لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے سوال اٹھایا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کے پاس گھڑی اور ہار خریدنے کے پیسے کہاں سے آئے؟۔
مریم نواز شریف نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے گھڑی اور ہار پہلے خریدے، پھر بیچ دیے اصل کہانی نہیں، عمران نے وہ گھڑی اور ہار کتنے میں حکومت سے خریدےاور کتنے میں بازار میں بیچ دیے اصل کہانی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ وہ تحائف خریدنے کے لیے اس کے پاس پیسے کہاں سے آئے اصل سوال ہے کیونکہ وزیراعظم کی تنخواہ کے علاوہ اسکاکوئی ذریعہ آمدن نہیں تھا۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے توشہ خانہ سے ملنے والے تحائف 14 کروڑ روپے میں دبئی میں فروخت کیے، جن میں ہیرے کی جیولری، بریسلٹ، گھڑیاں اور سیٹ شامل ہیں۔
All posts by Khabrain News
لندن؛ امارات میں طلبا کیساتھ بدفعلی پر برطانوی ٹیچر کو 10سال قید
لندن: (ویب ڈیسک) برطانوی عدالت نے متحدہ عرب امارات میں 6 طالب علموں کے ساتھ بدفعلی کرنے پر ٹیچر پال شن کو 10 سال قید کی سزا سنائی ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق متحدہ عرب امارات کے ایک برطانوی اسکول میں 49 سالہ ٹیچر پال شن نے 8 اور 9 سالہ دو طلبا کو زیادتی کا نشانہ بنایا جس پر 2019 میں انھیں ملازمت سے برخاست کردیا گیا تھا۔
ٹیچر پر الزام تھا کہ انھوں نے طلبا کو تحائف اور گھومنے پھرنے کی لالچ دیکر نہ صرف زیادتی کا نشانہ بنایا بلکہ ان کی نازیبا تصاویر بھی بنائیں اور بارہا بچوں کو برہنہ ہونے کا کہا۔
ملازمت سے برطرف ہونے کے بعد برطانوی ٹیچر لندن پہنچا تاکہ قانونی چارہ جوئی سے بچ سکے تاہم ایک سال بعد ہی پولیس نے ٹیچر کو حراست میں لے لیا اور جنوری 2020 میں ایک جیوری نے 6 بچوں سے زیادتی پر فرد جرم عائد کی۔
برطانیہ میں ٹیچر پال شن کے خلاف مقدمہ جنسی جرائم ایکٹ کے سیکشن 72 کے تحت چلایا گیا جو برطانوی شہریوں کے بیرون ملک کیے گئے جنسی جرائم کا مقدمہ برطانیہ میں چلانے کی اجازت دیتا ہے۔
عدالت نے گواہوں اور اعترافی بیان کی روشنی میں ملزم کو 10 سال قید کی سزا سنا دی۔ کورونا پابندیوں کے باعث فیصلے میں دو سال کی تاخیر ہوئی۔
بھارت میں پاکستانی گانے سننے پر2 مسلمان نوجوان گرفتار، ویڈیو وائرل
بریلی: (ویب ڈیسک) بھارتی ریاست اترپردیش میں اپنی دکان میں پاکستانی گانے سننے پر 16 اور 17 سالہ نوجوانوں کو گرفتار کرلیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اترپردیش کے ضلع بریلی میں اپنی دکان میں نعیم اور مستقیم نامی دو نوجوان پاکستانی گانے سُن رہے تھے، گانوں کے بول میں پاکستان زندہ باد آنے پر بھارتیہ جنتا پارٹی کے مقامی لیڈر نے دیگر دکانداروں کے ہمراہ پولیس میں شکایت درج کرا دی۔
پولیس میں درج کرائی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ لڑکے ایسے گانے سن رہے تھے جس میں پڑوسی ملک پاکستان کی تعریف کی جا رہی تھی اور ایک گانے میں پاکستان زندہ باد کے الفاظ بھی شامل تھے۔
ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ جب ان لڑکوں کو گانے بند کرنے کے لیے کہا گیا تو دونوں نے نہ صرف جھگڑا کیا بلکہ بھارت کے بارے میں غلط الفاظ کا استعمال بھی کیا۔
زیر حراست نوجوانوں نے اعترافی بیان میں کہا کہ اپنی دکان میں ہم نے پاکستانی نغمات چلائے لیکن اندازہ نہیں تھا کہ اس کے یہ نتائج سامنے آئیں گے۔
واضح رہے کہ انڈیا میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت نے اقلیتوں کے لیے زمین تنگ کردی ہے اور ان کے بنیادی حقوق بری طرح سلب کیے جا رہے ہیں۔
سری لنکا میں ایشیاکپ کی میزبانی کا فیصلہ آئی پی ایل فائنل کے بعد ہوگا
نئی دہلی: (ویب ڈیسک) ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) اور بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے سیکریٹری جے شاہ کا کہنا ہے کہ سری لنکا میں ایشیاکپ کی میزبانی کا فیصلہ انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) فائنل کے بعد ہوگا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بی سی سی آئی کے سیکریٹری جے شاہ نے کہا کہ سری لنکا میں جاری معاشی بحران کے باعث ایشیاکپ کی میزبانی پر سوالیہ نشان اٹھ رہے ہیں تاہم حتمی فیصلہ آئی پی ایل فائنل کے بعد کیا جائے گا۔
بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایشین کرکٹ کونسل کے سیکریٹری نے کہا کہ سری لنکن کرکٹ بورڈ سے ایشیاکپ کی میزبانی سے حوالے سے بات ہوئی ہے، جس میں لنکن بورڈ کے اعلیٰ حکام کا کہنا ہے کہ محفوظ طریقے سے مینز ایشیاکپ کی میزبانی کے لیے تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 29 مئی کو آئی پی ایل فائنل کے بعد ایشیاکپ کے مستقبل کے حوالے سے حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ کوویڈ-19 کے عالمی بحران کے باعث سیاحت مکمل بند ہوگئی تھی جس کے باعث سری لنکا کو شدید معاشی بحران کا سامنا ہے جبکہ حکومت خلاف مظاہرے بھی کیے جارہے ہیں۔
سنی لیون کے مداح کی دریا دلی پر سب حیران
ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کی معروف اداکارہ سنی لیون کے مداح نے اپنی چکن شاپ میں 10 فیصد کی رعایت پیش کرکے سب کو حیران کردیا لیکن اس آفر سے صرف اداکارہ کے پرستار ہی فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارتی ریاست کرناٹکا کے شہر منڈیا میں قائم مرغی کی دکان کا مالک ’پراساد‘ سنی لیون کا بہت بڑا مداح نکلا جس نے اداکارہ سے اپنی عقیدت کا اظہار کرتے ہوئے شاپ میں دس فیصد کی آفر پیش کردی، وہ شہری جو خود کو سنی لیون کا پرستار ثابت کریں گے انہیں چکن کی خریداری پر قیمت میں 10 فیصد تک رعایت دی جائے گی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ مرغی کا گوشت خریدتے ہوئے مداحوں کو دکھانا ہوگا کہ وہ سنی لیون کو انسٹاگرام یا فیس بک پر فالو کرتے ہیں۔ اسی طرح ان کے فون میں کم از کم اداکارہ کی 10 تصاویر ہونی چاہیے، یہ بھی دیکھا جائے گا کہ وہ سنی لیون کی سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی تصاویر کو لائک اور کومنٹ کرتے ہیں یا نہیں۔
پراساد کا کہنا ہے کہ اداکارہ کا میں بہت بڑا مداح ہوں، وہ غریب اور یتیموں کی مدد کرتی ہیں اور ان کی یہ رحم دلی مجھے بہت پسند ہے، اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے میں نے بھی لوگوں کو کم قیمت میں گوشت فروخت کرنے کی ٹھانی۔
دوران پرواز امریکی خاتون مسافر پر ڈیڑھ کروڑ روپے جرمانہ عائد
واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی فضائی کمپنی نے جہاز کے عملے پر حملہ کرنے کے الزام میں مسافر خاتون پر ڈیڑھ کروڑ روپے کا جرمانہ عائد کر دیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی فضائی کمپنی نے دوران پرواز ایک خاتون مسافر پر اسی ہزار ڈالر سے زائد کا جرمانہ عائد کیا جس کی وجہ جہاز کی کھڑکی کھولنا اور عملے سے جھگڑنا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ خاتون مسافر جہاز کی کھڑکی کھول کر دوسرے مسافروں اور عملے کیلئے خطرے کا باعث بن رہی تھی جس پر عملے نے روکا تو وہ لڑنے لگی۔
عملے پر حملہ کرنے کے بعد خاتون کے منہ پر ٹیپ لگا کر سیٹ سے باندھ دیا گیا، یہ واقعہ گذشتہ برس جولائی میں پیش آیا تھا لیکن ایف اے اے نے تفصیلی انکوائری کے بعد گذشتہ دنوں خاتون پر 81 ہزار 950 ڈالر جرمانے کا اعلان کیا جو اب تک کا سب سے بڑا جرمانہ ہے۔
کراچی: ڈاکوؤں نے گلزار ہجری سکیم میں شہری سے تین لاکھ روپے چھین لیے
کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی میں ڈاکوؤں نے بینک سے کیش لیکر نکلنے والے شہریوں کو ہدف بنا لیا، گلزار ہجری سکیم 33 کے علاقے میں 3 ڈاکوؤں نے شہری سے تین لاکھ روپے چھین لیے۔
کراچی کے علاقے گلزار ہجری سکیم 33 میں بینک سے کیش نکلوا کر گھر جانے والے شہری کو 3 ڈاکوؤں نے لوٹ لیا، ڈاکو شہری کا بینک سے گھر تک پیچھا کرتے رہے، سی سی ٹی وی فوٹیج میں تین مسلح ڈاکوؤں کو دو موٹر سائیکلوں پر شہری کا پیچھا کرتے دیکھا جا سکتا ہے، ایک ڈاکو نے شہری کی بائیک کو روکا، دوسرے نے پیچھے سے آکر کیش چھین لیا۔
شہری کہتے ہیں بینک کے اندر یا باہر ڈکیتیوں کی وارداتیں معمول بن گئی ہیں تاہم واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج پولیس کو موصول ہونے کے باوجود تاحال کوئی کارروائی نہ کی جاسکی۔
شمالی وزیرستان: دہشتگردوں کا فوجی قافلے پر حملہ، 7 سپاہی شہید، 4 دہشت گرد ہلاک
راولپنڈی: (ویب ڈیسک) شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں نے فوجی قافلے پر حملہ کیا، فائرنگ کے تبادلے میں 7 سپاہی فرض پر قربان ہوگئے جبکہ 4 دہشتگردوں کو جہنم واصل کردیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق امن دشمنوں نے شمالی وزیرستان میں فوجی قافلے پر حملہ کیا، جوابی کارروائی میں 4 دہشتگرد ہلاک ہوگئے جبکہ حملہ ناکام بناتے ہوئے 7 سپاہی شہید ہوگئے۔
شہدا میں 36 سالہ حوالدار طارق یوسف، 34 سالہ سپاہی سلمان وقاص،26 سالہ سپاہی جنیدعلی، 27 سالہ سپاہی اعجاز حسین، 24 سالہ سپاہی محمد جواد امیر، 25 سالہ سپاہی وقار احمد اور 23 سالہ سپاہی سید ارشد علی شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والے سید ارشد علی کا تعلق صحبت پور، محمد جواد امیر کا چکوال، وقار احمد کا میرپور خاص، اعجاز حسین کا خیرپور، جنید علی کا لیہ اور حوالدار طارق یوسف کا تعلق فیصل آباد سے ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے، پاک فوج دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے، ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
قومی اسمبلی کا اجلاس کل طلب، ڈپٹی اسپیکر کیخلاف عدم اعتماد پر ووٹنگ ہوگی
قومی اسمبلی کا اجلاس کل دن 12 بجے طلب کرلیا گیا، ڈپٹی اسپیکر کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پر ووٹنگ ہوگی۔
16 اپریل کو طلب گئے گئے قومی اسمبلی کے اجلاس کا پانچ نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق ڈپٹی اسپیکر کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پر ووٹنگ ہوگی، نئے اسپیکر کا انتخاب بھی ایجنڈا پر موجود ہے جبکہ نومنتخب اسپیکر اپنے عہدے کا حلف بھی لیں گے۔
اسی تناظر میں حکومت اور اتحادیوں نے اپنے ممبران کو کل اسلام آباد میں رہنے کی ہدایت کردی ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت اور تمام اتحادی جماعتوں کے ممبران دوپہر تیار رہیں، حکومت کل کے اجلاس میں نئے سپیکر کا انتخاب کروانا چاہتی ہے، قائم مقام اسپیکر قاسم سوری نے 16 اپریل کا اجلاس ملتوی کر کے 22 اپریل کو اجلاس طلب کیا تھا۔
صرف پی ٹی آئی کو رگڑا نہ لگائیں پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے فارن فنڈنگ کیسز کی سماعت بھی ساتھ کریں: پی ٹی آئی رہنما
پاکستان تحریک انصاف پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے فارن فنڈنگ کیسز کی سماعت بھی ساتھ ہی کی جائے۔
سابق وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے فرخ حبیب کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ الیکشن کمیشن پر ہمارے تحفظات ہیں، الیکشن کمیشن نے کہا الیکشن نہیں کراسکتے تو پھرالیکشن کمیشن کا کیا فائدہ؟، تحریک انصاف کوعام آدمی فنڈ کرتا ہے، شہبازشریف نے اپنے مقدمے کی تفتیش کرنے والی ساری ٹیم کو بدل دیا ہے، حمزہ شہباز کی تفتیش کرنے والی ٹیم کو بھی بدل دیا ہے، من پسند افسران کو لگایا جارہا ہے، پنجاب لوکل گورنمنٹ الیکشن میں بھرپور حصہ لیں گے، عوام ووٹ سے غلاموں کو مسترد کردیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نام نہاد امپورٹڈ حکومت ہم پر مسلط ہے، پہلے ہی دن نیب کا ریکارڈ چوری کرنے کی کوشش کی گئی، شہبازشریف خود ایف آئی اے کے ملزم اور خود ہی افسران کے ٹرانسفر کر رہے ہیں، عدالتوں کو ان معاملات پر نوٹس لینا چاہیے، پرانا پاکستان اتنی شدت سے واپس آیا لوگوں کی آنکھوں میں آنسو چھلک پڑے، میریٹ ہوٹل میں بزرگ شہری کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا، لاہور میں میجر حارث کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا، مسلم لیگ کا ایک نیم پاگل کہتا ہے وہ ہر جگہ ایسا جواب دیں گے۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ چینی، گھی کی قیمت میں دس، دس روپے اضافہ ظلم ہے، آج بجلی کی قیمت چار روپے 35 پیسے اضافہ کر دیا گیا، ہم ان قیمتوں کو فریز کرکے گئے تھے، عمران خان کے ایک ٹویٹ پر لوگوں نے لبیک کہا، مسلم لیگ کو اپنے کارکنوں کو باہر لانے کے لیے قیمے والے نان کھلانے پڑتے ہیں، پیپلزپارٹی والے اپنے کارکنوں کو پیسے دے کر باہر لاتے ہیں، عمران خان کی ایک آواز پر پشاور جلسے پر لوگ نکلے، مریم نواز نے اپنے دو ایم این ایز کو کہا استعفی دے دیں لیکن وہ بھاگ گئے، عمران خان کی ایک آواز پر 125 لوگوں نے امپورٹڈ حکومت کے منہ پراستعفے مارے۔
انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم عمران خان کو ملنے والے تحائف ڈکلیئرڈ ہے، عدالت جب بھی ریکارڈ مانگے گی ان کو مل جائے گا، سب کچھ ریکارڈ کا حصہ ہے، آصف زرداری، شہبازشریف میں بندر بانٹ کا حساب نہیں ہورہا، مہربانی کرکے دونوں چار، چارگھنٹے کا وزیراعظم طے کرلیں، اسی وجہ سے کابینہ مکمل نہیں ہورہی، سینیٹرز استعفے نہیں دیں گے، اگرمیں اسپیکر ہوتا توعدالت کا ایسا فیصلہ نا مانتا، عدالتوں کو ہر معاملات میں نہیں آنا چاہیے۔
پی ٹی آئی کے رہنما کا کہنا تھا کہ اگلے چھ سے آٹھ ہفتے میں جنرل الیکشن کا اعلان ہوجانا چاہیے، ہم امپورٹڈ حکومت کو مسترد کرتے ہیں، شہباز شریف نے اپنے من پسند افراد کو ایف ائی اے میں تعینات کردیا، شہباز شریف ایف آئی اے کے ملزم ہیں اور اس ادارے میں من پسند تقرری کررہے ہیں، سپریم کورٹ کو اس معاملے کا نوٹس لینا چاہیے۔
سابق وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا کہ تینوں پارٹیوں کا کیس اکٹھا چلایا جائے تو اداروں کی عزت میں بھی اضافہ ہوگا، ممنوعہ فنڈنگ میں سزا پارٹی پر پابندی نہیں فنڈ ضبط ہوتے ہیں، ہمارے اکاؤنٹس میں کوئی فارن فنڈنگ نہیں، کیس میں ہرقسم کی تحقیقات میں تعاون کر رہے ہیں، حنیف عباسی کیس میں واضح کہا گیا الیکشن کمیشن نے تمام جماعتوں کے کھاتوں کی جانچ پڑتال کرنی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2018 میں (ن)لیگ، پیپلزپارٹی کے لیے بھی اسکروٹنی کمیٹی بنائی گئی، تحریک انصاف کے پاس چالیس ہزار ڈونرز کا ریکارڈ موجود ہے، یہ نہیں ہوسکتا ایک پارٹی کو سنگل پوائنٹ کریں، مسلم لیگ(ن)، پیپلزپارٹی کی باری آتی ہے تو اسکروٹنی کمیٹی فعال نہیں ہوتی، الیکشن کمیشن میں روزانہ سماعت کریں لیکن (ن) لیگ، پیپلزپارٹی کی بھی ساتھ ہونی چاہیے، مسلم لیگ (ن)، پیپلزپارٹی نے درجنوں اکاؤنٹس پیش نہیں کیے، ادارے آئین و قانون کے مطابق کام کریں۔