All posts by Khabrain News

کینیا میں شدید خشک سالی سے سیکڑوں قیمتی جانور ہلاک

کینیا: (ویب ڈیسک) کینیا کے طول وعرض میں تین سال سے بارش نہ ہونے سے شدید خشک سالی کا راج ہے اور اب تک سینکڑوں قیمتی جانور لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ دوسری جانب کینیا کے لاکھوں لوگ شدید غذائی قلت کے شکار ہوچکے ہیں۔
ملک کے مقامی ماہرین نے عالمی سطح پر فوری مدد کا اعلان بھی کیا ہے کیونکہ خشک سالی سے اب تک 205 ہاتھی، 512 درندے، 381 زیبرا، 12 زرافے اور 51 جنگلی بھینسے ہلاک ہوچکے ہیں جن کی موت گزشتہ دس ماہ میں واقع ہوئی ہے۔
مشرقی افریقہ میں اس وقت گزشتہ 40 برس کا سب سے شدید قحط دیکھنے میں آیا ہے۔ اس سال فروری میں اس کی شدت بڑھی جس میں جانوروں کی اموات شروع ہوئی اور ہر گزرتے روزمرنے والے جانوروں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔
اگرچہ خطے میں ہلکی بارش ریکارڈ ہوئی ہوئی ہے تاہم محکمہ موسمیات سے اوسط سے بہت کم بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جنگلی حیات پر اب بھی موت کے سائے منڈلارہے ہیں۔ بارش نہ ہونے سے سبزہ ختم ہوچکا ہے اور پانی کے ذخائر خشک ہونے سے جانور بھوک اور پیاس سے مررہے ہیں۔
ماہرین کے مطابق کل 14 مختلف اقسام کے چوپائے اور جانور سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں، یہاں تک کہ نیشنل پارک کا عملہ بھی اس کے ازالے میں ناکام رہا ہے۔ مرنے والوں میں گریوی زیبرا کی نایاب نسل بھی شامل ہے جو تین ماہ کی مدت میں 49 کی تعداد میں ہلاک ہوئے ہیں۔ نیشنل پارک میں بھی جگہ جگہ جانوروں کے ڈھانچے موجود ہیں۔
واضح رہے کہ اس ہولناک صورتحال کے باوجود کلائمٹ چینج پر منعقدہ عالمی کانفرنس میں اس مسئلے پر کوئی گفتگو نہیں ہوسکی ہے یہی وجہ ہے کینیا کے ماہرین نے عالمی اربابِ اختیار پر زور دیا ہے کہ وہ قیمتی جنگلی حیات بچانے میں اپنا اہم کردار ادا کریں۔

آرمی چیف تقرری پر صدر کے اقدام کو عمران خان کی حمایت ہوگی، فواد چوہدری

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سینئر نائب صدر چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ آرمی چیف تقرری پر صدر کے کسی بھی فیصلے کو عمران خان کی حمایت ہوگی۔
فواد چوہدری نے ٹوئٹ کیا کہ آرمی چیف کی تقرری کے ضمن میں صدر مملکت اپنی آئینی ذمہ داری ادا کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ صرف یہ واضح کر دوں صدر مملکت عارف علوی جو بھی قدم اٹھائیں گے اسے عمران خان کی مکمل حمایت حاصل ہوگی۔
آج اہم تقرری کے معاملے پر وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے درمیان اہم ملاقات ہوئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں سیاسی معاملات کو افہام و تفہیم سے حل کرنے پر تبادلہ خیال ہوا جبکہ وفاقی وزیر خزانہ نے وزیراعظم شہباز شریف کا اہم پیغام بھی صدر مملکت کو پہنچایا۔

سونے کی فی تولہ قیمت میں 400 روپے کمی

کراچی: (ویب ڈیسک) بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 5ڈالر کی کمی سے 1761 ڈالر کی سطح پر آگئی۔
مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی جمعہ کو فی تولہ اور فی دس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 400روپے اور 342روپے کی کمی واقع ہوئی۔
کراچی ،حیدرآباد ،سکھر ،ملتان ،لاہور ،فیصل آباد ،راولپنڈی ،اسلام آباد ، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت گھٹ کر ایک لاکھ 58 ہزار روپے اور دس گرام سونے کی قیمت بھی گھٹ کر 135460روپے کی سطح پر آگئی۔
فی تولہ چاندی کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 1690روپے اور دس گرام چاندی کی قیمت بھی بغیر کسی تبدیلی کے 1448.90 روپے کی سطح پر مستحکم رہی۔

ڈالر کی انٹربینک قیمت 223 روپے سے بھی زائد ہوگئی

کراچی: (ویب ڈیسک) ڈالر کی اڑان برقرار رہنے کے سبب جمعہ کو ڈالر کے انٹربینک ریٹ 223 روپے سے بھی تجاوز کرگئے۔
حکومتی اجازت کے بعد درآمدی شعبوں کی جانب سے ایک لاکھ ڈالر تک کے امپورٹ لیٹر آف کریڈٹس کھلنے کے دباؤ اور زرمبادلہ بحران برقرار رہنے سے دسمبر میں میچور ہونے والے عالمی سکوک کی ادائیگیوں پر خدشات کے باعث جمعہ کو بھی ڈالر کی اڑان برقرار رہی جس سے ڈالر کے انٹربینک ریٹ 223 روپے سے بھی تجاوز کرگئے۔
ذرائع نے بتایا کہ روپے کی قدر کو آزاد رکھنے کے لیے آئی ایم ایف کے مبینہ بالواسطہ دباؤ کی وجہ سے ڈالر کی قدر میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے کیونکہ آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان کے نویں ریویو کو بھی تاحال لٹکایا جارہا ہے جو مقامی مارکیٹ میں اضطراب بڑھانے اور روپیہ کی بے قدری کا سبب بن گیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ سمندر پار پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں چار ماہ کے دوران 9.27 ارب ڈالر کی کمی بھی روپیہ کی بے قدری پر اثر انفاز ہے۔ انٹربینک مارکیٹ میں کاروباری دورانیے کے دوران ڈالر کی قدر ایک موقع پر 83 پیسے کے اضافے سے 223.50 روپے کی سطح پر بھی پہنچ گئی تھی تاہم اختتامی لمحات میں ڈیمانڈ قدرے گھٹنے سے ڈالر کے انٹربینک ریٹ 50 پیسے کے اضافے سے 223.17 روپے کی سطح پر بند ہوئی۔ اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 45 پیسے کے اضافے سے 229.95 روپے کی سطح پر بند ہوئی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ دسمبر میں میچور ہونے والے پاکستان کےعالمی سکوک کی ایلڈ مزید بڑھ کر 90 فیصد سے متجاوز ہونے سے عالمی سطح پر نادہندگی کی چہ مگوئیاں شروع ہوگئی ہیں جو روپیہ کی گراوٹ کا باعث بن رہی ہے۔

آرمی چیف سے میری لاہور میں کوئی ملاقات نہیں ہوئی: عمران خان

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مسلح افواج کے سربراہ کی تعیناتی چیف جسٹس سپریم کورٹ کی طرح ہونی چاہیے، آرمی چیف سے میری لاہور میں کوئی ملاقات نہیں ہوئی۔
سینئر صحافیوں کے ساتھ غیر رسمی گفتگو کے دوران سابق وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت آرمی ایکٹ میں ترمیم اپنے فائدے کیلئے کررہی ہے، آرمی ایکٹ میں ترمیم کرکے مسلح افواج کو پنجاب پولیس کے برابر لانا چاہتے ہیں، آرمی ایکٹ میں ہونے والی مجوزہ ترمیم اعلیٰ عدلیہ میں چیلنج ہو جائے گی، نوازشریف وہ آرمی چیف لگانا چاہتا ہے جو مجھے نااہل کرے اور نوازشرہف کے کیسز ختم کریں، پھر اسے اقتدار میں لائیں۔
پی ٹی آئی چیئر مین کا کہنا تھا کہ مسلح افواج کے سربراہ کی تعیناتی چیف جسٹس سپریم کورٹ کی طرح ہونی چاہیے،آرمی چیف سے میری لاہور میں کوئی ملاقات نہیں ہوئی، صدر عارف علوی کی آرمی چیف سے ملاقات ہوئی ہے، ملاقات کا ایجنڈا جلد شفاف انتخابات تھا۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرے معالجین کل میرا معائنہ کر کے اپنی رائے سے آگاہ کریں گے، راوالپنڈی سے لانگ مارچ کی قیادت خود کروں گا، ارشد شریف کے معاملے پر ان کا کیا گیا ظلم سب کے سامنے ہے، توشہ خانہ کیس میں انہوں نے مجھے خود عدالت میں جانے کاموقع دیاہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ وزیرآباد مرکزی ملزم کو 14 دن بعد عدالت پیش کیا گیا، خدشہ ہے ان 14 روز میں شواہد ضائع نا ہوجائیں، ق لیگ ہمارے اتحادی ہیں، پرویز الہی کے ساتھ بہترین اتحاد چل رہا ہے، میں نے انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) مشین سے دھاندلی رکوانے کی بھر پور کوشش کی ، ای وی ایم کے معاملے پر نواز زرداری الیکشن کمیشن اور ہینڈلز ایک پیج پر تھے، مکمل اختیارات ملیں گے تو وزیراعظم بنوں گا، یہ نہیں ہوسکتا کہ اختیارات کسی کے پاس ہوں اور ذمہ داری کسی اور کے پاس ہو، کسی سے کوئی مذاکرات نہیں ہورہے۔

فیفا ورلڈ کپ 2022 اب تک کا مہنگا ترین ٹورنامنٹ

لاہور: (ویب ڈیسک) فیفا ورلڈ کپ 2022 اب تک کا مہنگا ترین ٹورنامنٹ ہے، فیفا ٹورنامنٹ کے میزبان ممالک کا اعلان آٹھ سے دس سال پہلے ہی کردیا جاتا ہے تاکہ وہ اپنی تیاریاں مطلوبہ وقت تک مکمل کرسکیں۔
کئی سال پہلے نامزدگی کا مقصد اخراجات کا تخمینہ لگانا ہوتا ہے، ابتدائی اخراجات فیفا فراہم کرتا ہے تاکہ کام کا آغاز ہوسکے لیکن دیگر اخراجات میزبان ملک کے ذمہ ہوتے ہیں۔
انیس سو نوے میں اٹلی میں منعقد ہونے والے عالمی کپ کا بجٹ 4 ارب ڈالر تھا۔
انیس سو چوارنوے میں امریکا میں منعقد ہونے والے ورلڈ کپ میں گزشتہ عالمی کپ سے کم اخراجات ہوئے، مجموعی طور پر ایونٹ کی تیاری پر 50 کروڑ ڈالرز کی لاگت آئی۔
فرانس میں 1998 کی میزبانی پر 2 ارب 33 کروڑ ڈالر کا بجٹ خرچ ہوا، دو ہزار دو میں جنوبی کوریا اور جاپان نے عالمی کپ کی مشترکہ طور پر میزبانی کی جس پر 7 ارب ڈالر کی لاگت آئی، دو ہزار چھ میں جرمنی میں پورے ایونٹ میں کُل 4 ارب 60 کروڑ ڈالر کے کم اخراجات ہوئے۔
دو ہزار دس کے فیفا عالمی کپ میں جنوبی افریقہ کو نامزد کیا گیا اس بار اخراجات مزید کم ہوتے ہوئے لاگت 3 ارب 60 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئے، برازیل میں منعقد ہونے والا 2014 اُس وقت کا مہنگا ترین ایونٹ تھا جس پر کُل 15 ارب ڈالر کی لاگت آئی۔
دو ہزار اٹھارہ میں روس میں منعقد ہونے والے عالمی کپ میں 11 ارب 60 کروڑ ڈالر کے اخراجات آئے، تاہم اب قطر عالمی کپ کی میزبانی کرنے والا پہلا عرب ملک اور دوسرا ایشیائی ملک ہے جس نے فیفا اخراجات کے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ ڈالے ہیں۔
قطر میں منعقد ہونے والا یہ عالمی کپ کھیلوں کی دنیا کا مہنگا ترین ٹورنامنٹ ہوگا۔
قطر ورلڈ کپ کی میزبانی کے اخراجات تقریباً 220 ارب ڈالر بتائے جارہے ہیں، یہ روس میں منعقد ہونے والے پچھلے فٹبال ورلڈ کپ کی لاگت سے تقریباً 20 گنا زیادہ ہے، قطر نے عالمی کپ کے 64 میچوں کے لیے 8 اسٹیڈیمز اور ایک عارضی اسٹیڈیم بنایا ہے۔
تمام اسٹیڈیم کی تعمیر میں تقریباً 6 سے 10 ارب ڈالر کی لاگت آئی جبکہ بقیہ اخراجات قطر قومی پلان 2030 پر ہوئے، جس میں ہوٹلوں کے ساتھ ایک جدید ترین سب وے نیٹ ورک اور ہوائی اڈے شامل ہے۔

خیبر پختونخوا میں دہشتگردی میں اضافہ

پشاور: (ویب ڈیسک) افغانستان میں طالبان حکومت آنے کے بعد خیبر پختونخوا میں دہشتگردی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔
پولیس رپورٹ کے مطابق پشاور،رواں سال خیبرپختونخوا پولیس پر حملوں کے 151 کیسز سامنے آئے، جنوری سے نومبر تک حملوں میں 105 پولیس اہلکار شہید جبکہ 109زخمی ہوئے ہیں۔
اپریل میں سب سے زیادہ شہادتیں ریکارڈ ہوئیں جن کی تعداد 16 تھی، ستمبر میں 19 پولیس اہلکار حملوں میں زخمی ہوئے، رواں ماہ حملوں میں 10 پولیس اہلکار شہید جبکہ 7 زخمی ہوئے۔
آئی جی معظم جاہ انصاری نے کہا کہ پولیس کی موبائل گاڑیاں دہشتگردوں کیلئے آسان ہدف ہیں، 2021 میں افغانستان حکومت کی تبدیلی کے بعد دہشتگرد رہا ہوئے۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ امریکا کا چھوڑا ہوا اسلحہ خیبرپختونخوا کیخلاف استعمال ہورہا ہے۔

لعل شہباز قلندر کے مزار پر حملے کا تھریٹ الرٹ

حیدرآباد: (ویب ڈیسک) لعل شہباز قلندر کے مزار پر حملے کا تھریٹ الرٹ جاری کر دیا گیا، آئی جی سندھ پولیس کے آفس سے ڈی آئی جی حیدرآباد اور ایس ایس پی جامشورو کو لیٹر ارسال کر دیا گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق سیہون شریف، لعل شہباز قلندر کے مزار سے متعلق سیکیورٹی تھریٹ الرٹ ہے، خط میں لکھا گیا ہے کہ لعل شہباز قلندرکے مزار پر دہشت گردی کا خدشہ ہے، جس وجہ سے سیکیورٹی انتظامات مزید سخت کریں، کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو روکنے کیلئے پولیس حفاظتی انتظام کرے۔
آئی جی سندھ پولیس کے لیٹر میں کہا گیا ہے کہ سیکیور ٹی کے حوالے سے لعل شہباز قلندر کا مزار کیٹیگری اےمیں شامل ہے، ہزاروں زائرین مزار پر زیارت کیلئے آتے ہیں جن میں خواتین اور بچے شامل ہیں، غیر ملکی زائرین بھی لعل شہباز قلندر کے مزار پر آتے ہیں، مزار پر پر 111 پولیس اہلکار تعینات تھے جو کم کرکے 93 کیے گئے۔

سستا لہنگا، مہنگا پڑ گیا

اترکھنڈ : (ویب ڈیسک) شادی کیلئے لڑکا ضروری ہے لیکن لہنگا اس سے بھی زیادہ ضروری ہے، بھارت میں دلہن نے سستے لہنگے کی وجہ سے اپنی شادی ہی روک دی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اترکھنڈ میں دلہن نے شادی سے اس لیے انکار کر دیا کیونکہ اسے دلہے کی طرف سے بھیجا ہوا لہنگا پسند نہیں آیا، 5 نومبر کو دونوں کی شادی ہونا تھی ، جس کے لیے دلہے کے گھر والوں نے لکھنؤ سے 10 ہزار کا لہنگا آرڈر کیا لیکن دلہن کو نہ ہی قیمت پسند آئی اور نہ ہی اس کا کپڑا جس سے وہ دلبرداشتہ ہو گئی۔
معاملہ اتنا بڑھا کے پولیس تک پہنچ گیا، دونوں خاندانوں نے پولیس اسٹیشن میں کئی گھنٹوں کے بعد فیصلہ کیا کہ یہ شادی نہیں ہو سکتی اور وہ اپنے اپنے شہر واپس روانہ ہو گئے۔
دلہے کے خاندان کی جانب سے مہمانوں کو دعوت نامے بھی دئیے جا چکے تھے، لیکن دلہن کی ضد کی وجہ سے انہیں سب سے معافی مانگتے ہوئے شادی روکنی پڑی۔

آدھے کاروبار بغیر ٹیکس سے چل رہے، ملک ڈیفالٹ کا کوئی خطرہ نہیں: عائشہ غوث

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا نے کہا ہے کہ آدھے کاروبار بغیر کسی ٹیکس سے چل رہے ہیں، پاکستانی ٹیکس پیئرز کو سوچنا چاہئے ملکی معیشت میں ان کا حصہ ہونا چاہئے۔
عائشہ غوث پاشا کا کہنا تھا کہ ایف بی آر کو اپنی پالیسی بدلنے کی ضرورت ہے، ایف بی آر کو نئے ٹیکس نادہندگان کو رجسٹر کرنا چاہئے، ملک ڈیفالٹ ہونے کا کوئی اندیشہ نہیں۔
وزیر مملکت برائے خزانہ نے کہا کہ حکومت میں آئے تو ڈیفالٹ کے بادل منڈلا رہے تھے، آئی ایم ایف کا پروگرام بند تھا، اب شرع ہو چکا ہے، اس وقت ڈیفالٹ کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔