All posts by Khabrain News

خفیہ خط و کتابت: گورنر پنجاب کا پرنسپل سیکٹری کو عہدے سے ہٹانے کا حکم

لاہور: (ویب ڈیسک) گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کا بڑا فیصلہ سامنے آگیا۔ گورنر پنجاب نے پرنسپل سیکٹری کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دے دیا۔
ذرائع کے مطابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے حمزہ شہباز کی حلف برداری اور سیکرٹری پنجاب اسمبلی کی رپورٹ کے معاملے پر اپنے پرنسپل سیکرٹری کے خطوط لکھنے اور پھر انہیں فاش کرنے پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔ گورنر کی جانب سے پرنسپل سیکرٹری راشد منصور کے خط لکھنے کی تحقیقات کی گئی ہیں، جس کے بعد گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے پرنسپل سیکٹری کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دے دیا ہے اور اس ضمن میں چیف سیکرٹری کو خط لکھ دیا ہے۔ پرنسپل سیکرٹری راشد منصور کی جگہ اسپیشل سیکرٹری کو عہدے کا اضافی چارج دے دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق گورنر کی جانب سے اعتراض کیا گیا ہے کہ پرنسپل سیکرٹری گورنر کو کیسے دباؤ میں لانے کے ہتھکنڈے استعمال کر سکتا ہے، جس معاملے پر رائے مانگی ہی نہیں اس پر پرنسپل سیکرٹری از خود کیسے خط لکھ سکتا ہے۔ پرنسپل سیکرٹری کیسے خط لکھ کر سیاسی مخالفین کو سیاست کے لئے خط لیک کرسکتا ہے۔ گورنر نے پرنسپل سیکرٹری کے خطوط منظر عام پر آنے کے بعد انکوائری کی اور خفیہ خطوط میڈیا تک پہنچنے کے معاملے پر چیف سیکرٹری کو تحقیقات کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ابتدائی طور پر خود انکوائری کے بعد گورنر نے پرنسپل سیکرٹری کو عہدے سے ہٹانے کے لئے خط لکھ دیا۔
یاد رہے کہ پرنسپل سیکرٹری نے گورنر کو دو خطوط لکھے، ایک خط میں پرنسپل سیکرٹری نے گورنر کو حمزہ شہباز سے حلف لینے کا کہا جبکہ دوسرے خط میں پرنسپل سیکرٹری نے گورنر کو موصول ہونے والی سیکرٹری اسمبلی کی رپورٹ کو ازخود مسترد کیا اور گورنر کو بھی مختلف معاملات پر ایڈوائس کیا۔

پی ٹی آئی کے 26 منحرف ارکان کیخلاف ریفرنس الیکشن کمیشن میں جمع

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلی پنجاب کے انتخاب میں حمزہ شہباز کو ووٹ دینے پر تحریک انصاف کے 26 منحرف ارکان کے خلاف الیکشن کمیشن میں ریفرنس دائر کر دیا گیا۔ سپیکر پرویز الہی کی جانب سے ریفرنس الیکشن کمیشن کو جمع کرائے گئے۔
تحریک انصاف کے 26 منحرف ارکان کے خلاف ریفرنس سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالہی کی جانب سے الیکشن کمیشن کو موصول ہوگئے۔ ریفرنس آج سپیکر کے نمائندے نے الیکشن کمیشن میں جمع کرا دیئے۔ 26 منحرف ارکان کے خلاف ریفرنس آرٹیکل 63 اے کے تحت الیکشن کمیشن کو جمع کرائے گئے، ان منحرف ارکان نے وزیراعلی کے انتخاب میں حمزہ شہباز کو ووٹ دیکر 63 اے کی خلاف ورزی کی۔ ان منحرف ارکان کے خلاف آرٹیکل 63 اے کے تحت کارروائی عمل میں لانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
منحرف ارکان راجہ صغیر، ملک غلام رسول سنگھا، سعید اکبر نوانی، محمد اجمل، فیصل حیات جبوانہ، مہر محمد اسلم، خالد محمود، عبد العلیم خان کے خلاف ریفرنس جمع کرایا گیا ہے۔ نذیر چوہان، محمد امین ذوالقرنین، نعمان لنگڑیال، نعیم سلمان، زوار حسین وڑائچ، نذیر احمد خان، فدا حسین، زہرہ بتول، محمد طاہر، عائشہ چودھری، ساجدہ یوسف، ہارون گل، عظمی کاردار، ملک اسد کھوکھر کے خلاف بھی ریفرنس جمع کرا دیا گیا ہے۔ اعجاز مسیح گل، سبطین رضا، جاوید اختر، محسن عطا کھوسہ کے خلاف بھی ریفرنس الیکشن کمیشن میں جمع ہوگئے ہیں۔
خیال رہے تحریک انصاف کے تمام ارکان پنجاب اسمبلی کو لیٹر جاری کر کے پابند کیا تھا کہ وہ وزیراعلی کے الیکشن میں پرویز الہی کو ووٹ دیں، مگر ان 26 ارکان نے پارٹی پالیسی کے خلاف حمزہ شہباز کو وزارت اعلی کا ووٹ دیا۔

تیز رفتار موسمیاتی تبدیلیاں: مارچ اور اپریل کے دوران ہی گرمی نے تیور دکھا دئیے

لاہور: (ویب ڈیسک) تیز رفتار موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث رواں موسم گرما شدید ترین رہنے کا امکان سامنے آگیا۔ مارچ اور اپریل کے دوران ہی گرمی نے اپنے بھرپور تیور دکھا دئیے ہیں۔ مون سون کے دوران معمول سے کم بارشیں ہونے کے خدشات بھی ظاہر کئے جا رہے ہیں۔
ہمارے ملک میں ہرگذرنے دن کے ساتھ موسمیاتی تبدیلیوں کا عمل تیز ہوتا جا رہا ہے۔ اِسی تناظر میں مارچ اور اپریل کے دوران وقت سے پہلے اور زیادہ پڑنے والی گرمی نے پوری طرح سے واضح کر دیا ہے کہ موسم گرما کے باقی مہینوں کے دوران کیا صورت حال رہنے والی ہے۔
اندازہ اِسی سے لگا لیجئے کہ 1961 سے اب تک رواں برس مارچ کا مہینہ 9 واں بڑا خشک سالی کا مہینہ رہا جس دوران اوسط درجہ حرارت تقریباً چار ڈگری زیادہ ریکارڈ کیا گیا۔ یہی صورت حال ماہ اپریل کے دوران بھی جاری ہے۔ متوقع طور پر اِس سال مون سون کے دوران بھی معمول سے کم بارشیں ہوں گی، جس وجہ سے موسم گرما زیادہ شدید اور طویل ہوگا۔
کلائمیٹ چینج کے باعث ہی ملک میں گرمیوں کا اوسط دورانیہ 145 سے بڑھ کر 170 دنوں تک پہنچ چکا ہے۔

کراچی: مختلف علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران ایک ملزم ہلاک، 6 زخمی حالت میں گرفتار

کراچی: (ویب ڈیسک) پولیس نے شہر قائد میں مبینہ مقابلوں کے دوران ایک ملزم کو ہلاک، 6 کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔
کراچی کے علاقے سکھن میں بھینس کالونی کے قریب مبینہ پولیس مقابلے کے دوران 2 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں پناہ اور عامر قادر شامل ہیں۔ ملزموں کے قبضے سے اسلحہ اور مسروقہ سامان برآمد کرلیا گیا ہے۔
ملیر کالا بورڈ سے بھی مقابلے کے بعد ایک ملزم کو زخمی حالت میں دھر لیا گیا جبکہ لانڈھی ریڑھی گوٹھ میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران 2 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان کی شناخت عمر اور حنیف کے ناموں سے کرلی گئی ہے۔
ادھر نارتھ کراچی سیکٹر 5ڈی میں لوٹ مار کی کوشش کرنے والا ڈاکو مبینہ پولیس مقابلے کے دوران زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کے تبادلے کے دوران ملزم کا ساتھی فرار ہو گیا۔ لانڈھی اور نارتھ کراچی سے گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کرلی گئی ہے۔

لوگوں کے چرسی کہنے پر ورزش شروع کی: سنجے دت

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی وڈ اداکار سنجے دت نے انکشاف کیا ہے کہ ماضی میں منشیات استعمال کرنے کی وجہ سے لوگ انہیں چرسی کہا کرتے تھے، پھر میں نے ورزش کر کے اپنے آپ کو تبدیل کر لیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق سنجے دت نے ایک انٹرویو کے دوران بتایا کہ نشے کی عادت چھڑانے کیلئے ایک عرصے تک علاج کروایا اور جب بحالی مرکز سے گھر لوٹا تو لوگ مجھے چرسی کہنا شروع ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ چرسی پکارے جانا مجھے بہت برا لگتا تھا، اسی سبب خود کو تبدیل کرنے کا ارادہ کیا اور ساری محنت ورزش پر لگا دی اور پھر یہ آوازیں سنتا تھا کہ کیا باڈی ہے۔
اداکار کا کہنا تھا کہ میں منشیات استعمال کر کے خود کو بہتر محسوس کرتا تھا اور مجھے خواتین سے بہت شرم آتی تھی اسی لئے ان کا سامنا یا بات چیت بھی کم کرتا تھا لیکن نشے کے بعد شرم کا احساس کبھی پیدا نہیں ہوتا تھا۔

مایا علی کا سحری اور افطاری کے درمیان مصروفیت سے متعلق دلچسپ انکشاف

کراچی: (ویب ڈیسک) اداکارہ مایا علی نے سحری اور افطاری کے درمیان کی مصروفیت سے متعلق دلچسپ انکشاف کیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق مایا علی نے ایک ٹاک شو میں شرکت کی اور رمضان کے دوران اپنی مصروفیات کے بارے میں بتایا، انہوں نے کہا کہ وہ سحری کے بعد سے ہی افطاری کا انتظار شروع کر دیتی ہیں اور افطار کے بعد سحری کا انتظار کرنے لگتی ہیں۔
مایا علی کا مزید کہنا تھا کہ زندگی میں اب ایک اور چیز آ گئی ہے اور وہ ہے آفس، سحری کے بعد وہ صبح اپنے آفس جاتی ہیں اور اپنا کپڑوں کا کاروبار دیکھتی ہیں اور نئے ڈیزائنر سے متعلق میٹنگز کرتی ہیں۔

کراچی: ماہ رمضان میں پیشہ وار بھکاریوں کی یلغار، چوک شاہراہوں پر قبضہ، شہری پریشان

کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی میں ماہ رمضان میں پیشہ وار بھکاریوں نے یلغار کر دی، چوک چوراہوں پر قبضہ کر لیا جس سے شہری پریشان ہو گئے۔ بھیک مانگنے والوں کی تعداد میں اضافہ مستحق سفید پوش طبقے کی حق تلفی کا سبب بننے لگا۔
شہر قائد میں ماہ صیام کے دوران پیشہ ور گداگروں کی بھرمار ہو گئی، شہری بھیک مانگنے والوں کے نرغے میں پریشانی سے دوچار رہتے ہیں۔ ملک کے مختلف مقامات سے بڑی تعداد میں آنے والے بھکاریوں نے شہر میں ڈیرے ڈال لئے۔
سڑکوں،چوہراہوں،مارکیٹوں،بس سٹاپس، مساجد اور فوڈ سٹریٹ سمیت دیگر مصروف مقامات پر منظم طریقے سے گداگر مافیا سرگرم ہوگیا ہے، کراچی میں مخیر حضرات کی جانب سے ماہ صیام میں بڑے پیمانے پر خیرات ، زکوۃ ، فطرہ اور عطیات دئیے جانے کے باعث منظم مافیا نے گداگری کو بھی منافع بخش کاروبار بنا لیا ہے۔
غیر سرکاری اعدادوشمار کے مطابق رمضان میں سندھ، پنجاب اور بلوچستان کے پسماندہ علاقوں سے پانچ لاکھ کے لگ بھگ پیشہ وار بھکاری شہر میں گداگری کیلئے لائے جاتے ہیں، انسداد گداگری کا قانون موجود نہ ہونے کے باعث منظم مافیا ، خواتین عمر رسیدہ افراد سمیت کم عمر بچوں کو بھی بھیک مانگنے کیلئے استعمال کیا جاتا ہے جومستحق افراد کی حق تلفی کا سبب بھی بن رہا ہے۔
شہر میں بھکاریوں کی تعداد میں بے حد اضافہ سے جہاں شہری تنگ دکھائی دیتے ہیں وہیں ان کا کہنا ہے کہ صاحب استطاعت افراد ضرورت مندوں کی مدد ضرور کریں لیکن پیشہ وار بھکاریوں کی حوصلہ افزائی نہ کریں۔

چینی کی مارکیٹ میں 3 مختلف نرخوں پر فروخت، شہری چکرا گئے

لاہور: (ویب ڈیسک) چینی کی قیمت نے عوام کو چکرا دیا، مارکیٹ میں 3 مختلف نرخوں پرچینی بیچی جا رہی ہے، مختلف مقامات پر 70 سے 90 روپے فی کلو چینی دستیاب ہے، چینی کہاں سے خریدیں اور کہاں سے نہیں، عوام چکرا گئے۔
چینی کی مختلف قیمتوں پر عوام الجھن کا شکار ہیں۔ عام مارکیٹ میں سرکاری ریٹ 90 روپے فی کلو پر چینی فروخت کی جا رہی ہے، سستے رمضان بازاروں 10 روپے کمی سے چینی کی قیمت 80 روپے کلو مقرر کی گئی۔ سستے رمضان بازار میں ایک شناختی کارڈ پر صرف 2 کلو چینی فراہم کی جا رہی ہے۔
یوٹیلیٹی سٹورز پر چینی کی قیمت 85 روپے فی کلو تھی تاہم وفاقی حکومت نے چینی مزید 15 روپے فی کلو سستی کر دی، اب نئے ریٹ 70 روپے فی کلو پر فروخت شروع ہو گئی ہے۔ اس کی خریداری کے لئے شناختی کارڈ کی شرط لازم ہے۔
صوبائی حکومت کے سستے بازاروں میں تاحال 80روپے کلو چینی بیچی جا رہی ہے، وفاقی حکومت نے سستے بازاروں میں بھی چینی 70روپے کلو فروخت کرنے کی ہدایات دی ہیں، چینی کے نرخ کم ہونے پرعوام مطمئن دکھائی دیئے، کہتے ہیں اگرعام دکانوں پر ہی چینی سستی کردی جائے تو یوٹیلٹی سٹورز اور سستے بازاروں کی قطاروں میں نہ لگنا پڑے۔
چینی کے نرخ گزشتہ 3 برس سے عوام اور انتظامیہ کے لئے درد سر بنے ہوئے ہیں اور مناسب ریٹ پر چینی فراہم کرنے کی کوشش بدستور جاری ہے۔

یوٹیلٹی سٹورز پر چینی اور آٹے کی قیمتوں میں کمی کر دی گئی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن نے وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر ملک بھر کے یوٹیلٹی سٹورز پر چینی اور آٹے کی قیمتوں میں بھی کمی کر دیں۔ رعایتی اشیاء خریدنے کے لیے صارف کو اپنا شناختی کارڈ دکھانا لازمی ہو گا۔
یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں تمام سٹورز پر وزیر اعظم کی ہدایات کی روشنی میں آٹے اور چینی کی قیمتوں میں کمی کا اطلاق کر دیا گیا ہے۔ یوٹیلٹی سٹورز پر چینی 85 روپے سے کم کر کے 70 روپے فی کلو کر دی گئی، رمضان سبسڈی کے تحت چینی کی فی کلو قیمت میں 15 روپے کمی کی گئی، ملک بھر کے یوٹیلٹی سٹورز پر چینی 70 روپے فی کلو فروحت شروع کردی گئی ہے جبکہ آٹے کے 20 کلو تھیلے کی 800 روپے میں فروحت کی جارہی ہے۔
یوٹیلٹی سٹورز پر رمضان ریلیف پیکج کے تحت 20 کلو آٹے کا تھیلا 950 روپے میں فروحت ہو رہا تھا، رمضان ریلیف پیکج کے تحت ملنے والی 19 اشیاء کی فروحت شناختی کارڈ سے منسلک کر دی گئی، سبسڈائزڈ اشیاء کی فروحت شناختی کارڈ کے بغیر بند کر دی گئی ہے۔

انٹربینک میں ڈالر ایک روپے 56 پیسے مہنگا ، سٹاک مارکیٹ میں 184 پوائنٹس کمی

کراچی: (ویب ڈیسک) انٹربینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمت میں مزید ایک روپے 56 پیسے کا اضافہ ہوا، سٹاک مارکیٹ میں 184 پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی۔
کاروباری ہفتے کے تیسرے روز انٹر بینک میں ڈالر 56 پیسے اضافے سے 185 روپے کے ریٹ پر فروخت ہوا، بعد ازاں تجارت کے دوران مزید ایک روپے کی بڑھوتری ہوئی اور ڈالر ایک روپے 56 پیسے اضافے سے 186 روپے کے ریٹ پر فروخت ہوا۔ دوسری جانب سٹاک مارکیٹ میں مندی کے سبب 184 پوائنٹس کی کمی ہوئی اور 100 انڈیکس 46 ہزار 149 پوائنٹس پر آ گیا۔
واضح رہے کہ چار روز میں ڈالر کی قیمت میں 3 روپے 46 پیسے اضافہ ہوا ہے۔ 16 اپریل کو ڈالر181 روپے 54 پیسے پر بند ہوا تھا۔