All posts by Khabrain News

نوجوان خودکشی کیلیے چھٹی منزل سے کود کر نئے جال میں پھنس گیا

ممبئی: (ویب ڈیسک) زندگی سے بیزار شخص عمارت کی چھٹی منزل سے کود کر بھی زندہ بچ گیا۔
خودکشی کے ارادے سے چھٹی منزل سے چھلانگ لگانے والا شخص اتنی بلندی سے کودنے کے باوجود نہ صرف بچ گیا بلکہ اسے خراش تک نہیں آئی۔
بھارتی شہرممبئی میں ایک شخص خود کشی کی کوشش میں سرکاری دفاتر کی عمارت کے چھٹے فلور سے نیچے کود گیا اس کے بعد جو کچھ ہوا وہ دیکھ کر نہ صرف نیچے کھڑے لوگ بلکہ خودکشی کی کوشش کرنے والا بھی حیران رہ گیا۔
عمارت میں حفاظتی انتظامات اور احتیاطی تدابیر کے طورپر جال لگایا گیا تھا۔ خود کشی کے لیے کودنے والا شخص زمین پر گرنے کے بجائے اس جال میں جا گرا جسے ریسکیو ورکرز نے بحفاظت نکال لیا۔پولیس خود کشی کی کوشش کرنے والے کو پوچھ گچھ کے لیے پولیس اسٹیشن لے گئی۔ خودکشی کی کوشش اور بچ جانےوالے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

درجہ حرارت میں اضافہ محدود کرنے کیلیے کوئلے کا استعمال 90 فیصد تک کم کرنا ہوگا

پیرس: (ویب ڈیسک) ایک نئی رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ اگر دنیا چاہتی ہے کے کاربن کے صفر اخراج اور عالمی سطح پر درجہ حرارت میں اضافے کو 1.5 ڈگری سیلسیئس تک محدود رکھا جائے تو 2050 تک عالمی سطح پر کوئلے کے استعمال کو 90 فی صد تک کم کرنا ہوگا۔
انٹرنیشنل انرجی ایجنسی کی جانب سے جاری کی گئی رپورٹ میں کئی ممالک کی جانب سے موسمیات کے حوالے سے کیے گئے اعلانات کے باوجود کوئلے پر انحصار کے متعلق حیران کن انکشافات کیے گئے ہیں۔
رپورٹ میں فاسل ایندھن کے استعمال میں انتہائی کمی لانے سمیت پولیسی میں اہم تبدیلیاں لانے کے لیے کہا گیا ہے تاکہ دنیا کو موسمیاتی بحران کے تباہ کن اثرات سے بچایا جاسکے کیوں کہ کرہ ارض کا درجہ حرارت صنعتکاری سے قبل سطح سے تقریباً 1.2 ڈگری سیلسیئس گرم ہو چکا ہے۔
رپورٹ میں کوئلے کے استعمال میں کمی کے متعلق متعدد مناظر کو پیش کیا گیا ہے۔ کوئلہ تمام فاسل ایندھن میں سے زیادہ آلودگی پھیلاتا ہے اور زمین کو گرم کرنے والے کاربن اخراج کے سب سے بڑے حصے کا زیادہ ذمہ دار ہے۔
رپورٹ کا کہنا ہے کہ اگر ممالک اپنے اعلان کردہ اہداف سے جُڑے رہیں تو 2030 تک اس کے استعمال میں 70 فی صد تک کمی واقع ہوگی جبکہ 2050 تک یہ کمی 90 فی صد تک ہو جانی چاہیئے۔
رپورٹ کے مطابق جدید معیشتوں کی جانب سے 2035 تک عالمی توانائی کے شعبے، جس میں کوئلے کی سب سے زیادہ کھپت ہوتی ہے، کو مکمل طور پر کاربن سے پاک کر دیا جانا چاہیئے اور عالمی سطح پر ایسا 2040 تک ہو جانا چاہیئے۔
ادارے کے ایگزیکٹِیو ڈائریکٹر فاتح بائرول کا کہنا تھا کہ دنیا کا 95 فی صد سے زیادہ کوئلے کی کھپت ان ممالک میں ہے جنہوں نے کاربن اخراج کو صفر تک لانے کا عزم کیا ہوا ہے۔

کولیسٹرول کی بلند سطح ٹانگوں کو متاثر کرتی ہے

ٹیکساس: (ویب ڈیسک) کولیسٹرول کی بلند سطح کو اکثر ’خاموش قاتل‘ قرار دیا جاتا ہے کیوں کہ اس کی بمشکل ہی کوئی علامات سامنے آتی ہیں۔ کولیسٹرول کے جمع ہونے کے سبب بازوؤں اور ٹانگوں کی شریانیں سخت ہوسکتی ہیں جو انتہائی خطرناک علامات کا سبب بن سکتی ہے۔
شریانوں کے اکڑنے کے اس عمل کو پیریفرل آرٹری ڈیزیز (پی اے ڈی) کہا جاتا ہے۔
کارڈیو ویسکیولر لیبز آف امیریکا (سی ایل اے) کے مطابق پی اے ڈی کی پہلی نشانی کولہے، ران یا پنڈلی کے پٹھوں میں تکلیف دہ اینٹھن ہوتی ہے۔ ہلکی پھلکی سرگرمیاں جیسے کہ چلنا یا سیڑھیاں چڑھنا بھی تکلیف دہ اینٹھن کا سبب ہو سکتی ہے۔
سی ایل اے کے ڈاکٹر سنجے واگلے کا کہنا تھا کہ ہمارا جسم انتہائی ذہین ہوتا ہے۔ ہمیں اپنے ٹانگوں کے معاملات دیکھنے چاہیئں اگر چلتے وقت آپ کی ٹانگوں میں درد ہو اور آرام کے وقت یہ ٹھیک ہوجائے تو آپ کو اپنے معالج سے مشورہ کرنے کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر آپ کی ٹانگوں کے پٹھے اکڑ جائیں اور بہتر نہ ہو تو یہ ایک خطرناک چیز ہے۔
پیریفری آرٹری ڈیزیز سے بچنے کا اہم طریقہ کولیسٹرول کی سطحوں اور دیگر امراضِ قلب کی علامات کی جانچ پڑتال کو جاری رکھنا ہے۔

روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر مزید اضافہ

کراچی: (ویب ڈیسک) سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے چوتھے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں مزید 26 پیسے کا اضافہ دیکھا گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت 222 روپے 41 پیسے سے بڑھ کر 222 روپے 67 پیسے ہو گئی ہے۔
دوسری طرف اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں 50 پیسے اضافہ دیکھا گیا اور قیمت 229 روپے 50 پیسے ہو گئی ہے۔

اسرائیل نے بحیرہ عمان میں اپنے آئل ٹینکر پر ڈرون حملے کا الزام ایران پر عائد کردیا

بحیرہ عمان: (ویب ڈیسک) اسرائیل نے بحیرہ عمان میں اپنے آئل ٹینکر پر ہونے والے ڈرون حملے کا الزام ایران پر عائد کردیا۔
عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق بحیرہ عمان میں اسرائیلی کمپنی کے آئل ٹینکر پر حملہ ہوا جس کے بعد اسرائیلی عہدیدار نے اپنے بیان میں اس حملے کا ذمہ دار ایران کو قرار دیا۔
اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ ایران نے آئل ٹینکر کو اسی میزائل سے نشانہ بنایا جو ایران نے یوکرین کی جنگ کے دوران روس کو فراہم کیے تھے۔
اسرائیل کی زیر کنٹرول ایسٹرن پیسفک شپنگ کا بتانا ہے کہ ٹینکر کو معمولی نقصان پہنچا ہے تاہم حملے میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاعات بھی سامنے نہیں آئیں۔
اس حوالے سے یونائیٹڈ کنگڈم میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز (یو کے ایم ٹی او) کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ٹینکر پر حملے کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔
دوسری جانب ایرانی میڈیا نے اس حوالے سے کہا کہ اسرائیل فٹبال ورلڈ کپ کے دوران حالات خراب کرنا چاہتا ہے، اسرائیل حالات خراب کر کے قطر اور ایران کو قصوروار قرار دینا چاہتا ہے۔

وزیر آباد لانگ مارچ واقعہ، جے آئی ٹی نے کام شروع کر دیا

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیر آباد لانگ مارچ فائرنگ کے واقعے میں پنجاب حکومت کی قائم کردہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) نے کام شروع کر دیا۔
ذرائع کے مطابق وزیر آباد میں لانگ مارچ پر فائرنگ کے واقعے کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی کا پہلا اجلاس ہوا۔ جس کی سربراہی سی سی پی او لاہور غلام محمود دوگر نے کی۔
سانحہ وزیرآباد کی تحقیقات کے لیے ابتدائی امور کا پہلے اجلاس میں جائزہ لیا گیا جبکہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم جائے حادثے کا بھی اگلے دو روز میں دورہ کرے گی۔
ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی جائے حادثے سے اکٹھے ہونے والے شواہد کا بھی مشاہدہ کرے گی جبکہ جے آئی ٹی متعلقہ پولیس آفیسرز اور دیگر شخصیات کے انٹرویوز بھی کرے گی۔
اس سے قبل وفاقی کی جانب سے پنجاب حکومت کی بنائی گئی جے آئی ٹی پر وفاقی حکومت نے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے مسترد کر دیا ہے۔ وفاقی حکومت کا کہنا تھا کہ شفاف تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی میں خفیہ ادارے کا نمائندہ شامل کیا جائے۔
واضح رہے کہ رواں ماہ کے آغاز پر پی ٹی آئی کے لانگ مارچ میں پنجاب کے علاقے وزیر آباد میں فائرنگ کی گئی تھی جس میں سابق وزیر اعظم عمران خان سمیت دیگر افراد زخمی ہوئے اور ایک کارکن جاں بحق ہوا تھا۔

طاقتور خلائی جہاز خلا میں روانہ

فلوریڈا : (ویب ڈیسک) چاند سے پار جانے کی تیاری مکمل ہو گئیں، ناسا نے اپنا سب سے طاقتورخلائی جہاز خلا میں روانہ کر دیا ہے۔
امریکی خلائی ایجنسی نے فلوریڈا سے 100 میٹر لمبی آرٹیمس خلائی گاڑی خلا میں روانہ کی ہے، جس کا مقصد ایک خلاباز کیپسول کو چاند کی سمت روانہ کرنا ہے۔ اورین کو 26 دن کے سفر پر بھیجا گیا ہے جو اسے چاند کے مدار کے دور دراز حصوں میں لے جائے گا۔
یہ کیپسول چاند کی سطح سے محض 100 کلومیٹر کے فاصلے پر ہوگا۔ جبکہ زمین سے اس کا سب سے زیادہ فاصلہ 70 ہزار کلومیٹر تک ہوگا۔ کوئی بھی ایسا خلائی جہاز جو انسانوں کو لے جانے کے قابل ہو زمین سے اتنے زیادہ فاصلے پر کبھی نہیں گیا ہے۔
اس خلائی جہاز میں جس کا نام اورین رکھا گیا ہے میں کوئی انسان موجود نہیں ہے لیکن اسی کے ذریعے مستقبل میں عام لوگوں کے چاند کا سفر ممکن ہو سکے گا، اس جہاز کو روانہ کرنے کیلئے ستمبر میں دو مرتبہ کوشش کی گئی لیکن تکنیکی مسائل کی وجہ سے اسے روک دیا گیا۔
اس کیپسول کی زمین پر واپسی 11 دسمبر کو ہو گی۔
انجینئرز یہ جاننے کے لیے سب سے زیادہ فکر مند ہیں کہ اورین کی ہیٹ شیلڈ کرہ ارض کی فضا میں دوبارہ داخل ہونے پر شدید درجہ حرارت کا مقابلہ کر سکے گی۔
واپسی پر کیپسول کی رفتار بہت تیز ہو گی، یہ 38 ہزار کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سفر کرے گا جو آواز کی رفتار سے 32 گنا زیادہ ہے۔
اس کے اندر کی ڈھال کو شدید حرارت کا سامنا کرنا پڑے گا جو تین ہزار سینٹی گریڈ تک پہنچ جائے گا۔
اورین کیپسول کو چاند کی طرف لے جانے کے لیے راکٹ کو خلا میں کئی کام کرنے پڑے۔ جہاز اب اپنے یورپی پروپلشن موڈیول پر انحصار کرے گا تاکہ بقیہ مشن پر اسے محفوظ طریقے سے چلایا جا سکے۔
یورپی خلائی ایجنسی کے انسانی خلائی پرواز کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ڈیوڈ پارکر نے بی بی سی نیوز کو بتایا جب ہم چاند کے گرد اس انتہائی دلچسپ راستے میں مدار میں داخل ہوں گے تو وہ بہت زبردست لمحات ہوں گے۔ ہم پہلی مرتبہ چاند سے بہت آگے جا رہے ہیں۔
واضح رہے ناسا دسمبر میں اپالو 17 کی 50 ویں سالگرہ منائے گا جب آخری بار انسانوں نے چاند پر چہل قدمی کی تھی۔

پاک افغان بارڈر پر باب دوستی آج پانچویں روز بھی بند، تجارتی سرگرمیاں معطل

چمن: (ویب ڈیسک) پاک افغان بارڈر پر باب دوستی آج پانچویں روز بھی ہر قسم کی آمدورفت کیلئے بند ہے۔
چمن کے ڈپٹی کمشنر کے مطابق باب دوستی کھولنے سے متعلق فیصلہ وفاقی حکومت کرے گی اس حوالےسے حکومت پاکستان اور افغان حکومت کے درمیان بات چیت ہورہی ہے۔انہوں نے کہا کہ سرحدپارپھنسےجن پاکستانیوں کے پاس شناختی کارڈ نہیں ان سے متعلق جلد فیصلہ کیا جائے گا جب کہ ان پاکستانیوں میں اکثریت روزانہ اجرت پرکام کرنے والوں کی ہے۔
کسٹم حکام کےمطابق باب دوستی سے امپورٹ ایکسپورٹ اور ٹرانزٹ ٹریڈ سمیت ہر قسم کی تجارتی سرگرمیاں پانچویں روز بھی معطل ہے۔

ٹوئٹر ملازمین سخت محنت کریں یا نوکری چھوڑ دیں، ایلون مسک

سان فرانسسکو: (ویب ڈیسک) ایلون مسک نے ٹوئٹر کے عملے کو انتباہ کیا ہے کہ وہ اپنا کام سخت محنت سے کریں یا کمپنی کو چھوڑ دیں۔
ٹوئٹر کے نئے سی ای او نے ملازمین کے نام ایک ای میل میں کہا کہ اگر وہ کمپنی میں رہنا چاہتے ہیں تو مثالی کارکردگی سے ہی ایسا ممکن ہوسکے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹوئٹر کی کامیابی کے لیے ہمیں بہت زیادہ سخت محنت کرنا ہوگی۔انہوں نے ای میل میں کہا کہ ڈیزائن اور پراڈکٹ منیجمنٹ اب بھی بہت زیادہ اہم شعبے ہیں اور وہ انہیں رپورٹ کریں گے۔
اس حوالے سے ٹوئٹر ملازمین سے 17 نومبر کو ایک نئے معاہدے پر دستخط کرائے جائیں گے اور جو فرد دستخط نہیں کرے گا اسے 3 ماہ کی تنخواہ دے کر سبکدوش کردیا جائے گا۔
خیال رہے کہ ایلون مسک پہلے ہی ٹوئٹر کے 50 فیصد سے زیادہ عملے کو فارغ کرچکے ہیں۔
دوسری جانب ڈیلاوئیر کی عدالت میں ٹیسلا سے ملنے والی تنخواہ کے مقدمے کی سماعت کے دوران ایلون مسک نے کہا کہ وہ ٹوئٹر کے لیے اپنے وقت کو بتدریج کم کردیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت کمپنی کو دوبارہ منظم کرنے کی ضرورت تھی جس کے باعث وہ ٹوئٹر کے سی ای او کے طور پر کام کررہے ہیں۔
سماعت کے دوران انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران ان کا زیادہ تر وقت ٹوئٹر کے دفتر میں گزرا اور کمپنی کو دوبارہ منظم کرنے کا عمل آئندہ ہفتے کے آخر تک مکمل ہوجائے گا۔

ایران کے شہر ایذہ میں دہشتگردوں کا حملہ، 5 افراد جاں بحق

تہران: (ویب ڈیسک) ایران کے صوبے خوزستان میں دہشتگردوں کے حملے میں 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق دہشتگردی کا یہ واقعہ جنوب مغربی شہر ایذہ میں پیش آیا جہاں موٹر سائیکل پر سوار دہشتگردوں نے شہر کی مصروف ترین مارکیٹ میں شہریوں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 15 افراد زخمی بھی ہوئے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق دہشتگردوں کی فائرنگ سے مارکیٹ میں بھگدڑ مچ گئی جب کہ فائرنگ سے جاں بحق ہونے والوں میں سکیورٹی اہلکار بھی شامل ہیں۔
اس سے قبل گزشتہ ماہ ایران کے شہر شیراز میں مزار پر ہونے والے حملے کی ذمہ داری داعش نے قبول کی تھی جس میں 15 افراد جان سے گئے تھے۔