All posts by Khabrain News

ورلڈکپ میں شکست: بھارتی کرکٹ بورڈ نے پوری سلیکشن کمیٹی کو برطرف کر دیا

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں انگلینڈ کے ہاتھوں سیمی فائنل میں 10 وکٹوں سے شکست کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ نے مینز کرکٹ ٹیم کی سینیئر سلیکشن کمیٹی کو برطرف کر دیا۔
بھارتی میڈیا مطابق بی سی سی آئی نے چیتن شرما کی قیادت والی سینیئر سلیکشن کمیٹی کو برطرف کر دیا ہے۔سلیکشن کمیٹی 4 ارکان پر مشتمل تھی۔
بی سی سی آئی نے سینیئر سلیکشن کمیٹی کے ارکان کی برطرفی کے ساتھ ہی بھارتی کرکٹ ٹیم کے سلیکٹرز کے عہدے کے لیے درخواستیں بھی طلب کی ہیں۔
چیتن شرما کے دور میں، بھارت ٹی 20 ورلڈ کپ 2021 میں بھی ناک آؤٹ مرحلے تک پہنچنے میں ناکام رہا تھا جبکہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں بھی ہار گیا تھا۔
تاہم اب آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں شکست کے بعد بھارتی ٹیم کی سلیکشن کمیٹی پر کافی سوال اٹھائے جارہے تھے۔

مفتی اعظم پاکستان و صدر جامعہ دارالعلوم کراچی مفتی رفیع عثمانی انتقال کرگئے

کراچی: (ویب ڈیسک) مفتی اعظم پاکستان و صدر جامعہ دارالعلوم کراچی مولانا مفتی رفیع عثمانی انتقال کرگئے۔
مفتی رفیع عثمانی ،مفتی تقی عثمانی کے بڑے بھائی تھے، مرحوم رفیع عثمانی مفتی اعظم پاکستان تھے، مرحوم مفتی اعظم پاکستان مفتی شفیع عثمانی کے بیٹے اور مفتی تقی عثمانی کے بڑے بھائی تھے۔
مرحوم مفتی رفیع عثمانی وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے سرپرست بھی تھے۔

آذربائیجان سے 35 ہزار میٹرک ٹن یوریا کی درآمد کی اجازت

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے چین سے حکومتی سطح پر ایک لاکھ 25 ہزار میٹرک ٹن اور آذربائیجان سے حکومتی سطح پر 35 ہزارمیٹرک ٹن یوریا کی درآمدکی اجازت دیدی، ای سی سی نے ملکی ضروریات کیلئے مزید یوریا درآمد کرنے کے ضمن میں ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کو قابل عمل آپشنزدیکھنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
ای سی سی کا اجلاس وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار کے زیرصدارت منعقد ہوا، اجلاس میں وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر، وزیر پاور خرم دستگیر خان، وفاقی وزیر صنعت وپیداوار مخدوم سید مرتضیٰ محمود، وزیرمملکت خزانہ ڈاکٹرعائشہ غوث پاشا، وزیر مملکت پٹرولیم مصدق ملک، معاون خصوصی طارق باجوہ، معاون خصوصی ڈاکٹر محمد جہانزیب خان، چیئرمین ایس ای سی پی، وفاقی سیکرٹریز، چیئرمین ایف بی آر اور دیگر سینئر حکومتی افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں وزارت صنعت و پیداوار کی جانب سے دو لاکھ میٹرک ٹن یوریا کی خریداری سے متعلق سمری پیش کی گئی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ وزارت نے چین کی فرمز کی جانب سے کم ترین قیمت پر یوریا کی فراہمی سمیت مختلف تجاویز پر مذاکرات کئے ہیں۔
ای سی سی نے معاملہ پر تفصیلی بحث کے بعد چین سے حکومتی سطح پر ایک لاکھ 25 ہزار میٹرک ٹن یوریا اور آذربائیجان سے حکومتی سطح پر میسرز سوکار سے 35 ہزار میٹرک ٹن یوریا کی درآمد کی اجازت دیدی، ای سی سی نے ملکی ضروریات کیلئے مزید یوریا درآمد کرنے کے ضمن میں قابل عمل آپشنز دیکھنے کی بھی ہدایت کی۔
ای سی سی نے وزارت توانائی، پٹرولیم ڈویژن کی طرف سے ہائی سپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) / گیس آئل پریمیم کے بارے میں جمع کرائی گئی سمری پر غور کیا۔
ای سی سی نے ملک میں ہائی سپیڈ ڈیزل کی بڑھتی ہوئی طلب کو مدنظر رکھتے ہوئے سفارش کی کہ پی ایس او کا ایچ ایس ڈی کے لیے اوسط پریمیم کو کے پی سی اور سپاٹ قیمتوں کا حساب کتاب وفاقی حکومت کی قابل اطلاق پالیسی رہنمائی کے مطابق لاگو کیا جا سکتا ہے اور ہائی سپیڈ ڈیزلچ آئل درآمد کرنے والی مارکیٹنگ کمپنیز (او ایم سیز) کے پی ا یس او کے مقابلہ میں ایچ ایس ڈی پر زیادہ پریمیم ادا کرنے کی صورت میں پریمیم کے فرق کو قیمت میں شمار کیا جائے گا۔
اجلاس میں وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے لئے 115 ملین روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی بھی منظوری دی۔

فلسطین میں آتشزدگی، 8 بچوں سمیت 21 جاں بحق، وزیراعظم شہباز شریف کا اظہار افسوس

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے فلسطین میں آتشزدگی کے باعث 8 بچوں سمیت 21 قیمتی جانوں پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں وزیراعظم نے لکھا کہ غزہ میں ایک رہائشی عمارت میں آتشزدگی کے سانحے میں آٹھ بچوں سمیت 21 قیمتی جانوں کے ضیاع پر غمزدہ ہیں۔
انہوں نے لکھا کہ ہم سوگوار خاندان اور فلسطینی عوام سے دلی تعزیت کرتے ہیں۔

اہم تعیناتی پر اتفاق رائے ہو چکا، فیصلہ وزیر اعظم کریں گے، رانا ثنا اللہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ اہم تعیناتی پر اتفاق رائے ہو چکا ہے تاہم فیصلہ وزیر اعظم ہی کریں گے۔
وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرا تجربہ ہے حساس نوعیت کے فیصلے سے پہلے اتفاق رائے ہوتا ہے اور اہم تعیناتی پر اختیار وزیر اعظم کا ہے جبکہ اس معاملے پر اتفاق رائے ہوچکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کی تعیناتی کا فیصلہ وزیر اعظم ہی کریں گے جو ان کا آئینی اختیار ہے اور تعیناتی پر یقینی طور پر وزیر اعظم نے عسکری لیڈر شپ سے بات کی ہو گی۔ آرمی چیف کی تعیناتی کسی کو سرپرائز دینے والی بات نہیں ہے۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ کوئی ایسی بات نہیں کرنا چاہتا کہ فیصلے سے پہلے قیاس آرائی ہو اور اہم نوعیت کی تقرری کو پیپرز پر لانے سے پہلے انڈرسٹینڈنگ ضروری ہے۔ مشاورت سے مراد کسی کا اختیار تو نہیں ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کسی سے بھی بات کر سکتے ہیں لیکن فیصلہ وزیر اعظم نے ہی کرنا ہے۔ تعیناتی کا معاملہ پیپر پر آنا باقی ہے اور ایک سے 2 دن میں آرمی چیف کی تعیناتی کا فیصلہ ہو جائے گا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ آرمی چیف کی تعیناتی میں مزید تاخیر مناسب نہیں ہو گی اور نواز شریف نے کبھی بھی کسی آرمی چیف سے وہ باتیں نہیں کیں جو یہ منسوب کرتا ہے۔ اسحاق ڈار کی جہاں مدد درکار تھی وہ حاصل کی گئی۔ عمران خان نے ہمیشہ غلط بیانی سے کام لیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کو معلوم ہے اپریل، مئی سے پہلے الیکشن نہیں ہو سکتے اور عمران خان کا لانگ مارچ کہیں نظر نہیں آرہا بس لانگ مارچ کے نام پر ضلعی سطح پر تماشا ہو رہا ہے۔ پی ٹی آئی جماعت میں کوئی قابل اعتبار نہیں ہے کیونکہ شاہ محمود قریشی، پرویز خٹک اور فواد چودھری سے کئی بار مختلف معاملات پر بات چیت ہوئی ہے۔

برطانیہ میں گرنے والے شہابی پتھر میں زندگی کے متعلق اہم معلومات کا انکشاف

گلاسگو: (ویب ڈیسک) سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ برس برطانیہ میں گرنے والا شہابی پتھر زمین پر سمندر اور زندگی کے وجود میں آںے کے متعلق اہم معلومات رکھتا ہے۔
برطانیہ کے شہر گلوسیسٹرشائر کے علاقے وِنچ کومب میں گرنے والی خلائی چٹان کا تجزیہ کرنے سے یہ معلوم ہوا کہ اس میں 11 فی صد پانی اور 2 فی صد کاربن موجود ہے۔
سائنس ایڈوانسز میں شائع ہونے والی تحقیق میں ماہرین کا کہنا تھا کہ ان کی تحقیق کے نتائج یہ بتاتے ہیں کہ زمین پر سمندر اور زندگی کی ابتداء کے لیے جو اجزاء ضروری ہوتے ہیں ان کی فراہمی میں سیارچوں نے اہم کردار ادا کیا۔
یونیورسٹی آف گلاسگو کے ڈاکٹر لیوک ڈیلی کا کہنا تھا کہ تحقیق میں سائنس دانوں کو معلوم ہوا کہ زمین پر زندگی کا سبب یعنی پانی کیسے وجود میں آیا۔
انہوں نے کہا کہ سائنسی برادری کا جو سب سے بڑا سوال ہے وہ یہ کہ ہم یہاں پہنچے کیسے؟ وِنچ کومب سیارچے پر کیا جانے والا تجزیہ یہ بتاتا ہے کہ زمین پر پانی آیا کیسے۔
انہوں نے کہا کہ محققین آئندہ سالوں میں اس سیارچے پر تحقیق جاری رکھیں اور ہمارے نظامِ شمسی کے اصل کے رازوں سے پردہ اٹھائے گا۔
وِنچ کومب شہابی پتھر ایک نایاب چٹان کے طور پر شمار کی جاتی ہے جس کو کاربنیسیئس کونڈرائٹس کہا جاتا ہے۔
زمین پر ملنے والے تمام سیارچوں کا 3 فی صد کاربنیسیئس کونڈرائٹس پر مشتمل ہیں اور ان میں غیر تبدیل شدہ کیمیا موجود ہیں جن کا تعلق نظامِ شمسی کے وجود میں آنے کے وقت یعنی چار ارب سال سے زائد عرصہ پہلے سے ہے۔
سیارچے کے ٹکڑے پر کیے جانے والے تجزیے میں اس شہابی پتھر کے منرلز میں موجود خلائی پانی کی موجودگی سامنے آئی۔ یہ پانی اس ٹکڑے کے بنیادی سیارچے میں نظامِ شمسی کے ابتدائی مراحل میں چٹانوں اور مائع کے درمیان کیمیکل ری ایکشن کے دوران وجود میں آیا۔
کیمیائی تجزیے میں معلوم ہوا کہ اس پانی کا مرکب زمین پر موجود پانی سے بہت مشابہت رکھتا ہے۔ مزید یہ کہ ان نمونوں میں امائنو ایسڈ بھی پایا گیا ہے جو زندگی کی اصل کے لیے ایک اہم جزو ہے۔

آج رات حلقہ بندیاں درست کر لیں، الیکشن کل کرالیں، وسیم اختر

کراچی: (ویب ڈیسک) ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے رکن وسیم اختر نے کہا ہے کہ آج رات حلقہ بندیاں درست کر لیں، الیکشن کل کرا لیں، ہم الیکشن سے بھاگ نہیں رہے ہیں، درست حلقہ بندیاں چاہتے ہیں۔
انہوں نے خواجہ اظہار الحسن کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکس دینے والے شہریوں کے مسائل کا حل نکالا جائے۔
سابق میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ کئی بار وفاقی حکومت کو بھی یاد دہانی کرائی ہے مگر کچھ نہ ہوا، بلدیاتی نظام کو مضبوط ہونا چاہیے، بلدیاتی نظام کے معاملے پر ہم سپریم کورٹ گئے، ہم نے بلدیاتی نظام پر تمام جماعتوں سے بات چیت بھی کی۔
انہوں نے کہا کہ ووٹر لسٹوں میں خامیاں ہیں، حلقہ بندیوں میں بھی مسائل ہیں، حلقہ بندیوں میں ایم کیو ایم کا ووٹ بینک کم کیا گیا ہے، یہ جدوجہد سیاسی فائدہ اٹھانے کیلئے نہیں بلکہ کراچی کے مسائل کے حل کیلئے کر رہے ہیں۔
وسیم اختر نے کہا کہ میئر کوئی بھی آئے مگر مضبوط ہونا چاہئے جس کے پاس اختیارات ہوں، جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی والے چاہتے ہیں بلدیاتی الیکشن جلد از جلد ہو جائیں، یوں لگتا ہے ان دونوں جماعتوں کو کسی نے کہہ دیا ہے کہ تم جیت جاؤ گے۔
ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے رکن وسیم اختر نے کہا کہ کراچی کی ترقی کیلئے پی ٹی آئی کے اتحادی بنے تھے، سابق وزیراعظم عمران خان سے 4 سال کے دوران کئی میٹنگز ہوئیں، عمران خان کو کراچی کے مسائل کے حوالے سے کئی بار آگاہ کیا، ایم کیوایم نے پیپلزپارٹی کے ساتھ معاہدہ سندھ کے مسائل کے حل کیلئے کیا۔
انہوں ںے کہا کہ بلدیاتی نمائندوں کے پاس اختیارات نہیں ہیں اس سلسلے میں عدالت بھی گئے، عدالت نے کہا بلدیاتی نظام کو مضبوط ہونا چاہیے، ہماری ترجیح بلدیاتی نظام سے متعلق عدالتی فیصلے پرعملدرآمد کروانا ہے۔
وسیم اختر نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آصف زرداری اور بلاول بھٹو کے ساتھ میٹنگز میں بھی مطالبات رکھے گئے، آصف زرداری اور بلاول نے کہا ایم کیوایم کے مطالبات جائز ہیں عملدرآمد ہونا چاہیے، ذاتی مراعات کیلئے نہیں، عوامی مسائل کے حل کیلئے کوشش کر رہے ہیں۔

150 فِٹ لمبی داڑھی کی زنجیر کا عالمی ریکارڈ

کیسپر: (ویب ڈیسک) امریکا میں مردوں کے ایک گروپ نے 150 فٹ لمبی داڑھی کی زنجیر بنا کر گینیز عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی ریاست وائیومنگ کے شہر کیسپر میں منعقد ہونے والی داڑھی اور موچھوں کی چیمپئن شپ میں ریکارڈ کے لیے امیدواروں نے مقابلہ کیا۔ مقابلے میں لوگوں نے ایک دوسرے کی داڑھیوں کو جوڑ کر زنجیر بنائی۔
ریکارڈ بنانے کے لیے شریک ایک امید وار کا کہنا تھا کہ آپ کو اس کوشش میں آدھے گھنٹے تک ساکت کھڑا رہنا ہوتا ہے کیوں کہ اگر آپ بہت زیادہ ہلیں گے تو آپ کی زنجیر ٹوٹ سکتی ہے۔
اس سے قبل یہ ریکارڈ 2007 میں جرمنی میں 62 فٹ 6 انچ لمبی زنجیر بنا کر قائم کیا گیا تھا۔

عامر خان کی بیٹی نے اپنے قریبی دوست سے منگنی کرلی

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی وڈ اداکار عامر خان کی بیٹی آئرا خان نے فٹنس ٹرینر اور اپنے قریبی دوست نوپور شیکھر سے منگنی کرلی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آئرا اور نوپور کی منگنی کی تقریب آج ممبئی میں منعقد ہوئی جس میں عامر خان ان کی سابقہ اہلیہ کرن راؤ ، رینا دتہ سمیت قریبی دوستوں نے شرکت کی۔
سوشل میڈیا پر آئرا کی منگنی کی تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہورہی ہیں جس میں انہیں سرخ جبکہ نوپور کو کالے اور سفید لباس میں دیکھا جاسکتا ہے۔
آئرا خان نےگزشتہ سال نوپور شیکھر کے ساتھ اپنے تعلقات کی تصدیق کی تھی۔
آئرا عامر خان اور ان کی پہلی اہلیہ رینا دتہ کی بیٹی ہیں۔

خواتین کے ساتھ ہراسگی کے بڑھتے واقعات کی روک تھام کیلئے ٹرینوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ

لاہور: (ویب ڈیسک)مسافر ٹرینوں میں خواتین کے ساتھ جنسی ہراسگی کے بڑھتے واقعات کی روک تھام کے لیے ٹرینوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ نیوز ویب سائٹ’پروپاکستانی‘ کے مطابق وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق کی طرف سے ریلوے حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ سفر کو محفوظ بنانے کے لیے تمام ٹرینوں میں سی سی ٹی وی کیمرے فوری نصب کیے جائیں۔
اس حوالے سے خواجہ سعد رفیق کی صدارت میں ایک اجلاس کا انعقاد ہوا، جس میں چیئرمین ریلویز ظفر زمان رانجھا، ایڈیشنل سیکرٹری ریلویز سید مظہر علی شاہ اور دیگر حکام شریک ہوئے۔ اجلاس میں وفاقی وزیر نے ٹرین منیجر کے کردار کے احیاءکی بھی ہدایت کی، جو تمام مسافر ٹرینوں کی نگرانی کا ذمہ دار ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹرین منیجر اور پولیس سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مسافروں کی نگرانی کریں گے۔