All posts by Khabrain News

ساتھ کام کرنیوالوں کو بھائی نا کہیں تو انکا دماغ خراب ہوجاتا ہے: اُشنا شاہ

لاہور: (ویب ڈیسک) اداکارہ اُشنا شاہ نے اپنے ساتھ کام کرنے والوں کو بھائی کہنے کی وجہ بتائی ہے۔
ٹوئٹر پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اداکارہ نے لکھا ‘بہت سے لوگ پوچھتے ہیں کہ بھائی کیوں کہتی ہو، پیشہ ورانہ ماحول میں ہمیں بھائی کہنے کا شوق نہیں بلکہ ضرورت ہوتی ہے’۔
اشنا نے اپنی ٹوئٹ میں کہا ‘اگر بھائی نا کہیں تو بہت سے حضرات کا دماغ خراب ہوجاتا ہے’۔
انہوں نے مرد حضرات کے لیے لکھا ‘اگر آپ لڑکی یا عورت کو کولیگ یا پیشہ ورانہ دوست کی حیثیت سے لیں تو بھائی بنانے کی ضرورت نہیں ہوگی’۔
خیال رہے کہ اُشنا شاہ ہمیشہ ہی سوشل میڈیا پر اپنے خیالات کا اظہار کافی بے باکی سے کرتی آئی ہیں۔
کچھ روز قبل انہوں نے شوبز انڈسٹری کے رازوں سے پردہ اُٹھاتے ہوئے بتایا تھا کہ شوبز انڈسٹری میں زیادہ تر لوگ فراڈیے اور بیشتر چیزیں حقیقت کے برعکس ہیں۔

مسجد نبویؐ واقعہ: شیخ رشید توہین مذہب کے مقدمے میں بے گناہ قرار

لاہور : (ویب ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ پنڈی بینچ نے شیخ رشید کی جانب سے توہین مذہب کا مقدمہ خارج کرنے کی درخواست نمٹادی۔
لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ میں مسجد نبویؐ میں پیش آئے افسوسناک واقعہ پرشیخ رشید کےخلاف درج مقدمے پر سماعت ہوئی جس میں تفتیشی افسر نے شیخ رشید اور ان کے بھتیجے راشد شفیق کو توہین مذہب کے مقدمے میں بے گناہ قرار دیا۔
تفتیشی افسر کی کلین چٹ کے بعد عدالت نے شیخ رشید کی جانب سے مقدمہ خارج کرنے کی پٹیشن نمٹا دی جب کہ ان کے بھتیجے کی درخواست بھی نمٹادی گئی۔
عدالت نے شیخ رشید اورراشد شفیق کو درج مقدمات سے متعلق ٹرائل کورٹ سے رجوع کرنے کا حکم دیا۔

سعودی تحائف کے خریدار کے ساتھ تصویر آنے پر فیصل واوڈا کا مؤقف سامنے آگیا

لاہور: (ویب ڈیسک) پی ٹی آئی کے سابق رہنما فیصل واوڈا کا دبئی کی کاروباری شخصیت عمر فاروق کے ہمراہ تصویر پر ردعمل سامنے آگیا ۔
ٹوئٹر پر جاری بیان میں فیصل واوڈا نے عمر فاروق سے ملاقات پر بات کرتے ہوئے لکھا کہ ’ عمر فاروق سے ہونے والی یہ ملاقات میری وزارت کے دفتر میں وزیراعظم آفس کی ہدایت پر ہوئی تھی جس میں میرے علاوہ دیگر 4 وزیر اور تمام وزارتوں کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے-
فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ عمر فاروق اور دیگر سے ہونے والی یہ ملاقات دبئی ڈیلی گیشن کےتحت ہوئی تھی، اس تصویر کو جو رنگ دینا چاہیں دیں کوئی ڈر نہیں۔

پولینڈ کو نشانہ بنانے والا میزائل یوکرینی افواج نے فائر کیا: امریکی عہدیدار

امریکا: (ویب ڈیسک) امریکی عہدیداروں کا کہنا ہےکہ پولینڈ کو نشانہ بنانے والا میزائل یوکرینی افواج نے فائر کیا۔خبر رساں ایجنسی کے مطابق تین امریکی عہدیداروں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ ابتدائی جائزوں سے معلوم ہوتا ہے کہ پولینڈ کو نشانہ بنانے والا میزائل یوکرینی افواج نے فائرکیا۔
اسی حوالے سے امریکی صدربھی پولینڈ کو نشانہ بنانے والے میزائل کا روس سے داغے جانے کا امکان رد کرچکے ہیں۔
دوسری جانب ابتدا میں امریکی انٹیلیجنس اہلکار نے کہا تھا کہ روسی میزائل پولینڈ میں داخل ہوئے ہیں۔
خبر رساں ایجنسی نے امریکی صدر اور تین امریکی عہدیداروں کے بیانات کو امریکی انٹیلیجنس اہلکارسے متصادم قرار دیا ہے۔
واضح رہے کہ روسی وزارت دفاع نے یوکرین پولینڈ کی سرحد کے قریب اہداف پرکسی بھی حملےکی تردیدکی ہے۔

گجرات اسمبلی الیکشن: بی جے پی نے نامور بھارتی کرکٹر کی اہلیہ کو ٹکٹ جاری کردیا

گجرات : (ویب ڈیسک) بھارت کی ہندو انتہا پسند حکمران جماعت بی جے پی نے گجرات اسمبلی کے الیکشن کے لیے بھارتی ٹیم کے نامور آل راؤنڈر رویندرا جڈیجا کی اہلیہ کو بھی ٹکٹ جاری کر دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بی جے پی نے روابا جڈیجا کو گجرات کے علاقے جام نگر سے اسمبلی ٹکٹ دیا ہے جبکہ بھارتی کرکٹر کی بہن نینابا جڈیجہ کانگریس کے لیے مہم چلا رہی ہیں اور انہوں نے بی جے پی کے فیصلے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الیکشن میں بھابھی کے خلاف جانے کا فیصلہ کیا ہے۔
نینابا جڈیجا کا کہنا ہے میں سمجھتی ہوں کہ اگر بی جے پی نے اسمبلی ٹکٹ کے لیے ایک نیا چہرہ متعارف کرایا ہے تو یہ نشست کانگریس کے حصے میں آئے گی کیونکہ نئے چہرے (روابا جڈیجا) کو سیاست کے بارے میں فہم و فراست ہے اور نا ہی وہاں پر بی جے پی اتنی منظم ہے۔
دوسری جانب بھارت آل راؤنڈر رویندرا جڈیجا نے اہلیہ کو بی جے پی کا ٹکٹ ملنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مبارکباد دی اور کہا کہ مجھے آپ کی تمام کاوشوں پر فخر ہے اور آپ کے لیے نیک تمنائیں ہیں، امید ہے کہ آپ معاشرے کی بہتری کے لیے کام کرتی رہیں گی۔
رویندرا جڈیجا نے اہلیہ روابا جڈیجا پر اعتماد کا اظہار کرنے پر وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ کا بھی شکریہ ادا کیا۔
یاد رہے کہ گجرات اسمبلی کے دوسرے مرحلے لیے ووٹنگ کا آغاز یکم سے 5 دسمبر تک ہو گی۔

اولمپئن ماحور شہزاد رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئیں 

لاہور: (ویب ڈیسک) اولمپئن ماحور شہزاد رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئیں جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر زیر گردش ہیں۔
پاکستانی بیڈمنٹن کھلاڑی ماحور شہزاد کی شادی میجر فیضان سے ہوئی۔ شادی کی تقریبات کراچی میں ہوئیں، جس میں دوستوں سمیت قریبی رشتےداروں نے شرکت کی۔
اس سے قبل گزشتہ ماہ ماحور شہزاد نیشنل رینکنگ بیڈمنٹن ٹورنامنٹ سے دستبردار ہو گئی تھیں۔
اس حوالے سے ماحور شہزاد کا کہنا تھا کہ شادی کی وجہ سے بیڈمنٹن سے بریک لے رہی ہوں، شادی کے بعد بھی کھیل جاری رکھوں گی۔

5 دہائیوں بعد چاند پر واپسی کیلئے ناسا کا تاریخی آرٹیمس 1 مشن روانہ

فلوریڈا : (ویب ڈیسک)
5 دہائیوں بعد چاند پر واپسی کے لیے امریکی خلائی ادارے ناسا نے آرٹیمس 1 مشن کو کامیابی سے لانچ کردیا ہے۔
امریکی وقت کے مطابق رات 1 بج کر 45 بجے (پاکستان میں دن کے 11 بج کر 45 منٹ) آرٹیمس 1 مشن کو لانچ کیا گیا۔اس مشن کو ناسا کی تاریخ کے طاقتور ترین اسپیس لانچ سسٹم (ایس ایل ایس) راکٹ کے ذریعے روانہ کیا گیا ہے۔
فلوریڈا کے کینیڈی اسپیس سینٹر سے آرٹیمس 1 کو روانہ کیا گیا اور اس موقع پر لانچ ڈائریکٹر چارلی بلیک ویل تھامسن نے کہا کہ یہ انسانوں کی چاند پر واپسی کے لیے پہلا قدم ہے جس کے بعد ہم مریخ پر جائیں گے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل آرٹیمس 1 کو بھیجنے کی کئی کوششیں تکنیکی مسائل کے باعث کامیاب نہیں ہوسکی تھیں۔
ناسا نے ایک ٹوئٹ میں بتایا کہ پہلی بار ایس ایل ایس راکٹ اور اورین اسپیس کرافٹ اکٹھے روانہ ہوئے، آرٹیمس 1 مشن سے انسانوں کی چاند کی کھوج کے نئے باب کا آغاز ہوگا۔
خلا میں پہنچنے کے بعد ایس ایل ایس راکٹ ٹکڑوں میں تقسیم ہوجائے گا جبکہ اورین اسپیس کرافٹ ایک بڑے انجن کے ساتھ چاند کی جانب بڑھے گا۔
لانچ کے ایک ہفتے بعد یہ مشن چاند کے مدار میں داخل ہوگا اور پھر واپسی کا سفر کرے گا۔
اگر سب کچھ ٹھیک رہا تو یہ مشن 25.5 دنوں میں مکمل ہوجائے گا۔
اس اسپیس کرافٹ کا کیپسول سان ڈیاگو کے ساحلی علاقے میں 11 دسمبر کو سمندر میں گرے گا۔
اس پرواز میں کوئی انسان تو موجود نہیں مگر انسانی قد و قامت کی ایک ڈمی ضرور اورنج فلائٹ سوٹ پہنے کمانڈر سیٹ پر بٹھائی گئی ہے جس میں مختلف سنسرز نصب ہیں۔
اس ‘کمانڈر’ کا نام Moonikin Campos ہے جبکہ مزید 2 پتلے بھی اس مشن کا حصہ ہیں جن کو انسانی ٹشوز سے بنے میٹریل سے تیار کیا گیا ہے تاکہ خلائی ریڈی ایشن کے اثرات کا تجزیہ کیا جاسکے۔
آرٹیمس 1 کے بعد آرٹیمس 2 مشن میں انسانوں کو خلا میں بھیجا جائے گا اور ایسا 2024 میں متوقع ہے، البتہ یہ مشن چاند پر لینڈ نہیں کرے گا۔
آرٹیمس 3 وہ مشن ہوگا جس میں خلا بازوں کو 2025 میں چاند پر بھیجا جائے گا اور یہ وہاں کے قطب جنوبی پر لینڈ کرے گا۔
اس مشن کے لیے اسپیس ایکس کے اسٹار شپ لینڈر کو استعمال کیا جائے گا مگر مستقبل کے ان مشنز کا انحصار آرٹیمس 1 کے نتائج پر ہوگا۔

دوسروں کو چور کہنے والا سب سے بڑا چور نکلا: مریم نواز

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے توشہ خانہ کے تحائف کا خریدار سامنے آنے پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں مریم نواز نے کہا کہ ادھر ادھر کی باتیں مت کرو، رسیدیں نکالو! گھڑی کس کو بیچی، نام بتاؤ؟۔
لیگی رہنما نے سوال کیا کہ پیسہ پاکستان کیسے منگوایا؟ وہ بتاؤ، دوسروں کو چور کہنے والا پاکستان کا سب سے بڑا چور نکلا۔ توبہ!۔

 بس اب بہت ہو گیا، عمران خان

لاہور: (ویب ڈیسک) سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بس اب بہت ہو گیا ہے۔
عمران خان کی جانب سے اپنے آفیشل اکاونٹ سے ٹوئٹ کیا گیا کہ کل ایک چینل نے ہینڈلرز کے تعاون سے بے بنیاد کہانی کے ذریعے مجھ پر بہتان لگایا، یہ کہانی مشہور فراڈ اور عالمی مطلوب مجرم کی طرف سے تیار کی گئی ہے۔
میں نے اپنے وکلاء سے بات کی ہے، میں جیو، خانزادہ اور جعلساز کے خلاف نہ صرف پاکستان بلکہ برطانیہ اور یو اے ای میں بھی مقدمہ کروں گا۔

فرح گوگی نے تحائف بیچے ہی نہیں، پی ٹی آئی کا قانونی کاروائی کا فیصلہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) رہنما پی ٹی آئی فواد چودھری نے کہا ہے کہ عمرفاروق کیخلاف دبئی میں قانونی کارروائی کریں گے، نظام انصاف پر ہمیں اعتماد ہی نہیں ہے، چار دن سے ہمارے سینیٹرز سڑکوں پر ہیں، عمران خان پر جو قاتلانہ حملہ ہوا اس پر نوٹس ہی لے لیں۔
شیریں مزاری اور ذلفی بخاری کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ سعودی بادشاہ نے عمران خان کو تحفہ دیا، ہمارے چیف آف پروٹوکول نے وہ تحفہ وصول کیا، عمران خان یا کوئی بھی وزیراعظم تحفے براہ راست وصول نہیں کرسکتے۔
پی ٹی آَئی ملک میں کرپشن کے خاتمے کے بیانیے کیخلاف کھڑی ہے، عمران خان کو جوگھڑی ملی تووزارت خارجہ کے پروٹوکول آفیسر نے وصول کی، توشہ خانہ قانون میں بھی پی ٹی آئی دورمیں تبدیلی ہوئی، ہمارے پاس الزام کے دفاع میں جواب لازمی ہونا چاہیے، جس بھی وزیراعظم کو تحائف ملتے ہیں وہ نظام کے تحت توشہ خانہ کےحوالے کیے جاتے ہیں، کابینہ ڈویژن کےتحت تحائف کی ویلیو ایشن ہوتی ہے، عمران خان سے پہلے پاکستان میں کرپشن کوئی مسئلہ ہی نہیں تھا۔
عمران خان کو ملنے والی گھڑی کی قیمت 10کروڑ روپے کے قریب ہے، پی ٹی آئی نے حکومت سبنھالی تو جو تحفہ ملا اس کی 20 فیصد قیمت ادا کرکے رکھ سکتے تھے۔
فواد چودھری نے کہا کہ عمرفاروق کیخلاف دبئی میں قانونی کارروائی کریں گے، نظام انصاف پر ہمیں اعتماد ہی نہیں ہے، چار دن سے ہمارے سینیٹرز سڑکوں پر ہیں، عمران خان پر جو قاتلانہ حملہ ہوا اس پر نوٹس ہی لے لیں، پی ٹی آئی اور عمران خان ایک ہی جمہوری نظام کے لیے کھڑے ہیں، عمر فاروق پر جرائم کے مقدمات ہیں، عمر فاروق پاکستان سے جعلی کاغذات پربچوں کو دبئی لیکر گئے تھے۔
پی ٹی آئی نے عمر فارق کے ساتھ جنگ گروپ کے خلاف بھی لندن میں قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔
رہنما پی ٹی آئی شیریں مزاری نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کی اہلیہ نے سیلاب متاثرین کو ملنے والا ہارچوری کیا تھا، ہمیں سب پتہ ہے کونسی طاقتیں ہیں جو عمران خان کیخلاف کھڑی ہیں، جب انہیں عمران خان کیخلاف کچھ نہیں ملاتو ایک کریمنل کو سامنے لے آئے لیکن قوم اس وقت عمران خان کیساتھ کھڑی ہے، ایک کریمنل کو لاکر شواہد ظاہر کیے جارہے ہیں، یہ بوکھلاہٹ ہے، ریاست اس وقت مضبوط ہوتی ہے جس عوام ریاست کے پیچھے کھڑے ہو۔
دوسری جانب ذلفی بخاری نے کہا کہ توشہ خانہ سے آصف زرداری اور نوازشریف نے بھی گاڑیاں لی تھیں، آصف زرداری اور نوازشریف نے قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے گاڑیاں لیں، پروگرام سے پہلے پنٹر کو کال کر کے قیمت بڑھاوائی گئی۔
دبئی سمیت دنیا کے ہر کونے میں کیمرے ہیں، جس ڈیلرکوتحفہ 5 کروڑ70 لاکھ میں بیچا گیا اس نے 6 کروڑ 10لاکھ میں بیچا، الزام لگانے والوں کے پاس فرح بی بی کے جانے کی کوئی ایک فوٹیج تو ہوگی، کہا گیا کہ 2 ملین ڈالر بغیر کسی رسید یا ثبوت کے دے د یئے ہیں، عمرفاروق فرح کو پیسے دینے کا جو دعویٰ کررہے ہیں، اس کی فوٹیجز بھی سامنے لائیں، ایک ماہ سے سرکس جاری ہے ، اس کا ماسٹر مائنڈ کون ہے؟
انہوں نے کہا کہ پتا نہیں کیوں قوم بھول گئی کہ یوسف رضا گیلانی نے ہار اپنے لیے رکھ لیا تھا۔