All posts by Khabrain News

بلوچستان کا محکمہ جیل خانہ جات مالی مشکلات کا شکار

کوئٹہ: (ویب ڈیسک) بلوچستان کا محکمہ جیل خانہ جات مالی مشکلات کا شکار ہوگیا ، قیدیوں کو کھانے کیلئے راشن مہیا کرنے والے ٹھیکیداروں نے 2 سال سے واجبات کی عدم ادائیگی پر راشن کی سپلائی بند کرنے کی دھمکی دے دی۔
بلوچستان کی 11 جیلوں اور جوڈیشنل لاک اپ کے قیدیوں کے کھانے کیلئے راشن فراہم کرنے والے ٹھیکیداروں نے محکمے کو دی جانے والی درخواستوں میں مطالبہ کیا ہے کہ ان کے دو سال کے واجبات 28 فروری تک ادا کر دیئے جائیں، بصورت دیگر قیدیوں کو راشن کی سپلائی روک دی جائے گی۔
اس حوالے سے محکمہ جیل خانہ جات کے حکام نے بتایا کہ مالی سال 22-2021 کے دوران جیل ٹھیکیداروں کے 5 کروڑ 11 لاکھ روپے واجب الادا ہیں جبکہ رواں مالی سال کے 11 کروڑ 75 لاکھ روپے کی ادائیگی کرنا ہے۔
جیل حکام نے بتایا کہ فنڈز کے حصول کیلئے سمری محکمہ داخلہ کو بھجوا دی گئی ہے، اگر بلوچستان میں جیل بھرو تحریک شروع ہوتی ہے تو اس کیلئے اضافی فنڈز کی ضرورت ہوگی۔

آئی جی سندھ کا پولیس اہلکاروں کی تعداد میں کمی کا نوٹس

کراچی : (ویب ڈیسک) انسپکٹر جنرل ( آئی جی ) سندھ غلام نبی میمن نے صوبائی پولیس فورس میں اہلکاروں کی تعداد کم ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے وی وی آئی پیز کو دیئے گئے گن مینز کا ریکارڈ طلب کر لیا۔
آئ جی سندھ کی جانب سے تمام سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس ( ایس ایس پیز ) کو ایفی ڈیوٹ جمع کروانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
غلام نبی میمن کا کہنا تھا کہ غیر متعلقہ لوگوں کے پاس گن مین کی نشاندہی ہوئی تو متعلقہ ایس ایس پی کے خلاف کارروائی ہو گی۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ پولیس فورس کے اہلکاروں کی بڑی تعداد وی وی آئی پیز کی سکیورٹی پر تعینات ہے۔

وزیر اعظم کی زیر صدارت نیشنل ایپکس کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت نیشنل ایپکس کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا۔
ذرائع کے مطابق نیشنل ایپکس کمیٹی کا اجلاس آج سہ پہر وزیر اعظم ہاؤس میں ہوگا، اجلاس میں سول و عسکری قیادت شرکت کرے گی، اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان پر جاری پیش رفت پر بریفنگ دی جائے گی۔
ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں ملک میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا، انٹیلی جنس اداروں کے سربراہان اجلاس کو امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ دیں گے۔

امریکا پاکستان کیساتھ اقتصادی و تجارتی تعلقات کو مثالی بنانے کا خواہشمند

واشنگٹن : (ویب ڈیسک) امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی اور سرمایہ کاری کے حوالے سے وزارتی اجلاس جاری ہے، ہم پاک، امریکا تعلقات کے فروغ کے لئے کوشاں ہیں۔
پریس بریفنگ کے دوران ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا تھا کہ پاک، امریکا مضبوط تجارتی و اقتصادی تعلقات وقت کی ضرورت ہیں، دو دہائیوں سے پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والے ممالک میں امریکا سر فہرست ہے۔
نیڈ پرائس نے کہا کہ پاکستان میں 80 امریکی کمپنیوں میں ایک لاکھ 20 ہزار سے زائد پاکستانی ملازم ہیں، امریکی کاروباری اداروں کو پاکستان میں تجارتی مواقع بارے آگاہ کیا جاتا ہے، امریکا پاکستان کے ساتھ اقتصادی و تجارتی تعلقات کو مثالی بنانے کا خواہشمند ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ ایک سال میں ہماری سرمایہ کاری میں تقریباً پچاس فیصد اضافہ ہوا، پاکستان کے ساتھ توانائی، زرعی آلات سمیت دیگر شعبوں میں تجارت کے فروغ کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف امریکا اور پاکستان کے مشترکہ مفادات ہیں، طالبان یقینی بنائیں کہ داعش، تحریک طالبان پاکستان ( ٹی ٹی پی ) اور دیگر خطے کا امن خراب نہ کریں۔

اسحاق ڈار کی ازبکستان کے صدر شوکت مرزیوییو سے ملاقات

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ازبکستان کے صدر شوکت مرزیوییو سے ملاقات کی ہے۔
وزیر خزانہ نے ازبک صدر کو وزیراعظم شہباز شریف کا نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا، ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور ٹرانسپورٹ کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر غور کیا گیا۔
ملاقات میں ٹرانزٹ تجارت اور ترجیحی تجارتی معاہدوں کے جلد اطلاق پر غور کیا گیا، ازبک صدر نے باہمی بس سروس اور ریل لائن کے ذریعے وسط ایشیا اور جنوبی ایشیاء کو منسلک کرنے پر زور دیا۔
ازبک صدر نے کہا کہ افغانستان کے ذریعے ریل لائن وسط ایشیائی ریاستوں کو پاکستانی بندرگاہوں سے منسلک کرسکتی ہے۔

ایسا کبھی دشمنوں کے ساتھ نہیں ہوا جو ہمارے ساتھ کیا جا رہا ہے: شہباز گل

ملتان: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل نے کہا ہے کہ ایسا کبھی دشمنوں کے ساتھ نہیں ہوا جو ہمارے ساتھ کیا جا رہا ہے۔
اپنے بیان میں شہباز گل نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے عمران خان کی قیادت میں پرامن احتجاج کیے ہیں، ہم نے کبھی بدلہ لینے کی سیاست نہیں کی، جو بھی قیدی ہو اس کے کچھ حقوق ہوتے ہیں، ہمارے لیے تکلیف کی بات ہے کہ ہمارے رہنماؤں اور کارکنان پر ظلم کیا جا رہا ہے، ہم نے اپنے صوبوں میں اپنی حکومت ختم کی کہ عوام فیصلہ کر سکیں، یہ لوگ الیکشن سے بھاگ چکے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جیل بھرو تحریک کا آغاز ہو چکا ہے، سینکڑوں کارکنان گرفتاری دے رہے ہیں، ہمارے گرفتار کارکنان کو واش روم جانے نہیں دیا جا رہا، گرفتار رہنماؤں کو شہروں کے چکر لگوائے جا رہے ہیں، ایسا تو کبھی دشمنوں کے ساتھ نہیں ہوا جو ہمارے ساتھ ہو رہا ہے، آئین کہتا ہے کہ اسمبلی جب تحلیل ہو تو 90 دن کے اندر الیکشن ہوں، یہاں لوگوں کے حقوق پامال کیے جا رہے ہیں۔

مجلس وحدت مسلمین بھی پی ٹی آئی کی جیل بھرو تحریک میں پیش پیش

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کی جیل بھرو تحریک میں مجلس وحدت مسلمین بھی پیش پیش ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں چئیرمین تحریک انصاف عمران خان نے بھرپور ساتھ نبھانے پر علامہ راجہ ناصر عباس سے اظہارِ تشکر کیا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ جیل بھرو تحریک میں ہمارا ساتھ دینے پر مجلس وحدت مسلمین کا شکریہ، خاص طور پر کل راولپنڈی میں خود کو گرفتاری کیلئے پیش کرنے پر ہم مجلسِ وحدت مسلمین اور علامہ راجہ ناصر عباس کے نہایت مشکور ہیں۔

ن لیگ کی سینئر قیادت مریم نواز سے فاصلہ اختیار کر رہی ہے، فواد چودھری

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی سینئر لیڈر شپ مریم نواز سے فاصلہ اختیار کر رہی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں فواد چودھری نے کہا کہ مریم کے ساتھ مریم اورنگزیب، عطا تارڑ، دیگر جوکر اور کنیزیں ٹائپ لوگ ہیں۔
فواد چودھری نے کہا کہ سنجیدہ انتخابی سیاست کا تجربہ رکھنے والے لوگ ان سے ایک فاصلے پر ہیں۔

وائس چیئرمین تحریک انصاف شاہ محمود قریشی کو 30 دن کیلئے نظر بند کر دیا گیا

لاہور: (ویب ڈیسک) جیل بھرو تحریک میں گرفتار تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو 30 دن کیلئے نظر بند کر دیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر لاہور کی سفارش پر محکمہ داخلہ پنجاب نے نظر بندی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، شاہ محمود قریشی کو 3 ایم پی او کے تحت ایک ماہ کیلئے اٹک جیل میں بند کیا گیا ہے، تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو کوٹ لکھپت سے اٹک جیل منتقل کیا گیا تھا۔
واضح رہے شاہ محمود قریشی نے گزشتہ روز سب سے پہلے گرفتاری دے کر جیل بھرو تحریک کا آغاز کیا تھا، اپنے موقف میں انکا کہنا تھا کہ کپتان کی کال پر تحریک کی قیادت کرتے ہوئے پہلی گرفتاری دینا باعث فخر ہے، ملک میں امپورٹڈ حکومت کی لاقانونیت ختم ہونے اور دس ماہ کی تباہ کاریوں کے حساب تک یہ تحریک جاری رہے گی۔

اسرائیلی فوج کے ہاتھوں 11 فلسطینوں کی شہادت کے واقعے پر پاکستان کی شدید مذمت

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان کی جانب سے مغربی کنارے میں اسرائیلی قابض افواج کی حالیہ کارروائی کی شدید مذمت کی گئی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مذمتی بیان میں کہا ہے کہ اسرائیلی فورسز کی کارروائی میں ایک نوجوان سمیت 11 فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوئے، ایسی ظالمانہ کارروائیاں بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کی صریح خلاف ورزی ہیں، پاکستان کی حکومت اور عوام متاثرین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔
دفتر خارجہ کی جانب سے مزید کہا گیا کہ حملے میں زخمیوں کی مکمل اور جلد صحت یابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں، اسرائیل کی طرف سے طاقت کا بے تحاشہ استعمال کشیدہ صورتحال کو مزید بگاڑ دے گا، ایسی کارروائیاں خطے میں امن کے امکانات کو نقصان پہنچائیں گی، پاکستان عالمی برادری سے اسرائیل کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کیلئے جوابدہ ٹھہرانے کا مطالبہ کرتا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ عالمی برادری مستقبل میں ایسی صریح غیر قانونی کارروائیوں کو روکنے کیلئے ضروری اقدامات کرے، ہم فلسطینی عوام کے ساتھ اپنی مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہیں، پاکستان مشرقی یروشلم کے ساتھ 1967 سے پہلے کی سرحدوں پر ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کا مطالبہ کرتا ہے۔