All posts by Khabrain News

کیا شاہد آفریدی پی ایس ایل 8 کھیلیں گے؟

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ وہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آئندہ سیزن میں کھیلنے سے انکار نہیں کریں گے۔
بوم بوم شاہد آفریدی نے گزشتہ سیزن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے کھیلا تھا لیکن کمر کی تکلیف کی وجہ سے وہ ٹورنامنٹ ادھورا چھوڑنے پ مجبور ہو گئے تھے۔
ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ اگر کوئی ٹیم پیشکش کرے گی تو وہ پی ایس ایل میں واپسی پر غور کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے یہ نہیں معلوم کہ کس ٹیم سے کھیلوں گا لیکن اگر کوئی فرنچائز آفر کرتی ہے تو میں ضرور کھیلوں گا۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل کے افتتاحی سیزن کے آغاز سے لے کر، وہ لیگ کی چھ ٹیموں میں سے چار کے لیے کھیل چکے ہیں۔
پی ایس ایل 8 کا انعقاد اگلے سال 9 فروری سے 19 مارچ 2023 تک ہوگا۔

ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں 7 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کا اضافہ

کراچی: (ویب ڈیسک) ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں 7 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔
اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق 11 نومبرتک غیرملکی زرمبادلہ کے ذخائر 13 ارب 79 کروڑ 60 لاکھ ڈالر تھے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق 4 نومبرکو پاکستان کے غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 13 ارب 72 کروڑ ایک لاکھ ڈالرتھے، ایک ہفتے کے دوران غیر ملکی زر مبادلہ کے ذخائر میں 7 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق 11 نومبر کو اسٹیٹ بینک کے پاس زرمبادلہ کے ذخائر 7 ارب 95 کروڑ 90 لاکھ ڈالرتھے، 4 سے 11 نومبر کے دوران زرمبادلہ کے ذخائرمیں 20 لاکھ 50 ہزار ڈالر کا اضافہ ہوا۔
11 نومبر کو کمرشل بینکوں کے پاس 5 ارب 83 کروڑ 60 لاکھ 70 ہزار ڈالر تھے۔

ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں کمی ہوگئی

کراچی: (ویب ڈیسک) ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں آج 450 روپے کمی ہوئی ہے۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق 450 روپے کمی کے بعد ملک میں ایک تولہ سونےکا بھاؤ ایک لاکھ 58 ہزار 400 روپے ہوگیا ہے۔
اس کے علاوہ 10 گرام سونے کی قیمت 386 روپے کم ہوکر ایک لاکھ 35 ہزار 802 روپے ہے۔
عالمی بازار میں سونے کا بھاؤ 16 ڈالر کم ہوکر 1766 ڈالر فی اونس ہوگیا ہے۔

تیل کی دستیابی چیلنج بن سکتی ہے: آئل کمپنیز کا وزیرمملکت توانائی کو خط

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) تیل فراہم کرنے والی کمپنیز نے وزیرمملکت توانائی مصدق ملک کو خط لکھا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں مستحکم رکھنے کیلئے تیل کمپنیز پر 5 ارب روپے سے زائد بوجھ ڈال دیاگیا۔
خط میں کہا گیا ہے کہ تیل کی نقل و حمل کی لاگت 2 سے 3 روپے فی لیٹر کم کر دی گئی، نقل و حمل کا 2 ارب 85 کروڑ روپےکا بوجھ کمپنیز پر ڈال دیا گیا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ روپے کی قدر گرنے کا ڈھائی ارب روپے کا بوجھ بھی کمپنیز پر ڈال دیا گیا، اس معاملے پر فوری فیصلہ نہ کیا گیا تو تیل کی دستیابی چیلنج بن جائے گی۔
خیال رہے کہ 15 نومبر کو وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان کیا تھا۔

عمران خان قاتلانہ حملہ کیس، ملزم نوید کا جسمانی ریمانڈ منظور

گوجرانوالہ: (ویب ڈیسک) خصوصی عدالت نے عمران خان قاتلانہ حملہ کیس میں ملزم نوید کا 12 روزہ جسمانی ریمانڈ دے دیا۔
گوجرانوالہ کی خصوصی عدالت میں وزیر آباد میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پر فائرنگ کے مقدمے کی سماعت ہوئی، ملزم نوید مہر کو انسدادِ دہشتگردی کی خصوصی عدالت میں پیش کر دیا گیا، ملزم کا چہرہ ڈھانپ کر عدالت لایا گیا۔
پولیس نے ملزم نوید سے تفتیش کے لئے 30 روزہ جسمانی ریمانڈ کی درخواست دی، خصوصی عدالت نے عمران خان قاتلانہ حملہ کیس میں ملزم نوید کا 12 روزہ جسمانی ریمانڈ دیدیا۔
ملزم نوید کو فائرنگ کے بعد جائے وقوعہ سے پکڑا گیا تھا، ڈپٹی ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر سلطان صلاح الدین ریاست کی جانب سے پیش ہوئے، خصوصی عدالت کے باہر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے۔

پاک فضائیہ کے طیارے آئیڈیازمیں شائقین کی توجہ کا مرکز

کراچی: (ویب ڈیسک) بین الاقوامی دفاعی نمائش و سیمینار آئیڈیاز2022کے گیارھویں ایڈیشن کی تقریبات عروج پر ہیں۔ ایونٹ کا تیسرا د ن پرائیڈ آف پاکستان جے ایف 17تھنڈر اور سپر مشاق ٹرینرطیاروں کے اسٹیٹک ڈسپلے میں حاضرین کی خصوصی دلچسپی کے حوالے سے نمایاں رہا۔
ترجمان پاک فضائیہ کی جانب سے جمعرات کو جاری اعلامیہ کے مطابق ایکسپو سینٹر کراچی میں منعقد کی جارہی بین الاقوامی نمائش آئیڈیاز کی تقریب میں پاک فضائیہ کے پویلین میں دکھائے گئے طیاروں میں غیر ملکی مندوبین اور عسکری حکام نے گہری دلچسپی کا اظہار کیا جبکہ حاضرین، مندوبین اور غیر ملکی معززین کو ان طیاروں کے جائزے کے ساتھ ان کی تکنیکی خصوصیات کے بارے میں بھی مکمل طور پر آگاہ کیا بدولت قومی اور بین الاقوامی سطح پر تعریفیں سمیٹیں۔
نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک جو کہ انتہائی اہمیت کا حامل ایک قومی منصوبہ ہے،تقریب میں سب سے زیادہ سراہا جانے والا پروجیکٹ رہا۔ سربراہ پاک فضائیہ کے ویژن اور اقدامات کی بدولت نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک پراجیکٹ ریکارڈ وقت میں مکمل کیا گیا ہے۔
پاک فضائیہ کے اہلکاروں نے حاضرین کو اس پروجیکٹ کے بنیادی عناصر، ذیلی منصوبوں اور مستقبل کے ممکنہ اختراعات کے بارے میں بریفنگ دی اور اس بارے مختلف پروگراموں کی تصوراتی ویڈیوز دکھائی گئیں تاکہ پروجیکٹ کے تحت قائم کردہ مختلف ونگز کی مجموعی کارکردگی کا خاکہ پیش کیا جا سکے۔
حکومت کے مکمل تعاون اور پاک فضائیہ کی سرپرستی میں اس پارک کے پلان میں جدید ترین اسپیشل ٹیکنالوجی زون ہاسنگ، ہائی ٹیک ایرو اسپیس ٹیکنالوجیز؛ ڈیزائن سینٹرز؛ عوامی، نجی، قومی اور بین الاقوامی ہوا بازی کی صنعت؛ تجارتی اور دفاعی طیاروں، ایوی ایشن لاجسٹکس، ایکسپو سینٹرز کا قیام اور جدید پیشہ ورانہ تربیتی اداروں کے لیے ایم آر او سہولیات کی فراہمی شامل ہیں۔
نمائش میں قومی اور بین الاقوامی سامعین کی جانب سے پروجیکٹ کے وسیع منصوبوں کو سراہا گیا۔یہ میگا ایونٹ مستقبل میں دوست ممالک کے ساتھ دفاعی اور خاص طور پر ایسے منصوبوں میں تعاون کے لیے راہ ہموار کرے گا، اور ڈیزائن، تحقیق، ترقی اور ہوا بازی، خلائی اور سائبر ڈومینز میں جدت طرازی کے لیے،
ضروری عناصر سے لیس ایک بہترین ماحول فراہم کرے گا۔ یہ نمائش بین الاقوامی دفاعی مارکیٹ میں مقامی طور پر تیار کردہ مصنوعات کے لیے ممکنہ خریداروں اور ڈویلپرز کو راغب کرنے میں بھی مدد دے گی۔

پی اے سی کا مفت حج کی سہولت ختم کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی جانب سے مفت حج کی سہولت ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
پی اے سی کے مطابق وزیر اعظم، وزرا یا کوئی بھی سیاسی شخصیت مفت حج نہیں کر سکتے۔
چیئرمین کمیٹی کا کہنا تھا کہ سرکاری افسران، خدام، معاونین کیلئے مفت حج کی سہولت ختم کی جائے، کون کون مفت حج پر جاتا ہے تمام تر تفصیلات فراہم کی جائیں، کوئی بیوروکریٹ، سیاستدان یا افسر مفت میں حج نہیں کر سکتا۔
پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے کہا کہ ہمیشہ کیلئے مفت میں حج کی سہولت کو ختم کیا جائے، ملک قرضوں میں ڈوبا ہوا، غریب لوگ ٹیکس دیتے اور سرکاری افسران مفت حج کر رہے ہیں۔
کمیٹی نے متعلقہ وزارت، اے جی پی آر سے تمام تفصیلات 15 روز میں طلب کر لیں، جن سرکاری افسران کی فیملیز نے مفت حج کیے ان سے ریکوری کی جائے گی۔

سیاسی سفر تحریک انصاف کیساتھ ختم ہو گا، عمران خان کیساتھ تعلق رہے گا: فیصل واوڈا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق رہنما اور سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کے ساتھ میرا تعلق احترام کا تھا ہے اور رہے گا، کابینہ میں میرا اور شہزاد اکبر کا جھگڑا ہوا تھا۔ میں نے عمران خان کو شہزاد اکبر کے بارے میں کہا تھا یہ باہر چلا جائے گا۔
نیب کی تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیشی کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا کہ لندن سے فنڈز آئے تھے، اس پر مجھے بلایا گیا۔ اس سارے معاملے پر کابینہ میں، میں نے اور شیریں مزاری نے سوال اٹھائے تھے۔ میرے خیال میں فواد نے بھی سوال کیا تھا۔ اس معاملے پر بیرسٹر شہزاد اکبر نے بریفنگ دی تھی۔ ایک ملک کے سر پر رکھ کر یہ سائن کروایا گیا۔ مجھے پوچھیں اعظم خان پیسے کے لین دین میں شامل ہے کہ نہیں۔ یہ غلط کام بلاوجہ کابینہ سے کروایا گیا تھا۔ میرا اور شہزاد اکبر کا جھگڑا ہوا تھا۔ پاکستان کے خزانے کو 190 ملین پاؤنڈز کا نقصان ہوا۔ عمران خان کو شہزاد اکبر کے بارے میں کہا تھا کہ یہ باہر چلا جائے گا۔
سابق پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ عمران خان کے گرد سازشی کیڑے پھر رہے ہیں۔ میں نہ وعدہ خلاف گواہ بنا تھا نہ کبھی بنوں گا۔ عمران خان اپنے لوگوں پر بے جا بھروسا کرتے ہیں۔ آئی بی بھی اس وقت وہی رپورٹ کرتی تھی جو شہزاد اکبر کہتے تھے ۔ جب ارشد شریف کا قتل ہوا تو جھوٹی کہانی سامنے آئی، میں نے تب بھی کہا تھا کہ یہ پلان کیا گیا ہے، پاکستان میں پلان ہوا۔عمران خان کو اللہ نے عزت دی ہے۔ عمران خان کے ساتھ لوگوں کی محبت ہے ۔ پی ڈی ایم کے ساتھ لوگوں کی نفرت ہے۔ اس مارچ سے کس کو فائدہ پہنچے گا ؟۔ کون یہ مقاصد حاصل کروانا چاہ رہا ہے؟۔
لانگ مارچ پر تنقید کرتے ہوئے فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ جب آپ کی شہرت اتنی ہے کہ آپ دو تہائی اکثریت سے الیکشن جیت جائیں گے تو ایسے میں مارچ کی ضرورت ہے۔ فواد چودھری کو ایک جھوٹ کے پیچھے کئی جھوٹ بولنے کی ضرورت نہیں ہے۔ میرا سیاسی سفر تحریک انصاف کے ساتھ شروع ہوا تھا اور تحریک انصاف کے ساتھ ہی ختم ہو گا۔

خرابی نیب قانون میں نہیں اس کے غلط استعمال میں ہے، چیف جسٹس

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چیف جسٹس پاکستان نے کہا ہے کہ خرابی نیب قانون میں نہیں اس کے غلط استعمال میں ہے۔
سپریم کورٹ میں نیب ترامیم کیخلاف عمران خان کی درخواست پر سماعت ہوئی۔
عمران خان کے وکیل خواجہ حارث نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ نیب ترامیم عوام اور منتخب نمائندوں کے مابین سماجی معاہدے اور آئین کے خلاف ہیں، موجودہ قانون کے تحت عوامی عہدیدار بطور ٹرسٹی احتساب سے نکل جائیں گے، کرپشن کے نا قابل احتساب ہونے سے بنیادی حقوق متاثر ہوتے ہیں۔
چیف جسٹس نے کہا کہ آپ کا کہنا درست ہے کرپشن ایک بیماری ہے، کرپشن کا احتساب آئینی حکمرانی کے لیے لازم ہے، معیشت بھی متاثر ہوتی ہے، عدالت کے سامنے سوال ہے کہ ہم کہاں لائن کھینچیں کہ بنیادی حقوق متاثر ہوئے ہیں، خرابی نیب قانون میں نہیں اس کے غلط استعمال میں ہے، کرپشن سے سختی سے نمٹنا چاہیے اس نتیجے پر عدالت پہنچتی ہے تو ہمارے پاس اس کا بینچ مارک کیا ہو گا؟، خواجہ حارث آپ نے بتایا کہ کرپشن سے بنیادی حقوق متاثر ہوتے ہیں، طے یہ کرنا ہے کہ عدالت کے ایکشن کی کیا شدت ہونا چاہیے۔
جسٹس منصور علی شاہ نے ریمارکس دیے کہ کل کو ہمارے پاس ایک شہری کہے پاکستان میں کرپشن کا قانون نہیں، ہم پارلیمنٹ کو کہہ دیں کہ ایک قانون بنا دیں، پارلیمنٹ کو یہ کہنا کہ قانون کو مزید سخت بنائیں کیا یہ ہمارا کام ہے؟ موسمیاتی تبدیلی سے بڑا خطرہ پاکستان کے لیے اور کوئی نہیں،نیب قوانین سے زیادہ اہم بات موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے قانون سازی ہے۔
وکیل عمران خان نے کہا کہ اس سوال کے جواب میں عدالتی نظائر موجود ہیں۔ جسٹس منصور علی شاہ نے ان سے کہا کہ مجھے بھی اس دن کا انتظار ہے، آپ کے دلائل کے آخری دن کے لیے بھی میرے پاس سوال ہیں۔
عدالت نے کیس کی مزید سماعت 29 نومبر تک ملتوی کردی۔

کراچی؛یلو لائن منصوبے کیلئے بسوں کی خریداری کاعمل شروع کرنے کی ہدایت

کراچی: (ویب ڈیسک) صوبائی وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے بی آر ٹی یلو لائن پروجیکٹ کی بسوں کی خریداری کا عمل شروع کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
صوبائی وزیر نے بی آر ٹی یلو لائن پروجیکٹ سے متعلق اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئےکہا کہ یلو لائن کے مختلف آپشن پر جامع ورکنگ مکمل کی جائے ، تاکہ عالمی بینک کے آئندہ اجلاس میں پیش کی جاسکیں۔
ان کہنا تھا کہ پروجیکٹ کے اسکوپ کو بڑھایا جائے اور بسوں میں مزید اضافہ کیا جائے،ایف ٹی سی سے بلوچ کالونی اور ایف ٹی سی سے میٹروپول تک یلو لائن کی فیڈر سروس کو بھی پروپوزل میں شامل کیا جائے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ بی آر ٹی یلو لائن کے تمام پروسیس اور فارملٹیز جلد از جلد مکمل کی جائیں تاکہ پروجیکٹ پر کام کا آغاز کیا جائے،عالمی بینک کے تعاون سے جاری بی آر ٹی یلو لائن کراچی شہر کا اہم پروجیکٹ ہے۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ پاکستان بننے کے بعد کراچی میں شہید ذوالفقار علی بھٹو کے دور میں 1977 میں پبلک ٹرانسپورٹ میں کے ٹی سی کی صورت میں پہلا بڑا پروجیکٹ لانچ کیا گیا تھا۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی موجودہ سندھ حکومت دوسری مرتبہ کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ سیکٹر میں پیپلز بس سروس ، بی آر ٹی اورینج لائن ، بی آر ٹی ریڈ لائن ، الیکٹرک بسوں کے بعد یلو لائن پروجیکٹ شروع کرنے جا رہی ہے جس سے شہریوں کو ٹرانسپورٹ کی بہترین سہولیات میسر آجائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی خصوصی ہدایت پر سندھ کے بڑے شہروں میں پبلک ٹرانسپورٹ کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ رواں ماہ کے آخر میں حیدرآباد میں پیپلز بس سروس کے پہلے روٹ کا آغاز کردیا جائے گا اور حیدر چوک سے ہٹڑی پولیس اسٹیشن تک روٹ پر بسیں چلائی جائیں گی۔