All posts by Khabrain News

کینجھر جھیل میں پانی کی سطح ڈیڈ لیول کے قریب، کراچی میں پانی کی قلت کا خطرہ

کراچی: (ویب ڈیسک) کینجھر جھیل میں پانی کی سطح ڈیڈلیول کے قریب پہنچ گئی جس سے کراچی میں پانی کی قلت کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔
کینجھر جھیل کے اسسٹنٹ انجینئر کا کہنا ہےکہ جھیل میں پانی کی سطح 56 سےکم ہوکر48 فٹ پر آگئی اور پانی کا لیول42 فٹ ہونے پرکراچی کوپانی کی فراہمی بند ہوجائے گی۔
اسسٹنٹ انجینئر نے بتایا کہ کراچی کو اس جھیل سے 1200کیوسک پانی یومیہ فراہم کیا جاتا ہے، گلیشیئرز اوربارشوں کا پانی جھیل میں نہ آیا تو صورتحال مزید خراب ہوسکتی ہے۔

اراکین کی خرید و فروخت کے ذریعے حکومت گرانے کا سلسلہ بند ہونا چاہیے: سپریم کورٹ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) آرٹیکل 63 اے کی تشریح سے متعلق صدارتی ریفرنس کی سماعت کے دوران جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیئے ہیں کہ روایت بن گئی ہے کہ پیسوں سے حکومت گرائی جاتی ہے۔ چند لوگوں کی خرید و فروخت سے 22 کروڑ عوام کا مستقبل دائو پر ہوتا ہے۔ اراکین کی خرید و فروخت کے ذریعے حکومت گرانے کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔
چیف جسٹس عمرعطا بندیال کی سربراہی میں 5 کنی لارجر بینچ نے آرٹیکل 63 اے کی تشریح سے متعلق صدارتی ریفرنس کی سماعت کی۔
تحریک انصاف کے وکیل بابر اعوان نے دلائل دیبے کہ یوٹیلیٹی بلز ادا نہ کرنے والا بھی رکنیت کا اہل نہیں ہوتا۔ مدت کا تعین نہ ہو تو نااہلی تاحیات ہوگی۔
اس پرجسٹس جمال مندوخیل نے استفسار کہ کوئی امیدوار آئندہ الیکشن سے پہلے بل ادا کردے تو کیا تب بھی نااہل ہوگا۔
جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ بل ادا کرنے کے بعد نااہلی ختم ہوجائے گی۔ آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت ہی نااہلی تاحیات ہے۔ جب تک نااہلی کا ڈکلیریشن عدالت ختم نہ کرے نااہلی برقرار رہے گی لیکن یوٹیلیٹی بلز کی عدم ادائیگی پر نااہلی تاحیات نہیں ہوسکتی۔ ہم نے آپ کا نقطہ نوٹ کرلیا ہے۔ آپ کہہ رہے ہیں نااہلی کی میعاد نہ ہونے پر تاحیات نااہلی ہوگی۔آپ چاہتے ہیں آرٹیکل 63 اے کو اتنا سخت بنایا جائے کہ کوئی انحراف نہ کرسکے؟
جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ قانون میں جرم کی مختلف سزائیں دی گئی ہیں۔ کیا عدالت سزا میں ایک دن کا بھی اضافہ کرسکتی ہے؟ آرٹیکل 63 اے منحرف ارکان کے خلاف کارروائی کا فورم مہیا کرتا ہے۔
عدالت نے سماعت کل 12 بجے تک ملتوی کردی۔

کابینہ کی 30 لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کی منظوری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی کابینہ نے تین ملین ٹن گندم درآمد کرنے کی منظوری دے دی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں فواد اسد اللہ کو ڈی جی آئی بی اور ریئر ایڈمرل (ر) سلیمان کو کراچی شپ یارڈ کا ایم ڈی تعینات کرنے کی منظوری دی گئی۔
کابینہ نے تین ملین ٹن گندم درآمد کرنے کی بھی منظوری دی اور ممبر فنانس کو چیرمین واپڈا کا اضافی چارج دے دیا۔
اجلاس میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ملک میں پانی کی قلت کا معاملہ اٹھادیا۔ انہوں نے کہا کہ پانی کی قلت کی وجہ سے عوام بالخصوص کاشت کار مسائل کا سامنا کررہے ہیں، پانی کی قلت کی ایک بڑی وجہ ارسا کی جانب سے صوبوں کو پانی کے جائز حصے کی فراہمی میں خلل ہے، ملک میں ایک فوڈ سیکیورٹی ٹاسک فورس بنائی جائے تاکہ ہم ممکنہ غذائی بحران کا مقابلہ کرسکیں۔
بعدازاں کابینہ اجلاس پر بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ اجلاس میں 1947 پاسپورٹ ایکٹ کے تحت ایک سے زیادہ غیرملکی پاسپورٹوں کو منسوخ کرنے کی منظوری دےدی گئی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں آئین شکنی جاری ہے، عمران خان آئین پر حملے کو دہرا رہے ہیں۔
وفاقی وزیر قانون اعظم نزیر تارڑ نے کہا کہ گورنر پنجاب کے حوالے سے صدر مملکت نے آئین پر عمل نہیں کیا، ریاستی امور کے فیصلے عوام کے منتخب نمائندے کریں گے، کوئی آئینی عہدیدار آئینی حدود سے تجاوز نہ کرے، اختیارات کا جھکاؤ کسی بھی طرح قبول نہیں کیاجائےگا، حکومتیں تبدیل ہوتی ہیں لیکن ملک میں ایسی صورتحال کبھی پیدا نہیں ہوئی۔
وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر نے کہا کہ وزیراعظم نے یکم مئی سے لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا اعلان کیا تھا، آج ملک میں لوڈشیڈنگ صفر ہے، سو ارب روپے اضافی دیے جائیں تو گرمیوں میں لوڈشیڈنگ کم کرسکتےہیں۔

افغان شہری فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے سائیکل پر روانہ

کابل: (ویب ڈیسک) افغانستان کے شہری نور احمد نے تمام تر سہولیات ہونے کے باوجود حج کے فریضے کی ادائیگی کے لیے اپنے ملک سے سعودی عرب تک کا مقدس سفر سائیکل پر ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان سے تعلق رکھنے والے نور احمد اس سال حج کی ادائیگی کے لیے انتہائی پُرجوش ہیں۔ وہ خانہ کعبہ اور مسجد نبوی ﷺ کی زیارت کے لیے بے چین اور بے تاب ہیں۔
تاہم نور احمد نے افغانستان سے سعودی عرب کا ہزاروں کلومیٹر کا مقدس سفر طیارے یا بحری جہاز میں طے کرنے کے بجائے اپنی سائیکل پر طے کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس بے پناہ وارفتگی اور عشق سے لبریز فیصلے پر ان کے اہل خانہ اور علاقہ مکین بھی بہت خوش ہیں۔
طالبان حکومت نے تمام عازمین حج کی طرح نور احمد کو بھی مکمل سفری سہولیات فراہم کی تھیں تاہم نور احمد کا کہنا تھا کہ پہلے لوگ اونٹ پر جاتا کرتے تھے اور میں بھی اپنی خود کی سواری پر حج جانا چاہتا ہوں۔
نور احمد کا مزید کہنا تھا کہ مجھے سائیکل پر سفر کی مشکلات کا اندازہ ہے اور مالی وسائل کا سامنا بھی نہیں لیکن جتنی مشکلات جھیل کر مکہ پہنچوں گا اتنی ہی رغبت سے عبادتوں کا لطف اُٹھاؤں گا۔
حج کے لیے سائیکل پر اپنے ملک سے سعودی عرب تک کا سفر کرنا کوئی نئی بات نہیں سنہ 2016 میں 24 سالہ روسی نوجوان 6600 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرکے ججاز مقدس پہنچا تھا۔
اسی طرح 2019 میں پاکستان سمیت مختلف ملکوں کے سائیکل سوار حج کی ادائیگی کے لیے 4 ہزار میل کا سفر طے کر کے برطانیہ سے سعودی شہر مدینہ منورہ پہنچے تھے۔

ساؤتھ ایشین جونیئر کریڈٹ ٹیبل ٹینس چیمپیئن شپ میں پاکستان کا سلور میڈل

لاہور: (ویب ڈیسک) مالدیپ میں جاری چیمپیئن شپ کے فیصلہ کن معرکےمیں قومی انڈر 15 کھلاڑیوں کوبھارت کے ہاتھوں تین صفر سےناکامی کا سامنا کرناپڑا۔
بھارت نے گولڈ میڈل حاصل کیا، پاکستانی ٹیم کے حصے میں سلور میڈل آیا،اس سے پہلے سیمی فائنل میں پاکستانی ٹیم کے کھلاڑیوں نے بنگلہ دیش کے خلاف تین صفر سے کامیابی سمیٹی۔
ٹیم ایونٹ کے دوسرے سیمی فائنل کے پہلے میچ میں پاکستان کے محمد احمد نے بنگلہ دیش کے عبدالحسیب کو تین ایک سیٹ سے مات دی، دوسرے میچ میں پاکستان ہی کے عباس نے بنگلہ دیشی کھلاڑی نفیس اقبال کو تین ایک سیٹ سے ہرایا جبکہ محمد احمد اور عباس پر مشتمل جوڑی نے بھی اپنا میچ جیت کر تین صفر سے مات دیکر فائنل میں رسائی حاصل کی تھی۔

بجلی بند ہوجانے سے بہنوں کی غلط دلہوں سے شادی ہوگئی

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت سے ایک دلچسپ خبر سامنے آئی ہے جس پر فوری طور پر یقین کرنا مشکل ہو گیا ہے، شدید گرمی کے باعث ملک میں جاری بدترین بجلی بحران کے باعث لائٹ چلے جانے کے دوران بہنوں کی غلط دلہوں سے شادی ہو گئی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اس میں کوئی شک نہیں کہ اندھیرے میں کوئی بھی کام ٹھیک سے نہیں کیا جا سکتا اور ایسا ہی کچھ ہوا پڑوسی ملک بھارت میں، جہاں رات کے وقت بجلی بند ہوجانے سے دو سگی بہنوں کی شادی غلط دولہوں سے ہوگئی۔
ریاست مدھیا پردیش میں اس وقت فلمی سین ہوگیا، جب دو سگی بہنیں مختلف خاندان سے تعلق رکھنے والے دلہوں سے شادی کے لیے سات پھیرے لے رہی تھیں۔
انڈیا ٹوڈے کے مطابق مدھیا پردیش کے ایک گاوٌں میں دو سگی بہنوں کی شادی کی رسومات کے دوران اچانک بجلی بند ہوگئی، جس کے باعث دونوں بہنوں کی غلط دلہوں کے ہمراہ شادی ہوگئی۔
دونوں بہنوں نے گاؤں کی شادی کی رسومات کے تحت چہرہ ڈھانپ رکھا تھا اور دونوں نے ایک جیسا ہی لباس پہن رکھا تھا، جس وجہ سے دونوں کو واضح انداز میں پہچاننا مشکل تھا۔
دونوں بہنوں نکیتا اور کرشما کی شادی دو مختلف دلہوں دنگوارا بھولا اور گنیش سے ہو رہی تھی، تاہم شادی کی آخری رسومات کے دوران رات گئے اچانک بجلی بند ہوگئی اور وہاں اندھیرا ہوگیا۔ اندھیرا ہوجانے کے باوجود ان کی شادی کی رسومات جاری رہیں، جسکے باعث دونوں بہنوں کی شادی غلط دولہوں سے ہوگئی اور جب تک بجلی آئی، تب تک پانی سر سے گزر چکا تھا۔
دلہنوں کی غلط دلہوں سے شادی ہوجانے کے بعد خاندانوں میں تکرار بھی ہوئی اور معاملہ کھٹائی میں بھی پڑا، تاہم برادری کے لوگوں نے معاملے کو سلجھایا، جس کے بعد دونوں لڑکیوں کی دوبارہ شادی کروائی گئی۔ بعد ازاں دونوں دلہنوں کو حقیقی دلہا سے بیاہا گیا، جس دلہا اور دلہن کے گھر والوں سمیت ان کے رشتے دار بھی خوش دکھائی دیے۔

دنیا کا سب سے بڑا سفید ہیرا نیلامی کے لیے پیش

سوئزرلینڈ: (ویب ڈیسک) دنیا میں سب سے بڑا اور تاریخی اہمیت کا سفید ہیرا اب نیلامی کے لیے تیار ہے اور توقع ہے کہ یہ تین کروڑ ڈالر ( ساڑھے پانچ ارب روپے) میں نیلام ہوجائے گا۔
گالف کی گیند جتنے اس ہیرے کا وزن 228.31 قیراط ہے اور اسے’دی راک‘ کا نام دیا گیا ہے۔ سوئزرلینڈ کے شہر جنیوا میں کرسٹی نامی نیلام گھر میں اس کی بولی لگائی جائے گی۔
کرسٹی نیلام گھر میں قیمتی پتھروں کے سربراہ میکس فوشے نے بتایا کہ ناشپاتی شکل کے اس خوبصورت ترین ہیرے کو ایک نایاب مقام حاصل ہے جو اب نیلامی کے لیے پیش کیا جارہا ہے۔ کرسٹی نے اس کے لیے کورونا عالمی وبا میں کمی کا انتظار کیا تھا اور اب اسے فروخت کرنے کا بہترین موقع سامنے آیا ہے۔
دی راک جنوبی افریقہ کی کان سے برآمد کیا گیا ہے اور اس کے پہلے مالک نے اسے کارٹیئر کے ہار میں پہنا تھا۔ اس سے قبل کرسٹی ایک اور بڑا سفید ہیرا 2017 میں نیلام کرچکی ہے جس کا وزن 163.41 قریاط تھا۔
دی راک کی نیلامی کے وقت ایک اور پیلی رنگت کا ہیرا نیلام کیا جائے گا جس کی رقم ریڈ کراس کو عطیہ کی جائے گی۔

عام دھاتوں کو قیمتی دھات جیسا بنانے کا نیا طریقہ دریافت

منی سوٹا: (ویب ڈیسک) بعض قیمتی دھاتیں برقیات اور صنعتوں میں عام استعمال ہوتی ہیں لیکن کمیابی کی بنا پر ان کا حصول محال ہوتا ہے، لیکن اب ایک سادہ ٹیکنالوجی سے عام دھاتوں میں وہی خواص پیدا کئے جاسکتے ہیں۔
ہم جانتے ہیں کہ تانبا، پیتل اورفولاد عام دھاتیں ہیں لیکن سونا، پلاٹینم اور دیگر دھاتیں قیمتی ہیں اور اپنےبعض خواص کی بنا پر الیکٹرانکس اور دیگر صنعتوں کو ان کا کوئی متبادل نہیں۔ لیکن اب ایک نئے طریقے کیٹے لیٹک کنڈنسرکی مدد سے عام دھاتوں میں قیمتی دھاتوں جیسے خواص پیدا کرکے ان سے فوائد حاصل کرنا ممکن ہے۔ یعنی ممکن ہے کہ المونیئم ٹنگسٹن جیسی دھات کی طرح برتاؤ کرسکے گی۔
جامعہ مِنی سوٹا کے سائنسدانوں نے بتایا کہ صنعتی مفید تعاملات (ری ایکشن) میں پلاٹینم، پیلیڈیئم، روڈیئم اور دیگر قیمتی دھاتیں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ لیکن نہایت کمیاب ہونے کی وجہ سے ان کی قیمت بہت زیادہ ہوتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ صنعتی پیداواری لاگت بڑھتی جاتی ہے۔
مِنی سوٹا کےسائنسدانوں نے بتایا کہ عام دھات سے الیکٹران نکالنے اور شامل کرنے سے کم ازکم دھات کی اوپری سطح پر عین مہنگی دھات والے خواص پیدا کئے جاسکتے ہیں۔ اس ضمن میں ’کیٹے لیٹک کنڈنسرآلہ‘ خاص کردار ادا کرسکتا ہے۔
’ایٹم اپنے الیکٹران کی تعداد نہیں بدلتے، لیکن ہمارے ایجاد کردہ نظام سے کم ازکم دھات کی اوپری سطح پر الیکٹران کی تعداد کم یا زیادہ ضرور کی جاسکتی ہے، اس طرح دھاتی کیمیا کا ایک نیا دروازہ کھلا ہے جس میں ہم عام دھات کو قیمتی دھات میں بدل کر ان جیسے ہی کام لے سکتے ہیں،‘ تحقیقی مقالے میں بیان کیا گیا۔
اس آلے کو گرافین اور المونیئم آکسائیڈ سے بنایا گیا ہے۔ جب جب بجلی دی جاتی ہے وہ دوسری ایلومینا میں چارج شامل کرتا ہے جس سے اس کی سطح کے خواص بدلنے لگتے ہیں اور کم ازکم اوپری دھات کا حصہ قیمتی دھاتی خواص کا حامل ہوجاتا ہے۔ وولٹیج کی کمی بیشی سے اس پر الیکٹران کی تعداد کم یا زیادہ کی جاسکتی ہے۔ اب اسے کئی طرح کے صنعتی کاموں میں استعمال کیا جاسکتا ہے۔
سب سے خوش آئند بات یہ ہے کہ یہ ٹیکنالوجی فوری طورپر کئی صنعتوں میں استعمال کی جاسکتی ہے۔

روپیہ بدترین گراوٹ کا شکار، امریکی ڈالر کی قدر میں بڑا اضافہ

کراچی: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ساتھ پروگرام میں تاخیر کے باعث ملکی کرنسی بدترین گراوٹ کی طرف گامزن ہے۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے دوسرے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں ایک مرتبہ پھر ایک روپیہ 13 پیسے کا بڑا اضافہ دیکھا گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت 187 رپے 53 پیسے سے بڑھ کر 188 روپے 66 پیسے سے ہو گئی ہے۔
اُدھر اوپن مارکیٹ میں ڈالر 1روپے مہنگا ہوگیا، اوپن مارکیٹ میں ڈالر 189روپے 30پیسے کا ہوگیا۔
16اپریل سے اب تک ڈالر 7روپے سے زائد مہنگا ہو چکا ہے، 16اپریل کو ڈالر181روپے 55 پیسے پرتھا ڈالر کی قدر بڑھنے سے قرضوں کے بوجھ میں 930ارب کا اضافہ ہو گیا ہے۔

پاکستان سٹاک مارکیٹ میں اُتار چڑھاؤ کے بعد 111.22 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں اُتار چڑھاؤ کے بعد 111.22 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی، 100 انڈیکس 43504.36 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا، پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.26 فیصد کی بہتری دیکھی گئی جبکہ 11 کروڑ 44 لاکھ 8 ہزار 887 شیئرز کا لین دین ہوا، تیزی کے باعث سرمایہ کاروں کو بیس ارب روپے سے زائد کا فائدہ ہوا۔