All posts by Khabrain News

حکومت کا اسلام آباد میں 3 دن عام تعطیل کا اعلان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) حکومت نے وفاقی دارالحکومت کی حدود میں 3 روز تک تمام سرکاری ادارے بند رکھنے کا اعلان کردیا۔
اسلام آباد میں شیڈول او آئی سی وزرائے خارجہ کانفرنس کے باعث حکومت نے وفاقی دارالحکومت میں 3 روز تک عام تعطیل کا اعلان کردیا۔
کابینہ ڈویژن نے 22 مارچ اور 24 مارچ کو عام تعطیل کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد کے حدود میں 22 اور 24 مارچ کو تمام سرکاری ادارے بند رہیں گے، جب کہ 23 مارچ کو ملک بھر میں یوم پاکستان کی عام تعطیل ہوگی۔

خیبرپختونخوا اسمبلی: وزیراعظم عمران خان کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے قرارداد منظور

پشاور: (ویب ڈیسک) خیبرپختونخوا اسمبلی اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کو خراج تحسین پیش کرنے کےلیے قرار داد منظور کرلی گئی ،اپوزیشن اراکین نے قرار داد کے خلاف نعرے لگائے۔
خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی سپیکر محمود جان کی زیر صدارت ہوا ،اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کوخراج تحسین پیش کرنے کےلیے شوکت یوسفزئی کی قرارداد متفقہ طورپر منظورکی گئی ،اپوزیشن اراکین نے قرارداد کیخلاف شدید نعرے لگائے۔
شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ کورونا پرقابوپانے میں عمران خان کےاقدامات نےمعیشت کو بچایا،وزیراعظم کے قائدانہ فیصلوں پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
اجلاس میں خواتین کونسلر سے متعلق سمیرا شمس کی قرارداد متفقہ طورپر منظور کی گئی۔ قرار داد کے متن میں کہا گیا کہ تحصیل، ویلیج ونائبرکونسل اجلاس خواتین کونسلرزکی عدم موجودگی کے بغیر نہ بلایا جائے، جماعت اسلامی کی خاتون رکن حمیرہ خاتون کی قرارداد متفقہ طورپرمنظور کی گئی۔
قرار داد میں کہا گیا کہ پشاورکے تین بڑے ہسپتالوں پر مریضوں کا رش کم کرنے کے لیےڈویژنل ہیڈکوارٹرمیں تدریسی اسپتال قائم کئے جائیں، مقامی ہسپتالوں کی تعمیر سےپشاور کےاسپتالوں پررش کم ہوگا،سوات میں منظورشدہ 2 پلوں کی تعمیر متعلق وقار خان کی قرارداد بھی منظور کی گئی۔
خیبر پختونخوا پولیس کی تنخواہوں میں اضافے سے متعلق پیپلز پارٹی کی رکن اسمبلی نگہت اورکزئی کی قرارداد بھی منظور کی گئی، قرار داد میں کہا گیا کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ وجرائم پیشہ افرادکیخلاف پولیس نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔بعد ازاں خیبر پختونخو ااسمبلی کا اجلاس کل بروز جمعہ صبح دس بجے تک ملتوی کردیا گیا۔

اسپیکر پارٹی مینڈیٹ کیخلاف جانیوالوں کا ووٹ قبول نہیں کریں گے: فواد چودھری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) فواد چودھری نے کہا ہے کہ چاہتے ہیں تمام ڈرامے 23 مارچ سے پہلے ختم ہو جائیں، اسپیکر پارٹی مینڈیٹ کیخلاف جانیوالوں کا ووٹ قبول نہیں کریں گے، پارٹی مینڈیٹ کیخلاف جانیوالے پر آرٹیکل 63 ون اے لاگو ہوگا، پنجاب پر بڑے فیصلوں کی طرف آئیں گے اس وقت فوکس عدم اعتماد ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج ہارے ہوئے پہلوانوں کی پریس کانفرنسز ہوئیں، اپوزیشن کے چہروں سے پتہ چل رہا حالات کس طرف جا رہے ہیں، اداروں کیخلاف ایک مہم چلائی جا رہی ہے، سیاسی محاذ پر حکومت مکمل اعتماد کیساتھ کھڑی ہے، انہیں جب اقتدار ملا انہوں نے اداروں کو کنٹرول کرنے کی کوشش کی، یہ ایسی اصلاحات چاہتے ہیں جس سے اداروں پر سیاسی کنٹرول حاصل کرسکیں، انہیں جب حکومت ملی انہوں نے سازشیں کیں، یہ ایسی اصلاحات چاہتے ہیں جس سے اداروں پر سیاسی کنٹرول حاصل کرسکیں، انہیں جب حکومت ملی انہوں نے سازشیں کیں، منظم انداز میں اداروں کیخلاف مہم چلائی جا رہی ہے۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ ڈان لیکس نواز شریف کی سوچ کی عکاسی کرتی ہے، مودی کابل سے واپسی پر نواز شریف کی نواسی کی شادی میں آیا، نواز شریف نے ماضی میں بھارتی تاجروں سے ملاقاتیں کیں۔

عمران خان دھمکیاں نہ دیں ہم نے کوئی چوڑیاں نہیں پہنی، فضل الرحمان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) جمعیت علما اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ عمران خان ہمیں دھمکیاں نہ دیں ہم نے کوئی چوڑیاں نہیں پہن رکھیں۔
پرویز خٹک کے بھائی لیاقت خٹک کی باضابطہ طور پر جے یو آئی میں شمولیت پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو اسرائیل اور بھارت سے فارن فنڈنگ ہوئی، غیر ملکی ہاتھ تمہارے پیچھے ہے اور تم غیر ملکی ہاتھ کے ذریعے اقتدار میں آئے حالاں کہ تم میں حکومت کرنے کی صلاحیت نہیں، تمہارا چہرہ بے نقاب ہوچکا ہے، عمران خان ہمیں دھمکیاں نہ دیں ، ہم نے کوئی چوڑیاں نہیں پہنی ہوئیں۔
پی ڈی ایم کے سربراہ نے کہا کہ عمران خان تم نے کبھی ہمیں دیکھا نہیں، افغانستان میں اشرف غنی کا انجام دیکھا؟ اس سے زیادہ برا تمہارا حال کریں گے، ہم سیاسی لوگ ہیں، تہمتیں لگاکر سیاست نہیں کی جاتی، میرے ساتھ میرے کردار کا مقابلہ کرنا ہے تو میدان میں آؤ، ہم نے آمروں سے لڑائی لڑی تو تمہاری کیا حیثیت ہے؟
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ سیاست میں غلیظ استعمال کرنا عمران خان کا وطیرہ ہے، عمران خان کا کردار کا کیا ہمیں پتا نہیں؟ لاس اینجلس سے لے کر ڈی چوک تک بدبودار کردار ہے، عمران خان کہتا ہے کہ امریکا کو اڈے دینے سے انکار کردیا، تم سے اڈے مانگے کب ہیں؟ آئی ایس آئی کے چیف نے سیکیورٹی میٹنگ میں بریفنگ دی کہ امریکا نے ہم سے کوئی اڈے نہیں مانگے۔
جے یو آئی کے سربراہ نے کہا کہ عمران خان نے امریکی ایجنڈے پر سی پیک کو برباد کردیا، ایف اے ٹی ایف کے کہنے پر قانون سازی کی، عمران خان را اور موساد کے گٹھ جوڑ سے حکومت میں آیا، عمران خان نے ملکی ترقی کے تمام منصوبے ناکام بنائے، بیرونی قوتوں کے حکم پرپاکستان کا بجٹ بنایا گیا۔

ترین گروپ کا وزیر اعظم سے ملنے والے صوبائی وزراء سے لا تعلقی کا اعلان

لاہور: (ویب ڈیسک) جہانگیر ترین گروپ میں شامل 4 صوبائی وزرا نے گروپ سے علیحدگی اور آج وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کا اعلان کیا، جب کہ ترین گروپ نے بھی وزیر اعظم سے ملنے والے صوبائی وزراء سے لا تعلقی کا اعلان کردیا۔
وزیر اعظم عمران خان عدم اعتماد کی تحریک ناکام بنانے کے مشن پر آج لاہور میں ہیں، وزیر اعظم سے وزیر اعلی عثمان بزدار اور گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے ملاقات کی، عثمان بزدار نے پنجاب کے ارکان قومی اسمبلی اور ارکان صوبائی اسمبلی سے رابطوں کے حوالے سے بریفنگ دی، جب کہ پنجاب میں اتحادی قیادت اور ترین گروپ کے ارکان سے ملاقاتوں کے حوالے سے بھی بریف کیا۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بھی طلب کیا گیا ہے، جس کے خلاف ترین گروپ نے بائیکاٹ کا اعلان کر رکھا ہے، ترین گروپ کے ارکان کا کہنا ہے کہ عثمان بزدار کی موجودگی تک کسی بھی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کا بائیکاٹ کیا جائے گا، اور گروپ کے ارکان کسی بھی پارلیمانی میٹنگ میں شریک نہیں ہوں گے، عثمان بزدار کسی صورت وزیر اعلی قبول نہیں۔
تاہم ترین گروپ کے 4 اہم صوبائی وزرا نے اس بائیکاٹ کے خلاف وزیراعظم عمران خان کا ساتھ دینے کا اعلان کردیا ہے۔
علیم خان سے ملاقات کرنے والے وزیر پنجاب بہبود آبادی کرنل (ر) ہاشم ڈوگر نے وزیر اعظم سے ملاقات کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان میرے لیڈر ہیں، ان کی سربراہی میں پارلیمانی اجلاس میں شرکت کروں گا، ترین گروپ سے استدعا ہے کہ اجلاس کا بائیکاٹ مت کریں۔
صوبائی وزیر صمصام بخاری نے بھی ترین گروپ میں شامل نہ ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ترین گروپ کے رکن نعمان لنگڑیال میرے چھوٹے بھائی کی طرح ہیں، ان سے ملاقات ذاتی حیثیت میں کی کیوں کہ نعمان کے ساتھ ذاتی تعلقات ہیں، اس ملاقات کا سیاسی معاملات سے کوئی تعلق نہیں تھا، ذاتی اور سیاسی تعلقات الگ الگ ہوتےہیں، ترین گروپ کے ہونے والے کسی بھی اجلاس میں کبھی شرکت نہیں کی، عمران خان کے ساتھ ڈٹ کرکھڑا ہو میں آج وزیراعظم سے ملاقات کروں گا۔
تین روز قبل ترین گروپ میں شمولیت اختیار کرنے والے صوبائی وزیر آصف نکئی نے بھی وزیر اعظم سے ملاقات کا فیصلہ کیا اور کہا کہ آج وزیراعظم سے ملنے ایوان وزیراعلی جا رہا ہوں، ترین گروپ نے آج وزیر اعظم کی ارکان اسمبلی سے ملاقاتوں کے اجلاس کا بائیکات کر رکھا ہے، اس بائیکاٹ کا فیصلہ مسترد کرتا ہوں، اور سو فیصد عمران خان کے ساتھ ہوں، میں ترین گروپ کے اجلاس میں ان کو سمجھانے کے لئے گیا تھا، میں نے ان کو سمجھایا کہ وزیراعظم سے بیٹھ کربات کریں، پہلے ترین گروپ کے ارکان نے مجھ سے اتفاق کیا لیکن اب ملاقات کا بائیکاٹ کردیا۔
دوسری جانب عبدالعلیم خان نے صوبائی وزیر میاں خالد محمود کو اپنا ترجمان مقرر کر دیا ہے۔ نومنتخب ترجمان خالد محمود نے بتایا کہ پنجاب کے کسی رکن اسمبلی کو وزیر اعظم کے اجلاس میں جانے سے نہیں روکا، بلکہ وزیر اعظم کے اجلاس میں شرکت کرنے والے عبدالعلیم خان سے اجازت لے کر جا رہے ہیں، اس اجلاس کے بعد باہم مشاورت سے اگلا لائحہ عمل طے کریں گے، 40 اراکین پنجاب اسمبلی سے عبدالعلیم خان کی ملاقات ہوئی وہ سب آج کے اجلاس میں جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر اختر ملک بھی ترین گروپ چھوڑنے کا اعلان کر چکے ہیں، اور انہوں نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے ملاقات بھی کی ہے۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر اختر ملک بھی ترین گروپ چھوڑنے کا اعلان کر چکے ہیں، اور انہوں نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے ملاقات بھی کی ہے۔

دوسری جانب ترین گروپ نے وزیر اعظم سے ملنے والے صوبائی وزراء سے لا تعلقی کا اعلان کردیا ہے۔ ترجمان ترین گروپ سعید اکبر نوانی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ دو روز قبل آصف نکئی اور اختر ملک نے ملاقات کی لیکن وہ کبھی بھی ترین گروپ کا کبھی بھی حصہ نہیں رہے، وزیر اعظم سے ملنے والے صوبائی وزرا آصف نکئی، اختر ملک، صمصام بخاری اور ہاشم ڈوگر کبھی بھی ترین گروپ کے ممبر نہیں رہے، جب کہ ترین گروپ نے وزیر اعظم سے نہ ملنے کا فیصلہ جہانگیر ترین کی ہدایت کے بعد کیا ہے۔

بجلی قیمتوں میں اضافہ،شہباز شریف نے عمران خان کا یوٹرین قرار دے دیا

لاہور:(ویب ڈیسک) قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے بجلی، گھی کی قیمتوں میں اضافے کو عمران خان کا ایک اور یوٹرن قرار دے دیا۔
مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران نیازی نے بجلی اور اشیائے خورونوش کی قیمتوں پر یوٹرن کی روایت برقرار رکھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو اس ظلم سے بچانے کے لیے تحریک عدم اعتماد لائے ہیں اور حکومت سے نجات ہی قوم کو مہنگائی کے ظلم سے نجات دلائے گی۔
شہباز شریف نے کہا کہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کو پاکستان کے معاشی مفادات کے ہاتھ کاٹ کر دے دیئے گئے ہیں۔ بجلی، گھی کی قیمتوں میں اضافے سے عوامی ریلیف کے جھوٹ کا پول کھل چکا ہے۔

روس اور یوکرین کے درمیان اعلیٰ سطح کے مذاکرات ترکی میں شروع

انقرہ: (ویب ڈیسک) روس اور یوکرین کے وزراء خارجہ کے درمیان پہلی مرتبہ اعلیٰ سطح کے مذاکرات جمعرات کو ترکی میں شروع ہوگئے۔
اعلیٰ سطحی سہ فریقی اجلاس ترکی کے شہر انطالیہ میں ہو رہے ہیں۔
بدھ کو یوکرین کے وزیر خارجہ نے ویڈیو پیغام میں نیک نیتی سے بات چیت کی امید ظاہر کی اور کہا کہ امید کرتے ہیں یہ پروپیگنڈا نہیں ہوگا لیکن حقیقتاً ہم جنگ کے خاتمے کا حل چاہتے ہیں۔
گزشتہ روز، ترک صدر رجب طیب اردوان نے امید ظاہر کی کہ بات چیت کے ذریعے جنگ بندی پر اتفاق کرنے میں مدد ملے گی جبکہ جنگ ٹل بھی سکتی ہے جبکہ ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ مذاکرات کے دوران کسی پیش رفت کا امکان بہت کم ہے۔
اس سے قبل، یوکرین کے وزیر خارجہ نے فیس بک پر ایک ویڈیو جاری کی تھی جس میں کہا تھا کہ وہ مذاکرات کی تیاری کر رہے ہیں لیکن روس سے توقعات بہت کم ہیں۔
ترکی حالیہ تنازع کے باوجود روس اور یوکرین دونوں کے ساتھ اپنے مضبوط تعلقات کو برقرار رکھنا چاہتا ہے۔
یوکرین پر روس کے حملے کو دو ہفتے گزر چکے ہیں اور اس دوران بیلاروس کے مقام پر دونوں ممالک کے فریقین تین مرتبہ مذکرات کر چکے ہیں، جس میں شہریوں کے انخلاء پر ہی اتفاق ہوسکا تھا۔

روس نے پابندیاں لگائیں تو مغربی ممالک کو سخت دشواری اٹھانا پڑے گی: پیوٹن

ماسکو: (ویب ڈیسک) روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے کہا ہے کہ اگر ماسکو نے جوابی پابندیاں عائد کیں تو مغربی ممالک کو سخت دشواری اور تکالیف کا سامنا کرنا پڑے گا۔
رپورٹ کے مطابق ماسکو کا کہنا ہے کہ مغربی ممالک پر پابندیاں عائد کرنے کیلئے صورتحال کا بھرپور جائزہ لے رہے ہیں جو یورپ پوری شدت سے محسوس کرے گا۔
روس کی جانب سے پہلے ہی خبردار کیا جا چکا ہے کہ اگر یورپ نے روس کے خام تیل پر پابندی لگائی تو عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت 300 ڈالر فی بیرل تک پہنچ سکتی ہے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ تیل کی قیمت مزید بڑھنے سے دنیا بھر کی معیشت متاثر ہو گی اور پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک کیلئے یہ زبردست معاشی دھچکا ثابت ہو گا۔
واضح رہے کہ روس اس وقت دنیا بھر میں سب سے زیادہ پابندیوں کا شکار ملک ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق روس پر 22 فروری تک 2 ہزار 750 پابندیاں عائد تھیں، یوکرین پر حملے کے نتیجے میں روس پر مزید 2 ہزار 778 پابندیاں لگا دی گئیں، اس طرح روس 5 ہزار 532 پابندیوں کا سامنا کرنے والا دنیا کا پہلا ملک بن چکا ہے۔

نومولود بچی کو گولیاں مارنے والا سفاک باپ گرفتار

میانوالی: (ویب ڈیسک) پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے نومولود بچی کو فائرنگ سے قتل کرنے والا سفاک ملزم گرفتار کرلیا۔
میانوالی پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے اہم کارروائی کرتےہوئے نومولود بچی کو فائرنگ کرکے قتل کرنے والے بدبخت اور سفاک ملزم شاہزیب کو ڈسٹرکٹ بھکر سے گرفتار کرلیا، کارروائی گزشتہ رات کی گئی۔
ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ سفاک باپ نے 5 مارچ کو اپنی 7 دن کی کمسن بچی کو پسٹل کے 5 فائر مار کر بے دردی سے قتل کیا تھا، اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور آئی جی پنجاب راؤ سردار علی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزم کو جلد گرفتار کرنے کا حکم دیا تھا، جس کے بعد آئی جی پنجاب آرپی او سرگودھا اور ڈی پی او میانوالی سے ملزم کی گرفتاری کے حوالے سے روزانہ اپ ڈیٹ لیتے رہے۔
ڈی پی او میانوالی اسماعیل الرحمان نے بتایا کہ واقعے کا مقدمہ درج کرنے کے بعد سفاک ملزم کی فوری گرفتاری کیلئے 3 ٹیمیں تشکیل دی گئیں، اسپیشل ٹیموں نے مختلف مقامات پر چھاپے اور ملزم شاہزیب کو ڈسٹرکٹ بھکر سے گرفتار کر لیا، ملزم کو تفتیش کے مراحل جلد مکمل کرتے ہوئے عبرت ناک سزا دلوائی جائے گی، بچوں اور خواتین پر ظلم و زیادتی کے واقعات پر زیرو ٹالرینس پالیسی جاری کر رکھی ہے۔

عدالت نے میشا شفیع سمیت دیگر کی درخواستوں پر تفصیلی فیصلہ جاری کردیا

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے میشا شفیع سمیت دیگر کی درخواستوں پر 30 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کردیا۔
لاہور ہائیکورٹ نے میشا شفیع سمیت دیگر کے خلاف درج مقدمہ خارج کرنے کی درخواستیں جرمانے کے ساتھ مسترد کردیں۔ عدالت نے سائبر کرائم کے حوالے سے کارروائی کرنے والے پیکا کے سیکشن 20 کو آئینی قرار دے دیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ نے میشا شفیع سمیت دیگر کی درخواستوں پر 30 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کردیا۔
میشا شفیع سمیت دیگر نے ایف آئی اے کی جانب سے مقدمہ درج کرنے کے اقدام کو چیلنج کیا تھا۔ درخواست گزاروں کے خلاف گلوکار علی ظفر نے مقدمہ درج کروایا تھا۔ فیصلے میں کہا گیا کہ ہمارے ملک میں لوگ اپنے تنازعات کو حل کرنے کےلیے فوجداری اور دیوانی قانون کا سہارا لیتے ہیں۔ ہمیشہ یہ سوال رہتا ہے کہ کیا فوجداری اور سول کارروائی ساتھ ساتھ چل سکتی ہے۔
فیصلے میں کہا گیا سول معاملات میں شواہد پیش کرنا فوجداری کیسز سے بالکل مختلف ہے موجودہ کیس میں اگر ہتک عزت دعوے کا فیصلہ درخواست گزار کے خلاف آتا ہے تو اس کا اثر کریمنل ٹرائل پرنہیں پڑے گا اوراگر ہتک عزت کا دعوی مسترد بھی ہوتا ہے تو درخواست گزار ٹرائل سے بری نہیں ہوسکتا۔
عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ یہ بات تسلیم شدہ ہے کسی شخص کو کسی دوسرے کی عزت اچھالنے اور شہرت کو نقصان پہنچانے کا لائسنس نہیں دیا جاسکتا۔ عدالت نے وکلاء کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
میشا شفیع کی جانب سے ایڈوکیٹ ثاقب جیلانی جبکہ علی ظفر کی جانب سے ایڈوکیٹ عمر طارق نے دلائل مکمل کیے تھے۔ میشا شفیع اور دیگر کے وکلاء نے موقف اختیار کیا تھا کہ ایف آئی اے نے علی ظفر کی درخواست پر سائبر کرائم دفعات کے تحت مقدمہ درج کر رکھا ہے۔ ایف آئی اے نے حقائق کے برعکس مقدمہ درج کیا۔ ایف آئی اے نے ملزمان کا موقف لیے بغیر مقدمہ درج کیا۔ عدالت ایف آئی اے کی جانب سے درج مقدمہ خارج کرنے کا حکم دے۔
علی ظفر کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق مقدمہ درج ہوا۔ ایف آئی اے کی جانب سے طلب کیے جانے کے باوجود ملزمان پیش نہیں ہوئے۔ ملزمان نے سوشل میڈیا پر علی ظفر کے خلاف منفی مہم چلا کر بدنام کرنے کی کوشش کی، عدالت ملزمان کی دائر درخواستیں خارج کرے۔