All posts by Khabrain News

کراچی میں مبینہ پولیس مقابلہ،2ملزمان ہلاک

کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی کے علاقے سخی حسن میں مبینہ پولیس مقابلے میں 2 ملزمان ہلاک ہوگئے۔ مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ملزمان سے پستول، موبائل فون اورموٹرسائیکل برآمد کر لی گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقابلے میں ہلاک شدہ ملزمان شہری سے لوٹ مار کر رہے تھے۔ دوسری جانب نارتھ کراچی میں نجی اسپتال کے میڈیکل اسٹور پرڈکیتی کی واردات کے بعد ملزم فرار ہو گیا۔ ڈکیتی کی واردات کی سی سی ٹی وی ویڈیو میں ملزم کا چہرا واضح دیکھا جاسکتا ہے۔ ملزم نارتھ کراچی میں نجی اسپتال کے میڈیکل اسٹور پر واردات کے بعد با آسانی فرار ہو گیا۔

فلسطینی شہر غزہ میں آگ لگنے سے 7 بچوں سمیت 21 افرادجاں بحق ہوگئے

غزہ: (ویب ڈیسک) فلسطین کے شہر غزہ کے مکان میں آگ لگنے سے 7 بچوں سمیت 21 افراد جاں بحق ہوگئے۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق جبالیہ مہاجر کیمپ میں چار منزلہ عمارت میں دوران پارٹی آگ لگنے سے متعدد افراد جھلس کر زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ فلسطینی حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ عمارت کے اندر بھاری مقدار میں پیٹرول ذخیرہ کیا جارہا تھا، جس سے آگ بھڑک اٹھی اور تیزی سے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ فلسطینی صدر محمود عباس نے واقعے کو قومی سانحہ قرار دیتے ہوئے سوگ کا اعلان کیا ہے۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق غزہ کو اس وقت توانائی کے بحران کا سامنا ہے، سردیوں میں لوگ بڑی مقدار میں کوکنگ آئل، پیٹرول اور ڈیزل کا ذخیرہ کرتے ہیں۔

پنجاب حکومت نے فلم ’ جوائے لینڈ ‘ کی نمائش روک دی

لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب حکومت نے فلم ’ جوائے لینڈ ‘ کی نمائش روک دی ہے۔ محکمہ اطلاعات پنجاب کے نوٹی فکیشن کے مطابق فلم ’جوائے لینڈ ‘ کی نمائش پر پابندی مختلف حلقوں کی جانب سے سامنے آنے والی مسلسل شکایات کے پیش نظر لگائی گئی ہے۔ نوٹی فکیشن کے مطابق پنجاب میں یہ پابندی تاحکم ثانی جاری رہے گی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل مرکزی فلم سنسر بورڈ کے فل بورڈ نے فلم جوائے لینڈ کے بعض حصے حذف کر نے کے بعد ملک میں نمائش کی اجازت دی تھی۔ خیال رہے کہ فلم جوائے لینڈ کی کہانی ایک خواجہ سرا کی زندگی پر بنائی گئی ہے جس کو سرمد کھوسٹ اوراپوروا چرن نے پروڈیوس کیا ہے، فلم کا میوزک عبداللہ صدیقی کی جانب سے پیش کیا گیا ہے۔

عمران خان گھڑی چوری معاملے پر عدالت جانے کی تاریخ بتادیں: مریم اورنگزیب

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان نے گھڑی چوری پکڑے جانے پر عدالت جانے کا اعلان کیا تھا، قانونی مشاورت مکمل ہوگئی ہے تو تاریخ بتا دیں کب مقدمہ دائر کریں گے؟۔
ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کے اعلان کو ایک دن گزر چکا ہے، آج لانگ مارچ سے خطاب میں انتظار تھا کہ عدالت جانے کی تاریخ کا اعلان کریں گے جو نہیں ہوا۔
انہوں نے مزید کہا کہ عدالت ضرور جانا، آج سے کاؤنٹ ڈاؤن شروع ہے۔

آئی ایم ایف کا سیلاب متاثرین کے لیے ٹارگٹڈ سبسڈیز کا عندیہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے پاکستان میں سیلاب متاثرین کے لیے امداد پر رضامندی ظاہر کردی۔
وزارت خزانہ کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی آئی ایم ایف کے پاکستان مشن چیف ناتھن پورٹر سے ورچوئل ملاقات ہوئی، ملاقات میں آئی ایم ایف کے جاری پروگرام پر پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس حوالے سے وزارت خزانہ کی جانب سے بتایا گیا کہ ملاقات میں میکرو اکنامک فریم ورک اور رواں سال کے اہداف پر بات چیت کی گئی، آئی ایم ایف نے سیلاب متاثرین کے لیے امداد پر رضامندی ظاہر کی، آئی ایم ایف کے نویں جائزے کے لیے تکنیکی سطح کے مذاکرات کو جلد حل کیا جائے گا۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت آئی ایم ایف پروگرام کو کامیابی سے مکمل کرنے کی خواہاں ہے۔
آئی ایم ایف نے غریبوں اور پسماندہ افراد خصوصاً سیلاب متاثرین کے لئے ٹارگٹڈ زر اعانت پر ہمدردانہ غور کے لئے اپنی رضامندی کا عندیہ دیا ۔ اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ رواں سال کے دوران سیلاب سے متعلق انسانی امداد کے اخراجات کے تخمینے اور بحالی کے ترجیحی اخراجات کے تخمینے پر مضبوطی سے کار بند رہا جائے گا۔

کسی بھی صورت میں دہشت گردی کو دوبارہ پنپنے نہیں دینگے: ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کو تحفہ میں ملنے والی گھڑی کے بارے میں سعودی حکام کی جانب سے کسی قسم کی کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی اور نہ ہی اس کا علم ہے۔ پاکستان کسی بھی صورت حال میں پاکستان میں دہشت گردی کی دوبارہ بحالی کی اجازت نہیں دے گا۔
دفتر خارجہ کی ترجمان نے پریس بریفنگ میں کہا کہ اس دورے نے پاکستان کو ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات خصوصاً پاکستان میں اس سے آنے والے تباہ کن سیلاب سے ہونے والی تباہی کو اجاگر کرنے کا موقع فراہم کیا۔ انہوں نے کہا کہ سربراہ جلاس نے وزیر اعظم اور وزیر خارجہ کو عالمی رہنمائوں سے بات چیت، باہمی تشویش کے دو طرفہ اور علاقائی مسائل پر تبادلہ خیال کرنے کا موقع بھی فراہم کیا، وزیراعظم نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل، سعودی عرب کے ولی عہد اور جرمن چانسلر سے بھی ملاقاتیں کیں جبکہ انہوں نے بحرین اور کویت کے ولی عہد، ایسٹونیا، تاجکستان، عراق، متحدہ عرب امارات اور یورپی کونسل کے صدور سے بھی ملاقات کی۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے اس دوران بیلجیئم، ہالینڈ، ناروے، سپین، لبنان کے وزرائے اعظم اور انڈونیشیا کے نائب صدر کے ساتھ ساتھ عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل اور آئی ایم ایف کے منیجنگ ڈائریکٹر سے بھی بات چیت کی۔ شرم الشیخ میں ”کاپ 27“ کے سربراہ اجلاس میں وزیر اعظم کے ہمراہ وزیر خارجہ، وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات اور وزیر مملکت برائے امور خارجہ شرکت کی۔ ترجمان نے برطانیہ کی جانب سے پاکستان کو ’ہائی رسک تھرڈ کنٹریز‘ کی فہرست سے نکالنے کے اقدام کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا۔
ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ برطانیہ کے فارن، کامن ویلتھ اینڈ ڈیولپمنٹ آفس نے منی لانڈرنگ اور دہشت گردوں کی مالی معاونت کے کنٹرول کو بہتر بنانے کے لیے پاکستان کی جانب سے کی گئی پیش رفت کو تسلیم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم برطانیہ کے اس قدم کا خیر مقدم کرتے ہیں، توقع ہے کہ دیگر ممالک بھی اس تناظر میں پاکستان کی کوششوں کو تسلیم کریں گے۔
ترجمان نے بھارت کے غیر قانونی زیر مقبضہ جموں و کشمیرکی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دنیا کو یہ یاد دلانا چاہتا ہے کہ جموں و کشمیر کے تنازعہ کا واحد اور پائیدار حل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق آزادانہ اور غیر جانبدارانہ استصواب رائے کے انعقاد میں مضمر ہے، کشمیری عوام کو اپنا حق خود ارادیت استعمال کرنے کا موقع دیا جانا چاہئے۔
انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں سمیت یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کا نوٹس لے اور بھارت کو مسلمانوں کی آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی غیر قانونی کارروائی اور حربوں سے روکے، بھارتی حکومت کو فوری طور پر ان تمام اقدامات کو کالعدم کرنا ہوگا جن کا مقصد کشمیری عوام کی جمہوری اکثریت اور ان کی نسلی شناخت کو چھیننا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی وحشیانہ بھارتی جبر سے آزادی کی منصفانہ جدوجہد میں حمایت جاری رکھے گا۔ بھارتی میڈیا کی جانب سے ڈائریکٹر جنرل انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی (آئی اے ای اے) سے منسوب بیان کی غلط تشریح بھارت کو اپنے غیر ذمہ دارانہ جوہری رویے سے بری الذمہ قرار دینے کی ایک مکروہ کوشش ہے، پاکستان کی سرزمین پر جوہری صلاحیت کے حامل براہموس میزائل فائر کے واقعہ نے ایک جوہری ریاست کے طور پر بھارت کے طرز عمل کے بارے میں کئی سوالات کو جنم دیا ہے جو عالمی برادری کے لیے تشویش کا باعث بنتے رہنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ 2021 کے داسو دہشت گرد حملہ کیس کے فیصلے نے ایک بار پھر انسداد دہشت گردی کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اظہار کیا ہے، ہم نے ایک بار پھر متاثرین کے خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے، پاکستان ملک میں چینی کارکنوں، منصوبوں اور اداروں کی حفاظت کے لیے پرعزم ہے۔ ترجمان نے توقع ظاہر کی کہ دشمن قوتیں پاک چین ہمہ جہتی سٹرٹیجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کو کبھی کمزور نہیں کرسکتیں۔
انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کو تحفہ میں ملنے والی گھڑی کے بارے میں سعودی حکام کی جانب سے کسی قسم کی کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی اور نہ ہی اس کا علم ہے۔
ممتاز بلوچ نے کہا کہ ہمارے کینیا میں ہائی کمشن نے ارشد شریف کی شناخت، پوسٹ مارٹم اور نعش واپس لانے کیں فعال کردار ادا کیا، دفترخارجہ نے اس حوالے سے بھرپور مدد فراہم کیا، ارشد شریف کے قتل پر تحقیقات سے وزارت داخلہ ہی آگاہ کر سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی ولی عہد و وزیر اعظم محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کی تاریخوں کا اعلان دفتر خارجہ نے نہیں کیا، ہم نے یہ کہا کہ ان کے دورے کے حوالے سے تاریخیں باہمی مشاورت سے طے کی جا رہی ہیں، یہ دورہ کارڈز پر ہے اور جلد ہو گا۔ سعودی وزیر اعظم اور ولی عہد پاکستان سعودی عرب سپریم کونسل کے اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے، جس میں متعدد معاہدے متوقع ہیں۔
ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا تھا کہ افریقہ ایک اہم براعظم ہے اور پاکستان افریقہ کے ساتھ اپنے رابطے جاری رکھے گا، ماحولیاتی تبدیلیوں پر ہم نے اپنا مؤقف انتہائی مؤثر انداز میں کوپ 27، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اور دیگر فورم پر پیش کیا ہے۔ پاکستان کسی بھی صورت حال میں پاکستان میں دہشت گردی کی دوبارہ بحالی کی اجازت نہیں دے گا، پاکستان خود دہشت گردی سے متاثرہ ملک رہا ہے۔

نواز الدین صدیقی کی خواجہ سرا کے روپ میں تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے اسٹار اداکار نواز الدین صدیقی کی ویب سیریز ’ہڈی‘ کے سیٹ سے خواجہ سرا کے روپ میں تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔
سیریز کے سیٹ سے دو تصاویر کو نواز الدین صدیقی اور ذی اسٹوڈیو نے مشترکہ طور پر شیئر کیا ہے جس میں نواز الدین صدیقی ساڑھی میں ملبوس دکھائی دے رہے ہیں۔
تصاویر سوشل میڈیا پر پوسٹ ہوتے ہی وائرل ہوگئی ہیں اور فلمی مداح اپنے پسندیدہ اداکار کے نئے روپ کو دیکھ کر خوش نظر آتے ہیں۔
جرائم پر مبنی سیریزی کی شوٹنگ جاری ہے اور اسے اگلے برس او ٹی ٹی پلیٹ فارم ذی فائیو میں ریلیز کی جائے گی۔
فلمی شائقین پر امید ہیں کہ نواز الدین صدیقی اس نئی سیریز کو اپنی جاندار اداکاری سے یادگار بنادیں گے جس طرح نیٹ فلکس کی ’سیکرڈ گیمز‘ میں انہوں نے ناقابل فراموش کردار ادا کیا تھا۔

اسلام آباد: سید پور میں چار سے پانچ چیتوں کی مبینہ موجودگی، شہریوں کو گھروں میں رہنے کی تاکید

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد کے گاؤں سید پور میں چار سے پانچ چیتوں کی مبینہ موجودگی کی اطلاع ملی ہے۔
چیتوں کی مبینہ موجودگی کے باعث سید پور گاوں میں مساجد سے شہریوں کو گھروں میں رہنے کی تاکید کی گئی ہے۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ اسلام آباد پولیس کی نفری سید پور کے علاقوں میں تعینات کردی گئی ہے، محکمہ وائلڈ لائف کو بھی اطلاع کردی گئی ہے، سید پور کے رہائشیوں سے پرسکون رہنے کی گزارش ہے، وائلڈ لائف اہلکار سے مل کر علاقہ محفوظ رکھنےمیں کردار ادا کریں گے۔
ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پکار 15 پر اطلاع دیں۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا بہاولپور اور اوکاڑہ کا دورہ، فائر پاور مشقوں کا مشاہدہ

لاہور: (ویب ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بہاولپور اور اوکاڑہ کا دورہ کیا اور فائر پاور مشقوں کا مشاہدہ کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بہاولپور میں یادگار شہداء پر حاضری دی اس دوران پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی بھی کی۔
بیان کے مطابق سپہ سالار نے بہاولپور میں خیرپور ٹامیوالی میں فائر پاور مشقوں کا مشاہدہ بھی کیا، مشق میں جے ایف 17 تھنڈر، گن شپ ہیلی کاپٹرز اور مشینوں نے شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے مشقوں میں شریک فوجی جوانوں کے بلند جذبے، اعلیٰ تربیتی معیار کو سراہا جبکہ جوانوں کو ہر طرح کے حالات میں قوم کی خدمت کی ہدایت کی۔

خیرپور سے سیہون آنیوالی زائرین کی مسافر وین کو حادثہ، بچوں سمیت 20 جاں بحق

سیہون: (ویب ڈیسک) خیر پور سے سیہون آنے والی زائرین کی مسافر وین کو انڈس ہائی وے روڈ پر حادثہ پیش آیا جس کے باعث 20 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔
اسسٹنٹ کمشنر سیہون اقبال حسین کے مطابق حادثے میں 20 افراد جاں بحق ہوئے، جاں بحق افرادمیں 8 خواتین، 6 بچیاں، 4 بچے ، دو مرد بھی شامل ہیں، جبکہ 10 افراد زخمی ہوئے ہیں، زخمیوں میں سے دو افراد کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ انڈس ہائی وے روڈ پر ٹول پلازہ کے قریب قلندرکے زائرین کے ساتھ خوفناک حادثہ پیش آیا ، خیرپور سےسہیون آنے والی مسافر وین انڈس ہائی وے روڈ کو لگائے گئے کٹ میں گر گئی، مسافر وین میں معصوم بچے اور خواتین سوار تھے۔
پولیس کے مطابق وین پانی میں گر گئی تھی، پانی کے کٹ سے 15 لاشیں نکال کر سیّد عبد اللہ شاہ انسٹیٹیوٹ سیہون منتقل کر دی ہیں، جاں بحق افراد میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔ حادثے میں کئی افراد زخمی ہیں۔
یاد رہے کہ منچھر جھیل کے سیلابی پانی کو دریائے سندھ میں اخراج کرنے کیلیئے 2 ماہ قبل انڈس ہائی وے روڈ کو کٹ لگایا گیا تھا۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ نیشنل ہائی ویز اتھارٹی کی غفلت کے باعث دو ماہ سے کٹ بند نہیں ہوا جس کے باعث حادثہ پیش آیا۔