All posts by Muhammad Saqib

کراچی کے لیے نیا منصوبہ، حکومت نے منظوری دیدی

کراچی: سندھ حکومت نے کراچی کے لئے ایک اور نئے منصوبے کی منظوری دے دی۔ کورنگی کو شہر کے دیگر ‏علاقوں سے ملانے کے لیے لنک روڈ بنایا جائے گا۔ ‏

تعمیراتی منصوبے کا نام کورنگی لنک روڈ پروجیکٹ رکھا گیا ہے۔ ‏

پروجیکٹ کس طریقے کا ہو گا؟ ‏

منصوبے کے تحت جام صادق پل کے ساتھ ایک پل کی تعمیر کی جائے گی۔ اسپیشل سیکرٹری ٹیکنیکل نجیب ‏احمد کے مطابق یہ پل قیوم آباد امتیاز اسٹور سے کورنگی بروکس چورنگی تک تعمیر کیا جائے گا پل اور ‏ایکسپریس وے کو ملا کر لنک روڈ کی لمبائی 11 اعشاریہ پانچ کلومیٹر ہو گی۔

اسپیشل سیکرٹری ٹیکنیکل کا کہنا ہے کہ منصوبے کی لاگت 8 اعشاریہ 8 ارب روپے ہے۔ کورنگی لنک روڈ 2 سال ‏کے عرصے میں تیار کیا جائے گا۔

محکمہ لوکل گورنمنٹ حکام کے مطابق لنک روڈ بننے کے بعد کاز وے کو بند کر دیا جائے گا لنک روڈ بنانے کا ‏فیصلہ گزشتہ سال کی ریکارڈ بارشوں کے بعد کیا گیا، گزشتہ سال کی بارشوں میں کورنگی کا رابطہ کاز وے پر ‏بارش کے پانی کی وجہ سے دوسرے علاقوں سے منقطع ہو گیا تھا۔ پروجیکٹ کے لئے کنٹریکٹر کا انتخاب دسمبر ‏میں کیا جائے گا۔

دہشتگردی کیخلاف پاک فوج کی قربانیاں قابل تحسین ہیں: ایرانی چیف آف جنرل سٹاف

راولپنڈی:  ایرانی چیف آف جنرل سٹاف میجر جنرل محمد باقری نے کہا ہے کہ دہشتگردی کیخلاف پاکستان کی افواج کی قربانیاں قابل تحسین ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ایرانی چیف آف جنرل سٹاف نے جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا، ایرانی چیف آف جنرل اسٹاف کی آمدپرگارڈآف آنر پیش کیاگیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل ندیم رضا سے ایرانی چیف آف جنرل سٹاف کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی،علاقائی اور سکیورٹی تعاون پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق خطے کی افغانستان کے تناظر میں صورتحال اورانسداددہشتگردی امورپرگفتگو کی گئی۔ جبکہ باہمی فوجی رابطوں کو مزید فروغ اور وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

ملاقات کے دوران دونوں جانب سے مشترکہ سرحدوں کو دوستی اور امن کی سرحد قرار دینے پر اتفاق کیا گیا۔

اس موقع پر میجر جنرل محمد باقری نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتیں قابل قدرہیں، دہشتگردی کیخلاف پاکستان کی افواج کی قربانیاں قابل تحسین ہیں۔

چیئر مین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے کہا کہ ایرانی چیف کےدورےسےدفاعی تعاون کانیاباب شروع ہوگا، دونوں ممالک کا قومی اور عالمی معاملات پر یکساں مؤقف ہے، دونوں ممالک میں فوجی، سٹریٹیجک تعاون کی ضرورت ہے۔

ایران کے چیف آف جنرل اسٹاف کی وزیراعظم عمران خان، آرمی چیف جنرل قمر باجوہ سے ملاقات

ایران کی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف میجر جنرل محمد باقری اس وقت دورہ پاکستان پر ہیں جہاں انہوں نے وزیراعظم عمران خان اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سمیت دیگر اعلیٰ سول اور عسکری قیادت سے ملاقاتیں کی ہیں۔

وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ایرانی چیف آف جنرل اسٹاف میجر جنرل محمد باقری کا استقبال کیا اور ایرانی وفد کے دورے کا خیر مقدم کیا۔

بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم عمران خان نے پاکستان اور ایران کے درمیان تعلقات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا اور ایرانی صدر ابراہیم رئیسی سے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے دوران دوشنبے میں ہوئی ملاقات کا ذکر کیا، جس میں دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا تھا۔

انہوں نے تجارتی تعلقات سمیت معاشی اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کے لیے پاکستان کے عزم کو بھی دہرایا۔

عمران خان نے پاک-ایران سرحد کو ‘امن اور دوستی’ کی سرحد سے تعبیر کیا اور دونوں اطراف سیکیورٹی میں اضافے کو بھی نمایاں کیا۔

وزیراعظم آفس کے بیان کے مطابق اس موقع پر انہوں نے بارڈر سسٹینینس مارکیٹوں کے قیام کے معاہدے کی نشان دہی بھی کی اور زور دیتے ہوئے کہا کہ ان مارکیٹوں کے فعال ہونے سے خطے کے عوام کو سہولت ہوگی۔

انہوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر پر خاص طور پر ایران کے سپریم لیڈر کے تعاون کو سراہا اور کہا کہ کشمیری اپنے مقصد کے لیے تعاون کے طور پر ایران کی زور دار آواز کو بڑی اہمیت دیتے ہیں۔

افغانستان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے پاکستان کے مؤقف کو دہرایا کہ افغانستان کے پڑوسیوں کی حیثیت سے پاکستان اور ایران کا وہاں کے امن و استحکام سے تعلق براہ راست جڑا ہوا ہے اور پاکستان پرامن افغانستان کا خواہا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے زور دیا کہ عالمی برادری افغانستان کو معاشی لحاظ سے ناکام ہونے سے بچانے کے لیے مثبت انداز میں مذاکرات کرے اور انسانی بنیادوں پر فوری امداد فراہم کرے۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان کے منجمد کیے گئے اثاثوں کو بحال کیا جائے، جس سے افغانستان کے عوام کی اس نازک وقت میں مدد ہوگی جبکہ افغانستان میں قومی اور جامع سیاسی حل پر زور دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ایران گزشتہ ماہ افغانستان کے پڑوسی 6 ممالک کے درمیان تشکیل پانے والے اتحاد سمیت قریبی رابطے جاری رکھیں گے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ‘آئی ایس پی آر’ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ایرانی چیف آف جنرل اسٹاف میجر جنرل محمد باقری نے پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں ملاقات کی، جہاں ان کے ساتھ ایران کے اعلیٰ سطح کا وفد بھی موجود تھا۔

بیان میں کہا گیا کہ ایرانی وفد نے شہدائے پاکستان کے لیے دعا کی اور یاد گار شہدا پر پھول چڑھائے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات میں افغانستان کی صورت حال، علاقائی سیکیورٹی اور بارڈر منیجمنٹ خصوصاً پاک-ایران سرحد پر باڑ سمیت دیگر مسائل زیر بحث آئے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دونوں فوجی سربراہان نے خطے کے لیے امن جبکہ دہشت گرد کا بھرپور جواب دینے کے لیے مل کر کام کرنے اور دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

چیف آف آرمی اسٹاف نے کہا کہ پاکستان اور ایران دو برادر ملک ہیں اور دونوں ممالک کے درمیاب قریبی تعلق خطے کے امن و استحکام کے لیے اہم ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ ایرانی وفد کو پاک فوج کی دوست ممالک کے ساتھ تربیتی مشقوں سمیت دیگر سرگرمیوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ایرانی چیف آف جنرل اسٹاف نے دونوں ممالک کے افواج کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کی خواہش کا اظہار کیا اور خاص کر انسداد دہشت گردی اور تریبتی حوالے سے تعاون کی خواہش ظاہر کی۔

نیشنل ٹی20کپ:سینٹرل پنجاب 19ویں اوورمیں آل آؤٹ

نیشنل ٹی20کپ کے فائنل میں سینٹرل پنجاب نے کامران اکمل اور احمد شہزاد کی جارحانہ خیبرپختنخوا کو جیت کےلیے 150 رنز کا ہدف دیدیا۔اننگز کی بدولت

قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں خیبرپختنخوا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، سینٹرل پنجاب نے اننگز کا آغاز کیا تو اوپنر محمد اخلاق بغیر کوئی رن بنائے عمران کا شکار بنے۔ اس موقع پر کامران اکمل اور احمد شہزاد نے شاندار پارٹنر شپ کا مظاہرہ کیا ٹیم کو اچھی پوزیشن پر لاکھڑا کیا۔

کامران اکمل نے 3 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 42 رنز بنائے اور خالد عثمان کا شکار بنے، اسی طرح احمد شہزاد 44 رنز بناکر نمایاں رہے جنہوں نے 4 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔

شہزاد کے آؤٹ ہونے کے بعد سینٹرل پنجاب کی ٹیم میچ میں واپس نہ آسکی، خیبرپختنخوا کے کپتان افتخار احمد نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا 3 وکٹیں لے اڑے۔

سینٹرل پنجاب کے دیگر بلےبازوں میں حسین طلعت 6، سیف بدر 7، قاسم اکرم 20 محمد فیضان 8 اور فہیم اشرف 14 رنز بناسکے۔ کےپی کی جانب سے کپتان افتخار احمد 3، محمد عمران 2، عمران خان جبکہ ارشد اقبال نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

صرف 600 گرام وزنی بچہ، پیدائش کے پانچ ماہ بعد ہسپتال سے صحتیاب

ابو ظبی: معمول کی مدتِ حمل سے 17 ماہ قبل دنیا میں آنکھ کھولنے والا بچہ اب پانچ ماہ ہسپتال کے آئی سی یو میں رہنے کے بعد مکمل تندرست ہوکر اپنے گھر لوٹ گیا ہے۔ پیدائش کے وقت اس کا وزن 600 گرام (1.3پونڈ )اور جسامت شکر کے پیکٹ جتنی تھی۔

اس سال 20 مارچ کو پیدا ہونے والے عدل کا تعلق ابوظہبی سے ہے اور اسے دنات الامارات ہسپتال برائے زچہ و بچہ کے آئی سی یو میں رکھا گیا تھا۔ تاہم پانچ ماہ کی مدت میں اسے جراحی کے دو آپریشن بھی جھیلنے پڑے۔ جب وہ ہسپتال سے گیا تو اس کا وزن تقریباً چار کلوگرام اور صحت قابلِ رشک ہے۔

پیدائش کےوقت ننھے عدل کا وزن صرف 600 گرام تھا جسے پانچ ماہ آئی سی یو میں رکھا گیا ہے اور اب وہ مکمل صحتیاب ہوچکا ہے۔

ویسٹ انڈیز نے ویمنز کرکٹ ٹیم پاکستان بھیجنے کی تصدیق کر دی

لاہور: پاکستان کرکٹ کے لیے اچھی خبر سامنے آگئی۔ کرکٹ ویسٹ انڈیز نے مینز ٹیم کے دورہ پاکستان سے پہلے ویمنز کرکٹ ٹیم پاکستان بھیجنے کی تصدیق کر دی ہے۔

ذرائع کے مطابق ویسٹ انڈیز نے تین روزہ ون ڈے میچز کے لیے ویمنز کرکٹ ٹیم پاکستان بھیجنے کی تصدیق کر دی ہے۔ یہ تین روزہ میچز 8، 11 اور 13 نومبر کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلیں جائیں گے۔ میچز کے حوالے سے پاکستان اور ویسٹ انڈیز بورڈ کے درمیان شیڈول کا اعلان جلد متوقع ہے۔

ویسٹ انڈیزاور پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیمیں سیریز کے بعد ورلڈ کپ کوالیفائر کے لیے زمبابوے جائیں گی، دوسری جانب پی سی بی حکام ویسٹ انڈیزمینز کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے لیے بھی پر امید ہیں۔

عدنان صدیقی اپنا اکاؤنٹ ویریفائڈ نہ ہونے پر ٹوئٹر سے نالاں

کراچی: سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات کے اکاؤنٹس کی ویریفکیشن کا عمل جاری ہے مگر 98 ہزار فالورز رکھنے والے پاکستان کے معروف اداکار عدنان صدیقی اپنے اکاؤنٹ پر ’بلیو ٹِک‘ سے تاحال محروم ہیں۔

اداکار عدنان صدیقی نے اس حوالے سے ٹوئٹر انتظامیہ سے شکوہ بھی کیا ہے۔ انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں ٹوئٹر کے شریک بانی و چیف ایگزیکٹو جیک ڈورسی کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ 22 کروڑ پاکستانی میرے بڑے وقت کے چھوٹے اداکار ہونے کی تصدیق کر سکتے ہیں، یا یوں کہہ لیجیے کہ جس نے براعظموں میں کام کیا ہو۔

اداکار عدنان صدیقی پاکستان کے ان چند اداکاروں میں سے ایک ہیں جنہوں نے ہالی وڈ اور بالی وڈ میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔ انہوں نے اداکارہ انجلینا جولی اور اداکار عرفان صدیقی کے ساتھ فلم (A Mighty Heart) میں کام کیا۔ عدنان صدیقی کو 2002ء میں لکس اسٹائل ایوارڈز میں بہترین اداکاری کے ایوارڈ کے لیے بھی نامزد کیا گیا تھا۔

عدنان صدیقی اس وقت اداکار ہمایوں سعید کے ہمراہ صلاح الدین ایوبی کی زندگی پر بننے والی ڈرامہ سیریز پر کام کر رہے ہیں۔ پاکستان اور ترکی کے پروڈکشن ہاؤسز مل کر اس منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔

دنیا بھر کی بیویاں اپنے شوہروں سے کم کماتی ہیں، تحقیق

جرمنی اور بھارت میں کی جانے والی ایک عالمی تحقیق کے نتائج سے معلوم ہوا کہ دنیا بھر میں نوکری پیشہ خواتین اپنے شوہروں کے مقابلے کم کماتی ہیں۔

’سائنس ڈائریکٹ‘ نامی جریدے میں شائع بھارت اور جرمنی کے اداروں کی جانب سے کی گئی تحقیق کے مطابق حیران کن طور پر ’نورڈک‘ خطے کے ممالک میں بھی بیویوں کی کمائی اپنے شوہروں سے کم ہے۔

’نورڈک‘ خطہ یورپی ممالک ’ گرین لینڈ، فن لینڈ، ڈنمارک، ناروے، سویڈن اور آئس لینڈ‘ پر مشتمل ہے اور مذکورہ ممالک خواتین کی آمدنی یا انہیں اقتصادی مواقع فراہم کرنے میں دنیا میں سب سے آگے ہیں۔

بھارتی شہر بنگلور کے انڈین انسٹی ٹیوٹ آف منیجمنٹ (آئی آئی ایم) کے سینٹر فار پبلک پالیسی اور جرمنی کی گوٹنگھم یونیورسٹی کے سینٹر فار ماڈرن انڈین اسٹڈیز کی جانب سے کی گئی تحقیق سے ثابت ہوا کہ دنیا کے تمام ممالک کے شوہر اپنی بیویوں سے زیادہ پیسے کماتے ہیں۔

تحقیق کے دوران محقیق نے یورپ و ایشیا سمیت دیگر خطوں کے 45 ممالک کے ڈیٹا کا جائزہ لیا اور جن شادی شدہ جوڑوں کے ڈیٹا کا جائزہ لیا گیا، ان کی عمریں 18 سے 65 سال کے درمیان تھیں۔

تحقیق کے دوران ماہرین نے 28 لاکھ 50 ہزار گھرانوں کے ڈیٹا کا جائزہ لیا اور تمام ڈیٹا 1974 سے 2016 کے درمیان حاصل کیا گیا تھا۔

ماہرین نے مختلف ممالک سے حاصل کیے گئے ڈیٹا کا تجزیہ کیا، جس سے معلوم ہوا کہ دنیا بھر میں شوہر اپنی بیویوں سے زیادہ کماتے ہیں۔

ڈیٹا کے مطابق اگرچہ گزشتہ 40 سال میں مرد و خواتین کی کمائی کے فرق میں بہتری آئی ہے اور اب خواتین ماضی کے مقابلے 20 فیصد زیادہ کماتی ہیں، تاہم اس کے باوجود میاں اور بیوی کی کمائی میں فرق ہے۔

ڈیٹا میں خواتین کو مرد حضرات کے برابر تنخواہ دینے والے ممالک فن لینڈ، آئس لینڈ، سویڈن اور ناروے جیسے ممالک کا بھی جائزہ لیا گیا، جس سے معلوم ہوا کہ مذکورہ ممالک میں بھی بیویاں اپنے شوہروں سے کم کماتی ہیں۔

مذکورہ تحقیق کا حصہ رہنے والی بھارتی پروفیسر ہیما سوامی ناتھن اور پروفیسر دیپک ملگھن نے برطانوی نشریاتی ادارے ’بی بی سی‘ کو بتایا کہ کمائی کے لحاظ سے صنفی تفریق تمام امیر و غریب ممالک میں موجود ہے۔

دونوں ماہرین کے مطابق دنیا کے تمام ممالک میں امیر و متوسط گھرانوں سمیت غریب گھرانوں میں بھی میاں اور بیوی کی کمائی کی تفریق پائی گئی اور حیران کن طور پر فن لینڈ، آئس لینڈ اور ناروے جیسے ممالک کی بیویاں بھی اپنے شوہروں سے کم کماتی ہیں۔

سندھ میں 12 ربیع الاول کو عام تعطیل کا اعلان

حکومت سندھ نے 12 ربیع الاول کے موقع پرصوبے بھر میں عام تعطیل کا اعلان کردیا۔

سندھ حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق 12ربیع الاول 19 اکتوبر بروز منگل جشن عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر صوبے میں عام تعطیل ہوگی۔

خیال رہے کہ محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے 12 ربیع الاول کے موقع پر سکیورٹی خدشات کے پیش نظرکراچی سمیت صوبے بھر میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر  بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔

خواتین، بزرگ ، بچے اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکار اور صحافیوں پر ڈبل سواری پر پابندی کا اطلاق نہیں ہوگا۔

عمران عباس ’پری زاد’ میں احمد علی اکبر کی اداکاری کے معترف

پاکستان کے معروف اداکار عمران عباس نے نجی چینل سے نشر ہونے والے ڈرامے ’پری زاد’ میں احمد علی اکبر کی پرفارمنس کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ان سے متاثر ہوئے ہیں۔

اداکار عمران عباس نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ ’پری زاد یقیناً بہترین ڈراما سیریل ہے جو میں نے حالیہ دنوں میں دیکھا’۔

انہوں نے کہا کہ ’غیر روایتی، مضبوط اسکرپٹ، بہترین ڈائریکشن، ہر ایک کی ناقابل یقین اداکاری، خاص طور پر احمد علی اور شاندار پروڈکشن بھی ہے’۔

عمران عباس نے کہا کہ ’یہ ڈراما بہت سے لوگوں کے لیے سیکھنے کا موقع ہے کہ وہ نئی کہانیوں کا تجربہ کریں اور خطرات مول لیں’۔

عمران عباس کی پوسٹ کو انسٹاگرام اسٹوری میں شیئر کرتے ہوئے اداکار احمد علی اکبر نے ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ ‘مجھے بہت خوشی ہے کہ آپ اس سے لطف اندوز ہو رہے ہیں’۔

خیال رہے کہ ’پری زاد’ ڈراما معروف رائٹر ہاشم ندیم کے اسی نام سے لکھے گئے ناول پر مبنی ہے۔

ہاشم ندیم کا یہ ناول اقساط کی صورت میں شائع ہوا تھا جسے بعد ازاں کتاب کی شکل بھی دی گئی۔

اس کی کہانی معاشرے میں اپنی رنگت کی نظر انداز کیے جانے والے انسان کی جدوجہد پر مبنی ہے جو خود کو ثابت کرنے کی کوشش کرتا ہے۔

ڈرامے کا مرکزی کردار ادا کرنے والے احمد علی اکبر کو ان دنوں اپنی اداکاری کی وجہ سے بہت پذیرائی مل رہی ہے۔

’پری زاد‘ کی کاسٹ میں یمنیٰ زیدی، اشنا شاہ، عروہ حسین، صبور علی اور نعمان اعجاز بھی شامل ہیں، اس ڈرامے کی اب تک 12 اقساط نشر ہو چکی ہیں۔

خیال رہے کہ ڈرامے کی ابتدائی اقساط میں ’پری زاد‘ میں میک اپ سے احمد علی اکبر کی رنگت تبدیل کرنے پر سوشل میڈیا پر تنقید بھی کی گئی تھی بعدازاں ڈراما آگے بڑھنے کے بعد اسے بے حد پسند کیا جارہا ہے۔