مونٹانا: (ویب ڈیسک)
ایک دلچسپ تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ آج سے کروڑوں سال پہلے کے دیوقامت ڈائنوسار بھی برڈ فلو جیسی بیماریوں میں مبتلا ہو کر چھینکتے اور کھانستے تھے؛ اور شاید انہیں بخار بھی ہوجاتا تھا۔
یہ انکشاف امریکی ریاست مونٹانا میں ’میوزیم آف راکیز‘ کے ماہرین نے تقریباً 15 کروڑ سال قدیم ایک ڈائنوسار کے رکازات (فوسلز) پر کئی سالہ تحقیق کے بعد کیا ہے۔
’ڈولی‘ یا ’ایم او آر 7029‘ کہلانے والے یہ رکازات 1990 کی دہائی میں مونٹانا کے ایک علاقے ’مالٹا‘ سے دریافت ہوئے تھے۔
یہ رکازات لمبی گردن، بھاری جسم اور چار پیروں پر چلنے والے ’ساروپوڈ‘ ڈائنوسار کے تھے جو تقریباً 15 کروڑ سال قبل وہاں رہا کرتا تھا۔
یہ رکازات پوری احتیاط سے سنبھال کر میوزیم کے تہہ خانے میں رکھ لیے گئے اور ان پر باقاعدہ تحقیق کئی سال بعد، لگ بھگ 2005 میں شروع کی گئی۔
یہ تحقیق وقفے وقفے سے 2021 تک جاری رہی۔ اس دوران ’ڈولی ڈائنوسار‘ کی دیگر باقیات بھی دریافت ہوئیں جبکہ اس کے مختلف حصوں کا محتاط مطالعہ بھی کیا جاتا رہا۔
سی ٹی اسکین اور دوسری جدید تکنیکوں سے جائزہ لینے پر معلوم ہوا کہ دیگر ساروپوڈ ڈائنوساروں کے مقابلے میں اس کی گردن اور گلے والا حصہ بہت مختلف تھا۔
’ڈولی‘ میں سانس کی نالی سے منسلک، ریڑھ کی ہڈی کے مہرے اپنی اصل جگہ سے کچھ کھسکے ہوئے تھے جبکہ فوسل میں اس کی پسلیوں کی بناوٹ بھی کچھ عجیب محسوس ہورہی تھی۔
واضح رہے کہ ڈائنوسار کا نظامِ تنفس (ریسپائریٹری سسٹم) یعنی سانس لینے کا نظام، موجودہ زمانے کے پرندوں جیسا ہوا کرتا تھا۔
یہی مماثلت استعمال کرتے ہوئے جب ’ڈولی‘ کی ٹانگوں اور دوسرے جسمانی حصوں کا جائزہ لیا گیا تو پتا چلا کہ اس کے گلے اور پسلیوں کی کیفیت ویسی ہی تھی جیسی ’برڈ فلو‘ میں مبتلا جدید پرندوں کی ہوتی ہے۔
بظاہر ایسا لگتا ہے کہ زکام کی وجہ سے ’ڈولی‘ کو چھینکوں اور کھانسی کا اتنا شدید دورہ پڑا کہ جس سے اس کی گردن کے مہرے اور پسلیوں والا حصہ تک اپنی جگہ سے ہل کر رہ گئی۔
ریسرچ جرنل ’’سائنٹفک رپورٹس‘‘ کے تازہ شمارے میں اس حوالے سے امریکی اور کینیڈین سائنسدانوں نے بتایا ہے کہ مرتے وقت اس ڈائنوسار کی عمر 15 سے 20 سال کے درمیان رہی ہوگی۔
البتہ، اس کے رکازات میں ایسی کوئی علامت نہیں جو اس پر کسی دوسرے جانور کے حملے یا کوئی بھاری چٹان وغیرہ گرنے کی طرف اشارہ کرتی ہو۔
اس رکاز کے تمام شواہد ’’اسی طرف اشارہ کرتے ہیں کہ یہ پرامن حالت میں، شدید بیماری کی وجہ سے جان کی بازی ہار گیا،‘‘ ڈاکٹر کیری ووڈرف نے کہا، جو اس ریسرچ پیپر کے مرکزی مصنف اور میوزیوم آف دی راکیز کے سینئر سائنسدان ہیں۔
’’ہم خاصے اعتماد سے یہ کہہ سکتے ہیں کہ ڈائنوسار کے زمانے میں بھی سانس کی بیماریوں کا وجود تھا؛ لیکن اس بارے میں ہم کچھ نہیں کہہ سکتے کہ وہ بیماریاں جرثوموں اور پھپھوندیوں سے ہوتی تھیں یا ان کی وجہ بھی موجودہ برڈ فلو وائرس جیسے وائرس ہی تھے،‘‘ ڈاکٹر ووڈروف نے اپنی بات مکمل کرتے ہوئے واضح کیا۔
All posts by Khabrain News
آئندہ اجلاس میں فیٹف گرے لسٹ سے نکل جائیں گے،شوکت ترین
اسلام آباد: (ویب ڈیسک)
وِزیر خزانہ شوکت ترین نے امید ظاہر کی ہے کہ ایف اے ٹی ایف کے آئندہ جائزہ اجلاس میں پاکستان گرے لسٹ سے نکل جائے گا۔
سینٹ میں ایف اے ٹی ایف میں پاکستان کی موجودہ صورتحال بارے ایوان کو آگاہ کرتے ہوئے وزیر خزانہ شوکت ترین نے بتایا کہ گرے لسٹ سے نکلنے کیلئے 28 میں سے 27 شرائط پوری کردی ہیں، ہمارے خلاف جن ملکوں نے پوزیشن لی ہوئی ہے وہ ہمارے دوست نہیں ہیں،تاہم یہ کوئی بٹن نہیں جسے فوراً آن یا آف کرلیا جائے۔
سینیٹر پیر صابر شاہ نے کہاکہ یہ اچھا بٹن ہے جوساڑھے تین سال سے آن ہی نہیں ہورہا۔
(ن) لیگ کے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ اب تک حکومتی وزیر اور ترجمان اپنی ناقص کارکردگی کا ملبہ نوازشریف حکومت پر ڈالتے رہے لیکن آج خود حکومت نے تسلیم کرلیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے دور میں پاکستان کو فیٹف کی گرے سے وائٹ لسٹ میں لے آئی جو حکومت ختم ہونے تک وائٹ میں رہا۔
سگریٹ سیکٹر؛ 18کروڑ 39 لاکھ روپے کی ٹیکس چوری پکڑی گئی
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ایف بی آڑ نے سگریٹ سیکٹر کی 18کروڑ 39 لاکھ روپے کی ٹیکس چوری پکڑ لی۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیوز(FBR) کے ماتحت ادارے ان لینڈ ریونیو انفورسمنٹ نیٹ IREN اسکواڈز نے رواں مالی سال کے 7ماہ میں 22 کروڑ 54 لاکھ روپے مالیت کے 9 کروڑ 35 لاکھ غیر قانونی سگریٹ ضبط کئے جس میں 18 کروڑ 39 لاکھ مالیت کے ڈیوٹی اور ٹیکسز شامل ہیں۔
IREN نے صرف ماہ جنوری کے دوران 2 کروڑ 97 لاکھ روپے مالیت کی 1کروڑ 31 لاکھ نان ڈیوٹی وغیر ٹیکس اداشدہ سگریٹ ضبط کیے جس کے نتیجے میں 2 کروڑ 78 لاکھ کی ٹیکس چوری پکڑی گئی ہے۔
پی ایس او، مالی سال 22ء کی پہلی ششماہی میں 32.2بلین روپے منافع کا اعلان
کراچی: (ویب ڈیسک)
پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) نے ششماہی میں حاصل ہونے والے سب سے زیادہ منافع کا حصول کے ساتھ اعلیٰ ترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔
ملک کی سب سے بڑی انرجی کمپنی، پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) نے ترقی کے عمل کو جار ی رکھتے ہوئے1.12 ٹریلین روپے کی مجموعی ریونیواور 32.2 بلین روپے کے بعد ازٹیکس منافع (جو کہ سال 2021 کی پہلی ششماہی میں 9.5 بلین روپے تھا)کے ساتھ کسی بھی ششماہی میں حاصل ہونے والے سب سے زیادہ منافع کا حصول کے ساتھ اعلیٰ ترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔
حاصل ہونے والا خالص منافع فی حصص 68.56روپے آمدنی کی صورت میں ظاہر ہوا جو گزشتہ مالی سال کی پہلی ششماہی میں 20.28روپے فی حصص تھا۔
بورڈ آف منجمنٹ نے11 فروری،2022 کو اسلام آباد میں منعقد ہونے والے ایک اجلاس میں مالی سال 2021-22 کے حوالے سے اپنے ذیلی ادارے پاکستان ریفائنری لمیٹڈ (پی آر ایل) کے ساتھ کمپنی کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔اجتماعی طور پر گروپ نے بعد از ٹیکس 32 بلین روپے خالص منافع کا اعلان کیا (جو کہ سال 2021 کی پہلی ششماہی میں 9.3 بلین روپے تھا)۔
کمپنی کے بورڈ آف منجمنٹ کے چیئرمین، جناب ظفر آئی عثمانی نے کہا کہ،”یہ وہ یادگار موقع ہے کہ جب ہم نے مالی سال 2021-22 کی پہلی ششماہی میں مستحکم کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے،ایک بار پھر سے تاریخ رقم کی ہے۔
شہبازشریف دور کے صاف پانی پراجیکٹ کو احتساب عدالت کی مکمل کلین چٹ
لاہور: (ویب ڈیسک) احتساب عدالت نے صاف پانی کمپنی ریفرنس میں لیگی رہنما راجہ قمر الاسلام سمیت 16 ملزمان کی بریت کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ پراسیکیوشن صاف پانی پراجیکٹ میں کوئی خلاف ورزی یا لاقانونیت ثابت نہیں کرسکی۔
احتساب عدالت کے جج محمد ساجد اعوان نے 23 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا۔ فیصلے میں کہا گیا کہ سروے سے لے کر پراجیکٹ مکمل ہونے تک تمام قوانین پرعمل درآمد کیا گیا، پراجیکٹ میں تبدیلیاں بھی متعلقہ کمیٹیوں کی سفارشات اور منظوری سے کی گئیں، کمیٹیوں نے یقینی بنایا کہ پراجیکٹ میں تبدیلیوں سے منصوبے کی اصل لاگت میں اضافہ نہ ہو۔
فیصلے میں مزید کہا گیا کہ نیب نے صاف پانی کمپنی کا ضمنی ریفرنس بھی دائر کیا، شہباز شریف کے داماد اور بیٹی کے ملکیتی علی ٹریڈ سنٹر کا تیسرا فلور اوپن بڈنگ کے ذریعے کمپنی کو دیا گیا۔ پراسیکیوشن کا الزام ہے کہ فلور کا قبضہ نہیں لیا گیا اور ایڈوانس کرایہ دیا گیا، کمپنی نے نا صرف باقاعدہ قبضہ لیا بلکہ نئی انتظامیہ نے کچھ تبدیلوں کے ساتھ معاہدہ برقرار رکھا، یہ بات بالکل واضح ہے کہ کوئی لاقانونیت، رولز کی خلاف ورزی یا مالی فوائد سامنے نہیں آئے۔ سابق سی ای او وسیم اجمل نے اختیارات کا نا جائز استعمال نہیں کیا، علی عمران کی کمپنی اور صاف پانی کمپنی میں معاملہ معاہدے کے قواعد و ضوابط پورے نہ کرنے کا تھا، دونوں کے درمیان کیس نیب قوانین کے زمرے میں نہیں آتا۔
فیصلے میں قرار دیا گیا کہ نیب ترمیمی آرڈیننس کی دفعہ چار کے تحت زیر التواء کیسز اس کے دائرے اختیار میں آتے ہیں۔ عدالت نے ملزموں کی بریت کی درخواستیں منظور کرلیں جبکہ شہباز شریف کی بیٹی اور داماد سمیت دیگر دو ملزموں کو اشتہاری برقرار رکھا۔
گورنر اسٹیٹ بینک کی مراعات سمیت ماہانہ تنخواہ 25 لاکھ روپے ہے، خزانہ ڈویژن
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزارت خزانہ نے سینیٹ کو بتایا کہ گور نر سٹیٹ بینک کو تین سالہ کنٹریکٹ پر 25 لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ اور دیگر مراعات کے ساتھ ملازمت دی گئی ، تنخواہ میں سالانہ دس فیصد اضافہ ہوگا، تین سالہ مدت ختم ہونے کے بعد چھ ماہ کی اضافی تنخواہ بھی دی جائیگی جبکہ گور نر سٹیٹ بینک کو سرکاری رہائش گاہ ، بچوں کی تعلیم کے اخراجات ، سر کاری گاڑ یوں کے علاوہ دیگر بھاری مراعات دی گئی ہیں۔
عرفان صدیقی کے سوال پر حکومتی جواب میں بتایا گیا کہ گورنر سٹیٹ بینک اٹھارہ سال آئی ایم ایف کے ملازم رہے، گورنر کی ماہانہ تنخواہ پچیس لاکھ روپے ہے، ہر سال دس فیصد کے حساب سے ڈھائی لاکھ روپے کا اضافہ ہوگا۔ بتایا گیا کہ فرنیچر سے مکمل طور پر آراستہ گھر اور متعلقہ الاؤنس جو بورڈ منظور کرے، دو گاڑیاں، دو ڈرائیور، ہر گاڑی کے لئے 600 لٹر پٹرول، بجلی، گیس پانی کے مکمل بلوں کی ادائیگی بینک کریگا۔
بتایا گیا کہ جنریٹر چلانا پڑے تو اس کے ایندھن کی ادائیگی بھی بینک کریگا، زیر تعلیم بچوں کی 75 فیصد فیس بینک دے گا، چار ذاتی ملازمین کو دی جانے والی تنخواہ بھی بینک دیگا، تمام میڈیکل اخراجات بینک دے گا، تین سالہ ملازمت کے خاتمے پر چھے ماہ کی تنخواہ اضافی ملے گی۔ حکومت کی جانب سے بتایا گیا کہ ہر سال کے خاتمے پر گریجویٹی کی مد میں ایک ماہ کی تنخواہ اضافی ملے گی، کلب کی مفت ممبرشپ کے علاوہ پراویڈنٹ فنڈ، سفری الاؤنس بھی ملے گا، ریٹائرمنٹ کے بعد بھی ایسی تمام مراعات ملیں گی جو سٹیٹ بینک بورڈ منظور کرے گا۔ گورنر کا تقرر تین سال کے لئے ہے اور کوئی فرد 65 سال سے زائد عمر کا گورنر نہیں رہ سکتا۔
شاہین کا غصہ اور رضوان کا پیار،ویڈیو وائرل
لاہور : (ویب ڈیسک) پی ایس ایل میں ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کے میچ میں دونوں ٹیموں کے کپتانوں کے درمیان دلچسپ لمحے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔
ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان بیٹنگ کرتے ہوئے لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کا سامنا کر رہے تھے۔
شاہین شاہ آفریدی نے محمد رضوان کو بال کروا کر انہیں رن آوٹ کرنے کی کوشش کے بعد غصے سے دیکھا۔
محمد رضوان نے شاہین شاہ آفریدی کے غصے کے جواب میں انہیں گلے لگنے کا اشارہ کیا۔ ہنستے ہوئے غصے کا جواب پیار سے دیا۔
محمد رضوان کےاس انداز نے شاہین شاہ کو بھی مسکرانے پر مجبور کر دیا۔
میچ کے اس دلچسپ لمحے کا ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوا۔ شائقین نے محمد رضوان کے انداز کو خوب سراہا۔
کراچی: خواتین کو لوٹنے کی درجنوں وارداتوں میں ملوث گینگ کے دو کارندے گرفتار
کراچی: (ویب ڈیسک) پولیس نے خواتین سے لوٹ مار کرنے کی درجنوں وارداتوں میں ملوث گینگ کے دو کارندوں کو گرفتار کر لیا۔
پولیس نے ملزم امجد اور اس کے ساتھی شہزاد کو گزشتہ شب گلستان جوہر سے اس وقت گرفتار کیا جب وہ گھر کی دہلیز پر خواتین سے لوٹ مار کر رہے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دوران تفتیش گرفتار ملزم امجد نے اہم انکشافات کیے ہیں۔
پولیس کے مطابق ملزم امجد خواتین سے لوٹ مار کرنے والے گروہ کا کارندہ ہے، اس کا بتانا ہے کہ ان کا 6 رکنی گروہ ہے جو شہر بھر میں وارداتیں کرتا ہے۔ گرفتار ملزم امجد نے پولیس کو بتایا کہ ہمارا گروہ صرف خواتین سے ہی لوٹ مار کرتا ہے۔
پولیس حکام کا دعویٰ ہے کہ ملزمان 40 سے زائد وارداتوں میں ملوث ہیں، ملزمان سے چھینے ہوئے موبائل فون، اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی ہے۔
عامر کو چوتھی شادی کی اجازت ہے: اہلیہ دانیہ شاہ
اسلام آباد: (ویب ڈیسک)
حال ہی میں تیسری مرتبہ رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے والے پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت کی تیسری اہلیہ سیدہ دانیہ شاہ نے انہیں چوتھی شادی کی بھی اجازت دے دی۔
نوبیاہتا جوڑے نے نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں شرکت کی جہاں ان سے دلچسپ سوالات پوچھے گئے۔
دورانِ انٹرویو عامر لیاقت نے اپنی تیسری اہلیہ کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ‘اس لڑکی نے شادی کے بعد یہ تک کہہ دیا کہ مجھے بس آپ مل گئے اب آپ جس سے چاہیں شادی کرلیں مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا‘۔
عامر لیاقت کی بات کو جاری رکھتے ہوئے ان کی اہلیہ دانیہ نے کہا کہ ‘میں نے انہیں یہ بھی اجازت دے دی کہ اگر مزید شادی کرنی ہے تو کرلیں‘۔میزبان کے سوال پر دانیہ کا کہنا تھا کہ ’میں نے انہیں چوتھی شادی کی اجازت دی ہے کیونکہ یہ میرا حق نہیں ہے کہ میں انہیں روکوں، ان کی اپنی مرضی ہے یہ کریں یا نہ کریں‘۔
دانیہ شاہ کا کہنا تھا کہ ’اگر میں انہیں محبت دوں گی تو یہ میری طرف ہی رہیں گے، بصورتِ دیگر یہ اور شادی کرلیں گے جس پر مجھے اعتراض نہیں ہے‘۔
واضح رہے کہ عامر لیاقت حسین نے لودھراں سے تعلق رکھنے والی 18 سالہ سیدہ دانیہ سے نکاح کیا ہے۔
پاکستان سول ایوی ایشن نے 42 لاکھ کا سونا برآمد کرکے مالک کے حوالے کردیا
اسلام آباد: (ویب ڈیسک)
سول ایوی ایشن اتھارٹی نے مانچسٹر سے اسلام آباد کی پرواز سے لاپتہ بیگ برآمد کر کے اصل مالک کے حوالے کر دیا جس میں 42 لاکھ روپے مالیت کا سونا بھی موجود تھا۔
ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق مسافر نائب خان 28 جنوری کو مانچسٹر سے اتحاد ائیرویز کی پرواز سے اسلام آباد پہنچے تھے، جہاز سے اترنے کے دوران طیارے کے کیبن سے ان کے دستی سامان میں شامل ایک بیگ لاپتہ ہو گیا تھا۔
ترجمان کا بتانا ہے کہ مسافر کی جانب سے سول ایوی ایشن اتھارٹی کے شکایتی سیل کو آگاہ کیا گیا جس پر اسلام آباد ائیرپورٹ کی ٹیم نے آئی پی ایم مسٹر عدنان کی قیادت میں کام شروع کیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے عملے نے ائیرپورٹ کی مختلف سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے اسی پرواز کے ایک اور مسافر رب نواز کی نشاندہی کی جنہیں لاپتہ بیگ لے جاتے ہوئے دیکھا گیا، عملے نے اس مسافر کا ڈیٹا حاصل کیا اور مسافر کے فراہم کردہ نمبر کا سراغ لگایا اور رابطہ کرکے انہیں ائیرپورٹ بلوایا۔
ترجمان کے مطابق حالات و واقعات سے ظاہر ہوا کہ مسافر رب نواز دوسرے مسافر نائب خان کا دستی بیگ غلطی سے لے کر گئے تھے، کمپلینٹ سیل اور متاثرہ مسافر نے اسے متفقہ طور پر مسافر رب نواز کی غیر مجرمانہ حرکت قرار دیا۔
اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر اترنے کے 13 دن بعد قیمتی بیگ اصل مالک نائب خان کے حوالے کر دیا گیا۔
نائب خان نے آئی آئی اے پی کے عہدیداروں کی محنت اور لگن کی بے حد تعریف کی اور دوسرے مسافر کے خلاف کوئی الزام نہ لگانے کا انتخاب کیا اور بیگ لاپتہ ہونے کے عمل کو ایک معصوم غلطی قرار دیا۔