All posts by Khabrain News

’یوکرین میں پیوٹن کو روکنے کے لیے امریکی فوج بھیجنا ہوگی‘

ایک امریکی سینیٹر نے کہا ہے کہ یوکرین میں پیوٹن کو روکنے کے لیے امریکی فوج بھیجنا ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق امریکی ٹی وی کی میزبان مارگریٹ برینن کے ایک سوال کے جواب میں امریکی سینیٹر کرس کونز نے کہا امریکا کو یوکرین میں پیوٹن کو روکنے کے لیے اپنے فوجی بھیجنا ہوں گے۔
صدر جو بائیڈن کے قریبی اور سینیٹ کے اتحادی کے طور پر جانے جانے والے سیاست دان کرس کونز نے یوکرین میں روسیوں سے لڑنے کے لیے امریکی فوجیوں کی تعیناتی کا خیال پیش کیا ہے، اور کہا ہے کہ انھیں خدشہ ہے کہ سابق سوویت جمہوریہ مشرقی یورپ کا شام بن جائے گی۔
کونز نے سی بی ایس نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ امریکی عوام یوکرین کے اس سانحے سے منہ نہیں موڑ سکتے، میرے خیال میں 21 ویں صدی کی تاریخ اس بات پر ایک اہم موڑ لیتی ہے کہ ہم یوکرین میں آزادی کا کتنی شدت سے دفاع کرتے ہیں، اور یہ کہ صدر پیوٹن تب ہی رکیں گے جب ہم انھیں روکیں گے۔
’یوکرین نے ہتھیار ڈالنے والے فوجیوں کو گولی مارنے کا حکم دیا‘
فیس دی نیشن کی میزبان سے گفتگو میں کونز نے کہا کہ امریکی پالیسی سازوں کو روسی افواج کی طرف سے کی جانے والے ‘بربریت’ پر غور کرنا چاہیے۔
انھوں نے بائیڈن کو روس پر ‘پابندیاں’ لگانے کے لیے مغربی اتحادیوں کو اکٹھا کرنے پر سراہا، لیکن تجویز پیش کی کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کو روکنے کے لیے مزید براہ راست کارروائی کی ضرورت پڑ سکتی ہے، جس میں یوکرین میں امریکی فوجیوں کی تعیناتی بھی شامل ہے۔

صدر مملکت نے گورنر سندھ عمران اسماعیل کا استعفیٰ منظور کر لیا

صدر مملکت عارف علوی نے گورنر سندھ عمران اسماعیل کا استعفیٰ منظور کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق صدر مملکت نے گورنر سندھ عمران اسماعیل کا استعفیٰ منظور کر لیا، نوٹیفکیشن بھی جاری ہو گیا۔
اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی قائم مقام گورنر سندھ ہوں گے، آغا سراج کو قائمقام گورنر مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن اسمبلی سیکریٹریٹ کو موصول ہو گیا۔
دوسری جانب صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو عہدے پر کام جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ برطرفی کی سمری پر فیصلہ ہونے تک وہ اپنے فرائض انجام دیتے رہیں گے۔
صدر کی گورنر پنجاب کو عہدے پر کام جاری رکھنے کی ہدایت
واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی حکومت نے گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو عہدے سے ہٹا دیا تھا، تاہم چیمہ نے اپنی برطرفی پر رد عمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ وزیر اعظم کے پاس مجھ کو عہدے سے ہٹانے کا اختیار نہیں ہے، یہ اختیار صرف صدر مملکت کے پاس ہے۔
انھوں نے کہا تھا کہ مجھے عہدے سے ہٹانے کے لیے وزیر اعظم پہلے ایک سمری بھیجیں گے، جسے صدر نوٹیفائی کریں گے، جب تک صدر ڈی نوٹیفائی نہیں کرتے میں گورنر رہوں گا۔

حمزہ شہباز کی حلف برداری نہ ہونے پر (ن) لیگ کا لاہور ہائیکورٹ جانے کا فیصلہ

حمزہ شہباز کی بطور وزیراعلیٰ پنجاب حلف برداری نہ ہونے پر ن لیگ نے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
نومنتخب وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز کی حلف برداری نہ ہونے کے معاملے پر مسلم لیگ (ن) نے قانونی چارہ جوئی کا راستہ اختیار کرتے ہوئے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
مسلم لیگ (ن) کی قانونی ٹیم نے اس حوالے سے پٹیشن تیار کرلی جو کل لاہور ہائی کورٹ میں دائر کی جائے گی جس کے ذریعے استدعا کی جائے گی کہ عدالت جلد از جلد وزیراعلیٰ پنجاب کی تقریب حلف برداری کا حکم دے۔

10 سے 15 ہزار لوگ جمع کر کے تنقید کریں تو ہم کیوں فیصلے دیں: چیف جسٹس

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال نے صدارتی ریفرنس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیئے کہ عدالت 24 گھنٹے کام کرتی ہے، کسی کو انگلی اٹھانے کی ضرورت نہیں، 10 سے 15 ہزار لوگ جمع کر کے تنقید کریں تو ہم کیوں فیصلے دیں، سوشل میڈیا پر جو چل رہا ہے اسکی پرواہ نہیں، آئینی تحفظ پر گالیاں پڑتی ہیں لیکن اپنا کام کرتے رہیں گے، قومی لیڈروں کو عدالتی فیصلوں کا دفاع کرنا چاہیے۔ سپریم کورٹ نے سماعت منگل دن ایک بجے تک ملتوی کردی۔
سپریم کورٹ میں آرٹیکل 63 اے کی تشریح کیلئے صدارتی ریفرنس کی سماعت ہوئی، دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ سیاسی جماعتوں کو چار صورتوں میں آرٹیکل 63 میں تحفظ دیا گیا ہے، ضیاء الحق نے پارٹی سے انحراف پر پابندی کی شق آئین سے نکال دی تھی، 2010 میں 18 ویں ترمیم کے ذریعے آرٹیکل 63 اے شامل کیا گیا، آئین کی خلاف ورزی چھوٹی بات نہیں ہے، کئی لوگ آئین کی خلاف ورزی پر آرٹیکل 6 پر چلے جاتے ہیں، آرٹیکل 63 اے کی خلاف ورزی آرٹیکل 6 کا کیس نہیں بنتا، عدالت تعین کرے گی کہ آئین سے انحراف کا کیا نتیجہ ہوگا، آئین کی خلاف ورزی کرنے والا یا اپنی خوشی پر جائے گا یا قیمت ادا کرنی ہوگی۔
ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے دلائل دیئے کہ ووٹ پارٹی کی امانت ہوتا ہے، پیسے دیکر ضمیر نہیں بیچا جاسکتا، پیسے دیکر تو اراکین اسمبلی سے ملک مخالف قانون سازی کرائی جاسکتی ہے، پنجاب میں جو حالات ہیں وہ سب کے سامنے ہے، تمام اسٹیک ہولڈر عدالت کی جانب دیکھ رہے ہیں، اب تو منحرف اراکین عوام میں بھی نہیں جاسکتے، سینیٹ الیکشن کے بعد بھی ووٹ فروخت ہورہے ہیں۔
جسٹس جمال خان نے استفسار کیا کہ کیا عدالت اپنی طرف سے تاحیات نااہلی شامل کر سکتی ہے؟َ۔ ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے دلائل مکمل کرتے ہوئے کہا کہ آرٹیکل 62 ون ایف کی تشریح میں عدالت تاحیات نااہلی قرار دے چکی ہے۔
عدالت میں جسٹس جمال خان مندوخیل نے ریمارکس دیے کہ کچھ لوگ چاہتے ہیں انحراف کی اجازت ہو کچھ چاہتے ہیں نہ ہو؟ آج کل آسان طریقہ ہے دس ہزار بندے جمع کرو کہو میں نہیں مانتا، پارلیمان نے تاحیات نااہلی کا واضح نہیں لکھا، پارلیمنٹ نے یہ جان بوجھ کر نہیں لکھا یا غلطی سے نہیں لکھا گیا، پارلیمنٹ موجود ہے دوبارہ اس کے سامنے معاملہ پیش کردیں، عدالت کے سر پر کیوں ڈالا جارہا ہے، پارلیمنٹ کو خود ترمیم کرنے دیں۔

ملکی معیشت پر 3 یو ٹرن لے لیے گئے ہیں، حماداظہر

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سابق وفاقی وزیرتوانائی حماداظہر کا کہنا ہے کہ بیرونی مداخلت سے آنے والی حکومت نے ملک کی معیشت پر حملہ شروع کر دیاہے، ملکی معیشت پر 3 یو ٹرن لے لیے گئے ہیں۔
حماد اظہر نے کہا کہ اسلا م آباد میں ہفتے کی چھٹی بحال کرنے کا اعلان کیا سنا اس کو بھی واپس لے رہے ہیں، پاکستان میں ایل این کی کوئی سٹوریج نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ گرفتاریوں سے جلسے نہیں رکتے، ہمارے جلسوں میں ایک بھی گلاس تک نہیں ٹوٹا، ہمارا جلسہ رک نہیں سکتا، تمام رکاوٹیں عبور کریں گے۔
آپ آج عام انتخابات کرا لیں، قوم عمران خان کو وزیر اعظم دیکھنے کے لیے بے تاب ہے۔
حماد اظہر نے پشاور اور کراچی کے لوگوں کا بڑے بڑے جلسوں پر شکریہ ادا کیا، کہا یہ نوجوانوں کی جماعت ہے، اس وقت غلامی کی حکومت ہے، لاہور سیاسی اور شعور رکھنے والا شہر ہے،لاہور میں بہت بڑا جلسہ منعقد ہونے جارہا ہے۔

مسلم لیگ ن کےرہنما خواجہ آصف کا بھی انتخابات کرانے کا مطالبہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کےرہنما خواجہ آصف نے بھی انتخابات کرانے کا مطالبہ کردیا۔ الیکشن لازمی ہونے چاہیئں، عوامی مینڈیٹ ہی اس صورت حال کا حل ہے ۔ہمیں سب کو مل کر اس چیلنجز کا حل نکالنا ہوگا ۔
ن لیگی رہنما خواجہ آصف نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں چور مچائے شور کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔ہمیں غداری اورامپورٹڈ حکومت کاطعنہ دیاجاتاہے،ہمیں امپورٹڈ حکومت کہنے والوں نے فارن فنڈنگ سے جماعت بنائی۔پی ٹی آئی کو بھارتی کمپنیوں اور اسرائیل سے پیسے آئے۔
انہوں نے کہا ہے کہ جب آوازیں بند کی جاتی ہیں تو ملک میں کچھ نہیں رہتا۔اگر سچ بولنے پر پابندی لگائی جائے گی تو سب کچھ تباہ ہوجائے گا۔تین سال پہلے اس ملک میں تباہی وہ بربادی کا سلسلہ شروع ہوا۔
ان کا کہنا ہے کہ کپتان کہتا ہے ملک کو نہیں چلنے دوں گا۔عمران خان اس ملک کو دیوالیہ کر چکا ہے۔عوام سابق حکمرانوں سے پوچھتے ہیں ہمارے لیے کیابنایا گیا۔
ان کا کہنا ہے کہ کرسی سے اترتے ہی انہیں ریاست مدینہ بھول گئی۔پاکستان اس وقت دیوالیہ ہونے کی آخری حدوں کو چھو رہا ہے۔عوام کی اکثریت دو وقت کی روٹی اور دوائیوں سے محروم ہوچکی۔چار سال تک ایوان کے ساتھ مذاق کیا گیا۔
انہوں نے کہا ہے کہ بلوچستان میں 23 سال سے عوام کی صحیح معنوں میں نمائندگی نہیں ہورہی بلوچستان اسمبلی کے ساتھ قومی اسمبلی اور سینیٹ کو کردار ادا کرنا چاہیے۔ ہم سب مل کر بلوچی بھائیوں کی ذمہ داری پوری کریں گے۔انشااللہ کوئی مداخلت نہیں ہوگی

شارجہ میں میانداد کا یادگار چھکا 36 سال کا ہو گیا

لاہور: (ویب ڈیسک) شارجہ کے میدان میں ایشیا کپ کے دوران بھارت کیخلاف آخری گیند پر لگائے گئے جاوید میاں داد کے چھکے کو آج 36 برس بیت گئے لیکن اس کی یادیں آج بھی تازہ ہیں۔
فائنل میں آخری گیند پر پاکستان کو فتح کیلئے 4 رن درکار تھے اور میانداد کے ایک چھکے نے میچ، فائنل اور سب کے دل جیت لیے۔
بھارت 1986 میں کرکٹ کا عالمی چیمپئن تھا اور اس نے پاکستان کو جیت کیلئے246 رنز کا ہدف دیا تھا۔
میاں داد نے اپنی کتاب ’دی کٹنگ ایج‘ میں لکھا کہ 1986 میں ایشیا کپ کے آخری میچ میں مجھے اندازہ تھا کہ بھارتی گیند باز چیتن شرما انہیں یارکر کرائیں گے اس لیے میں کریزسے بار نکل کر کھڑا ہوگیا اور پھر ویسا ہی ہوا جیسا میں نے سوچا تھا‘۔
سابق کرکٹر وسیم اکرم نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ جاوید میاں داد نے آخری گیند پر چھکا لگانے کیلئے ان کا بلا منگوایا تھا، کیوں کہ وہ لمبا ہوتا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ آخری گیند سے قبل محسن کمال اور ذاکر خان میرے پہلو میں بیٹھ کر رو رہے تھے۔
میچ کے بعد میانداد نے کہا ، “ہندوستانی اکٹھے ہوکر جوش و خروش سے حکمت عملی پر بات کر رہے تھے۔ پورے مقابلے کا نتیجہ آخری گیند پر چار حاصل کرنے پر منحصر تھا۔ میں اپنی حکمت عملی لے کر آیا تھا۔ مجھے یقین تھا کہ شرما یارکر کی کوشش کرنے جا رہے تھے۔ لہذا میں نے بیٹنگ کریز سے نکل کر کرنے کا فیصلہ کیا۔ میرا منصوبہ یہ تھا کہ یارکر آنے پر پیچھے ہٹوں گا اور اس طرح مجھے اچھی شاٹ مارنے کا موقع مل جائےگا‘۔
جاوید میاں داد کے ساتھ سابق ٹیسٹ کرکٹرتوصیف احمد کریز پر موجود تھے اور انہوں نے ایک رنز لے کر جاوید میاں داد کو آخری گیند کھیلنے کا موقع دیا تھا۔

ویٹ لفٹر طلحہ طالب کا ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے پرویٹ لفٹنگ فیڈریشن کو وضاحتی خط

کراچی: (ویب ڈیسک) قومی ویٹ لفٹر طلحہ طالب نے ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے کا معاملے پر پاکستان ویٹ لفٹنگ فیڈریشن کو وضاحتی خط لکھ دیا۔
قومی ویٹ لفٹر طلحہ طالب نے خط میں کہا ہے کہ14مارچ کو فیڈریشن نے آئی ٹی اے کی جانب سے معطلی کے بارے میں آگاہ کیا۔اس وقت میں شدید صدمہ سے دوچار ہوں۔
طلحہ طالب کا کہنا ہے کہ میں نے دانستہ کوئی غیر قانونی ادوایات کا استعمال نہیں کیا۔لیبارٹری کے ٹیسٹ پر اعتماد ہے بی سیمپل کی درخواست نہیں کروں گا۔
انہوں نے خط میں درخواست کی ہے کہ میرے کیس کو رحمدلی سے سنا جائے۔میں دیسی گھی میں پکا ہوا بکرے کا گوشت کثرت سے استعمال کرتا ہوں۔فیڈریشن پروٹین کا ٹیسٹ کروانے کیلئے مدد فرمائے ۔
ان کا کہنا ہے کہ طبی ماہرین سے مشاورت کیلئے فیڈریشن کے تعاون کی ضرورت ہے۔اس سے پہلے میرے 9 دفعہ ڈوپ ٹیسٹ ہوچکے ہے اور ہر بار نتیجہ منفی رہا ہے۔

اسرائیل کو کسی کی مذہبی آزادی سلب کرنے کا حق نہیں: پوپ

ویٹی کن سٹی: (ویب ڈیسک) ویٹی کن میں دو سال بعد کورونا پابندیوں کے بغیر ایسٹر کا تہوارمنایا گیا، پوپ فرانسس کا کہنا تھا اسرائیل کو کسی کی مذہبی آزادی سلب کرنے کا حق نہیں۔
ویٹی کن سٹی میں ایسٹر کی سب سے بڑی تقریب ہوئی، کورونا پابندیاں ختم ہونے کے بعد شرکا کی بڑی تعداد تہوار میں شرکت کے لیے پہنچی، پوپ فرانسس نے سینٹ پیٹر سکوائر میں شرکا ء سے خطاب کیا اور مذہبی رسومات ادا کیں۔
اس موقع پر پوپ فرانسس نے اپنے خطاب میں اسرائیل سے مطالبہ کیا کہ مسلمانوں کو مسجد اقصیٰ میں عبادت سے نہ روکا جائے۔

حریم شاہ کی ایف آئی اے انکوائری کے خلاف درخواست سندھ ہائیکورٹ نے مسترد کر دی

کراچی: (ویب ڈیسک) ٹک ٹاکر حریم شاہ کی ایف آئی اے انکوائری کے خلاف درخواست سندھ ہائیکورٹ نے مسترد کر دی۔ عدالت نے قرار دیا کہ درخواست گزار پاکستان آنے کے بعد دوبارہ درخواست داٸر کرسکتی ہیں۔
معروف ٹک ٹاکرحریم شاہ کی بینک اکاونٹس اور سوشل میڈیا اکاونٹس منجمد کرنے اور منی لانڈرنگ کی انکواٸری کرنے کے خلاف درخواست کی سماعت شروع ہوٸی توعدالت نےسوال کیا کہ درخواست گذار کہاں ہیں، وہ عدالتی حکم کے باوجود پیش کیوں نہیں ہوئیں؟
حریم شاہ کے وکیل نے بتایا کہ حریم شاہ عمرے کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب گئی ہیں، عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے قرار دیا کہ اگر درخواست گذارعدالتی حکم کو اتنا ہی غیر ضروری سمجھتی ہیں تو ہم ابھی درخواست نمٹا دیتے ہیں، حریم شاہ جب پاکستان واپس آئیں تو نئی درخواست دائر کرسکتی ہیں۔
حریم شاہ کے وکیل کا کہنا تھا کہ ایف آٸی اے نے بینک اکاونٹس اور سوشل میڈیا اکاونٹس منجمد کر دیئے اور یہ کارروائی ایف آئی اے نے حریم شاہ کی عدم موجودگی میں کی جبکہ اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نےعدالت میں موقف اپنایا کہ ایف آئی اے نے متعدد نوٹس بھیجے لیکن حریم شاہ پیش نہیں ہوئیں ۔عدالت نے وکلا کے دلائل کے بعد حریم شاہ کی درخواست مسترد کر دی۔