All posts by Khabrain News

صدارتی نظام نہ عدم اعتماد اور نہ ہی ڈیل یا ڈھیل کا امکان ہے: شیخ رشید

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے ملک میں صدارتی نظام، ایمرجنسی یا عدم اعتماد کا کوئی امکان نہیں اور نہ ڈیل یا ڈھیل دے رہے ہیں، 7 فروری کوسعودی عرب کے وزیرداخلہ پاکستان آئیں گے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ نوازشریف بدقسمت آدمی ہیں جو ملک سے بھاگے ہوئے ہیں، جعلی رپورٹ پر بیرون ملک گئےاور جعلی رپورٹ پر ہی لندن میں مقیم ہیں۔ کہا جا رہا ہے نوازشریف کورونا کی وجہ سےعلاج نہیں کرا سکے۔ اپوزیشن کے تلوں میں تیل نہیں، اس کے رنگ پسٹن بیٹھے ہوئے ہیں، یہ کہتے ہیں اسلام آباد کی جانب کورونا کے دوران مارچ کریں، عمران خان کئی بار کہہ چکا یہ اپنا شوق پورا کر لیں۔ 27 فروری اور 23 مارچ کو سب دیکھ لیں گے۔ 23 مارچ کو فلائی پاسٹ ہو گا، عوام وہ دیکھیں گے یا ان کے چہروں پر نظر لگائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان چین کے اہم دورے پر جا رہے ہیں جہاں چینی قیادت کے ساتھ سی پیک اور دوسرے امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ سعودی عرب کے وزیرداخلہ 7 فروری کو پاکستان آئیں گے، صدرمملکت اور وزیراعظم سےملاقاتیں کریں گے، سعودی عرب کے ساتھ ہمارا رشتہ ہمالیہ سے بھی بلند ہے۔

ویکسی نیشن مہم تیز، 24 گھنٹے میں 12 لاکھ 54 ہزار 125 افراد کو ویکسین لگائی گئی: این سی او سی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) این سی او سی نے کورونا ویکسی نیشن مزید تیز کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ 24 گھنٹے میں 12 لاکھ 54 ہزار 125 افراد کو ویکسین لگائی گئی، ملک بھر اب تک 17 کروڑ 74 لاکھ 20 ہزار سے زائد افراد کو ویکسین لگائی گئی۔
دوسری جانب ملک میں کورونا کے پھیلاؤ نے پھر خطرے کی گھنٹی بجا دی، چوبیس گھنٹے کے دوران مثبت کیسز کی شرح نو اعشاریہ آٹھ آٹھ پانچ فیصد ریکارڈ کی گئی۔ کورونا وائرس سے 29 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 29 ہزار 330 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 14 لاکھ 36 ہزار 413 ہوگئی۔

کراچی: اورنگی میں ڈکیتی واردات کے دوران دکاندار زخمی، ڈیفنس میں فیملی گھر کی دہلیز پر لٹ گئی

کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی کے علاقے اورنگی ٹاون امروہی گوٹھ میں ڈکیتی واردات کے دوران دکاندار کو گولیاں مار دی گئیں، ڈیفنس فیز 6 میں فیملی کو گھر کی دہلیز پر لوٹ لیا گیا، دونوں وارداتوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔
شہر قائد میں سٹریٹ کرائم کی وارداتیں تھم نہ سکیں، شہری جان بچائیں یا مال پولیس کی کارکردگی صفر ہے۔ اورنگی ٹاون میں رئیس امروہی گوٹھ میں موبائل کی دکان میں ڈکیتی کی وردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔ دکان میں لوہے کی گرل لگے ہونے کی وجہ سے ملزمان دکان میں داخل نہ ہوسکے۔ داخلے میں ناکامی پر ملزم نے دکاندار پر فائرنگ کر دی۔ دکاندار خود کو بچانے کے لیے کاوئنٹر کے نیچے چھپا لیکن ملزم جاتے جاتے شہری کو دو گولیاں مارکر زخمی کر گیا۔
دوسری جانب ڈیفنس فیز 6 میں فیملی کو گھر کی دہلیز پر لوٹ لیا گیا، واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی۔ فیملی سنارسے زیورات خرید کر گھر پہنچی تھی۔ ڈیفنس خیابان بدرمیں گھر کے باہر رکشے سے اترتے ہوئے واردات ہوئی۔ ملزمان خاتون سے لاکھوں روپے کے زیورات اور موبائل فونز لیکر فرار ہو گئے۔ دونوں واقعات کی اطلاع پولیس کو موصول ہونے کے باوجود کوئی کارروائی نہ ہوسکی۔

ملک میں مہنگائی کی شرح دو سال کی بلند ترین سطح پر ہے: شیری رحمان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) شیری رحمان نے کہا ہے کہ ملک میں مہنگائی کی شرح دو سال کی بلند ترین سطح پر ہے، مہنگائی کا سونامی تھمنے کا نام ہی نہیں لے رہا۔
پاکستان پیپلزپارٹی کی نائب صدر و سینیٹر شیری رحمان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ 0.39 فیصد اضافے کے ساتھ مہنگائی کی شرح اب 13 فیصد ہو چکی ہے، سالانہ بنیاد پر کوکنگ آئل کی قیمت میں 54.33 فیصد، دال 41.3 فیصد، جبکہ بجلی کے ٹیرف 56 فیصد بڑھے، ‏مالی سال پہلے 7 ماہ میں پیٹرول کی قیمت 35 روپے فی لیٹر اور ڈیزل 30 روپے فی لیٹر مہنگا ہوا، ایک سال کے اندر صحت کے شعبے میں 9.15 فیصد مہنگائی ہوئی۔

کے الیکٹرک کیلئے بجلی 2 روپے 59 پیسے فی یونٹ سستی ہونے کا امکان

کراچی: (ویب ڈیسک) شہر قائد کے بجلی صارفین کیلئے اچھی خبر ہے کہ کے الیکٹرک کیلئے بجلی دو روپے انسٹھ پیسے فی یونٹ سستی ہونے کا امکان ہے، ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمتوں میں کمی کی درخواست پر نیپرا نے سماعت مکمل کرکے فیصلہ محفوظ کرلیا ہے جو بعد میں جاری کیا جائے گا۔
دسمبر کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں کمی کے حوالے سے دائر درخواست پر نیپرا میں سماعت ہوئی، سماعت کے دوران نیپرا حکام نے کہا کہ بجلی کی قیمت میں ایک روپے اناسی پیسے کمی کی درخواست کی گئی تاہم کے الیکٹرک حکام کے مطابق دسمبر میں بجلی کی طلب گزشتہ مہینوں کی نسبت کم رہی جبکہ گیس پریشر کمی اور میرٹ آرڈر کی خلاف ورزیاں بھی ہوئیں۔
نیپرا حکام کے مطابق مجموعی طور پر میرٹ آرڈر کی خلاف ورزیوں سے 10 کروڑ 80 لاکھ روپے کا نقصان ہوا، حکام نے بتایا کہ کے الیکٹرک کی درخواست میں 78 پیسے فی یونٹ کی ایڈجسٹمنٹ مزید شامل ہوگی۔ کے الیکٹرک کے اعدادوشمار کے برعکس 2روپے 59 پیسے منفی فیول ایڈجسٹمنٹ ہوگی جس پر چئیرمین نیپرا نے کہا کہ یہ تو کراچی والوں کیلئے اچھی خبر ہو گی اگر ایف سی اے کم ہے۔
ایک سوال کے جواب میں چئیر مین نیپرا کا کہنا تھا کہ دو مختلف سسٹمز کے ذریعے ایف سی اے پر فیصلہ کرنا پڑتا ہے، گزشتہ روز باقی ملک کیلئے بجلی مہنگی کرنے پر سماعت کی اور آج ویسی ہی درخواست پر بجلی سستی کرنے پر سماعت کی ہے جس کے بعد دسمبر کیلئے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا گیا، اتھارٹی اعدادوشمار کا جائزہ لے کر فیصلہ جاری کرے گی۔

وزیراعظم عمران خان 3 سے 6 فروری تک چین کا دورہ کریں گے: ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان 3 سے 6 فروری تک چین کا دورہ کریں گے، عمران خان ونٹر اولمپک گیمز کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم کے ہمراہ کابینہ ارکان، سرکاری افسران سمیت اعلیٰ سطح وفد بھی ہوگا، چینی صدر اور وزیراعظم سے ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات کا جائزہ لیا جائے گا۔ دونوں ممالک کی قیادت علاقائی اور عالمی امور کا جائزہ لے گی۔ وزیراعظم دورے کے دوران متعدد ایم او یوز اور معاہدوں پر دستخط کریں گے۔

‘سپریم کورٹ کا فیصلہ ہمارے مؤقف کی تائید، کالے قانون کیخلاف سڑکوں پر آنا پڑا’

کراچی: (ویب ڈیسک) سربراہ پی ایس پی مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ ہمارے مؤقف کی تائید ہے، کالے قانون کیخلاف سڑکوں پر آنا پڑا۔
سربراہ پی ایس پی مصطفیٰ کمال نے کراچی میں دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 2013 میں ایم کیوایم نے پیپلزپارٹی کے ساتھ شب خون مارا، 2013 میں ایم کیو ایم حکومت میں تھی، ان کے سامنے قانون پاس ہوا، ہڑتالوں والی پارٹی پارٹنر ان کرائم رہی، آج یہ نوبت آگئی ہے کہ کچرا اٹھانے والا کوئی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2017 سے بلدیاتی اداروں کے اختیارات کیلئے آواز اٹھا رہے ہیں، میئر کراچی کیلئے اختیارات مانگ رہے ہیں، کراچی کے عوام کیلئے 18 روز دھرنے پر بیٹھے رہے، جو ہمارا مذاق اڑتے تھے وہ آج کریڈٹ لے رہے ہیں۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ کچھ پارٹیاں مجبور ہو کر ہماری آواز میں آواز ملا رہی ہیں، ہم سندھ کے عوام کے اختیارات کی بات کرتے ہیں، وفاق 56 فیصد پیسہ صوبوں کو دیتا ہے، 56 میں سے 27 فیصد پیسہ سندھ کو ملتا ہے، سندھ کو وفاق سے سالانہ ایک ہزار ارب روپے ملتے ہیں، سندھ کے 70 لاکھ بچے اسکولوں سے باہر ہیں۔

ونڈوز 11 کیلیے تھری ڈی ایموجیز بہت جلد پیش کردی جائیں گی

پالو آلٹو، کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک)
مائیکروسافٹ کے ایک ڈیزائنر نے کہا ہے کہ ان کی کمپنی اب بھی تھری ڈی ایموجیز پر کام کررہی ہے۔ سہ جہتی (تھری ڈی) اثرات کے ساتھ لاتعداد ایموجیز اس بار ونڈوزالیون میں موجود ہوں گی۔
مائیکروسافٹ کے ڈیزائنر نانڈو کوسٹا نے کہا ہے کہ اس بار بہت انوکھی ایموجیز پیش کی جائیں گی۔ ان کے مطابق 2020 کے ہیکاتھون اور بعد میں کئی صارفین نے مائیکروسافٹ کو تھری ڈی ایموجیز کی تجویز پیش کی تھی لیکن کوسٹا کے مطابق اگر یہ اگلی ونڈوز میں نہ آسکیں تب بھی ان پر کام جاری رہے گا۔
اس کے برعکس، دیگر ذرائع کا اصرار ہے کہ انہیں ونڈوز الیون کا حصہ ہی بنایا جائے گا لیکن مائیکروسافٹ کے تکنیکی ماہرین کہہ چکے ہیں کہ ٹو ڈی ایموجی کو نہ چھوڑا جائے کیونکہ وہ ہر پلیٹ فارم پر کام کرسکتی ہیں؛ اور ان کے ڈسپلے پر کوئی فرق نہیں پڑتا۔
نانڈو کوسٹا نے کہا ہے کہ تھری ڈی ایموجیز کو انسانی احساسات اور جذبات بیان کرنے کےلیے استعمال کیا جائے گا جن میں ہیئراسٹائل، چہرے پر جھائیاں اور دیگر تاثرات شامل ہیں۔

اومیکرون کی نئی قسم ’اصل‘ ویریئنٹ سے زیادہ خطرناک نہیں، عالمی ادارہ صحت

جنیوا: (ویب ڈیسک) عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ ناول کورونا وائرس کے ’اومیکرون ویریئنٹ‘ کی نئی ذیلی قسم BA.2 اگرچہ بہت تیزی سے پھیلتی ہے لیکن یہ اصل اومیکرون ویریئنٹ (BA.1) سے زیادہ خطرناک نہیں۔
واضح رہے کہ اومیکرون ویریئنٹ کی نئی ذیلی قسم (سب ویریئنٹ) نومبر 2021 میں پہلی بار کئی ممالک سے تقریباً ایک ساتھ سامنے آئی تھی جسے ’بی اے 2‘ (BA.2) کا نام دیا گیا۔
یہ سب ویریئنٹ اب تک امریکا، برطانیہ، ہندوستان، آسٹریلیا اور ناروے سمیت کم از کم 57 ملکوں تک پہنچ کر ہزاروں لوگوں کو متاثر بھی کرچکا ہے۔
نئے سب ویریئنٹ کے بارے میں عالمی ادارہ صحت نے اپنی تازہ ترین رپورٹ میں کہا ہے کہ اصل اومیکرون ویریئنٹ پر 60 سے زیادہ تبدیلیاں (میوٹیشنز) تھیں جبکہ ’بی اے 2‘ کی سطح پر 85 کے لگ بھگ تبدیلیاں موجود ہیں۔
ان تبدیلیوں کی بناء پر یہ اصل اومیکرون ویریئنٹ کی نسبت 1.5 گنا زیادہ تیزی سے پھیلنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
البتہ اصل اومیکرون کی طرح اس کا حملہ بھی عموماً زیادہ شدید نہیں ہوتا، اس سے متاثرہ افراد کو اسپتال میں داخل کرانے یا وینٹی لیٹر پر منتقل کرنے کی ضرورت بھی بہت کم پڑتی ہے، جبکہ اس سے ہلاک ہونے والوں کی شرح بھی اصل اومیکرون جتنی ہی دیکھی گئی ہے۔
عالمی ادارہ صحت کے مطابق ’بی اے 2‘ سب ویریئنٹ اگرچہ ان لوگوں کو بھی متاثر کرسکتا ہے جنہوں نے ویکسین لگوا رکھی ہو، تاہم ان افراد پر اس کا حملہ اکثر بہت معمولی اثر ڈال پاتا ہے۔
بتاتے چلیں کہ بہت سے ملکوں میں اب تک اومیکرون کا نیا سب ویریئنٹ بڑے پیمانے پر پھیل چکا ہے جبکہ ماہرین بار بار زور دے رہے ہیں کہ اگر ہم تیسرے سال میں اس عالمی وبا کو شکست دینا چاہتے ہیں تو دنیا کی تمام انسانی کےلیے کورونا ویکسین لگوانا بے حد ضروری ہے۔

سائنسدانوں نے مریض کی جلد چھاپنے والی مشین تیار کرلی

جنیوا: (ویب ڈیسک)
دنیا بھر میں کروڑوں افراد جھلسنے اور جلنے کے بعد شدید کرب کے شکار ہوجاتےہیں اور انہیں جلد کے پیوند کی ضرورت ہوتی ہے۔ اب سوئٹزرلینڈ کی ایک کمپنی نے ایک مشینی عمل تیار کیا ہے جو انہی مریضوں کے خلیات سے حقیقت سے قریب ترجلد کی بافتیں تیار کرسکے گا۔
یہ مشین مریض کی جلد کے نمونے سے بہت تیزی سے مریض کے لیے انتہائی موافق جلد کے بڑے بڑے ٹکڑے بناتی ہے۔ اس طرح دنیا بھر میں سالانہ ایک کروڑدس لاکھ بالغ اور بالخصوص بچے فائدہ اٹھاسکیں گے جو بہت شدت سے جھلس جاتے ہیں۔
کیو یو ٹی آئی ایس ایس نامی کمپنی کی ڈینیئلہ مارینو کے مطابق نہ یہ مصںوعی جلد ہے لیکن یہ حقیقی جلد بھی نہیں بلکہ ان کے درمیان کی شے ہے۔ اسے بایو انجنیئرنگ سے تیارشدہ جلد کے قائم مقام سمجھنا چاہیے۔
اس جلد کو ڈینووواسکن کا نام دیا گیا ے جس کی موٹائی ایک ملی میٹر ہے اور یہ حقیقی جلد کے بہت قریب ہے۔ اسے بنانے کے لیے جلے ہوئے مریض کی جلد کے کیوٹینیئس خلیات لے کر انہیں تجربہ گاہ میں باقاعدہ فروغ دیا جاتا ہے ۔ اب ایک پلیٹ کے برابر جلد کا ٹکڑا بنایا جاسکتا ہے اور اسے ہائیڈروجل میں ملاکر پیش کیا جاتا ہے۔
اس کا فائدہ یہ ہے کہ ایک چھوٹے سکے جتنی جلد کے ٹکڑے سے ایک پلیٹ کے برابر کھال تیار کی جاسکتی ہے۔ کئی برس پہلے یہ تجربہ گاہ کے تمام ٹیسٹ اور معیارات سے گزرچکی ہے۔ اب اس اہم ایجاد کو دوسرے طبی مرحلے پر آزمایا جارہا ہے۔ دوسری جانب یورپی یونین ن بھی اسے جلد کے ایک نایاب مرض کے استعمال میں منظور کرلیا ہے۔
کمپنی نے اپنی پریس ریلیز میں کہا ہے کہ بعض مریض تیسرے درجے تک جل جاتے ہیں۔ ان کے زخم گہرے ہوتے ہیں اور رگیں واضح ہوجاتی ہیں۔ یہاں یہ مصنوعی جلد فوری طور پر استعمال کرکے ایسے مریضوں کی جان بچاسکتی ہے۔ مشین سے تیارکردہ جلد پہلے ہی بہت سے ایسے مریضوں پر لگائی جاچکی ہے جن کے بدن کا بڑا حصہ جھلس کرتباہ ہوچکا تھا۔
لیکن اب بھی فیزتھری ٹرائل تک پہنچنے کے لیے اس کی افادیت ثابت کرنا باقی ہے۔ تاہم توقع ہے کہ تجارتی طور پر یہ 2023 تک مارکیٹ میں پیش کی جاسکے گی۔ تاہم اب بھی مصنوعی جلد کی قیمت بہت زیادہ ہے جسے کم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔