All posts by Khabrain News

سینیٹر عبد الکریم کے بیٹے کی گرفتاری انتقامی کارروائی ہے: وزیراعظم شہباز شریف

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبد الکریم کے بیٹے کی گرفتاری انتقامی کارروائی ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے معاون خصوصی سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم کو ٹیلیفون کیا، وزیراعظم کی اسامہ عبدالکریم کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
ٹیلیفونک رابطے کے دوران شہباز شریف نے سینیٹر حافظ عبدالکریم اور ان کے خاندان سے مکمل اظہار یکجہتی کیا۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اسامہ عبد الکریم کی گرفتاری انتقامی کارروائی ہے، انشاءاللہ فتح حق کی ہو گی۔
دوسری طرف ڈیرہ غازی خان میں مسلم لیگ کے رہنما حافظ عبدالکریم کے بیٹے اسامہ عبدالکریم کی گرفتاری کےخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ، جس کے باعث پل ڈاٹ روڈ ، ڈیرہ غازیخان روڈ بلاک ہونے سے گاڑیوں کی لمبی لائنیں قطاریں لگ گئیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبد الکریم اور ان کے صاحبزادے مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ پنجاب کے سینئر نائب صدر اسامہ عبد الکریم کے خلاف اینٹی کرپشن پولیس نے پلازہ اور ہوٹل اور دیگر کمرشل پراپرٹی کی فیس کی عدم ادائیگی اور مبینہ طور پر کم جمع کرا نے کے الزام میں کارپوریشن افسران سمیت 5 افراد کی خلاف مقدمہ درج کر کے اسامہ عبدالکریم کو گرفتار کر لیا تھا۔
اینٹی کرپشن کی جانب سے مقدمے میں مسلم لیگ ن کے سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم اور انکے بیٹے سمیت 5 افسران کو نامزد کیا گیا تھا۔ مقدمہ درج ہونے کے بعد اینٹی کرپشن نے مسلم لیگ ن یوتھ ونگ پنجاب کے سینئر نائب صدر کو گرفتار کر کے حوالات میں بند کردیا۔

پی ٹی آئی کی عدم اعتماد لانے کی دھمکی، چیئرمین سینیٹ کا مستعفی ہونے سے انکار

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان کے ایوان بالا (سینیٹ) کے چیئرمین صادق سنجرانی نے مستعفی ہونے سے انکار کردیا۔
چیئرمین سینیٹ سے تحریک انصاف کی ناراضی برقرار ہے۔ پی ٹی آئی سینیٹرز اور چیئرمین سینیٹ کے درمیان پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات ہوئی جس میں ان سے اپنےعہدے سے استعفی دینے پر مشاورت ہوئی۔
ذرائع نے بتایا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے چیئرمین سینیٹ پر اپنے عہدے سے مستعفی ہونے پر زور دیا گیا اور انہیں پیغام دیا گیا کہ استعفیٰ نہ دیاگیا تو سینیٹ میں تحریک عدم اعتماد لائی جائے گی۔
انہوں نے جواب دیا کہ مستعفی نہیں ہوں گا اور آپ تحریک عدم اعتماد لے آئیں میں مقابلہ کروں گا۔
چیئرمین سینیٹ کی صدر عارف علوی سے ایوان صدر میں بھی ملاقات ہوئی تھی جس میں صدر ملکت کی جانب سے انہیں استعفیٰ دینے پر زور دیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی صادق سنجرانی کے سینیٹ میں کردار سے خوش نہیں۔

آئی ایم ایف نے سیلاب سے متعلق اخراجات کی تفصیلات طلب کرلیں

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان میں سیلاب سے متعلق اخراجات کی تفصیلات طلب کرلیں۔
وزارتِ خزانہ ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال کی پہلی سہہ ماہی کی اقتصادی کارکردگی سے متعلق اعدادوشمار پہلے ہی آئی ایم ایف کو دئیے جاچکے ہیں، اس کے علاؤہ آئی ایم ایف کے ساتھ سیلاب کی تباہ کاریوں سے متعلق جو عالمی اداروں کی رپورٹس کے تناظر میں اعداد وشمار مرتب ہوئے وہ بھی شیئر کئے گئے۔
قبل ازیں آئی ایم ایف سے سیلاب کی تباہ کاریوں کے اثرات کو مد نظر رکھتے ہوئے نرمی کی درخواست کی گئی تھی، جس میں گزشتہ روز ز وزیر خزانہ کے ساتھ ہونیوالی آن لائن ملاقات میں سیلاب کے باعث پسماندہ و غریب طبقے کیلئے سبسڈیز بارے نظر ثانی کا عندیہ بھی دیا گیا گیا تھا۔
اب آئی ایم ایف نے پاکستان سے سیلاب سے متعلق اخراجات کی تفصیلات سمیت بحالی اور انفراء اسٹرکچر کی تعمیر نو پر آنے والے اخراجات کی تفصیلات مانگ ہیں اور آئی ایم ایف نے پاکستانی حکام سے کہا ہے کہ یہ بھی بتایا جائے کہ سیلاب بحالی اور تعمیرنو پر رواں سال کتنی رقم خرچ ہوگی جبکہ تعمیر نو میں آباد کاری کے کتنے منصوبے ہیں۔
آئی ایم ایف کی جانب سے طلب کی گئی تفصیلات میں مزید کہا گیا ہے کہ گھروں اور شاہراہوں کی تعمیرنو پراخراجات کی علیحدہ علیحدہ تفصیلات فراہم کی جائیں۔
ذرائع کے مطابق وزارت خزانہ کی جانب سے آئندہ ہفتے تمام تفصیلات آئی ایم ایف کو فراہم کردی جائیں گی جس کے بعد آئی ایم ایف اور پاکستان کے درمیان مذاکرات دوبارہ ہوں گے۔

وزیر نہیں پھر بھی حکومتی خرچ پر منسٹر لاج میں رہ رہے ہیں: عطا کا فواد پر طنز

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی برائے انسداد منشیات عطا تارڑ نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری پر طنز کیا ہے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ کا کہنا تھاکہ فواد چوہدری اہلیہ سمیت اب بھی حکومتی خرچ پر منسٹرز لاج میں رہائش پذیر ہیں، بڑی مشکل سے وزرات اطلاعات کا گارڈ اور باورچی کو آزاد کر وایا ہے، حقیقی آزادی مارچ سے پہلے اسے بھی خالی کردیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو حقیقی آزادی دلانے نکلے ہیں، سرکار کی ملکیت کو تو آزاد کردیں۔

عوام کو یقین ہے عمران خان کو گولی نہیں لانگ مارچ کی ناکامی کا غم ہے، مریم اورنگزیب

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان صحت مند اوربہتان تراشی کررہا ہے۔
نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان کے خطاب سے لگا انہیں گولی نہیں غم لگا ہے، ان کا لانگ مارچ ورک فراہم ہوم ہو گیا ہے، یہ ایسا بہروپیا ہے جوجھوٹ بول کربھیس بدلتا ہے۔ عمران صاحب!عوام پاگل اوربیوقوف نہیں ہیں، وہ صحت مند اوربہتان تراشی کر رہے ہیں۔ تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کو دیکھ کر آرمی چیف کو تاحیات ایکسٹنشن کی آفرکی، آرمی چیف نے ان کی بات کو نہیں مانا، پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے بھی عمران کے بیانیے کو مسترد کردیا تھا، 6 ماہ تک اداروں کے خلاف مہم چلائی گئی، ملک کوآگ لگانے اورتقسیم کرنے کی بات کی گئی، ابھی موصوف خارجہ پالیسی پر گفتگو کر رہے تھے، 4 سال فارن پالیسی کا جنازہ نکال کرگئے، ایبسلوٹلی ناٹ ناٹ کہنے والا امریکا سے معافیاں، ترلے منتیں کر رہا ہے، عمران صاحب! اِٹ اِز ناٹ اوور، جواب دینا پڑے گا، حقیقی آزادی مارچ کا شور وہ مچا رہا ہے جس نے گھڑی بیچی۔
ن لیگ کی ترجمان کا کہنا تھا کہ ہماری گھڑی وقت عمران کی گھڑی نے اس کی اوقات بتائی، آپ متحدہ عرب امارات، برطانیہ کی عدالت کیوں جا رہے ہیں رسدیں دے دیں، توشہ خانہ کا کیس نیب میں بھی چلا گیا ہے، آپ کے ہینڈلر شہزاد اکبر نے عمرفاروق کوگھڑی بیچی، کیش کی صورت میں چارٹر طیارے میں پیسے منی لانڈر کیے، اپنے اوپرالزام لگے تو کہتا ہے دبئی اور برطانیہ کی عدالت جاؤں گا، گزشتہ چار سال آپ نے شہباز شریف، مریم نواز سمیت سب کوجیلوں میں ڈالا۔ کہتے ہیں نیب کا ادارہ ان کے پاس نہیں تھا، آپ کے پاس نیب نہیں نیب کی ویڈیوتھی، آپ نے چالیس،چالیس سال کے حساب لیے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں 10 سال سے احتساب کو تالا لگا ہوا ہے، آپ کی ضد، تکبر کے مطابق قانون نہیں چل سکتا، کہتا ہے جن کو نامزد کروں ان کے خلاف ایف آئی آر کٹ جائے، بات مختصر پیسے جمع کرائے بغیر گھڑی کو بیچا گیا، گھڑی کو بیچ کر پیسوں کو ڈکلیئر نہیں کیا، گھڑی کی رسید نقلی بنالی ہے، مریم اورنگزیب اب کس منہ سے کہتے ہیں ان کی حکومت آئے۔

یوٹیلیٹی سٹورز پر گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں کمی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن نے گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں کمی کر دی۔
مہنگائی کے ستائی عوام کیلئے یوٹیلیٹی سٹورز سے خریداری پر ریلیف کی خوشخبری سنادی گئی، کوکنگ آئل اور گھی کی قیمتوں میں کمی کا اطلاق فوری ہوگا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق مختلف برانڈز کے گھی کی قیمتوں میں 7 سے 39 روپے تک کی کمی کی گئی، حبیب بناسپتی کی قیمت میں 34 روپے، حبیب کوکنگ آئل فی لٹر قیمت میں 36 روپے کی کمی کی گئی۔
ایوا پریمئم برانڈ گھی کی قیمت میں 39 روپے فی کلو کمی، سویا سپریم گھی پریمیئم برانڈ کے 1 کلو کی قیمت میں 25 روپے، سویا سپریم کوکنگ آئل فی لیٹر کی قیمت میں 7 روپے کمی کی گئی۔

ملک بھر میں مہنگائی مزید بڑھ گئی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں مہنگائی کی شرح میں اضافہ ہوگیا۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں اعشاریہ 62 فیصد اضافہ ہوا جس کے بعد مہنگائی کی شرح 28.67 فیصد تک پہنچ گئی۔
رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے کے دوران 23 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، پیاز، آلو انڈے اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔

نوازشریف کو ڈر ہے مجھے دوبارہ اقتدار ملا تو احتساب پھر شروع ہو جائے گا: عمران خان

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ الیکشن کا بھی اعلان ہو جائے حقیقی آزادی کی تحریک چلتی رہے گی، میرے خلاف کوئی کرپشن کیسزنہیں مجھے کوئی خطرہ نہیں، نوازشریف ڈرا ہوا ہے اگرعمران دوبارہ آ گیا تو احتساب پھر شروع ہو جائے گا،
پاکستان تحریک انصاف کے حقیقی آزادی لانگ مارچ کے چکوال، گوجر خان، خیبر، بونیر میں شرکاء سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اب حقیقی طور پر آزاد ہونے کا وقت آ گیا ہے، کسی سپرپاورنہیں ملک کے منتخب نمائندوں کو فیصلے کرنے چاہئیں، اگر بھارت روس سے سستا تیل خرید سکتا ہے تو ہمیں بھی خریدنا چاہیے، اس لیے تیل نہیں لیتے کہیں کوئی سپر پاورناراض نہ ہو جائے یہ غلامی ہے، آزاد قومیں اپنے مفاد کودیکھ کرفیصلہ کرتی ہے، آج میں ایک باشعورقوم دیکھ رہا ہوں، جہاں انصاف ہو وہاں کوئی طاقتور ظلم نہیں کر سکتا، قوم سمجھ گئی ہے حقیقی آزادی کیا ہے، انصاف ہوگا تو کہیں رشوت نہیں مانگی جائے گی، انصاف ہوتا ہے تو خوشحالی آتی ہے، حقیقی آزادی کا مقصد لوگوں کوانصاف دے کرآزاد کرنا ہے۔
پی ٹی آئی چیئر مین کا کہنا تھا کہ جب تب تک سب کے لیے قانون یکساں نہیں ہو گا ملک آزاد نہیں ہو سکتا، سب سے بڑی پارٹی کا سربراہ ہوں اپنی ایف آئی آرنہیں کٹوا سکتا، اپنی حکومت ہونے کے باوجود طاقتور لوگوں کے خلاف ایف آئی آردرج نہیں کراسکا، اگر میرے ساتھ ایسا سلوک تو عام آدمی کے ساتھ کیا ہوتا ہو گا، ملک میں جب بھی ایم این ایزآتا ہے توپہلےاپنا تھانے داررکھواتا ہے۔ اوورسیزپاکستانیوں کو کرکٹ کے زمانے سے جانتا ہوں، اوورسیز پاکستانیوں کو پاکستان کے انصاف کے نظام پر اعتماد نہیں، الیکشن کا بھی اعلان ہو جائے حقیقی آزادی کی تحریک چلتی رہے گی، جب تک ملک میں یکساں قانون نہیں ہوگا ملک آزاد اورخوشحال نہیں ہوسکتا۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج بابرستارنے کہا کسی ایک ٹویٹ پرآپ کسی کوغدار نہیں بنا سکتے۔ اعظم سواتی کو بچوں کے سامنے مارا گیا، اعظم سواتی پر ننگا کر کے تشدد کیا، ظلم کے سامنے کھڑا ہونا جہاد ہے، رائے حق پر کھڑا ہونے پر جان دینے والے شہید کہلاتے ہیں، ارشد شریف دھمکیوں کے باوجود رائے حق پرکھڑا رہا، ارشد شریف نے جان کی قربانی دی، قوم پرلازم ہے اب انصاف کی ڈیمانڈ کریں، ارشد شریف، اعظم سواتی اور مجھے اگر انصاف نہیں ملے گا تو باقی کس کوملے گا، میں اس حقیقی آزادی کو جہاد سمجھتا ہوں، سب لوگ حقیقی آزادی کی مارچ میں شرکت کریں، ملک کا پیسہ لوٹنے والے لندن کے محلات میں رہتے ہیں، جیلوں کے اندرغریب چھوٹے چوروں کو ڈالا ہوا ہے، پیسہ لوٹنے والے ملک کے فیصلے لندن میں کررہے ہیں، اربوں روپے کا ڈاکہ مارنے والوں نے پہلے مشرف اور اب اس دور میں این آر او لے رہے ہیں، سب کو پتا ہے ملک کو بچانے کا ایک ہی راستہ شفاف الیکشن کا ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو ملک کی فکر نہیں، ہمیشہ مشکل آتی ہے تو سابق وزیراعظم باہر بھاگ جاتا ہے، اس کوپتا ہے الیکشن کرائے گا تو ہارجائے گا، لیگی قائد اپنی ذات کے لیے ملک کو داؤ پر لگا رہا ہے، لندن میں چارفلیٹ بنائے منی ٹریل نہیں دے سکا، کیا ایسے شخص کو حق ملنا چاہیے کس کو آرمی چیف بننا چاہیے، جنرل آصف نواز کو نوازشریف نے بی ایم ڈبلیو کی رشوت دی جس کو انہوں نے مسترد کر دیا تھا، میرے خلاف کوئی کرپشن کیسزنہیں مجھے کوئی خطرہ نہیں، نوازشریف کے اربوں روپے بیرون ملک اسی لیے ڈرا ہوا ہے، نوازشریف ڈرا ہوا ہے اگرعمران دوبارہ آ گیا تو احتساب پھر شروع ہو جائے گا، نواز شریف جس کو آرمی چیف بناتا ہے پھر اسی سے اس کی لڑائی ہو جاتی ہے، یہ آرمی چیف سے توقع کرے گا کہ پہلے عمران کو فارغ کرو، پھرنوازشریف آرمی چیف سے کہے گا میرے کرپشن کیسزختم کرو، جب تک اسے الیکشن میں جیت کا یقین نہیں ہوگا الیکشن نہیں کرائے گا۔ آج ہمارے دور سے بھی مہنگائی دُگنا ہو چکی ہے، لندن میں بیٹھا شخص الیکشن نہیں کرائے گا اسے اپنی ذات کی فکرہے، نوازشریف کا کوئی اسٹیک پاکستان میں نہیں، کل کے دن بتاؤں گا کس دن پنڈی پہنچنا ہے۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کی وجہ سے 6 پولیس اہلکار شہید ہوئے، جب سے یہ حکومت آئی دہشت گردی بڑھ گئی ہے، ہمارے دورمیں تو افغان حکومت پاکستان کے خلاف تھی آج تو طالبان کی حکومت ہے، طالبان کی حکومت میں تو اب دہشت گردی نہیں ہونی چاہیے، سوات میں عوام دہشت گردی بڑھنے پر سڑکوں پر نکلی، اس حکومت کے پاس معاملات پر سوچنے کا وقت نہیں، اس حکومت کا صرف مقصد اپنے کرپشن کیسز اور تحریک انصاف کو ختم کرنا ہے، خیبرپختونخوا میں دہشت گردی بڑھنا لمحہ فکریہ ہے، اس حکومت کو جانا چاہیے اور الیکشن کا اعلان ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ کسانوں کا بُرا حال ہے مجھے تو خوف آ رہا ہے، ہمارے دور میں کسانوں نے 2600 ارب اضافی کمایا، ہمارے دورمیں ریکارڈ ٹریکٹر، موٹر سائیکل فروخت ہوئے، تحریک انصاف حکومت نے کسانوں کی مدد کے لیے پورا پلان بنایا تھا، ہمارے دور میں کسانوں کو پہلی دفعہ گنے کی پوری قیمت ملی، ہمارے دورمیں ساڑھے 8 روپے آج 24 روپے فی یونٹ کسانوں کو بجلی مل رہی ہے، کسانوں کے استعمال میں آنے والی24مشینری پرانہیں سبسڈی دی۔ آج کسانوں کو کھاد، بیجوں پر کوئی سبسڈی نہیں مل رہی، ہماری حکومت کسانوں کو سود کے بغیر قرض دے رہی تھی، شہبازشریف کا 1800 ارب کا کسان پیکیج صرف اشتہارات تک محدود ہے، شوگر ملز مالکان نے کہا ہے جنوری میں جا کر کرشنگ کریں گے، یہ کسانوں کا معاشی قتل ہونے جا رہا ہے، اس فیصلے سے کسانوں کا مزید نقصان ہو گا، پنجاب، وفاقی حکومت فوری طورپرکرشنگ اورگنے کی سپورٹ پرائس کا اعلان کرے۔
پی ٹی آئی چیئر مین کا کہنا تھا کہ کل ڈاکٹرز میرا معائنہ کریں گے پھر کل راولپنڈی کے حوالے سے اعلان کروں گا، ایسے حالات تو پرویزمشرف کے مارشل لاء میں بھی نہیں دیکھے تھے، نجی چینل کے مالک کی زندگی کو خطرہ ہے، مجھے خطرہ ہے اب نجی چینل کے مالک کو ماریں گے، ہم انسان ہیں بھیڑ، بکریاں نہیں قوم اب پیچھے نہیں ہٹے گی، فیصلہ کرنا ہےکیا تبدیلی پرامن یا پھرتباہی والی تبدیلی آئے گی جو سب کے ہاتھ سے نکل جاتی ہے تبدیلی کوروکا نہیں جاسکتا۔

امریکی سازش، عمران خان کے نئے یوٹرن کو خوش آمدید کہتے ہیں: بلاول

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سابق حکومت کیخلاف کوئی امریکی سازش نہیں ہوئی تھی، پی ٹی آئی چیئر مین عمران خان کے نئے یوٹرن کو خوش آمدید کہتے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر خارجہ نے کہا کہ ملک میں آج کل سیاسی کلائمیٹ پیدا کیا گیا ہے، سابق وزیراعظم نے نیا یوٹرن لیا ہے جس کو خوش آمدید کہتے ہیں، بہت اچھی بات ہے، امریکی سازش کے معاملے پر وہ مکر چکے ہیں، نہ کل کوئی امریکی سازش تھی اور نہ آج ہے۔
پریس کانفرنس کے دوران بات کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے چیئر مین کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کی تعیناتی کا سوال متعلقہ وزارت سے پوچھیں، پوری دنیا جانتی ہے دہشت گردوں کوکون سپورٹ کرتا ہے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ خطے میں تبدیلی کی وجہ سے پچھلے ایک سال میں دہشت گردی واقعات میں اضافہ ہوا ہے، دہشت گردی کے واقعات سے انکار نہیں کیا جا سکتا، ہماری حکومت آنے سے پہلے اور اب بھی دہشت گردی کے واقعات ہو رہے ہیں، ہمیں پالیسی پر نظر ثانی کرنی چاہیے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان اچھے اور تاریخی تعلقات ہیں۔ ہم ہمسایہ ممالک سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں۔امریکا مختلف شعبوں میں تعاون سے متعلق پاکستان کا دیرینہ شراکت دار ہے۔ پاکستان امریکا کے ساتھ برابری کی بنیاد پر تعلقات چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک امریکا روابط میں کمی کی وجہ سے دونوں ممالک میں مسائل نے جنم لیا۔
بلاول نے کہا کہ ہمارا فوکس پاکستان کے مفاد کو آگے رکھنا ہے۔ میری امریکی سیکرٹری خارجہ سے بھی اہم امور پر بات ہوئی ہے۔ پاکستان اور امریکا نے کئی مشترکہ اہداف حاصل کیے ہیں۔ جب وزیرخارجہ کا عہدہ سنبھالا تو پاکستان اور چین کے درمیان معاملات پر کام کیا۔ چینی ہم منصب سے بھی گفتگو ہوئی۔ دہشت گردی،معاشی ،سیاسی اور دیگر امور پر چینی قیادت سے بات چیت ہوئی۔چین نے مشکل مالی حالات میں ہماری مدد کی۔ دونوں ممالک کے مابین سی پیک منصوبے سمیت تمام معاملات پر مثبت بات ہوئی۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم بہت مشکل دور سے گزر کرآئے ہیں۔ خارجہ پالیسی سے متعلق ہمیں چیلنجز کا سامنا تھا، اس میں بہتری کے لیے کام کررہے ہیں۔پچھلے 5 سے 6 ماہ کی خارجہ پالیسیوں کے باعث ملک کو فائدہ ہوا ہے۔ ہماری تمام تر ترجیحات پاکستان کا مفاد ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم کوشش کریں گے کہ پاکستان بھی ایف اے ٹی ایف کے نظام کا حصہ بنے۔ پاکستان نے وقت سے پہلے ایف اے ٹی ایف کے ٹارگٹ حاصل کیے۔ ڈو مور، ڈومو ر ،دہشت گردی کےخلاف جنگ، یہ سلسلہ ختم ہوگیا ، اب نیامرحلہ ہے۔ پہلے بھی کہا تھا کہ ہم ایڈ نہیں ٹریڈ چاہتے ہیں ،اب بھی اسی مؤقف پر قائم ہیں۔ فوڈ سکیورٹی کانفرنس کی سائیڈ لائن پر امریکی وفد سے ملاقات ہوئی۔ جوممالک پاکستان کو گرے لسٹ میں ڈالنا چاہتے تھے ، انہوں نے نکالنے کا مشورہ دیا۔

شمالی کوریا کا بین البراعظمی میزائل امریکا تک مار کرسکتا ہے، جاپان

ٹوکیو: (ویب ڈیسک) جاپان کے وزیر دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ شمالی کوریا کے حال ہی میں لانچ کیے گئے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کی رینج امریکی سرزمین تک مار کرنے کے لیے کافی ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق شمالی کوریا کے وزیر خارجہ شوئے سون ہوئی نے خبردار کیا ہے کہ خطے میں امریکی مداخلت اور ان کے فوجیوں کی تعیناتی کے جواب میں کسی بھی طرح کا سخت ردعمل دیا جائے گا۔
شمالی کوریا کے وزیر خارجہ کا یہ بیان اس وقے سامنے آیا ہے جب حال ہی میں ان کے ملک نے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ طویل فاصلے تک مار کرنے والا یہ میزائل جاپان کے نزدیک گرا تھا۔
جنوبی کوریا کی فوج نے دعویٰ کیا تھا کہ یہ میزائل 6,100 کلومیٹر کی اونچائی پر پہنچا اور 1,000 کلومیٹر (621 میل) کا سفر طے کیا تھا تاہم جاپان کے وزیر دفاع نے بڑا انکشاف کیا ہے۔
جاپانی وزیر دفاع یاسوکازو ہماڈا نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا کہ یہ بیلسٹک میزائل اپنے وار ہیڈ کے وزن کے لحاظ سے 15 ہزار کلومیٹر تک مار کرنے کی صلاحیت رکھتا تھا یعنی امریکا اس کی رینج میں ہے۔
جاپان کے وزیر دفاع کے بیان پر شمالی کوریا نے کوئی تبصرہ نہیں کیا تاہم امریکا اور جنوبی کوریا نے شمالی کوریا کو کسی بھی قسم جارحیت سے باز رہنے کے لیے خبردار کیا ہے۔
خیال رہے کہ شمالی کوریا اس وقت طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل کی ایک نئی قسم ہواسونگ-17 تیار کر رہا ہے۔ یہ بین البراعظمی بیلسٹک میزائل سے بھی بڑا ہوگا جو متعدد وار ہیڈز لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے اور جس کا دفاع کرنا کسی بھی ملک کے لیے مشکل ہوگا۔
قبل ازیں شمالی کوریا نے 2006 سے 2017 کے درمیان چھ جوہری تجربات کیے تھے اور اب ساتویں ٹیسٹ کی تیاری مکمل کر لی ہے۔ ماہرین کا خیال ہے کہ یہ ایک کمپیکٹ نیوکلیئر ڈیوائس کا تجربہ کرنے کے موقع کو استعمال کر سکتا ہے۔