All posts by Muhammad Saqib

سابق وزیراعلیٰ لالو پرساد کو کرپشن پر 5 سال قید اور 60 لاکھ روپے جرمانہ

پٹنہ: (ویب ڈیسک) بھارت میں ریاست بہار کے وزیر اعلیٰ لالو یادو کو چارے کے لیے مختص فنڈز میں سے 139 کروڑ روپے کے غبن کے الزام میں 5 سال قید اور 60 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 1990 کے چارہ اسکینڈل کے پانچویں کیس میں اُس وقت کے وزیر اعلیٰ لالو یادو سمیت 39 افراد کو عدالت نے 15 فروری نے مجرم قرار دیکر فیصلہ محفوظ کرلیا گیا تھا تاہم آج 5 سال قید اور 60 لاکھ جرمانے کی سزا سنا دی گئی۔
تین بار ریاست بہار کے وزیراعلیٰ رہنے والے 73 سالہ لالو پرساد اسی اسکینڈل کے مختلف مقدمات میں دسمبر 2017 سے سزا کاٹ رہے ہیں تاہم بیماری کے باعث زیادہ تر عرصہ جھارکھنڈ کے راجندر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں گزارا ور گزشتہ سال جنوری میں انھیں دہلی کے اسپتال منتقل کیا گیا تھا اور اس کیس کا فیصلہ بھی اسپتال میں ویڈیو کانفرنس کے ذریعے سُنا۔
سابق وزیر اعلیٰ بہار پر چارہ اسکینڈل سے جڑا ایک اور کیس پٹنہ کی سی بی آئی عدالت میں زیر التوا ہے۔ یہ کیس بینک بھاگلپور کے خزانے سے غیر قانونی طور پر رقم نکالنے سے متعلق ہے۔
یاد رہے کہ ریاست بہار میں جانوروں کے چارے کے لیے مختص فنڈز میں سے 950 کروڑ روپے محکمہ حیوانات کے جعلی بل کے ذریعے سرکاری بینکوں سے غبن کیے گئے تھے۔ اس کرپشن میں کئی سرکاری افسران بھی ملوث تھے۔

قطر میں گیس برآمد کرنے والے ممالک کا اہم اجلاس کل ہوگا

دوحہ: (ویب ڈیسک) قطر کی میزبانی میں گیس برآمد کرنے والے 11 بڑے ممالک کے فورم کا اہم اجلاس کل سے شروع ہوگا جس میں شرکت کے لیے ایران کے صدر ابراہیم رئیسی بھی دوحہ پہنچ گئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق روس کے یوکرائن پر حملے کی صورت میں یورپ کو گیس کے شدید بحران کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے جس کے باعث گیس برآمد کرنے والے 11 بڑے ممالک کی تنظیم GECF کا اہم اجلاس کل سے شروع ہو رہا ہے۔
دوحہ میں ہونے والی ’’جی ای سی ایف‘‘ کی چھٹی گیس سمٹ میں شرکت کے لیے الجزائر کے صدر کل ہی قطر پہنچ گئے تھے اور امیرِ قطر سے ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان اہم معاہدے بھی طے پائے ہیں جب کہ آج ایران کے صدر بھی دوحہ پہنچے ہیں۔
’’جی ای سی ایف‘‘ کے قیام کی تجویز ایران نے پیش کی تھی اور اس کا پہلا اجلاس بھی ایران میں ہوا تھا۔ اب تک ’’جی ای سی ایف‘‘ ممالک کے سربراہان کے 5 اجلاس ہوچکے ہیں۔
گیس برآمد کرنے والے ممالک کے فورم ’’جی ای سی ایف‘‘ میں الجزائز،بولیویا، مصر، استوائی گنی، ایران، لیبیا، نائیجیریا، قطر، روس، متحدہ عرب امارات، وینزویلا، ٹرینیڈاڈ و ٹوباگو شامل ہیں۔
ان میں سے روس، قطر، لیبیا، الجزائز اور نائیجیریا گیس برآمدات میں مجموعی طور پر 70 فیصد حصہ ڈالتے ہیں اور 51 فیصد ایل این جی بھی انہی ممالک سے دنیا بھر میں سپلائی ہوتی ہے۔

لاہور میں گھر سے 51 کلو چرس برآمد، خاتون گرفتار

لاہور: (ویب ڈیسک) ڈیفنس گارڈن میں واقع گھر سے 51 کلو چرس برآمد کرکے خاتون کو گرفتار کرلیا گیا۔
اے این ایف کے مطابق انٹیلیجنس کی اطلاع پر اے این ایف لاہور نے ڈیفنس گارڈن میں واقع ایک گھر میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے 51 کلو چرس برآمد کرلی، جب کہ گھر میں موجود رخسانہ بی بی نامی ملزمہ کو گرفتار کر لیا گیا، ملزمہ کے خاوند لیاقت علی کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں۔
ترجمان اے این ایف نے بتایا کہ ڈیفنس گارڈن میں واقع گھر پر چھاپہ خفیہ اطلاع پر مارا گیا، گھر میں منشیات موجودگی کی مستند اطلاع تھی اور پتہ چلا تھا کہ مذکورہ گھر منشیات ذخیرہ کرنے کیلئے استعمال کیا جاتا ہے، یہ مکروہ دھندہ ایک پورا گروہ کرتا ہے، اور اس نیٹ ورک سے تعلق رکھنے والی خاتون گرفتار کرلی گئی ہے۔ جب کہ مزید ملزمان کی گرفتاری بھی جلد عمل میں لائی جائے گی۔

حمزہ شہباز کی گانا گاتے ہوئے ایک اور ویڈیو وائرل

لاہور: (ویب ڈیسک)حمزہ شہباز ماڈل ٹاؤن میں مہمانوں کے سامنے گانا گارہے ہیں اور حاضرین محظوظ ہورہے ہیں۔
مسلم لیگ ن کے رہنما اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز اپنی رہائش ماڈل ٹاؤن میں مہمانوں کے سامنے گفتگو کے دوران فرط جذبات پر قابو نہ پا سکے، اور بھارتی گلوکار محمد رفیع کا گانا گنگنا دیا۔ حمزہ شہباز کی گانا گاتے ہوئے ویڈیو بھی وائرل ہوگئی، جس میں حاضرین ان کی ویڈیو بنارہے ہیں۔
حمزہ شہباز نے گلوکار محمد رفیع کا گانا ” زندگی تو بے وفا ہے اک دن ٹھکرائے گی، گایا، جس کے اختتام پر حاضرین نے تالیاں بجاکر خوب داد بھی دی، اور حاضرین محفل حمزہ شہباز کا گانا محظوظ ہوکر سنتے رہے۔

ملک کے بالائی و وسطی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک)محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں آندھی، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات نے منگل سے جمعرات کے دوران ایک بار پھر ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں آندھی، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے، اور خدشہ ظاہر کیا ہے کہ آندھی تیز ہواؤں اور ژالہ باری کے باعث خیبر پختونخوا، بالائی پنجاب اور کشمیر میں کھڑی فصلوں و اسٹرکچرز کو نقصان ہوسکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پیر اور منگل کو بلوچستان، جنوبی پنجاب اور سندھ کے علاقوں میں آندھی، تیز ہوائیں اور جھکڑ چلنے سے اسٹرکچر اور کھڑی فصلوں کو نقصان کا خدشہ ہے، جب کہ مری گلیات، نتھیا گلی، ناران، کاغان، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، نیلم ویلی، اسکردو، استور اور ہنزہ میں درمیانی اور شدید برفباری سے رابطہ سڑکیں بند ہونے کا خطرہ ہے۔ محکمہ موسمیات نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی ہے۔

’کچا بادام‘ بیچنے والا راتوں رات سوشل میڈیا اسٹاربن گیا

ممبئی: (ویب ڈیسک) گلی گلی گھوم کر مونگ پھلی بیچنے والے کا سب سے نرالا انداز سوشل میڈیا پرایسا مقبول ہوا کہ وہ راتوں رات اسٹاربن گیا۔
قسمت مہربان ہوتو پھیری والا بھی راک اسٹارجیسی مقبولیت حاصل کرلیتا ہے۔ ایسا ہی کچھ ہوا بھارتی ریاست مغربی بنگال کے ایک مونگ پھلی بیچنے والے بھوبن کے ساتھ جوگلی گلی گھوم کرمونگ پھلی بیچتا تھا جسے اس کے علاقے میں ’کچا بادام ‘ کہا جاتا ہے۔
بھوبن کا گانا’کچا بادام‘ گا کرمونگ پھلی بیچنے کا منفرد انداز سوشل میڈیا پرآیا تودیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگیا۔ کیا بچے کیا بڑے سب ’کچا بادام‘ گنگناتے اورگاتے نظرآتے ہیں۔
’کچا بادام‘ گانے پر بالی وڈ کے کئی مشہوراسٹارزبھی اپنی ویڈیوز انسٹا پرریلیز کرچکے ہیں اورغیرملکی بھی ’کچا بادام‘ کے مداح بن گئے ہیں۔
بھوبن کا کہنا ہے کہ سمجھ میں نہیں آرہا اتنی شہرت کیسے مل گئی ۔جس نے اس کی ویڈیو سوشل میڈیا پرریلیز کی وہ اس شخص کے شکرگزارہیں۔سوشل میڈیا نے زندگی بدل دی اب لوگ فنکشنز میں بلاتے اور’کچا بادام‘ سن کرمیرے ساتھ ناچتے اورگاتے ہیں۔اتنی پسندیدگی پرلوگوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

بوڑھی ماں کو پڑوسیوں کے رحم و کرم پر چھوڑنے والی بیویوں کو تین بھائیوں نے طلاق دیدی

لاہور: (ویب ڈیسک) بوڑھی ماں کو پڑوسیوں کے رحم و کرم پر چھوڑنے پر تین بھائیوں نے اپنی بیویوں کو طلاق دے دی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ الجزائر میں پیش آیا جہاں پر اپنی بوڑھی والدہ کی دیکھ بھال نہ کرتے دیکھ کر بھائیوں نے انتہائی قدم اٹھاتے ہوئے ایک منٹ سے بھی کم وقت میں اپنی بیویوں سے رشتہ توڑ دیا۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ شوہر اپنی بیویوں کو والدہ کی دیکھ بھال کی ہدایات کرکے کام پر پر گئے تھے مگر جب وہ شام کو گھر لوٹے تو ماں کو پڑوسیوں کے رحم و کرم پر پایا جہاں پر پڑوسی ضعیف خاتون کو نہلا رہے تھے۔
شوہروں نے جب یہ دیکھا تو اپنی بیویوں کو پوچھا جو کہ اپنے کمروں میں آرام کررہی تھیں، ماں کا دھیان نہ رکھنے بارے استفسار کرنے پر بات جھگڑے کی صورت اختیار کرگئی جس کے نتیجے میں بوڑھی خاتون کے بیٹوں نے اپنی بیویوں کو طلاق دے دی۔
بیٹوں نے اپنی بیویوں کو ماں کا خیال رکھنے کا کہا جس پر تینوں خواتین نے اپنی ساس کو پڑوسیوں کے حوالے کردیا تھا۔

نائجیرین شخص نے پانی سے جلنے والا چولہا ایجاد کر لیا

ابوجا: (ویب ڈیسک) نائجیریا کے ایک 67 سالہ شخص نے پانی سے جلنے والا چولہا ایجاد کیا ہےجس میں آگ لگانے کیلئے گیس، بجلی یا مٹی کے تیل کی ضرورت نہیں پڑتی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ایک نائجیرین باشندے نے پانی کی ایک بوتل میں اوپر کی جانب سوراخ کر کے ایک پائپ داخل کیا اور ڈھکن والے حصے سے دوسرا پائپ داخل کر کے ہینڈ پمپ کے ذریعے ہوا بھری اور پائپ ایک سرا نوزل میں لگا کر چولہے میں آگ لگا لی۔
مذکورہ شخص نے دعوی کیا کہ ان کی ایجاد مٹی کے تیل اور گیس کی بجائے مکمل طور پر ہوا کے دباو اور پانی پر انحصار کرتی ہے۔

پشاور زلمی کو اہم غیرملکی پلیئرز کی عدم دستیابی کا سامنا

لاہور: (ویب ڈیسک) ایچ بی ایل پی ایس ایل 7میں پیر کے روز پشاور زلمی کو لاہور قلندرز کی مضبوط بولنگ لائن کا چیلنج درپیش ہوگا۔
قذافی اسٹیڈیم میں آج لاہور قلندرز اور پشاورزلمی کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی، یہ لیگ مرحلے کا آخری میچ بھی ہوگا، میزبان ٹیم نے ابھی تک 9میں سے 6مقابلے جیتے ہیں، فخرزمان اور کامران غلام نے ابھی تک زبردست فارم کا مظاہرہ کیا ہے، جارح مزاج بیٹرز محمد حفیظ، فل سالٹ اور ڈیوڈ ویزا بھی موجود ہیں۔
گزشتہ میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاپ آرڈر کو پریشان کیا تو ہیری بروک نے سنچری سے کسر پوری کردی، کپتان شاہین شاہ آفریدی اور حارث رئوف اور زمان خان قذافی اسٹیڈیم کی کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہو چکے اور بہترین پرفارم کر رہے ہیں، پشاور کیلیے ان بولرز کا سامنا بہت بڑا چیلنج ہوگا، ان فارم اسپنر راشد خان کا پی ایس ایل میں سفر تمام ہوچکا، ان کا خلا پر کرنا ہوگا۔
دوسری جانب پشاور زلمی نے 9 میں سے 5میچ جیتے ہیں،لیام لیونگ اسٹن اور کوہلر کیڈمور کی انجریز جبکہ شرفین ردر فورڈ کی نجی مصروفیات کی وجہ سے وطن واپسی کے بعد کپتان وہاب ریاض کو سلیکشن مسائل کا سامنا ہوگا،بیٹنگ میں امیدوں کا مرکز ان فارم محمد حارث اور حضرت اللہ ہوں گے۔
تجربہ کار شعیب ملک اور حسین طلعت بیٹ و بال دونوں سے کارآمد ثابت ہو سکتے ہیں، پیسرز سلمان ارشاد اور وہاب ریاض اچھی فارم میں ہیں،عثمان قادر کی کارکردگی میں تسلسل نہیں، لیام لیونگ اسٹن کا خلا بھی پر کرنا ہوگا، کراچی میں کھیلے جانے والے دونوں ٹیموں کے باہمی میچ میں لاہور قلندرز نے 29 رنز سے فتح پائی تھی، اس بار ہوم کراؤڈ کا فائدہ بھی حاصل ہوگا۔

آسٹریلیا کے دورہ پاکستان کے حوالے سے قومی سکواڈ کی تیاریاں جاری

لاہور: (ویب ڈیسک) آسٹریلیا کے دورہ پاکستان کے حوالے سے قومی سکواڈ کی تیاریاں جاری ہیں، پہلا ٹیسٹ میچ چار مارچ سے شروع ہوگا۔
قومی ٹیسٹ کھلاڑیوں نے کیمپ کے پانچویں روز میچ سنیریو پریکٹس میں حصہ لیا، پہلے تین روز فزیکل ٹریننگ اور نیٹ سیشن منعقد کیے گئے تھے، کراچی میں کیمپ بدھ کو اختتام پزیر ہوگا جبکہ مکمل ٹیسٹ سکواڈ کا ٹریننگ کیمپ راولپنڈی میں لگے گا۔
دوسری جانب ٹیسٹ سیریز میں شائقین کو سٹیڈیم لانے کے لئے پی سی بی کی تیاریاں جاری ہیں، سکول کالجز کے طلباء کو سٹیڈیم لانے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔