All posts by Khabrain News

برطانوی وزیراعظم نے لاک ڈاؤن میں قانون توڑنے پر پارلیمنٹ میں معافی مانگ لی

لندن: (ویب ڈیسک) گزشتہ دنوں کورونا وباکے دوران سرکاری رہائش گاہ پرپارٹیاں کرنے پر برطانیہ کے وزیراعظم بورس جانسن اور چانسلر رشی سونک پر جرمانہ عائد کیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جرمانے کے بعد وزیراعظم بورس جانسن نے پارلیمنٹ میں اپنے پہلے بیان میں کہا ہے کہ نہیں جانتا کہ سالگرہ کی تقریب میں کیسے جا پہنچا،خیال تھا کہ وہ کووڈ کے حوالے سے میٹنگ ہے۔
رپورٹس کے مطابق بورس جانسن نے لاک ڈاؤن کے دوران قانون توڑنے پر پارلیمنٹ میں معافی مانگتے ہوئے کہا کہ اندازہ ہے کہ عوام وزیراعظم سے بہتر رویے کی توقع رکھتی ہے جبکہ میں پولیس کی تفتیش کے نتائج کا احترام کروں گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بورس جانسن اس سے قبل یہ اصرار کرتے رہے کہ انہوں نے کوئی قانون نہیں توڑا تھا۔
دوسری جانب لیبر لیڈر سر کیئر اسٹارمر نے بورس جانسن کے بیان کو مذاق قرار دے دیا اور کہا کہ عوام نے اپنا ذہن بنالیا ہے، وہ برطانوی وزیر اعظم کے الفاظ پر یقین نہیں رکھتے۔
واضح رہے کہ بورس جانسن برطانیہ کے پہلے وزیراعظم ہیں جنہیں اس عہدے پر رہتے ہوئے جرمانہ کیا گیاہے۔
یاد رہے کہ بورس جانسن، ان کی اہلیہ اور چانسلر رشی سُونک کو سالگرہ کی تقریب میں شرکت پر جرمانے کیے گئے تھے۔
یاد رہے کہ برطانیہ میں کورونا لاک ڈاؤن کے دوران بورس جانسن نے جون 2020 میں اپنی سالگرہ سرکاری رہائش گاہ پر 30 مہمانوں کے ساتھ منائی تھی۔
اس کے علاوہ مئی 2020 میں سرکاری رہائش گاہ کے لان میں برطانوی وزیر اعظم کی جانب سے ایک پارٹی کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں 100 کے قریب افراد شریک ہوئے تھے۔

مفتاح اسماعیل وفاقی وزیر برائے خزانہ و ریونیو مقرر، نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما مفتاح اسماعیل کی وفاقی کابینہ میں شمولیت کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔
مفتاح اسماعیل نے عہدے کا حلف آج ہی اٹھایا تھا اور اب انہیں وفاقی وزیر برائے خزانہ و ریونیو مقرر کردیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق مفتاح اسماعیل کو آئین کے آرٹیکل 91 کی شق 9 کے تحت وفاقی وزیر خزانہ بنایا گیا ہے۔
خیال رہے کہ مفتاح اسماعیل سینیٹ یا قومی اسمبلی کے رکن نہیں ہیں۔
واضح رہے کہ آئین کے آرٹیکل 91 کے تحت غیرمنتخب شخص 6 ماہ کیلئے وفاقی وزیر بنایا جاسکتا ہے تاہم کابینہ میں رہنے کیلئے غیرمنتخب شخص کو سینیٹر یا قومی اسمبلی کا رکن بننا ضروری ہے بصورت دیگر 6 ماہ بعد وہ کابینہ میں نہیں رہے گا۔

چودہ سالہ بچی سے زیادتی کرنے والا ملزم گرفتار

لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب کے دارالحکومت میں چودہ سالہ بچی کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے والا ملزم گرفتار کرلیا گیا۔
ملک میں کمسن بچیوں و بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے واقعات بڑھتے ہی جارہے ہیں جب کہ پنجاب میں کم عمر بچوں کیساتھ عصمت دری کے زیادہ واقعات پیش آتے ہیں۔
پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں ڈولفن فورس نے کمسن بچی کو جنسی ہوس کا نشانہ بنانے والے درندے کو پکڑ لیا۔
ڈولفن اسکواڈ کو 15 پر کال موصول ہوئی تھی جس پر بچی سے زیادتی کی اطلاع دی گئی ہے۔
ڈولفن اسکواڈ نے کال پر فوری ایکشن لیتے ہوئے ملزم شہزاد کو گرفتار کرکے تھانہ جوہر ٹاؤن کے حوالے کردیا جب کہ ملزم نے دوران تفتیش اعتراف جرم بھی کرلیا ہے۔
ترجمان ڈولفن فورس کا کہنا ہے کہ ملزم متاثرہ لڑکی کا قریبی رشتے دار ہے جو متاثرہ بچی کو ورغلا کر سنسان جگہ پر لے گیا اور بچی کے ساتھ عصمت دری کی۔
ایس پی ڈولفن صاعد عزیز کا کہنا ہے کہ 15 کی کال پر ریسپانس کو یقینی بنایا جارہا ہے۔

وزیراعظم کی ہدایت کے بعد فلورملز کا پنجاب میں سستے آٹے کی فراہمی کا اعلان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے ہدایت کے بعد فلوز ملز ایسوسی ایشن نے بھی سستے آٹے کی فراہمی کا اعلان کردیا۔
فلور ملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عاصم رضا کا کہنا ہے کہ پنجاب میں عوام کو آٹا سستا ملے گا۔ ان کا کہنا تھاکہ یہ قیمت فی الحال رمضان کیلئے مقرر کی گئی ہے، حکومت روزانہ گندم کوٹہ 21 ہزار ٹن فراہم کررہی ہے۔
خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے پنجاب میں 10کلو آٹےکا تھیلا 550 سےکم کرکے 400روپے کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے رمضان بازار اور یوٹیلٹی اسٹورزمیں فی کلوچینی کی قیمت 70 روپے مقرر کرنے کا بھی حکم دیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھاکہ باقی صوبے بھی یہ قیمتیں مقرر کرنے کی کوشش کریں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب آٹا اور چینی کی فراہمی یقینی بنانےکیلئے بلوچستان اورآزادکشمیر کی امدادکرے جبکہ وفاقی حکومت ضرورت کے مطابق بلوچستان کو اضافی ادائیگی کرےگی۔

قوم کے ساتھ مذاق بند ہونا چاہیے، فارن فنڈنگ اور توشہ خانہ کا حساب دینا ہوگا: حمزہ شہباز

لاہور: (ویب ڈیسک) صوبہ پنجاب کے نو منتخب وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے قائد ایوان منتخب کرنے پر پیپلزپارٹی کی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایوان میں ہنگامہ آرائی کرائی گئی۔
پی پی رہنما حسن مرتضیٰ کی رہائش گاہ پر ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم میاں شہباز شریف کے صاحبزادے حمزہ شہباز نے استفسار کیا کہ بتایا جائے ایسی کون سی دوائی ہے جس سے 24 گھنٹوں میں ٹوٹا ہواہاتھ ٹھیک ہوگیا؟ قوم کے ساتھ مذاق بند ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ملک کی معیشت کا بیڑہ غرق کیا، چودھری سرورکوغیرآئینی کام نہ کرنے پرفارغ کیا گیا، پنجاب اسمبلی میں غنڈوں کوداخل کرایا گیا۔
نو منتخب وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے کہا کہ اتنے دن گزر گئے لیکن پنجاب میں کوئی وزیراعلیٰ نہیں ہے، آج عوام کے گھروں میں بھوک ہے، متحدہ اپوزیشن سب کچھ عوام کے لیے کررہی ہے۔
ن لیگ کے رہنما حمزہ شہباز نے کہا کہ گزشتہ چار سال سے اپوزیشن کو دیوار سے لگایا گیا لیکن آپ کو فارن فنڈنگ اور توشہ خانہ کا حساب دینا ہو گا۔

پرنٹنگ کی غلطی نے امریکی شہری کو لکھ پتی بنا دیا

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکا میں دکاندار کی معمولی غلطی سے شہری پر قسمت ایسی مہربان ہوئی کہ وہ لاکھوں ڈالرز کا مالک بن گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی ریاست اوہائیو سے تعلق رکھنے والے شخص نے مقامی اسٹور سے لاٹری کے پانچ ٹکٹس خریدے جس پر غلط پرنٹنگ ہوگئی تھی۔
غلط پرنٹنگ کے باعث شہری کی قسمت جاگ اٹھی اور وہ دس لاکھ ڈالرز (18 کروڑ 17 لاکھ روپے سے زائد) کا مالک بن گیا۔
بسٹر نامی خوش قسمت شہری نے لاٹری آفیشلز کو بتایا کہ اس نے مقامی دکان سے لاٹری ٹکٹ مانگے تو دکان دار نے غلطی سے ایک ٹکٹ پرنٹ کیا جب کہ میں نے پانچ ٹکٹ مانگے تھے، بعدازاں دکان دار نے دیگر چار ٹکٹ بھی پرنٹ کیے۔
امریکی شہری کا کہنا تھا کہ دکان دار یہ معمولی غلطی سے میرے دس لاکھ ڈالرز کی خطری رقم کا مالک بن گیا۔
بسٹر نے کہا کہ وہ انعامی رقم سے اپنی گاڑی کے بقایاجات اور گھر گروی رکھ کر لیے گئے قرض کی ادائیگی کرے گا جب کہ باقی رقم اپنی ریٹائرمنٹ کیلئے بچاکر رکھے گا۔

نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست سماعت کے لیے مقرر

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست سماعت کے لیے مقرر کر دی۔ عدالت میں نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست شہباز شریف نے دائر کی تھی۔
لاہور ہائیکورٹ نے عبوری حکم کے تحت نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دیا تھا۔ عدالت کا دو رکنی بنچ کل شہباز شریف کی درخواست پر سماعت کرے گا۔ لاہور ہائیکورٹ نے نواز شریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دیتے ہوئے پانچ سوالات پوچھے تھے۔ شہباز شریف نے 2019 میں لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔

سعودی عرب میں سینما بحالی کے بعد کتنے کروڑ افراد فلم دیکھ چکے ہیں، تعداد جاری

ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی پریس ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ سنیما آباد ہونے کے بعد سے باکس آفس پر 4 سالوں میں 3 کروڑ 8 لاکھ افراد ٹکٹس خرید چکے ہیں۔
سعودی حکومت نے 56 تھریٹرز کو 20 شہروں میں لائسنس جاری کیا ہے جہاں 518 اسکرینیں نصب کی گئی ہیں جہاں اب تک چار سالوں میں 1 ہزار 144 فلمیں دیکھائی گئی ہیں جس میں 22 سعودی فلمیں شامل ہیں۔
ایجنسی کا کہنا ہے کہ 4 سالوں میں سنیما کے ٹکٹس خریدنے والوں کی کل تعداد 3 کروڑ 86 لاکھ سے زائد ہے جبکہ نشر کی گئی فلمیں 22 زبانوں میں 38 ممالک کی تھیں۔
سعودی عرب میں سنیما کی بحالی سے 4 ہزار سے زائد مرد و خواتین کو ملازمتوں کے مواقع ملے ہیں جبکہ مزید ملازمتیں ملنے کی توقع کی جارہی ہیں۔
یاد رہے کہ وژن 2030 کے اہداف میں سینما انڈسٹری میں مزید ہزاروں نوکریاں پیدا کرنا بھی شامل ہے۔

وزیراعظم کی پنجاب میں 10 کلوآٹا 400 اور چینی 70 روپے فی کلو کرنے کی ہدایت

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے عید تک آٹے اور چینی کی قیمت کم کردی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے عید تک 10 کلو آٹے کی قیمت550 سے کم کر کے صوبہ پنجاب میں 400 روپے اور رمضان بازار و یوٹیلیٹی اسٹورز میں فی کلو چینی کی قیمت 75 روپے سے کم کر کے70 روپے مقرر کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ باقی صوبے بھی یہ قیمتیں مقرر کرنے کی کوشش کریں، صوبہ پنجاب آٹا اور چینی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے بلوچستان اور آزاد جموں کشمیر کی مدد کریں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ وفاقی حکومت ضرورت کے مطابق بلوچستان کو آٹا اور چینی اضافی ادا کرے گی۔
دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا پہلا اجلاس ہوا، جس میں رمضان المبارک کے دوران عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی سے متعلق امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
تمام صوبائی چیف سیکریٹریز نے وزیر اعظم کو قیمتوں اور اشیاء کی فراہمی کے حوالے سے بریفنگ بھی دی۔

شمالی وزیرستان: سکیورٹی فورسز کا آپریشن، دہشتگرد فرید احمد مارا گیا

شمالی وزیرستان: (ویب ڈیسک) سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں جھڑپ ہوئی۔ شدید فائرنگ کے تبادلے میں دہشتگرد فرید احمد مارا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان شمالی وزیرستان کے علاقے دتا خیل میں جھڑپ کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں دہشتگرد فرید احمد مارا گیا۔ مارے گئے دہشتگرد سے اسلحہ و گولہ بارود برآمد کر لیا گیا۔
ہلاک دہشتگرد سیکیورٹی فورسز کیخلاف دہشتگردی کی کارروائی میں ملوث تھا۔ مقامی افراد کی طرف سے دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کی مکمل حمایت کی۔ مقامی افراد نے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے مکمل تعاون کا اظہار کیا۔