All posts by Khabrain News

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کا پی ٹی آئی ارکان کے استعفے منظور کرنے سے انکار

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے تحریک انصاف کے اراکین کے استعفے منظور کرنے سے انکار کر دیا۔
پی ٹی آئی ارکان اسمبلی کے استعفوں کا معاملہ، اسمبلی سیکرٹریٹ نے استعفے منظور کرنے سے انکارکر دیا۔ ذرائع کے مطابق سیکرٹریٹ کی جانب سے موقف اپنایا گیا ہے کہ انفرادی تصدیق کے بغیر کسی بھی رکن کا استعفی الیکشن کمیشن کو بھجوانہیں سکتے، ڈپٹی سپیکر قاسم سوری 22 اپریل تک تمام استعفے منظور کرنا چاہتے ہیں۔
دوسری جانب قاسم سوری کی جانب سے یہ موقف سامنے آیا ہے کہ پی ٹی آئی اراکین کے استعفے منظور کر کے ہی جاؤں گا۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی نے شہباز شریف کے وزیراعظم بننے پر اپنی نشستوں سے استعفے دینے کا اعلان کیا تھا حتی کہ ڈپٹی سپیکر قاسم سوری نے اجلاس کی صدارت سے بھی معذرت کر لی تھی۔ تحریک انصاف کا موقف ہے کہ شہباز شریف کی حکومت بیرونی سازش کے تحت قائم کی گئی ہے۔

پاک سری لنکا خواتین ٹیموں کے مابین ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کا شیڈول جاری

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاک سری لنکا خواتین ٹیموں کے مابین ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کا شیڈول جاری کردیا۔
پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ میں اپنے سفر کا آغاز سری لنکا کے خلاف سیریز سے کرے گی۔ دونوں ٹیموں کے مابین ٹی ٹوئنٹی سیریز کے تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز 24، 26 اور 28 مئی کو کھیلے جائیں گے جبکہ تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز کی سیریز یکم جون سے شروع ہوگی۔
باقی دو میچز تین اور پانچ جون کو شیڈول ہیں ۔ تمام میچز کراچی کے ساؤتھ اینڈ کلب میں کھیلے جائیں گے۔

اینڈریو مکڈونلڈ تین برس کے لیے آسٹریلین کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مقرر

سڈنی: (ویب ڈیسک) کرکٹ آسٹریلیا نے اینڈریو مکڈونلڈ کو تین برس کے لیے آسٹریلین کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا ہے۔
دورہ پاکستان میں ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتنے کے بعد کرکٹ آسٹریلیا نے عبوری کوچ اینڈریومکڈونلڈ کو مستقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، مکڈونلڈ کو جسٹن لینگر کے بعد ٹیم کا عبوری کوچ مقرر کیا گیا تھا۔
آسٹریلوی کرکٹ بورڈ سے معاہدہ کے بعد اینڈیرو مکڈونلڈ کا کہنا ہے کہ اب تک کا سفر خوشگوار رہا ہے، ٹیم کی کوچنگ اعزاز کی بات ہے۔

گیس کمپنیوں کے لئے ماہ اپریل میں ایل این جی کی قیمتوں میں کمی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اوگرا نے اپریل کے لئے گیس کمپنیوں کے لئے ایل این جی کی قیمت میں کمی کر دی، سوئی نادرن اور سوئی سدرن کے لئے ایل این جی 0.20 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو سستی کردی گئی ہے۔
اوگرا نے اپریل میں گیس کمپنیوں کے لئے ایل این جی کی نئی قیمتیں جاری کردی ہیں، سوئی نادرن کے لئے ایل این جی کی نئی قیمت 15.61 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کی گئی ہے۔ اس سے قبل مارچ میں سوئی نادرن کے لئے ایل این جی کی قیمت 15.81 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر تھی۔
اوگرا کی جانب سے سوئی سدرن کے سسٹم پر اپریل کے لئے ایل این جی کی نئی قیمت 16.91 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کردی گئی ہے، اس سے قبل مارچ میں سوئی سدرن کے لئے ایل این جی کی قیمت 17.11 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی ہو مقرر تھی۔ اوگرا نے اپریل کے لئے ایل این جی کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔

صیہونی فورسز کی ظالمانہ کارروائیاں جاری، 14 سالہ لڑکے سمیت 3 فلسطینی شہید

مقبوضہ بیت المقدس: (ویب ڈیسک) مغربی کنارے میں صیہونی فورسز کی ظالمانہ کارروائیوں کے نتیجے میں 14 سالہ لڑکے سمیت 3 فلسطینی شہید ہو گئے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق تینوں فلسطینیوں کو گولیاں مار کر شہید کیا گیا۔ فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ شہید ہونے والوں میں چودہ سالہ لڑکا بھی شامل ہے۔
اس سے قبل بھی اسرائیلی فورسز نے چونتیس سالہ فلسطینی شہری کو گولی مار کر شہید کیا تھا جس کی شناخت محمد حسن محمد آصف کے نام سے ہوئی تھی۔

قومی اسمبلی کا اجلاس تاخیر سے بلانے کا اقدام اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج

اسلام آباد : (ویب ڈیسک) قومی اسمبلی کا اجلاس تاخیر سے بلانے کا اقدام اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔ ڈپٹی اسپیکر کے اقدام کے خلاف درخواست مسلم لیگ ن کے مرتضی جاوید عباسی نے دائر کی۔
درخواست میں ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری، سیکریٹری پارلیمانی آفئیرز اور سیکریٹری اسمبلی کو فریق بنایا گیا۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ قومی اسمبلی اجلاس 22 اپریل تک ملتوی کرنے کا 13 اپریل کا حکم آئین سے متصادم ہے، عدالت سے استدعا ہے کہ ڈپٹی اسپیکر کو اسپیکر اسمبلی کے الیکشن کے لیے فوری اجلاس بلانے کی ہدایت کی جائے، سیکریٹری پارلیمانی امور اور سیکریٹری اسمبلی کو 16 اپریل کو اجلاس بلانے کی ہدایت کی جائے، ڈپٹی اسپیکر کو اسپیکر قومی اسمبلی کے اختیارات استعمال کرنے سے روکا جائے۔

تیار رہیے! چار سیارے ایک سیدھ میں آنے والے ہیں

کراچی: آسمانی مشاہدے کا شوق رکھنے والے آئندہ ہفتے میں ایک زبردست نظارے کےلیے تیار رہیں کیونکہ نظامِ شمسی کے چار سیارے یعنی زحل، مریخ، زہرہ اور مشتری ایک سیدھ میں آجائیں گے۔

ماہرینِ فلکیات کے مطابق، ان سیاروں کے سیدھ میں آنے کا سلسلہ 17 اپریل سے شروع ہوگا۔

20 اپریل کے روز یہ چاروں سیارے مکمل سیدھ میں ہوں گے، جس کے بعد ان میں سیدھ بتدریج کم ہوتے ہوتے بالآخر مکمل ختم ہوجائے گی۔

 

یہ خوبصورت منظر پاکستان سمیت، شمالی نصف کرے کے تقریباً تمام ملکوں میں سورج غروب ہونے کے کچھ دیر بعد تک دیکھا جاسکے گا۔

واضح رہے کہ جب آسمان میں تین یا زیادہ سیارے ایک سیدھ میں دکھائی دینے لگیں تو اس منظر کو ’’سیاروں کی پریڈ‘‘ (پلینٹ پریڈ) کہا جاتا ہے۔

ایسے مواقع بہت کم دیکھنے کو ملتے ہیں۔ تاہم 2022 اس لحاظ سے منفرد ہے کیونکہ اس سال سیاروں کی پریڈ تین مرتبہ واقع ہوگی۔

اس سلسلے کا پہلا موقع 28 مارچ کو آچکا ہے کہ جب عطارِد، زہرہ، مریخ، مشتری اور زحل ایک سیدھ میں تھے۔ دوسرا موقع 20 اپریل کو آئے گا، جس کی تفصیل بیان کی جاچکی ہے۔

البتہ 2022 میں سیاروں کی تیسری اور سب سے عظیم الشان پریڈ 24 جون کو ہوگی، جس میں سات سیارے ایک سیدھ میں ہوں گے۔

ان میں سے عطارِد، زہرہ، مریخ، زحل اور مشتری کو صرف آنکھ سے بھی دیکھا جاسکے گا جبکہ دوربین کی مدد سے اِن کی سیدھ میں نیپچون اور یورینس کو بھی دیکھا جاسکے گا جو بہت مدہم ہیں۔

واضح رہے کہ سیاروں کی پریڈ میں سیارے درحقیقت ایک دوسرے کی سیدھ میں نہیں آتے بلکہ صرف زمین سے دیکھنے پر ایسے دکھائی دیتے ہیں۔

یہ قدرت کا منفرد اور خوبصورت نظارہ ہوتا ہے جس کا کسی کی قسمت سے کوئی تعلق نہیں۔

وزیرِاعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت اجلاس، ملکی معیشت کی صورتحال پر بریفنگ لی

اسلام آباد : (ویب ڈیسک) وزیرِ اعظم میاں شہباز شریف کی زیرِ صدارت اجلاس ہوا، جس میں ملکی معیشت کی صورتحال پر بریفنگ لی۔
اجلاس میں شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، مفتاح اسماعیل، مریم اورنگزیب، زبیر عمر، عائشہ غوث پاشا، طارق محمود پاشا، بلال کیانی اور متعلقہ اعلی افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزیرِ اعظم کو وزارتِ خزانہ کی طرف سے موجودہ ملکی معیشت کی صورتحال سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔

کوئٹہ میں تربوز کے نرخ بھی آسمان کو چھونے لگے، 80 روپے فی کلو فروخت ہونے لگا

کوئٹہ : (ویب ڈیسک) کوئٹہ میں تربوزکےنرخ بھی آسمان کو چھونےلگے، ماضی میں 25 سے 30 روپے میں فروخت ہونے والا تربوز رمضان المبارک میں 80 روپے فی کلو فروخت ہونے لگا۔
رمضان میں دن بھر کی کھوئی توانائی بحال اور جسم میں پانی کی کمی پوری کرنے کے لئے تربوز سے بہتر کوئی پھل نہیں، کوئٹہ میں روزہ دارافطاری کے وقت تربور ضرور کھاتے ہیں مگربڑھتی ہوئی مہنگائی کے باعث سب سے سستا ملنے والا تربوز 100 گنا مہنگا ہو کر فی کلو 80 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔
زمینداروں اورآڑھتیوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی نے مت مار دی، تربوز مہنگے ہونے کی اہم وجہ انہیں کھیت سے مارکیٹ تک لانے کے لئے اخراجات بہت ہیں۔
فروٹ منڈی میں سب سے زیادہ مانگ بلوچستان کےعلاقے تربت کے تربوز کی ہے جس کا مٹھاس میں کوئی ثانی نہیں، جو فی من 2700 روپے میں فروخت ہو رہے ہیں۔

وزیراعظم آزاد کشمیر عبدالقیوم نیازی نے 5 وزراء کو کابینہ سے فارغ کر دیا

مظفر آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے 5 وزراء کو کابینہ سے فارغ کر دیا۔
کابینہ سے فاروغ ہونے والوں میں سینئر وزیر تنویر الیاس، عبد الماجد خان، علی شان سونی، خواجہ فاروق اور اکبر ابراہیم شامل ہیں۔ وزراء کو مس کنڈکٹ، بد عنوانی اور مشکوک سرگرمیوں کی وجہ سے ہٹایا گیا۔
خیال رہے گزشتہ روز وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عبد القیوم نیازی کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرائی گئی۔ سیکریٹری قانون ساز اسمبلی کے دفتر میں تحریک عدم اعتماد ڈپٹی اسپیکر چوہدری ریاض، وزیر خوراک علی شان سونی اور پارلیمانی سیکریٹری بحالیات اکبر ابراہیم نے جمع کرائی۔
تحریک عدم اعتماد پی ٹی آئی کے 25 ارکان اسمبلی اور وزراء کے دستخطوں کے ساتھ جمع کرائی گئی۔ قانون ساز اسمبلی کے کل 53 ارکان میں سے پی ٹی آئی کے ارکان کی تعداد 31 ہے۔ تحریک عدم اعتماد پر 14 روز کے اندر قانون ساز اسمبلی میں ووٹنگ ہوگی۔