All posts by Khabrain News

جے یو آئی کے غنڈوں نے پارلیمنٹ لاجز پر حملہ کیا، فضل الرحمان پر پرچہ ہونا چاہیے: فواد چودھری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ جے یوآئی کےغنڈوں نے پارلیمنٹ لاجز پر حملہ کیا جو قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان پر بھی پرچہ ہونا چاہیے۔
پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا کہ جے یو آئی (ف) ایک شدت پسند جماعت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ لاجزمیں خواتین ایم این ایز بھی رہائش پذیرہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان پربھی پرچہ ہونا چاہیے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا کہ پولیس کی گاڑیوں کی چابیاں چھینی جا رہی ہیں۔ انہوں نے استفسار کیاکہ کیا ایم این اے پاکستانی قانون سے بالاتر ہیں؟ ان کا کہنا تھا کہ ان سب کوجیل میں ڈال دینا چاہیے۔

شمالی وزیرستان: سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 4 دہشتگرد ہلاک

میرانشاہ: (ویب ڈیسک) سکیورٹی فورسز نے خفیہ معلومات پر آپریشن کر کے 4 دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے مدی خیل اور بوبر گیپ میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس کی بنیاد پر دو آپریشن کیے ہیں۔
بیان کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد مارے گئے جبکہ ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔ مارے گئے دہشت گرد سکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں میں سرگرم رہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے کے مقامی لوگوں نے آپریشن کو سراہا اور علاقے سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے بھرپور تعاون کا اظہار کیا۔

پارلیمنٹ لاجز میں پولیس کا آپریشن، مریم نواز کا ردعمل بھی سامنے آگیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد پولیس کی جانب سے پارلیمنٹ لاجز میں آپریشن اور اس کے نتیجے میں جے یو آئی کے ارکان قومی اسمبلی کی گرفتاری پر مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا ردعمل بھی سامنے آگیا۔
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کو عمران خان کی گرتی حکومت کا آلہ کار بننے سے پرہیز کرنا چاہیے، پاگل پن پر مبنی کارروائیوں کا الزام اپنے سر لینا مناسب نہیں ،نقصان اٹھانا پڑیگا۔
خیال رہے کہ پارلیمنٹ لاجز میں جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے محافظ دستے انصار الاسلام کے کارکنوں کی موجودگی پر اسلام آباد پولیس نے آپریشن کرکے متعدد گرفتاریاں کی ہیں۔
پارلیمنٹ لاجز میں آپریشن ڈی آئی جی آپریشن کی کمانڈ میں کیا گیا۔ میڈیا کو پارلیمنٹ لاجز سے نکال دیا گیا جس کے بعد پولیس کی نفری نے صلاح الدین ایوبی کے لاج کا دروازہ توڑ کر گرفتاریاں شروع کیں۔
اطلاعات کے مطابق پولیس نے 10 افراد کو تھانہ سیکرٹریٹ منتقل کر دیا ہے، گرفتار ہونے والوں میں جے یو آئی کے رکن قومی اسمبلی صلاح الدین ایوبی، جمال الدین اور جے یو آئی اسلام آباد کے ترجمان مفتی عبداللہ بھی شامل ہیں۔
پولیس کا انصار الاسلام کیخلاف آپریشن 30 منٹ تک جاری رہا جبکہ اس دوران انصار اسلام کے کئی رہنما کپڑے بدل کر لاجز سے نکل گئے۔

مولانا فضل الرحمان کا گرفتاری دینے کا اعلان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے گرفتاری دینے کا اعلان کر دیا۔
مولانا فضل الرحمان بھی پارلیمنٹ لاجز پہنچ گئے ہیں جہاں پولیس کی جانب سے انصار الاسلام کے ارکان کے خلاف آپریشن جاری ہے۔
جے یو آئی کی ٹوئٹ کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے تمام پارٹی ارکان کو پارلیمنٹ لاجز پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔
پارلیمنٹ لاجز پہنچنے پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم اسلام آباد پولیس کی دہشتگردی کو نہیں مانتے۔
انہوں نے کہا کہ میں اپنے دوستوں کے ہمراہ گرفتاریاں پیش کروں گا۔ تمام روڈ بند کر دیں۔ تمام کارکن گھروں سے باہر نکل آئیں۔

افواہیں نہ پھیلائی جائیں، سیاست سے کوئی لینا دینا نہیں: ترجمان پاک فوج

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ افواہیں نہ پھیلائی جائیں ، فوج کا سیاست سے کوئی لینا دینا نہیں۔
ایئر فورس کے افسر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان پاک فوج نے کہا کہ 9 مارچ کو بھارتی حدود سے تیز رفتار چیز کو ریڈار پر دیکھا گیا۔ 9مارچ کو چھ بج کر 33 منٹ پر ایک چیز نے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی، پاکستان ایئرفورس نے اس چیز کی مکمل مانیٹرنگ کی۔ اس چیز نے اچانک رخ بدلا اور پاکستانی حدود کی طرف بڑھنے لگی۔
میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ فلائنگ اوبجیکٹ غیرمسلح تھا، پاک فضائیہ نے فلائنگ اوبجیکٹ کی مکمل مانیٹرنگ کی، فلائنگ اوبجیکٹ 3 منٹ 24 سیکنڈتک پاکستانی حدودمیں پروازکرتا رہا، پاکستان فضائی حدود کی خلاف ورزی کی مذمت کرتا ہے۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس واقعے کی وضاحت دینی ہوگی، پاکستان نے ہمیشہ ذمہ دار ملک ہونے کا ثبوت دیا ہے۔ کوئی انسانی جان ضائع نہیں ہوئی صرف ایک دیوار گری۔ واقعہ کی جو بھی وجہ ہو بھارت کو جواب دینا ہو گا۔ اگر پاکستان کی حدود میں کوئی بھی چیز داخل ہوتی ہے یا کوئی بھی خلاف ورزی ہوتی ہے تو اس کا بھرپور جواب دینے کے لیے پاک فوج موجود اور تیار ہے۔
ایک سوال کے جواب میں ترجمان پاک فوج نے واضح کیا کہ وہ پہلے بھی کہہ چکے ہیں پاک فوج کا سیاست سے کوئی لینا دینا نہیں۔ جو لوگ مداخلت کی بات کرتے ہیں، اس کا جواب بھی ان ہی سے مانگا جائے، ان سے ثبوت مانگا جائے اور اگر کوئی بات کرتا ہے تو اس کے پاس اس کے ثبوت بھی ہوں گے۔
میجر جنرل بابر افتخار نے پریس کانفرنس کے دوران ملک کی حالیہ سیاسی صورتحال کے سوال پر مختصر جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ سیاسی امور پر بات نہیں کرنا چاہتے۔
نیوز کانفرنس کے دوران ایک سوال کے جواب میں ترجمان پاک فوج نے کہا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے دورہ امریکا کا کوئی شیڈول جاری نہیں ہوا۔

اطلاعات اچھی نہیں، عدم اعتماد سے پہلے امن و امان کا مسئلہ پیدا نہ ہوجائے، شیخ رشید

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے پارلیمنٹ لاجز میں پولیس کے آپریشن پر کہا ہے کہ ہمارے پاس اطلاعات اچھی نہیں ہیں، خدانخواستہ عدم اعتماد سے پہلے امن و امان کا مسئلہ پیدا نہ ہوجائے۔
شیخ رشید نے کہا کہ یہ 70 لوگ لے آئے، ان کے لاجز میں کپڑے بدلوائے گئے، ہم نے پانچ گھنٹے مذاکرات کیے کہ ان لوگوں کو ہمارے حوالے کردیں، انصار الاسلام کے لوگ پیچھے بھی آرہے ہیں، نتیجہ آپ بھگتیں گے، کانوں کو ہاتھ لگائیں گے، باہر سے لوگ آرہے ہیں ہم کوشش کریں گے انہیں روک لیا جائے۔
وزیر داخلہ شیخ رشید آج رات ہنگامی پریس کانفرنس بھی کریں گے۔
خیال رہے کہ پارلیمنٹ لاجز میں جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے محافظ دستے انصار الاسلام کے کارکنوں کی موجودگی پر اسلام آباد پولیس نے آپریشن کرکے متعدد گرفتاریاں کی ہیں۔
پارلیمنٹ لاجز میں آپریشن ڈی آئی جی آپریشن کی کمانڈ میں کیا گیا۔ میڈیا کو پارلیمنٹ لاجز سے نکال دیا گیا جس کے بعد پولیس کی نفری نے صلاح الدین ایوبی کے لاج کا دروازہ توڑ کر گرفتاریاں شروع کیں۔
اطلاعات کے مطابق پولیس جے یو آئی کے ایم این اے صلاح الدین ایوبی کو بھی گرفتار کر کے لے گئی جبکہ 10 سے 12 رضا کاروں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ان تمام افراد کو نامعلوم مقام پر منتقل کیا جارہا ہے۔
اطلاعات کے مطابق پولیس نے مولانا جمال الدین اور مفتی عبداللہ کو بھی گرفتار کر لیا جبکہ آغا رفیع اللہ پولیس اہلکار کے ساتھ گتھم گتھا بھی ہوئے۔ پارلیمنٹ لاجز میں پولیس کی مزید نفری بھی داخل ہوچکی ہے۔

تحریک عدم اعتماد : اپوزیشن ارکان کی حفاظت کیلئے ’انصار الاسلام‘ کا دستہ ڈی چوک پہنچ گیا

پارلیمنٹ لاجز میں موجود اپوزیشن ارکان قومی اسمبلی کی سکیورٹی کیلئے اہم اقدام، جمعیت علمائے اسلام ( جے یوآئی) کی سکیورٹی تنظیم ’انصارالاسلام‘ کے سکیورٹی کارکن ڈی چوک پہنچ گئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن رہنماؤں نے اپنے ارکان کے لاپتہ کیے جانے اور سکیورٹی پر خدشات ظاہر کیے تھے جس کے بعد مولانا فضل الرحمان کی سربراہی میں اپوزیشن جماعتوں نے فیصلہ کیا تھا کہ انصار الاسلام کے کارکن اپوزیشن کے تمام ارکان کو سکیورٹی فراہم کریں گے۔

خیال رہے کہ اپوزیشن نے وزیراعظم عمران خان کیخلاف قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں تحریک عدم اعتماد جمع کرادی ہے جس پر اب اسپیکر کو اجلاس بلا کر ووٹنگ کرانی ہے۔

اپوزیشن کو خدشہ ہے کہ ان کے ارکان کی تعداد کم کرنے کیلئے گرفتاریاں یا ارکان کو  غائب کیا جاسکتا ہے۔

اسلام آباد پولیس نے پارلیمنٹ لاجز پر دھاوا بول دیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پارلیمنٹ لاجز میں جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے محافظ دستے انصار الاسلام کی موجودگی پر اسلام آباد پولیس بھی حرکت میں آگئی، پارلیمنٹ لاجز پر دھاوا بول دیا۔پولیس اہلکار جب رکن قومی اسمبلی صلاح الدین ایوبی کےلاج میں داخل ہوئےتو اس موقع پر ایم این اے صلاح الدین ایوبی کے سٹاف اور پولیس میں ہاتھا پائی بھی ہوئی۔
پولیس افسران پارلیمنٹ لاجز پہنچ گئے جہاں ان کی جے یو آئی کے رکن قومی اسمبلی صلاح الدین ایوبی سے بات چیت ہوئی۔صلاح الدین نے کہا کہ انصارالاسلام کےکارکُن ہمارےمہمان ہیں،ہمارےمہمان قانون کے مطابق آئےہیں ،کارکنوں کے پاس اسلحہ نہیں ہے۔پولیس نے کہا کہ ہم ان کارکنوں کو تھانے لے کر جائیں گے جس پر صلاح الدین ایوبی نے کہا کہ میرامہمان میرےکمرےمیں ہے آپ مجھے تھانے لے جائیں، میرے مہمان کو نہیں۔بعد ازاں اس معاملے کا آئی جی اسلام آباد پولیس محمد احسن یونس نے بھی نوٹس لیا اور ڈی چوک پر ناکہ انچارج، پارلیمنٹ لاجز کے انسپکٹر انچارج اور لائن آفیسر کو معطل کردیا۔
پولیس اہلکار پارلیمنٹ لاجز کے چوتھے فلورپرپہنچی اور صلاح الدین ایوبی کے لاج نمبر 401 کے باہر پولیس کارش لگ گیا، پولیس نے دونوں اطراف سے لاج کو گھیرے میں لیا اور اس دوران ایم این اےصلاح الدین ایوبی سے ایس ایس پی آپریشنز فیصل کامران سے مذاکرات بھی ہوئے۔صلاح الدین ایوبی نے کہا کہ آپ اپنے پولیس اہلکاروں کو نیچے لے جائیں لیکن پولیس رکن قومی اسمبلی صلاح الدین ایوبی کے لاج میں داخل ہوگئی اور تلاشی لی۔
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ لاجز ارکان قومی اسمبلی کیلئے ہیں، یہ ایم این ایز کے شیلٹر میں آئے ہیں حالات خراب کررہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ عدم اعتماد میں ان کے پاس لوگ نہیں ہیں اوچھے ہتھکنڈے استعمال کررہے ہیں، سویلین فورس کو اجازت نہیں دی جاسکتی، پارلیمنٹ لاجرز ممبران کیلئے ہیں، انہیں پارلیمنٹ لاجز میں رہنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

پاکستان اور انسانیت کے لیے کام کرنا صرف وزیراعظم کی ذمہ داری نہیں، شاہد آفریدی

کراچی: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان کے لیے کام کرنے کی ذمہ داری صرف وزیراعظم کی نہیں بلکہ ملک اور انسانیت کے لیے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہے۔
کراچی میں شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کے 8 سال مکمل ہونے پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے نوجوانوں کو نصیحت کی کہ وہ اپنی تعلیم پر توجہ دیں اور اصل تعلیم ایک دوسرے کا خیال رکھنا اور محبت کرنا ہے۔
شاہد آفریدی نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ کے اوپر بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے، ہم سب کو یہ نظر آتا ہے کہ وزیراعظم وہ تھا تو کام اُس کی ذمہ داری تھی، یہ بالکل غلط تاثر ہے، میں پاکستانی ہوں مجھے کام کرنا ہے اور ہم سب کو مل کر پاکستان کے لیے کام کرنا ہے‘۔
سابق کپتان نے کہا کہ ہم سب کو مل کر انسانیت کے لیے کام کرنا ہے کیونکہ انسانیت سے بڑا رشتہ اور مذہب کوئی نہیں ہے۔