انقرہ: (ویب ڈیسک) ترک فورس نے شمالی عراق میں کرد جنگجوؤں کے خلاف زمینی اور فضائی آپریشن کا آغاز کردیا۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ترکی کی جانب سے کردش ورکرز پارٹی کے خلاف ایک مرتبہ پھر بڑے پیمانے پر فوجی کارروائیوں کا آغاز کیا گیا ہے۔
ترکی کے وزیر دفاع ہولوسی آکر نے وزارت کی ویب سائٹ پر شیئر کی گئی ویڈیو میں کہا ہے کہ ترک فورسز نے جنگی جہازوں اور توپوں سے کرد جنگجوؤں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔
ترک فورسز کا حالیہ آپریشن شمالی عراق میں شروع کیا گیا ہے جس میں ہیلی کاپٹر اور ڈرونز سے بھی مدد لی جارہی ہے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ ترک جنگی جہازوں نے کامیابی سے کرد جنگجوؤں کے شیلٹر، بنکر، سرنگوں اسلحہ ڈپو اور ہیڈکوارٹرز کو نشانہ بنایا، جہاں سے کرد جگنجوؤں ترکی پر حملہ کرتے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ابھی تک کردش جنگجو گروپ کا ترک فوج کی حالیہ کارروائی پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔
All posts by Khabrain News
جسٹس فائز عیسیٰ کے معاملے پر فروغ نسیم کے بیان پر فواد چوہدری بھی بول پڑے
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف ریفرنس کو غلطی قرار دینے کے بیان پر سابق وزیر قانون فروغ نسیم نے ردعمل کا اظہار کیا تھا اور اب اس معاملے میں سابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری بھی کود پڑے ہیں۔
اپنی ٹوئٹ میں فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ فروغ نسیم بطور وزیرقانون آپ کو ذمہ داری لینی چاہیے، حقیقت یہ ہے کہ تمام معاملہ آپ نے کھڑا کیا۔
انہوں نے کہا کہ میں نےکابینہ میں کہا ججز کے خلاف ریفرنس بھیجنا حکومت کا کام نہیں، الزامات کے ثبوت ہیں تو بار ایسوسی ایشن ریفرنس کرلے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ فروغ نسیم، آپ کے اصرار پر ریفرنس بھیجا گیا۔
خیال رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے صحافیوں سے غیررسمی گفتگو میں اعتراف کیا ہے کہ جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کےخلاف دائر کیس غلطی تھی، جسٹس فائز عیسیٰ کےخلاف کارروائی غیرضروری سمجھتا ہوں۔
انہوں نے کہا تھا کہ وزیرقانون نےجسٹس قاضی فائزعیسیٰ کے مختلف فلیٹس اوراثاثوں پربریف کیاتھا۔
اس پر سابق وزیر قانون فروغ نسیم کا کہنا تھاکہ عمران خان نے خود جسٹس فائزعیسیٰ کے خلاف ریفرنس دائر کرنے پر اصرار کیا، انہوں نے اے آر یو کے مواد کی روشنی میں ریفرنس دائر کرنے پر اصرار کیا تھا۔
وزیراعظم کو قطری امیر کا ٹیلیفون، شہباز شریف کی دورہ پاکستان کی دعوت
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم کو قطر کے امیر شیخ تمیم بن حماد الثانی نے ٹیلیفون کیا، شہباز شریف نے دورہ پاکستان کی دعوت دے دی، شہباز شریف سے پاکستان میں سعودی سفیر نے بھی ملاقات کی اور وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔
ٹیلیفونک گفتگو میں وزیر اعظم شہباز شریف نے قطر پاکستان کے تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے کی خواہش کا اظہار اور امیرِ قطر کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر وزیر اعظم نے امیرِ قطر کو جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دے دی۔
شہباز شریف نے افغان امن عمل میں قطر کے کردار کو سراہا اور اس خواہش کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک افغان عوام کے لیے امن ، استحکام اور انسانی امداد کے لیے مل کر کام کرتے رہیں۔
وزیر اعظم نے پاکستان اور قطر کے مابین معاشی سرگرمیوں کو بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا اور تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، مواصلات، فوڈ سیکیورٹی اور دیگر اہم شعبے پاکستانی افرادی قوت کی فلاح و بہبود کے لیے قطر کے اقدامات کو بھی سراہا۔
آصف زرداری اور فضل الرحمان کے درمیان ملاقات: کابینہ کی تشکیل پر اہم مشاورت
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلزپارٹی اور جمعیت العلمائے اسلام (ف) کے درمیان کابینہ کی تشکیل پر اہم مشاورت ہوئی ہے۔ یہ مشاورت سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری اور امیر جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمان کے درمیان ہوئی ہے۔
ملاقات اس وقت ہوئی جب اپوزیشن جماعتوں کے سیاسی اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ ( پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیے گئے افطار ڈنر میں شرکت کے لیے سابق صدر آصف علی زرداری امیر جے یو آئی کی رہائش گاہ پر پہنچے۔
آصف زرداری کے ہمراہ پی پی کے مرکزی سیکریٹری جنرل اور سابق چیئرمین سینیٹ نیر حسین بخاری بھی تھے۔ ملاقات میں مولانا صلاح الدین بھی موجود تھے۔
ذرائع نے بتایا کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں وفاقی کابینہ کی تشکیل پر اہم مشاورت ہوئی۔
ذرائع کے مطابق بات چیت میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال سمیت آئندہ کی مشترکہ حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان آئندہ مستقبل میں بھی مل کر
ساتھ چلنے پر اتفاق کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی بات چیت کے دوران آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمان نے سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے متعلق کہا کہ وہ بوکھلاہٹ کا شکار ہو گئے ہیں۔
منوج پانڈے بھارت کے نئے آرمی چیف مقرر
نئی دہلی: (ویب ڈیسک) لیفٹیننٹ جنرل منوج پانڈے بھارت کے نئے آرمی چیف مقرر کردیے گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کے نئے آرمی چیف منوج پانڈے اپریل کے آخر میں عہدہ سنبھالیں گے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق لیفٹننٹ جنرل منوج پانڈے اس وقت وائس چیف آف دی آرمی کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔
جنرل منوج پانڈے اقوام متحدہ کے کئی مشن میں بھی تعاون دے چکے ہیں۔ وہ جون 2020 سے مئی 2021 تک انڈومان اینڈ نکوبار کمان کے کمانڈر ان چیف بھی رہے۔
اے این پی نے وفاقی کابینہ کا حصہ بننے سے معذرت کرلی
پشاور: (ویب ڈیسک) عوامی نیشنل پارٹی نے وفاقی کابینہ کا حصہ بننے سے معذرت کرلی ہے۔ مرکزی صدر اے این پی اسفندیار ولی کا کہنا ہے کہ ہماری ترجیحات روز اول سے حکومتی عہدے نہیں بلکہ عوام، پارٹی تنظیم اور نظریہ رہے ہیں۔
عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے کہا ہے کہ ہماری ترجیحات حکومت نہیں عوام ہیں، پی پی اور مسلم لیگ ن کے مشکور ہیں جنہوں نے پارٹی کے ساتھ رابطہ کرکے وفاقی حکومت کا حصہ بننے کے لیے مدعو کیا لیکن ان کے مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم نے تجویز دی ہے کہ باقی اتحادیوں کو وفاقی کابینہ میں جگہ دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پہلے سے ملک اور حکومت مشکلات سے دوچار ہیں، ہم مزید مشکلات پیدا نہیں کرنا چاہتے، ہماری ترجیحات روزاول سے حکومتی عہدے نہیں بلکہ عوام، پارٹی تنظیم اور نظریہ رہے ہیں۔
اسفندیار ولی نے مزید کہا کہ ہماری پوری توجہ اس وقت پارٹی کو مزید منظم اور فعال بنانا ہے، امید کرتے ہیں کہ پاکستان کی نئی حکومت قوم کو اس مشکل گھڑی سے نکالے گی۔
وفاقی کابینہ کی حلف برداری کل ہوگی، صدر کے بجائے چیئرمین سینیٹ حلف لیں گے
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی کابینہ کی حلف برداری کی تقریب کل ایوان صدر میں ہوگی تاہم حلف صدر کے بجائے چیئرمین سینیٹ لیں گے۔
نئی حکومت میں شامل جماعتوں کے درمیان وزارتوں کی تقسیم کا معاملہ پایہ تکمیل تک پہنچ چکا ہے جس کے بعد اب ان کی حلف برداری ہونی ہے جو آج بھی نہ ہوسکی۔
اطلاعات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے نئی کابینہ کا حلف لینے میں معذرت کے بعد اب حلف برداری کی تقریب کل ہوگی اور صدر مملکت کی جگہ اب چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نئی کابینہ سے حلف لیں گے۔
بتایا گیا ہے کہ حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں ہی ہوگی اور صادق سنجرانی قائم مقام صدر کی حیثیت سے حلف لیں گے۔
دریں اثنا پیپلز پارٹی کی جانب سے وفاقی کابینہ میں شامل ہونے والے نام سامنے آگئے۔ بلاول بھٹو زرداری، حنا ربانی کھر، نوید قمر، شازیہ مری، خورشید شاہ، عبدالقادر پٹیل، پیر فضل شاہ، سلیم مانڈوی والا، مصطفے نواز کھوکھراور مہیش ملانی کو وفاقی کابینہ میں شامل کیا جائے گا۔
پاکستان کی بھارت میں مسلمانوں کے خلاف حالیہ تشدد اور ٹارگٹ حملوں کی شدید مذمت
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان نے بھارت میں مسلمانوں پر ہونے والے حالیہ تشدد اور ٹارگٹ حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی حکومت ان واقعات کی شفاف تحقیقات کرائے اور مستقبل میں ایسے واقعات کو دوبارہ رونما ہونے سے روکنے کے لیے قابل عمل کوششیں کرے۔
دفترخارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان بھارت کی مختلف ریاستوں میں مسلمانوں کے خلاف حالیہ تشدد اور ٹارگٹ حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے، نئی دہلی میں جہانگیر پوری کی جامع مسجد میں افطار کے وقت توہین آمیز نعرے بازی اور اشتعال انگیزی کی گئی، حالیہ واقعات نے بھارت میں فروری 2020 کے دہلی قتل عام کی ہولناک یادوں کو پھر سے تازہ کر دیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان بھارتی حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ مسلمانوں اور ان کی عبادت گاہوں کے خلاف وسیع پیمانے پر تشدد اور دھمکیوں کے واقعات کی شفاف تحقیقات کرے، بھارتی حکومت مستقبل میں ایسے واقعات کو دوبارہ رونما ہونے سے روکنے کے لیے قابل عمل کوششیں کرے، اور عالمی برداری سے بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ بھارت میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے خلاف انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے لیے بھارت کو جوابدہ ٹھہرائے۔
یو اے ای نے ویزا پالیسیوں میں نمایاں تبدیلیوں کی منظوری دے دی
ابوظہبی: (ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات کی کابینہ نے کئی برس بعد مستقل ویزا سسٹم میں بڑی ترمیم کی منظوری دی جس کے تحت ابوظہبی آنے والے نئے لوگوں کے لیے کفالت حاصل کرنے کی شرط کو ختم کردیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ملک میں آنے والے افراد بطور مہمان 30 دن کے بجائے 60 دن قیام کر سکیں گےجبکہ والدین اپنے مرد بچوں کو 25 سال کی عمر تک اسپانسر کر سکتے ہیں، اب وہ اسکول اور
یونیورسٹی کے بعد ملک میں رہ سکتے ہیں، یہ سب سے پہلے ستمبر 2021 میں طے کیا گیا تھا۔
گولڈن ویزا سسٹم کو بھی وسعت دی گئی ہے جبکہ ملازمت کے خواہاں بالخصوص گریجویٹس کے لیے ملک کا دورہ آسان بنانے کے لیے نئے انٹری ویزے دستیاب ہوں گے، 8 ہزار سے زائد ڈالر ماہانہ یا اس سے زیادہ تنخواہ پر ہنر مند پیشہ ور افراد کو گولڈن ویزا حاصل کرنا آسان ہوگا۔
متحدہ عرب امارات کے وفاقی حکومت کے میڈیا آفس نے ترمیم کا اعلان کیا، جس کی منظوری یو اے ای کے نائب صدر شیخ محمد بن راشد نے دی۔ یہ اعلان کابینہ کی جانب سے ویزا میں حالیہ تبدیلیوں کے سلسلے کی باضابطہ توثیق ہے۔
میڈیا آفس کے بیان کے مطابق داخلے اور رہائش کے نئے نظام کا مقصد پوری دنیا سے عالمی ہنر مندوں اور ہنر مند کارکنوں کو راغب کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ویزوں میں مزید لچک سے مسابقت اور ملازمت کے مواقع ملیں گے اور متحدہ عرب امارات کے رہائشیوں اور خاندانوں میں استحکام کو فروغ ہوگا۔
نئی ویزا پالیسی کے تحت والدین اب 25 سال کی عمر تک کے مرد بچوں کو اسپانسر کر سکتے ہیں۔ والدین غیر شادی شدہ بیٹی کو غیر معینہ مدت تک کفالت کر سکتے ہیں۔ معذور بچوں کو ان کی عمر سے قطع نظر مستقل طور پر رہائشی اجازت نامہ دیا جاسکتا ہے۔
یو اے ای میں نوجوان ہنر مندوں اور پیشہ ور افراد کے لیے کسی کفیل یا میزبان کی ضرورت نہیں ہوگی۔
ویزا ان لوگوں کو دیا جائے گا جو وزارت انسانی وسائل کی طے شدہ پہلی، دوسری یا تیسری درجہ بندی کے معیار پر پورا اترتے ہوں۔ علاوہ ازیں یہ ویزا دنیا کی بہترین 500 یونیورسٹیوں کے نئے فارغ التحصیل طلبہ کے لیے بھی ہوگا۔ کم از کم تعلیمی سطح بیچلر ڈگری یا اس کے مساوی ہونی چاہیے۔
ریگولر ٹورسٹ ویزا کے علاوہ 5 سالہ ملٹی انٹری ٹورسٹ ویزا بھی متعارف کرایا گیا۔
اس ویزا کے لیے کفیل کی ضرورت نہیں ہے اور اس ویزا کے تحت کوئی بھی شخص ملک میں مسلسل 90 دنوں تک رہ سکتا ہے اور اس میں اتنی ہی مدت کے لیے توسیع کی جا سکتی ہے بشرطیکہ قیام کی پوری مدت ایک سال میں 180 دنوں سے زیادہ نہ ہو۔
اس ویزے کے لیے درخواست جمع کرانے سے پہلے گزشتہ 6 ماہ کے دوران $4,000 کا بینک بیلنس یا اس کے مساوی غیر ملکی کرنسیوں کا ثبوت درکار ہے۔
گولڈن ویزا کے حامل افراد اپنے اہلخانہ بشمول بیوی بچوں کو عمر کی تخصیص کے بغیر اسپانسر کرسکتے ہیں۔ علاوہ ازیں گولڈن ویزا کے حامل اشخاص پر ایسی کوئی پابندی نہیں ہوگی کہ وہ گولڈ ویزا کو فعال رکھنے کے لیے مقررہ مدت کے دوران لازمی یو اے ای کا دورہ کرے۔
سائنٹسٹ گولڈ ویزا ایسے امیدوار کو ملے گا جن کے پاس دنیا کی بہترین یونیورسٹیوں سے انجینئرنگ، ٹیکنالوجی، لائف سائنسز اور نیچرل سائنسز کے شعبوں میں پی ایچ ڈی یا ماسٹر ڈگری ہوگی۔ امیدوار کے پاس معقول تحقیقی کامیابیاں ہونی چاہئیں۔
درخواست دہندگان کے پاس متحدہ عرب امارات میں ملازمت کا ایک valid معاہدہ ہونا چاہیے اور وزارت انسانی وسائل اور امارات کی ’پہلی ، دوسری یا تیسری پیشہ ورانہ‘ درجہ بندی کے قواعد پر اترتا ہو۔
کم از کم تعلیم بیچلر کی ڈگری یا اس کے مساوی ہونی چاہیے، اور ماہانہ تنخواہ 30 ہزار درہم سے کم نہیں ہونی چاہیے۔
اس زمرے میں کی گئی ترمیم کے مطابق ثقافت، فن، کھیل، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، موجد اور اختراع کرنے والے اور دیگر اہم شعبوں میں باصلاحیت افراد کو گولڈن ویزا حاصل کرنے کے لیے وفاقی یا مقامی حکومتی ادارے کی سفارش یا منظوری درکار ہوگی۔
رئیل اسٹیٹ کے سرمایہ کار ایسی پراپرٹی خریدتے وقت گولڈن ریزیڈنس حاصل کر سکتے ہیں جس کی قیمت 20 لاکھ درہم سے کم نہ ہو۔
نئی ترامیم کے مطابق سرمایہ کار مخصوص مقامی بینکوں سے قرض لے کر جائیداد خریدنے پر گولڈن ریزیڈنس حاصل کرنے کے بھی حقدار ہیں۔ سرمایہ کار منظور شدہ مقامی رئیل اسٹیٹ کمپنیوں سے 20 لاکھ درہم سے کم کی ایک یا زیادہ آف پلان پراپرٹیز خریدنے پر بھی گولڈن ریزیڈنس حاصل کر سکتے ہیں۔
رئیل اسٹیٹ کے سرمایہ کار ایسی پراپرٹی خریدتے وقت گولڈن ریزیڈنس حاصل کر سکتے ہیں جس کی قیمت 20 لاکھ درہم سے کم نہ ہو۔
نئی ترامیم کے مطابق سرمایہ کار مخصوص مقامی بینکوں سے قرض لے کر جائیداد خریدنے پر گولڈن ریزیڈنس حاصل کرنے کے بھی حقدار ہیں۔ سرمایہ کار منظور شدہ مقامی رئیل اسٹیٹ کمپنیوں سے 20 لاکھ درہم سے کم کی ایک یا زیادہ آف پلان پراپرٹیز خریدنے پر بھی گولڈن ریزیڈنس حاصل کر سکتے ہیں۔
اگر وہ شخص پچھلے کاروباری منصوبے کے بانیوں میں سے ایک ہے جس کی کل قیمت ڈی ایچ 7 ملین سے کم نہیں ہے، تو وہ گولڈن ریزیڈنس کا حقدار ہوگا۔ منصوبوں یا خیالات کے لیے وزارت اقتصادیات یا مجاز مقامی حکام کی منظوری درکار ہے۔
یہ گولڈن ویزا کے ثانوی اسکولوں میں اعلی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبا اور یو اے ای کی یونیورسٹیوں اور دنیا بھر کی بہترین 100 یونیورسٹیوں کے شاندار گریجویٹس کو مخصوص معیار کے مطابق نشانہ بناتی ہے جس میں ان کی تعلیمی کارکردگی، گریجویشن کا سال اور یونیورسٹی کی درجہ بندی شامل ہے۔
ہنر مند ملازمین کو بغیر اسپانسر یا آجر کے 5 سالہ رہائش گولڈن ویزا دیا جائے گا۔ کم از کم تعلیمی سطح بیچلر کی ڈگری یا اس کے مساوی ہونی چاہیے اور تنخواہ 15 ہزار درہم سے کم نہیں ہونی چاہیے۔
یہ ویزا سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کے لیے متعارف کرائی گئی ہے۔ یہ تجارتی سرگرمیوں کو قائم کرنے یا ان میں حصہ لینے والے سرمایہ کاروں کے لیے 5 سالہ رہائش فراہم کرتا ہے۔
اسرائیل نے میزائل شکن لیزر سسٹم تیار کرلیا
تل ابيب: (ویب ڈیسک) صہیونی ریاست کے وزیراعظم نفتالی بینٹ نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیل نے ’آئرن بیم‘ میزائل شکن لیزر سسٹم تیار کرلیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سائنس فکشن فلموں سے مماثلت رکھتے آئرن بیم میزائل شکن لیزر سسٹم نے کامیابی سے ایک ڈورن کو نشانہ بنایا اور تباہ کردیا جس کی ویڈیو اسرئیلی وزیراعظم نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بھی شیئر کی ہے۔
اسرائیلی وزیراعظم نے آئرن بیم لیزر سسٹم کو خطے میں گیم چینجر کے طور پر تشبیہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ دنیا کا پہلا توانائی سے چلنے والا ہتھیاروں کا نظام ہے جو راکٹوں اور مارٹرگولوں کو لیزر سے مارنے کی صلاحیت رکھتا ہے جبکہ اسکی لاگت 3.50 ڈالر فی شاٹ ہے۔
اس سے قبل اسرائیل نے ایران نواز ملیشاؤں اور بالخصوص حماس کے میزائلوں سے خود کو محفوظ بنانے کے لیے آئرن ڈوم غزہ سے کچھ فاصلے پر نصب کیا تھا، آئرن ڈوم بھی راکٹوں اور میزائلوں کو روکنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
اس منصوبے کو 2024 میں تکمیل تک پہنچنا تھا تاہم اسرائیل کے اس وقت کے وزیر دفاع بینی گانٹز نے مارچ 2022 میں اہم فنڈنگ کی منظوری دی تھی، یروشلم پوسٹ نے رپورٹ کیا کہ یہ فنڈنگ کروڑوں شیکلز (اسرائیلی کرنسی) میں کی گئی۔ ایک اسرائیلی شیکل کی قیمت 56.20 پاکستانی روپے ہے۔