All posts by Khabrain News

آدھے کاروبار بغیر ٹیکس سے چل رہے، ملک ڈیفالٹ کا کوئی خطرہ نہیں: عائشہ غوث

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا نے کہا ہے کہ آدھے کاروبار بغیر کسی ٹیکس سے چل رہے ہیں، پاکستانی ٹیکس پیئرز کو سوچنا چاہئے ملکی معیشت میں ان کا حصہ ہونا چاہئے۔
عائشہ غوث پاشا کا کہنا تھا کہ ایف بی آر کو اپنی پالیسی بدلنے کی ضرورت ہے، ایف بی آر کو نئے ٹیکس نادہندگان کو رجسٹر کرنا چاہئے، ملک ڈیفالٹ ہونے کا کوئی اندیشہ نہیں۔
وزیر مملکت برائے خزانہ نے کہا کہ حکومت میں آئے تو ڈیفالٹ کے بادل منڈلا رہے تھے، آئی ایم ایف کا پروگرام بند تھا، اب شرع ہو چکا ہے، اس وقت ڈیفالٹ کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔

موجودہ حکومت ملکی معیشت کی تباہی کی ذمہ دار ہے: عمران خان

لاہور: (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے موجودہ حکومت کو معیشت کی تباہی کا ذمے دار قرار دے دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سابق وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کے دیوالیے ہونے کے خطرے سے متعلق اعداد و شمار شیئر کئے اور موجودہ حکومت پر اس کا الزام لگایا۔
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ 6 ماہ قبل پیشگوئی کردی تھی کہ تبدیلی سرکار کی سازش ہماری قرض واپسی کی صلاحیت نیست ونابود کردے گی، پہلے ہی بتا دیا تھا کہ تبدیلی سرکار ہماری معیشت کو تباہی کے گڑھے میں اتار دے گی۔
عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان پر کم و بیش 3 دہائیوں تک راج کرنے والے دو مجرم خاندان معیشت کی تعمیر میں کبھی سنجیدہ تھے اور نہ ہی ان میں اس کی صلاحیت تھی۔

صدر عارف علوی سے اسحاق ڈار کی ملاقات، اہم سیاسی معاملات پر گفتگو

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک میں مجموعی سیاسی صورتحال اور اہم تقرری کے معاملے پر وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے درمیان ایوان صدر میں اہم ملاقات ہوئی ہے۔
ایوان صدر کے اعلامیے کے مطابق صدر مملکت کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں اور متاثرین کی بحالی کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی، معیشت اور خزانہ سے متعلق مختلف امور پر بھی گفتگو ہوئی، وزیر خزانہ نے صدر مملکت کو عوام کیلئے اقدامات بارے آگاہ کیا۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں حکومت اور تحریک انصاف کے مابین جاری کشیدگی کو کم کرنے پر گفتگو ہوئی، اسحاق ڈار نے موجودہ صورتحال پر پی ڈی ایم حکومت کے موقف سے آگاہ کیا، ملاقات میں آئندہ چند روز میں ہونے والی پیشرفت پر بھی بات چیت ہوئی۔
ملاقات میں سیاسی معاملات کو افہام و تفہیم سے حل کرنے پر تبادلہ خیال ہوا جبکہ وفاقی وزیر خزانہ نے وزیراعظم شہباز شریف کا اہم پیغام بھی صدر مملکت کو پہنچایا۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پیغام دیا کہ صدر مملکت باہمی احترام اور سیاسی اعتدال کے لئے کردار ادا کریں، آئینی و قانونی امور پر ڈیڈلاک نہیں ہونا چاہیے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ سیاسی امور کو بہتر ماحول اور قانونی و آئینی دائرے میں ہی حل کیا جاسکتا ہے۔
اس موقع پر صدر مملکت کی جانب سے عمران خان کا مطالبہ اسحاق ڈار کے سامنے رکھا گیا۔

پروفیسر ڈاکٹر ایوب صابر 82 سال کی عمر میں انتقال کرگئے 

لاہور: (ویب ڈیسک) ستارہ امتیاز اور پرائیڈ آف پرفارمنس حاصل کرنے والے پروفیسر ڈاکٹر ایوب صابر 82 سال کی عمر میں انتقال کرگئے ہیں۔
پروفیسر ایوب صابر نے اپنی زندگی میں علامہ اقبال پر 20 سے زائد کتابیں لکھی ہیں، انہیں 2006 میں علامہ اقبال ایوارڈ سے بھی نوازا گیا، ان کی نماز جنازہ کل سہ پہر تین بجے ادا کی جائے گی۔
ڈاکٹر محمد ایوب صابر 32 سال درس و تدریس سے وابستہ رہے، انہوں نے علامہ اقبال اوپن یونی ورسٹی کے صدر شعبہ اقبالیات کے طور پر بھی فرائض سرانجام دیے، انہوں نے کئی کتب تصنیف بھی کیں۔ بالخصوص تین جلدوں پر مشتمل “علامہ اقبال کی شخصیت اور فکر و فن پر اعتراضات: ایک مطالعہ” اپنی نوعیت کی منفرد تحقیق ہے، جس میں انھوں نے علامہ اقبال پر اٹھائے جانے والے اعتراضات کے انتہائی مدلل جوابات دیے۔
ان کی علمی خدمات پر انہیں 2006 میں صدارتی تمغہ حسن کارکردگی اور 2020 میں ستارہ امتیاز سے بھی نوازا گیا۔ 2003 میں صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان کی جانب سے انہیں قومی صدارتی اقبال ایوارڈ بھی عطا کیا گیا۔

فیفا ورلڈ کپ : 974 کنٹینرز سے عارضی اسٹیڈیم تیار

قطر : (ویب ڈیسک) قطر میں شروع ہونے والے فٹبال ورلڈ کپ کیلئے چالیس ہزار لوگوں کے بیٹھنے کی گنجائش کے ساتھ کنٹینروں سے منفرد انداز میں اسٹیڈیم تیار کیا گیا ہے۔
یہ اسٹیڈیم دارالحکومت دوحہ کے دریا کے کنارے پر واقع ہے اور حماد بین الاقوامی ہوائی اڈے سے صرف چند کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔
بی بی سی کے مطابق سٹیڈیم کے ڈیزائن کو اس طرح ترتیب دیا گیا ہے کہ اس میں قدرتی ہوا اسٹیڈیم میں گردش کرتی ہے۔ جس کا مطلب ہے کہ اس میدان کو ائر کنڈیشنگ کے نظام کی ضرورت نہیں ہے۔
اس سے توانائی کے اخراجات کو کم کرنے میں بھی مدد ملی ہے۔ اس سٹیڈیم میں ورلڈ کپ کے سات میچز کھیلے جائیں گے۔ قطری حکام کا کہنا ہے کہ یہ پورا منصوبہ قریب واقع بندرگاہ اور دوحہ کی سمندری روایات اور تاریخ کو خراج تحسین پیش کرتا ہے۔
سٹیڈیم 974 واٹر فرنٹ سائٹ پر تعمیر کیا گیا ہے اور یہ ایک مصنوعی جزیرے پر واقع ہے، اسٹیڈیم کو 974 ری سائیکل شپنگ کنٹینرز سے تعمیر کیا گیا ہے۔
فٹبال ورلڈ کپ کے بعد سٹیڈیم میں استعمال ہونے والے شپنگ کنٹینرز اور سیٹیں ختم کر کے دنیا کے کم ترقی یافتہ ممالک کو امداد کے طور پر عطیہ کردیا جائے گا

پاکستان کی جی ڈی پی کو 2050 تک 18 سے 20 فیصد تنزلی کا خدشہ

کراچی: (ویب ڈیسک) عالمی بینک کی جانب سے پاکستان کی جی ڈی پی کو 2050 تک 18 سے 20 فیصد تنزلی کے خدشہ کے پیش نظر خبردار کیا گیا ہے۔
عالمی بینک کی رپورٹ کے مطابق موسمیاتی تبدیلی سے پاکستان کی معیشت کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے، پاکستان کی جی ڈی پی کو 2050 تک 18 سے 20 فیصد تنزلی کا خدشہ ہے،ماحولیاتی خرابی کے خطرات ختم نہ ہوئے تو پاکستانی معیشت مزید تباہی کا شکار ہوگی۔
سیلاب اور ہیٹ ویو کی وجہ سے پاکستان کو زراعت اور لائیو اسٹاک میں کمی کا سامنا ہے جبکہ پاکستان کو ناقص پیداواری صلاحیت اور تباہ حال انفرااسٹرکچر جیسے مسائل کا بھی سامنا ہے، پانی کی قلت کے باعث زرعی پیداوار میں کمی 4.6 فیصد سے زیادہ ہوسکتی ہے، آلودگی کے باعث پاکستان کو سالانہ جی ڈی پی کا 6.5 فیصد نقصان ہوسکتا ہے۔

کے الیکٹرک صارفین کیلئے اچھی خبر، بجلی سستی ہونے کا امکان

کراچی: (ویب ڈیسک) کے الیکٹرک کے صارفین کیلئے بجلی 7 روپے 83 پیسے فی یونٹ سستی ہونے کا امکان ہے۔
کے الیکڑک نے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں جولائی سے ستمبر کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی درخواستیں دائر کر دی ہیں، نیپرا کے الیکڑک کی درخواستوں پر 30 نومبر کو سماعت کرے گا۔
کے الیکٹرک کی درخواست پر سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی7 روپے 83 پیسے فی یونٹ سستی ہونے کاامکان ہے جب کہ اکتوبرکی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بھی بجلی ایک روپے 88 پیسے سستی ہونے کا امکان ہے۔
ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ سے صارفین کو 3 ارب 15 کروڑ 70 لاکھ روپے کا ریلیف ملے گا۔

عمران خان کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت ایک ہفتے کیلئے ملتوی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کیخلاف توہین عدالت کیس کی سماعت ایک ہفتے کیلئے ملتوی کر دی گئی۔
چیف جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بنچ سماعت کرے گا، وزرات داخلہ نے توہین کیس میں مزید شواہد جمع کروا دیئے۔
توہین عدالت کیس میں عمران خان اپنا تحریری جواب جمع کروا چکے ہیں بابر اعوان اور فیصل چوہدری نے بھی جواب جمع کروا دیا ہے، لارجر بنچ فریقین کے جوابات اور شواہد کا جائزہ لے گا۔

راولپنڈی پولیس نے پی ٹی آئی لانگ مارچ کیلئے سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دیدی

راولپنڈی : (ویب ڈیسک) راولپنڈی پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے لیے سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دیدی۔
راولپنڈی پولیس کے سکیورٹی پلان کے مطابق لانگ مارچ کی سکیورٹی کے لیے 10 ہزار سے زائد پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا جائے گا، پنجاب ہائی وے پیٹرولنگ کے 500 اور 122 کمانڈوز کو بھی تعینات کیا جائے گا۔پلان کے مطابق 38 ایلیٹ فورس اہلکار، 91 خواتین اور 1094 ٹریفک پولیس اہلکار بھی تعینات کیے جائیں گے، پنجاب پولیس اور پنجاب ہائی وے پیٹرولنگ کے اہلکار اسٹینڈ بائی پر موجود رہیں گے۔
پولیس پلان کے مطابق حقیقی آزادی مارچ کی مانیٹرنگ کے لیے کلوز سرکٹ کیمروں کا کام بھی مکمل کر لیا گیا ہے، مارچ کی سکیورٹی کی براہ راست نگرانی ایس ایس پی آپریشنز کریں گے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی کا لانگ مارچ جہلم پہنچا تھا جبکہ عمران خان نے اعلان کیا تھا کہ جب مارچ راولپنڈی پہنچے گا تو میں خود وہاں پہنچ کر مارچ کی قیادت کروں گا۔

رونالڈو نے میسی کو جادوگر کھلاڑی قرار دیا

پرتگال : (ویب ڈیسک) پرتگال سے تعلق رکھنے والے اسٹار فٹبال کرسٹیانو رونالڈو نے کھیل کے میدان میں طویل عرصے تک اپنے حریف رہنے والے ارجنٹائن کے لیونل میسی کے حوالے سے پہلی مرتبہ کھل کر بات کی ہے۔
فٹبال کی دنیا کے دو عظیم کھلاڑیوں کے درمیان بہتر کھلاڑی کی جنگ کئی سالوں سے جاری ہے، اس جنگ کا آغاز اس وقت ہوا جب جب میسی نے بارسلونا اور رونالڈو نے مانچسٹر یونائیٹڈ کی طرف سے لیگ فٹبال کیھلنے کا آغاز کیا اور پھر 2009 میں یہ جنگ اس وقت عروج پر پہنچی جب رونالڈو نے اسپینش کلب ریال میڈرڈ سے اپنا تعلق جوڑ لیا۔
دونوں ہی فٹبالرز نے عالمی سطح پر فٹبال کے نئے اسٹینڈرڈ سیٹ کیے اور دونوں نے اپنی ٹیموں کے لیے کئی انفرادی طور پر کئی ٹرافیاں جیتیں۔
حال ہی میں رونالڈو اس وقت توجہ کا مرکز بنے جب ایک انٹرویو کے دوران انہوں نے اپنے موجودہ کلب مانچسٹر یونائیٹڈ اور مینیجر ایرک ٹین ہیگ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا، اس کے علاوہ انہوں نے اپنے سابق ساتھی کھلاڑیوں گیری نیویل اور وین رونی کو بھی خود کو تنقید کا نشانہ بنانے پر آڑے ہاتھوں لیا۔
تاہم انٹرویو کی خاص بات یہ رہی کہ انہوں نے طویل عرصے سے اپنے مخالف کھیلنے والے لیونل میسی کی تعریف کرتے ہوئے انہیں ایک جادوگر کھلاڑی قرار دیا اور کہا کہ ہم 16 سال سے ایک دوسرے کے خلاف کھیل رہے ہیں، گمان کریں 16 سال، اس لیے ہمارا آپس میں گہرا تعلق ہے، ہم آپس میں اس طرح دوست نہیں کہ ایک دوسرے کے گھر پر رہتے ہوں یا فون پر بات کرتے ہوں لیکن یہ تعلق ٹیم کے ایک ساتھی کی طرح کا ہے۔
رونالڈو نے مزید کہا کہ میسی ایک ایسی شخصیت ہے جس کی میں دل سے عزت کرتا ہوں، یہاں تک کہ اس کی اہلیہ اور میری گرل فرینڈو جو ارجنٹائن سے ہیں ان کی بھی عزت کرتا ہوں، میسی سے متعلق کہنا چاہتا ہوں کہ ایک عظیم شخص جس نے فٹبال کے لیے بہت کچھ کیا ہے۔