لاہور: (ویب ڈیسک) گورنرپنجاب نے وزیراعلی عثمان بزدار سے رابطہ کرلیا، تحریک انصاف کی سوشل میڈیا ٹیم کے ارکان کو ہراساں کرنے کے واقعات کی تحقیقات کروانے کی ہدایت کردی۔
تحریک انصاف کی سوشل میڈیا ٹیم کو ہراساں کرنے کے واقعات کے بعد گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار سے ٹیلی فون پر رابطہ ہوا، جس میں دونوں رہنماؤں نے سوشل میڈیا ٹیم کو ہراساں کرنے کے واقعات کی مذمت کی۔
گورنر پنجاب نے وزیر اعلی پنجاب کو واقعات کی تحقیقات کرنے کی ہدایت کی۔ گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کا کہنا تھا کہ حکومت نوشتہ دیوار پڑھ لے، عوام حکومت کے خلاف سڑکوں پر نکل چکی ہے، عوام نے سڑکوں پر آ کر عمران خان کی قیادت پر اعتماد اور حکومت کے خلاف فیصلہ دے دیا ہے، حکومت اوچھے ہتھکنڈوں اور انتقامی کارروائیوں پر اتر آئی ہے۔
All posts by Khabrain News
جی ای ایم بورڈ کمپنیوں کے سرمایہ کاروں کیلئے اہلیت کی شرائط میں نرمی
کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کی جانب سے سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کی منظوری کے تحت جی ای ایم بورڈ کمپنیوں میں سرمایہ کاری کرنے والے تسلیم شدہ انفرادی سرمایہ کاروں کی اہلیت کے لیے شرائط میں نمایاں طور پر نرمی کر دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق، تسلیم شدہ سرمایہ کاروں میں وہ انفرادی سرمایہ کار شامل ہیں جن کے پاس کم از کم 50 لاکھ روپے کے اثاثے ہیں، جن میں ان سرمایہ کاروں کے متعلقہ سی ڈی سی سرمایہ کار اکاؤنٹ یا ذیلی اکاؤنٹ میں موجود سیکیورٹیز کی مالیت شامل ہے تاہم یہ ان تک محدود نہیں ہے۔
اہلیت کے نظرثانی شدہ معیار کے تحت، سرمایہ کاروں کے مجموعی اثاثوں پر غور کیا جائے گا تاکہ ان کی GEM بورڈ کمپنیوں میں سرمایہ کاری کرنے کی اہلیت کا اندازہ لگایا جا سکے۔ رئیل اسٹیٹ کی جائیدادیں، گاڑیاں اور دیگر اثاثے بھی شامل کیے جا سکتے ہیں تاکہ تسلیم شدہ سرمایہ کاروں کے اثاثوں کی وضاحت کی جا سکے۔ تسلیم شدہ انفرادی سرمایہ کاروں کی اہلیت کے تقاضے میں اس ترمیم کے سبب، مزید سرمایہ کارجی ای ایم بورڈ میں درج ہونے والی کمپنیوں کی فہرست سازی سے پہلے کے عمل میں حصہ لے سکیں گے۔ یہ ترمیم پی ایس ایکس میں جی ای ایم بورڈ کمپنیوں کے حصص کی تجارت کے حوالے سے سرمایہ کاروں کی بنیاد کو وسیع کرنے کا باعث بنے گی، جس سے نہ صرف لیکویڈیٹی میں اضافہ ہوگا بلکہ حصص کے حجم میں بھی اضافہ ہوگا۔
سیکیورٹیز بروکرز کے سامنے تسلیم شدہ سرمایہ کار اب خود اعلان کریں گے کہ وہ کم از کم 50 لاکھ روپے کے اثاثوں کے حامل ہیں تاکہ وہ جی ای ایم بورڈ کمپنیوں کی فہرست سازی یا ان کی لسٹنگ کے بعد کی تجارتی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے اہل ہوں اور جی ای ایم بورڈ اور جی ای ایم کمپنیوں سے وابستہ خطرات کو بھی سمجھ سکیں۔ ریگولیٹری تبدیلی کے علاوہ، پی ایس ایکس نے سیکیورٹیز بروکرز کی طرف سے خود اعلان کرنے والوں (سیلف ڈیکلریشن) کی قبولیت کے طریقوں کے حوالے سے بھی مطلع کیا ہے۔
جی ای ایم کی پرائمری مارکیٹ میں e-IPO کے ذریعے حصہ لینے والے انفرادی سرمایہ کاروں کی آٹو مارکنگ کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ انفرادی سرمایہ کار جن کی مالیت 50 لاکھ روپے کے کم از کم تقاضے سے کم سے کم 40 فیصد زیادہ ہے انھیں NCCPL کے NCSS میں خودکار طور پر تسلیم شدہ انفرادی سرمایہ کاروں کی حیثیت سے نشان زد کیا جائے گا۔ مزید یہ کہ، سیکیورٹیز بروکرز NCCPL کے NCSS میں کسی سرمایہ کار کا نشان ہٹا سکتے ہیں اگر ان کے پاس یہ یقین کرنے کی وجہ ہو کہ سرمایہ کار اپنے KYC/ CDD چیک کی بنیاد پر جی ای ایم میں تجارت کرنے کے لیے نااہل ہے۔ سیکیورٹیز بروکرز کی جانب سے ایسے نااہل سرمایہ کار کو اپنے جی ای ایم حصص کو ختم کرنے کی اجازت دی جائیگی جس کا سیکیورٹیز بروکرز پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ یہ اقدامات سیکیورٹیز بروکرز کے آپریشنل طریقوں کے لحاظ سے سہولت کا باعث بنیں گے۔ اس ترمیم کے ساتھ، یہ توقع کی جاتی ہے کہ ایڈوائزرز اب رہنمائی کرتے ہوئے اِجرا کنندگان اور سرمایہ کاروں کوجی ای ایم بورڈ میں فہرست سازی اور سرمایہ کاری میں اضافہ کرنے کے حوالے سے سہولت فراہم کریں گے۔
تسلیم شدہ سرمایہ کاروں کی اہلیت کے معیار میں اس ترمیم کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے پی ایس ایکس کے ایم ڈی اور سی ای او فرخ ایچ خان کا کہنا تھا کہ، ”جی ای ایم بورڈ SMEsکے لیے مارکیٹ سے قرض اور ایکویٹی کیپٹل حاصل کرنے کے سلسلے میں ایک اہم اختراع ہے۔ یہ تسلیم شدہ سرمایہ کاروں کے لیے سرمایہ کاری کے دلچسپ مواقع بھی فراہم کرتا ہے۔ تسلیم شدہ انفرادی سرمایہ کاروں کی اہلیت میں ترمیم، جی ای ایم بورڈ کمپنیوں میں حصہ لینے کے عمل کو نمایاں طور پر بہتر بنانے میں مدد کرے گی۔
مزید یہ کہ خود اعلان کرنے کا عمل (سیلف ڈیکلریشن) سیکیورٹیز بروکرز کے لیے آپریشنل انتظام کو مزید آسان بناتا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ ان اقدامات سے تسلیم شدہ انفرادی سرمایہ کاروں کی تعداد میں اضافہ ہو گا اوریہ جی ای ایم بورڈ سیکنڈری مارکیٹ میں لیکویڈیٹی اور قیمت کی دریافت کو بہتر بنانے کا سبب بنے گا۔“
فرخ خان نے مزید کہا کہ ”پاکستان اسٹاک ایکسچینج، ایک فرنٹ لائن ریگولیٹر کی حیثیت سے، ہمیشہ مارکیٹ کے شرکا کے فیڈ بیک پر توجہ دیتا ہے اور پاکستان میں کیپٹل مارکیٹس کی ترقی کی حوصلہ افزائی کے لیے ان کو آسان بنانے اور بڑھانے کے حوالے سے اپنے ریگولیٹری فریم ورک میں مثبت تبدیلیوں کی حمایت کرتا ہے۔ تسلیم شدہ سرمایہ کاروں کو اسے پری-لسٹنگ کے مرحلے میں اس طور پر لینا چاہیے کہ انھیں جی ای ایم بورڈ کمپنیوں کی ترقی کی کہانی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کا موقع مل رہا ہے۔ اس کے ساتھ ہی، پوسٹ -لسٹنگ ٹریڈنگ کے مرحلے میں، انھیں اس موقع کو مکمل طور پر استعمال کرنا چاہیے اور جی ای ایم بورڈ کمپنیوں میں سرمایہ کاری سے فائدہ اٹھانا چاہیے، جس کے نتیجے میں،جی ای ایم بورڈ میں زیادہ لیکویڈیٹی آئے گی۔“
کراچی: بھینس کالونی میں ڈکیتی کی واردات، چار ملزمان نے شہری کو لوٹ لیا
کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی کے علاقے بھینس کالونی میں ڈکیتی کی واردات، چار ملزمان نے شہری کا پیچھا کر کے اسے لوٹ لیا۔
واقع کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں شہری کو موٹر سائیکل پر گلی سے گزرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ پیچھے سے آنے والے ایک موٹر سائیکل پر سوار 2 ملزمان نے روکا، ایک ملزم نے اترتے ہی شہری کو تشدد کا نشانہ بنانا شروع کر دیا، اسی دوران پیچھے سے ملزمان کے دو مزید ساتھی آ پہنچے۔
فوٹیج کے مطابق ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر شہری کو بدترین تشدد کا نشانہ بناتے رہے، واردات کے وقت گلی میں موجود شہری تماشا دیکھتے رہے۔ ملزمان شہری کو تشدد کا نشانہ بنا کر موبائل فون اور نقدی لوٹ کر فرار ہوگئے۔
شہباز شریف کے وزیراعظم بننے پر کئی فنکار خوش تو کئی ناراض
کراچی: تحریک عدم اعتماد کی کامیابی پر عمران خان کی برطرفی اور شہباز شریف کے وزیراعظم بننے پر شوبز کے کئی فنکار خوش ہیں تو کئی ناراض ہیں۔
ویسے تو عمران خان کی برطرفی کے بعد زیادہ تر شوبز شخصیات ناراض نظر آرہی ہیں۔ تاہم کچھ لوگ شہباز شریف کے وزرات عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر خوش بھی ہیں۔ شہباز شریف کے وزیراعظم پاکستان بننے پر شوبز شخصیات مختلف انداز میں تبصرے کرتی ہوئی نظر آرہی ہیں۔
اداکار فہد مصطفیٰ نے شہباز شریف کو پاکستان کے 23 ویں وزیراعظم بننے پر مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ وہ اس ملک کی بہترین خدمت کریں گے۔ ٹوئٹ کے آخر میں فہد مصطفیٰ نے پاکستان زندہ باد کا نعرہ بھی لگایا۔
اداکارہ ریشم بھی شہباز شریف کے وزیراعظم بننے پر بے حد خوش نظر آرہی ہیں۔ انہوں نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو پیغام میں ’’شہباز شریف زندہ باد‘‘ کا نعرہ لگایا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: اداکارہ ریشم نے ’’شہباز شریف زندہ باد‘‘ کا نعرہ لگادیا
جہاں کئی شوبز شخصیات شہباز شریف کے وزیر اعظم بننے پر انہیں مبارکباد دیتے نظر آئے تو وہیں کچھ اداکار ناراض بھی نظر آئے۔
پاکستان ٹیلی ویژن کی معروف اداکارہ ارمینا خان نے گزشتہ روز مختصر ٹوئٹ میں لکھا ’’آپ میرے وزیراعظم نہیں ہیں‘‘۔
اداکارہ حنا خواجہ بیات نے انسٹاگرام پر شہباز شریف کی تصویر کے ساتھ لکھا ’’عدالت سے ضمانت پر ملزم کو سرکاری نوکری نہیں مل سکتی لیکن وہ وزیراعظم بن سکتا ہے۔ سپریم کورٹ‘‘۔ پوسٹ کے ساتھ انہوں نے کیپشن لکھا ’’عدالتی نظام کی حالت‘‘۔
وزیراعظم شہباز شریف کا مبارکباد دینے پر بھارتی ہم منصب کا شکریہ
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے مبارکباد دینے پر بھارتی ہم منصب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھارت سے پر امن تعلقات کا خواہاں ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر سمیت تمام تنازعات کا حل ناگزیر ہے، دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں سے سب آگاہ ہیں، آئیے امن کو محفوظ بنائیں اور اپنے لوگوں کی سماجی و اقتصادی ترقی پر توجہ دیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کیلئے ووٹنگ کرانے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ
لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کیلئے ووٹنگ کرانے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس امیر بھٹی نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتخاب سے متعلق دائر درخواست پر سماعت کی۔ وکیل ق لیگ نے موقف اپنایا کہ ڈپٹی اسپیکر پر اعتماد نہیں ہے وہ صاف الیکشن نہیں کروا سکتے، ڈپٹی اسپیکر نے ابھی سے سیکرٹری پنجاب اسمبلی پر پابندیاں عائد کرنا شروع کردی ہیں۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا پھر ایسی صورتحال میں کیا کیا جائے؟ ہمیں وزیر اعلی پنجاب کے انتخاب صاف اور شفاف کروانے ہیں۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے ریمارکس دیئے کہ تمام فریقین مشترکہ طور پر ووٹنگ کے لیے پرائزئیڈنگ افسر مقرر کریں۔ وکیل حمزہ شہباز نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں چار آزاد حیثیت سے ممبران ہیں، ان میں سے ایک کو ووٹنگ کے لیے پرایزئیڈنگ افسر مقرر کر دے، چاروں ممبران باعزت اور اچھی شہرت کے حامل افراد ہیں۔
وکیل ق لیگ نے کہا کہ جگنو محسن نے شہباز شریف کے ساتھ ہے اور اس کے ساتھ پریس کانفرنس کی، ہمیں چاروں ممبران پر اعتماد نہیں ہے۔ وکیل حمزہ شہباز نے کہا کہ کیا پھر ہوائی مخلوق الیکشن کروانے آئے، ہر ایک پر اعتماد نہیں ہے تو حمزہ شہباز کو بلا مقابلہ منتخب کروا دیں۔ عدالت نے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا۔
شہباز گل اور شہزاد اکبر کا نام سٹاپ لسٹ میں ڈالنے کا نوٹیفکیشن معطل
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) شہباز گل اور شہزاد اکبر کا نام سٹاپ لسٹ میں ڈالنے کے خلاف درخواست دائر کی گئی تھی،عدالت نے ایف ائی اے کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے سیکریٹری داخلہ اور ڈی جی ایف آئی اے کو نوٹس جاری کر دیا۔
مرزا شہزاد اکبر نے کہا کہ ایشو یہ ہے کہ عجیب حالات میں مجھ سمیت پانچ افراد کے نام پی این آئی ایل میں شامل کیے گئے، وکیل شہباز گل نے کہا کہ واچ لسٹ، بلیک لسٹ، سٹاپ لسٹ سمیت چار نام ہیں اس کے۔
چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ بلیک لسٹ کو تو یہ کورٹ کہہ چکی ہے کہ یہ غیر قانونی ہے۔ وکیل نے کہا کہ دلچسپ بات یہ ہے کہ جب نام شامل کیے گئے اس وقت کوئی حکومت نہیں تھی۔
مرزا شہزاد اکبرنے کہا کہ ڈی جی ایف آئی اے سے پوچھا جائے کہ ریکوئسٹ کس نے کی؟ چیف جسٹس نے کہا کہ آپ کل تک تو کہیں نہیں جا رہے؟ انہیں بلا کر پوچھ لیتے ہیں، آپ انچارج رہے ہیں، آپ نے اس کو ختم نہیں کرایا؟
مرزا شہزاد اکبر نے کہا کہ میں انچارج نہیں، وزیراعظم کا مشیر برائے داخلہ رہا ہوں۔
امریکی وزیر خارجہ کی بھارت پر تنقید
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) امریکی وزیر خارجہ نے بھارت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں انسانی حقوق کی پامالی میں اضافہ تشویشناک ہے۔
امریکی وزیر خارجہ انتونی بلنکن نے بھارتی ہم منصب کے ہمراہ مشترکہ پریس بریفنگ میں بھارت میں انسانی حقوق کی پامالی میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا جائزہ لے رہے ہیں جبکہ بھارت میں حالیہ دنوں میں ہونے والے واقعات تشویشناک ہیں۔
انتونی بلنکن نے کہا کہ انسانی حقوق کی پامالی میں سرکاری افسر، پولیس اہلکار اور جیل حکام ملوث ہیں۔ انسانی حقوق کی اہمیت اور بلاتفریق فراہمی سے متعلق مؤقف سے آگاہ کرتے رہتے ہیں۔
اس موقع پر موجود بھارتی وزیر دفاع اور بھارتی وزیر خارجہ نے انسانی حقوق کے معاملے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔
شیخ رشید نے قومی اسمبلی سے استعفیٰ دے دیا
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے قومی اسمبلی سے استعفیٰ دے دیا.
شیخ رشید نے استعفی ٰچیف وہیپ قومی اسمبلی ملک عامر ڈوگر کو بھجوایا، رکن قومی اسمبلی شیخ راشد نے شیخ رشید کا استعفیٰ پہنچایا۔
گزشتہ روزسابق وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ہم قومی اسمبلی سے استعفے دے رہے ہیں ،قبول نہ ہوئے تو دیکھ لیں گے۔ یہ بھی رائے ہے کہ مرکز کے بعد صوبوں میں بھی استعفے دیئے جائیں۔
ان کا کہنا ہے کہ سب متفقہ طور پر استعفے دے رہے ہیں،یہ عمران خان کا فیصلہ ہے۔عمران خان نے فیصلہ کیا کہ مقصود چپڑاسی کو تسلیم نہیں کرینگے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان نے تین دفعہ میری تعریف کی ہے ،عمران خان نے کہا کہ شیخ رشید کا استعفوں کا فیصلہ درست تھا۔ جب تک الیکشن نہیں ہونگے ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔شہبازشریف کی کرپٹ حکومت کونہیں چلنے دیں گے۔
یاد رہے گزشتہ روز شہباز شریف کے وزیراعظم منتخب ہونے سے پہلے ہی پاکستان تحریک انصاف نے قومی اسمبلی میں استعفوں کا اعلان کر دیا تھا، اور کئی ارکان نے استعفی ٹوئٹر پر بھی شئیر کیے، جن میں سابق وزیر مواصلات مراد سعید، علی حیدر زیدی، سابق وزیر شیریں مزاری کے نام شامل ہیں۔
رانا ثنااللہ کو وزارت داخلہ اور مریم اورنگزیب کو اطلاعات کا قلمدان دیے جانے کا امکان
لاہور: (ویب ڈیسک) شہباز شریف کی کابینہ میں رانا ثنااللہ کو کابینہ میں وزارت داخلہ اور مریم اورنگزیب کو اطلاعات کا قلمدان دیئے جانے کا امکان ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے وزارت عظمیٰ کا چارج سنبھالنے کے بعد کابینہ کی تشکیل پر کام شروع کر دیا۔ وزارتوں کی تقسیم کے لے اتحادیوں نے رابطوں کا سلسلہ جاری ہے۔
مسلم لیگ نے مختلف وزراتوں کے لیے ناموں پر غور شروع کر دیا۔ ذرائع کے مطابق رانا ثنااللہ کو کابینہ میں وزارت داخلہ اور مریم اورنگزیب کو اطلاعات کا قلمدان دیئے جانے کا امکان ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف آج اتحادی جماعتوں کے سربراہوں سے ملاقاتیں کریں گے۔ملاقات میں وفاقی کابینہ میں حصہ داری کےحوالے سے فیصلہ کیاجائےگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آج وفاقی کابینہ کے لیے وزرا کے ناموں کو حتمی شکل دی جائےگی اوررات تک وزرا کا اعلان کر دیا جائے گا۔