے کہ فی الفور ملک میں جمہوری حکومت کو بحال کریں۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتریس نے میانمار فوج سے مطالبہ کیا ہے کہ ملک میں نہ ختم ہونے والے ڈراؤنے خواب کو روکنے کے لیے جمہوری حکومت کی بحالی بے حد ضروری ہے۔ اس کے بغیر ملک میں امن کا قیام ممکن نہیں۔
انتونیو گوتریس نے مزید کہا کہ میانمار کی فوجی حکومت اپنے لوگوں کی بات سنیں، سیاسی قیدیوں کو رہا کریں اور اقتدار جمہوری حکومت کو منتقل کردیں۔ ملک اور خطے میں استحکام اور امن کا یہی واحد راستہ ہے۔
اقوام متحدہ کے سربراہ کا مزید کہنا تھا کہ میانمار کی فوجی حکومت کے ساتھ ایک پانچ نکاتی امن منصوبے پر اتفاق تو ہوا ہے لیکن اب تک نافذ نہیں ہوسکا جو قابل تشویش بات ہے۔
خیال رہے کہ میانمار میں گزشتہ برس فروری میں فوج نے بغاوت کرکے جمہوری حکومت کا تختہ الٹ دیا تھا اور حکمراں آنگ سان سوچی سمیت کئی سیاست دانوں کو گرفتار کرلیا تھا۔
جس پر ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے پھوٹ پڑے تھے۔فوجی حکومت نے مظاہروں کو طاقت سے کچلنے کی کوشش اور اس دوران 2 ہزار سے زائد مظاہرین ہلاک اور 5 ہزار سے زائد زخمی ہوگئے۔
فوجی حکومت نے ارکان اسمبلی اور جمہوریت کے حامی کارکن سمیت 5 افراد کو پھانسی بھی دی تاہم فوجی حکومت کے خلاف مزاحمت تاحال جاری ہے۔ ملک کے علیحدگی پسند عسکری گروپس بھی فوجی حکومت کے خلاف اُٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔

رواں سال عالمی سطح پر کاربن کے اخراج میں کوئی کمی نہ ہوسکی، رپورٹ

ایکسیٹر: (ویب ڈیسک) ایک نئی رپورٹ کے مطابق رواں سال عالمی سطح پر کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج میں کمی کے کوئی آثار نہیں دیکھے گئے۔
دنیا بھر میں گرین ہاؤس گیسز ریکارڈ سطحوں پر خارج کی جارہی ہیں، اگر ہم درجہ حرارت میں اضافے کو 1.5 ڈگری سیلسیئس تک محدود رکھنا چاہتے ہیں تو اخراج کی اس مقدار کو کم کرنا ہوگا۔
درجہ حرارت کو محدود کرنا پیرس معاہدے کے مقاصد میں سے ایک تھا اور اگر موجودہ اخراج کی سطح برقرار رہی تو اس بات کے 50 فی صد امکانات ہیں کہ آئندہ نو سالوں میں درجہ حرارت میں اضافہ ہوجائے گا۔
یہ واضح انتباہ 100 سے زائد بین الاقوامی سائنس دانوں کی جانب سے سالانہ عالمی کاربن بجٹ رپورٹ میں پیش کیا گیا۔
اس رپورٹ میں رواں برس انسانی سرگرمیوں کے سبب خارج ہونے والی کاربن ڈائی آکسائیڈ کی مقدار کے حوالے سے خلاصہ کیا گیا اور سال کے آخر تک کل مقدار کی پیش گوئی کی گئی۔
یونیورسٹی آف ایکسیٹر سے تعلق رکھنے والے تحقیق کے سربراہ پروفیسر پیئر فرائیڈلِنگسٹین کا کہنا تھا کہ جس وقت ہمیں کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج میں کمی کی ضرورت ہے اس سال عالمی سطح پر فاسل کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج میں ایک اور اضافہ دیکھا گیا۔
انہوں نے کہا کہ یہاں کچھ مثبت اشارے بھی ہیں لیکن اگر ہم عالمی درجہ حرارت کو 1.5 ڈگری سیلسیئس تک محدود کرنے کا کوئی موقع چاہتے ہیں تو سی او پی 27 میں ملاقات کرنے والے سربراہان کو بامعنی اقدامات کرنے ہوں گے۔
جمعے کو ارتھ سسٹم سائنس ڈیٹا میں شائع ہونے والی رپورٹ میں 2022 کے آخر تک 40.6 ارب ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج کا تخمینہ لگایا گیا۔
یہ مقدار 2019 میں خارج ہونے والی اب تک کی سب سے زیادہ سالانہ مقدار یعنی 40.9 ارب ٹن کے قریب قریب ہے۔ رواں سال کی مقدار میں سب سے زیادہ حصہ فاسل ایندھن سے ہونے والے اخراج کا ہے جس نے 36.6 ارب ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ کا حصہ ڈالا۔

پاکستان کے نوجوان ہمارا اثاثہ ہیں، آرمی چیف، لاہور گیریژن کا دورہ

لاہور: (ویب ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان کے نوجوان ہمارا اثاثہ ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف نے لاہور گیریژن کا دورہ کیا، کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل سلمان فیاض غنی نے استقبال کیا، اس موقع پر انہوں نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی۔
بیان کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ نے لاہور گیریژن انسٹیٹیوٹ فار اسپیشل ایجوکیشن کا افتتاح کیا اور خصوصی بچوں کے لیے مختلف اسکولوں کی سہولیات کا دورہ کیا۔
سپہ سالار نے جدید ترین ہاکی ایرینا کا بھی افتتاح کیا، جہاں انہوں نے ہاکی کے تجربہ کار لیجنڈز سے بات چیت کی۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان ہمارا اثاثہ ہیں اور انہیں کھیلوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے ایسی سہولیات ضروری ہیں۔
سی او ایس نے لاہور کور اور پاکستان رینجرز پنجاب کے افسران اور جوانوں سے بات چیت کی۔
الوداعی خطاب کے دوران آرمی چیف نے تمام تر مشکلات کے باوجود ڈیوٹی کی لائن میں قوم کے لیے خدمات کے لیے فوجیوں کی تعریف کی۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے مادر وطن کے دفاع کے لیے پیشہ ورانہ مہارت اور لگن کو سراہا۔

ارشد شریف کی پوسٹ مارٹم رپورٹ ان کی والدہ کے حوالےکردی گئی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) کینیا میں قتل ہونے والے سینیئر پاکستانی صحافی ارشد شریف کی پوسٹ مارٹم رپورٹ اسلام آباد میں ان کی والدہ کے حوالےکردی گئی۔
وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے ارشد شریف کی پوسٹ مارٹم رپورٹ ان کی والدہ کے حوالےکی ہے۔
ایف آئی اے کے سینیئر ڈائریکٹر اطہر وحید نے ارشد شریف کی والدہ سے ملاقات کی اور پوسٹ مارٹم رپورٹ ان کے حوالےکی، ساتھ ہی کیس میں اب تک کی پیش رفت سے اہل خانہ کو آگاہ کیا۔
ایف آئی اے ذرائع کا کہنا ہےکہ حقیقت جاننا ارشد شریف کی والدہ کا حق تھا، اہل خانہ کوپوسٹ مارٹم تک رسائی کا ہرقانونی حق حاصل ہے۔
پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق پاکستان میں پوسٹ مارٹم کے وقت صحافی ارشد شریف کے جسم پر تشددکے نشانات تھے۔
دوسری جانب ارشدشریف کی پوسٹ مارٹم رپورٹ کینیا کے حکام سے بھی شیئرکی گئی ہے، ارشد شریف کی پوسٹ مارٹم رپورٹ کینیا کی انڈیپنڈنٹ پولیس اوور سائیٹ اتھارٹی، آئی جی پولیس کینیا اور ڈائریکٹرپبلک پراسیکیوشن کے ساتھ شیئرکی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق پوسٹ مارٹم رپورٹ کی کاپی پاکستان کے سرکاری سفارتی چینلز کے ذریعےکینیا میں موصول ہوئی

ملک میں سونا مزید مہنگا ہوگیا

کراچی: (ویب ڈیسک) ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں آج بھی 500 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔
سونے کی فی تولہ قیمت 500 روپے بڑھنے کے بعد ایک لاکھ 55 ہزار 900 روپے پر پہنچ گئی ہے۔
دس گرام سونا 430 روپے بڑھ کر 133660 روپےکا ہوگیا ہے جبکہ عالمی صرافہ میں سونےکا بھاؤ 11 ڈالر اضافے سے1771 ڈالر فی اونس ہے۔

کوشش ہے عمران خان، اسٹیبلشمنٹ کے درمیان معاملات بہتر ہوں: صدر عارف علوی

لاہور: (ویب ڈیسک) صدر عارف علوی نے کہا ہے کہ پیغام رسانی کرتا رہتا ہوں، چیف آف آرمی سٹاف کی تعیناتی پر مشاورت ہو جائے تو کوئی مضائقہ نہیں۔ کوشش ہے عمران خان اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان معاملات بہتر ہوں۔
گورنر ہاؤس میں سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ چیف آف آرمی سٹاف کی تعیناتی پر آئین مشاورت کی اجازت نہیں دیتا، اس تعیناتی پر مشاورت ہو جائے تو کوئی مضائقہ نہیں، معاملات بہتر کرنے میں جو ادارے موثر ہیں ان سے گفتگو چل رہی ہے، اداروں کے درمیان اختلافات دور کرنے کی کوشش کرتا رہتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ جلد الیکشن ہوجائیں تو بہتر ہے، جمہوری اداروں کے استحکام کے لئے بات چیت کرنی چاہیے، پیغام رسانی کرتا رہتا ہوں، آئین اعتماد کا ووٹ لینے کی اجازت دیتا ہے مگر میں اس پوزیشن میں نہیں، فیڈریشن کے حوالے سے کوشش ہے کہ یکجہتی اور معاملات خراب نہ ہوں، عمران خان سے مشورہ کر کے کام نہیں کرتا، عمران خان پرانے دوست ہیں لیڈر مانتا ہوں۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئےعارف علوی کا کہنا تھا کہ کوشش ہے عمران خان اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان معاملات بہتر ہوں، معاملہ یہ ہوگیا ہے اداروں پر بھروسہ نہیں رہا، ہرکام عدلیہ پر ڈالتے ہیں فیصلہ آجائے تو مانتے نہیں، ادارے سیاسی طور پر استعمال ہورہے ہیں، نیب کے قانون میں سیاسی استعمال غلط تھا، کنٹینر بنے تو تجارت کے لئے تھے مگر ہم نے دنیا کو اس کا نیا استعمال بھی سکھا دیا ہے۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ مفاہمت کے ساتھ الیکشن کی طرف جانے میں کیا حرج ہے، جمہوریت اداروں کی وجہ سے ہی چلتی ہے، پاکستان کسی ملک خصوصاً بڑے ملکوں سے تعلقات خراب نہیں کرنا چاہتا، ہمارے ہاں نااہلی بڑھ گئی ہے، ہمارے ہاں مارشل لاء بھی رہا، خوشی ہے کہ ہمارے ہاں جمہوریت چل رہی ہے۔

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا دورہ پاکستان ملتوی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سعودی ولی عہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان کا دورہ پاکستان ملتوی ہو گیا۔
یاد رہے کہ سعودی ولی عہد کا نومبر کے تیسرے ہفتے میں دورہ پاکستان متوقع تھا، اس کی تصدیق سعودی سفارتخانے کی جانب سے بھی کی گئی تھی، رواں ہفتے کے آخر میں سعودی عرب کی خصوصی سکیورٹی ٹیم پاکستان پہنچنا تھا۔
سفارتی ذرائع کے مطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورے میں پاکستان کو 4.2 ارب ڈالرز کے اضافی بیل آوٹ پیکج ملنے کی توقع تھی، محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان میں سعودی عرب کی جانب سے پاکستان میں مضبوط سرمایہ کاری متوقع تھی۔
ذرائع کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے پٹرولیم کے شعبہ میں آئل ریفائنری کے قیام پر معاہدہ بھی متوقع تھی، سعودی عرب گوادر میں جدید آئل ریفائنری کے قیام میں مدد کرے گا، گوادر میں 10 ارب ڈالرز کی لاگت سے جدید آئل ریفائنری کے قیام کی سعودی عرب چین کے ساتھ مل کر مدد کرے گا، چینی کمپنیاں اس منصوبے کی تکمیل کے بعد ابتدائی طور پر ریفائنری کو چلائیں گی۔
سفارتی ذرائع کے مطابق موجودہ غیر یقینی سیاسی صورتحال میں کسی قسم کی مزید خرابی سعودی ولی عہد کے دورے میں رکاوٹ پیدا کر سکتی ہے، اوپیک میں امریکا مخالف سعودی حکمت عملی پر پاکستان کی حمایت سے سعودی عرب پاکستان سے خوش ہے۔

شیخ محمد بن زاید کا نیتن یاہو کو ٹیلیفون، الیکشن جیتنے پر مبارکباد

دبئی: (ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات کے صدر الشیخ محمد بن زید آل نہیان نے اسرائیل کے سابق وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت کے دوران خطے میں امن کے حصول کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔
یو اے ای کی خبر رساں ایجنسی وام کے مطابق انہوں نے متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کی ریاست کے درمیان دو طرفہ تعلقات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
مزید برآں الشیخ محمد بن زاید نے بینجمن نیتن یاہو کو حالیہ کنیسٹ انتخابات میں ان کے اتحاد کی فتح پر مبارکباد دی۔
انہوں نے خطے میں امن، تعاون اور مثبت شراکت داری کے اسباب کو مضبوط کرنے کے لیے متحدہ عرب امارات کی خواہش پر زور دیا۔
نیتن یاہو نے کنیسیٹ کی اکثریتی نشستیں حاصل کیں اور نتائج سے ظاہر ہوتا ہےکہ ان کی قیادت والی لیکود پارٹی نے 32 نشستیں حاصل کیں، جب کہ 18 نشستیں دو مذہبی جماعتوں “متحدہ تورات یہودیت” اور “شاس” کے حصے میں آئیں اور 14 نشستیں “مذہبی صیہونیت پاور ” پارٹی کے پاس ہیں۔
اس طرح، نیتن یاہو کی سربراہی میں دائیں بازو کے بلاک نے 64 نشستیں حاصل کیں، جو کہ 120 نشستوں والی پارلیمنٹ میں حکومت سازی کے لیے ایک واضح اکثریت ہے۔

پاکستان، ہنگری نے دفاعی شعبہ میں تعاون کے معاہدے پردستخط کردئیے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان اورہنگری نے دفاعی شعبہ میں تعاون کوفروغ دینے کیلئے معاہدے پردستخط کردئیے۔
وزارت دفاع کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق سیکرٹری دفاع لیفٹننٹ جنرل (ر) حمودالزمان خان اورایڈیشنل سیکرٹری دفاع رئیرایڈمرل فیصل امین نے ہنگری کے سٹیٹ سیکرٹری برائے دفاعی پالیسی ودفاعی ترقی ڈاکٹرگسپارماروتھ کی دعوت پربڈاپسٹ کا دوروزہ دورہ کیا۔
اس موقع پرہونے والی ملاقات میں علاقائی اوربین الاقوامی سلامتی اورباہمی دلچسپی بالخصوص دفاعی تعاون سے متعلق امورپرگفتگو ہوئی۔ملاقات میں پاکستان میں حالیہ تباہ کن سیلاب کابھی ذکرکیاگیا، سیکرٹری دفاع نے دوطرفہ میٹنگ کے انعقاد پرہنگری کے سٹیٹ سیکرٹری کاشکریہ اداکیا۔
ہنگری کی وزارت دفاع میں منعقدہ تقریب میں پاکستان اورہنگری کی وزارت دفاع کے درمیان دفاعی تعاون سے متعلق سمجھوتہ پردستخط بھی کئے گئے، سیکرٹری دفاع اورہنگری کے سٹیٹ سیکرٹری نے معاہدے پردستخط کئے۔اس معاہدے سے دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان دفاعی تعاون کیلئے مضبوط قانونی فریم ورک فراہم ہوگا۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان اس طرح کے دوروں کوجاری رکھنے پراتقاق کیاگیا تاکہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی شعبہ میں تعاون کوفروغ دیا جاسکے۔