بنگلہ دیش: (ویب ڈیسک) دنیا کی نئی خوبصورت عمارت کا اعزاز بنگلہ دیش کے دور دراز کے گاؤں میں موجود ہسپتال کو دیا گیا ہے۔
بنگلہ دیش کے جنوب مغربی ضلع ساتخیرا کے گاؤں شیام نگر میں موجود فرینڈ شپ اسپتال کو یہ اعزاز رائل انسٹیٹوٹ آف برٹش آرکیٹیکٹ (آر آئی بی اے) کی جانب سے دیا گیا ہے۔
یہ ایسا علاقہ ہیں جہاں سمندری طوفان کا خطرہ ہمیشہ موجود رہتا ہے، اس لیے یہاں اسپتال ہونا بھی ضروری ہے۔
طوفان سے متاثرہ اس علاقے میں 80 بستروں پر مشتمل اسپتال مقامی طور پر تیار کی گئی اینٹوں سے تعمیر کیا گیا ہے۔اس اسپتال میں ایک نہر موجود ہے، جو اس کی خوبصورتی میں اضافہ کرتی ہے۔
اور یہی نہر اسپتال کے مخلتف حصوں کو الگ کرنے میں بھی مدد دیتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق نہر اسپتال کو ٹھنڈا رکھنے میں بھی مدد دیتی ہے، جس سے ایئر کنڈیشننگ کے استعمال کی بہت کم ضرورت پڑتی ہے اور بجلی کی بچت بھی ہوتی ہے۔
اسپتال میں متعدد راہداریاں، باغات، پولز، درخت، سبزہ موجود ہیں، جو سورج کی روشنی اور ہوا کے تمام جگہوں پر پہنچاتے ہیں۔ آرکیٹیکٹس کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کو ڈیزائن کرنے کے پیچھے آب و ہوا کی تبدیلی کے اثرات کا ایک بڑا خیال تھا۔
عوام کا کہنا ہے کہ ہم نے ایسا اسپتال نہیں دیکھا، جو فطرت کے اتنا قریب ہے، یہاں کچھ بھی مصنوعی تیار نہیں کیا گیا یہاں تک کہ اینٹیں بھی قدرتی ہیں۔
All posts by Khabrain News
بھارت کو ہندو ریاست بنانے کا مطالبہ
ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارت میں انتہا پسند ہندووں کی ایک اور سازش، ہندو مذہبی رہنماؤں نے عام ہندوؤں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارت کو ‘ہندو راشٹر‘ یعنی ہندو ریاست لکھنا اور کہنا شروع کر دیں، جس کے بعد حکومت بھی یہ بات تسلیم کرنے پر مجبور ہو جائے گی۔
ان مذہبی رہنماوں نے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ ہندوؤں کا ‘احترام‘ نہ کرنے والے مسلمانوں کو پاکستان بھیج دیا جائے۔
دسمبر کے بعد ہندوں کی مذہبی پارلیمنٹ کا دوسرا اجلاس منعقد ہوا، جس میں پہلے کے مقابلے کہیں زیادہ اشتعال انگیز تقریریں کی گئیں۔اجلاس میں ہندوؤں کے مذہبی لحاظ سے انتہائی محترم سمجھے جانے والے متعدد لیڈروں سمیت تقریباً 400 سنت شریک ہوئے۔
اس اجلاس میں قرارداد پیش کی گئی، جس کے تحت تبدیلی مذہب کو ملک سے غداری اور ایسا کرنے میں ملوث پائے جانے والوں کے لیے سزائے موت کا مطالبہ بھی کیا گیا۔
یاد رہے پربودھانند نے اس اجلاس میں انتہائی اشتعال انگیز تقریر کرتے ہوئے بھارتی مسلمانوں کے لیے روہنگیا باشندوں کے قتل عام جیسی کارروائی کا مشورہ دیا تھا۔
انہوں نے بھارتی پولیس، فوج اور سیاست دانوں سے مسلمانوں کی نسل کشی کے لیے متحد ہوجانے کی اپیل بھی کی تھی۔
اب گاڑی چاند پر بھی دوڑے گی
جاپان : (ویب ڈیسک) ٹویوٹا کی نئی گاڑی زمین پر نہیں بلکہ چاند پر دوڑے گی۔
گاڑیاں تیار کرنے والی دنیا کی معروف جاپانی کمپنی ٹویوٹا نے ایک انوکھی گاڑی پر کام شروع کر دیا ہے۔ گاڑی زمین پر نہیں بلکہ چاند پر دوڑے گی۔ گاڑی کو اس دہائی کے آخر میں لانچ کیا جائے گا۔
ٹویوٹا اور جاپان کی اسپیس ایجنسی کے درمیان معاہدہ ہوا ہے جس کے تحت چاند گاڑی کے ذریعے چاند کی سطح کا جائزہ لینے کے مشن پر کام شروع کیا گیا ہے۔
یہ منصوبہ 2040 تک انسان کے چاند پر رہنے اور پھر زندگی کو مریخ پر لے جانے کے پیشِ نظر بنایا گیا ہے۔
جاپان اسپیس ایجنسی کے اشتراک سے بنائی جانے والی اس گاڑی کا نام لونر کروزر رکھا گیا ہے، یہ نام ٹویوٹا کی لینڈ کروزر پر رکھا گیا ہے۔ اس گاڑی کی لانچ اس دہائی کے آخر میں کی جائے گی۔
ٹویوٹا موٹر کارپوریشن میں لونر کروزر پروجیکٹ کے سربراہ ٹکاؤ ساٹو کا کہنا تھاکہ یہ گاڑی اس خیال پر مبنی ہے کہ لوگ بحفاظت گاڑی میں کام کر سکیں، کھا سکیں، سو سکیں اور دیگر افراد کے ساتھ رابطہ کر سکیں اور ایسا ہی بیرونی خلا میں کیا جاسکے۔
ساٹو کا کہنا تھا کہ خلا میں جا کر ہم شاید ٹیلی کمیونی کیشن اور دیگر ٹیکنالوجی اتنی جدید کرنے کے قابل ہوجائیں جو انسانی زندگی کے لیے اہم ثابت ہوگی۔
طالبان کاسرکاری یونیورسٹیوں میں تعلیمی سرگرمیاں شروع کرنے کا اعلان
کابل : (ویب ڈیسک) افغانستان میں طالبان حکومت نے سرکاری یونیورسٹیوں اور اعلیٰ تعلیمی اداروں میں تعلیمی سرگرمیاں شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔
امارت اسلامی افغانستان کے ترجمان کے مطابق وزیر برائے ہائر ایجوکیشن مولوی عبدالباقی حقانی نے کابل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے افغانستان بھر میں سرکاری یونیورسٹیز میں تعلیمی سلسلے کے آغاز کا اعلان کیا ہے۔
افغانستان کے گرم علاقوں کی سرکاری یونیورسٹیوں میں تدریسی عمل کا آغاز 2 فروری سے ہوگا جبکہ سرد علاقوں میں سرکاری یونیورسٹیاں 26 فروری سے کھلیں گی ۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال 15 اگست کو طالبان کے افغانستان کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد سے سرکاری یونیورسٹیز بند ہیں۔
بجلی کی قیمتوں میں 3 روپے 12 پیسے فی یونٹ اضافے کا امکان
لاہور: (ویب ڈیسک) بجلی کی قیمتوں میں 3 روپے 12 پیسے فی یونٹ اضافے کا امکان ہے، نیپرا سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کی درخواست پر آج سماعت کرے گی۔
اضافے کی صورت میں صارفین پر30 ارب سے زائد اضافی بوجھ پڑے گا۔ بجلی کی قیمتوں اضافہ کی درخواست دسمبرکے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دی گئی۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ دسمبر2021 میں 8 ارب 52 کروڑیونٹ بجلی پیدا ہوئی۔ بجلی کی پیداوارلاگت 73 ارب 84 کروڑروپے رہی۔، 22 روپے 24 پیسے میں فرنس آئل سے مہنگی ترین بجلی پیدا کی گئی۔
ایل این جی سے 17 روپے 80 پیسے فی یونٹ میں بجلی پیدا ہوئی، 14 روپے 8 پیسے فی یونٹ میں ڈیزل سے بجلی پیدا ہوئی۔ کوئلے سے بجلی کی پیداواری لاگٹ 13 روپے 31 پیسے فی یونٹ میں ہوئی۔ ایران سے 13 روپے 26 پیسے فی یونٹ میں بجلی درآمد کی گئی۔
جسٹس عمرعطا بندیال 2 فروری کو ‘چیف جسٹس آف پاکستان’ کا حلف اٹھائیں گے
لاہور: (ویب ڈیسک) جسٹس عمرعطا بندیال چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے پر2 فروری کو حلف اٹھائیں گے، پی سی او کے تحت حلف اٹھانے سے انکار کرنے والے جسٹس عمر عطا بندیال کئی اہم کیسز میں بینچ کا حصہ رہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے آئین کے آرٹیکل 175 اے کے تحت جسٹس عمر عطا بندیال کی بطور چیف جسٹس آف پاکستان تعیناتی کردی۔ جسٹس عمر عطا بندیال 2 فروری 2022 سے 16 ستمبر 2023 تک چیف جسٹس آف پاکستان رہیں گے۔
جسٹس عمر عطا بندیال 17 ستمبر 1958 کو لاہور میں پیدا ہوئے۔ ابتدائی اورثانوی تعلیم پاکستان میں حاصل کرنے کے بعد امریکہ کی کولمبیا یونی ورسٹی سے معاشیات میں بیچلر اور کیمبرج یونی ورسٹی برطانیہ سے قانون کی ڈگری لینے کے بعد بیرسٹر بن گئے۔
1983 میں بطور وکیل لاہور میں کام کا آغاز کیا اور چند برس بعد سپریم کورٹ کے وکیل بنے۔ 2004 میں بطور لاہور ہائیکورٹ جج تعیناتی ہوئی۔ 2007 میں پی سی او کے تحت حلف اٹھانے سے انکار کرنے والے ججز میں ان کا نام شامل ہوا۔
2014 میں سپریم کورٹ کے جسٹس تعینات ہوئے تو کئی اہم کیسز میں بینچ کا حصہ رہے۔ عمران خان کو اہل صادق امین ، جہانگیر ترین کو تاحیات نا اہل اور نواز شریف کو پارٹی صدارت سے نا اہل قرار دینے والے بینچ میں شامل رہے۔
جسٹس قاضی فائزعیسی کیخلاف ریفرنس خارج کرنے والے دس رکنی لارجر بینچ اوربرطرف ملازمین کی بحالی کا فیصلہ دینے والے بینچ کے سربراہ رہنے سمیت ڈسکہ الیکشن دھاندلی کیس اور سینیٹ الیکشن سے متعلق صدارتی ریفرنس پر سماعت کرنے والے بینچ کا حصہ رہے۔
قومی صحت کارڈ قوم کے دل کی آواز اور عوامی امنگوں کا ترجمان منصوبہ: حسان خاور
لاہور: (ویب ڈیسک) حسان خاور نے کہا ہے کہ قومی صحت کارڈ قوم کے دل کی آواز اور عوامی امنگوں کا ترجمان منصوبہ ہے، پی ٹی آئی حکومت قومی صحت کارڈ کے ذریعے قوم کی تقدیر بدل رہی ہے۔
ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور نے اپنے بیان میں کہا کہ بزدار حکومت صوبے میں صحت کی سہولیات آسمان کی بلندیوں پر لے گئی، ہر خاندان دس لاکھ روپے کی خطیر رقم سے اب اپنا علاج معالجہ کرواسکتا ہے، پی ٹی آئی حکومت نے علاج کی فراہمی کیلئے امیر اور غریب کا فرق مٹا دیا، ہر گزرتا دن اہل پنجاب کی تقدیر بدل رہا ہے۔
حسان خاور کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے صوبے میں صحت، تعلیم اور انفراسٹرکچر کا جال بچھا دیا، اہل پنجاب بلا امتیاز ترقی کا حقیقی مشاہدہ کر رہے ہیں، جنوبی پنجاب کی ترقی و خوشحالی وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلی عثمان بزدار کا وژن اور مشن ہے، پنجاب کی حقیقی ترقی و خوشحالی مافیا سے ہضم نہیں ہو رہی، اہل پنجاب کی حقیقی خدمت سے مافیا کے منہ بند کرتے رہیں گے۔
ہم پوائنٹ اسکورنگ نہیں کر رہے، اپنے حق کیلئے کھڑے ہیں: پی ایس پی سربراہ مصطفیٰ کمال
کراچی: (ویب ڈیسک) پی ایس پی سربراہ مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ ہم پوائنٹ اسکورنگ نہیں کر رہے، اپنے حق کیلئے کھڑے ہیں، عوامی مسائل پر سیاست نہیں کر رہے، ہم صرف اختیارات اور وسائل کو وزیراعلیٰ ہاؤس سے نکال کر گلیوں تک لانا چاہتے ہیں۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ کراچی سے کشمور کے لوگوں کو گلیوں تک وسائل اور اختیارات چاہیں، ہمیں اسپتال اور اسکول نہیں ان کا اختیار چاہیے، گلے محلے کے اختیارات مقامی نمائندوں کو دیئے جائیں، لوگ اپنے حقوق کیلئے کھڑے ہوگئے، ہمارا کسی سے کوئی مقابلہ نہیں، کسی سیاسی جماعت سے مقابلہ نہیں، ہم جماعت اسلامی کے دھرنے میں شرکت کیلئے گئے، 1200 ارب روپے کی تقسیم کا فارمولا طے ہونا ہے۔
قومی ائیر لائن کو منافع بخش ادارہ بنانے کیلئے 5 سال کا بزنس پلان پیش
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) قومی ائیر لائن کو منافع بخش ادارہ بنانے اور مستقبل میں خسارہ سے بچنے کے لیے پانچ سال کا بزنس پلان پیش کر دیا گیا۔ پلان کے تحت طیاروں، مسافروں کی تعداد بڑھانے کے ساتھ ساتھ کارگو اور کمرشل سرگرمیوں پر بھی خاص توجہ دی جائے گی تاہم کامیابی کے لیے چار نکات پر عملدرآمد لازمی کرنا ہوگا۔
وزارت خزانہ کو پیش کیے گئے بزنس پلان میں کہا گیا ہے کہ پی آئی اے کی فنانشل ریسٹرکچرنگ، 2019 کی پالیسی پر مکمل عمل لازمی کرنا ہوگا ، 2024 میں ادارہ منافع کمانا شروع کر دے گا جبکہ پلان کے تحت طیاروں کی تعداد 29 سے بڑھ کر 49 کرنے کی تجویز ہے۔ فضائی بیڑا 16 بڑے، 27 درمیانے اور 6 ٹربو پراپیلر جدید طیاروں پر مشتمل ہوگا۔
مسافروں کی تعداد 52 لاکھ سے بڑھ کر 90 لاکھ سالانہ ہونے سے اثاثے 1 ارب 19 کروڑ ڈالر سے بڑھ کر 2026 میں 2 ارب 18 کروڑ ڈالر ہو جائیں گے۔ برطانیہ، متحدہ عرب امارات، سعودی عرب اور خلیج جیسے فائدہ مند روٹس پر مزید پروازیں شروع کرنے کے ساتھ ساتھ باکو، ہانگ کانگ، استنبول، کویت، تہران، ارمچی اور سنگاپور کے نئے روٹس بھی کھولے جائیں گے۔
ایل پی جی کی قیمت میں 10 روپے فی کلو اضافہ، نئی قیمت کا اعلان
کراچی: (ویب ڈیسک) عوام کو فروری میں ایل پی جی مزید 10 روپے مہنگی ملے گی۔ اوگرا نے نئی قیمت کا اعلان کر دیا۔
فروری 2022 کے لئے اوگرا نے نوٹیفیکیشن جاری کر دیا۔ گھریلو سلنڈر کی قیمت 120 روپے اضافے سے 2 ہزار 440 روپے جبکہ کمرشل سلنڈر کی قیمت 458 روپے اضافے سے 9 ہزار 387 روپے ہوگئی جبکہ کھلی ایل پی جی 207 روپے کلو میں فروخت ہو رہی ہے۔
ایل پی جی کی پیداواری قیمت میں 8 ہزار 628 روپے فی میٹرک ٹن کا اضافہ ہوا ہے، جس کے باعث اس کی قیمت ایک لاکھ 28 ہزار 433 روپے فی میٹرک ٹن سے بڑھ کر ایک لاکھ 37 ہزار روپے سے بھی تجاوز کرگئی ہے۔ ایل پی جی انڈسٹریز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین عرفان کھوکھر نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت ایل پی جی پر لگے تمام ٹیکس ختم کرے تاکہ غریب عوام کو سستی ایل پی جی دستیاب رہے۔