All posts by Khabrain News

بلوچستان کے 32 اضلاع میں مخصوص نشستوں پر بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں جاری

لسبیلہ : (ویب ڈیسک) بلوچستان کے 32 اضلاع میں مخصوص نشستوں پر بلدیاتی انتخابات کیلئے تیاریاں جاری۔
صوبے کے دیگردو اضلاع لسبیلہ اور حب میں مخصوص نشستوں کے انتخابات کے پہلے مرحلے میں امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کردی گئی ہیں۔
دوسری جانب پشین کی میونسپل کمیٹی حرمزئی میں امیدواروں کی حتمی فہرست کل جمعہ کے روز جاری کی جائیں گی۔

پشاور میں جائیداد کے تنازعہ پر بھتیجے نے فائرنگ کرکے وکیل چچا کو زخمی کردیا

پشاور : (ویب ڈیسک) پشاور کے علاقے صدر میں جائیداد کے تنازعہ پر بھتیجے نے فائرنگ کرکے پشاور ہائی کورٹ کے وکیل اپنے چچا کو زخمی کردیا ۔
پولیس کے مطابق ہائی کورٹ کے سینیئر وکیل رضا اللہ فائرنگ سے زخمی ہوئے ہیں۔
رضا اللہ ایڈوکیٹ نے اسپتال میں پولیس کو بیان دیتے ہوئے کہا کہ ان کے بھتیجے جابر نے صدر میں واقع ان کے دفتر میں گھس کر فائرنگ کی جس سے وہ زخمی ہوئے۔
وکیل رضا اللہ کے مطابق ملزم کے ساتھ جائیداد کا تنازعہ چل رہا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واردات کے بعد ملزم فرار ہوگیا جس کی تلاش جاری ہے۔

روس کو ڈرونز فراہم کرنے پر کینیڈا کا ایران پر نئی پابندیاں لگانے کا اعلان

کینیڈا : (ویب ڈیسک) کینیڈا نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور روس کو ڈرونز فراہم کرنے پر ایران پر نئی پابندیاں لگانے کا اعلان کیا ہے۔
کینیٖڈین وزارت خارجہ کے مطابق کینیڈا نے ایران کی 6 شخصیات اور دو کمپنیوں پر نئی پابندیاں لگائی ہیں، پابندیاں ایران میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور روس کو ایرانی ڈرونز کی فراہمی پر لگائی گئی ہیں۔رواں برس کینیڈا کی جانب سے ایرانی پابندیوں کا یہ پانچواں پیکج ہے، پابندیوں کے تحت پابندیوں میں شامل افراد کینیڈا کا سفر نہیں کر سکیں گے اور ان کے کینیڈا میں موجود اثاثے منجمد ہو جائیں گے۔

ایران : حکومت مخالف مظاہروں کے درمیان گرفتار مزید 3 مظاہرین کو سزائے موت سنا دی گئی

ایران : (ویب ڈیسک) ایران میں زیر حراست لڑکی کی ہلاکت پر مظاہرہ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن میں گرفتار مزید تین مظاہرین کو سزائے موت سنا دی گئی۔
ایرانی عدلیہ کی ویب سائٹ میزان کے مطابق ایرانی عدلیہ نے حکومت مخالف مظاہروں میں ملوث تین افراد کو سزائے موت سنائی ہے، سزائے موت سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں پر حملوں، ایک سکیورٹی اہلکار کی ہلاکت اور دہشت گردی پھیلانے پر سنائی گئی ہے۔
گزشتہ 3 دنوں میں مجموعی طور پر 5 مظاہرین کو سزائے موت سنائی گئی ہے۔سزائے موت کے مجرم اپنی سزاؤں کے خلاف عدالت میں اپیل کرسکتے ہیں۔انسانی حقوق گروپوں کے مطابق ایرانی مظاہروں میں 15 ہزار سے زائد افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے، ایران میں زیر حراست لڑکی کی موت کے خلاف 17ستمبر سے مظاہرے جاری ہیں۔
واضح رہے کہ حجاب قانون کی خلاف ورزی پر گرفتار 22 سالہ مہسا امینی16 ستمبر کو پولیس کی زیر حراست مبینہ طور پر دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئی تھی۔

شیخ رشید کو دھمکی آمیز کال پر نامعلوم شخص کیخلاف مقدمہ درج

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کو دھمکی آمیز کال پر نامعلوم کالر کے خلاف تھانہ سول لائن میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق مقدمہ ٹیلی گراف ایکٹ کے تحت اور دھمکیاں دینے کے جرم میں درج کیا گیا، گزشتہ شب سی پی او راولپنڈی آفس کے سرکاری لینڈ لائن نمبر پر نامعلوم کالر نے دھمکی آمیز کال کی تھی، سینئر پولیس آفیسر کے مطابق مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، اب تحقیقات میں مصروف ہیں۔
راولپنڈی پولیس نے شیخ رشید اور ان کے سیکریٹریٹ لال حویلی انتظامیہ کو آگاہ کر کے سکیورٹی میں اضافہ کرتے ہوئے ایلیٹ کمانڈوز بھی تعینات کردئیے۔
شیخ رشید کے بارے میں دھمکی آمیز کال راولپنڈی پولیس کو موصول ہوئی ہے، سی پی او راولپنڈی کے دفتر کے سرکاری لینڈ لائن نمبر پر انٹرنیٹ نمبر کے ذریعے شیخ رشید کے حوالے سے دھمکی آمیز کال موصول ہوئی۔
یاد رہے کہ شیخ رشید کو اس سے قبل بھی دھمکی آمیز فون کال موصول ہوتی رہی ہیں اور انکی مدعیت میں ایک مقدمہ تھانہ وارث خان میں پہلے سے درج ہے لیکن راولپنڈی پولیس کئی ماہ گزرنے کے بعد بھی اسکا سراغ نہیں لگا سکی۔

پاکستان اہم پارٹنر، گمراہ کن اطلاعات کو تعلقات کی راہ میں نہیں آنے دینگے: امریکا

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکا نے ایک بار پھر واضح کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ہمارا اہم پارٹنر ہے، گمراہ کن اطلاعات کو تعلقات کی راہ میں نہیں آنے دینگے۔
امریکی محکمہ خارجہ نے کہنا ہے کہ پاکستان میں کسی ایک سیاسی پارٹی کے امیدوار کے مقابلے میں دوسرے کی حمایت نہیں کرتے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ڈپٹی ترجمان ویدانت پٹیل نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ امریکا پروپیگنڈے، غلط اور گمراہ کن اطلاعات کو پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کی راہ میں آنے نہیں دے گا، پاکستان ہمارا اہم پارٹنر ہے۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ خوشحال اور جمہوری پاکستان کے ساتھ دیرینہ تعاون امریکا کے لیے اہم ہے اور اس موقف میں کبھی کوئی تبدیلی نہیں آئی۔
پی ٹی آئی کے چئیرمین عمران خان کے امریکی سازش سے متعلق نئے بیان پر ڈپٹی ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا تھا کہ ہم نے پہلے بھی کہا تھا کہ ان الزامات میں کوئی سچائی نہیں ہے، اس بارے میں ہمارے پاس مزید کچھ کہنے کو نہیں ہے۔

چینی صدر کے کینیڈین وزیراعظم ٹروڈو سے بھری محفل میں گلے شکوے

بالے: (ویب ڈیسک) جی 20 اجلاس کے موقع پر کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو سے چینی صدر شی جن پنگ نے انتہائی ناگواری کا اظہار کیا اور کہا کہ ایک روز پہلے ہوئی ملاقات کی تفصیلات میڈیا کو لیک کیوں کی گئیں۔
میڈیا نے کینیڈین الیکشن میں چین کی مبینہ مداخلت کا معاملہ اٹھائے جانے کے دعوے کیے تھے جس پر چینی صدر شی نے خفگی سے کہا کہ ہم نے جو بھی بات چیت کی تھی وہ اخبارات کو بتا دی گئی ہے، یہ غیر مناسب ہے اور ایسے تو بات چیت ہوئی ہی نہیں تھی، کیا آپکی جانب سے کوئی بات یقینی بھی ہے۔
اس پر کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ کینیڈا میں ہم آزاد، کھلے اور بے تکلف ڈائیلاگ پر یقین رکھتے ہیں، جسے جاری رکھا جائے گا۔
کینیڈا کے وزیر اعظم نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے مزید کہا کہ تعمیری ملاقاتیں جاری رہیں گی جس پر چینی صدر شی نے جواب دیا کہ اس کے لیے پہلے ماحول بناؤ پھر ٹروڈو سے ہاتھ ملایا اور چل دئیے۔

سازشی بیانیے سے پیچھے ہٹنے کاسوال ہی پیدا نہیں ہوتا، عمران خان

لاہور: (ویب ڈیسک) چیئر مین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا ہے کہ سازشی بیانیے سے پیچھے ہٹنے کاسوال ہی پیدا نہیں ہوتا کیونکہ سائفر موجود ہے۔دوبارہ میری جان لینے کی کوشش کی جائے گی۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے فرانسیسی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ لانگ مارچ پر حملہ ہوا،میری دائیں ٹانگ سے 3گولیاں نکالی گئیں۔میں اپنی ٹانگ پر زورنہیں ڈال سکتا،اسے ٹھیک ہونے میں میں 4 ہفتے لگیں گے۔ایک گولی نے میری ٹانگ کی ہڈی کریک کی جو میرے لیے پریشان کن ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ہمارا ایک بہترین تحقیقاتی صحافی جو میری رائے کو بڑھا رہا تھا اسے دھمکایا گیا۔صحافی نے پاکستان چھوڑ دیا اور پھر ان کوکینیا میں قتل کردیا گیا۔
انہوں نے کہا ہے کہ مجھے راستے سے ہٹانے کے خواہشمندوں کےلیے خطرہ توابھی بھی موجود ہے۔بدقسمتی سے میں سمجھتا ہوں دوبارہ میری جان لینے کی کوشش کی جائے گی۔مجھے اس لیے راستے ہٹانا چاہتاہے ہیں کیونکہ میری جماعت مقبول ہے۔
چیئر مین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا ہے کہ ہم نے ضمنی الیکشن میں 75 فیصد کامیابی حاصل کی۔ہم اس کے باوجود جیتے جبکہ باقی جماعتوں کو اسٹیبلشمنٹ کی پشت پناہی حاصل تھی۔ہم نے شاندار کامیابی حاصل کی اور ہماری مقبولیت میں اضافہ ہوا۔بنیادی طور پر عوام ان مجرموں سے نجات چاہتی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ کابینہ کے 61 فیصد ممبران پر کرپشن کیس ہیں۔ہمیں عوامی حمایت حاصل ہے۔یہ سمجھتے میں ان کے راستے کی رکاوٹ ہوں لہذا مجھے ہٹایا جائے۔اس لیے میرے نزدیک میری جان کو ابھی بھی خطرہ ہے۔
انہوں نے سائفر ے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سائفر ایک خفیہ دستاویز ہے جو موجود ہے۔امریکا میں ہمارے سفیر اور ڈونلڈ لو کے درمیان گفتگو پر مبنی سائفر تھا۔ڈونلڈ لو سفیر کو کہہ رہاہے عمران خان کو تحریک عدم اعتماد سے ہٹایا نہ تو خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔
انہوں نے کہا ہے کہ میں سازش کے بیانیے سے پیچھے نہیں ہٹا کیونکہ سائفر موجود ہے۔ سائفر کابینہ اور نیشنل سیکیورٹی کو نسل کمیٹی کے سامنے رکھا۔سائفر چیف جسٹس کے پاس ہے جس پر ہم آزادانہ انکوائری چاہتے ہیں۔سازش بیانیے سے پیچھے ہٹنے کا سوال پیدا نہیں ہوتا،سوال یہ ہے کہ آگے کیسے بڑھا جائے۔
ان کا کہنا ہے کہ میری حکومت کو امریکی سازش کے ذریعے ہٹایا گیا۔ لیکن میں نے اصل میں کہا تھا کہ یہ سب پیچھے رہ گیا۔ مجھے اپنے عوام کے مفاد کے راستے میں حائل نہیں ہونا چاہیے۔پاکستان کے عوام کا مفاد یہ ہے کہ تمام ممالک سے اچھے تعلقات ہوں۔امریکا سے اچھے تعلقات ہوں کیونکہ وہ سپرپاور ہے۔

عمران خان کو ملنےوالی انمول گھڑی کی قیمت کتنی؟

لاہور: (ویب ڈیسک) عمران خان کو ملنےوالی انمول گھڑی کی قیمت کتنی ہے؟
ملکی سیاست میں آج کل سابق وزیر عظم کی جانب سے بیچی گئی توشہ خانہ کی گھڑی کا چرچا ہے۔ گھڑی کے مبینہ خریدار کے سامنے آنے کے بعد سوال اٹھ رہا ہے کہ اس گھڑی کی اصل قیمت کیا تھی؟
عمران حکومت میں کابینہ ڈویژن نے گھڑی کی قیمت دس کروڑ روپے لگائی تھی۔ ٹائم زون واچ لمیٹڈ دبئی نے قیمت ایک ارب ستر کروڑ روپے لگائی۔
عمران خان نےگھڑی اسلام آباد میں پانچ کروڑ دس لاکھ روپے میں فروخت کرنے کا دعویٰ کیا۔ مبینہ خریدارعمرفاروق نے گھڑی فرح خان سے اٹھائیس کروڑ میں خریدنے کا دعویٰ کیا ہے۔
عمران خان کو تحفے میں دیے گئے اس گھڑی کے باکس میں2000سے زیادہ ہیرے تھے جن کا وزن تقریباً 41.54قیراط تھا۔

امریکی ایوان نمائندگان میں ری پبلکنز کی واپسی

امریکہ : (ویب ڈیسک) امریکی ایوان نمائندگان میں ری پبلکنز کی واپسی، ایوان نمائندگان میں 9 اضافی نشستوں کے ساتھ ری پبلکنز نے کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔
ری پبلکنز نے امریکہ کے مڈ ٹرم الیکشنز میں 218 نشستیں حاصل کرلیں جبکہ ڈیمو کریٹس 435 رکنی ایوان میں 210 نشستوں پر کامیاب ہو سکی ہے۔
دوسری جانب سینیٹ میں حکومتی جماعت ڈیموکریٹس کو برتری حاصل ہو گئی ہے، لیکن صرف ایک نشست سے، سینیٹ میں ڈیموکریٹس کی برتری ایک اضافی نشست کے ساتھ 50 نشستیں حاصل کرلیں ہیں جبکہ ری پبلکنز سینٹ میں ایک نشست کھو کر 49 نشستیں حاصل کر پائے۔
واضح رہے ڈیمو کریٹس جماعت سے اس وقت جوبائیڈن امریکا کے صدر ہیں، جبکہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ری پبلکنز سے امریکا کے سابق صدر رہ چکے ہیں اور ایک بار پھر انہوں نے امریکی صدر کی دوڑ میں واپسی کا اعلان کیا ہے۔
گزشتہ روز امریکی صدر ٹرمپ نے فلوریڈا میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ دو ہزار چوبیس کے صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ امریکہ کے روشن مستقبل کی خاطر کیا ہے، انہوں نے کہا کہ یہ کمپین صرف میری نہیں بلکہ پورے امریکا کی ہے، آپ کا ملک آپ کی آنکھوں کے سامنے تباہ ہورہا ہے۔