All posts by Khabrain News

ان کا مقصد تھا پہلے کیس ختم ہوں، پھر اپوزیشن کو ختم کریں، عمران خان

لاہور: (ویب ڈیسک) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے پی ڈی ایم کی اتحادی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا مقصد تھا کہ ان کے کیس ختم ہوں اور پھر یہ اپوزیشن کو ختم کریں۔
لانگ مارچ کے کے شرکا سے بذریعہ وڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ قوم کا 1100 ارب روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔ انہوں نے ملک کا دیوالیہ نکال دیا۔ ہمارے دور میں ڈیفالٹ رسک 5 فیصد تھی، اب 80 فیصد ہے۔ میں نے پہلے پیش گوئی کی تھی کہ ان سے معیشت نہیں سنبھلے گی۔
عمران خان نے کہا کہ مجھے خوف ہے انہوں نے ملک سے باہر بھاگ جانا ہے۔ مجھ پر حملے کی ذمے داری ان پر ہے۔ یہ لوگ آرمی ایکٹ بدل رہے ہیں۔ ان کے مفادات اور پاکستان کے مفادات میں تضاد ہے۔ ان کا مقصد تھا کہ ان کے کیس ختم ہوں اور پھر یہ اپوزیشن کو ختم کریں۔ جس طرف ملک جا رہا ہے، یہ لوگ اب ملک سے بھاگیں گے۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ان سب مسائل کا ایک ہی حل ہے، صاف شفاف الیکشن۔ انہوں نے مجھے قتل کرنے کی کوشش اس لیے کہ کیونکہ انہیں پتا ہے کہ یہ پی ٹی آئی کا کچھ نہیں کر سکتے۔اگر پاکستان کو آگے بڑھانا ہے تو ان لوگوں کو قانون کے نیچے لانا ہوگا۔ گھڑی کے معاملے پر امریکا، برطانیہ اور یو اے ای میں کیس کررہا ہوں۔ میں اب باہر کی عدالتوں میں ان کو ایکسپوز کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ میں نے کہا تھا قومی سلامتی داؤ پر لگے گی۔ یہ آرمی چیف بھی وہ لے کر آئیں گے جو ان کے ایجنڈے پر چلے۔ قوم اب ان کو تسلیم نہیں کررہی،الیکشن میں ان کو عوام نےمسترد کر دیا ہے۔ ان کے سارے فیصلے اپنی ذات کے لیے ہوتے ہیں۔ 50سال کی سب سے زیادہ مہنگائی ان کے دور میں ہوئی۔

بلوچستان؛ حب اور لسبیلہ میں بلدیاتی انتخابات کی پولنگ 11 دسمبر کو ہوگی

کوئٹہ: (ویب ڈیسک) بلوچستان کے ضلع حب اور لسبیلہ میں بلدیاتی انتخابات کے پہلا مرحلے کا اعلان کردیا گیا، جس کے مطابق پولنگ 11 دسمبر کو ہوگی۔
الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کو انتخابی نشان الاٹ کردیے ہیں۔ اس سلسلے میں الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ریٹرننگ آفیسر نے حب اور لسبیلہ میں امیدوار کی حتمی فہرست جاری کردی ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق ضلع لسبیلہ میں 475 امیدوار مدمقابل ہوں گے۔ حب میں 586 امیدواروں میں مقابلہ ہوگا۔ حب اور لسبیلہ میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے لیے پولنگ 11 دسمبر کو ہوگی۔

اہم تعیناتی پر مشاورت کیلئے آصف زرداری اسلام آباد پہنچ گئے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری وفاقی دارالحکومت پہنچ گئے جبکہ بلاول بھی کراچی سے روانہ ہوگئے ہیں۔
آصف علی زرداری اسلام آباد پہنچ گئے۔ وہ نئے آرمی چیف کی تقرری کے لئے مشاورت میں شامل ہوں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات میں سیاسی صورتحال اور آئندہ کی حکمت عملی پر مشاورت کی جائے گی۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری بھی خصوصی طیارے سے کراچی سے اسلام آباد روانہ ہوگئے ہیں۔ وہ بھی اہم مشاورت کا حصہ بنیں گے۔

بارش کے لیے حرمین شریفین میں نماز استسقا ادا

مکہ مکرمہ: (ویب ڈیسک) بارش کے لیے حرمین شریفین میں نماز استسقا ادا کر دی گئی۔
حرمین شرمین سے متعلق سوشل میڈیا کے مطابق مسجد الحرام میں بارش کے لیے امام کعبہ اور حرمین شریفین امور کے نگراں ادارے کے صدرشیخ عبدالرحمٰن السدیس کی امامت میں نماز استسقا ادا کی گئی، اس موقع پر نبی کریم ﷺ کی سنت پر عمل کرتے ہوئے نمازیوں نے اپنے جبے الٹے پہنے۔
مسجد نبوی ﷺ میں بھی بڑی تعداد میں لوگوں نے نماز استسقا ادا کی اور اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں بارش کے لیے دعائیں کیں۔
واضح رہے کہ خادم حرمین شریفین اور سعودی عرب کے شاہ سلمان نے چند روز قبل ملک میں بارش کے لیے نماز استسقا ادا کرنے کا حکم دیا تھا۔

پہلا ون ڈے میچ، آسٹریلیا کی ٹی 20 چیمپئن انگلینڈ کو 6 وکٹ سے شکست

ایڈیلیڈ: (ویب ڈیسک) پہلے ایک روزہ میچ میں آسٹریلیا نے ٹی 20 ورلڈ چیمپئن انگلینڈ کو 6 وکٹ سے شکست دے دی۔
ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے پہلے ون ڈے میچ میں انگلینڈ نے پہلے کھلیتے ہوئے 287 رنز بنائے، کینگروز نے 288 رنز کا ہدف 47ویں اوور میں حاصل کر لیا۔
آسٹریلیا نے 3 میچز کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی، شکست کے باوجود انگلش ٹیم کے ڈیوڈ ملان 134 رنز کی اننگز کھیلنے پر پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔

قطر میں تاریخ کا مہنگا ترین فیفا ورلڈکپ 20 نومبر سے شروع ہوگا

دوحا: (ویب ڈیسک) قطر میں 20 نومبر سے شروع ہونے والا فیفا ورلڈکپ تاریخ کا مہنگا ترین ورلڈکپ ہوگا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق قطر نے ملک میں فٹبال ورلڈکپ کے انعقاد کے لیے انفراسٹرکچر پر 200 بلین ڈالر سے زائد خرچ کیے ہیں اور اسٹیڈیمز کو ائیر کنڈیشنڈ بنایا گیا ہے تاکہ شائقین لطف اندوز ہوسکیں۔
سال 2002 میں کوریا اور جاپان کی میزبانی کے بعد رواں سال کھیلا جانے والا فیفا فٹبال ورلڈکپ دوسری بار ایشیائی سرزمین پر منعقد ہورہا ہے۔
واضح رہے کہ فٹبال ورلڈکپ کے میچز قطر کے کل 8 اسٹیڈیمز میں کھیلے جائیں گے، جن میں 32 ٹیمیں ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گی۔

شکیرا کا فیفا ورلڈ کپ 2022 میں پرفارم کرنے سے انکار

کولمبیا: (ویب ڈیسک) عالمی شہرت یافتہ کولمبین گلوکارہ شکیرا نے فیفا ورلڈ کپ کی شاندار افتتاحی تقریب میں پرفارم کرنے سے معذرت کر لی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق شکیرا نے 20 نومبر سے قطر میں شروع ہونے والے فیفا ورلڈ کپ 2022 کی افتتاحی تقریب میں پرفارم کرنےوالے فنکاروں کی فہرست سے اپنا نام نکلوا دیا۔
غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ شکیرا نے ذاتی وجوہات کی بنا پر فیفا ورلڈکپ کی افتتاحی تقریب میں پرفارم نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل شکیر 2006، 2010 اور 2014 کے فیفا ورلڈ کپ ایونٹ کی افتتاحی تقریب میں شاندار پرفارمنس دے چکی ہیں۔
یاد رہے کہ 2010 کے ورلڈکپ کیلئے گائے ہوئے گانے ’واکا واکا‘ سے شکیرا کو دنیا بھر میں خوب شہرت حاصل ہوئی تھی جس کے بعد سے مداح فیفاورلڈکپ کے دوران شکیرا کی پرفارمنس کے منتظر رہتے ہیں۔

سیف علی خان کا بیٹا ابراہیم اداکاری کی دنیا میں قدم رکھنے کو تیار

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے چھوٹے نواب سیف علی خان کے بڑے بیٹے ابراہیم بالی ووڈ میں بطورِ اداکار اپنا ڈیبیو دینے کو تیار ہیں۔
بھارتی انٹرٹینمنٹ ویب سائٹ کی ایک رپورٹ نے حال ہی میں انکشاف کیا ہے کہ سیف علی خان اور امریتا سنگھ کے بیٹے ابراہیم علی خان کرن جوہر کی دھرما پروڈکشن کے بینر تلے بننے والی فلم سے اداکاری کی دنیا میں قدم رکھنے والے ہیں۔
اس فلم کی ہدایتکاری بومن ایرانی کے بیٹے اور اسٹوڈنٹ آف دی ایئر فیم کیوز ایرانی کریں گے۔
بھارتی ویب سائٹ کے مطابق فلم کی کہانی دفاعی افواج کے گرد گھومتی ہے، توقع کی جاری ہے کہ اسے 2023 کے آخر تک ریلیز کر دیا جائے گا۔
یاد رہے کہ ابراہیم علی خان کرن جوہر کی آنے والی فلم ’راکی ​​اور رانی کی پریم کہانی‘ میں بطور اسسٹنٹ ڈائریکٹر کام کر رہے ہیں جس میں رنویر سنگھ، عالیہ بھٹ، دھرمیندر، جیا بچن، شبانہ اعظمی اور دیگر اداکار اہم کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔

دلہے نے سستا لہنگا کیوں دیا؟، دلہن نے شادی سے انکار کر دیا

لاہور: (ویب ڈیسک) بھارتی ریاست اتراکھنڈ سستا لہنگا دینے پر دلہن نے شادی کرنے سے انکار کردیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہلدوانی کے راج پورہ محلے کی ایک لڑکی کی پہلے ہی منگنی ہو چکی تھی، دلہن نے اس وقت مسئلہ بنا دیا دیا جب اسے پتہ چلا کہ دلہا کے خاندان نے لہنگا صرف 10 ہزار روپے میں خریدا ہے۔
تاہم دلہے کے اہل خانہ نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے یہ لہنگا “خصوصی طور پر” لکھنؤ سے خریدا تھا۔
لڑکی نے دلہے کی جانب سے لائے ہوئے لہنگے کو دیکھا تو شادی کرنے سے ہی انکار کردیا۔
مقامی اطلاعات کے مطابق دلہے کے والد نے لڑکی کو اپنی پسند کا لہنگا خریدنے کے لیے اپنا اے ٹی ایم کارڈ بھی دیا، وہ بھی بے سود تھا۔
معاملہ بالآخر پولیس تک پہنچ گیا لیکن پھر بھی کوئی حل نہ نکل سکا، گھنٹوں کی شدید بحث کے بعد اس مسئلے کو کوتوالی پولیس کی توجہ میں لایا گیا اور دونوں آخرکار ایک خوشگوار حل پر پہنچ گئے اور مصلحت کے ساتھ شادی ختم ہوگئی۔

دنیا کے سب سے بڑے تباہ شدہ طیارے کی دوبارہ تعمیر کا فیصلہ

کیف: (ویب ڈیسک) روسی حملے میں تباہ ہونے والا دنیا کا سب سے بڑا مسافر بردار طیارہ اب دوبارہ بنایا جائے گا۔ این اے 255 نامی یہ ہوائی جہاز یوکرین پر روسی حملے کے دوران اسوقت تباہ ہوگیا تھا جب اس کی تعمیر جاری تھی۔
اس سال فروری میں کیو شہر کے ہینگر میں زیرِ تعمیر اینتونوف اے این 225 طیارہ روسی بمباری سے تباہ ہوگیا تھا، لیکن اس کی کمپنی نے ہار نہ مانتے ہوئے دنیا کے سب سے بڑے کمرشل مسافر بردار طیارے کی دوبارہ تعمیر کا عزم کیا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اسے دوبارہ بنانے پر باقاعدہ کام شروع ہوچکا ہے۔
اس جہاز کا نام ’مرییا‘ رکھا گیا جس کے یوکرینی زبان میں ’خواب‘ کے معنی ہیں۔ 1980 کے عشرے میں اسے روسی خلائی شٹل کے لیے بنایا گیا تھا۔ اس کی لمبائی 84 میٹر تھی اور یہ دنیا کا سب سے وزنی طیارہ بھی تھا۔
اس سال 27 فروری کو روسی حملے میں یہ جہاز تباہ ہوگیا جس کی ناک بری طرح تباہ ہوچکی ہے تاہم اپریل تک اس پر مزید بم گرے اور وہ مکمل طور پر برباد ہوگیا۔ اس کے انجن اور بازوؤں کو بھی شدید نقصان پہنچا تاہم پچھلا حصہ محفوظ رہا۔ تاہم اس موقع پر این اے 255 کی بحالی پر 50 کروڑ ڈالر کی رقم خرچ ہوگی کیونکہ اس کے 30 فیصد پرزے مکمل طور پر تباہ ہوچکے ہیں۔
تاہم یوکرین روس جنگ اور شدید مالی مشکلات کی وجہ سے کمپنی نے عالمی اداروں سے مالی مدد کی اپیل بھی کی ہے۔