All posts by Khabrain News

شہباز گل اپوزیشن پر برس پڑے

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ہے کہ ایک دوسرے کے پیٹ پھاڑنے والی اپوزیشن نے کندھے سے کندھا ملا لیا ہے،،شریف فیملی پر فرد جرم عائد ہونے جا رہی ہے۔
شہباز گل کا تحریک انصاف کے رہنما جمشید اقبال کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ عمران خان کا مقابلہ کرنے کے لیے ان سب کو ایک ہونا پڑا ہے ،،عمران خان کہتے آئے ہیں کہ زاردی،شریف اور فضل الرحمن سب چور ہیں۔جلد ان پر فرد جرم عائد ہونے جا رہی ہے جس کی وجہ سے یہ سب ایک ہو گئے ہیں ،یہ ہمارے اتحادیوں سے بھی ملاقات کر لے ان کو ریلیف نہیں ملے گا۔
جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ حکومت آٹا 55 روپے فراہم کر رہی تھی.لیکن مارکیٹ میں اس کو مہنگا فروخت کیا جا رہا تھا۔مرچیں اور دالیں بھی سستی ہوئی ہیں ۔ پوری دنیا میں حکومت اتحادیوں کے ساتھ بنتی ہے تو سب کا اپنا اپنا منشور ہوتا ہے،،ہماری اتحادیوں کے ساتھ جو بات طے پائی ہے وہ اس پر کھڑے ہے۔

سیاسی رابطوں میں تیزی، مولانا فضل الرحمان کی چودھری برادران سے ملاقات

لاہور: (ویب ڈیسک) اپوزیشن کی طرف سے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے اعلان کیے جانے کے بعد سیاسی رابطوں میں تیزی آ گئی ہے، مولانا فضل الرحمان نے چودھری برادران سے ملاقات کی ہے۔
پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے حکومتی اتحادیوں سے رابطے شروع ہو گئے ہیں، پی ڈی ایم کے سربراہ نے چودھری برادران کی رہائش گاہ کا دورہ کیا اور چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویز الہی سے ملاقات کی۔ مسلم لیگ ق کے ایم این اے چودھری سالک حسین اور جمیعیت علمائے اسلام کے سینئر رہنما بھی شریک ہوئے۔
اس دوران مولانا فضل الرحمن نے چودھری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی جبکہ چودھری برادران کیساتھ ملاقات کے دوران ملکی سیاسی معاملات پر بھی بات چیت کی گئی۔

امریکی وزیر خارجہ کا روسی ہم منصب سے رابطہ

واشنگٹن (ویب ڈیسک) امریکہ کے وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے اپنے روسی ہم منصب سرگئی لاروف کو یوکرائن پر حملے کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکی دے دی۔
ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ انہوں نے آج اپنے روسی ہم منصب سے رابطہ کیا ہے اور اس بات پر زور دیا ہے کہ روس کی جانب سے یوکرائن کی سرحد پر فوج جمع کرنے کے معاملے کا سفارتی حل نکالا جائے۔
اینٹونی بلنکن نے کہا کہ انہوں نے واضح کیا ہے کہ روس کی جانب سے مزید اشتعال انگیزی کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، اگر روس نے اشتعال انگیزی کی تو مغرب کی جانب سے مشترکہ طور پر انتہائی سخت جواب دیا جائے گا۔

تاریخ میں پہلی بار عرب ممالک میں کسی اسرائیلی فوجی افسر کی تعیناتی

منامہ: (ویب ڈیسک) بحرین نے اسرائیلی بحریہ کے اعلیٰ افسر کی تعیناتی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تعیناتی خطے میں جہازوں کی آزادانہ نقل و حرکت کو یقینی بنانے کے لیے کی گئی ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق عرب ممالک کی تاریخ میں پہلی بار اسرائیلی افسر کو تعینات کیا گیا ہے۔ یہ تعیناتی بحرین میں کی گئی ہے۔
بحرین کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی افسر کی تعیناتی خطے میں محفوظ اور آزادنہ جہاز رانی کے لیے 34 سے زائد ممالک کے اتحاد کے ایجنڈے کے تحت کی گئی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس ایجنڈے کا مقصد خلیجی ممالک کے سمندری حدود اور عالمی تجارتی جہازوں کی حفاظت سمیت اُن پر قذاقوں اور دہشت گردوں کے حملے سے بچانا ہے۔
بحرین نے اسرائیلی افسر کی تعیناتی کے حوالے سے کچھ نہیں بتایا تاہم خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ چند روز قبل اسرائیلی وزیر دفاع کی آمد پر طے پانے والوں میں معاہدوں میں یہ تعیناتی بھی شامل تھی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز ایک اسرائیلی افسر کو بحرین میں پانچویں امریکی بحری بیڑے کے رابطہ افسر کے طور پر کام کرنے کے لیے مقرر کیا گیا ہے۔

مسلم لیگ ن نے پی ٹی آئی کی بڑی وکٹ گرا دی

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن نے حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی بڑی وکٹ گرا دی۔
پاکستان تحریک انصاف کے سابق سیکرٹریٹ اطلاعات احمد جواد نے پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمد شہباز شریف سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران احمد جواد نے پاکستان مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کیا۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ عمران نیازی نے ان جیسے ہزاروں افراد سے دھوکا کیا جو خلوص نیت کے ساتھ نیا پاکستان کے نعرے کے فریب میں آئے۔

پاکستان کے آبپاشی نظام کی ماحولیاتی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جانا چاہئے: مونس الٰہی

لاہور: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر برائے آبی سائل مونس الٰہی سے اقوام متحدہ کے ذیلی اداروں اور وزارت موسمیاتی تبدیلی کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد میں پاکستان میں یو این آر سی کے نمائندہ جولین ہارنیس ، پاکستان میں اقوام متحدہ کی ایف اے او کی نمائندہ فلورنس رولےاور ریزیڈنٹ کوآرڈی نیٹر آفس کے سربراہ شاہ ناصر خان سمیت جودت ایاز ایڈیشنل سیکرٹری وزارت موسمیاتی تبدیلی بھی ملاقات میں شریک تھے۔
نمائندہ یو این آر سی جولین ہارنیس نے مونس الٰہی کو اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی تعاون کے فریم ورک برائے 27- 2023 بارے آگاہ کیا۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے آبی وسائل نے کہا کہ پاکستان میں ماحولیات کی بحالی اور موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات کو کم کرنے کے حوالے سے اقوام متحدہ کی کوششیں قابل تعریف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان بڑی آبادی والا ملک ہے، یہاں دنیا کا سب سے بڑا مربوط آبپاشی کا نظام موجود ہے، دریاؤں سے حاصل ہونے والے پانی کا ایک بڑا حصہ آبپاشی کیلئے استعمال ہوتا ہے، اس نظام کی ماحولیاتی سالمیت اور خصوصاً ماحولیات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جانا چاہئے۔
مونس الٰہی نے اس سلسلے میں وزارت آبی وسائل اور اس سے منسلک محکموں کی جانب سے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزارت آبی وسائل اوراس کا محکمہ ”لیونگ ریور انیشی ایٹوعملدرآمد پر تجاویز کیلئے مکمل تعاون فراہم کریں گے۔

بچوں کی نازیبا وڈیو بنا کر بلیک میل کرنے والا ملزم گرفتار

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) پولیس نے ایک کاررروائی میں بچوں کی نازیبا وڈیو بنا کر بلیک میل کرنے والا ملزم گرفتار کرلیا۔
ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل نے راولپنڈی کے علاقے ٹینچ بھاٹہ اقبال کالونی میں کارروائی کرکے بچوں کی نازیبا وڈیو بنا کر بلیک میل کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا، ملزم کی شناخت زین علی کے نام سے ہوئی ہے۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزم زین علی کم سن بچوں کی نازیبا وڈیوز بنا کر بچوں کو بلیک میل کرکے ہراساں کرتا تھا، ملزم کے خلاف تھانہ سائبر کرائم میں الیکٹرونکس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج ہے، گرفتار ملزم کے قبضے سے برآمد ہونے والے موبائل فون کو فرانزک کے لیے لیبارٹری بھیج دیا گیا ہے۔

ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 1150 روپے اضافہ

کراچی: (ویب ڈیسک) ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت 1150 روپے بڑھی ہے۔
سندھ صرافہ بازار جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق 1150 روپے اضافے کے بعد ملک میں فی تولہ سونے کا بھاؤ ایک لاکھ 26 ہزار 450 روپے ہوگیا۔
10 گرام سونے کا بھاؤ 985 روپے اضافے سے ایک لاکھ 8 ہزار 410 روپے ہے۔
صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی بازار میں سونے کا بھاؤ 34 ڈالر اضافے سے 1860 ڈالر فی اونس ہے۔

پی ایس ایل 7: کورونا ایس او پیز کے باعث بیٹی سے دوری پر شاہد آفریدی افسردہ

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن میں کورونا ایس او پیز باپ بیٹی کی لازوال محبت کے درمیان حائل ہوگئیں، سٹار آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے افسردگی کے عالم میں بیان جاری کردیا۔
واضح رہے کہ شاہد آفریدی پی ایس ایل کے آغاز پر ہی کرونا وائرس کا شکار ہوئے تھے جس کے باعث وہ ابتدائی دو میچوں میں شریک نہ ہوسکے تھے۔
دوسری طرف شاہد آفریدی اور ان کی بیٹی لاہور میں ایک ہی ہوٹل میں موجود ہونے کے باوجود ملاقات نہیں کرسکتے کیونکہ کورونا ایس او پیز کے تحت کھلاڑی کو بائیو سیکیور ببل سے باہر جانے کی اجازت نہیں ہے۔
کورونا پابندیاں باپ بیٹی کی ملاقات میں حائل تو ہوئیں مگر لازوال رشتے کی محبت کمرے کے آنکھ نے قید کرلی، جسے خود شاہد آفریدی نے اپنے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل سے وائرل کردیا ہے۔
شاہد آفریدی نے لکھا کہ میں اپنی چھوٹی بیٹی کو بہت یاد کر رہا ہوں، ہم ایک ہی ہوٹل میں ہیں لیکن بائیو ببل پروٹوکولز کی وجہ سے مل نہیں سکتا۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شاہد آفریدی کی چھوٹی بیٹی نے کھڑکی سے اپنے والد کو تجسس بھری نگاہوں سے دیکھا اور ‘بابابابا’ کی آوازیں لگائیں، جبکہ شاہد آفریدی نے بیٹی کو دیکھ کر ہاتھ ہلایا اور پیغام میں لکھا کہ میری چھوٹی شہزادی جلد ہی ہماری ملاقات ہوگی۔

پی ٹی آئی کے دیرینہ کارکن کا انتقال، وزیراعظم عمران خان کا اظہار افسوس

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے دیرینہ کارکن کے انتقال پر وزیراعظم عمران خان نے افسوس کا اظہار کیا ہے
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں وزیراعظم نے لکھا کہ عارف راز کے انتقال کی خبر سن کر دکھ ہوا۔ وہ سب سے زیادہ پرجوش نظریاتی کارکنوں میں سے ایک تھا جو 25 سال پہلے ہمارے ساتھ شامل ہوا تھا۔
انہوں نے مزید لکھا کہ عارف راز ہماری تمام بلندیوں اور پستیوں میں ہمارے ساتھ کھڑا تھا۔ میری دعائیں ، تعزیت ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔