All posts by Muhammad Saqib

ترکی نے اسرائیلی ایجنسی موساد کے 15 جاسوس گرفتار کر لیے

ترکی نے اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے 15 مشتبہ جاسوس گرفتار کر لیے۔

روزنامہ ترک اخبار ’صباح’ کے مطابق ان مشتبہ جاسوسوں کو ایک ماہ قبل گرفتار کیا گیا تھا اور ان پر الزام ہے کہ انہوں نے موساد کو ترک شہریوں اور ملک میں تعلیم حاصل کرنے والے غیر ملکی طلبہ کے بارے میں معلومات فراہم کیں۔

رپورٹ کے مطابق ملزمان نے اُن طلبہ کے بارے میں معلومات فراہم کیں جو ممکنہ طور پر مستقبل میں دفاعی صنعت میں کام کریں گے۔

حکومت کے حامی روزنامے نے یہ بھی لکھا ہے کہ مشتبہ افراد کو گرفتار کرنے کا آپریشن ترکی کی نیشنل انٹیلی جنس آرگنائزیشن (ایم آئی ٹی) نے ایک سال سے جاری انسداد انٹیلی جنس آپریشن کے بعد کیا تھا۔

اخبار نے مزید بتایا ہے کہ مشتبہ افراد کی تقریباً ایک سال تک ، تکنیکی اور انسانی انٹیلی جنس کے طریقوں کے ذریعے نگرانی کی گئی۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ :بنگلادیش نے اگلے مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا

آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2021 کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں بنگلادیش نے پاپوا نیوگنی کو  یکطرفہ مقابلے کے بعد  84 رنز سے شکست دیکر اگلے  مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا۔

مسقط میں کھیلے گئے  میچ میں بنگلادیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور صفر پر پہلی وکٹ گرنے کے باوجود مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز اسکور کیے۔

بنگلا دیش کی جانب سے محمود اللہ نے سب سے زیادہ 50 رنز بنائے جب کہ شکیب الحسن 46 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

پاپوا نیوگنی کی جانب سے کابووا موریا، ڈیمئن راوو اور کپتان اسد والا نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ سائمن اٹائی ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

182 رنز کے تعاقب میں  پاپوا نیوگنی کی پوری ٹیم 20 ویں اوور میں 97 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اور یوں بنگلادیش نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سُپر 12 مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا۔

 پاپوا نیوگنی کا کوئی بھی بیٹمسین بنگلادیشی بولرز کا سامنا نہ کر سکا اور اس کے 9 بیٹسمین ڈبل فگرز میں بھی داخل نہ ہوسکے۔

 پاپوا نیوگنی کے کپلن دوریگا 46 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

بنگلادیش کی جانب سے شکیب الحسن نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ محمد سیف الدین اور تسکین احمد نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں 8 ٹیمیں دو گروپوں  میں تقسیم ہیں جبکہ ہرگروپ سے 2 ،2 ٹیموں نے اگلے مرحلے کیلئے کوالیفائی کرنا ہے ۔

خیال رہے کہ اب تک گروپ اے سے سری لنکا جبکہ گروپ بی سے بنگلادیش نے سپر 12 مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا ہے۔

واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا ساتواں ایڈیشن متحدہ عرب امارات اور عمان میں جاری ہے۔

وزیراعظم عمران خان 23 اکتوبر کو سعودی عرب کے دورے پر روانہ ہوں گے

اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان 23 اکتوبر کو سعودی عرب کے 3 روزہ دورے پر روانہ ہوں گے۔

 اپنے دورے کے دوران وزیر اعظم عمران خان عمرہ کی ادائیگی اور روضہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر حاضری دیں گے۔ سعودی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے اور گرین انیشیٹیو کانفرنس میں شرکت بھی کریں گے۔

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان سے وزیر داخلہ شیخ رشید نے ملاقات کی ہے جس میں امن و امان اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں افغانستان کی موجودہ صورتحال پر بھی تفصیلی بات چیت کی گئی۔ وزیرداخلہ نے وزیراعظم کو راولپنڈی میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت سے آگاہ کیا۔

 ادھر وزیراعظم عمران خان کل لاہور کا بھی ایک روزہ دورہ کریں گے جہاں وہ وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار سے ملاقات کریں گے۔ وزیر اعظم کو وزیر اعلی پنجاب صوبے کے انتظامی امور پر بریف کریں گے۔ وزیر اعظم لاہور کے ضمنی انتخابات سے متعلق پارٹی رہنماوں سے مشاورت بھی کریں گے۔

نوجوان نسل کو اسلامی تاریخ سے آگاہی دینے کیلئے تاریخی کہانیوں پر فلمیں بنانا ہوں گی، وزیراعظم

اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے نوجوان نسل کو اسلامی تاریخ سے آگاہی دینے کے لیے تاریخی کہانیوں پر ڈرامے اور فلمیں بنانا ہوں گی۔

وزیراعظم عمران خان سے فلمساز شہزاد نواز، ترک پروڈیوسر ایمرے کونُک، سید جنید علی شاہ اور ڈاکٹر کاشف نے ملاقات کی ہے۔ سینیٹر فیصل جاوید بھی موجود تھے۔

 ملاقات کے دوران وزیراعظم کو پاکستان اور ترکی کے درمیان مشترکہ منصوبے صلاح الدین سیریز پر تفصیلات سے آگاہ کیا گیا اور بتایا گیا کہ سیریز پر منصوبہ بندی مکمل ہے جبکہ اس کی شوٹنگ کا آغاز آئندہ سال اپریل میں کر دیا جائے گا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ صلاح الدین ایوبی تاریخ کا ایسا کردار ہے جس کی مغرب بھی مثالیں دیتا ہے۔ صلاح الدین ایوبی نے یروشلم کی تاریخی فتح کے بعد عام معافی کا اعلان کیا۔

کابل: شاہ محمود کی ڈی جی آئی ایس آئی و دیگر حکام کے ہمراہ افغان وزیراعظم سے ملاقات

جنرل لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید اور دیگر حکام کے ہمراہ کابل پہنچے جہاں انہوں نے افغانستان کے عبوری وزیراعظم ملا حسن اخوند سے ملاقات کی۔

کابل ائیرپورٹ پہنچنے پر افغانستان کے عبوری وزیر خارجہ امیر خان متقی، افغانستان میں تعینات پاکستانی سفیر منصور احمد خان اور وزارت خارجہ افغانستان کے سینیئر حکام نے پاکستانی وفدکا خیر مقدم کیا۔

وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان محمد صادق، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید، سیکرٹری خارجہ سہیل محمود ،سیکرٹری کامرس صالح احمد فاروقی ، چیئرمین پی آئی اے ائیر مارشل (ر) ارشد ملک ، چیئرمین نادرا طارق ملک ،کسٹم ، ایف بی آر  اور  وزارت خارجہ کے سینیئر افسران بھی وزیر خارجہ کے ہمراہ ہیں۔

وزارت خارجہ کے مطابق شاہ محمود قریشی نے کابل میں افغانستان کے عبوری وزیراعظم ملا حسن اخوند سے ملاقات کی ، افغان عبوری حکومت کے نائب وزیر اعظم مولوی عبدالسلام  حنفی نے وزیر خارجہ کا خیر مقدم کیا، اس موقع پر افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی بھی موجود تھے۔

دوران ملاقات دو طرفہ باہمی دلچسپی کے امور ،تجارتی و اقتصادی شعبہ جات میں تعاون بڑھانے اور افغان عوام کو معاشی بحران سے نکالنے کے لیے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان، افغانستان میں دیرپا امن اور استحکام کا خواہاں ہے، پاکستان، انسانی بنیادوں پر افغان بھائیوں کی مدد کے لیے پرعزم ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان، افغانستان کے ساتھ دو طرفہ تجارت بڑھانے کا متمنی ہے، افغان شہریوں بالخصوص تاجروں کے لیے ویزہ سہولیات، نئے بارڈر پوائنٹس کا اجرا اور نقل و حرکت میں سہولت کی فراہمی اسی سلسلے کی کڑیاں ہیں، پاکستان ، افغانستان کے قریبی ہمسایہ ممالک کے ساتھ مل کر خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنا تعمیری کردار ادا کرنے کے لیے پر عزم ہے۔

افغان وزیراعظم ملا حسن اخوند نے انسانی امداد کی بروقت فراہمی پر پاکستانی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

ملک میں سونا مزید مہنگا ہوگیا

ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے اور آج بھی ایک تولہ سونا 2 ہزار روپے مہنگا ہوا ہے۔

سندھ صرافہ بازار جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق سونے کی فی تولہ قیمت 2000 روپے بڑھی ہے، جس کے بعد ملک میں فی تولہ سونے کی قدر 1 لاکھ 24 ہزار 200 روپے ہوگئی ہے۔

اس کے علاوہ 10 گرام سونے کی قدر 1714 روپے بڑھ کر 1 لاکھ 6 ہزار 481 روپے ہے۔

عالمی صرافہ بازار میں سونے کی قدر 4 ڈالر اضافے سے 1785 ڈالر فی اونس ہوگئی ہے۔

ڈالر کی اونچی اڑان جاری، پاکستانی روپیہ مزید گر گیا

ڈالر کی اونچی اڑان جاری ہے جبکہ پاکستانی روپیہ مزید گر گیا ہے۔

انٹربینک میں 49  پیسے اضافے سے ایک ڈالر 173 روپے 96 پیسے پر بند ہوا۔

ڈالر کا بھاؤ ایک موقع پر 174 بھی ہوا لیکن کاروبار کی بندش پر انٹربینک میں ایک امریکی ڈالر کی قیمت 173 روپے 96 پیسے رہی۔

اوپن مارکیٹ میں ڈالر کا بھاؤ 10 پیسے کم ہوکر 174 روپے 20 پیسے ہے۔

بشکریہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان

عثمان مختار کے مایوں کی تصاویر و ویڈیوز وائرل

شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار عثمان مختار کی شادی کے سلسلے میں تیاریاں مکمل ہوگئیں ان کی مایوں کی تقریب گزشتہ روز منعقد ہوئی۔

اداکار عثمان مختار کی مایوں کی تقریب کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل بھی وائرل ہورہی ہے جس میں دلہا اور دلہن دونوں ایک ساتھ بیٹھے ہوئے نظر آرہے ہیں۔

تقریب میں زنیرہ انعام اور اداکار عثمان مختار دونوں نے زرد رنگ کا لباس زیب تن کیا ہوا ہے جب کہ زنیرہ انعام سے ہاتھوں میں کنگن بھی پہنے ہوئے ہیں۔

عثمان مختار کا نکاح رواں برس مارچ میں زنیرہ انعام خان سے ہوا تھا جس کے بعد انہوں نے انٹرنیٹ پر اپنی اہلیہ کے ہمراہ تصویر کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’زنیرہ انعام! مجھے دنیا کا خوش قسمت انسان بنانے کیلئے شکریہ‘۔

لاہور خوفناک دھماکے سے لرز اٹھا، 2 جاں بحق، مزید ہلاکتوں کا خدشہ

لاہور : ملتان روڈ پر واقع مشروب بنانے والی فیکٹری میں بوائلر پھٹنے سے زور دار دھماکے کے بعد آگ بھڑک اٹھی، اب تک کی اطلاعات کے مطابق دو افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور کے مصروف ترین ملتان روڈ پر واقع مشروب بنانے والی فیکٹری میں بوائلر پھٹنے سے زور دار دھماکہ ہوا، جس کے بعد فیکٹری میں ہولناک آگ بھڑک اٹھی۔

ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے کے باعث فیکٹری کو شدید نقصان پہنچا ہے جب کہ دھماکے کی شدت سے قریبی گھروں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے ہیں۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ آگ بجھانے والی سات گاڑیوں کی مدد سے فیکٹری آتشزدگی پر قابو پالیا گیا ہے، اب کولنگ کا عمل جاری ہے۔

ملتان روڈ واقعے میں فیکٹری آتشزدگی کی لپیٹ میں آنے والا سیکیورٹی گارڈ کا 50 فیصد جسم جھلس چکا ہے، جسے اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔

فیکٹری دھماکے اور آتشزدگی واقعے میں دو افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جس میں ایک راہ گیر اور ایک فیکٹری ملازم شامل ہیں۔

فیکٹری ملازم نے آتشزدگی سے بچنے کےلیے چھت سے چھلانگ لگائی جو موت کا باعث بنی جب کہ راہ گیر بوائلر پھٹنے کی آواز سے گھبرا کر بھاگ رہا تھا کہ ٹرالی سے ٹکرا گیا۔

ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹرالی سے ٹکرانے کے باعث 32 سالہ راہ گیر کے سر پر چوٹ لگی اور وہ جان کی بازی ہار گیا۔

ملک میں بڑھتی مہنگائی، عوام کے اخراجات آمدن سے زیادہ ہو گئے

مہنگائی اور معاشی مشکلات کے باعث پاکستانی عوام خرچوں میں اضافے کی شکایت کر رہے ہیں۔
پلس کنسلٹنٹ کے تازہ ترین سروے میں عوام سے پوچھا گیا کہ کیا موجودہ آمدنی میں آپ کے اخراجات پورے ہو جاتے ہیں؟
سروے کے مطابق رواں برس جولائی میں 59 فیصد افراد آمدن میں خرچے نہ پورے ہونے کا کہہ رہے تھے لیکن موجودہ سروے میں 68 فیصد افراد اخراجات قابو میں نہ آنے کی دہائی دے رہے ہیں۔اخراجات پورے کرنے کے لیے سروے میں 30 فیصد پاکستانیوں نے ادھار لینے، 30 فیصد نے پارٹ ٹائم جاب کرنے اور 37 فیصد نے خرچوں میں کمی کا بتایا۔
دوسری جانب معروف بین الاقوامی جریدے دی اکانومسٹ نے بھی دنیا کے 43 ممالک میں مہنگائی کے حوالے سے اپنی رپورٹ جاری کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں مہنگائی کی شرح 9 فیصد سے بھی زائد ہے اور مہنگائی کے اعتبار سے پاکستان ان ممالک میں چوتھے نمبر پر ہے۔