تھائی لینڈ: (ویب ڈیسک) چینی صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ ایشیا کو بڑی عالمی طاقتوں کے مقابلوں کا اکھاڑہ نہیں بننا چاہیے۔
چینی صدر انڈونیشیا میں جی 20 اجلاس کے بعد ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن اجلاس میں شرکت کیلئے تھائی لینڈ پہنچے، اس موقع پر انہوں نے بینکاک میں ایک تقریب میں شرکت کر کے تقریر کرنا تھی تاہم بعض اہم ملاقاتوں کے باعث وہ شریک نہ ہو سکے جس پر ان کی تقریر کے نکات پر مبنی بیان میڈیا کو جاری کیا گیا۔
شی جن پنگ نے کہا ایشیا کسی بھی عالمی طاقت کے مکان کا صحن نہیں، انہوں نے دنیا میں کسی بھی طرح کی سرد جنگ کی سوچ مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں کشادگی اور جامع راہ اپنانی چاہئے، معاشی اور تجارتی تعلقات میں ہتھیاروں اور سیاست کو بھی سب کی طرف سے مسترد کیا جائے۔
All posts by Khabrain News

عمران خان کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت آج سپریم کورٹ میں ہوگی
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کیخلاف توہین عدالت کیس کی سماعت آج سپریم کورٹ میں ہوگی۔
چیف جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بنچ سماعت کرے گا، وزرات داخلہ نے توہین کیس میں مزید شواہد جمع کروا دیئے۔
توہین عدالت کیس میں عمران خان اپنا تحریری جواب جمع کروا چکے ہیں بابر اعوان اور فیصل چوہدری نے بھی جواب جمع کروا دیا ہے، لارجر بنچ فریقین کے جوابات اور شواہد کا جائزہ لے گا۔

سندھ ہائیکورٹ کا کراچی، حیدرآباد میں جلد بلدیاتی انتخابات کرانے کا حکم
کراچی: (ویب ڈیسک) سندھ ہائی کورٹ نے کراچی اور حیدر آباد میں جلد بلدیاتی انتخابات کرانے کا حکم دے دیا۔
سندھ ہائیکورٹ نے کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کی درخواستوں پر محفوظ فیصلہ سنا دیا۔
عدالت نے فیصلے میں حکم دیا کہ الیکشن کمیشن بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کا اعلان کرے اور چیف سیکرٹری سندھ کو الیکشن کمیشن کو سکیورٹی فراہمی بھی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
عدالت نے بلدیاتی انتخابات میں تاخیر کے خلاف درخواستیں سماعت کیلئے منظور کرلیں اور کراچی، حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا حکم دیا۔
یاد رہے کہ سندھ میں دوسرے مرحلے میں بلدیاتی انتخابات 24 جولائی کو ہونا تھے لیکن سندھ حکومت نے سیلاب کی صورتحال کے پیش نظر پولیس کی نفری نہ ہونے پر سکیورٹی فراہم کرنے سے معذرت کرلی تھی۔
بعدازاں بلدیاتی انتخابات کی تاریخ 28 اگست رکھی گئی لیکن اس تاریخ کو بھی الیکشن نہ ہونے پر ایک بار پھر تاریخ 23 اکتوبر رکھی گئی تھی مگر تیسری مرتبہ بھی انتخابات ملتوی کردیئے گئے۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے بھی کراچی میں بلدیاتی الیکشن سے متعلق فیصلہ محفوظ کر رکھا ہے۔

کورونا کے مزید 25 کیسز رپورٹ، 51 مریضوں کی حالت نازک
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) قومی ادارہ صحت ( این آئی ایچ) نے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 9 ہزار 103 کورونا ٹیسٹ کئے گئے ہیں۔
این آئی ایچ کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 9 ہزار 103 کورونا ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 25 افراد کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔
اس طرح گزشتہ 24 گھنٹوں میں کئے گئے مثبت کورونا ٹیسٹ کی شرح 0.27 فیصد رہی ہے، مزید برآں اس دوران کورونا وائرس سے کوئی بھی مریض جاں بحق نہیں ہوا جبکہ 51 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

امریکی اسپیکرنینسی پلوسی نے عہدہ چھوڑنے کا اعلان کر دیا
امریکہ: (ویب ڈیسک) امریکی ایوان نمائندگان پر ری پبلکنزکے کنٹرول کے بعد ڈیموکریٹ اسپیکرعہدہ چھوڑنے پرمجبور ہوگئی، نینسی پلوسی نے جنوری میں مستعفی ہونے کا اعلان کردیا۔ امریکی ایوان نمائندگان کی پہلی خاتون اسپیکر نینسی پلوسی نے ڈیموکریٹ پارٹی سربراہ کے عہدے سے دستبردار ہونے کا اعلان کردیا ہے۔ نینسی پلوسی نے اعلان کیا کہ وہ جنوری میں ایوان میں ری پبلکنز کے کنٹرول سنبھالنے پر عہدہ چھوڑ دیں گی، اب وقت آگیا ہے کہ نئی نسل ڈیموکریٹک کی قیادت کرے۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق 20 سال سے پارٹی کی قیادت کرنے والی نینسی پلوسی نے کہا کہ وہ ایوان سے ریٹائر نہیں ہوں گی اور سان فرانسسکو کی نمائندگی کرتی رہیں گی۔ امریکی میڈیا کے مطابق ڈیموکریٹس کی جانب سے ممکنہ طور پر اسپیکر نینسی پلوسی کی جگہ نیویارک کے نمائندے حکیم جیفریز کا انتخاب کیا جائے گا۔ امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ کانگریس کی جانب سے پارٹی قیادت کیلئے پہلے سیاہ فام شخص حکیم جیفریز کا انتخاب ایک ممکنہ تاریخی اقدام ہوگا۔ دوسری جانب ری پبلکنز نے اپنی پارٹی سے اسپیکر لگانے کیلئے تیاری شروع کردی ہے، ایسا ہونے کی صورت میں صدر جو بائیڈن کو قانون سازی میں سخت مشکلات کا سامنا ہوگا۔

کراچی میں مبینہ پولیس مقابلہ،2ملزمان ہلاک
کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی کے علاقے سخی حسن میں مبینہ پولیس مقابلے میں 2 ملزمان ہلاک ہوگئے۔ مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ملزمان سے پستول، موبائل فون اورموٹرسائیکل برآمد کر لی گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقابلے میں ہلاک شدہ ملزمان شہری سے لوٹ مار کر رہے تھے۔ دوسری جانب نارتھ کراچی میں نجی اسپتال کے میڈیکل اسٹور پرڈکیتی کی واردات کے بعد ملزم فرار ہو گیا۔ ڈکیتی کی واردات کی سی سی ٹی وی ویڈیو میں ملزم کا چہرا واضح دیکھا جاسکتا ہے۔ ملزم نارتھ کراچی میں نجی اسپتال کے میڈیکل اسٹور پر واردات کے بعد با آسانی فرار ہو گیا۔

فلسطینی شہر غزہ میں آگ لگنے سے 7 بچوں سمیت 21 افرادجاں بحق ہوگئے
غزہ: (ویب ڈیسک) فلسطین کے شہر غزہ کے مکان میں آگ لگنے سے 7 بچوں سمیت 21 افراد جاں بحق ہوگئے۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق جبالیہ مہاجر کیمپ میں چار منزلہ عمارت میں دوران پارٹی آگ لگنے سے متعدد افراد جھلس کر زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ فلسطینی حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ عمارت کے اندر بھاری مقدار میں پیٹرول ذخیرہ کیا جارہا تھا، جس سے آگ بھڑک اٹھی اور تیزی سے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ فلسطینی صدر محمود عباس نے واقعے کو قومی سانحہ قرار دیتے ہوئے سوگ کا اعلان کیا ہے۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق غزہ کو اس وقت توانائی کے بحران کا سامنا ہے، سردیوں میں لوگ بڑی مقدار میں کوکنگ آئل، پیٹرول اور ڈیزل کا ذخیرہ کرتے ہیں۔

پنجاب حکومت نے فلم ’ جوائے لینڈ ‘ کی نمائش روک دی
لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب حکومت نے فلم ’ جوائے لینڈ ‘ کی نمائش روک دی ہے۔ محکمہ اطلاعات پنجاب کے نوٹی فکیشن کے مطابق فلم ’جوائے لینڈ ‘ کی نمائش پر پابندی مختلف حلقوں کی جانب سے سامنے آنے والی مسلسل شکایات کے پیش نظر لگائی گئی ہے۔ نوٹی فکیشن کے مطابق پنجاب میں یہ پابندی تاحکم ثانی جاری رہے گی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل مرکزی فلم سنسر بورڈ کے فل بورڈ نے فلم جوائے لینڈ کے بعض حصے حذف کر نے کے بعد ملک میں نمائش کی اجازت دی تھی۔ خیال رہے کہ فلم جوائے لینڈ کی کہانی ایک خواجہ سرا کی زندگی پر بنائی گئی ہے جس کو سرمد کھوسٹ اوراپوروا چرن نے پروڈیوس کیا ہے، فلم کا میوزک عبداللہ صدیقی کی جانب سے پیش کیا گیا ہے۔

عمران خان گھڑی چوری معاملے پر عدالت جانے کی تاریخ بتادیں: مریم اورنگزیب
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان نے گھڑی چوری پکڑے جانے پر عدالت جانے کا اعلان کیا تھا، قانونی مشاورت مکمل ہوگئی ہے تو تاریخ بتا دیں کب مقدمہ دائر کریں گے؟۔
ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کے اعلان کو ایک دن گزر چکا ہے، آج لانگ مارچ سے خطاب میں انتظار تھا کہ عدالت جانے کی تاریخ کا اعلان کریں گے جو نہیں ہوا۔
انہوں نے مزید کہا کہ عدالت ضرور جانا، آج سے کاؤنٹ ڈاؤن شروع ہے۔

آئی ایم ایف کا سیلاب متاثرین کے لیے ٹارگٹڈ سبسڈیز کا عندیہ
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے پاکستان میں سیلاب متاثرین کے لیے امداد پر رضامندی ظاہر کردی۔
وزارت خزانہ کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی آئی ایم ایف کے پاکستان مشن چیف ناتھن پورٹر سے ورچوئل ملاقات ہوئی، ملاقات میں آئی ایم ایف کے جاری پروگرام پر پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس حوالے سے وزارت خزانہ کی جانب سے بتایا گیا کہ ملاقات میں میکرو اکنامک فریم ورک اور رواں سال کے اہداف پر بات چیت کی گئی، آئی ایم ایف نے سیلاب متاثرین کے لیے امداد پر رضامندی ظاہر کی، آئی ایم ایف کے نویں جائزے کے لیے تکنیکی سطح کے مذاکرات کو جلد حل کیا جائے گا۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت آئی ایم ایف پروگرام کو کامیابی سے مکمل کرنے کی خواہاں ہے۔
آئی ایم ایف نے غریبوں اور پسماندہ افراد خصوصاً سیلاب متاثرین کے لئے ٹارگٹڈ زر اعانت پر ہمدردانہ غور کے لئے اپنی رضامندی کا عندیہ دیا ۔ اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ رواں سال کے دوران سیلاب سے متعلق انسانی امداد کے اخراجات کے تخمینے اور بحالی کے ترجیحی اخراجات کے تخمینے پر مضبوطی سے کار بند رہا جائے گا۔