All posts by Khabrain News

فیفاورلڈ کپ: ارجنٹینا کی میکسیکو کیخلاف 0-2 سے کامیابی

دوحا: (ویب ڈیسک) فیفا ورلڈکپ کے گروپ سی کے میچ میں ارجنٹینا نے میکسیکو کیخلاف 0-2سے فتح سمیٹ لی۔
قطر کے لوسیل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کے پہلے ہاف میں دونوں ٹیموں کی جانب سے بہترین کھیل پیش کیا گیا تاہم گول کرنے کے کئی مواقع ضائع ہوئے۔کھیل کے دوسرے ہاف میں ارجنٹینا کے کپتان لیونل میسی نے 64 ویں منٹ میں گول داغ کر اپنی ٹیم کو سبقت دلائی۔
جواب میں میکسیکو نے بھی حریف ٹیم کے گول پوسٹ پر متعدد حملے کیے جو بے سود ثابت ہوئے، دوسرے ہاف کے اختتام سے محض 3 منٹ قبل ارجنٹینا کے اسٹرائیکر فرنینڈنس نے گول کرکے میکسیکو کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔
میچ کے آخر تک میکسیکو کو کوئی کامیابی نہیں مل سکی جبکہ مقرر وقت تک ارجنٹینا نے 0-2 سے کامیابی حاصل کرکے گروپ میں اپنی پوزیشن بہتر کرلی۔
یاد رہے ارجنٹینا کو اپنے پہلے گروپ میچ میں سعودی عرب کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

بڑے لیڈر نے بڑا فیصلہ کرکے حکومت کی سب چالیں ناکام بنا دیں: فیاض الحسن

لاہور: (ویب ڈیسک) ترجمان وزیر اعلیٰ پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کا صوبائی اسمبلیوں سے استعفیٰ بر وقت فیصلہ ہے۔
فیاض الحسن چوہان نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے صوبائی اسمبلیوں سے استعفوں بارے فیصلے نے بونے اور چور ڈاکوؤں کے پاؤں تلے سے زمین کھینچ لی ہے، بڑے لیڈر نے بڑا فیصلہ کر کے امپورٹڈ حکومت کی سب چالوں کو تہس نہس کر دیا ہے۔
ترجمان وزیر اعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ گزشتہ رات راولپنڈی کے عوام نے اپنے لیڈر کا تاریخی استقبال کیا ہے، لاکھوں کی تعداد میں لوگوں نے عمران خان پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

فیشن ڈیزائنرمحمود بھٹی کا اپنی فلاحی سرگرمیاں ختم کرنے کا اعلان

لاہور: (ویب ڈیسک) صدارتی ایوارڈیافتہ معروف فیشن ڈیزائنر محمود بھٹی نے دسمبر سے اپنی تمام فلاحی سرگرمیاں ختم کرنے کا اعلان کردیا۔
نجی کالج میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمود بھٹی کا کہنا تھا کہ انسانیت کی خدمت کے بدلے مجھے مقدمات کا سامنا کرنا پڑااور میرے وارنٹ گرفتاری بھی جاری ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی زمینوں پر قبضہ کر لیا جاتا ہے، یتیم خانے کی زمین پر ایک وکیل قابض ہوگیا، جس کے خلاف کوئی شنوائی نہیں ہوئی، الٹا مجھ پر کیس کر دیا گیا ہے۔
معروف فیشن ڈیزائنر کا کہنا تھا کہ انسانیت کی خدمت اب چھوڑ دی ہے، مارچ تک انصاف نہ ملا تو بھوک ہڑتال کروں گا، احتجاجاً ستارہ امتیاز بھی واپس کر رہا ہوں، اپنی فریاد چیف جسٹس پاکستان تک پہنچاؤں گا۔
محمود بھٹی نے کالج میں آرٹ اور اکاؤنٹنگ کے مقابلوں میں پوزیشن ہولڈرز طلبہ میں انعامات تقسیم کیے، اوراکاؤنٹنگ، فنانس اور مینجمنٹ کے پوزیشن ہولڈرز طلبہ کو کیش پرائز بھی دیے۔

تہران: یفین جیل کے باہر احتجاج ،ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

تہران: (ویب ڈیسک) تہران کی ایفین جیل کے باہر ہزاروں افراد کے احتجاج کی ویڈیو سوشل میڈیا پر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی۔
ایرانی مرکز برائے انسانی حقوق نے اپنے ایک ٹویٹ میں بتایا کہ لوگ تہران کی اوربی اسٹریٹ پر جیل کے داخلی دروازے کے باہر اپنے پیاروں کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کی امید میں انتظار کر رہے تھے۔
ایران میں مظاہرے شروع ہونے کے بعد سے اب تک 15 ہزار سے زائد مظاہرین کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ جبکہ 300 سے زائد مارے جا چکے ہیں، جن میں 40 بچے اور 20 خواتین شامل ہیں۔
ایفین جیل میں حکومت مخالفین اور سیاسی بنیادوں پر گرفتار افراد کو قید کیا جاتا ہے۔

یو این اپنے نمائندوں کو اشتعال انگیز بیانات دینے سے روکے، ذبیح اللہ مجاہد

کابل: (ویب ڈیسک) افغانستان میں طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ اور مغربی ممالک کو اپنے نمائندوں کو غیر ذمہ دارانہ اور اشتعال انگیز بیانات دینے سے روکنا چاہئے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں ذبیح اللہ مجاہد نے لکھا کہ اقوام متحدہ کے ہائی کمیشن برائے انسانی حقوق کے ترجمان اور مغربی ممالک کے نمائندوں کی جانب سے کوڑوں کی سزا کو “غیر انسانی اور ظالمانہ فعل‘‘ قرار دینا مقدس مذہب اسلام کی توہین اور عالمی معیارات کے منافی ہے۔
گزشتہ روز انسانی حقوق کی تنظیموں نے ملا ہبتہ اللہ اخوندزادہ کے حکم پر خواتین سمیت 14 افراد کو کوڑے مارنے کی سزا کو ظالمانہ فعل اور غیر انسانی رویہ قرار دیا تھا۔

’’ناانصافی پراعظم سواتی کاغصہ جائز، ریاستی فاشزم کیخلاف سب کو آواز اٹھانا ہوگی‘‘

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان کا سینیٹر اعظم سواتی کی گرفتاری پر درعمل سامنے آگیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ حیران ہوں کہ ہم کتنی تیزی سے ایک فاشسٹ ریاست کی طرف بڑھ رہے ہیں، سینیٹر اعظم سواتی کو حراست میں تشدد اور بلیک میل کرنے والی ویڈیو انکی بیوی کو بھیجی جانے والی تکلیف کو کوئی کیسے نہیں سمجھ سکتا؟۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ناانصافی پر اعظم سواتی کا غصہ اور مایوسی جائز ہے،خاص طور پر سینیٹرز کی طرف سے ان کی حمایت میں اپیلوں کے پندرہ دن سے زیادہ کے باوجود سپریم کورٹ کے دروازے ان کے لئے بند رہے۔
عمران خان نے سینیٹر اعظم سواتی کی گرفتاری کے حوالے سے کہا کہ وہ ٹویٹ کرتا ہے اور دوبارہ گرفتار ہو جاتا ہے، اس ریاستی فاشزم کے خلاف سب کو آواز اٹھانا ہوگی۔

لاڑکانہ: دھند کے باعث کار ٹریکٹر سےجا ٹکرائی، ایک ہی خاندان کے5 افراد جاں بحق

لاڑکانہ: (ویب ڈیسک) دھند کے باعث کار ٹریکٹر سے ٹکرانے کے باعث افسوسناک حادثے میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق خیر پور جوسو کے قریب انڈس ہائی وے پر دھند کے باعث کار ٹریکٹر سے جا ٹکرائی جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق ہوئے، جاں بحق ہونے والوں میں دو بھائی بہن اور بچی شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق مرنے والوں کی شناخت مٹھل شاہ، عظیم شاہ، اسماعیل شاہ، صابرہ شاہ اور بچی منشاء شاہ کے نام سے ہوئی ہے، جاں بحق افراد کا تعلق لاڑکانہ کی تحصیل رتودیرو سے ہے، نعشوں کو چانڈکا میڈیکل ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

آزاد کشمیر میں 31 برس بعد بلدیاتی الیکشن کا انعقاد، پہلے مرحلے کیلئے پولنگ جاری

مظفرآباد: (ویب ڈیسک) آزاد کشمیر میں 31 سال کے بعد آج بلدیاتی انتخابات کا انعقاد کیا گیا ہے جس کے لئے پولنگ جاری ہے۔
آزاد کشمیر میں 31 سال کے بعد آج بلدیاتی انتخابات کا انعقاد کیا گیا ہے جبکہ پولنگ کا عمل شروع ہوچکا جو بغیر کسی وقفے کے صبح 8 سے شام 5 بجے تک جاری رہے گی، سکیورٹی فورسز کی عدم فراہمی کی وجہ سے بلدیاتی انتخابات کو ریاست بھر میں تین مراحل میں کروایا جائے گا۔
ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق پہلے مرحلے میں آج مظفرآباد ڈویژن کے تین اضلاع میں انتخابات کروائے جا رہے ہیں، قبل ازیں مظفرآباد، نیلم اور ضلع جہلم ویلی میں انتخابات کے لئے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئیں تھیں۔
سیکرٹری الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ مظفرآباد ڈویژن میں کل 2716 امیدوار مدمقابل ہونگے جن میں براہ راست الیکشن لڑنے والی 31 خواتین بھی شامل ہیں۔
ذرائع الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ مظفرآباد ڈویژن میں بلدیاتی انتخابات کے لئے 1314 پولنگ سٹیشن اور 1884 پولنگ بوتھ قائم کر دیئے گئے ہیں، پریزائیڈنگ آفیسر،پولنگ آفیسرز سمیت 6966 اہلکار انتخابی فرائض کی انجام دہی کے لئے تعینات کئے گئے ہیں تاہم شدید سرد موسم کے باوجود ٹرن آؤٹ جنرل الیکشن سے زیادہ رہنے کی توقع ہے۔
سیاسی جماعتوں میں سے تحریک انصاف نے سب سے زیادہ 575 امیدواروں کو ٹکٹ جاری کئے، پیپلزپارٹی 545 کے ساتھ دوسرے مسلم لیگ ن 465 کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔
الیکشن کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، فوج بھی نگرانی کیلئے موجود ہے، 418 پولنگ سٹیشن حساس جبکہ 257 پولنگ سٹیشن کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔

کورونا کے مزید 31 کیسز رپورٹ، 40 مریضوں کی حالت نازک

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) قومی ادارہ صحت ( این آئی ایچ) نے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 6 ہزار 249 کورونا ٹیسٹ کئے گئے ہیں۔
این آئی ایچ کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 6 ہزار 249 کورونا ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 31 افراد کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔
اس طرح گزشتہ 24 گھنٹوں میں کئے گئے مثبت کورونا ٹیسٹ کی شرح 0.50 فیصد رہی ہے، مزید برآں اس دوران کورونا وائرس سے کوئی بھی مریض جاں بحق نہیں ہوا جبکہ 40 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

انگلش کرکٹ ٹیم 17 سال بعد ٹیسٹ سیریز کیلئے پاکستان پہنچ گئی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) انگلش کرکٹ ٹیم پاکستانی سر زمین پر 17 سال بعد ٹیسٹ سیریز کھیلنے کیلئے پاکستان پہنچ گئی ہے۔
انگلش کرکٹ ٹیم تاریخی دورے پر بین اسٹوکس کی قیادت میں اسلام آباد پہنچی جہاں پی سی بی حکام نے ٹیم کا استقبال کیا، مہمان کھلاڑیوں کو اسلام آباد ایئر پورٹ سے سخت سکیورٹی میں ہوٹل پہنچایا گیا۔
انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان تین میچز کی سیریز یکم دسمبر سے شروع ہوگی، انگلش کرکٹرز آج آرام کے بعد پیر سے کرکٹ سرگرمیوں کا آغاز کریں گے۔
پاکستانی سرزمین پر پاکستان اور انگلینڈ کے مابین 17 سال بعد پہلا ٹیسٹ یکم دسمبر سے راولپنڈی میں کھیلا جائے گا، سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 9 دسمبر سے ملتان جبکہ تیسرا ٹیسٹ 17 دسمبر سے کراچی میں ہوگا۔
انگلش کرکٹ ٹیم ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سے قبل بھی پاکستان کا دورہ کرچکی ہے جس میں مہمان ٹیم نے پاکستان سے 7 ٹی ٹونٹی میچز کھیلے تھے۔