اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان کے مایہ ناز لیگ سپنر یاسرشاہ نے فٹنس حاصل کرنے کے بعد آئندہ ٹیسٹ سیریز پر نظریں جما لیں۔
ایک بیان میں یاسر شاہ نے کہا کہ میں پچھلے 3 ماہ سے فٹ نہیں تھا پاکستان کپ میں پرفارمنس واپس آگئی ہے پچھلے 3 ماہ میں اپنی فٹنس پر کام کیا ہے۔ یاسرشاہ نے کہا کہ آئندہ ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کی نمائندگی کروں گا، انٹرنیشنل ٹیموں کا دورہ پاکستان نوجوان کھلاڑیوں کیلئے بہترین موقع ہے۔
پاک بھارت سیریز سے متعلق انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ ہونی چاہیے، ماضی میں 3 ملکی سیریز سے عوام کافی محظوظ ہوتے تھے۔ واضح رہے کہ یکم اپریل کو کپتان یاسر شاہ کی تباہ کن باؤلنگ کی بدولت بلوچستان نے خیبرپختونخوا کو 8 وکٹوں سے ہراکر پاکستان کپ کا ٹائٹل جیتا تھا۔
All posts by Khabrain News
اسلام آباد ہائیکورٹ کا عمران خان کو ملنے والے تحائف کی تفصیل بتانے کا حکم
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کو ملنے والے تحائف کی تفصیل عام کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے کہا کہ ایک حد تک پیسے دے کر تحفہ رکھ لینا کوئی بات نہیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے سابق وزیراعظم عمران خان کو ملنے والے تحائف کی معلومات پبلک کرنے کے کیس کی سماعت کی۔ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ڈپٹی اٹارنی جنرل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ ایک پالیسی بنائیں کہ جو بھی تحفہ آئے گا وہ خزانے میں جمع ہو گا، تحائف صرف ملتے ہی نہیں، واپس بیرون ملک لوگوں کو دیئے بھی جاتے ہیں، بیرون ملک جو تحائف جاتے ہیں وہ قومی خزانے سے خریدے جاتے ہیں۔
جسٹس میاں گل حسن نے کہا کہ باہر سے آئے سب تحائف بھی نمائش کیلئے رکھے جانے چاہئیں۔ جس پر ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت سے استدعا کی کہ مجھے تازہ ہدایات لینے کیلئے وقت چائیے۔ عدالت نے کہا کہ آپ ہدایات لیں لیکن تب تک انفارمیشن کمیشن کے حکم پر عمل کریں، انفارمیشن کمیشن نے کہا تحائف کی معلومات شہری کو دیں تو دے دیں۔
وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا پہلا اجلاس، معاشی صورتحال پر بریفنگ
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا پہلا اجلاس جاری ہے، جس میں کابینہ کو معاشی صورتحال، توانائی اور امن و عامہ کی صورت حال پر بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مہنگائی کنٹرول کرنے کیلئے موثر اقدامات کرنے کی ہدایت کر دی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینا ہی میری حکومت کا بنیادی مقصد ہے، رمضان المبارک کے بعد بھی عوام کو اشیائے خورونوش سستی ملنی چاہئیں۔
کئی اہم وفاقی وزرا کو قلمدان نہ مل سکے، ایاز صادق کو بھی کوئی محکمہ نہ ملا
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) 31 رکنی وفاقی کابینہ میں اب بھی کئی وزارتیں خالی جبکہ چار وفاقی وزیر تاحال قلمدان ملنے کے منتظر ہیں۔
ذرائع کے مطابق کئی اہم وزارتوں پر وزیروں کی تعیناتی، قلمدانوں کا نوٹیفکیشن جاری نہ ہو سکا۔ ان وزارتوں میں توانائی، بین الصوبائی رابطہ، اقتصادی امور، پارلیمانی امور اور سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی وزارتیں شامل ہیں جبکہ دوسری طرف گزشتہ روز حلف اٹھانے والے وفاقی وزراء میں ایاز صادق، خرم دستگیر، مرتضی جاوید عباسی، ریاض پیرزادہ اور وزیر مملکت عبدالرحمان کانجو کو تاحال کسی وزارت کا قلمدان نہیں دیا گیا ہے۔
حمزہ شہباز سے عہدہ کا حلف نہ لینے کیخلاف درخواست سماعت کیلئے مقرر
لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ میں نو منتخب وزیراعلیٰ حمزہ شہباز سے عہدہ کا حلف نہ لینے کے خلاف درخواست سماعت کے لیے مقرر کر دی گئی۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد امیر بھٹی کل درخواست پر سماعت کریں گے۔
حمزہ شہباز نے بطور وزیراعلیٰ عہدے کا حلف نہ لینے کیخلاف اعظم نذیر تارڑ کی وساطت سے لاہور ہائیکورٹ میں آئینی درخواست دائر کر دی۔ حمزہ شہباز کی درخواست میں پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر پنجاب اور چیف سیکرٹری پنجاب کو فریق بنایا گیا۔ رجسٹرار آفس نے گورنر پنجاب کو براہ راست فریق بنانے پر اعتراض لگایا جس پر حمزہ شہباز نے گورنر پنجاب کے بجائے پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر کو فریق بنا کر درخواست دوبارہ دائر کر دی۔ رجسٹرار آفس نے درخواست سماعت کے لیے مقرر کر دی۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد امیر بھٹی کل درخواست پر سماعت کریں گے۔
‘ن لیگ نے سب سے پہلے خود وزیراعلی کے غیر آئینی استعفی کیخلاف آواز اٹھائی’
لاہور: (ویب ڈیسک) گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن نے سب سے پہلے خود وزیراعلی کے غیر آئینی استعفی کے خلاف آواز اٹھائی۔
گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مسلم لیگ ن نے لاہور ہائیکورٹ کے سامنے اس کو بدنیتی کی بناء پر چھپایا، ن لیگ نے لاہور ہائیکورٹ سے اپنے حق میں فیصلہ لینے کے لئے عدالت کو گمراہ کیا ہے، جرائم پیشہ لوگ ہر موقع پر واردات سے باز نہیں آتے۔
وزیراعظم ہاؤس کے علاوہ کسی اور جگہ کو کیمپ آفس ڈکلیئر نہیں کیا: مریم اورنگزیب
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر بے بنیاد اور من گھڑت خبروں کا سلسلہ رکنا چاہیئے، وزیراعظم ہاؤس کے علاوہ کسی اور جگہ کو کیمپ آفس ڈکلیئر نہیں کیا۔
وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کے وزارتِ عظمی کا منصب سنبھالنے کے بعد میڈیا اور سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر بے بنیاد اور من گھڑت خبریں پھیلانے کا سلسلہ رکنا چاہئیے، وزیرِ اعظم ہاؤس کے علاوہ کسی اور جگہ کو کیمپ آفس ڈکلیئر کرنے کی خبریں بے بنیاد اور جھوٹ کا پلندہ ہیں۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پولیس فورس اور انتظامی عملے کی کسی بھی جگہ تعیناتی کی خبروں میں بھی کسی قسم کی صداقت نہیں، ایسی کسی بھی بے بنیاد خبر نشر کرنے سے پہلے تصدیق کر لیں، سوشل میڈیا صارفین سے بھی گزارش ہے کہ ایسے منفی پراپیگینڈے کو مسترد کریں۔
ملک میں کورونا کی وبا: 24 گھنٹے میں 4 افراد انتقال کر گئے، 75 نئے مریض
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) کورونا کی پانچویں لہر کے وار کم ہونے لگے۔ ملک میں چوبیس گھنٹے کے دوران مثبت کیسز کی شرح صفر اعشاریہ تین پانچ فیصد ریکارڈ کی گئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 15 لاکھ 27 ہزار 486 ہوگئی۔ این آئی ایچ کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 75 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 5 لاکھ 5 ہزار 757، سندھ میں 5 لاکھ 76 ہزار 642، خیبرپختونخوا میں 2 لاکھ 19 ہزار 397، بلوچستان میں 35 ہزار 483، گلگت بلتستان میں 11 ہزار 736، اسلام آباد میں ایک لاکھ 35 ہزار 165 جبکہ آزاد کشمیر میں 43 ہزار 306 کیسز رپورٹ ہوئے۔
رواں مالی سال پاکستان میں بیروزگاری کی شرح 7 فیصد رہنےکا امکان ہے، آئی ایم ایف
واشنگٹن: (ویب ڈیسک) عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے ورلڈ اکنامک آؤٹ لک رپورٹ جاری کر دی ہے۔
آئی ایم ایف کی ورلڈ اکنامک آؤٹ لک رپورٹ میں پاکستان میں اس سال معاشی ترقی، مہنگائی اورکرنٹ اکاؤنٹ خسارے کے اہداف پورے نہ ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان میں اس سال مہنگائی 11.2 فیصد کے ڈبل ڈیجیٹ میں رہنے کا امکان ہے جبکہ حکومت نے اوسط مہنگائی کا سالانہ ہدف 8 فیصد مقرر کیا تھا۔
اس کے علاوہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ جی ڈی پی کے 5.3 فیصد تک پہنچ جائے گا جبکہ ہدف 0.7 فیصد مقرر تھا،دوسری جانب کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ تقریباً 19 ارب ڈالرز تک ہونے کا خدشہ ہے۔
آئی ایم ایف کے مطابق گزشتہ مالی سال جی ڈی پی گروتھ 5.6 فیصد تھی جبکہ اس سال 4.8 فیصد کے ہدف کے مقابلے معاشی شرح نمو 4 فیصد اور اگلے سال 4.2 فیصد رہنے کا تخمینہ ہے۔
آئی ایم ایف کی ورلڈ اکنامک آؤٹ لک رپورٹ کے مطابق پاکستان میں بے روزگاری کی شرح گزشتہ سال 7.4 فیصد تھی جبکہ اس سال 7 فیصد اور اگلے سال 6.7 فیصد رہنے کا تخمینہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق یوکرین روس جنگ کی وجہ سے عالمی انسانی بحران پیدا ہوا، اس تنازعے کی وجہ سے عالمی معیشت سست روی کا شکار ہے، اس کی وجہ سے اشیاء کی عالمی قیمتوں، تجارت اور مالی وسائل پر منفی اثرات مرتب ہوئے۔
پیپلزپارٹی نے میاں نواز شریف سے ملاقات کے لیے وفد تشکیل دے دیا
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پیپلزپارٹی نے میاں نواز شریف سے ملاقات کے لیے وفد تشکیل دے دیا۔
بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں سید خورشید شاہ، نوید قمر، شیری رحمان اور قمر زمان کائرہ وفد میں شامل ہیں۔ وفاقی وزراء بدھ کو کابینہ اجلاس کے بعد لندن روانہ ہونگے۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں صدر مملکت، چئیرمین سینٹ اور گورنر پنجاب کے عہدے پر مشاورت ہوگی، میاں نواز شریف ملاقات کے بعد وطن واپسی پر بلاول بھٹو وزارت کا حلف اٹھائیں گے۔