All posts by Khabrain News

کراچی، حیدرآباد اور لاڑکانہ سمیت سندھ کے دیگر شہروں میں بھی سردی کی انٹری

کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی، حیدرآباد اورلاڑکانہ سمیت سندھ میں صبح سویرے ٹھنڈی ہوائیں چلنے لگیں۔ ملک کے بالائی علاقوں کے بعد اب دیگر شہروں میں بھی سردیوں نے دستک دے دی ہے اور بچوں نے اسکول جانے کے لیے سوئٹر نکال لیے جب کہ موسمی نزلہ اور بخار بھی پھیلنے لگا۔ لاہور، فیصل آباد اور ملتان سمیت پنجاب میں بھی سرد لہر جب کہ پشاور سمیت خیبرپختونخوا میں بھی جاڑے نے قدم رکھ لیا۔ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف شہروں میں درجہ حرارت 2 ڈگری تک گرگیا۔ ادھر بابوسر ٹاپ ، نانگا پربت، بٹو گاہ ٹاپ پر تقریباً 8 فٹ سے زیادہ برف پڑ چکی۔ ڈاکٹروں نے شہریوں کو آتی سردیوں میں احتیاط کرنے کی ہدایت کی ہے۔

کورونا سے مزید ایک مریض جان کی بازی ہار گیا، 53 کی حالت تشویشناک

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں کورونا کے وار جاری ہیں، ایک اور مریض جان کی بازی ہار گیا، 24 گھنٹوں میں ملک مزید 57 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ قومی ادارہ صحت ( این آئی ایچ) کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 8 ہزار 600 کورونا ٹیسٹ کئے گئے ہیں جن میں سے 57 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ این آئی ایچ کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا مثبت کیسز کی شرح0.66 فیصد رہی ہے۔ قومی ادارہ صحت ( این آئی ایچ) کی رپورٹ کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے ایک مریض جان کی بازی ہار گیا جبکہ 53 مریضوں کی حالت ابھی بھی تشویشناک ہے۔

پاکستان آرمی ایکٹ میں ترامیم سے متعلق قیاس آرائیاں بلاجواز ہیں: خواجہ آصف

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیردفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ پاکستان آرمی ایکٹ میں ترامیم سے متعلق میڈیا میں قیاس آرائیاں بلاجواز ہیں۔
اپنے بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ حکومت آرمی ایکٹ میں کوئی بڑی تبدیلیوں پر غور نہیں کر رہی، سپریم کورٹ نے 2019 کے فیصلے میں آرمی ایکٹ کی متعلقہ شقوں کا جائزہ لینےکا کہا تھا۔
خواجہ آصف نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق مناسب وقت پر اس پر عمل کیا جائےگا۔

عمران خان دشمن ملک سے زیادہ پاکستان کو نقصان پہنچا رہے ہیں،فضل الرحمان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ عمران خان دشمن ملک سے زیادہ پاکستان کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کی سالمیت کیخلاف قوم کو اکٹھا کر رہے ہیں، ملکی ادارے ان کی جارحیت سے محفوظ نہیں، قومی ادارے کی عزت و وقار کو خاک میں ملانا عمران خان کا ایجنڈا ہے۔
انہوں نےکہا کہ سعودی ولی عہد کے دورے کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی گئی، قوم ایک صف ہو کر پاکستان کیخلاف داخلی جارحیت کا مقابلہ کرے۔
پی ڈی ایم سربراہ کا کہنا تھا کہ عمران نے 2014 میں بھی چینی صدر کے دورہ کو سبوتاژ کرنے کے لیے دھرنا دیا تھا، عمران خان نے ہر وہ قدم اٹھایا ہے جو ریاست پاکستان کے مفادات کے خلاف ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کا لانگ مارچ اب فرلانگ مارچ بن چکا ہے، عمران خان نے آرمی چیف کی تقرری کو بھی متنازعہ بنایا۔

پاکستانی گلوکارہ عروج آفتاب مسلسل دوسری بار گریمی ایوارڈ کیلیے نامزد

لاس اینجلس: (ویب ڈیسک) پاکستانی نژاد امریکی گلوکارہ عروج آفتاب کو مسلسل دوسرے سال گریمی ایوارڈ کیلیے نامزد کرلیا گیا۔
عروج آفتاب پہلی پاکستانی گلوکارہ ہیں جنہوں نے گزشتہ سال گریمی ایوارڈ جیت کر تاریخ رقم کی اور انہوں نے اب ایک اور اعزاز بھی اپنے نام کرلیا ہے۔
گریمی ایوارڈز کیلیے عروج آفتاب کو ایک بار پھر انوشکا شنر کے گانے ’اُدھرو نا‘ کیلیے نامزد کیا گیا ہے، جس کے بعد وہ مسلسل دوسری بار گریمی نامزدگی حاصل کرنے والی پہلی پاکستانی گلوکارہ بن گئیں۔
عروج نے سماجی رابطے کی سائٹ انسٹاگرام پر امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کی خبر کا تراشہ شیئر کیا جس میں 2023 کے لیے گریمی ایوارڈز کی نامزدگیوں کا اعلان کیا گیا۔
اس اخباری تراشے میں گریمی کی جانب سے عروج آفتاب کو بہترین گلوبل میوزک پرفارمنس کیٹیگری کیلیے نامزد کیا گیا ہے۔ انہوں نے انسٹاگرام پر نامزدگی کیلیے رب کا شکر بھی ادا کیا اور بتایا کہ وہ اپنی خوشی کا اظہار الفاظ میں نہیں کرسکتیں۔
عروج آفتاب نے اس پوسٹ کے کیپشن میں نوشکا شنکر کے ساتھ خود کو بھی مبارک باد پیش کی۔
گلوکارہ کی اس پوسٹ پر اداکارہ ثروت گیلانی نے مبارک باد پیش کرتے ہوئے لکھا کہ ’لڑکی تم آگے بڑھو اور خوب کامیابی حاصل کرو‘۔
گریمی ایوارڈ کی تقریب 5 فروری کو لاس اینجلس میں منعقد کی جائے گی۔ فاتحین کا انتخاب تقریباً 13,000 موسیقاروں، پروڈیوسروں اور نغمہ نگاروں کے ذریعے کیا جائے گا جن کا تعلق ریکارڈنگ اکیڈمی سے ہے۔

‘شیر آیا شیر’ وطن واپسی پر نسیم شاہ کو ائیرپورٹ پر دیکھ کر شائقین کے نعرے

لاہور: (ویب ڈیسک) آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شرکت کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور دیگر کھلاڑی رات گئے لاہور ائیرپورٹ پہنچے۔
بابر اعظم کے ہمراہ فاسٹ بولر نسیم شاہ، پی سی بی چیئرمین رمیز راجہ سمیت ٹیم آفیشلز غیر ملکی پرواز کے ذریعے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پہنچے تھے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا گیا کہ جیسے ہی نسیم شاہ ائیرپورٹ سے باہر نکلے تو وہاں موجود شائقین نے انہیں دیکھ کر ‘ شیر آیا شیر’کے نعرے لگانا شروع کردیے۔مداحوں نے نسیم شاہ کے ساتھ سیلفیاں بھی بنوائیں۔
اس کے علاوہ آصف علی، عثمان قادر لاہور جبکہ حارث رؤف اسلام آباد پہنچے تھے۔
واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں پاکستان ٹیم کو انگلینڈ سے شکست ہوئی تھی۔

کیرون پولارڈ نے آئی پی ایل کو خیر باد کہہ دیا

لاہور: (ویب ڈیسک) ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر کیرون پولارڈ نے انڈین پریمیئر لیگ( آئی پی ایل) سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔
پولارڈ آئی پی ایل میں ممبئی انڈینز کی نمائندگی کرتے تھے ،تاہم اب انہوں نے فرنچائز سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ہے۔
سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے پولارڈ نے کہا کہ اب وہ ممبئی انڈینز میں بحیثیت بیٹنگ کوچ اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔
انہوں نے کہا یہ فیصلہ میرے لیے بہت مشکل تھا لیکن میں اس بہترین فرنچائز کے ساتھ 13 سال گزارنے پر فخر محسوس کرتا ہوں۔

حکومت فرح گوگی کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے جا رہی ہے: عطا تارڑ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی عطا تارڑ نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی قریبی دوست فرح گوگی کے ریڈ وارنٹ جاری کرنےکا اعلان کردیا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے معاون خصوصی عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری ہر شےکے فضائل بیان کرسکتے ہیں، ان سے شیطان کی فضیلت بھی پوچھیں تو خوب بیان کریں گے،گھڑی ساز کمپنی گراف کے مطابق گھڑی کی قیمت 1 ارب روپے سے زائد ہے، آپ نےگھڑی کی قیمت 10 کروڑ لگائی اور 2 کروڑ میں خریدی، ایسی کیا مجبوری تھی کہ سعودی ولی عہد کا تحفہ بیچ دیا، آپ نے دو جرائم تسلیم کیےکہ گھڑی خریدی ہے اور بیچی ہے۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ آپ نے چوری کی ہے اوپر سے سینہ زوری، آپ گھڑی بیچ دیتے ہیں اور سرکاری خزانے میں 10 فیصد بھی جمع نہیں کراتے، فرح گوگی نے 35 کروڑ میں گھڑی بیچی،گھڑی دبئی کیسے پہنچ گئی، عمر ظہور کو گھڑی نہیں بیچی تو ان کے پاس کیسے پہنچی۔
وزیراعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ فرح گوگی نے اربوں کی چوری کی، حکومت فرح گوگی کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے جارہی ہے، عمران خان کو چیلنج کرتا ہوں چاہے انٹرنیشنل کورٹ آف جسٹس یا انٹرنیشنل کرمنل کورٹ میں جائیں تو چوری ان کی ہی ہے، فواد چوہدری نے خریدنے اور بیچنےکا جرم قبول کیا، اتنے معصوم بن گئے کہ کیبنٹ ڈویژن نے قیمت لگوائی اور انہیں معلوم ہی نہیں ہوسکا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مان لیا کہ عمرفاروق دنیا کا برا ترین آدمی ہے پر عمران خان سے برا نہیں ہوسکتا، عمر فاروق گھڑی ٹی وی پر دکھا رہا ہے، آخر اس تک گھڑی پہنچی کیسے، فرخ گوگی کس حیثیت سے گھڑی لےکر پرائیویٹ جہاز پرگئیں، کیا بنی گالہ سے کوئی موکل عمر فاروق تک گھڑی لےگیا۔

نہیں چاہتا امریکا سے تعلقات کی خرابی کا نتیجہ عوامی مفادات کیخلاف نکلے: عمران خان

لاہور: (ویب ڈیسک) سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے کہا ہے کہ تاحال میری جان کو خطرہ ہے، سائفر کے معاملے پر اپنی بات سے پیچھے ہٹنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، اس معاملے پر چیف جسٹس سے تحقیقات کی درخواست کی ہے، نہیں چاہتا کہ امریکا کے ساتھ تعلقات کی خرابی کا نتیجہ پاکستان کی عوام کے مفادات کیخلاف نکلے۔
ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین نے فرانس 24 انگلش کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔
میزبان صحافی نے سوال کیا کہ وزیر آباد میں حملہ کرنے والے اعتراف کیا کہ اس نے حملہ خود کیا ہے ، اس کے باوجود آپ تین لوگوں پر الزام لگا رہے ہیں، اس سوال کے جواب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ میں ساڑھے تین سال ملک کا وزیراعظم رہا ہوں، ملک کی انٹیلی ایجنسیاں میرے ماتحت کام کرتی رہی ہیں اور میں جانتا ہوں یہ کیسے کام کرتی ہیں، وزیر آباد میں مجھے پتہ ہے کیا ہوا ہے، میں اس حملے کے بارے میں چھ ہفتے قبل ہی قوم کو بتا دیا تھا، میری ایک ویڈیو بنائی گئی، اس ویڈیو کو حکومتی ترجمان نے استعمال کیا، یہ ویڈیو پاکستان ٹیلی ویژن پر بھی استعمال کی گئی۔ چھ ہفتے قبل ہی میں نے بتا دیا تھا کہ ایک منصوبہ بندی کے تحت مجھ پر حملہ کروایا جائے گا اور مذہب کو بنیاد بنا کر مجھے مروا دیا جائے گا۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں نے جن دو کردار (وزیراعظم شہباز شریف، وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ) کے بارے میں آگاہ کیا ہے، ان کا ماضی سب کے سامنے ہے، 30 سال سے یہ مخالفین کو قتل کرواتے رہے ہیں، یہ دونوں سانحہ ماڈل ٹاؤن میں بھی ملوث رہے ہیں، انہوں نے 12 لوگوں کو شہید کیا تھا، اسی وجہ میں کہتا ہوں کہ وزیر آباد حملے کی جب ایک آزاد اور شفاف تحقیقات ہوں گی تو سچ سامنے آئے گا، میں جانتا ہوں تین لوگ اس حملے میں ملوث ہیں، مجھ پر حملہ کرنے والا شہری مذہبی نہیں تھا کیونکہ وہاں کے مقامی لوگ جانتے ہیں ، حملہ آور مذہبی نہیں تھا۔
میزبان نے سوال کیا کہ آپ پر ہونے والے حملے کی وزیراعظم شہباز شریف نے مذمت کی ہے، اور چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کی کہ حملے کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنایا جائے، یہی مطالبہ آپ کر رہے ہیں، اس پر جواب دیتے ہوئے سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میں بھی چاہتا ہوں کہ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطاء بندیال اس واقعہ پر ایک اعلیٰ تحقیقاتی کمیشن بنایا جائے، میں جانتا ہوں کہ مجھ پر حملہ کرنے والے دو ملزم تھے، ایک حملہ آور نے اس بات کا اعتراف کر لیا، میں جانتا ہوں ایک اور حملہ آور موجود تھا، وہ سامنے تھا، جب سے میری حکومت ختم ہوئی ہے میری پارٹی کی مقبولیت میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، میری جماعت نے ضمنی الیکشن میں واضح فتح حاصل کی ہے، اسی وجہ سے حکومت الیکشن کروانے سے ڈر رہی ہے، کہ کہیں پاکستان تحریک انصاف کی جماعت الیکشن ہی نہ جیت جائے۔ اسی لیے مجھے حکمران راستے سے ہٹانا چاہتے ہیں۔
پی ٹی آئی چیئر مین کا کہنا تھا کہ میں نے چیف جسٹس سے استدعا کی ہے ایک کمیشن بنائیں، اس کمیشن کے نیچے دیگر اداروں کے مضبوط لوگوں کو رکھا جائے، میں چاہتا ہوں یہ تمام لوگ چیف جسٹس کے ماتحت کام کریں، اس کے علاوہ کوئی اور راستہ نہیں ہے کیونکہ بصورت دیگر تینوں لوگوں دیگر تحقیقات پر اثر انداز ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایک اعلیٰ ادارے کے ہیڈ کی پریس کانفرنس نہیں کرنی چاہیے تھی، میرے خیال میں اس پریس کانفرنس سے ادارے کو نقصان پہنچا ہے، ملک میں مضبوط فوج کا حامی ہوں، پریس کانفرنس میں پاکستان کے سب سے بہترین صحافی کے بارے میں باتیں کی گئیں جو شدید دھمکیوں کے بعد ملک چھوڑ کر باہر چلے گئے تھے، جنہیں بعد میں قتل کر دیا گیا۔ اس پر لوگوں کی انگلیاں ادارے کی طرف اُٹھ رہی ہیں۔
میزبان صحافی نے سوال کیا کہ کیا آپ کو اب بھی لگتا ہے کہ آپ حملہ ہو سکتا ہے، اس سوال کے جواب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ مجھے خدشہ ہے کہ میرے اوپر دوبارہ حملہ ہو سکتا ہے، میری زندگی خطرے میں ہے، وہ لوگ جو مجھے راستے سے ہٹانا چاہتے ہیں جنہیں پتہ ہے میری پارٹی پاکستان کی سب سے مقبول ترین جماعت ہے، موجودہ حکومت کو اداروں کی حمایت، الیکشن کمیشن کے ساتھ ہونے کے باوجود ضمنی الیکشن میں بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا اور ہماری جماعت نے کلین سویپ کیا، کیونکہ عوام نہیں چاہتی کہ مجرم ملکی اقتدار میں ہوں ۔60 فیصد کابینہ پر کرپشن کیسز ہیں، میرے ساتھ عوام کی بہت بڑی تعداد ہے، اسی لیے موجودہ لوگ مجھے راستے سے ہٹا سکتے ہیں۔ میری جان کو تاحال خطرہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ میرا ایمان پختہ ہے کہ موت کا ایک وقت مقرر ہے، مجھے موت کا خطرہ بالکل روک نہیں سکتا، میں اپنے مشن پر گامزن رہوں گا، ملک میں قانونی حکمرانی کے لیے جدوجہد جاری رکھوں گا، ملک کا سب سے بڑا مسئلہ بھی یہی ہے، ملک میں سیاسی مافیا اور ادارے قانون سے بالاتر ہیں، اسی وجہ سے ملک پیچھے رہ گیا ہے، 26 سال سے یہی میری پالیسی ہے کہ ملک میں رول آف لاء ہونا چاہیے، اس طرح کی کوئی دھمکی مجھے میرے مشن سے نہیں روک سکتی۔
پی ٹی آئی چیئر مین کا کہنا تھا کہ پاکستان میں26 سال سے سیاست میں ہوں، میں ہمیشہ آئین پر یقین رکھتا ہوں، آئین مجھے حق دیتا ہے کہ میں پر امن احتجاج کروں، میرے تمام احتجاج پر امن رہے ہیں، ملک میں اس وقت غداروں کی حکومت ہے، ملک میں جب میری حکومت تھی تو اس وقت رسک فیکٹر 5 فیصد تھا جو اب 75 فیصد تک پہنچ چکا ہے، ملک کو اس وقت شدید معاشی بحران کا سامنا ہے، اسی وجہ میں مطالبہ کر رہا ہوں کہ اس مسائل کا بہترین حل صاف اور شفاف الیکشن ہیں، میری جماعت کو کوئی مسئلہ نہیں الیکشن ایک ماہ بعد ہوں یا ایک سال بعد ہوں، جب بھی الیکشن ہوں گے تحریک انصاف کلین سویپ کر جائے گی، کسی جماعت کو اتنی حمایت حاصل نہیں جتنی میری پارٹی کو حمایت حاصل ہے، میں پھر دہراتا ہوں کہ ملک کو صاف اور شفاف الیکشن کی ضرورت ہے۔
امریکا کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے فنانشل ٹائمز کو دیئے گئے انٹرویو کے سوال پر جواب دیتے ہوئے سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ واشنگٹن میں پاکستانی سفیر اسد مجید کے ساتھ امریکی انڈر سیکرٹری ڈونلڈ لو کے درمیان کچھ باتیں ہوئیں جو سائفر کے ذریعے ہم تک پہنچیں، اس سائفر میں بتایا گیا ہے کہ ڈونلڈ لو نے دھمکی دی کہ اگر آپ لوگ عمران خان کو نہیں ہٹاتے تو پاکستان کے لیے بہت سارے مسائل ہوںگے، اس کے بعد اگلے دن تحریک عدم اعتماد پیش کی جاتی ہے، اس وقت میری حکومت معاشی طور پر بہت تیزی سے ترقی کر رہی تھی۔ سائفر کے معاملے پر چیف جسٹس سے تحقیقات کی درخواست ہے، میری حکومت کو گرایا گیا، اب میں نہیں چاہتا کہ امریکا کے ساتھ تعلقات کی خرابی کا نتیجہ عوامی مفادات کے خلاف نکلے۔ پاکستانی عوامی مفادات اسی میں ہے کہ امریکا سمیت تمام ممالک کے ساتھ تعلقات اچھے ہوں، امریکا اس وقت سپر پاور ہے، یہی بات میں فنانشل ٹائمز کو انٹرویو میں کہی تھی، سائفر کے معاملے پر اپنی بات سے پیچھے ہٹنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

توشہ خانہ ہو یا قومی خزانہ حکمرانوں کا رویہ ہمیشہ مجرمانہ رہا، سراج الحق

لاہور: (ویب ڈیسک) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے توشہ خانہ اور قومی خزانے کیلئے حکمرانوں کا رویہ ہمیشہ مجرمانہ رہا اور حکمران اشرافیہ کے نام پانامہ لیکس اور پنڈورا پیپرز کی زینت بنے۔
ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی کے مرکزی امیر سراج الحق نے وزرائے اعظم کو ملنے والے تحائف کی غیرقانونی طور پر فروخت سے متعلق تبصرہ کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ اقتدار کے ایوانوں سے ایسی کہانیاں منظرعام پر آرہی کہ ملک دنیا میں تماشا بن گیا ہے، حکمران اشرافیہ کے نام پانامہ لیکس اور پنڈوراپیپرز کی زینت بنے۔
مرکزی امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکمران نے اربوں کے قرضے لیے اور معاف کروائے۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ حکمران جماعتیں جمہوریت کی مضبوطی چاہتی ہیں تو سنجیدگی دکھائیں لیکن پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی کی سیاست تو آرمی چیف کی تعیناتی کے گرد گھوم رہی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن ملک کو بحرانوں سے نکالنے کا واحد راستہ ہے مگر انتخابات سے قبل انتخابی اصلاحات ضروری ہیں، الیکشن کمیشن کو مالی اور انتظامی لحاظ سے خود مختار بنانا ہوگا۔