All posts by Muhammad Saqib

آسٹریلیا کے اسکول میں حادثہ، 4 بچے ہلاک

کینبرا: آسٹریلیا کی ریاست تسمانیہ کے اسکول میں  باؤنسی کاسل ہوا میں معلق ہونے سے 4 بچے ہلاک اور5شدید زخمی ہوگئے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق آسٹریلوی ریاست  تسمانیہ کے ایک پرائمری اسکول میں باؤنسی کاسل تیز ہواؤں کے باعث زمین سے 10 میٹراوپراٹھ گیا جس کے نتیجے میں4 بچے ہلاک اور5 شدید زخمی ہوگئے۔

باؤنسی کاسل اسکول میں سال کے اختتام  پرہونے والی تقریبات کے سلسلے میں لایا گیا تھا۔آسٹریلیوی وزیراعظم اسکاٹ موریسن نے حادثے پر دکھ اورمتاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہارکیا ہے۔

اپوزیشن کے سازشی عناصر کی پہلے کوئی سازش کامیاب ہوئی اور نہ اب ہو گی: عثمان بزدار

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہےکہ اپوزیشن کے سازشی عناصر ترقی کا سفر روکنے کے درپے ہیں، سازشی عناصر کی پہلے کوئی سازش کامیاب ہوئی اور نہ اب ہو گی-

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اپنے بیان میں کہا کہ تنقید برائے تنقید کرنے والے عناصر عوام کے مسائل کا حل نہیں چاہتے- سازشی عناصر کو جواب عوامی خدمت سے دیا ہے اور دیتے رہیں گے- صوبے کے عوام کی خدمت کے ایجنڈے میں کسی کو رخنہ نہیں ڈالنے دیں گے۔ وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق عوامی خدمت کا سفر مزید تیز کریں گے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ پاکستان کے عوام ترقی وخوشحالی چاہتے ہیں۔ انتشار کی سیاست نہ پہلے کامیاب ہوئی نہ آئندہ ہوگی۔ آر پار کے دعویداروں کی منفی سیاست آر پار ہوچکی ہے۔ پاکستان میں افراتفری پھیلانے کی کوشش کرنے والے عناصر بے نقاب ہو چکے ہیں۔ یہاں صرف خدمت کی سیاست ہی چلے گی۔

لوئس ہمیلٹن کو شاہی اعزاز ‘ نائٹ ہڈ‘ سے نواز دیا گیا

فارمولا ون کے چیمپئن ڈرائیور لوئس ہمیلٹن کو شاہی اعزاز ’’ نائٹ ہڈ‘‘ سے نواز دیا گیا ہے۔
برطانیہ کے شاہی محل میں ایوارڈ کی شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا،36سالہ فارمولا ون کے چیمپئن ڈرائیور لوئس ہمیلٹن کو شہزادہ چارلس نے ’’نائٹ ہُڈ‘‘ کے اعزاز سے نوازا۔
یاد رہے کہ رواں سال ابوظہبی میں ریس ہارنے والے چیمپئن ڈرائیور نے اس تقریب کے 3روز قبل 8ویں ایف ون کار ریس میں شرکت سے انکار کر دیا تھا،جس کے باعث ایک تنازع ریکارڈ ہولڈر ڈرائیور سے جوڑ دیا گیا تھا۔

سانحہ آرمی پبلک سکول کے شہداءکی آج ساتویں برسی،دشمن پاکستانی قوم کے حوصلوں کو کبھی پست نہیں کرسکتا، وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے سانحہ آرمی پبلک کے 7  سال مکمل ہونے پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ وقت نے ثابت کیا کہ دہشت گردی کا کوئی مذہب یا قوم نہیں ہوتی۔

سانحہ آرمی پبلک اسکول پر اپنے پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آج کا دن پوری پاکستانی قوم کو کرب ناک سانحے کی یاد دلاتا ہے، بزدل شرپسند عناصر نے قوم کے مستقبل، نہتے کمسن بچوں پر حملہ کرکے انہیں شہید کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ آج کا دن آرمی پبلک اسکول کے بہادر اساتذہ کی یاد دلاتا ہے، وہ اساتذہ اپنے طالبعلموں کی حفاظت کیلئے دشمن کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن گئے اور ان بہادر اساتذہ نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

عمران خان نے کہا کہ وقت نے ثابت کیا کہ دہشت گردی کا کوئی مذہب یا قوم نہیں ہوتی، دہشت گردی کے پیچھے بزدلانہ سوچ ہوتی ہے، بزدلانہ سوچ ناپاک سیاسی عزائم پورے کرنے کیلئے نہتے کمسن پچوں کو بھی استعمال کر سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آرمی پبلک اسکول کے شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں گئیں، اس سانحے کے بعد پاکستانی قوم کے حوصلے پست ہونے کی بجائے دہشت گردی کیخلاف مزید بلند ہوئے، پوری قوم متحد ہوئی اورہم نے نیشنل ایکشن پلان سے دشمنوں کو ڈھونڈ ڈھونڈ کرنشانہ بنایا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم کویقین دلاتا ہوں کہ دشمن پاکستانی قوم کے حوصلوں کو کبھی پست نہیں کر سکتا، آج کے دن عہد کرے کہ پوری قوم متحد رہے گی اور فرقہ ورانہ، مذہبی اور نسلی تعصب پھیلانے والوں کے خلاف کھڑے ہوں گے۔

ویرات کوہلی نے اپنے ہی کرکٹ بورڈ کا شرمناک چہرہ بے نقاب کردیا

کپتان کی تبدیلی پر بھارتی کرکٹ ٹیم میں پھوٹ کی بو آنے لگی جبکہ ویرات کوہلی نے اپنے ہی کرکٹ بورڈ کا شرمناک چہرہ بے نقاب کردیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کےمطابق ویرات کوہلی نے کہا کہ میں دورہ جنوبی افریقہ کی ٹیم سلیکشن کے لئے دستیاب تھا اور ہوں۔ میٹنگ سے ڈیڑھ گھنٹے قبل سلیکٹرز نے مجھ سے رابطہ کیا، ہم نے ٹیسٹ سلیکشن پر بات کی، پھر چیف سلیکٹرز نے مجھے بتایا کہ میں ون ڈے کپتان نہیں بنوں گا اور میں اس کے ساتھ ٹھیک ہوں۔
دوسری جانب ٹی 20 ورلڈکپ میں ناقص کارکردگی کےآفٹر شاکس بھارتی ٹیم پر جاری ہیں ، ویرات کوہلی سے ٹی 20 اور ون ڈے کپتانی چھینے جانے کے بعد اب جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے سیریز میں ان کی نمائندگی بھی بڑا سوال بن گئی۔
سابق کپتان پروٹیز کے دیس اِن ایکشن ہونے کے خواہشمند ہیں لیکن نئے قائد روہت شرما اور سینئر کھلاڑیوں سمیت بورڈ حکام انہیں آؤٹ کرنے کی پلاننگ کر رہے ہیں ۔میڈیا میں اس سارے کھیل پر انگلیاں اٹھنے لگی ہیں ۔
واضح رہے کہ بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹیسٹ سیریز 26 دسمبر سے سنچورین میں شروع ہو گی ۔

ویسٹ انڈیز سکواڈ کے مزید 5 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق

ویسٹ انڈیز سکواڈ کے مزید 5 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد قرنطینہ کر دیا گیا۔
ویسٹ انڈیز بورڈ کے مطابق 3 کھلاڑیوں شائی ہوپ، سپنر اکیل ہوسین اور آل راؤنڈر جسٹن گریوز کے علاوہ 2 آفیشلز اسسٹنٹ کوچ روڈی ایسٹ اور ٹیم فزیشن ڈاکٹر اکشائی کورونا سے متاثر ہوئے۔ ٹی ٹونٹی سیریز سے قبل بھی ویسٹ انڈیز کے تین کھلاڑیوں اور ایک سپورٹ سٹاف کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔ بورڈ کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ مہمان ٹیم پاکستان کا دورہ جاری رکھے گی، کورونا سے متاثرہ افراد کو قرنطینہ کر دیا گیا ہے۔
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سیریز کا تیسرا اور آخری ٹی 20 میچ آج کھیلا جائے گا، نیشنل سٹیڈیم کراچی میں دونوں ٹیمیں شام چھ بجے ٹکرائیں گی۔

بھارت میں ایک شخص ویکسین سے بچنے کیلئے درخت پر چڑھ گیا

طبی عملہ دسمبر کے آخر تک بھارتی ریاست تلنگانہ میں 100 فیصد ویکسی نیشن کا ہدف گھر گھر جاکر پورا کرنے کی کوشش کررہا ہے لیکن مقامی آبادی ابھی بھی تحفظات کا شکار ہے۔
آبادی کی جانب سے ایسی ہی پس و پیش کا واقعہ ضلع سنگریدی میں پیش آیا جہاں ایک شخص ویکسین سے بچنے کیلئے پیڑ پر چڑھ گیا۔
غوث الدین نامی آدمی کے گھر جب ویکسی نیشن والا عملہ پہنچا تو وہ گھر سے باہر بھاگ گئے اور قریبی پیڑ پر چڑھ گئے۔ حالانکہ ان کے اہلخانہ، جن میں انکے والد سردار علی بھی شامل تھے، نے انہیں منانے کی بہت کوشش کی لیکن 33 سالہ غوث الدین نے ماننے سے انکار کردیا۔
سنگریدی میں ہی مزاحمت کا ایک اور واقعہ پیش آچکا ہے جس میں محلے والوں نے ویکسی نیشن سے انکار کردیا اور طبی عملے پر حملہ کیا۔

ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی،بھارت نے بنگلا دیش کو ہرادیا

ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں بھارت نے بنگلا دیش کو 0-9 گول سے ہرا دیا ہے۔
ہاکی کی ایشین چیمپئنز ٹرافی کے مقابلے جاری ہیں جس میں جاپان اور کوریا کا سنسنی خیز میچ 3-3سے ڈرا ہوگیا جبکہ بھارت نے بنگلا دیش کو شکست دیدی۔
پاکستان اور بھارت کا 17دسمبر کو مقابلہ ہو گا ،پاک بھارت میچ دوپہر اڑھائی بجے شروع ہو گا ۔
میگا ایونٹ میں ایشیا کی پانچ بہترین ٹیمیں شامل ہیں جن میں پاکستان انڈیا،جاپان،کوریا اور بنگلا دیش شامل ہیں

سیالکوٹ واقعے کے بعد دنیا میں کہیں منہ دکھانے کے قابل نہیں رہے، شیخ رشید

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ سیالکوٹ واقعے کے بعد ہم دنیا میں کہیں منہ دکھانے کے قابل نہیں رہے ہیں۔
راولپنڈی آرٹس کونسل میں کرسمس کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ مسیحی برادری کی پاکستان کے لیے خدمات کسی مسلمان سے کم نہیں ہیں بلکہ زیادہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں نے آج تک کسی مسیحی کو بھیک مانگتے ہوئے نہیں دیکھا، وہ محنت سے روزگار کماتے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ آپ سب پاکستان کے وزیر داخلہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسیحی برادری کی خوشی میں برابر کے شریک ہیں۔
شیخ رشید احمد نے دنیا بھر کی مسیحی برادری کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے بھی مسیحی برادری کو مبارکباد پیش کی۔

افغانستان کو ضرورت کے وقت تنہا چھوڑنا کسی کے مفادمیں نہیں، وزیر اعظم

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ افغانستان کو ضرورت کے وقت تنہا چھوڑنا کسی کے مفاد میں نہیں ہے۔
وزیر اعظم کی زیر صدارت ایپکس کمیٹی برائے افغانستان کا دوسرا اجلاس ہوا جس میں آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سمیت وفاقی وزرا، مشیران، اعلیٰ سول اور فوجی افسران نے شرکت کی۔
ایپکس کمیٹی کے شرکا نے افغانستان میں ہنگامی صورتحال پرتشویش کا اظہار کیا۔
اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ امید ہے دنیا افغانستان سے قطع تعلق کی غلطی نہیں دہرائے گی، افغانستان کے ساتھ تعلقات منقطع کرنا دنیا کے لیے نقصان دہ ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان انسانی بحران سے بچنے کیلئے افغانستان کو ہر ممکن مدد فراہم کرے گا،حکومت پاکستان نےافغان عوام کی مددکیلئے5ارب روپےمختص کیے ہیں۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ پاکستان کے راستے افغان عوام کو امداد دینے والے بین الاقوامی اداروں کوسہولیات فراہم کی جائیں۔