All posts by Khabrain News

جائیداد کا لالچ: بیٹا باپ کو ذہنی معذور قرار دینے کیلئے عدالت پہنچ گیا

لاہور: (ویب ڈیسک) جائیداد کے لالچ میں بیٹا باپ کو ذہنی معذور قرار دینے کیلئے عدالت پہنچ گیا۔ کورٹ نے بیٹے کو 2 لاکھ روپے جرمانہ کرتے ہوئے درخواست مسترد کر دی۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ نے فیصلہ سنایا۔ جس میں کہا گیا کہ بیٹے کی نظر والد کی جائیداد اور پیسے پر ہے، چند ماہ قبل والد نے جائیداد کا کچھ حصہ بیٹی کے نام کیا، جس پر بیٹا ناراض ہوا اور باپ کو ذہنی معذور قرار دیا، یہ بہت حیران کن ہے دنیاوی فائدے کے لئے بیٹا اس حد تک گر گیا۔
جسٹس طارق سلیم نے اپنے فیصلے میں مزید لکھا کہ درخواست گزار تین ماہ کے اندر 2 لاکھ جرمانہ والد محمد شریف کو ادا کرے، اگر والد جرمانہ کی رقم لینے سے انکار کرے تو جرمانہ شوکت خانم میں جمع کرایا جائے، ڈپٹی کمشنر لاہور عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کروا کر رپورٹ ڈپٹی رجسٹرار جوڈیشل کے ذریعے جمع کرائیں۔

کراچی میں من مانے نرخوں پر دودھ سمیت اشیا کی فروخت، شہریوں کی دہائیاں

کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی میں من مانی قیمت پر دودھ اور دیگراشیا فروخت کی جا رہی ہیں، کمشنر کراچی حیرت انگیز طور پر ناجائز منافع خوری سے لاعلم نظر آتے ہیں، مہنگی اشیا کی فروخت سے پریشان شہری اعلیٰ حکام کو دہائیاں دے رہے ہیں۔
شہر قائد میں سرکاری قیمت پر اشیاء کی فروخت ممکن نہ ہوسکی، کمشنر کراچی اور ضلعی انتظامیہ کی مجرمانہ غفلت اور مبینہ ملی بھگت کا خمیازہ عوام بھگتنے پر مجبور ہیں۔ دودھ کی قیمت کا تنازعہ برسہا برس سے انتظامی افسران اور ڈیری مافیا کیلئے بڑی کمائی کا ذریعہ بنا رہا۔ وہیں دودھ کی سرکاری قیمت پر طے کیے جانے کے باوجود عملدرآمد نہ ہوسکا۔ 130کے بجائے فی لیٹر دودھ 140روپے اور دہی 200 روپے کلو بلا خوف و خطرہ بیچا جا رہا ہے۔
دودھ سمیت دیگر اشیاء کی من مانی قیمت پر فروخت سے کمشنر کراچی لاعلم نظر آتے ہیں ۔ وجہ شاید اعلیِ افسران کا ٹھنڈے کمروں سے باہر نہ نکلنا ہے۔
ریٹیلرز کا کہنا ہے کہ دودھ کی قیمت کا تنازعہ عرصے سے چل رہا ہے، انتظامیہ ڈیری فارمرز سے سرکاری قیمت پر عملرآمد نہیں کراسکی۔سرکاری قیمت پر اشیاء کی فروخت عرصے سے چیلنج بنی ہوئی ہے۔

پی ایس ایل سیون میں آج اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز آمنے سامنے ہوں گے

کراچی: (ویب ڈیسک) پی ایس ایل سیون میں آج ایک میچ کھیلاجائے گا، اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔
پی ایس ایل کے آٹھویں مقابلے میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز میں زور کا جوڑ پڑے گا۔ نیشنل سٹیڈیم میں دونوں ٹیمیں شام ساڑھے سات بجے میدان میں اتریں گی۔ بڑے مقابلے کے لیے دونوں ٹیموں نے بھرپور پریکٹس کی۔ محمد رضوان، شان مسعود اور خوشدل شاہ دفاعی چیمپئنز ملتان سلطانز کو جیت دلانے کے لیے پرعزم ہیں۔
دوسری جانب پال سٹرلنگ اور ایلکس ہیلز کی جوڑی ایک مرتبہ پھر حریف بولرز کو دھول چٹانے کے لیے تیار ہیں۔
دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک ہونے والے نو مقابلوں میں سلطانز کا پلڑا بھاری رہا، ملتان نے 5 مرتبہ جیت کا مزہ چکھا، شائقین کرکٹ سپر لیگ کے ایک اور سپر میچ کے لیے پرجوش ہیں۔

انڈر 19 ورلڈکپ، پاکستان نے بنگلا دیش کو چھ وکٹ سے شکست دے دی

لاہور: (ویب ڈیسک) انڈر 19 ورلڈکپ میں پانچویں پوزیشن کے لیے کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے بنگلا دیش کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی۔
بنگلا دیش کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ایک سو پچھتر رنز پر آل آؤٹ ہو گئی، عارف السلام نے شاندار سنچری سکور کی۔ اویس علی اور مہران ممتاز نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔
جوابی اننگز میں پاکستان نے ہدف سنتالیسویں اوور میں چار وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا، حسیب اللہ خان اناسی رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے، شاندار سنچری سکور کرنے پر بنگالی بلے باز عارف السلام میچ کے بہترین کھلاڑی قرار دیئے گئے۔

کورونا کی پانچویں لہر مزید 32 جانیں لے گئی، 24 گھنٹے کے دوران 5327 کیسز

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک میں کورونا کے پھیلاؤ نے پھر خطرے کی گھنٹی بجا دی، چوبیس گھنٹے کے دوران مثبت کیسز کی شرح نو اعشاریہ چھ پانچ فیصد ریکارڈ کی گئی۔ کورونا وائرس سے 32 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 29 ہزار 301 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 14 لاکھ 30 ہزار 366 ہوگئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 5 ہزار 327 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 4 لاکھ 80 ہزار 421، سندھ میں 5 لاکھ 43 ہزار 170، خیبرپختونخوا میں ایک لاکھ 94 ہزار 887، بلوچستان میں 34 ہزار 417، گلگت بلتستان میں 10 ہزار 703، اسلام آباد میں ایک لاکھ 28 ہزار 429 جبکہ آزاد کشمیر میں 38 ہزار 339 کیسز رپورٹ ہوئے۔ ملک بھر میں اب تک 2 کروڑ 50 لاکھ 73 ہزار 585 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 55 ہزار 202 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 12 لاکھ 95 ہزار 390 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ ایک ہزار 500 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 32 افراد جاں بحق ہوئے، جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 29 ہزار 301 ہوگئی۔ پنجاب میں 13 ہزار 176، سندھ میں 7 ہزار 829، خیبرپختونخوا میں 6 ہزار 2 اسلام آباد میں 980، بلوچستان میں 368، گلگت بلتستان میں 188 اور آزاد کشمیر میں 758 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

ورلڈ ہیوی ویٹ ٹائٹل، ٹائسن فری اور ڈیلئن وائٹ کی فائٹ طے پاگئی

لندن: (ویب ڈیسک) انگلش باکسر ٹائسن فری کی ہم وطن حریف ڈیلئن وائٹ سے فائٹ طے پا گئی ، ورلڈ ہیوی ویٹ ٹائٹل کے لیے دونوں فائٹر 23 اپریل کو رِنگ میں اتریں گے ۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جوشیلے، بھڑکیلے اور پھرتیلے کھیل باکسنگ کا عالمی مقابلہ مداحوں کی توجہ کا مرکز بن گیا ، ورلڈ ہیوی ویٹ ٹائٹل کے لئے انگلینڈ ہی سے تعلق رکھنے والے ٹائسن فری اور ڈیلئن وائٹ رواں سال 23 اپریل کو مدمقابل ہوں گے ، جبکہ ممکنہ طور پر کارڈیف کے باکسنگ ارینا اور رِنگ میں یہ زور کا جوڑ پڑے گا ۔
33 سالہ ڈیلئن وائٹ 30 بار اِن ایکشن ہوئے، دو مرتبہ ہارے اور ان کے ناک آؤٹس کی تعداد 19 ہے جبکہ انہی کے ہم عمر ٹائی سن فری 32 مقابلوں میں سے صرف ایک ہارے، 22 میں انہوں نے مدمقابل کو ناک آؤٹ کیا۔
سٹار بلکہ تجربہ کار فائٹر ٹائسن فری نے حریف کو ناک آؤٹ کرنے کا دعویٰ کر کے پرستاروں کو بھی پرجوش کر دیا ہے جبکہ دونوں فائٹرز کے اس باؤٹ کو ہم پلہ ہونے پر بہت دلچسپ قرار دے کر اس کا شدت سے انتظار کیا جا رہا ہے ۔

پارٹی گیٹ سکینڈل: برطانوی وزیراعظم نے قوم سے معافی مانگ لی

لندن: (ویب ڈیسک) برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن پارٹی گیٹ سکینڈل پر قوم سے معافی مانگ لی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بورس جانسن کے خلاف پارٹی گیٹ سکینڈل کی تحقیقاتی رپورٹ میں کورونا لاک ڈاؤن کے دوران وزیر اعظم ہاؤس میں پارٹیوں کے انعقاد کو قائدانہ کوتاہی قرار دیا گیا ہے۔
تحقیقاتی رپورٹ آنے کے بعد اب برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے قومی سے معافی مانگتے ہوئے کہا ہے کہ میں معذرت چاہتا ہوں، میں لوگوں کے غصے کو سمجھتا ہوں، ہمیں اپنے آپ کو آئینے میں دیکھنا چاہیے اور سیکھنا چاہیے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم ہاؤس اور وزراء کی رہائشگاہوں پر بعض پارٹیاں ایسی تھیں جن کو روکا جانا چاہیے تھا لیکن نہیں روکا گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال جب برطانیہ بھر میں لاک ڈاؤن نافذ تھا تو ٹین ڈاؤننگ اسٹریٹ میں پارٹیاں منعقد کی جارہی تھیں جن کو برطانوی میڈیا نے رواں ماہ بے نقاب کیا تھا۔

پی ایس ایل 7: ملتان سلطانز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کوئٹہ کو شکست دے دی

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دے دی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کے قائد محمد رضوان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔
ملتان سلطانز کے 175رنز ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے احسن علی اور ول سمیڈ نے اننگز کا آغاز کیا مگر سمیڈ زیادہ دیر تک وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور صرف 3 سکور بناکر خوشدل شاہ کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے،دوسرے آؤٹ ہونے والے بیٹر احسن علی تھے جو کہ 24 سکور بناکر خوشدل شاہ کی گیند پر ہی کلین بولڈ ہوئے،بین ڈکٹ 47،سرفراز احمد 21، عاشر قریشی صفر اور محمد نواز 1 رنز بناکر پویلین لوٹے،خوشدل شاہ اورعمران طاہر نے 3،3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 175 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی۔
ملتان سلطانز کی جانب سے اننگز کا آغاز محمد رضوان اور شان مسعود نے کیا جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سہیل تنویر نے پہلا اوور کرایا۔ محمد رضوان صفر پر محمد حسنین کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ دوسری وکٹ صہیب مقصود کی گری اور انہوں نے 23 گیندوں پر 21 رنزبنائے، تیسرے آؤٹ ہونے والے بیٹر ریلی روس تھے جو 21 رنز بناکر پویلین لوٹے، شان مسعود نے 58 گیندوں پر 88 رنز کی اننگز کھیلی اور محمد حسنین کی گیند پر افتخار احمد کو کیچ دے بیٹھے۔
ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹ کے نقصان پر174رنز بنائے، ٹم ڈیوڈ28 اور خوشدل شاہ8 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

بلاول نے یوسف رضا گیلانی کا استعفیٰ قبول کرنے سے انکار کر دیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے سینیٹ میں قائد حزب اختلاف کے عہد سے یوسف رضا گیلانی کا استعفیٰ قبول کرنے سے انکار کر دیا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین نے سینیٹ میں سابق وزیراعظم کے بیان کو سراہا۔
ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زردای نے کہا کہ یوسف گیلانی کی جمہوریت کے لئے خدمات جمہوریت پسندوں کے لئے روشن مثال ہیں، پیپلزپارٹی وہ واحد جماعت ہے کہ جس کے نمائندگان خود کا احتساب کرتے ہیں، یوسف رضا گیلانی نے ہمیشہ جمہوریت کے لئے جدوجہد کی یہاں تک کہ عوام کی خدمت کے جرم میں قیدوبند کی صعوبتیں برداشت کیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی جانب سے سٹیٹ بینک ترمیمی بل کے حوالے سے متعصبانہ کردار پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ چیئرمین سینیٹ نے حکومت سے ملی بھگت کرکے سٹیٹ بینک ترمیمی بل کو منظور کروایا۔

بے جا تنقید پر ہمارے دل دکھتے ہیں: نامزد چیف جسٹس

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) نامزد چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا ہے کہ بے جا تنقید پر ہمارے دل دکھتے ہیں۔ تنقید فیصلوں پر کریں مصنف پر نہیں۔
سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے چیف جسٹس گلزار احمد کے اعزاز میں الوداعی عشائیہ دیا، عشائیہ میں نامزد چیف جسٹس عمر عطاء بندیال، سپریم کورٹ کے جج صاحبان اور سینئیر وکلاء بھی شریک ہوئے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نامزد چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ بار اور بینچ کا بڑا خوبصورت رشتہ ہے، ہم سب کا مشترکہ مقصد انصاف کی فراہمی ہے، انصاف کی فراہمی عبادت کا درجہ رکھتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ زیر التواء کیسز کی تعداد زیادہ ہو چکی ہے، مقدمات کو جلد نمٹائیں گے، مقدمات کے فیصلے فریقین کو سن کر کریں گے، تنقید فیصلوں پر کریں مصنف پر نہیں، بے جا تنقید پر ہمارے دل دکھتے ہیں۔
واضح رہے کہ نئے چیف جسٹس جسٹس عمر عطاء بندیال پرسوں سے اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
سپریم کورٹ آف پاکستان کی ویب سائٹ پر جاری کردہ تفصیل کے مطابق جسٹس عمر عطا بندیال 17 ستمبر 1958ء کو لاہور میں پیدا ہوئے، انہوں نے ابتدائی تعلیم کوہاٹ، راولپنڈی اور پشاور میں حاصل کرنے کے بعد کولمبیا یونیورسٹی امریکا سے گریجویشن کیا۔ کیمبرج یونیورسٹی کے لنکن اِن سے بیرسٹر کی سند حاصل کی۔ 1983ء میں لاہور ہائی کورٹ اور کچھ برسوں بعد سپریم کورٹ کے وکیل کی حیثیت سے درج ہوئے۔
جسٹس عمر عطاء بندیال نے 4 دسمبر 2004ء کو لاہور ہائی کورٹ کے جج کی حیثیت سے حلف اُٹھایا لیکن نومبر 2007ء میں انہوں نے سابق فوجی حکمراں پرویز مشرف کے عبوری آئینی حکم نامے (پی سی او) کے تحت حلف اُٹھانے سے انکار کر دیا تھا۔ بعدازاں وہ دو سال کے لئے لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس بھی رہے۔
جون 2014ء میں ان کو سپریم کورٹ کا جج بنایا گیا۔ اپنے اعلیٰ عدالتوں میں منصب قاضی کی ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے جسٹس بندیال نے اہم مقدمات کے فیصلے دیئے۔
سپریم کورٹ کی ویب سائٹ کے مطابق جسٹس گلزار احمد نے 21 دسمبر 2019ء کو جسٹس ثاقب نثار کی جگہ چیف جسٹس کا منصب سنبھالا تھا۔ جسٹس بندیال کے منصب کی میعاد مکمل ہونے پر جسٹس قاضی فائز عیسیٰ ان کی جگہ لیں گے۔ ان کی چیف جسٹس کے لئے میعاد 25 اکتوبر 2024ء تک ہوگی۔
جسٹس مقبول باقر اور جسٹس مظہر عالم خان چیف جسٹس بنے بغیر ہی عدالت عظمیٰ سے ریٹائر ہو جائیں گے۔