All posts by Khabrain News

سندھ کابینہ نے سیلاب سے تباہ مکانات کی تعمیر کیلیے 50 ارب روپے کی منظوری دے دی

کراچی: (ویب ڈیسک) سندھ کابینہ نے سیلاب سے تباہ مکانات کی تعمیر کیلئے 50 ارب روپے کی منظوری دے دی۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے اجلاس میں بتایا گیا کہ تباہ شدہ گھر کے ہر مالک کو تعمیر شروع کرنے کیلئے 50 ہزار روپے دیے جائیں گے اور جب تعمیر چار دیواری تک پہنچے گی تو باقی 250000 روپے تعمیر مکمل کرنے کیلئے متعلقہ مالک کے بینک اکاؤنٹ میں منتقل کر دیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ سیلاب سے 17 لاکھ مکانات کو نقصان پہنچا ہے اور تمام تباہ شدہ مکانات کی تعمیر پر 160 ارب روپے لاگت آئے گی، ان میں سے عالمی بینک نے 110 ارب روپے دینے کا وعدہ کیا ہے، اور باقی رقم کا انتظام صوبائی حکومت، وفاقی حکومت ، دیگر ذرائع اور عطیہ دہندگان کے ذریعے کی جارہی ہے۔
وزیراعلیٰ کے مشیر برائے زراعت منظور وسان نے کابینہ کو بتایا کہ حالیہ سیلاب سے 3.6 ملین ایکڑ پر تیار فصلوں کو نقصان پہنچا ہے جبکہ کسانوں کو 421 ارب روپے کا نقصان ہوا ہے۔
منظور وسان نے بتایا کہ گندم کے مفت بیج کی فراہمی کے ساتھ شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے جس کیلئے 13.5 ارب روپے درکار تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت نے 8.39 ارب روپے جبکہ وفاقی حکومت نے 4.7 ارب روپے کا حصہ ڈالا۔
5 ہزار روپے فی ایکڑ کے تحت معاوضہ کیلئے فنڈز کے طریقہ کار سے متعلق بات کرتے ہوئےمنظور وسان نے کہا کہ تعلقہ اور ضلعی کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں جبکہ ڈی جی زراعت کے زیر نگرانی ایک صوبائی کمیٹی قائم کی گئی ہے۔
وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے کابینہ کو بتایا کہ سندھ پروٹیکشن آف جرنلسٹس اینڈ دیگر میڈیا پریکٹیشنرز ایکٹ 2021 صوبائی اسمبلی نے نافذ کیا ہے اور اگست 2021 میں نوٹیفائی کیا گیا ہے جبکہ رولز کو بھی نوٹیفائی کر دیا گیا ہے۔
شرجیل میمن نے ریٹائرڈ جسٹس رشید رضوی کی سربراہی میں ایک 14 رکنی ڈرافٹ کمیشن پیش کیا جس میں چار سرکاری ممبران جن میں سیکرٹری اطلاعات، سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری قانون اور سیکرٹری جبکہ نو غیر سرکاری ممبران ہیں۔
محکمہ داخلہ نے سندھ میں گٹکا اور مین پڑی کی تیاری، ذخیرہ اندوزی، فروخت اور استعمال کے ایکٹ 2019 میں ترامیم کابینہ میں پیش کیں اور کہا کہ بل میں ترامیم صوبائی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کے سامنے زیر التوا ہیں۔
کابینہ نے سندھ ہائی کورٹ میں آئینی پٹیشن نمبر S-349/2021 کے تحت دیے گئے حکم کے مطابق موجودہ ایکٹ میں کچھ اضافی ترامیم کو شامل کرنے کی منظوری دی تاکہ گٹکا، مین پوری، اور سپاری کی غیر قانونی تیاری، تیاری، ذخیرہ، فروخت اور استعمال کے خلاف روک تھام کی جا سکے۔

امریکا پاکستان کی معاشی مشکلات دور کرنے کے لیے تیار، تجارتی فروغ کا معاہدہ طے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) امریکا اور پاکستان کا دو طرفہ تجارت کو بڑھانے پر اتفاق کرتے ہوئے سرمایہ کاری کے فروغ کی حکمت عملی جاری کردی۔
امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ پانچ سالہ پروگرام کے تحت تجارات اور سرمایہ کاری کو بڑھایا جائے گا اور پاکستان کی معیشت کو مضبوط، کاروباری لاگت کو کم کرنے کے اقدامات سمیت غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سازگار ماحول فراہم کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پانچ سال کے دوران نجی شعبے کے ذریعے پاکستان میں 25 لاکھ ڈالرز کی سرمایہ کاری کی جائے گی جس کی مدد سے مزید 75 ملین ڈالرز کی سرمایہ کاری بڑھنے کا امکان ہے جس کے بعد پاک امریکا تجارت کے حجم میں 40 لاکھ ڈالرز کا اضافہ ہوجائے گا۔
اس موقع پر امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کو کئی چیلنجز درپیش ہیں پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں کے خطرات لاحق ہیں معیشت کو مضبوط کرنے کے لیے امریکا معاونت جاری رکھے گا، غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے ملک میں استحکام ضروری ہے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو مستقبل کے بارے میں یقین ہونا ضروری ہے معاشی استحکام بہت ضروری ہے پاکستان کو گرین انرجی پر بہت کام کرنے کی ضرورت ہے۔
وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا نے کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ تجارت بڑھانا چاہتا ہے پاکستان اپنی معیشت کو بہتر کر رہا ہے پاکستان سرمایہ کاروں کے لیے ماحول کو سازگار کر رہا ہے۔

رانا ثناءایک بار پھر اینٹی کرپشن پنجاب کے ریڈار پر آگئے، اہلیہ سمیت طلب

لاہور: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ ایک بار پھر اینٹی کرپشن پنجاب کے ریڈار پر آگئے اور ان کو اہلیہ سمیت طلب کرلیا گیا۔
اینٹی کرپشن ہیڈ کوارٹر کی ٹیم نے رانا ثنا اللہ اور انکی بیگم کو بیانات قلمبند کرنے کیلئے طلب کیا، وزیر داخلہ پر کلر کہار میں نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں شیڈول ریٹ سے انتہائی کم قیمت پر دو فارم ہاؤسز بطور رشوت لینے کا الزام ہے، ہاؤسنگ سوسائٹی کے مالک اخلاق احمد پر اپنی غیر قانونی سوسائٹی کو رجسٹرڈ کروانے کیلئے رانا ثناء اللہ کو پلاٹ دینے کا الزام ہے۔
رانا ثناء اللہ اپنی اہلیہ نبیلہ ثناءاللہ کے ہمراہ بطور وزیر قانون سوسائٹی کی افتتاحی تقریب میں شریک ہوئے، دونوں پلاٹس رانا ثناء اللہ کی اہلیہ کو بلا معاوضہ بطور رشوت دیئے گئے۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ اور انکی اہلیہ کو 22 نومبر کو بوقت گیارہ بجے اینٹی کرپشن ٹیم کے سامنے پیش ہونے کا نوٹس جاری کیا گیا۔

لانگ مارچ کے خلاف درخواست سپریم کورٹ میں سماعت کیلئے مقرر

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے خلاف درخواست سپریم کورٹ میں سماعت کے لیے مقرر کر دی گئی۔
پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے خلاف درخواست سینئر وکیل کامران مرتضیٰ نے دائر کی جس کی سماعت کل ہو گی، سپریم کورٹ رجسٹرار آفس نے کامران مرتضی کو نوٹس جاری کر دیا ہے ۔
سماعت کے لیے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ بنایا گیا ہے، بینچ کے دیگر ارکان میں جسٹس عائشہ ملک، جسٹس اطہر من اللہ شامل ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے حقیقی آزادی لانگ مارچ کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں سابق وزیراعظم عمران خان جلسوں سے خطاب کر رہے ہیں اور علی الاعلان کر رہے ہیں ہماری منزل اسلام آباد ہے جہاں پر الیکشن کی تاریخ لیکر ہی واپس آئیں گے، اسی دوران وزیر آباد میں ہونے والے حملے کے دوران عمران خان زخمی ہو گئے۔ اور آج شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک دو روز میں راولپنڈی میں اکٹھے ہونے کی تاریخ دوں گا۔

تیسرا ویمنز ٹی 20: پاکستان کو شکست، آئرلینڈ نے تاریخ رقم کردی

لاہور: (ویب ڈیسک) آئرلینڈ کی خواتین ٹیم نے لاہور میں تیسرے ٹی 20 میں پاکستان کو شکست دے کر تاریخی سیریز 2-1 سے جیت لی۔
خیال رہے کہ یہ ایشیا میں کسی بھی آئرش ٹیم کی پہلی ٹی 20 سیریز جیت ہے۔
قذافی سٹیڈیم میں پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کرنے کے بعد آئرلینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹ کے نقصان پر 167 رنز بنائے۔
آئرلینڈ کے ٹاپ آرڈر نے ٹیم کے سکور میں اہم کردار ادا کیا کیونکہ اوپنر گیبی لیوس نے 46 گیندوں میں 71 رنز بنائے، ان کی شاندار اننگز میں 11 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا، لیوس کی ساتھی اوپنر ایمی ہنٹر نے 35 گیندوں میں 40 رنز بنائے جبکہ اورلا پرینڈرگاسٹ نے 23 گیندوں پر 37 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے ندا ڈار، ناشرا سندھو اور غلام فاطمہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
مشکل ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم 18.5 اوورز میں 133 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
اوپنر جویریہ خان نے 37 گیندوں میں سات چوکوں کی مدد سے 50 رنز بنائے لیکن انہیں دوسرے اینڈ سے بھرپور تعاون نہیں ملا کیونکہ پاکستان وقفے وقفے سے وکٹیں کھوتا رہا۔
آئرلینڈ کی آرلین کیلی اور لورا ڈیلانی نے رن کے تعاقب کے دوران پاکستان کو محدود کرنے کے لیے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔
گیبی لیوس نے پلیئر آف دی میچ اور سیریز کا ایوارڈ اپنے نام کیا، وہ تین ٹی 20 میں 130.90 کے اسٹرائیک ریٹ سے 144 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر تھیں۔
واضح رہے کہ ہفتہ کو لاہور میں خواتین کے پہلے ٹی 20 میں آئرلینڈ نے پاکستان کو چھ وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ پاکستان نے پیر کو دوسرا ٹی 20 چھ وکٹوں سے جیتا تھا۔
خیال رہے کہ ٹی 20 سیریز سے قبل پاکستان نے ون ڈے سیریز میں 3-0 سے کلین سویپ کیا تھا۔

باجوڑ: سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں میں فائرنگ کا تبادلہ، 2 جوان شہید

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) خیبرپختونخوا میں امن دشمنوں کے خلاف لڑتے ہوئے سکیورٹی فورسز کے دو جوان وطن پر قربان ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ کے ہلال خیل کے علاقے میں دہشت گردوں اور سکیورٹی فورسز میں شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ یہ آپریشن 15 اور 16 نومبر کی درمیانی شب ہوا، فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران ایک دہشت گرد مارا گیا۔ مارے گئے دہشت گرد سے ہتھیار اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، مرنے والے دہشتگرد سیکورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی سرگرمیوں میں سرگرم رہے ہیں۔
بیان کے مطابق امن دشمنوں کے خلاف لڑائی کے دوران دو جوان شہید ہو گئے، شہید ہونے والوں میں 33 سالہ نائیک محمد اور 30 سالہ لانس نائیک امتیاز شامل ہیں، تاج محمد کا تعلق کوہاٹ اور امتیاز خان کا تعلق مالاکنڈ سے ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں پائے جانے والے دہشت گردوں کو ختم کرنے کے لیے علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

سانحہ وزیر آباد: جے آئی ٹی پر وفاق کا اعتراض، پنجاب حکومت نے مسترد کر دیا

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے لانگ مارچ کے دوران وزیر آباد میں ہونے والے حملے کے معاملے پر جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) پر وفاقی حکومت نے تحفظات ظاہر کردیئے۔ ان تمام تحفظات کو پنجاب حکومت نے مسترد کر دیا۔
وفاقی وزارت داخلہ کا محکمہ داخلہ پنجاب کو مراسلہ ارسال کر دیا جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم پر وفاقی حکومت نے اعتراض اٹھا دیا۔
وفاقی وزارت داخلہ کے مطابق جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم میں تمام ممبران کا تعلق پنجاب پولیس سے ہے،جے آئی ٹی میں کسی اور ایجنسی اور خفیہ ادارے کا نمائندہ شامل نہیں۔
وفاقی حکومت نے جے آئی ٹی میں آئی ایس آی اور آئی بی کے نمائندے شامل کرنے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ یہ اچھا ہوگا کہ پنجاب حکومت اس جے آئی ٹی میں وفاقی ایجنسیز کے نمائندوں کو بھی شامل کرے۔
پنجاب حکومت نے جے آئی ٹی کا سربراہ سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کو بنایا ان کو اسٹیبلیشمنٹ ڈویژن معطل کر چکا ہے۔ اور عارضی طورپر فیڈرل سروس ٹربیونل سے ریلیف ملا۔ ایسے آفیسر کو سربراہ مقرر کرنے سے شفاف تحقیق ممکن نہ ہے۔
دوسری طرف پنجاب حکومت نے جوائنٹ انویسٹی گیشن کی تشکیل پر وفاقی حکومت کے اعتراض کو مسترد کر دیا۔
مشیر داخلہ پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ جے آئی ٹی کی تشکیل پنجاب حکومت نے آئین قانون کے مطابق کی ہے، جے آئی ٹی میں وفاق کی کسی ایجنسی کا نمائندہ شامل کرنا لازم نہیں۔

پاکستان اور مالٹا کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت کے دوسر ے دور کا انعقاد

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان اور جمہوریہ مالٹا کے درمیان دو طرفہ سیاسی مشاورت کا دوسرا دور منعقد ہوا۔
دفتر خارجہ کے مطابق ورچوئل اجلاس میں پاکستان کی طرف سے ایڈیشنل سیکرٹری (پالیسی پلاننگ اور آرمز کنٹرول) محمد کامران اختر کی قیادت میں وفد مشاورت میں شریک ہوا جبکہ مالٹا کی جانب سے سفیر فیونا فارموسا ڈائریکٹر جنرل (سیاسی بیرونی تعلقات اور یورپی امور) کی زیر قیادت وفد نے بات چیت میں شرکت کی۔
بات چیت میں دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کے ساتھ ساتھ کثیر الجہتی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں اطراف نے اہمیت کے حامل تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا، فریقین نے تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو بڑھانے اور پاکستان مالٹا مشترکہ تکنیکی کمیشن کو بحال کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا، انہوں نے انفارمیشن ٹیکنالوجی، فارماسوٹیکل، صحت اور سٹارٹ اپس کے شعبوں میں تعاون کے مواقع تلاش کرنے پر بھی اتفاق کیا۔
فریقین نے مختلف بین الاقوامی فورمز بالخصوص اقوام متحدہ اور دولت مشترکہ میں تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا، انہوں نے تنازع جموں و کشمیر، افغانستان، فلسطین، یوکرین، انسداد دہشت گردی، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اصلاحات اور موسمیاتی تبدیلی سمیت علاقائی اور عالمی اہمیت کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
پاکستان میں سیلاب زدگان کی امداد پر مالٹی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ایڈیشنل سیکرٹری نے مالٹا کے نمائندوں کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بحالی اور تعمیر نو کے کاموں کے لیے پاکستان کی جانب سے کی جانے والی کوششوں سے آگاہ کیا۔
انہوں نے زور دیا کہ عالمی برادری کو ماحولیاتی انصاف کو یقینی بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے، فریقین نے دو طرفہ سیاسی مشاورت کو آئندہ بھی جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

پنجاب : پولیس اور دیگر محکموں کیلئے 1200 ڈرون کیمرے خریدنے کی منظوری

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے پولیس اوردیگر محکموں کیلئے 1200 ڈرون کیمرے خریدنے کی اصولی منظوری دے دی۔
وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی سے وزیراعلیٰ آفس میں چین کی ڈرون ٹیکنالوجی کی معروف کمپنی Da-Jiang Innovations(DJI) کے وفدنے ملاقات کی۔
اس موقع پر پرویزالہی کاکہناتھاکہ ڈرون ٹیکنالوجی کی مدد سے صوبے میں جدید پولیسنگ سسٹم کو فروغ دیں گے اور پٹرولنگ پولیس کی استعداد کار میں اضافہ کیا جائے گا۔ڈرون ٹیکنالوجی کے ذریعے صوبے میں سٹریٹ کرائم اوردیگر جرائم پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ جرائم پیشہ عناصر کو قانون کی گرفت میں لانے میں ڈرون کیمرے ممدومعاون ثابت ہوں گے۔جدید ڈرون ٹیکنالوجی سے جلسے،جلسوں خصوصاً محرم الحرام اورمذہبی تہواروں کی موثر مانیٹرنگ ممکن ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ2021 کے دوران مینار پاکستان میں خاتون کے ساتھ انتہائی ناخوشگوار واقعہ پیش آیا،ڈرون کیمروں کے مدد سے پارکس اورتفریحی مقامات کی مانیٹرنگ سے ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہوگی اور پارکس اورتفریحی مقامات کی موثر نگرانی کی جاسکے گی اور کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ فوری رپورٹ ہوگا اورمتعلقہ محکمے بروقت رسپانس دے سکیں گے۔ نائٹ ویژن ڈرون کیمروں سے رات کو بھی امن وامان کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ڈرون ٹیکنالوجی کی مدد سے سیلاب کی پیشگی معلومات کا حصول ممکن ہوگا۔دریاؤں میں پانی کے فلو کو 24گھنٹے مانیٹر کیا جاسکے گا۔سیلابی صورتحال کے پیش نظر ڈرون ٹیکنالوجی کے ذریعے متعلقہ اداروں کو ریڈ الرٹ جاری کیاجائے گا۔امدادی سرگرمیوں خصوصاً ادویات اورکھانے پینے کی اشیاء کی متاثرین تک فراہمی میں بھی ڈرون ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جاسکے گا۔
پرویز الٰہی نے کہا کہ آتشزدگی، زلزلے یا کسی اورقدرتی آفت کے دوران ڈرون ٹیکنالوجی سے متاثرہ علاقے میں بروقت امدادی سرگرمیاں شروع کرنے میں مدد ملے گی۔زرعی شعبہ ڈرون ٹیکنالوجی سے بے پناہ مستفید ہوسکے گا۔انہوں نے کہا کہ بڑے ڈرونز کے ذریعے فصلوں پرزرعی ادویات کاموثر انداز میں سپرے ممکن ہوگا۔ٹڈی دل اوردیگرحشرات کا وقت سے قبل خاتمہ کیا جاسکے گااور زرعی پیداوار میں اضافہ ہوگا۔فصلوں کی پیداوار کا درست تخمینہ لگانے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ سالٹ رینج میں کان کنی کے علاقے میں مائینگ سرگرمیوں کی سرویلنس ہوسکے گی اورآن گراؤنڈ کام کا درست اندازہ لگایا جاسکے گا۔شجرکاری کے دوران لگائے گئے درختوں کی اصل تعدادکا تخمینہ ڈرون ٹیکنالوجی سے لگایا جاسکے گا۔کسی بھی قدرتی آفت کے دوران زندگیاں بچانے کیلئے ڈرون ٹیکنالوجی کا استعمال بہت اہمیت رکھتا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ریسکیوکے حوالے سے ڈرون کیمروں کی مدد سے زندگیاں بچانے میں مدد ملے گی۔ڈرون ٹیکنالوجی کے استعمال اوراس پروگرام پر عملدر آمد کیلئے پنجاب میں علیحدہ ونگ بنایا جائے گا۔ڈرون ٹیکنالوجی کے استعمال کے بارے میں عملے کو چینی کمپنی سے تربیت دلوائی جائے گی۔
چودھری پرویزالٰہی نے پولیس اورمتعلقہ محکموں کو ڈرون کیمرے لینے کیلئے حتمی سفارشات مرتب کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ محکمے اپنی ضروریات کے مدنظر رکھ کر فائنل رپورٹ جلد پیش کریں۔ ڈرون ٹیکنالوجی کا حصول پنجاب کی تاریخ کا منفرد اورجدید ترین پروگرام ہے۔

مالی فوائد اور اختیارات کا غلط استعمال، فیصل واوڈا نیب طلب

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) قومی احتساب بیورو (نیب) نے پبلک آفس ہولڈرز، اتھارٹی کے مالی فوائد اور اتھارٹی کے غلط استعمال کا نوٹس لیتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما فیصل واوڈا کو طلب کر لیا۔
نیب کے مطابق سابق وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا سے اختیارات کے غلط استعمال اور مالی فوائد کے الزامات کی انکوائری کی جائے گی۔ انہیں 17نومبر کو دوپہر 2بجے نیب اسلام آباد آفس جی سیکس میلوڈ میں طلبی کا نوٹس جاری کیا گیا ہے، انہیں دستاویزی ثبوت کے ہمراہ اپنا بیان ریکارڈ کرنے کے لیے پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔