All posts by Muhammad Saqib

پاپ اسٹار گلوکار جسٹن بیبر کورونا وائرس کا شکار

اوتاوا: (ویب ڈیسک) بین الاقوامی شہرت یافتہ کینیڈین گلوکار جسٹن بیبر کووڈ19 میں مبتلا ہوگئے ہیں۔
غیرملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق پاپ اسٹار جسٹن بیبر کے کورونا وائرس ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آگئی جس کے باعث انہیں اپنا کنسرٹ بھی ملتوی کرنا پڑ گیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ امریکی ریاست نیواڈا کے شہر لاس ویگاس میں جسٹن بیبر کا کنسرٹ شیڈول تھا جسے گلوکار نے کورونا وائرس کی تشخیص کے باعث چند مہینوں تک ملتوی کردیا ہے۔
یہ بھی دعویٰ کیا جارہا ہے کہ اسٹار گلوکار کی ٹیم کے دیگر اراکین میں بھی کورونا کی تصدیق ہوئی ہے تاہم اس حوالے سے مصدقہ تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔
جسٹن بیبر کے کنسرٹ کی نئی تاریخ رواں سال 28 جون مقرر کی گئی ہے۔ وہ مداح جو کنسرٹ کے ٹکٹ واپس کرنا چاہتے ہیں انہیں ری فنڈ کی سہولت میسر ہے۔
کینیڈین گلوکار نے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے اور کنسرٹ کی منسوخی پر افسوس کا اظہار کیا اور یہ بھی کہا مداحوں کی صحت کی حفاظت اولین ترجیح ہے، موجودہ صورت حال سے نکل کر پھر سامنے آئیں گے۔

روس نے یوکرین کی فوجی گاڑیوں کو ملک میں داخلے کی کوشش پر تباہ کردیا

ماسکو: (ویب ڈیسک) روسی فوجیوں اور سرحدی محافظوں نے روس میں داخلے کی کوشش پر یوکرین کی مسلح فوجی گاڑیوں کو تباہ کردیا ہے۔
رائٹرز نے روسی فوج کے جاری کردہ بیان کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ 3 بجے کے قریب 2 یوکرینی فوجی گاڑیوں میں سوار 5 افراد نے جاسوسی اور تخریب کاری کی نیت سے روس میں داخل ہونے کی کوشش کی جس پر روسی افواج نے مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گاڑیوں کو تباہ کردیا۔
فوج کا یہ بھی کہنا تھا کہ گاڑیوں میں سوار تمام افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ تصادم میں کسی روسی فوجی کی ہلاکت واقع نہیں ہوئی ہے۔
یوکرین نے اس خبر کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ روستوو کے علاقے میں جہاں یہ واقعہ مبینہ طور پر پیش آیا وہاں یوکرین کی کوئی فوج موجود نہیں تھی۔
خیال رہے کہ یہ واقعہ دونوں ممالک کے درمیان جاری کشیدگی کے دوران پیش آیا ہے جس میں مغربی ممالک روسی حملے کی وارننگ جاری کررہے ہیں اور روس متعدد بار اس قسم کے منصوبے کی تردید کرچکا ہے۔

ایئر فرانس نے یوکرین کیلئے پروازیں منسوخ کردیں

پیرس: (ویب ڈیسک) یوکرین کی سرحدوں پر روس کے فوجی دستوں کی تشکیل سے پیدا ہونے والے سیکورٹی خدشات کے باعث فرانس کی فضائی کمپنی ‘ایئر فرانس’ نے پیرس سے یوکرین کے دارالحکومت کیف کے لئے کل کی متوقع پروازیں منسوخ کردیں۔
ایئر فرانس کے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پیرس اور کیف کے درمیان کل ہونے والی متوقع پروازوں کو دو طرفہ تعلقات کی بنیاد پر منسوخ کردیا گیا ہے۔مذکورہ فیصلہ خطے کی علاقائی صورتحال کو پیش نظر رکھ کر حفظ ماتقدم کے طور پر کیا گیا ہے اور صورتحال پر نظر ثانی کی جائے گی۔
دوسری جانب میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ اتوار کو متوقع پروازوں کی منسوخی تاحال زیرِ بحث نہیں ہے۔
واضح رہے کہ ایئر فرانس ہفتے میں 2 دن منگل اور اتوار کو پیرس سے کیف پروازیں چلائی جاتی ہیں۔
یاد رہے کہ یوکرین کی غیر معمولی صورتحال پر فرانس نے 19 فروری کو اپنے شہریوں کو نکلنے کی ہدایت کی تھی جبکہ سیاحت سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
اس سے قبل یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے چیف جوزیف بوریل نے کہا ہے کہ روس پر پابندیوں کا پیکج تیار کرلیا گیا ہے اور اب صرف روس کا یوکرین پر پہلے حملے کا انتظار ہے۔

سوچا تھا بلاول معافی مانگیں گے، دونوں جماعتوں نے پختونوں کے خون کا سودا کیا، مراد سعید

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ صوبائی، نسلی اور علاقائی کارڈزغیر مؤثرہو چکے ہیں اور قوم کی شناخت پاکستان ہے۔
پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر مراد سعید نے چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کی پریس کانفرنس پر اپنے ردعمل میں الزام عائد کیا ہے کہ ڈرون حملوں میں دونوں جماعتوں نے پختونوں کے خون کا سودا کیا۔ پریس کانفرنس میں اے این پی کے رہنما ایمل ولی خان بھی موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ خزانے کی لوٹ مار سے دونوں نے 22 کروڑ پاکستانیوں کےحقوق پرڈاکہ ڈالا۔ انہوں نے کہا کہ قوم نے فرزند زرداری کی جماعت اوراس کے حلیفوں سے نجات حاصل کی۔ ان کا کہنا تھا کہ فرزندزرداری کی جماعت کے ہاتھوں سندھ کی حالت سامان عبرت ہے۔
وفاقی وزیر مراد سعید نے کہا کہ کراچی میں پختونوں کا قتل کسی سے پوشیدہ نہیں ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کراچی میں پختونوں کے خون کے لیے باوردی پولیس کواستعمال کیا جاتا ہے۔
پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیرنے کہا کہ سوچا تھا کہ بلاول آج کم از کم پختونوں سے معافی طلب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام بھی اٹھ کھڑے ہوئے ہیں، ان کا یوم نجات قریب ہے۔
انہوں نے کہا کہ قوم واپسی پرنہیں، مستقبل پرنظریں لگائے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں بلاول اور ان کے حلیفوں کے لیے آہ و زاری کے علاوہ کوئی کردار نہیں ہے۔
مراد سعید نے بلاول بھٹو کی پریس کانفرنس پر ردعمل میں کہا ہے کہ فرزند زرداری نے کراچی میں جرائم کے اضافے پر ایک لفظ تک نہیں بولا۔

شہری نے ڈھیروں سکے جمع کرکے اسکوٹر خرید لی

بئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارتی ریاست آسام سے تعلق رکھنے والا شہری ڈھیروں سکے جمع کرکے اسکوٹر کا مالک بن گیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق آسام میں مذکورہ شخص نے کئی مہینوں تک سکے جمع کیے جس کے بعد سکوں سے بھری بوری اٹھا کر اسکوٹر خریدنے شو روم پہنچ گیا اور اسکوٹر بائیک خرید لی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ بھارتی شہری کی سکوں سے بھری بوری کو تین لوگ اٹھا کر شوروم میں لائے جہاں کئی لوگوں نے مل کر سکے گنے جس میں کافی وقت بھی لگا۔
بائیک شوروم میں موجود عملے نے مرحلہ وار سکوں کی گنتی کی اور پھر سکے ایک حساب سے الگ الگ پلاسٹک کی ٹوکری میں رکھے گئے۔
ریاست آسام کے ضلع برپیٹا کے رہائشی مذکورہ شخص کی خواہش تھی کہ وہ اپنا اسکوٹر خریدے جس کے لیے اس نے مہینوں تک سکے جمع کیے اور اس طرح چاہت پوری ہوئی۔
بھارت کی یہ انوکھی خریداری سوشل میڈیا پر بھی زیر بحث بنی، صارفین نے اسکوٹر کے نئے مالک بننے والے شہری کی تعریف کی اور کہا قطرہ قطرہ سمندر بنتا ہے۔

کروم اور فائرفاکس کے صارفین کیلئے وارننگ

بروسیلز: (ویب ڈیسک) کروم، فائر فاکس اور مائکروسافٹ ایج براؤزر کے صارفین کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ ایسی اپ ڈیٹ کے لیے تیار رہیں جو کچھ معروف ویب سائٹس کو کریش کر سکتی ہے۔
تینوں براؤزر ورژن نمبر “100” پر منتقل ہو جائیں گے اور یہ تبدیلی سب سے زیادہ وزٹ کی جانے والی سائٹس میں سے کچھ کے نہ کھلنے کا سبب بن سکتی ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ یہ سائٹیں 3 ہندسوں پر مشتمل ورژن والے براؤزرز پر غیر فعال ہوجائیں گی۔
عام طور پر ویب سائٹس آپ کے براؤزر کا ورژن نمبر چیک کرتی ہیں۔ لہذا، اگر آپ کا براؤزر پرانا ہے یا مخصوص ویب سائٹ کو سپورٹ کرنے کا اہل نہیں ہے تو امکان یہی ہے کہ آپ کچھ سائٹس کو نہیں کھول سکیں گے۔
چونکہ سائٹس میں پرانا کوڈ براؤزر کے دو ہندسوں کو چیک کرتا ہے اس لیے ویب سائٹس کروم، ایج اور فائر فاکس 100 کو “10” کے طور پر دیکھیں گی اور کام نہیں کرپائیں گی لہٰذا تینوں براؤزرز کیلئے ایسی ویب سائٹس کو بھی جلد اپ ڈیٹ کیا جائے گا۔

پی ایس ایل 7: پشاور زلمی کا لاہور قلندرز کو جیت کیلئے 159 رنزکا ہدف

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 7 کے 30 ویں میچ میں پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو جیت کے لیے 159 رنز کا ہدف دے دیا۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
پشاور زلمی نے پہلے کھیلتے ہوئے 7 وکٹوں کے نقصان پر 158رنز بنائے۔
خیال رہےکہ پی ایس ایل 7 کے پلے آف مرحلے میں پشاور زلمی اور لاہور قلندرز سمیت ملتان سلطانز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کوالیفائی کرچکی ہیں۔
قلندرز اس وقت 12 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے جب کہ پشاور زلمی 10 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے، آج کے میچ کا نتیجہ واضح کردےگا کہ پوائنٹس ٹیبل پر دوسری حتمی پوزیشن کس کی ہوگی۔
18 پوائنٹس کے ساتھ ملتان سلطانز پہلے اور 8 پوائنٹس کے ساتھ اسلام آباد یونائیٹڈ چوتھے نمبر پر موجود ہے۔

کیچ کیوں چھوڑا، حارث نے کامران غلام کو تھپڑ جڑ دیا

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 7 میں پشاور زلمی کے خلاف میچ کے دوران حضرت اللہ زازئی کا کیچ چھوڑنے پر لاہور قلندرز کے فاسٹ بولر حارث رؤف نے ساتھی کھلاڑی کامران غلام کو تھپڑ جڑ دیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ حارث روف اگلی گیند پر وکٹ لینے کے بعد جب سب کھلاڑی انہیں مبارک باد دینے آتے ہیں تو وہ پچھلی گیند پر کیچ ڈراپ کرنے پر کامران غلام کو تھپڑ جڑ دیتے ہیں۔
ویڈیو میں مزید دیکھا جا سکتا ہے کہ کامران کے مسکرانے کے باوجود حارث غصے سے انہیں گھورتے رہتے ہیں۔
خیال رہے کہ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پی ایس ایل 7 کا 30 واں میچ لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کی ٹیموں کے مابین جاری ہے۔
دونوں ٹیمیں پہلے ہی پلے آف راونڈ کے لیے کوالیفائی کر چکی ہیں۔

وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس؛ پیکا آرڈیننس پر تنقید بلاجواز قرار

اسلام آباد:(ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پارٹی رہنماؤں کے اجلاس کے دوران شرکا نے پیکا آرڈیننس پر تنقید کو بلاجواز قرار دیتے ہوئے کہا کہ الیکٹرانک کرائم پر آرڈیننس سے کسی کی عزت کو اچھالا نہیں جاسکے گا۔
وزیراعظم کی سربراہی میں پارٹی رہنماؤں اور ترجمانوں کا اجلاس ہوا، اجلاس کے دوران ملکی سیاسی معاشی صورتحال پر غور کیا گیا، اپوزیشن کی حکومت مخالف تحریک کی جوابی حکمت عملی پر مشاورت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق عمران خان نے تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر ’آل از ویل‘ کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ کسی کو گھبرانے کی ضرورت نہیں، اب اپوزیشن سے بھی کہتا ہوں گھبرانا نہیں۔
وزیر اعظم نے وزراء کی ٹاک شوز میں عدم شرکت کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ اور وزرا کو ٹاک شوز میں جا کر حکومتی پالیسی کا دفاع کرنا چاہیے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے ذاتی کردار کشی کی مہم میں زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کا فیصلہ کیا ہے اور حکومتی شخصیات کی کردار کشی میں ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں الیکٹرانک کرائم ایکٹ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکاء نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آرڈیننس لانے سے کسی کی عزت کو اچھالا نہیں جا سکے گا، اجلاس میں شرکاء نے پیکا آرڈیننس پر تنقید کو بلاجواز قرار دے دیا۔
اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے اسلامی معاشرے کی عکاسی مغربی ممالک میں ملتی ہے، جان بوجھ کر پاکستان میں اخلاقیات کو تباہ کرنے کی کوشش کی گئی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان اور برطانیہ میں بیک وقت قانونی کاروائی شروع ہو گی، وزیراعظم نے گرین سگنل دے دیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران دورہ روس سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ خطہ کی موجودہ صورتحال میں دورہ روس انتہائی اہمیت کا حامل ہے، دورے سے پاکستان سمیت خطے پر اثر پڑے گا، روس اور پاکستان کے درمیان معاہدوں سے معاشی بہتری آئے گی۔

آصف علی زرداری کی مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائش گاہ پر اہم ملاقات

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سابق صدر آصف علی زرداری اور جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے درمیان آج اہم ملاقات ہورہی ہے۔
آصف علی زرداری ملاقات کیلئے اسلام آباد میں واقع مولانا فضل الرحمان کے گھر پہنچ گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق دونوں رہنمائوں میں تحریک عدم اعتماد اور حکومت مخالف تحریک پر بات چیت ہوگی۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں حکومتی اتحادیوں اور جہانگیر ترین سے ملاقاتوں کے متعلق بھی تبادلہ خیال ہوگا۔